ھفتہ, 12 اکتوبر 2024
Reporter SS

Reporter SS

کراچی: ڈراماسیریل ’میرے پاس تم ہو‘کے مشہور ڈائیلاگ’دو ٹکے کی لڑکی کے لیے 50 ملین‘کی بازگشت سوشل میڈیا سے نکل کر شوبز انڈسٹری اور کھلاڑیوں تک پہنچ چکی ہے اورفنکار و کھلاڑیوں کے اس ڈرامے اور ڈائیلاگ پر مثبت ومنفی تبصرے سامنے آرہے ہیں۔
 
اداکار ہمایوں سعید اورعائزہ خان کا مشہور ڈراما’میرے پاس تم ہو‘جہاں مقبولیت میں سب کو پیچھے چھوڑتا جارہا ہے وہیں اسکرین رائٹر خلیل الرحمان قمر کے ڈائیلاگ’دو ٹکے کی لڑکی‘ نے سوشل میڈیا پر نئی بحث کا آغاز کردیا ہے ۔ کئی سوشل میڈیا صارفین اس ڈائیلاگ کو سراہتے ہوئے کہہ رہے ہیں کہ لالچی، خود غرض اوردھوکے باز عورتوں کے ساتھ ایسا ہی ہونا چاہیئے جب کہ عورت کے حقوق اور برابری کی بات کرنے والی خواتین اس ڈائیلاگ کو عورت کی توہین قرار دیتے ہوئے خلیل الرحمان قمرپر تنقید کررہی ہیں۔
 
اداکارہ ومیزبان ثمینہ پیرزادہ نے سوشل میڈیا پر مشہور ہونے والے اس ڈائیلاگ پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے’’دو مردوں نے آپس میں مہوش کی قیمت طے کرلی اور پھر اسے دو ٹکے کا کہہ دیا۔یعنی عورت کی اپنی کوئی مرضی ہے ہی نہیں۔ واہ رے پیدار شاہی ذہن اور سوچ۔‘‘
 
جہاں اس ڈرامے اورڈائیلاگ پر شوبز فنکاروں نے تنقید کی وہیں اداکار عمران عباس نے اس ڈرامے کو ماسٹر پیس قرار دیتے ہوئے کہا کہ ایسے ڈرامے دہائیوں میں بنتے ہیں جو ہمیشہ یاد رکھے جاتے ہیں۔ انہوں نے ڈرامے کے ہدایت کار، مصنف اور اداکاروں کو اتنی بہترین کاوش پیش کرنے پر سراہا۔
کراچی: گلوکارہ رابی پیرزادہ نے اپنی نازیبا اورغیراخلاقی ویڈیوز لیک ہونے کے بعد شوبز سے کنارہ کشی اختیارکرلی۔
 
گلوکارہ رابی پیرزادہ دوسروں پرتنقید کرنے کے باعث خبروں کی زینت بنتی رہتی ہیں لیکن گزشتہ ہفتے گلوکارہ کی نازیبا اور غیر اخلاقی ویڈیوز وائرل ہوئی تھیں جس کے بعد وہ ٹوئٹر پر ٹاپ ٹرینڈ بھی بن گئی تھیں۔
 
رابی پیرزادہ کی ویڈیو وائرل ہونے کے بعد ان کے موقف کا مداحوں کی جانب سے انتظار کیا جارہا تھا ۔ گلوکارہ نے ٹوئٹر کے ذریعے کہا تھا کہ جوبندہ دنیا میں کسی بندے کی پردہ پوشی کرے گا اللہ عزوجل قیامت کے دن اس کی پردہ پوشی فرمائے گا۔
 
اب گلوکارہ نے ٹوئٹرپرہی شوبزسے کنارہ کشی اختیارکرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ “میں رابی پیرذادہ شوبزسے کنارہ کشی اختیارکرتی ہوں ۔ اللہ تعالیٰ میرے گناہوں کومعاف کرے اورمیرے حق میں لوگوں کا دل نرم کرے.”
 
