ھفتہ, 12 اکتوبر 2024
Reporter SS

Reporter SS

کراچی:  جدید ترین سروے شپ ’’بحر مساح‘‘ کی پر وقارکمیشننگ تقریب پاکستان نیوی ڈاکیارڈ میں منعقد ہوئی۔

سروے بحری جہاز بحر مساح پاک بحریہ کیلیے چین میں تعمیر کیا گیا ہے۔ چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے تقریب میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ اس موقع پر مہمان خصوصی نے ملک کی بحری سرحدوں اور سمندری تجارتی راہداریوں کی حفاظت کو یقینی بنانے میں پاک بحریہ کے کردار کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ ’’بحر مساح‘‘ کی پاک بحریہ میں شمولیت جدید ہائیڈروگرافی اور میرین سائنسزکے شعبوں میں ایک اہم پیش رفت ہے۔

پاک چین شراکت داری پر بات کرتے ہوئے نیول چیف نے کہا کہ پاکستان اور چین کی گہری اور لازوال دوستی لاثانی ہے جو ہمیشہ توقعات پر پورا اتری ہے۔ مقبوضہ کشمیر کے حالات پر بات کرتے ہوئے نیول چیف نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کے معصوم لوگ لاک ڈاون کے تحت زندگی گزارنے پر مجبور ہیں اورانہیں ریاستی جبر کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔
 
 3000 ٹن وزنی اور 80 میٹرسے زیادہ طویل پاک بحریہ کا سروے بحری جہاز بحر مساح جدید ترین سروے آلات سے لیس ہے۔ یہ جہاز ہائیڈرو گرافک، اوشنوگرافک، جیوگرافیکل سروے اور زیر سمندر زمین کے نقشوں کی تیاری کی بھر پور صلاحیت رکھتا ہے۔ بحر مساح کی شمولیت سے پاک بحریہ کی ہائیڈروگرافی کی صلاحیت دنیا کی ترقی یافتہ میری ٹائم اقوام کے مساوی ہو جائے گی۔
کراچی: سمندری طوفان 6اور7 نومبر کے درمیان بھارت میں گجرات سے ٹکرائے گا جب کہ طوفان آج(منگل)کو کیٹگری 2سے مزید ایک درجہ شدت اختیار کرنے کے بعد کیٹگری 3میں داخل ہوگا۔
 
محکمہ موسمیات نے ماہی گیروں کو 6نومبرتک کھلے سمندر میں جانے سے گریز کی ہدایت کردی،محکمہ موسمیات کی جانب سے بحیرہ عرب میں موجود سمندری طوفان ماہا کے حوالے سے جاری 10ویں ایڈوائزری کے مطابق مزید شدت اختیار کرنے والا طوفان ماہا کراچی کے جنوب میں 770کلومیٹر کی دوری پر موجود ہے جس کے ارگرد 180سے200کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے تندوتیزہوائیں چل رہی ہیں۔
 
محکمہ موسمیات کے مطابق طوفان ماہا شدت کے درجے کیٹگری ٹو میں داخل ہوچکا ہے جبکہ منگل کی صبح تک یہ کیٹگری 3میں منتقل ہوسکتا ہے،جس کے بعد ممکنہ طورپرسمندری طوفان اپنے سابقہ ٹریک کو تبدیل کرتے ہوئے۔ شمال مشرق کی جانب بڑھے گا اور قوی امکان ہے کہ طوفان ماہا 6اور7نومبر کے درمیان بھارت گجرات سے ٹکرائے گا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق سمندری طوفان سے کراچی سمیت ملک کے کسی بھی ساحلی مقام کو کوئی خطرہ نہیں ہے،البتہ اس کے اثرات بلندلہروں یا بارش کی شکل میں نمودار ہوسکتے ہیں۔
 
محکمہ موسمیات کی جانب سے ماہی گیروں کو6نومبر تک کھلے سمندر میں مچھلی کے شکار پر جانے کے حوالے سے گریز کی ہدایت کی ہے
وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ کارکے رینٹل پاور پلانٹ تنازع حل ہو گیا ہے اور ہماری حکومت نے پاکستان پر ایک ارب 20 کروڑ ڈالر کا جرمانہ بچالیا۔
 
