ھفتہ, 12 اکتوبر 2024
Reporter SS

Reporter SS

کراچی: اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی نے اسکروٹنی فام جمع کرانےکی تاریخ کااعلان کردیا۔

اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی نے اعلان کیا ہے کہ انٹرمیڈیٹ سال دوم آرٹس ریگولر گروپ اور خصوصی امیدواروں کے سالانہ امتحانات برائے 2019ء کے اسکروٹنی فارم منگل (آج) سے 4دسمبر 2019ء تک وصول کیے جائیں گے

 

آسٹریلیا کے خلاف دوسرے ٹی 20 میچ میں پاکستانی بلے بازوں نے انتہائی مایوس کن کارکردگی کا مظاہرہ کیا لیکن افتخار احمد کی جارحانہ اننگز کی بدولت گرین شرٹس 20 اوورز میں 150 رنز بنانے میں کامیاب رہیں۔

ٹاس جیتنے کے بعد پاکستان کے کپتان بابر اعظم نے ایک مرتبہ پھر اوپنر کی حیثیت سے فخرزمان کے ساتھ اننگز کاآغاز  کیا لیکن فخرزمان  صرف 2 رنز بنا آؤٹ ہوگئے۔

فخر کے بعد حارث سہیل بیٹنگ کے لیے آئے لیکن ایک مرتبہ پھر اونچا شاٹ کھیل کر اپنی وکٹ گنوا دی۔  29 رنز پر دو وکٹیں گرنے کے بعد بابر اعظم اور  وکٹ کیپر محمد رضوان نے مل کر ٹیم کا اسکور 62 رنز تک پہنچایا لیکن رضوان باہر نکل کر شاٹ کھیلنے کی کوشش میں اسٹمپ آؤٹ ہو گئے۔ 

رضوان کے بعد آنے والے آصف علی بھی چھکا لگانے کی کوشش میں کیچ آؤٹ ہو گئے۔ انہوں نے 5 گیندوں پر صرف 4 رنز بنائے۔

کپتان بابر اعظم اور چھٹے نمبر پر آنے والے افتخار احمد نے 16 اوورز میں ٹیم کا مجموعہ 106 رنز تک پہنچایا لیکن دو رنز لینے کی کوشش میں بابر رن آؤٹ ہو گئے۔ انہوں نے 50 رنز بنائے۔

بابر اعظم کے آؤٹ ہونے کے بعد افتخار احمد نے عماد وسیم کے ساتھ مل کر جارحانہ بیٹنگ کی اور اپنے ٹی 20 کیریئر کی پہلی نصف سنچری اسکور کی۔ پاکستان نے افتخار احمد کی جارحانہ اننگز کی بدولت آخری تین اوورز میں 67 رنز اسکور کیے۔

افتخار احمد  34 گیندوں پر 6 چھکوں اور 5 چوکوں کی مدد سے 62 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔

یاد رہے کہ سیریز کا پہلا میچ بارش کے باعث بے نتیجہ ختم ہوا تھا لیکن اس میں پاکستانی بلے بازوں کی کارکردگی انتہائی بری رہی تھی جب کہ بارش کے باعث میچ منسوخ ہونے سے قبل تین اوورز میں 41 رنز دے کر پاکستانی بولرز کی صلاحیتیں بھی عیاں ہو گئیں۔

سیریز کا دوسرا میچ آج کینبرا میں کھیلا جا رہا ہے جس میں پاکستان کی ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی ہے۔

انقرہ: ترکی نے امریکی وزرات خارجہ کی جانب سے دہشت گردی سے متعلق عالمی سالانہ رپورٹ برائے 2018ء کو اپنے گناہوں پر پردہ ڈالنے کی ایک کوشش قرار دے دیا۔

بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق ترک دفترِ خارجہ کے ترجمان حامد آکسوئے نے امریکی وزارت خارجہ کی دہشت گردی سے متعلق رپورٹ کا تحریری جواب دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ رپورٹ امریکی اداروں کے غیر قانونی موقف پر پردہ ڈالنے کی مذموم کوشش ہے۔

