جمعرات, 10 اکتوبر 2024
Reporter SS

Reporter SS

دبئی: آئی سی سی ٹیسٹ رینکنگ میں بابراعظم ایک درجہ تنزلی کے بعد ساتویں نمبر پر آگئے۔
 
بیٹسمینوں کی تازہ ترین رینکنگ میں ویرات کوہلی بدستور سرفہرست، اسٹیون اسمتھ دوسرے نمبر پر ہیں، مارنس لبوشین ایک درجہ ترقی کیساتھ تیسری پوزیشن پر آگئے، کین ولیمسن ایک درجہ تنزلی کے بعد چوتھے،ڈیوڈ وارنر 2 قدم آگے بڑھتے ہوئے پانچویں، چتیشور پجارا ایک درجہ تنزلی کے بعد چھٹے نمبر پر آگئے ہیں۔
 
بابراعظم کو بھی ایک قدم پیچھے ہٹتے ہوئے ساتویں پوزیشن پر آنا پڑا،جوئے روٹ ایک، اجنکیا راہنے 2درجے ترقی کیساتھ بالترتیب آٹھویں اور نویں نمبر پر آگئےہیں جب کہ بین اسٹوکس5 سیڑھیاں چڑھتے ہوئے ٹاپ 10میں شامل ہوگئے۔
 
بولرز کی رینکنگ میں پیٹ کمنز کی حکمرانی برقرار ہے، نیل ویگنر دوسرے اور ویسٹ انڈیز کے جیسن ہولڈر تیسرے نمبر پر ہیں،اس کے بعد کاگیسو ربادا، مچل اسٹارک، جسپریت بمرا، جیمز اینڈرسن، ورنون فلینڈر، روی چندرن ایشون اور محمد شامی سر فہرست بولرز میں شامل ہیں، پاکستان کا کوئی بولرز ٹاپ 10میں جگہ نہیں بناسکا، محمد عباس کا 17واں نمبر ہے۔
کراچی : ضیاءالدین یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر پیرزادہ قاسم نے سابق چیف الیکشن کمشنر اور معروف قانونی و آئینی ماہر فخر الدین جی ابراہیم کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔
 
پروفیسر پیرزادہ قاسم نے اپنے تعزیتی پیغام میں کہا ہے کہ مرحوم فخرالدین جی ابراہیم انتہائی قابل قدر اور قابل احترام شخصیت کے مالک تھے۔ انہوں نے ملک کے لیے اپنی پیشہ وارانہ خدمات انتہائی جانفشانی سے انجام دیں جو ناقابل فراموش ہیں۔ فخرالدین جی ابراہیم کی انسانی حقوق کے لیے کی جانے والی کاوشوں کو سنہرے الفاظ میں ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔
 
دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کی مغفرت فرمائے اور انہیں اپنے جوار رحمت میں جگہ عطا فرمائے اور مرحوم کے پسماندگان کو صبر جمیل عطا فرمائے۔
کراچی: وفاقی اردو یونیورسٹی کے ڈائریکٹر ایڈمیشن پروفیسر ڈاکٹر محمد زاہدکے مطابق بیچلر اور ماسٹر پروگرامز2020(صبح) کراچی کیمپسز میں داخلہ فارم جمع کرانے کی تاریخ میں 9جنوری تا14جنوری2020تک توسیع کردی گئی ہے۔
 
داخلے کے خواہشمند امیدوار جامعہ اردوکی ویب سائٹ www.fuuast.edu.pk  سے آن لائن فارم پُرکریں اور اس کی دو عددنقل پرنٹ کرکے داخلہ فارم پروسیسنگ فیس واؤچر1500/-روپے اور جن شعبہ جات میں انٹری ٹیسٹ لازمی ہے وہ امیدواران 2500/- روپے کا فیس واؤچرعسکری بینک گلشن اقبال اور عبدالحق کیمپس کے عسکری بینک بوہرہ پیر برانچز میں کرانے کے بعد مطلوبہ دستاویزات کے ساتھ گلشن کیمپس میں داخلے کے خواہشمندعسکری بینک گلشن اقبال برانچ جبکہ عبدالحق کیمپس میں داخلے کے امیدواران داخلہ فارم متعلقہ شعبہ جات میں جمع کرائیں اورفیس پروسیسنگ واؤچر کی کاپی فارم کے ساتھ منسلک کریں۔
کراچی: انسٹیٹیوٹ آف بزنس ایڈمنسٹریشن (آئی بی اے) کراچی میں ڈائریکٹر کے عہدے کیلئے موزوں امیدوار کا اتفاق نہیں ہوسکا۔ گزشتہ روز تلاش کمیٹی کے سربراہ ڈاکٹرعبدالقدیرراجپوت کی زیرصدارت انٹرویو اجلاس میں 7 ؍ امیدواروں کے بارے میں کوئی حتمی نتیجہ نہیں آ سکا جس کی وجہ سے امکان ہے کہ یہ اسامی اب دوبارہ مشتہر کی جائے گی۔
 
