جمعرات, 10 اکتوبر 2024
Reporter SS

Reporter SS

 

ایمز ٹی وی(اسپورٹس) اوپنر ڈیوڈ وارنر اور ٹریوس ہیڈ کی ریکارڈ ساز اوپننگ شراکت کی بدولت پاکستان کے خلاف چوتھے ایک روزہ میچ میں اپنی پوزیشن مضبوط کر لی ہے۔
ایڈیلیڈ میں پانچ ایک روزہ میچوں کی سیریز کے پانچویں میچ میں لگاتار پانچویں مرتبہ آسٹریلیا نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔
دونوں ٹیموں نے میچ کیلئے ایک تبدیلی کی جہاں عثمان خواجہ کی جگہ جیمز فالکنر جبکہ عماد وسیم انگلی میں تکلیف کے سب میچ میں حصہ نہیں لے رہے اور ان کی جگہ وہاب ریاض کو میدان میں اتارا گیا۔
ڈیوڈ وارنر کو نئے اوپنر ٹریوس ہیڈ کا ساتھ بھی خوب راس آیا اور دونوں کھلاڑیوں نے عمدہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے تمام پاکستانی باؤلرز کی خوب خبر لی جبکہ اس دوران ڈراپ کیچز کی بدولت پاکستان نے آسٹریلین بلے بازوں کا ساتھ نبھانے کا سلسلہ برقرار رکھا۔
ڈیوڈ وارنر نے لگاتار دوسری سنچری اسکور کی جبکہ ٹریوس ہیڈ نے بھی سنچری مکمل کر لی ہے۔
دونوں کھلاڑیوں نے پہلی پہلی وکٹ کیلئے 284 رنز جوڑے اور کئی ریکارڈ پاش پاش کر دیے۔
پاکستان کو پہلی کامیابی 42ویں اوور میں اس وقت ملی جب وارنر پانچ چھکوں اور 19 چوکوں سے مزین 179 رنز بنانے کے بعد جنید خان کی وکٹ بنے۔
اسٹیون اسمتھ نے پہلی ہی گیند پر چوکا لگا کر خطرناک عزائم ظاہر کیے لیکن دوسری گیند پر ایسی ہی ایک اور کوشش نے ان کی اننگز کا خاتمہ کردیا۔
اس وقت آسٹریلیا نے 44 اوورز میں دو وکٹ کے نقصان پر 318 رنز بنا لیے ہیں، ہیڈ 114 اور گلین میکس ویل 13 رنز پر کھیل رہے ہیں۔
پاکستان اور آسٹریلیا کے مابین 5 روزہ ون ڈے سیریز کا آخری مقابلہ ایڈیلیڈ میں ہورہا ہے، جہاں آسٹریلیا نے ٹاس جیت کر پاکستان کے خلاف پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔
ایڈیلیڈ کے اوول کرکٹ گراؤنڈ میں کھیلے جارہے میچ میں پاکستان کے خلاف آسٹریلیا کی بیٹنگ جاری ہے اور کینگروز نے 21ویں اوور کے اختتام تک بغیر کسی نقصان کے 129 رنز بنائے۔
دوسری جانب شاہینوں نے آخری میچ کے لیے پریکٹس سیشن میں فیلڈنگ پرخاص توجہ دی۔
کپتان اظہرعلی کے مطابق قومی ٹیم کے لیے رینکنگ کےحوالے سے یہ میچ بھی اہم ہے۔
واضح رہے کہ آسٹریلیا نے پاکستان کو ٹیسٹ سیریز میں پہلے ہی وائٹ واش کردیا تھا جس کے بعد ایک روزہ سیریز میں اب تک کھیلے گئے چارمیں سے تین میچوں میں کینگروز نے کامیابی حاصل کی ہے۔
پاکستان نے آسٹریلیا کو سیریز کے دوسرے ایک روزہ میچ میں 6 وکٹوں سے شکست دی تھی جس کے بعد اگلے دومیچوں میں اسے مسلسل شکست کا سامنا کرنا پڑا۔
پاکستان کو ٹیسٹ کے بعد ایک روزہ سیریز میں بھی بدترین شکست سے بچنے اور درجہ بندی میں بہتری کے لیے آخری میچ میں فتح ضروری ہے۔
پاکستان آخری میچ جیت کر رینکنگ میں بنگلہ دیش کے ساتھ ساتویں پوزیشن شیئر کرسکتا ہے تاہم شکست کی صورت میں نویں پوزیشن پر موجود ویسٹ انڈیز سے صرف 3 پوائنٹس کا فرق باقی رہ جائے گا۔

