ھفتہ, 12 اکتوبر 2024
Reporter SS

Reporter SS

اسلام آباد: وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ فضل الرحمن پی پی پی اور ن لیگ سے مایوس ہوچکے ہیں۔

وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ مولانا فضل الرحمن کا رات خطاب پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ ن سے دلبرداشتہ رویے اور مایوسیوں کا اظہار تھا، پہلے دن ہی کہہ دیا تھا کہ یہ لوگ آپس میں مخلص نہیں تو قوم سے کیا وفا نبھائیں گے؟۔

فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کی اقوام متحدہ میں تاریخی تقریر نے مولانا کے مذہبی کارڈ بیانیہ کو پنکچر اور دھرنے کے مقاصد کو زمین بوس کردیا ہے۔

معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ مولانا خود فریبی سے نکلیں، عوام کو تنگ نہ کریں، آپ سازش میں ناکام ہوچکے ہیں، عام انتخابات میں مسترد ہونے والے جتھے کی صورت میں حقیقی عوامی مینڈیٹ کی توہین اور جمہوری نظام پر حملہ آور نہ ہوں-

فردوس عاشق اعوان نے مزید کہا کہ سیاسی تنہائی کا شکار مولانا ذاتی مفادات کی عینک اتار کر دیکھیں تو پتہ چلے گا کہ پاکستان تنہائی کا شکار نہیں، بلکہ وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں نئے پاکستان کا تشخص پوری دنیا میں ابھر کر سامنے آرہا ہے۔

لاہور: لاہور ہائیکورٹ نے ریمارکس دیے ہیں کہ ہڑتالی ڈاکٹرز کےخلاف اب تک کارروائی کیوں نہیں ہوئی۔

 لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس جواد حسن نے ڈاکٹروں کی ہڑتال کے خلاف شہری اظہر صدیق کی درخواست پر سماعت کی ۔ عدالت نے ریمارکس دیے کہ پوری دنیا میں ڈاکٹرز کی ہڑتال کا تصور نہیں، ہڑتالی ڈاکٹروں کے خلاف کریک ڈاؤن کرتے ہیں، آج ہی ان کی ہڑتال ختم اور لائسنس معطل کرواتے ہیں، انہیں کون لائسنس دیتا ہے؟۔

وکیل نے بتایا کہ ڈاکٹرز کو پاکستان میڈیکل کمیشن (پی ایم ڈی سی) لائسنس جاری کرتا ہے۔

 جسٹس جواد حسن نے کہا کہ ہڑتالیوں کےخلاف اب تک پیڈا ایکٹ کےتحت کارروائی کیوں نہیں کی گئی، قانون کی عمل داری کے اس معاملے میں عدالت انتظامیہ کے ساتھ ہے۔ عدالت نے پی ایم ڈی سی، ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن وائی، کالج فزیشن اینڈ سرجن کے نمائندوں اور صدر لاہور ہائیکورٹ بار کو فوری طور پر طلب کرلیا۔

ایڈیشنل سیکرٹری صحت نے بتایا کہ ڈاکٹروں کے مطالبات کے لئے پانچ رکنی کمیٹی قائم کردی گئی ہے۔

صدرلاہور ہائیکورٹ بار حفیظ الرحمن چوہدری نے کہا کہ کسی کو مریضوں کی زندگی سے کھیلنے کی اجازت نہیں دی جاسکتی، پیمرا کو پابند بنایا جائے کہ ڈاکٹروں کی ہڑتال کی میڈیا کوریج نہ ہو۔ ہائیکورٹ نے دلائل سننے کے بعد سماعت کل تک ملتوی کردی۔

لاہور: احتساب عدالت نے مریم نواز کی رہائی کے روبکار جاری کردیے ہیں۔

چوہدری شوگر ملز کیس میں گرفتار رہنما مسلم لیگ (ن) مریم نواز کے وکیل احتساب عدالت میں پیش ہوئے اور جج امیر محمد خان کے روبرو مریم نواز کے ایک ایک کروڑ کے 2 ضمانتی مچلکے جمع کرائے جس کو عدالت نے منظور کرلیا۔

مریم نواز کے ضمانتی مچلکے جمع کرائے جانے کے بعد احتساب عدالت نے مریم نواز کی رہائی کے روبکار جاری کردیے جس کو مسلم لیگ (ن) کے رہنما کوٹ لکھپت جیل لیکر روانہ ہوگئے ہیں جہاں روبکار جمع کرانے کے بعد مریم نواز کو رہا کردیا جائے گا۔

واضح رہے کہ لاہور ہائی کورٹ نے چوہدری شوگر مل منی لانڈرنگ کیس میں رہنما مسلم لیگ (ن) مریم نواز کی پیر کے روز درخواست ضمانت منظور کی تھی۔
اسلام آباد: رات گئے مولانا فضل الرحمان چوہدری شجاعت حسین سے ملاقات کے لیے ان کی رہائش گاہ گئے جہاں ان کی چوہدری برادران سے تفصیلی گفتگو ہوئی۔
 