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنی ٹویٹ میں وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف کی حکومت نے کارکے (کارکے رینٹل پاور پلانٹ کیس) تنازع حل کرلیا ہے یہ سب ترک صدر رجب طیب اردوان کی مدد سے ممکن ہوا، تنازع حل ہونے سے پاکستان پر ایک ارب 20 کروڑ ڈالر کا جرمانہ معاف ہوا۔
 
وزیراعظم نے حکومتی ٹیم کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ کارکے تنازع حل کرنے میں حکومتی ٹیم کا بہترین کردار رہا جس کی بدولت انٹرنیشنل سینٹرفارسیٹلمنٹ اینڈ انویسٹمنٹ ڈسپیوٹس کی جانب سے عائد کیا گیا ایک اعشاریہ دو ارب ڈالر کا جرمانہ بچا لیا گیا۔
اسلام آباد: احساس گریجویٹ اسکالرشپ پروگرام کی افتتاحی تقریب منعقد کی گئی۔پروگرام کے تحت ہر سال 50 ہزار طلبہ کو تعلیمی وظائف دیئے جائیں گے، غریب گھرانوں کےلیے راشن پروگرام بھی متعارف کرایا جائے گا۔
 
احساس گریجویٹ اسکالرشپ پروگرام کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیئرپرسن احساس پروگرام ڈاکٹر ثانیہ نشترکا کہنا تھا کہ آج ملکی تاریخ کی سب سے بڑی اسکالرشپ اسکیم کا آغاز ہو رہا ہے۔ سابقہ حکومتیں پی ایچ ڈی اور پوسٹ گریجویٹس اسکالرشپس پر توجہ دیتی تھیں، ملکی تاریخ پہلی دفعہ انڈرگریجویٹ اسکالرشپ پروگرام کا آغاز کیا جا رہا ہے۔
 
انہوں نے کہا کہ پروگرام کا مقصد غریب طلبہ کی مالی معاونت اور انہیں اپنے پاؤں پر کھڑا کرنا ہے۔ غربت کے خاتمہ کیلئے انڈر گریجویٹس سکیم زیادہ معاون ثابت ہوتی ہیں۔
 
ثانیہ نشتر نے کہا کہ سکالرشپ اسکیم میں میرٹ کے ساتھ مالی معاونت کو بھی مدنظر رکھا گیا ہے۔ طالب علموں کو اسکیم کے تحت ماہانہ وظیفہ بھی دیا جائے گا۔ مستحق طلبہ کیلئے وظیفہ کی بہت اہمیت ہو گی۔
 
ان کا کہنا تھا کہ اسکالرشپ پروگرام میں 2 فیصد کوٹہ معذور افراد کیلئے مختص ہے۔ ایک سال میں 50 ہزار سے زائد سکالرشپ دیئے جائیں گے۔ تمام سرکاری یونیورسٹیوں کے طلبہ سکالرشپ کیلئے اہل ہوں گے۔
 
انہوں نے کہا کہ پروگرام کے تحت پورٹل کھول دیا گیا ہے۔ درخواستوں کی وصولی جاری ہے۔ احساس پروگرام کے تحت غیر ہنرمند مزدوروں کیلئے پروگرام شروع کریں گے۔
 
وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مدارس کے بچے بھی بڑے پیمانے پر اس پروگرام سے مستفید ہوں گے۔ بڑے پیمانے پر انڈرگریجویٹ سکالرشپ پروگرام کا آغاز انقلاب ثابت ہوگا۔ سکالرشپ پروگرام غریب اور مستحق طلبہ کو مالی طور پر مستحکم کرے گا۔
 
انہوں نے کہا کہ ملک میں یکساں نصاب تعلیم کیلئے نمایاں پیشرفت ہو چکی ہے۔ ملک سے تعلیم سمیت ہر شعبہ سے ناانصافی کا خاتمہ کریں گے۔
سڈنی: بابر اعظم نے آسٹریلیاکے خلا ف کھیلےجانےوالےمیچز میں1500 سے زائدٹی20 رنزاسکور کرنے والے پہلے پاکستانی بلے باز بند گئے۔
 
ان کےعلاوہ ویرات کوہلی نے 1624رنز اور کریس گیل نے1665رنز کرچکے ہیں ۔جبکہ مزید 2 میچز باقی ہے جس میں بابراعظم کریس گیل سے یہ ریکارڈ چھین سکتے ہیں۔
 
خیبرپختونخواہ : صوبہ بھر میں موسلا دھار شدید بارش کی امید کی جا رہی ہے-گرج چمک اور تیز ہواؤں کےساتھ بارش کا امکان ہے-بارش کی مقدار 30 سے 50 ملی میٹرتک ہوسکتی ہے- ژالہ باری کابھی امکان ہے-درجہ حرارت میں 4 ڈگری تک کی کمی ہو گی - یخبستہ ہوائیں چلیں گی
 
چترال' مالم جبہ' سوات' کالام 'اور پارہ چنار میں شدید برف باری ہو گی.
 