 ترک وزارت خارجہ نے کہا کہ ترکی پر حملے کرنے والی دہشت گرد تنظیم فیتو کے سربراہ کو امریکا جلا وطن مذہبی رہنما کے طور پر پیش کرتا ہے اور ایک قدم آگے بڑھتے ہوئے امریکا نے اس رپورٹ کے ذریعے 15 جولائی کی مذموم فوجی بغاوت کی کوشش کو نہ صرف نظر انداز کیا بلکہ ایک طرح سے اس کی حمایت کی ہے۔
 

 دفتر خارجہ کے ترجمان آکسوئے نے امریکی رپورٹ میں PKK کا تو ذکر کیا گیا ہے تاہم ترکی میں دہشت گردی میں ملوث وائی پی جی کا تذکرہ تک نہیں کیا گیا جس سے اس رپورٹ کے متنازع اور جانب دار ہونے کا ثبوت ملتا ہے۔ ترک مخالف رہنماؤں کو امریکا پناہ دے رہا ہے اور پھر کس منہ سے دہشت گردی کیخلاف بات کرسکتا ہے۔

 واضح رہے کہ امریکی وزارت خارجہ کی جانب سے دہشت گردی سے متعلق ایک رپورٹ پیش کی گئی تھی جس میں کرد جنگجوؤں کے ساتھ نرمی برتی گئی تھی اور صدر طیب اردگان کے مخالف رہنماؤں کو جلاوطن مذہبی رہنما بنا کر پیش کیا گیا تھا۔
 
 
کراچی: کراچی سمیت ملک بھرمیں ڈینگی وائرس بےقابوہوگیا۔ پنجاب کے متعدد شہروں میں سردی بڑھتے ہی ڈینگی کے کیس بھی کم ہونے لگے ہیں، فیصل آبادمیں 48 گھنٹوں میں کوئی ڈینگی کا مریض رپورٹ نہیں ہوا۔ ملتان میں بھی ڈینگی بخار کے شبہ میں نشتر اسپتال میں صرف ایک مریض زیرعلاج ہے۔
 
سرگودھا کے ضلعی اسپتال میں داخل 3 مزید مریضوں میں ڈینگی کی تصدیق ہوئی ہے جس کے بعد آئسولیشن وارڈ میں زیر علاج مریضوں کی تعداد 5 ہوگئی ہے۔
 
کوئٹہ میں ڈینگی وائرس کے7 نئے مریض فاطمہ جناح اسپتال میں داخل کیے گئے ہیں اور رواں سال ڈینگی کے 43 مریض رپورٹ ہوچکے ہیں۔
 
اسپتال انتظامیہ کے مطابق ڈینگی وائرس کے مریضوں میں سے 4 کا تعلق کوئٹہ اور 3 کا پشین سے ہے اور تمام مریض چند روز قبل کراچی سے سفر کرکے آئے تھے۔
 
خیبر پختونخوا میں بھی ڈینگی کے حملے جاری ہیں اور ڈینگی مچھر کے کاٹنے سے اب تک 5 ہزار سے زائد افراد متاثر ہوچکے ہیں۔
کراچی میں ڈینگی وائرس میں مبتلا 7 ماہ کے بچے سمیت مزید 2 افراد انتقال کرگئے جس کے بعد رواں سال سندھ بھر میں ڈینگی سے ہلاکتوں کی تعداد 28 ہوگئی ہے۔
 
شہر قائد میں ڈینگی وائرس کے وار جاری ہیں اور ایک 7 ماہ کا بچہ ڈینگی کے باعث جان کی بازی ہار گیا، اس کے علاوہ نجی اسپتال میں لیاقت آباد کی رہائشی 55 سالہ خاتون ڈینگی کے باعث انتقال کرگئیں۔
 
رپورٹس کے مطابق کراچی میں مزید 187 افراد ڈینگی وائرس کا شکار ہوئے ہیں جس کے بعد رواں سال صوبے بھر میں ڈینگی سے متاثرہ افراد کی تعداد 9ہزار سے تجاوز کرچکی ہے جس میں سے اکثریت کا تعلق کراچی سے ہے
کراچی: شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ عروہ حسین ڈرامہ سیریل اُڈاری کے بعد اب دوبارہ چھوٹی اسکرین پر انٹری دینے کے لیے تیار ہیں۔
 
اداکارہ عروہ حسین کو ٹیلی ویژن اسکرین پر آخری مرتبہ ڈرامہ سیریل اُڈاری میں دیکھا گیا تھا جس کے بعد انہیں ایک سال تک کسی ڈرامے میں کام کرتے ہوئے نہیں دیکھا گیا۔
 