رابی پیرزادہ نے اپنی ٹوئٹ کے آخرمیں قرانی آیت بھی لکھی کہ عزت اور ذلت دینے والا صرف اللہ ہی ہے۔

5 ماہ سے زائد عرصہ قبل مکمل کیے گئے سکھر ملتان موٹروے ایم فائیو کا افتتاح آج پھر موخر کردیا گیا ہے جو  گزشتہ 5 ماہ کے دوران  چھٹی بار مؤخر کیا گیا جس کے بعد اب افتتاح کے لیے 7 نومبر کی نئی تاریخ دی گئی ہے۔

سی پیک کے اس منصوبے پی کے ایم فائیو کے سیکشن ون سکھر ملتان کو کھولنے کیلئے انتظامیہ کی جانب سے منگل 5 نومبر کا وقت دیا گیا تھا جس کے لیے سکھر میں افتتاحی تقریب منعقد ہونا تھی مگر منصوبے کے مینیجر سیفٹی اینڈ انوائرمنٹ میجر بابر کی جانب سے میڈیا کو اطلاع دی گئی ہے کہ یہ افتتاح ملتوی کردیا گیا ہے۔ 

 سکھر سے ملتان موٹروے ایم فائیو تقریباً 5 ماہ سے مکمل ہے مگر ٹیکینکل وجوہات کی بنا پر اسے شہریوں کیلئے نہیں کھولا جارہا ہے۔

سی پیک کے تحت وفاقی حکومت کے اس منصوبہ پر کام کرنے والی چینی کمپنی کی جانب سے چیف کنسٹریکشن ایکسپرٹ ڈنگ زاوجی کی جانب سے رواں سال جون میں ٹویٹ کرکے منصوبہ مکمل کرنے کا اعلان کیا تھا جس کے بعد کمپنی کی جانب سے اس بہترین شارع کو کھولنے کیلئے جولائی کی تاریخ دی گئی تھی مگر نامعلوم وجوہات کی بنا پر منصوبہ کی اوپننگ نہیں ہوسکی۔

 پھر اگست میں 2 مختلف تاریخیں دی گئیں جس کے بعد اعلان کردہ ایک اور تاریخ 22 ستمبر 2019 کو موٹروے کو لائٹ ٹرانسپورٹ وہیکلز کی آمدورفت کیلئے کھول دیا گیا مگر دو دن بعد اسے بعض غیراعلانیہ وجوہات کی بنا پر بند کردیا گیا جس کے بعد موٹروے کو کھولنے کیلئے ایک اور 5 نومبر کی ایک اور تاریخ دی گئی جسے گزشتہ رات گئے منسوخ کردیا گیا۔

پاکستان مسلم لیگ نون کی حکومت کی جانب سے شروع کئے گئے اس منصوبے کو استعمال کرنے کیلئے شہری بےتاب ہیں۔

اس منصوبے سے سکھر سے ملتان کا نیشنل ہائی وے کا فاصلہ کم ہوکر 392 کلومیٹر رہ گیا ہے۔ موٹر وے ایم 5 پر تقریباً 2.89 بلین روپے کی لاگت آئی ہے، یہ موٹروے ملتان شجاع آباد، جلالپور پیروالہ، اُچ شریف، احمد پور شرقیہ، رحیم یار خان، صادق آباد، سندھ کے شہر اوباڑو، گھوٹکی اور پنوعاقل سے ہوتا ہوا سکھر میں روہڑی کے قریب اختتام پذیر ہورہا ہے۔

موٹروے ایم 5 پر بہاولپور کے قریب دریائے ستلج کے ایک بڑے برج سمیت مجموعی طور پر 54 پل، 12 سروس ایریاز، 10 ریسٹ ایریاز، 11 انٹرچینجز، 10 فلائی اوورز اور 426 انڈرپاسز تعمیر کیے گئے ہیں۔

نیشنل ہائی وے کے مقابلے میں موٹروے ایم 5 پر ملتان سے سکھر کیلئے سفر کریں تو فاصلہ 75 کلومیٹر کم ہے، موٹروے پر بغیر رکے مسلسل سفر کریں تو 6 گھنٹے کا سفر سُکڑ کر 3 سے ساڑھے 3 گھنٹے رہ گیا ہے

 چائنا پاکستان اقتصادی راہداری کے اس اہم منصوبے پر کام کا افتتاح سابق وزیر اعظم میاں نوازشریف نے 6 مئی 2016 کو کیا تھا۔

آسٹریلیا نے دوسرے ٹی 20 میں پاکستان کو 7 وکٹوں سے شکست دے کر سیریز میں ایک صفر کی برتری حاصل کر لی۔

پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے آسٹریلیا کو جیت کے لیے 151 رنز کا ہدف دیا تھا جو اس نے 3 وکٹوں کے نقصان پر 19 ویں اوور میں پورا کر لیا۔ 

آسٹریلیا کی جانب سے اسٹیو اسمتھ 51 گیندوں پر 80 رنز کی اننگز کھیلی اور ناٹ رہے جب کہ میک ڈرمٹ نے بھی بغیر آؤٹ ہوئے 21 رنز  بنائے۔

پاکستان کی جانب سے محمد عرفان، محمد عامر اور عماد وسیم نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

قبل ازیں، پاکستانی بلے بازوں نے انتہائی مایوس کن کارکردگی کا مظاہرہ کیا لیکن افتخار احمد کی جارحانہ اننگز کی بدولت گرین شرٹس 20 اوورز میں 150 رنز بنانے میں کامیاب رہیں۔

ٹاس جیتنے کے بعد پاکستان کے کپتان بابر اعظم نے ایک مرتبہ پھر اوپنر کی حیثیت سے فخرزمان کے ساتھ اننگز کاآغاز  کیا لیکن فخرزمان  صرف 2 رنز بنا آؤٹ ہوگئے۔

فخر کے بعد حارث سہیل بیٹنگ کے لیے آئے لیکن ایک مرتبہ پھر اونچا شاٹ کھیل کر اپنی وکٹ گنوا دی۔  29 رنز پر دو وکٹیں گرنے کے بعد بابر اعظم اور  وکٹ کیپر محمد رضوان نے مل کر ٹیم کا اسکور 62 رنز تک پہنچایا لیکن رضوان باہر نکل کر شاٹ کھیلنے کی کوشش میں اسٹمپ آؤٹ ہو گئے۔

رضوان کے بعد آنے والے آصف علی بھی چھکا لگانے کی کوشش میں کیچ آؤٹ ہو گئے۔ انہوں نے 5 گیندوں پر صرف 4 رنز بنائے۔

کپتان بابر اعظم اور چھٹے نمبر پر آنے والے افتخار احمد نے 16 اوورز میں ٹیم کا مجموعہ 106 رنز تک پہنچایا لیکن دو رنز لینے کی کوشش میں بابر رن آؤٹ ہو گئے۔ انہوں نے 50 رنز بنائے۔

بابر اعظم کے آؤٹ ہونے کے بعد افتخار احمد نے عماد وسیم کے ساتھ مل کر جارحانہ بیٹنگ کی اور اپنے ٹی 20 کیریئر کی پہلی نصف سنچری اسکور کی۔ پاکستان نے افتخار احمد کی جارحانہ اننگز کی بدولت آخری تین اوورز میں 67 رنز اسکور کیے۔

افتخار احمد  34 گیندوں پر 6 چھکوں اور 5 چوکوں کی مدد سے 62 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔

یاد رہے کہ سیریز کا پہلا میچ بارش کے باعث بے نتیجہ ختم ہوا تھا لیکن اس میں پاکستانی بلے بازوں کی کارکردگی انتہائی بری رہی تھی جب کہ بارش کے باعث میچ منسوخ ہونے سے قبل تین اوورز میں 41 رنز دے کر پاکستانی بولرز کی صلاحیتیں بھی عیاں ہو گئیں۔

انٹرنیشنل ٹینس فیڈریشن (آئی ٹی ایف) نے ڈیوس کپ ٹائی کی میزبانی پاکستان سے واپس لے لی۔
 
ڈیوس کپ ٹائی میں پاکستان اوربھارت کا مقابلہ رواں ماہ کے اختتام پر 29 اور 30 نومبر کو اسلام آباد میں ہونا تھا۔
 
برطانوی خبر رساں ادارے کے مطابق آئی ٹی ایف نے پاکستان کی سیکیورٹی صورتحال پر سیکیورٹی ماہرین کی تازہ رپورٹ کی روشنی میں ڈیوس کپ ٹائی کو نیوٹرل مقام پر منتقل کیا ہے۔
 
انٹرنیشنل ٹینس فیڈریشن کا کہنا ہے کہ اسے کھلاڑیوں اورآفیشلزکی سیکیورٹی سب سے زیادہ عزیز ہے، فیڈریشن کی جانب سے ڈیوس کپ کے مقابلے کے لیے غیر جانبدار مقام کا فیصلہ کرنے کے لیے پاکستان کو 5 روز دیے گئے ہیں۔
 