ملاقات کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ ہمارا ایک دوسرے کے گھر آنا جانا کسی پروٹوکول کا پابند نہیں، ملک ہم سب کا ہے، جب کشتی ڈوبتی ہے تو ہم سب ڈوبتے ہیں۔
 
انہوں نے کہا کہ چوہدری صاحبان لاہور سے یہاں تشریف لائے، ہم ملک کو اس بحران سے نکالیں گے جو ملک کو درپیش ہے۔
 
ان کا کہنا تھا ملک کے کونے کونے سے آئے ہوئے لوگ اضطراب کا شکار ہیں اور کسی کو یہ حق حاصل نہیں کہ ان لوگوں کا اضطراب دور نہ کرے۔
 
مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ میرا الیکشن کمیشن پر اعتماد نہیں، الیکشن کمیشن خود کہتا ہےکہ 95 فیصد نتائج پر پریزائیڈنگ افسران کے دستخط نہیں، دستخط نہیں ہیں تو الیکشن خودبخود کالعدم ہو جاتا ہے لیکن اس کے باوجود کبھی کہتے ہیں کمیشن بناتے ہیں، کبھی کہتے ہیں فلاں جگہ جاتے ہیں۔
 
انہوں نے مزید کہا کہ جو پارلیمانی کمیشن بنا تھا، ایک سال ہو گیا اس کی میٹنگ کیوں نہیں بلاتے، آج ہمیں کہہ رہے ہیں کمیشن کو فعال بنائیں گے، اس اعتبار سے مسئلہ اتنا آسان نہیں ہے، اس کو سنجیدگی سے لینا ہے۔
 
ان کا کہنا تھا کہ چوہدری صاحبان سے بھی یہی عرض کیا کہ جو ہمارا مؤقف ہے، اس پر آپ سے رہنمائی بھی لینا چاہتے ہیں، سیاسی اصول اور ہمارے مطالبے کے پیچھے ایک حقیقت ہے، اس کو مدنظر رکھتے ہوئے ہماری رہنمائی کی جا سکتی ہے اور اس کا فائدہ اٹھا کر ہم عوام کو اطمینان دلا سکتے ہیں۔

اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے بارش کے باعث دھرنے کے شرکاء کی مشکلات کا نوٹس لے لیا ہے۔

وزیراعظم عمران خان نے گزشتہ رات اسلام آباد میں بارش کے بعد دھرنے میں شامل شرکاء کی مشکلات میں اضافے کا نوٹس لیتے ہوئے چیئرمین سی ڈی اے کو دھرنے کے مقام پر جانے کی ہدایت کی ہے، سماجی رابطے کی سائٹ پر ٹوئٹ پر وزیراعظم عمران خان نے ہدایات دیتے ہوئے کہا ہے کہ چیئرمین سی ڈی اے دیکھیں دھرنا شرکاء کو کس قسم کی مدد کی ضرورت ہے، چیئرمین سی ڈی اے حالات دیکھ کر بتائیں کہ دھرنا شرکاء کو کیا ریلیف یا مدد مہیا کی جا سکتی ہے

واضح رہے کہ اسلام آباد میں جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی ف) کا دھرنا 7 ویں روز میں داخل ہوگیا ہے اور اپوزیشن کو حکومت کے ساتھ ساتھ موسمی چیلنجز کا بھی سامنا ہے۔ رات گئے گرج چمک کے ساتھ بارش ہوئی جس کی وجہ سے سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا۔ تیز ہوائیں چلنے سے متعدد خیمے اکھڑ گئے جس کے نتیجے میں کچھ لوگوں نے پولیس ککنٹینرز میں پناہ لی تو بعض شرکا کو رات میٹرو اسٹیشن میں گزارنی پڑی

اسلام آباد وفاقی دارالحکومت میں بارش کے باعث سردی پڑگئی جس کے نتیجے میں جے یو آئی کے دھرنے کے شرکا کو مشکلات کا سامنا ہے۔
 
اسلام آباد میں جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی ف) کا دھرنا 7 ویں روز میں داخل ہوگیا ہے اور اپوزیشن کو حکومت کے ساتھ ساتھ موسمی چیلنجز کا بھی سامنا ہے۔ رات گئے گرج چمک کے ساتھ بارش ہوئی جس کی وجہ سے سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا۔ تیز ہوائیں چلنے سے متعدد خیمے اکھڑ گئے جس کے نتیجے میں کچھ لوگوں نے پولیس کے کنٹینرز میں پناہ لی تو بعض شرکا کو رات میٹرو اسٹیشن میں گزارنی پڑی۔
 
بارش کے بعد جلسہ گاہ میں ہر طرف کیچڑ ہوگئی جس نے آزادی مارچ کے مظاہرین کو مشکلات میں ڈالے رکھا۔ ادھر شہر کے تمام اہم علاقوں میں شاہراؤں پر کنٹینر رکھ کر سنگل لائن کردی گئی ہے تاہم کسی بھی کنٹینر پر ریفلیکٹرز نہیں لگائے گئے جس سے حادثات کا خدشہ ہے۔