 

 

ایمز ٹی وی(اسپورٹس) خراب فیلڈنگ کی ریت پاکستان ٹیم نے ایڈیلیڈ میں بھی برقرار رکھی۔آسٹریلیا کے ڈیوڈ وارنر کا کیچ اظہر علی نے میچ کی پہلی بال پر چھوڑ دیا تھا۔"
کپتان اظہرنے محمد عامر کی بال پر کیچ اس وقت چھوڑا جب وارنر 25 رنز پر کھیل رہے تھے اور آسٹریلیا کا مجموعی سکور 39 رنز تھا۔ڈیوڈ وانر کا کیچ چھوڑنا پاکستان کو ایک بار پھر مہنگا پڑا اور وارنر نے دھواں دار بیٹنگ کرتے ہوئے78 گیندوں پر سنچری سکور کی۔
محمد عامر نے بھی اپنی بال پر کیچ ڈراپ ہونے کا بدلہ لیتے ہوئے ڈیوڈ وانر کا ایک اور کیچ اس وقت پر چھوڑ ا جب وارنر 132 رنز پر کھیل رہے تھے اور آسٹریلیا کا مجموعی سکور214 تھا۔پاکستان نے تیسر ا کیچ اس وقت چھوڑا جب محمد عامر کی بال پر حسن علی ٹریوس ہیڈ کی کھیلی ہوئی شاٹ پر بال ہاتھوں سے گرادی۔
کینگروز بیٹسمین کے کیریئر کی یہ 13 ویں سنچری ہے۔ واضح رہے گذشتہ میچ میں بھی وارنر نے شاندار کھیل کا مظاہر کرتے ہوئے سنچری بنائی تھی۔

 

 

