ھفتہ, 12 اکتوبر 2024
Reporter SS

Reporter SS

کینبرا: پاکستان اور آسٹریلیا کے مابین کینبرا میں کھیلے جانے والے میچ میں ٹاس کے موقع پر کپتان غلط فہمی کا شکار ہوگئے
 
ذرائع کےمطابق دوسرےٹی ٹوئنٹی میچ کےٹاس کے دوران جب ایرون فنچ نے فضا میں سکہ اچھالا، بابر اعظم نے ٹیل پکارا، وہ ٹاس جیت بھی گئے، انھوں نے میزبان کپتان کیساتھ اس انداز میں ہاتھ ملایا جیسے ان کو مبارکباد دے رہے ہوں،ایرون فنچ نے کہا کہ کیا ٹاس ہم جیتے ہیں جس پر ان کو بتایا گیا کہ سکہ پاکستان کے حق میں پلٹا ہے۔
 
بابر اعظم نے پہلے بیٹنگ کا اعلان کیا، بہرحال کسی کیلیے پریشانی کی کوئی بات اس لیے نہیں تھی کہ فنچ پہلے بولنگ کرنا چاہتے تھے، پاکستان نے پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا،میزبان کپتان کا کہنا تھا کہ دوسری اننگز میں اوس پڑنے کا خدشہ محسوس کرتے ہوئے ہم چاہتے تھے کہ ہدف کا تعاقب کریں۔
کینبرا: بابراعظم بطورٹی20 کپتان فتح سے کھاتہ کھولنے میں ناکام رہے، وہ کہتے ہیں کہ ہمیں دوسرے میچ میں شکست پر شدید مایوسی ہوئی۔
 
بابر اعظم کا بطور ٹوئنٹی 20 کپتان آغاز اچھا نہیں رہا، پہلے میچ میں یقینی شکست کو بارش نے ٹال دیا تھا تاہم دوسرے مقابلے میں ان کی قیادت میں گرین شرٹس کو 7 وکٹ سے ناکامی کا منہ دیکھنا پڑا، اس میں بڑا ہاتھ میزبان سائیڈ کے تجربہ کار بیٹسمین اسٹیون اسمتھ کا تھا جنھوں نے ناقابل شکست 80 رنز بنائے۔
 
بابراعظم کہتے ہیں کہ ہمیں اس ناکامی پر بہت زیادہ مایوسی ہوئی ہے، اسٹیون اسمتھ ہی دراصل ہم سے یہ میچ چھین لے گئے، انھوں نے بہت ہی عمدہ اننگز کھیلی ہے۔ انھوں نے اننگز کے آغاز میں گرنے والی وکٹوں پر بھی افسوس کا اظہار کیا، پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا مگر فخر زمان 2 اور مڈل آرڈر بیٹسمین صرف 6 رنز پر آؤٹ ہوگئے، جس کی بدولت ابتدائی 5 اوورز میں پاکستان کا اسکور 2 وکٹ پر 29 رنز تھا۔
 
بابر کہتے ہیں کہ جب آغاز میں ہی وکٹیں گرجائیں تو صورتحال کافی مشکل ہوجاتی ہیں کیونکہ آپ کو دوبارہ سے خود کو سنبھالنا پڑتا ہے۔ یاد رہے کہ پاکستانی اننگز کو اصل سہارا لوئر آرڈر بیٹسمین افتخار احمد نے 34 بالز پر 62 رنز بناکر دیا۔ بابر اعظم نے بھی ٹیم کے مجموعے کو کچھ قابل بنانے کا کریڈٹ افتخار کو ہی دیا۔
 
دوسری جانب آسٹریلوی کپتان ایرون فنچ کا کہنا تھا کہ پورے میچ کے دوران ہماری کارکردگی کافی اچھی رہی، ہم باقاعدگی سے وکٹیں لیتے رہے، ہم جانتے تھے کہ پاور پلے میں کیسے پاکستان ٹیم کو نقصان پہنچانا ہے، ہمارے پاس اسٹیون اسمتھ جیسے کھلاڑی ہیں جوکہ دنیا کسی بھی بہتر بیٹسمین ہیں۔
 
