ھفتہ, 12 اکتوبر 2024
Reporter SS

Reporter SS

دبئی: بالی ووڈ کے بے تاج بادشاہ شاہ رخ خان کا نام ہمیشہ کامیابی کے بُرج پر رہتا ہے تاہم ان کے پرستار نے اُن کی سالگرہ کے موقع پر ان کا نام دبئی کے بُرج خلیفہ پر بھی روشن کر دیا۔
 
رپورٹ کے مطابق کنگ خان کو 54 ویں سالگرہ کے موقع پر دُنیا بھر سے مبارک باد دی جا رہی ہے جس کیلئے سوشل میڈیا کے پلیٹ فارم کو استعمال کیا جا رہا ہے جبکہ ایک مداح نے برج خلیفہ پر ’’ شاہ رخ خان کو سالگرہ مبارک ہو‘‘ کے الفاظ روشن کر دئیے۔
 
ان مناظر کو مختلف ممالک سے آئے ہوئے سیاحوں سمیت اماراتی شہریوں کی بڑی تعداد نے اپنے کیمروں میں محفوظ کیا۔
لاہور: اداکارہ وگلوکارہ مہوش حیات کی آواز میں مشہورغزل ’آج جانے کی ضد نہ کرو‘ کے مداح دیوانے ہوگئے۔
 
پاکستانی اداکارہ وگلوکارہ مہوش حیات قومی اعزاز ’تمغہ امتیاز‘ حاصل کرنے کے بعد مسلسل خبروں میں بہت زیادہ جگہ بنانے لگی ہیں۔ اداکارہ کبھی اپنی فلموں میں کامیابی کے باعث خبروں کی زینت بنتی ہیں تو کبھی خود پرہونے والی تنقید پرجواب دینے میں آگے سے آگے رہتی ہیں۔
 
گزشتہ روزانہوں نے ٹوئٹرپرایک ویڈیوشیئرکی جو رواں سال فروری کی ہے۔ انہوں نے لکھا کہ لاہورمیں 10 ہزارلوگوں کے سامنے اس لائیو کانسرٹ کے دوران بہت مزہ آیا تھا، اوریہ کانسرٹ ان کے لیے بہترین تجربہ بھی رہا تھا۔

عراق:  عراق میں مظاہرے شدت اختیار کر گئے جس کے بعد دفاتر اور کاروبار ٹھپ ہوگئے ہیں، مظاہرین نے ملک میں نئے انتخابات کرانے کا مطالبہ کر دیا۔

 دارالحکومت کی شاہراہیں بھی بلاک کر دی گئیں، طلبہ کی بڑی تعداد بھی دھرنوں میں شریک ہوچکی ہے۔ انجینئرز، ڈاکٹروں اور وکلا نے بھی مظاہروں کی حمایت کر دی ہے۔ بغداد سمیت دیگر شہروں میں حکومت مخالف احتجاجی مظاہرے شدت اختیار کرتے جا رہے ہیں۔

مظاہرین نےسول نافرمانی کی نئی مہم شروع کرتے ہوئے تمام سرکاری دفاتر اور کاروباری مراکز کو بند کردیا ہے۔ مظاہرین نے ملک میں نئے انتخابات کرانے کا بھی مطالبہ کر دیا۔

کراچی:  مارکیٹ میں آج امریکی کرنسی کا ریٹ گر گیا، اوپن مارکیٹ میں ڈالر 155 روپے 70 پیسے اور انٹربینک میں ڈالر 155 روپے 66 پیسے پر ٹریڈ ہوا۔ اسٹاک مارکیٹ میں 549 پوائنٹس کا اضافہ ہوا۔

 کاروباری ہفتے کے پہلے روز مارکیٹ میں ڈالر کے ریٹ میں روپے کے مقابلے کمی دیکھنے میں آئی، امریکی کرنسی اوپن مارکیٹ میں 5 پیسے سستی ہوئی جس کے بعد 155 روپے 70 پیسے پر فروخت ہوئی جبکہ انٹربینک میں 155 روپے 66 پیسے پر ٹریڈ ہوتی رہی۔

سٹاک مارکیٹ میں آج 549 پوائنٹس کا اضافہ دیکھنے میں آیا جس کے دوران 100 انڈیکس 34 ہزار 927 پوائنٹس کی سطح پر آ گیا۔

معاشی تجزیہ کاروں کے مطابق ملک میں جاری حالیہ دھرنے کے سبب کاروباری سرگرمیوں میں سست روی کا خدشہ ہے جس کا منفی اثر پاکستانی روپے کی قدر پر بھی پڑ سکتا ہے۔

کراچی: عالمی مارکیٹ میں خام تیل مہنگا ہو گیا، امریکی خام تیل کا ریٹ 1 ڈالر 60 سینٹس، برطانوی خام تیل کا ریٹ 1 ڈالر 70 سینٹس بڑھ گیا۔

عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمت بڑھ گئی، امریکی خام تیل 1 ڈالر 60 سینٹس مہنگا ہو گیا جس کے بعد امریکی خام تیل کی نئی قیمت 56 ڈالر فی بیرل ہو گئی۔ دوسری جانب برطانوی خام تیل 1 ڈالر 70 سینٹس مہنگا ہو کر 61 ڈالر 40 سینٹس فروخت ہونے لگا۔

عالمی منڈی میں سونا بھی مہنگا، فی اونس 3 ڈالر ریٹ بڑھنے کے سبب سونے کی قیمت 1513 ڈالر فی اونس ہو گئی۔

کراچی: معروف ماہر تعلیم اور دانشور پروفیسر ہارون رشید انتقال گزشتہ روز کراچی میں انتقال کرگئے۔مرحوم کی نماز جنازہ  بعد نماز ظہر مسجد ابراہیم نارتھ ناظم آباد بلاک اے میں ادا کی جائیگی۔

گوجرانوالہ: گوجرانوالہ میں بھی 12 ربیع اوّل منانے کے لئے بازاروں میں آرائشی اشیا کے سٹال سج گئے ہیں جہاں سے لوگ مختلف آرائش و زیبائش کی چیزیں خرید رہے ہیں۔
 
جشن ولادت نبی آخر الزماں حضرت محمد مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے موقع پر گوجرانوالہ کے بازاروں میں آرائشی اشیا کے سٹال سج چکے ہیں جہاں بچے اور بڑے جشن آمد رسولﷺ کو بھرپور جوش و جذبے سے منانے کے لئے بیجز، جھنڈے، لائٹس اور دیگر اشیا کی خریداری کرتے نظر آ رہے ہیں۔
 
دکاندار بھی عید میلادالنبیﷺ کی مناسبت سے سٹالوں کو خوب سجا کر بیٹھے ہیں، ان کا کہنا ہے کہ اس سال خریدار پچھلے سال کی نسبت زیادہ آرائش و زیبائش کی چیزوں میں خصوصی دلچسپی لے رہے ہیں۔
 
عید میلاد کے حوالے سے کیے گئے چراغاں سے رات کو جہاں بازار جشن کا سماں پیش کرتے ہیں تو دوسری طرف دن کو بازاروں میں رنگ برنگی جھنڈیوں اور پھولوں کی سجاوٹ دیدنی ہے۔

 اسلام آباد:جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمن کی زیر صدارت آج کل جماعتی اجلاس ہوگا۔

اسلام آباد میں جمعیت علمائے اسلام (ف) کے آزادی مارچ اور دھرنے کا آج پانچواں روز ہے۔ جے یو آئی نے آئندہ کے لائحہ عمل کے لیے آج آل پارٹیز بلانے کا فیصلہ کیا ہے۔

آل پارٹیز کانفرنس پیر کی دوپہر ایک بجے مولانا فضل الرحمن کی رہائش گاہ پر منعقد ہوگی جس میں اپوزیشن سمیت حکومتی اتحادی جماعتوں کو بھی شرکت کی دعوت دی گئی ہے۔

گزشتہ روز جے یو آئی نے اپنے مطالبات کی منظوری کے لیے وزیراعظم کو مستعفی ہونے کے لیے دی گئی 2 روز کی ڈیڈ لائن میں توسیع کردی تھی۔

سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار کو انٹرپول سے کلین چٹ مل گئی، انٹرپول نے ریڈ وارنٹ کے اجرا کی درخواست رد کر دی۔

پاکستان کی وزارت داخلہ نے ریڈ وارنٹ جاری کرنے کی درخواست کی تھی۔ سابق وزیر خزانہ کی طرف سے فراہم کردہ شواہد کو انٹرپول نے قبول کرلیا، ادارے کے جنرل سیکرٹریٹ نے تمام بیوروز کو ڈیٹا فائلز حذف کرنے کی ہدایت بھی کر دی۔

انٹرپول نے اسحاق ڈار کو بھی ریڈ وارنٹ جاری نہ کرنے کے فیصلے سے خط لکھ کر آگاہ کر دیا ہے، اسحاق ڈار کے متعلق فیصلہ دی کمیشن فار دی کنٹرول آف فائلز کے 109 ویں اجلاس میں کیا گیا۔

سابق وزیرخزانہ کا اس حوالے سے کہنا ہے چند افراد اور پی ٹی آئی کی حکومت نے مجھے سیاسی جبر کا نشانہ بنایا۔
 

اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ پاکستان کی تاریخ کے سب سے بڑے انڈرگریجویٹ اسکالرشپ پروگرام کا آج آغاز کر رہا ہوں۔
 
سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر اپنی ٹوئٹ میں وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ آج میں ضرورت مند نوجوانوں کے لیے ملکی تاریخ کے سب سے بڑے انڈرگریجویٹ اسکالرشپ پروگرام کا آغاز کروں گا جس کے تحت سالانہ 50 ہزار کی شرح سے 4 برس میں 2 لاکھ طلبہ کو وظائف دیے جائیں گے۔
 
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ میرے احساس پروگرام کی چھتری تلے انسانی سرمائے کی ترقی کے پیش نظر ان وظائف کا 50 فیصد طالبات کیلئے مختص ہے۔