ایمز ٹی وی(کراچی) کراچی سانحہ بلدیہ فیکٹری کیس میں انسداد دہشتگردی عدالت نے ایم کیو ایم کے رہنما رئوف صدیقی کو شامل تفتیش کرنے کا حکم دے دیا، حماد صدیقی کے ریڈ وارنٹ بھی جاری کردئیے گئے، کیس کا اہم ملزم رحمان بھولا میڈیا سے گفتگو میں اعترافی بیان سے پھر گیا، کہتا ہے آگ لگانے میں اس کا کوئی کردار نہیں ۔
فیکٹری کو چاروں طرف سے بند کرکے کیمیکل چھڑکا جاتا ہے، آگ لگائی جاتی ہے، کچی پکی عمر والے 259 فیکٹری ورکرز درد اور اذیت سے چیختے ہیں، اِدھر اُدھر بھاگتے ہیں، جلتے ہیں ، کوئلہ بن کر مرجاتے ہیں اور ان کے پیچھے سیکڑوں خاندانوں کا مستقبل فیکٹری سے اُٹھنے والے سوگوار دھوئیں کی طرح تاریک ہوجاتا ہے، آگ کس نے لگائی، کیوں لگائی، کس کے حکم پر لگائی اور کون کون ملوث ہے؟
یہ پتا لگانے کیلئے مقدمات بنے،ملزمان کا تعین کیا گیا اور پھرگرفتاریوں، جے آئی ٹیز اور تہلکہ خیز انکشافات سمیت بہت کچھ ہوا لیکن نہیں ہوا تو مجرموں کا حتمی تعین اور کیس کا فیصلہ۔ سانحہ بلدیہ فیکٹری نامی اس الم ناک اور نہ بھولنے والے مقدمے کی سماعت بدھ کو بھی ہوئی۔
تفتیشی افسر نےضمنی چالان پیش کیا اور انسداد دہشت گردی کی عدالت کو بتایا کہ ملزم رحمان بھولا نے آگ لگانے کا اعتراف مجسٹریٹ کے سامنے کیا ہے، اس کے اعترافی بیان میں یہ بھی شامل ہے کہ رئوف صدیقی اور حماد صدیقی نے فیکٹری مالکان سے چار سے پانچ کروڑ روپے حاصل کئے تھے، اس پر عدالت نے حکم دیا کہ رئوف صدیقی کو بھی شامل تفتیش کیا جائے۔
سرکاری وکیل نے عدالت کو بتایا کہ وزارت داخلہ نے مفرور مرکزی ملزم حماد صدیقی کے ریڈ وارنٹس جاری کردئیے ہیں، اس بارے میں انٹر پول کو لکھا گیا خط عدالت میں پیش کردیا گیا۔
دوسری جانب رحمان بھولا دوسری پیشی پر میڈیا کا سامنا ہوتے ہی اپنے اعترافی بیان سے مکر گیا، اس کا کہنا تھا کہ بار بار بیٹے کی وڈیو دکھا کر اس پر دبائو ڈالا گیا، اس نے کوئی اعترافی بیان نہیں دیا، نہ حماد صدیقی نے آگ لگانے کو کہا اور نہ ہی اس نے فیکٹری میں آگ لگائی تاہم قانونی ماہرین کی رائے وہی کہ اگر اعتراف مجسٹریٹ کے سامنے کیا گیا تو پھر ملزم کے انحراف کی کوئی قانونی حیثیت نہیں ہے۔
 

 

 

ایمز ٹی وی(کراچی) کراچی کے علاقے گڈاپ ٹائون میں رینجرز کی کارروائی کے دوران مقابلے میں دو دہشت گرد مارے گئے ۔
ترجمان رینجرز کے مطابق گڈاپ ٹائون میں کالعدم تنظیم کے دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر کارروائی کی گئی۔
رینجرز کو دیکھ کر ملزمان نے فائرنگ کرتے ہوئے فرار ہونے کی کوشش کی تاہم رینجرز کی جوابی فائرنگ سے دونوں دہشت گرد مارے گئے، ملزمان کے قبضے سے اسلحہ بھی برآمد کیا گیا ہے ۔
 

 

 

ایمز ٹی وی(کراچی) کراچی کے علاقے کورنگی زمان ٹاؤن میں لڑکی کے بھائی نے نوجوان کو زندہ جلادیا۔
پولیس کے مطابق لڑکی کے بھائی فیاض نے ساتھی ناصر لمبا کےساتھ ملکرآگ لگائی، پولیس نے ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرکے ان کی تلاش شروع کردی۔
کورنگی زمان ٹاؤن میں ایک ہفتے قبل دو ملزمان نے نوجوان شفیع کو آگ لگادی تھی، شفیع کو شدید زخمی حالت میں اسپتال لایا گیا جہاں وہ آج دم توڑ گیا۔
پولیس کے مطابق شفیع نے مرنے سے قبل اپنے بیان میں فیاض اور ناصر کو واقعے کا ذمہ دار قرار دیا۔ مقتول شفیع کا موقف تھا کہ وہ فیاض کی بہن کو پسند کرتا تھا جس کی سزا میں اسے پیٹرول چھڑک کر آگ لگادی گئی۔
پولیس نے مقدمہ درج کرکے ملزمان کی تلاش شروع کردی ہے۔
 

 

 