انہوں نے کہا کہ عمدہ کارکردگی پر مین آف دی میچ کا ایوارڈ حاصل کرنے والے اسمتھ کہتے ہیں کہ مجھے خوشی ہے کہ ٹیم کو فتح سے ہمکنار کیا تاہم اس کامیابی کی بنیاد آغاز میں بولرز نے رکھی تھی، میرے خیال میں یہ 170 رنز والی وکٹ تھی۔ سیریز کا آخری میچ جمعے کو پرتھ میں کھیلا جائے گا جس کے بعد دونوں ممالک کے درمیان 2 میچز کی ٹیسٹ سیریز کھیلی جائے گی۔
امرتسر: بھارتی ریاست پنجاب کے شہر امرتسر میں وزیراعظم عمران خان کی تصویر والے بل بورڈز لگا دیے گئے۔
 
بھارتی شہر امرتسر میں وزیراعظم عمران خان کی تصاویر والے بل بورڈز لگادیئے گئے ہیں اور بل بورڈز پروزیراعظم کے ساتھ بھارتی سیاست دان اور سابق کرکٹر نوجوت سنگھ سدھو کی تصویر بھی آویزاں ہے۔
 
پاکستان اور بھارت کے درمیان کرتارپور راہداری کی کوششوں پر وزیراعظم عمران خان کے حق میں یہ بل بورڈز سکھ رہنما ہر پال سنگھ کی جانب سے لگائے گئے ہیں جس میں لکھا ہے کہ عمران خان اور نوجوت سنگھ سدھو کرتارپور کوریڈور کھولنے کے اصل ہیرو ہیں۔
 
واضح رہے کہ 9 نومبر کو پاکستان کی جانب سے کرتارپور میں دنیا کے سب سے بڑے گودوارے کی فقید المثال افتتاحی تقریب رکھی گئی ہے جس میں شرکت کے لیے سرحد پار سے نوجوت سنگھ سدھو سمیت دیگر اہم رہنماؤں کو بھی دعوت دی گئی ہے۔

اسلام آباد:وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی خسرو بختیار نے کہا ہے کہ پاکستان نے افغانستان کے بعد ایرانی سرحد پر بھی باڑ لگانے کا فیصلہ کر لیا ہے۔

 اسلام آباد میں میڈیا سے غیر رسمی بات چیت میں ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں سکیورٹی چیلنجز کی ایک بڑی وجہ ہمسایہ ممالک کے حالات ہیں۔ افغانستان کے ساتھ 100 کلومیٹر کی سرحد پر باڑ دس سال قبل لگا لینی چاہئے تھی۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ پاک ایران سرحد پر بھی باڑ لگانے کا منصوبہ ہے۔ ملٹری اور سول لیڈرشپ نے سکیورٹی صورت حال پر کافی حد تک قابو پا لیا ہے، سرمایہ کاری، مالی ترقی کیلئے امن و استحکام ضروری ہے۔ پاک افغان بارڈر پر کافی پیش رفت ہوچکی ہے اب یہ کام 2020 تک مکمل کر لیا جائے گا۔

اسلام آباد: وزیرعظم کے زیر صدارت ہونے والے وفاقی کابینہ اجلاس میں نیشنل وہیکل پالیسی سمیت 10 نکات کی منظوری دے دی گئی، نادرا اکاونٹس آڈٹ کا معاملہ موخر کر دیا گیا۔
 
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان کے زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا جس میں 11 نکاتی ایجنڈے پر غور کیا گیا۔ معاون خصوصی فردوس عاشق اعوان نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ کابینہ نے ای سی سی اور کابینہ کی قانون سازی سے متعلق خصوصی کمیٹی کے فیصلوں کی منظوری دے دی ہے۔ کابینہ نے کرتارپور راہداری اور اس سے متعلق فیصلوں کی بھی توثیق کردی۔
 
معاون خصوصی اطلاعات کا کہنا تھا کہ وفاقی ترقیاتی ادارے کی تنظیم نو پر رپورٹ کابینہ کو پیش کی گئی۔ کابینہ نے سی ڈی اے کی تنظیم نو کی بھی منظوری دے دی۔
 
کابینہ نے نیشنل وہیکل پالیسی کی بھی منظوری دی جس پر مشیر ماحولیات ملک امین اسلم نے بتایا کہ پالیسی سے ماحولیات کے تحفظ کے ساتھ ملکی ذر مبادلہ میں بھی اضافے کا باعث بنے گی۔
 