اس سے قبل یہ مقابلہ 14 اور 15ستمبر کو اسلام آباد میں ہونا تھا تاہم آئی ٹی ایف نے دونوں ممالک کے درمیان کشیدگی کے باعث اس کی تاریخ آگے بڑھا دی تھی۔
 
بھارت کی جانب سے رواں سال اگست میں مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کیے جانے کے بعد دونوں ممالک کے درمیان سیاسی کشیدگی میں اضافہ ہوا تھا۔
 
اس کے بعد آل انڈیا ٹینس ایسوسی ایشن نے ٹینس کے عالمی ادارے سے درخواست کی تھی کہ یہ مقابلے کسی نیوٹرل مقام پر منتقل کیے جائیں تاہم آئی ٹی ایف نے بھارتی مطالبہ مسترد کردیا تھا۔
کراچی: اس ماہ فلکیات کا ایک دلچسپ اور انوکھا نظارہ رونما ہوگا جس میں سیارہ عطارد (مرکری) سورج کے سامنے سے گزرے گا جسے عطارد کا عبور (مرکری ٹرانزیشن) کہا جاتا ہے۔
 
اس میں ہم ایک سیارے کو سورج کے چہرے پر کسی تِل کی مانند دیکھ سکیں گے یہ واقعہ اگلی مرتبہ 13 برس بعد سال 2032ء میں رونما ہوگا کیونکہ ایک صدی میں ایسا 13 مرتبہ ہی ہوتا ہے۔ نظامِ شمسی میں دو ہی ایسے سیارے ہیں جو سورج کے سامنے تیرتے ہوئے گزرتے ہیں جن میں زہرہ (وینس) اور عطارد (مرکری) شامل ہیں۔
 
اس سے قبل جون 2012ء میں زہرہ سیارہ سورج کے سامنے سے گزرا تھا اور وینس ٹرانزیشن کو دیکھنے کے لیے جامعہ کراچی سمیت کئی اداروں نے خصوصی انتظامات کیےتھے۔
 
اگرچہ عطارد سورج کے گرد بہت تیزی سے گزرتا ہے لیکن اکثر اوقات اس کے مدار کی سطح زمین کی سیدھ میں نہیں ہوتی یا تو وہ سورج کے پس منظر میں اوپر ہوتا ہے یا پھر نیچے سے گزر جاتا ہے۔ اسی بنا پر نومبر ایک خاص لمحہ ہے جب ہماری زمین، عطارد اور سورج ایک ہی سیدھ میں ہیں اور ہم عطارد کے عبور کا بغور مشاہدہ کرسکتے ہیں۔
 
اس عمل میں عطارد سورج کی سطح پر ایک سیاہ نقطے کی مانند دکھائی دے گا جو سورج کی ٹکیہ کی جسامت کے صرف نصف فیصد رقبے کے برابر ہوگا۔ اس موقع پر ناسا نے فلکیاتی کے شائقین سے کہا ہے کہ وہ اس آسمانی مظاہرے کے لیے تیار رہیں کیونکہ یہ ایک بہت نایاب اور دلچسپ واقعہ ہو
 
تاہم تمام ماہرینِ فلکیات اور ناسا کے ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ اس ضمن میں سورج کو براہِ راست دیکھنے سے آنکھوں اور بصارت کو ناقابلِ تلافی نقصان ہوسکتا ہے۔ اسی لیے یہ عمل یہ تو پانی بھرے پیالے میں سورج کے عکس میں دیکھا جائے یا پھر گھر میں رکھے پرانے ایکس رے کی دو تہیں استعمال کرکے سورج کو دیکھا جائے۔ اس طرح وہ سورج کی سطح پر عطارد کو دھیرے دھیرے ایک مقام سے دوسرے مقام تک جاتے ہوئے دیکھ سکیں گے۔
 
افسوس ناک خبر یہ ہے کہ پاکستان کے غالب حصے میں یہ عبور نظر نہیں آئے گا اور اس کی ایک جھلک کراچی اور اطراف میں دیکھی جاسکے گی۔ شام 5 بج کر 34 منٹ پر سورج کی تھالی کے اوپری بائیں حصے پر ایک نقطہ عطارد کی صورت میں نمودار ہوگا۔ اگلے دو منٹ میں یہ مزید واضح ہوگا اور دھیرے دھیرے سورج کے درمیانی حصے میں آگے بڑھے گا اور 5 بج کر 44 منٹ پر سورج ڈوبنا شروع ہوجائے گا۔