اب اداکارہ نے اپنے مداحواں کو خوشخبری سنائی ہے کہ وہ ایک سال بعد دوبارہ ڈرامہ انڈسٹری میں اداکاری کے جوہر دکھائیں گی۔
 
عروہ حسین ڈرامہ سیریل ’رانجھا رانجھا کردی‘ کے مقبول ترین بھولے کا کردار نبھانے والے اداکار عمران اشرف کے ساتھ ڈرامہ سیریل میں نظر آئیں گی۔
 
عمران اشرف اور عروہ حسین کے آنے والے ڈرامے کا اسکرپٹ اداکار عمران اشرف نے ہی لکھا ہے جب کہ اس ڈرامے کی ہدایت کاری معروف ڈرامہ سیریل ’سنو چندہ‘ کے ڈائریکٹر احسن تالش کریں گے۔
 
عروہ حسین نے اس حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ اس ڈرامے کا اسکرپٹ اس طرح کا نہیں ہے کہ میں چند لفظوں میں اس کا خلاصہ کردوں، یہ اسکرپٹ بے حد شاندار ہے اور آپ کو اس سے بے شمار نئی چیزیں سیکھنے کو ملیں گی۔
 
عروہ حسین کا اپنے کردار کے بارے میں کہنا تھا کہ میں اپنا کردار ادا کرنے سے لطف اندوز ہورہی ہوں اور اس حیرت انگیز ٹیم کا حصہ بننے پر مجھے بہت خوشی ہے ۔
 
 
نیویارک: پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے بانی و سابق وزیراعظم ذوالفقار علی بھٹو کے پوتے اور بھٹو خاندان کے اکلوتے وارث ذوالفقار علی بھٹو جونیئر کا پاکستانی سیاست میں حصہ نہ لینے کے حوالے سے ایک مختصر بیان سامنے آیا ہے جس میں انہوں نے پاکستانی سیاست میں سنگین خطرات کی نشاندہی کی ہے۔
 
برطانوی نشریاتی ادارے کو دیے گئے خصوصی انٹرویو میں ذوالفقار علی بھٹو جونیئر نے پاکستانی سیاست میں حصہ نہ لینے کی وجوہات پر پہلی بار مختصر مگر کھل کر بات کی۔ انہوں نے اپنے انٹرویو میں کہا کہ پاکستان آکر قتل ہونا نہیں چاہتے۔
 
ذوالفقار جونیئر نے ذو معنی الفاظ میں کہا کہ پاکستانی سیاست میں جنہیں قتل و غارت کی عادت نہیں ہوتی وہ قتل ہو جاتے ہیں؟ بھٹو جونیئر کے مطابق ’انہیں قتل ہونا پسند نہیں اس لیے وہ پاکستان نہیں آتے۔
 
ان کا کہنا تھا کہ وہ ایسی حالت میں ملک آکر قتل ہونا نہیں چاہیں گے جب کہ اُس کے بدلے میں خلقِ خدا کا بھلا بھی نہ ہو؟
انٹرویو کے دوران ذوالفقار بھٹو جونیئر نے 2017 میں سامنے آنے والی اپنی رقص کی ویڈیوز کے حوالے سے بھی بات کی اور کہا کہ انہیں آرٹ اور فن میں سکون ملتا ہے، جس وجہ سے وہ آرٹ کے شعبوں میں مختلف روپ میں نظر آتے ہیں۔

راولپنڈی: ریلوے شیخ رشید احمد کا کہنا ہے کہ مولانا فضل الرحمان کے مسئلے ایک 2 روز میں حل ہوجائیں گے اور حکومت پانچ سال پورے کرے گی۔

اپنے وڈیو بیان میں شیخ رشید کا کہنا تھا کہ کنٹینر میں 4 روز سے استعمال کی گئی زبان کسی صورت میں بھی پاکستان کے مفاد میں نہیں، بھارت چاہتا ہے پاکستان کے عسکری اداروں پر تنقید ہواور کشمیر کا مسئلہ پس پشت چلا جائے، محمود اچکزئی جیسے لوگوں کا ساتھ رکھ کر ملک کے خلاف انتشار کا تاثر نہیں دینا چاہیے۔