وفاقی کابینہ نے سید علی جاوید ہمدانی کو نیشنل پاور پارک مینجمنٹ کمپنی کے چیف ایگزیکٹو اور میجر جنرل عامر مجید کی بطور ڈی جی رینجر پنجاب تعیناتی کی منظوری بھی دی۔
 
نادرا اکاؤنٹس کے آڈٹ کا معاملہ موخر کرتے ہوئے ہدایت کی گئی ہے کہ نادرا کے اکاؤنٹس کا آڈٹ بہترین فرم سے کروا کر رپورٹ جمع کروائی جائے۔
مانیٹرنگ ڈیسک: نارنجی کھانے میں مزیدار ہونے کے ساتھ بے حد فائدے مند بھی ہوتی ہے، مگر کیا آپ جانتے ہیں کہ نارنجی کے چھلکے بھی ضائع کرنے کی چیز نہیں ہیں۔
 
نارنجی کے چھلکوں کو عام طور پر ہم کوڑے دان میں پھینک دیتے ہیں لیکن ان میں پایا جانے والا قدرتی تیل کسی چیز کو صاف کرنے کے لیے بہترین سمجھا جاتا ہےجبکہ اس کی خوشبو سے آس پاس کی فضاء بھی ترو تازہ ہوجاتی ہے۔
 
فرج کو تروتازہ رکھیے
اکثر فرج میں مسلسل کھانا رکھنے کی وجہ سے بدبو آجاتی ہے۔ فرج کو تروتازہ رکھنے کے لیے نارنجی کے چھلکوں پر نمک چھڑک کر فرج میں رکھ دیں۔ نمک کے اندر یہ خاصیت ہوتی ہے کہ وہ فرج کی نمی اور بدبو کو جذب کرلیتا ہے جب کہ نارنجی کے چھلکے فرج میں ایک خوشبو پیدا کرتے ہیں۔
 
لکڑی کی چیزوں کی صفائی
نارنجی کے چھلکے لکڑی کی چیزوں کے داغ کو مٹانے اور انہیں چمکدار بنانے کے کام بھی آتے ہیں۔
 
نارنجی کے چھلکوں کو ایک جار میں بھر دیں اور اتنے چھلکے ڈالیں کے جار آدھا خالی ہو۔ پھر اس جار میں اتنا سرکہ ڈالیں کہ یہ مکمل بھر جائے، اس جار کو کم سے کم دو ہفتے تک ڈھک کر چھوڑ دیں۔
 
دو ہفتے بعد اس جار میں سے نارنجی کے چھلکے نکال دیں اور اس کو کسی اسپرے بوتل میں ڈال کر استعمال کریں
 
نارنجی میں وٹامن سی وافر مقدار میں پایا جاتا ہے جو بالوں کو چمکدار ملائم اور نرم بنانے میں بے حد مفید ہے۔ نارنجی کو چھلکے سمیت بلینڈر میں ڈال کر اچھی طرح بلینڈ کرلیں۔ اب اسے بالوں میں 20 منٹ لگانے کے بعد دھو لیں ایسا کرنے سے بال نرم، ملائم اور چمکدار ہوجاتے ہیں۔
 
کیلیفورنیا: واٹس ایپ نے اپنے اینڈروئیڈ صارفین کےلیے ایک نیا سیکیورٹی فیچر پیش کیا ہے جس کے تحت اب فنگر پرنٹس کے ذریعے اسے لاک اور ان لاک کیا جاسکتا ہے۔
 
اگرچہ بہت عرصے قبل واٹس ایپ اس کی بی ٹا ٹیسٹنگ کئی صارفین سے کرواچکا ہے لیکن اب اس کا باضابطہ اعلان کیا گیا ہے۔ فی الحال یہ آپشن اینڈروئیڈ فون کےلیے ہے لیکن آئی او ایس کےلیے بھی اس آپش کو سال کے اختتام تک پیش کردیا جائے گا۔
 
اس کا آپشن سادہ سا ہےکہ اگر آپ کا فون کھلا بھی ہے تو فنگرپرنٹ متعارف کروانے کے بعد واٹس ایپ نشانِ انگشت سے ہی کھولا جائے گا جبکہ کوئی دوسرا اسے کھول نہیں سکے گا۔ واٹس ایپ نے اسے پرائیویسی اور سیکیورٹی کا ایک اضافی آپشن قرار دیا ہے۔ مغربی ممالک میں بینکنگ ایپ میں اسی طرح کی فنگرپرنٹ سیکیورٹی رکھی جاتی ہے۔
 