اجلاس میں سیکرٹری بورڈ و جامعات ریاض الدین نے رکن نہ ہونے کے باوجود اجلاس میں شرکت کی جس پر چہ مگوئیاں بھی ہوتی رہیں کہ وہ کس حیثیت سے اجلاس میں شریک ہو رہے ہیں۔
 
تلاش کمیٹی کے اصل رکن محمد حسین سید ہیں جو بطور سیکرٹری ایچ ای سی تلاش کمیٹی کے رکن ہیں، انہیں بلایا ہی نہیں گیا تھا۔ چیئرمین ڈاکٹر عبدالقدیر راجپوت کے قریبی ذرائع نے جنگ کو بتایا کہ کسی امیدوار کو مکمل موزوں نہیں پایا تاہم دو تین روز میں دوبارہ بیٹھ کر دو یا تین امیدواروں کے نام پر دوبارہ بھی غور کیا جا سکتا ہے یا پھر نیا اشتہار دے کر بھرتی کا عمل ازسر نو شروع ہو سکتا ہے۔
 
یاد رہے کہ انٹرویو کو 2، مرحلوں میں تقسیم کیا گیا تھا ایک حصہ صبح میں جس مین تین امیدواروں کے انٹرویوز لیے گئے دوسرا حصہ ظہرانے کے بعد تھا جس میں تین امیدواروں کے انٹرویوز کیے گئے۔ انٹرویو اجلاس میں سب سے پہلے ہما بخاری نے اپنا
 
تفصیلی انٹرویو دیا بعد ازاں ڈاکٹر محمد علی شیخ، اکبر زیدی، اسد الزماں، پرفیسر کمال، سید عارف کے انٹرویوز ہوئے۔
 
 
3جنوری کو عراق کے دارالحکومت بغداد میں امریکی ڈرون حملے میں ایران کی القدس فورس کے کمانڈر جنرل قاسم سلیمانی کی ہلاکت کے بعد عالمی مارکیٹ میں تیل اور سونے کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے جب کہ دنیا کی کئی بڑی اسٹاک مارکیٹس میں بھی شدید مندی کا رجحان ہے۔
 
امریکی ریٹنگ ایجنسی بلومبرگ کی رپورٹ کے مطابق عالمی منڈی میں سونے کی قیمت میں 2.4 فیصد کا بڑا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے جس کے بعد سونے کی قیمت 1611 ڈالر فی اونس کی بلند سطح پر پہنچ گئی ہے۔
رپورٹ کے مطابق چھ سالوں میں یعنی 2013 سے سونا اب تک کی سب سے بلند سطح پر پہنچ گیا ہے۔
 
ایرانی کمانڈر قاسم سلیمانی کے قتل کے جواب میں ایران نے عراق میں امریکیوں کے زیر استعمال فوجی اڈوں پر میزائل حملے کیے ہیں جس کے نتیجے میں عالمی سطح پر تیل کی قیمتوں میں 3.5 فیصد اضافہ ہو گیا ہے۔
 
ایرانی حملے سے جاپان نکئی انڈیکس میں بھی منفی رجحان ہے اور انڈیکس 2.4 فیصد سے زیادہ گر گیا ہے۔
کراچی: سعید غنی نے کہا کہ اجلاس میں صوبائی وزیر فشریز نے بتایا کہ بااثر افراد نے اپنی اپنی جیٹیز بنائی ہوئی ہیں جس کی وجہ سے حکومت کو سالانہ 4 سے 5 ارب روپے کا نقصان ہو رہا ہے اس وقت کل 33 غیرقانونی جیٹیز کام کر رہی ہیں جس پر سندھ کابینہ نے جیٹیز کو ریگیولر کرنے کی منظوری دے دی۔
 