 شیخ رشید نے کہا کہ سیاسی جماعتیں سیاسی طریقے سے باتیں منواتی ہیں، خوشی ہے حکومت نے دھرنے کا معاملہ دانش مندی سے ہینڈل کیا، مولانا فضل الرحمان جارہے ہیں، ان کے مسئلے ایک 2روز میں حل ہوجائیں گے، اسلام آباد پرسکون ہوگا، حکومت پانچ سال پورے کرے گی۔

اسلام آباد: ترجمان دفترخارجہ ڈاکٹرمحمد فیصل نے انسداد دہشتگردی سے متعلق امریکی رپورٹ پر مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ رپورٹ میں دو دہائیوں سے جاری پاکستان کی کوششوں کو نظراندازکیا گیا۔

ترجمان دفترخارجہ نے دہشت گردی کے انسداد کی کوششوں سے متعلق امریکی محکمہ خارجہ کی رپورٹ پرردعمل میں کہا کہ پاکستان کو امریکی دعوؤں پر مایوسی ہوئی، رپورٹ میں زمینی حقائق اوردودہائیوں سے پاکستان کی کوششوں کونظراندازکیا گیا، حالانکہ پاکستان کی کوششوں کے نتیجے میں ہی خطے سے القاعدہ کا خاتمہ ہوا اوردنیا کو محفوظ مقام بنا دیا گیا۔

ترجمان دفترخارجہ کے مطابق پاکستان اپنے نیشنل ایکشن پلان کے تحت ٹھوس اقدامات کرنے کا پابند ہے، ہم نے دہشت گردوں کے اثاثے منجمد کرنے اورفنڈزروکنے کیلئے وسیع قانونی اورانتظامی اقدامات اٹھائے ہیں، ایف اے ٹی ایف ایکشن پلان پرمکمل عمل درآمد کے لئے بھی اقدامات جاری ہیں۔

ڈاکٹرمحمد فیصل نے رپورٹ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان کو متعدد گروہوں کی طرف سے دہشت گردی کے خطرے کا سامنا ہے، ان گروہوں میں ٹی ٹی پی، جے یو اے اور داعش خیبر پختون خوا بھی شامل ہیں، یہ گروہ سرحد پارسے پاکستان کے خلاف دہشت گردی کی کارروائیاں کرتے ہیں۔

ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ پاکستان نے نیک نیتی کے ساتھ امریکہ اورطالبان کے درمیان براہ راست مذاکرات میں مدد کی، امید ہے پاکستان کے عزم ، شراکت اور قربانیوں کو پوری طرح سے تسلیم کیا جائے گا۔

 اسلام آباد:نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی نے ایک ماہ کے لیے بجلی ایک روپے 82 پیسے فی یونٹ مہنگی کرنے کی منظوری دے دی۔

ذرائع کے مطابق نیپرا نے سیٹرل پاور پرچیز ایجنسی کی جانب سے ستمبر کے لیے بجلی کے نرخوں میں اضافے کے لیے دائر درخواست کی سماعت کی۔ سی سی پی اے  نے بجلی 2 روپے 37 پیسے فی یونٹ مہنگی کرنے کی درخواست کی تھی۔ نیپرا نے بجلی کی قیمت میں ایک روپے فی یونٹ اضافے کی منظوری دے دی جب کہ 15 روز میں 54  پیسے فی یونٹ اضافے کیلئے فرنس آئل پر چلنے والے پاور پلانٹس کا ڈیٹا مانگ لیا۔

 بجلی کی قیمت میں اضافہ ستمبر کی فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کی مد مییں کیا گیا۔ فیصلے سے صارفین پر33ارب روپے کا اضافی بوجھ پڑے گا، صارفین کو آئندہ ماہ کے بجلی بلوں میں ادائیگی کرنا پڑے گی، فیصلے کا اطلاق کے الیکٹرک صارفین پر نہیں ہوگا۔
 دوسری جانب سی سی پی اے نے لوڈ شیڈنگ کے حوالے سے بتایا کہ حکومت کی پالیسی ہر صورت میں لوڈ شیڈنگ کا خاتمہ ہے لیکن ستمبر میں فرنس آئل کے پاور پلانٹ چلائے جاتے تو لوڈشیڈنگ نہ کرنا پڑتی۔