ایمز ٹی وی(اسپورٹس)پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان آخری ون ڈے میں آسٹریلیا نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا ہے۔ آسٹریلیا 3-1 سے سیریز پہلے ہی جیت چکا ہے، ایڈیلیڈ میں آج پانچوں اور آخری ون ڈے کھیلا جارہا ہے۔
پاکستانی ٹیم میں عماد وسیم کی جگہ وہاب ریاض کی واپسی ہوئی ہے۔ پاکستان کرکٹ ٹیم کے اسکواڈ میں کپتان اظہر علی، شرجیل خان، بابر اعظم، محمد حفیظ، شعیب ملک، عمر اکمل، محمد رضوان، محمد عامر، وہاب ریاض،جنید خان اور حسن علی شامل ہیں۔
آسٹریلیا کی ٹیم میں بھی ایک تبدیلی ہوئی ہے اور عثمان خواجہ کی جگہ فالکنر شامل کیے گئے ہیں، ٹیم کے اسکواڈ میں ڈیوڈ وارنر، ٹریوس ہیڈ، اسٹیون اسمتھ، ہینڈز کومب، میکس ویل،میتھیو ویڈ، فالکنر، اسٹارک، پیٹ کیومنس، زمپا اور ہیزل وڈ شامل ہیں۔
واضح رہے کہ آسٹریلوی کپتان اسٹیو اسمتھ نے ون ڈے سیریز کے تمام ٹاس جیتے ہیں اور پاکستانی کپتان پانچ میں سے ایک بھی ٹاس نہیں جیت سکے ہیں۔
 

 

 

ایمز ٹی وی(اسپورٹس) پاکستان کی پہلی ویمنز ہاکی لیگ تین فروری سے لاہور میں شروع ہوگی، جس میں پاکستان کی چھ ٹیمیں شرکت کریں گی۔
پاکستان ہاکی فیڈریشن نے پہلی ویمنز ہاکی لیگ کرانے کا فیصلہ کیا ہے ،ویمنز ہاکی چیمپئن شپ سے پاکستان ہاکی فیڈریشن نے ڈیڑھ سو کھلاڑیوں کا انتخاب کیا ہے ۔
کھلاڑیوں میں پنجاب کی سب سے زیادہ 104، سندھ کی 8، بلوچستان کی 5اور کے پی کے کی تین کھلاڑیوں کو شارٹ لسٹ کیا گیا ہے ۔
 
 

 

 

ایمز ٹی وی(اسپورٹس) پاکستان کرکٹ ٹیم نے آسٹریلیا کیخلاف پانچ ون ڈے میچز پر مشتمل سیریز کے پانچو یں میچ میں بھی ٹاس ہار کر ایک منفرد ریکارڈ اپنے نام کرلیا ہے۔ حالیہ ون ڈے سیریز میں پاکستان نے آسٹریلیا کیخلاف پانچوں میچوں میں ٹاس ہار کر تاریخ رقم کردی ہے ۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان کیلئے یہ پہلا موقع ہے کہ آسٹریلیا میں کھیلی جانیوالی سیریز میں تمام پانچ میچوں میں ٹاس ہارنے کا نقصان اٹھانا پڑا جبکہ اس کی مجموعی تاریخ میں محض یہ دوسرا واقعہ ہے۔
قبل ازیں ایسا واقعہ 1998 ءمیں بھارت کیخلاف ٹورنٹو میں کھیلے جانیوالے صحارا کپ کے دوران پیش آیا تھا۔ دوسری طرف کینگروز قائد سٹیون سمتھ نے سیریز کے تمام میچوں میںٹاس جیت کر تیسرے آسٹریلوی کپتان ہونے کا اعزاز حاصل کرلیا ہے۔
اس سے قبل کم ہیوز نے 1984 ءمیں بھارت اور رکی پونٹنگ نے 2010 ءمیں بھارت ہی کے خلاف ٹاس جیت کر یہ کارنامہ انجام دیا تھا۔

 

 