اجلاس میں سندھ میں جانورں کے شکار کی اجازت دینے کے حوالے سے بتایا گیا کہ ہنٹنگ پروٹیکٹڈ ایریا میں نہیں ہوتی کوہستان میں پہاڑی بکروں کی تعداد 26 ہزار ہے جو محفوط علاقے میں رہتے ہیں اور شکار اس کا ہوگا جو محفوظ علاقے سے باہر رہتے ہیں جس پر کابینہ نے پرو ٹیکٹڈ ایریا سے باہر شکار کرنے کی اجازت کی منظوری دے دی۔
 
سعید غنی نے بتایا کہ صوبائی کابینہ نے سندھ آکیوپیشنل سیفٹی اینڈ ہیلتھ رولز کی منظوری دی ہے،رولز کے تحت ہر آجر سیفٹی کمیٹی قائم کرنے کا پابند ہوگا ان رولز کااطلاق ان پر بھی ہوگا جو خود مزدوری کر رہے ہوں گے اور یہ رولز تمام اسٹیک ہولڈرز کی مشاورت سے بنائے گئے ہیں ان ورکرز میں ایگریکلچر ورکرز بھی شامل ہیں۔
 
سعید غنی نے کہا کہ اجلاس میں مزید بتایا گیا کہ سندھ حکومت نے جرمنی کے تعاون سے 4 ریجنل بلڈ سینٹرز قائم کیے ہیں جو کہ سکھر، جامشورو، شہید بینظیر آباد اور کراچی میں قائم ہیں،انڈس اسپتال نے جامشورو کے لیے درخواست کی ہے اسے 20 ہزار سے 70 ہزار بلڈ بیگس رکھنے کی اجازت دی جائے جس پر سندھ کابینہ نے کوٹا بڑھانے کی منظوری دے دی۔
 
سعید غنی نے مزید بتایا گیا کہ پروفیسر ڈاکٹر مجیب الدین میمن کو سندھ حکومت نے وائس چانسلر ٹنڈو جام یونیورسٹی مقرر کیا تھا اورعدالت نے یہ فیصلہ غیرقانونی قرار دیا تھا کیونکہ کابینہ نے اس کی توسیع نہیں کی تھی، جس پر سندھ کابینہ نے پروفیسر ڈاکٹر مجیب الدین کی تقرری کی توسیع کی منظوری دے دی۔
 

اسلام آباد: وفاقی حکومت نے نئے سال کے آغاز پر کئی ادویات کی قیمتوں میں 15 سے 45 فیصد تک کمی کردی جس کا باضابطہ نوٹی فکیشن بھی جاری کردیا گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی نے89 ادویات کے مالیکیولز کی قیمتوں میں کمی کرتے ہوئے باضابطہ نوٹی فکیشن جاری کردیا۔

ڈریپ ذرائع کا کہنا ہے کہ ادویات کی قیمتوں میں کم سے کم 15 فیصد جب کہ زیادہ سے زیادہ 45 فیصد تک کمی کردی گئی ہے. ان میں دل کی مختلف اقسام کے امراض، دماغی امراض، کینسر ،پیٹ کے امراض، بچوں کے بخار، اینٹی بائیوٹیک ،سانس یا دمہ کے مرض کی ادویات شامل ہیں

کراچی: سندھ حکومت نے مختلف محکموں میں بھرتی کا اعلان کرتے ہوئے محکموں جات سے خالی اسامیوں کی تفصیلات مانگ لیں۔
 
یہ بات وزیر اطلاعات و محنت سندھ سعید غنی نے منگل کو سندھ کابینہ کے اجلاس کے بعد سندھ اسمبلی کمیٹی روم میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہی۔ ۔سعید غنی نے کہا کہ تمام سرکاری محکموں کو 15 جنوری تک تفصیلات وزیر اعلی ہاؤس میں جمع کرانے کی ہدایت دی گئی ہے، صوبے میں اسکولز، ہسپتالوں اور دیگر اداروں میں سہولیات کو پیش نظر رکھتے ہوئے اسامیوں کی تفصیلات بتائی جائیں۔
 
سندھ کابینہ کے اجلاس میں فوتی کوٹا کے لیے اہلیت پر نظر ثانی کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا اور اراکین کو بتایا گیا کہ فوتی کوٹا کے حوالے سے دو کیٹگری ہیں ایک 2 ستمبر 2002ء سے 15 ستمبر 2014ء تک
کے لیے 60 دنوں میں درخواست دیں دوسرا 16 ستمبر 2014ء سے اب تک دو سال کے اندر درخواست دیں۔
 