 لاہور:ایچ بی ایل پی ایس ایل 2020 کے ڈرافٹ میں سب سے پہلی پک دفاعی چیمپئن کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کرے گی،ڈرافٹ کے لیے پک آرڈر کی ترتیب طے ہونے کے بعد پی ایس ایل کی ٹرانسفر اور ریٹینشن ونڈو باضابطہ طور پر کھول دی گئی۔

ایچ بی ایل پی ایس ایل 2020 کے ڈرافٹ کے لیے مکمل پک آرڈرترتیب دے دیا گیا، مقررہ طریقہ کار کے مطابق دفاعی چیمپئن کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی پہلی، لاہور قلندرز کی دوسری، ملتان سلطانز تیسری، دومرتبہ کی چیمپئن اسلام آباد یونائیٹڈ چوتھی، پشاور زلمی پانچویں اور کرا چی کنگز کو چھٹی باری ملی ہے، خصوصی طور پر تیار کردہ ماڈل سے باقی ماندہ 17 راؤنڈز  کے لیے پک آرڈر کی ترتیب پیرکوطے  کی گئی۔

 ڈرافٹ کے لیے پک آرڈر کی ترتیب طے ہونے  کے بعد پی ایس ایل کی ٹرانسفر اور ریٹینشن ونڈو باضابطہ طور پر کھول دی گئی، پالیسی کے مطابق رواں سال ہر فرنچائز گذشتہ ایڈیشن میں شامل زیادہ سے زیادہ 8 کھلاڑیوں کو اسکواڈ میں برقرار رکھ سکتی ہے۔ گذشتہ سال کی طرح اس سال بھی ہر فرنچائز کے 16رکنی  اسکواڈ میں 5 غیر ملکی کھلاڑی شامل ہوں گے۔
 

رواں سال فرنچائززکو سپلمنٹری کیٹیگری میں شامل 2 کھلاڑیوں میں سے ایک غیرملکی کرکٹر کو چننے کا اختیار دے دیا گیا ہے۔کوئی فرنچائز چاہے تو اس سے فائدہ اٹھاسکتی ہے، تاہم پلئینگ الیون میں کم ازکم 3 اور زیادہ سے زیادہ 4غیرملکی کھلاڑیوں کو شامل کرنے  کی اجازت ہوگی۔

قانون کے مطابق ایچ بی ایل پی ایس ایل ڈرافٹ میں ڈائمنڈ اور گولڈ راؤنڈ کے دوران فرنچائز چاہے تو کسی ایک کھلاڑی کا انتخاب اس کی مقررہ کیٹیگری سے اوپر  لے جاکر بھی کرسکتی ہے، بورڈ  آفیشل وسیم خان نے کہا کہ ایچ بی ایل پی ایس ایل کے مداحوں کے لیے  آئندہ چند روز بھی بہت اہم ہیں کیونکہ اس دوران ہرفرنچائز اپنے اسکواڈ میں شامل کھلاڑیوں کی ری ٹینشن اور ٹریڈ کا اعلان کرے گی، ایونٹ کا آغاز آئندہ سال فروری میں ہوگا۔

کراچی: اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی نے انٹرمیڈیٹ آرٹس ریگولر گروپ کے ضمنی امتحانات برائے 2019میں شرکت کے اہل و خواہشمند امیدواروں کیلئے امتحانی فارم جمع کروانے کی تاریخوں کا اعلان کردیا ہے

کراچی انٹربورڈ کے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق آرٹس ریگولر گروپ کے ضمنی امتحانات برائے 2019میں شرکت کے خواہشمند اور اہل امیدواراپنے امتحانی فارم بدھ (کل )سے 19نومبر تک اپنے کالجوں میں جمع کرواسکتے ہیں۔ جو امیدوار مقررہ تاریخ تک اپنے امتحانی فارم جمع نہ کرواسکیں وہ پانچ سو روپے لیٹ فیس کے ساتھ 20نومبر سے 22نومبر تک جمع کرواسکتے ہیں۔ آخری تاریخ (26نومبر) کے بعد امتحانی فارم وصول نہیں کیے جائیں گے ۔