تاہم یہ اپ ڈیٹ اب بھی پوری دنیا کے اینڈروئیڈ یوزر کےلیے جاری نہیں کی گئی ہے۔ البتہ اس کا آپشن واٹس ایپ کی پرائیویسی سیٹنگز میں ظاہر ہوتا ہے۔ اس میں کئی منٹ تک لاک اور ان لاک کے آپشن کے ساتھ ساتھ واٹس ایپ میسج ظاہر ہونے سے روکنے کے آپشنز بھی موجود ہیں۔

پشاور: لیڈی ریڈنگ اسپتال انتظامیہ نے ڈاکٹروں کی مسلسل ہڑتال وڈیوٹی سے بائیکاٹ کے باعث مزید ڈاکٹرز کو بھرتی کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

لیڈی ریڈنگ اسپتال انتظامیہ نے ڈاکٹروں کی مسلسل ہڑتال وڈیوٹی سے بائیکاٹ کے باعث  مزید ڈاکٹرز کو بھرتی کرنے کا فیصلہ کیا ہے، جس کےلئے باضابطہ آسامیوں کو مشتہر کردیا گیا ہے۔ اسپتال میں گریڈ 17 میں 30 میڈیکل آفیسرز اور 30مختلف کنسلٹنٹ ڈاکٹرز بھرتی کیے جائیں گے۔

اسپتال ترجمان محمد عاصم کے مطابق ڈاکٹروں میں اسسٹنٹ پروفیسرز ایسوسی ایٹ پروفیسرز اور پروفیسرز لیول کے سینیئر ڈاکٹرز شامل ہوں گے۔ جبکہ نئے ڈاکٹروں کو سرجیکل کے شعبہ جات بشمول ہارٹ سرجری واسکولر سرجری اسپائنل سرجری اور بریسٹ سرجری کے علاوہ میڈیکل، پیتھالوجی اور اینستھیزیا کے شعبہ جات کےلئے ہائر کیا جائے گا۔

اسپتال ترجمان کے مطابق ایل آر ایچ انتظامیہ ڈاکٹروں کی کمی کو پورا کرنے لئے ٹھوس اقدامات اٹھا رہی ہے تا کہ مریضوں کو معیاری طبی امداد کی فراہمی میں رکاوٹ درپیش نا ہو۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ صوبے کے اسپتالوں میں 42روز سے احتجاجی ہڑتال جاری ہے جس کی وجہ سے ایل آر ایچ میں بھی ڈاکٹروں نے اوپی ڈی کا بائیکاٹ کررکھا ہے جس سے اسپتال انتظامیہ کو ڈاکٹروں کی کمی کا سامنا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ کہ نئے ڈاکٹروں کو ایم ٹی آئی  کے تحت بھرتی کیا جائے گا جوکہ کنٹریکٹ پر ہوں گے۔ ذرائع کے مطابق ایل آر ایچ انتظامیہ کی جانب سے ہڑتالی ڈاکٹروں کے خلاف ڈسپلنری ایکشن کے تحت کارروائی کرکے ان کی خدمات کو محکمہ صحت کو واپس کرنے کا بھی امکان ہے۔

کوئٹہ: بارود سے بھری گاڑی کی شہر میں داخلے کی کوشش ناکام بنادی گئی جب کہ فائرنگ کے تبادلے میں تین مبینہ دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔

ذرائع کے مطابق سی ٹی ڈی اورحساس اداروں نے کوئٹہ میں آنے والی بارود سے بھری مشتبہ گاڑی کو اغبرگ کے مقام پر روک کرشہرمیں داخلے کی کوشش ناکام بنادی جب کہ فائرنگ کے تبادلے میں 3  مبینہ دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔ لاشوں کو شناخت کیلئے سول اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔

ترجمان سی ٹی ڈی کا کہنا ہے کہ گاڑی سے 35 کلوگرام دھماکہ خیزمواد برآمد کیا گیا جس میں 2 ایس ایم جیز، ایک پسٹل، ہینڈ گرنیڈزبھی شامل ہے۔