اس دوران کابینہ نے تمام محکموں کو ہدایت کی کہ جب ان کے محکمے میں کوئی ملازم فوت ہوجائے تو ان کے خاندان کو خط لکھا جائے کہ وہ فوتگی کوٹا حاصل کریں جب بھی کسی کو تقرری کا حکم نامہ دیں تو اس میں بھی فوتگی کوٹے سے متعلق آگاہی دی جائے، فوتگی کوٹا کے تحت دوران ملازمت انتقال کرجانے والے ملازم کے بچے یا بیوہ کو ملازمت دی جاتی ہے اجلاس میں یہ تجویز ملتوی کردی گئی اور چیف سیکریٹری کو ہدایت دی گئی کہ وہ اس کے لیے مزید تجاویز لے کر آئیں۔
کراچی: سندھ کابینہ کا کاروباری اصلاحات میں آسانی کا فیصلہ کرلیا جس کے بعد صوبے بھر میں دکان کھولنے پر رجسٹریشن مفت کردی جائے گی۔
 
سینٹر سعید غنی ا نے کہا کہ کابینہ کے اجلاس میں دکانداروں کی رجسٹریشن فیس سے مستثنیٰ کرنے کے حوالے سے کابینہ کو بتایا گیا کہ کاروباری اصلاحات میں آسانی کے تحت فیس معاف کردی گئی تھی۔
 
جس پر کابینہ نے فیصلہ کیا ہے کہ اب دکانوں کی رجسٹریشن فری اور آن لائن ہوگی اب جو بھی دکان کھولی جائے گی اس کی رجسٹریشن فیس نہیں دینی ہو گی۔
 
مانیٹرنگ ڈیسک: امریکا میں دونوں ٹانگوں سے محروم 90 سالہ شخص نے اپنی نوے سالہ سالگرہ کے موقع پہ ہوائی جہاز سے چھلانگ لگا کر دنیا کو حیران کردیا، اپنی عمر کے 90 سال پورے ہونے پر انہوں نے 13 ہزار فٹ کی بلندی سے جست بھری اور کامیابی سے زمین پر اترے۔
 
اسٹین رورر ایک عرصے تک ریاضی اور طبعیات پڑھاتے رہے اور اب ریٹائرڈ زندگی گزار رہے ہیں۔ ان کی بیٹی نے ایک روز ان سے کہا کہ وہ بھی ہمت کریں اور ان کے ساتھ ہوائی جہاز سے اسکائی ڈائیونگ کریں۔ اس سوال پر غیر متوقع طور پر اسٹین نے فوری ہاں کہہ دی-
 
ان کی بیٹی نے کہا کہ انہوں نے والد سے مذاقاً ایسا کہا تھا لیکن وہ اپنی ہمت کی وجہ سے اس خطرناک کام پر آمادہ ہوگئے۔ ان کی بیٹی کے مطابق اب بھی وہ ٹینس کے بہترین کھلاڑی ہیں اور 80 کی دہائی میں خون کے لوتھڑوں کی وجہ سے دونوں ٹانگوں سے محروم ہوچکے ہیں۔اس سے قبل وہ موٹرسائیکل کے بہترین ڈرائیور رہے ہیں اور اب وہیل چیئر پر ٹینس کھیل کر نوجوانوں کو بھی شکست دیتے ہیں۔ اس کے علاوہ اسٹین چھوٹی کشتی کے ذریعے کشتی رانی کے بھی ماہر ہیں۔ یہ کشتی ان کے لیے خصوصی طور پر ڈیزائن کی گئی ہے جسے اسٹین بہت مہارت سے آگے بڑھاتے ہیں۔
 
ان کی بیٹی کے مطابق عمر میں ان کے والد کا حوصلہ بہت بلند ہے اور ان کا عزم کئی لوگوں کے لیے جذبہ ابھارنے کی اہم وجہ بھی ہے۔ اسٹین نے ہزاروں فٹ کی بلندی پر زمین پر اترنے کے بعد اس تجربے کو بہت خوبصورت اور ناقابلِ فراموش قرار دیا ہے۔اسٹین کی یہ کامیابی ان لوگوں کے لئے ایک زندہ مثال ہے جو ہاتھ پیروں کے سلامت ہونے کے با وجود کوئی قابل ذکر کام انجام نہیں دے پاتے