ایمزٹی وی(لندن)برطانوی وزیراعظم ٹریزامے نے کہا ہے کہ امریکی صدر سے ڈٹ کر بات کروں گی، تجارتی معاہدے میں برطانوی مفاد اولین ترجیح ہوگا۔
برطانوی وزیراعظم ٹریزامے نے برطانوی پارلیمنٹ میں خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ امریکی صدر س ڈونلڈ ٹرمپ سے بنا کسی ڈر کے بلاجھجک بات کرنے کیلیے پراعتماد ہوں،تجارتی معاہدے میں برطانوی اقدار اور ملکی مفاد اولین ترجیح ہوگا، دونوں ممالک میں تجارتی روابط بڑھانے پربات ہوگی، امریکا،برطانیہ تجارتی معاہدے میں برطانوی مفاد اولین ہوگا۔
 
امریکی ٹی وی کے مطابق واشنگٹن میں قائم برطانوی سفارتخانے نے دورے کے شیڈول کو کنفرم کردیا ہے،ٹریزامے نے کہا ہے کہ ہم علاقائی پابندیوں سے نکل کر یرطانوی تجارت کو دنیا تک پھیلانا چاہتے ہیں،ہم صرف یورپی یونین تک محدود نہیں رہیں گے،انہوں نے یہ بھی کہا ہے کہ ٹرمپ کے خواتین بارے ریمارکس ناقابل قبول ہیں اس پر ڈٹ کر بات کروں گی۔
حال ہی میں امریکی صدر نے نیٹو کو تنقید کا نشانہ بنایا تھا جس پر برطانیہ کو تشویش ہے،برطانوی وزیر اعظم نے کہا ہے کہ یہ سیاسی اور فوجی اتحاد دنیا میں امن کیلئے اہم ہے اس حوالے سے بھی بات کی جائے گی۔

 

 

ایمزٹی وی(اسلام آباد) ملک کے مختلف علاقوں میں بارش اور برف باری کا سلسلہ جاری ہے جس کے باعث جہاں سردی کی شدت میں مزید اضافہ ہوا ہے وہیں رابطہ سڑکیں بند اور مواصلاتی نظام درہم برہم ہونے سے لوگوں کی مشکلات بھی بڑھ گئی ہیں۔
ملک بھر میں بارشوں اور برف باری کا سلسلہ جاری ہے جب کہ سردی کے شدت میں اضافے سے عوام کی مشکلات میں مزید اضافہ ہوگیا ہے۔ مری، نتھیاگلی، ٹھنڈیانی اور اسکردو میں برف باری کا سلسلہ جاری ہے جب کہ کوئٹہ اور زیارت میں برف باری کی وجہ سے راستے بند ہوگئے ہیں اور معمولات زندگی مفلوج ہوکر رہ گئے ہیں، 3 روز سے جاری بارش اور برفباری کے باعث درجنوں کچے ماکانات ڈھے گئے ہیں۔ موسم خراب ہونے سے گلگت بلتستان کا ملک کے دیگر علاقوں سے فضائی رابطہ منقطع ہے، بے نظیر ایئر پورٹ سے
دوسرے روز بھی گلگت اور چترال جانے والے پروازیں منسوخ کردی گئی ہیں۔
 
دوسری جانب پنجاب کے مختلف علاقوں میں گزشتہ روز سے شروع ہونے والا بارشوں کا سلسلہ اب بھی جاری ہے جس کے باعث ٹھنڈ کی شدت مزید بڑھ گئی ہے، اسلام آباد، لاہور، سیالکوٹ، گوجرانوالہ اور فیصل آباد سمیت دیگر علاقوں میں بھی ہلکی بارش اور بوندا باندی جاری ہے۔
چیف میٹرولوجسٹ کراچی کے مطابق شہر قائد میں اگلے 12 سے 18 گھنٹوں میں ہلکی بارش کا امکان ہے اور آج شام سے رات کے درمیان بوندا باندی اور ہلکی بارش ہوسکتی ہے جب کہ بارش کے بعد شہر کا درجہ حرارت گرسکتا ہے۔ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ بارش کے مغربی سسٹم کا کافی حصہ کراچی سے نکل چکا ہے تاہم نئے مغربی سسٹم کے باعث بلوچستان میں تیز بارشیں ہوئیں ہیں۔