پشاور 'مردان ' بنون ' ٹانک ' مانسہرہ ' چارسدہ 'ٹوپی 'ہری پور ' بٹ ' خیلہ سوات مینگورہ حیات آباد ڈیرہ اسمایئل خان ' کالام ' مالم جبہ' دیر ایبٹ آباد گلیات بشام چترال میں گرج چمک کے ساتھ شدید موسلا دھار بارش کا امکان ہے- لینڈ سلائڈنگ کا خطرہ موجود رہے گا - 30 سے 50 ملی میٹر بارش ممکن ہے- ژالہ باری سے فصلوں کو نقصان کا اندیشہ ہے۔
کراچی: اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی نے انٹرمیڈیٹ آرٹس ریگولر گروپ کے ضمنی امتحانات برائے2019ء میں شرکت کےاہل و خواہشمند امیدواروں کیلئے امتحانی فارم جمع کروانے کی تاریخوں کا اعلان کردیا ہے۔ انٹربورڈ کے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق آرٹس ریگولر گروپ کے ضمنی امتحانات برائے 2019ء میں شرکت کے خواہشمند اور اہل امیدواراپنے امتحانی فارمز بروز بدھ 6نومبر 2019ء سے بروز منگل 19نومبر 2019ء تک اپنے کالجوں میں جمع کرواسکتے ہیں۔
 
جبکہ کالجز یہ امتحانی فارم بمع فیسوں کے پے آرڈرز بروز جمعرات 21نومبر 2019ء تک انٹربورڈ آفس میں جمع کروانے کے پابند ہوں گے،جو امیدوار مقررہ تاریخ تک اپنے امتحانی فارم جمع نہ کرواسکیں وہ پانچ سو روپے لیٹ فیس کے ساتھ 20نومبر سے 22نومبر تک جبکہ ایک ہزار روپے لیٹ فیس کے ساتھ 25نومبر سے 26نومبر 2019ء تک اپنے تعلیمی اداروں میں امتحانی فارم جمع کرواسکتے ہیں۔

 لاہور:ہائی کورٹ نے چوہدری شوگر مل منی لانڈرنگ کیس میں مریم نواز کی درخواست ضمانت منظور کرلی۔

جسٹس علی باقر نجفی کی سربراہی میں لاہور ہائی کورٹ کے 2 رکنی بینچ نے چوہدری شوگر مل منی لانڈرنگ کیس میں فریقین کا موقف سننے کے بعد 31 اکتوبر کو فیصلہ محفوظ کیا تھا جسے آج سنایا گیا۔

عدالت نے درخواست ضمانت منظور کرتے ہوئے مریم نواز کو ایک ایک کروڑ روپے کے 2 ضمانتی مچلکے جمع کرانے کا حکم دے دیا۔ عدالت کی مریم نواز کو ڈپٹی رجسٹرار لاہور ہائی کورٹ کو پاسپورٹ جمع کرانے کی بھی ہدایت کردی، پاسپورٹ جمع نہ کرانے کی صورت میں 7 کروڑ روپے زرضمانت جمع کرانا ہو گا۔

عدالت کی جانب سے فیصلہ سنائے جانے کے بعد عدالت کے احاطے میں موجود (ن) لیگی کارکنوں کی جانب سے بھرپور خوشی کا اظہار کیا گیا۔

واضح رہے کہ 8 اگست کو مریم نواز کو کوٹ لکھپت جیل سے اس وقت گرفتار کیا گیا تھا جب وہ اپنے والد نواز شریف سے ملاقات کے بعد واپس جارہی تھیں۔ مریم نواز نے 24 اکتوبر کو اپنے والد نواز شریف کی تیمارداری کے لیے ضمانت کی درخواست دائر کی تھی۔