کراچی: محکمہ موسمیات کے مطابق اس وقت دنیا کے سمندروں میں بیک وقت چار طوفان موجود ہیں۔

محکمہ موسمیات کے حکام نے بتایا کہ  اس وقت دنیا کے سمندر میں بیک وقت چار طوفان موجود ہیں جس میں ماہا، بلبل، انویسٹ نائینٹی اور ہیلوگ ٹوئنٹی فور شامل ہیں۔

محکمہ موسمیات کے مطابق طوفان ماہا، بلبل، انویسٹ نائنٹی ایشیائی سمندر میں موجود ہیں جب کہ ہیلوگ ٹوئنٹی فور اس وقت بحیرہ اوقیانوس پر کھلے سمندر میں موجود ہے۔

محکمہ موسمیات کے حکام کا کہنا ہے کہ سمندری طوفان ماہا اب کمزور پڑ رہا ہے مگر ’بلبل‘ میں شدت آ رہی ہے۔

حکام کا بتانا ہے کہ ہیلوگ ٹوئنٹی فور ڈبلیو کسی ساحل سے ٹکرائے بغیر ختم ہو جائے گا جب کہ ہیلوگ طوفان نے سمندری طوفان کیار کو بھی پیچھے چھوڑ دیا ہے۔

یاد رہے کہ ’ماہا‘ سے قبل طاقتور ترین سمندری طوفان ’کیار‘ پاکستان سے ٹکرائے بغیر عمان طرف رُخ کر گیا تھا لیکن طوفان نے 700 کلو میٹر کے فاصلے سے ہی سندھ اور بلوچستان کے سمندر میں طغیانی پیدا کر دی تھی جس سے ساحلی بستیاں زیر آب آگئی تھیں۔

کراچی: وفاقی وزیر داخلہ اعجاز شاہ نے کہا ہے کہ میری ذاتی رائے ہے ڈاکٹرز نے نواز شریف کا بیرون ملک علاج ناگزیر قرار دیا تو راستہ نکل سکتا ہے۔
 
ایک انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ آصف زرداری کا کیس بہت مضبو ط ہے اور ان کا فیصلہ بھی عدالت نے کرنا ہے، دھرنے کی سیاست ختم ہونی چاہیے۔
 
وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ چوہدری شجاعت کامولانا فضل الرحمٰن سے تعلقات ہیں، انشا اللّہ تعالیٰ حکومت اپنی مدت پوری کرے گی۔
 
اعجاز شاہ نے مزید کہا کہ ہمارے انڈیکٹرز بہت اچھے ہیں، ہم 28 درجے اوپر آگئے ہیں، اگر ہم نے ڈیلور کیا اور ساری صورتحال کنٹرول کرگئے تویہ پانچ سال اور اگلے پانچ سال بھی ہم ہی ہوں گے۔

راولپنڈی: انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نے تحریک لبیک کے سربراہ علامہ خادم رضوی کے بھائی امیر حسین سمیت35 کارکنوں پر ہنگامہ آرائی، توڑ پھوڑ، تھانہ پر حملہ کیس میں فرد جرم عائد کر دی ہے۔

تحریک لبیک کے سربراہ علامہ خادم رضوی کے بھائی امیر حسین سمیت35 کارکنوں پر ہنگامہ آرائی، توڑ پھوڑ، تھانہ پر حملہ کیس میں فرد جرم عائد کر دی گئی اور ایس ایچ او تھانہ پنڈی گھیب کو نوٹس جاری کر کے7نومبر سے گواہان کی شہادتیں طلب کر لی ہیں۔

تمام ملزمان کمرہ عدالت موجود تھے جنہوں نے فرد جرم کی صحت سے انکار کر دیا۔

کینبرا: قیادت کا بوجھ بابراعظم کے مزاج پر اثرانداز ہونے لگا،آسٹریلیا کیخلاف دوسرے ٹی ٹوئنٹی میچ کے 16ویں اوور کی آخری گیند پر انھوں نے ایشٹن ایگر کی ایک گیند کو مڈوکٹ کی جانب کھیلتے ہوئے ففٹی مکمل کی لیکن دوسرا رن بناتے ہوئے ڈیوڈ وارنر کی ڈائریکٹ تھرو نے ان کو پویلین لوٹنے پر مجبور کردیا۔
 
کپتان غصے پر قابو نہ رکھ سکے اور ساتھی بیٹسمین افتخار احمد پر ناراضگی کا اظہار کیا،ان کا یہ تلخ رویہ کیمرے کی آنکھ نے محفوظ کرلیا،افتخار احمد نے بدلہ آسٹریلوی بولرز سے لیا اور 34 گیندوں پر 62کی اننگز کھیل کر ناقابل شکست رہے۔
 
یاد رہے کہ اس سے قبل بھی اننگز کے آغاز میں فخرزمان نے بابر اعظم کا ایک رن کیلیے کال کیا، پھر واپس بھیج دیا، بڑی مشکل سے رن آئوٹ کا خطرہ ٹل گیا،اس موقع پر بھی بابر اعظم نے سوالیہ اشارہ کرتے ہوئے ساتھی اوپنر کی جانب گھور کر دیکھا