ھفتہ, 12 اکتوبر 2024
Reporter SS

Reporter SS

سلام آباد: حکومت اور تاجروں کے درمیان مذاکرات کامیاب ہوگئے ہیں اور شناختی کارڈ کی شرط موخر کرنے پر اتفاق ہوگیا ہے۔
 
وفاقی وزارت خزانہ میں مشیر خزانہ عبدالحفیظ شیخ اور مرکزی تنظیم تاجران کے وفد کے درمیان مذاکرات ہوئے جس میں معاہدہ طے پاگیا۔
بعدازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مشیر خزانہ حفیظ شیخ نے کہا کہ شناختی کارڈ کے زریعے خرید وفروخت کی شرط پرکارروائی تین ماہ کیلئے 31 جنوری تک موخر کرنے پر اتفاق ہوگیا ہے، 10 کروڑ تک سالانہ سیلزوالے تاجروں کو ود ہولڈنگ ایجنٹ نہیں بنایا جائے گا، سیلز ٹیکس رجسٹریشن کیلئے بجلی کے بل کی حد 6 لاکھ روپے سالانہ سے بڑھا کر 12 لاکھ روپے سالانہ ہوگی، ٹریڈرز کے مسائل کے فوری حل کے
لئے ایف بی آر اسلام آباد میں خصوصی ڈیسک قائم کیا جائے گا۔
 
مشیر خزانہ نے کہا کہ نیا رجسٹریشن اور ٹیکس ریٹرن فارم اردو میں مہیا کیا جائے گا، ملکی اور مقامی سطح پر مسائل کے حل کیلئے تاجر نمائندگان کی کمیٹیاں تشکیل دی جائیں گی، جیولرز کے مسائل ،آڑھتیوں کی سالانہ فیسوں میں کمی کیلئے تاجروں کی کمیٹی الگ سے مسائل حل کروائے گی، کم منافع والے ہول سیلرز کیلئے ٹرن اوور کی شرح کو تاجروں کی کمیٹی کی مشاورت سے مزید کم کیا جائے، دس کروڑ تک سالانہ سیل پرٹرن اوور ٹیکس کی شرح کو 1.5% سے کم کرکے 0.5% کر دیا گیا ہے۔
 
چیئرمین ایف بی آرشبر زیدی نے کہا کہ تاجروں کیلئے شناختی کارڈ کی شرط کا قانون اپنی جگہ موجود ہے، صرف جنوری 2020 میں شناختی کارڈ نہ دینے پرکارروائی مئوخر کی ہے، تاجر کچھ بھی کر لیں سی این آئی سی کی شرط ختم نہیں ہوگی، جنوری 2020 کے بعد شناختی کارڈ نہ دینے والوں کے خلاف کارروائی ہوگی۔
 
واضح رہے کہ اضافی ٹیکسز اور شناختی کارڈ کی شرط کے خلاف ملک کے مختلف شہروں میں تاجروں کی دوسرے روز بھی شٹرڈاؤن ہڑتال ہوئی۔ ذرائع کے مطابق ایف بی آر نے تاجروں کیلئے فکسڈ ٹیکس اسکیم بھی تیار کرلی ہے۔
کراچی: تمغہ امتیاز کی حامل اداکارہ مہوش حیات نے تصدیق کی ہے کہ وہ شہید بے نظیر بھٹو کی زندگی پر بننے والی فلم میں مرکزی کردار ادا کریں گی۔
 
مہوش حیات نے بی بی سی اردو کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ بے نظیر بھٹو کی سوانح حیات بہت بڑا عنوان اورایک پیچیدہ کردار ہے کیوں کہ یہ کہانی ایک عظیم شخصیت کی ہے، میں بے نظیر بھٹو سے بہت محبت اوران کا احترام کرتی ہوں کیوں کہ وہ میری آئیڈیل ہیں یہی وجہ ہے کہ میرے لئے ان کی زندگی کی کہانی بہت متاثر کن ہے۔
 
مہوش حیات نے کہا کہ ہماری موجودہ اور آنے والی نسل کے لئے ضروری ہے کہ وہ بے نظیر بھٹو کی قربانی ، جدوجہد اور اُن کی طرز زندگی کو دیکھیں۔ وہ پاکستان کی پہلی خاتون وزیر اعظم رہیں جوکہ بہت بڑی بات ہے اس کے پیچھے اُن کی طویل جدو جہد ہے، اُن کے ساتھ زندگی میں کیا کچھ ہوا اسے دنیا کو دیکھنے کی ضرورت ہے۔
 
اداکارہ کا کہنا تھا کہ کتابوں میں تو ہر کسی کے بارے میں لکھا جاتا ہے لیکن فلم ایک ایسا ذریعہ ہے جہاں کسی کی سوانح حیات سے متعلق آسانی سے جانا جا سکتا ہے۔

کراچی: لازوال گیتوں کے خالق معروف موسیقار خواجہ خورشید انورکی آج 35 ویں برسی منائی جارہی ہے۔

21 مارچ 1912 کو میانوالی میں پیدا ہونے والے خواجہ خورشید انور نے آل انڈیا ریڈیو سے پروڈیوسرکےطورپرفنی سفرشروع کیا۔ قیام پاکستان سے پہلے بھی ہندی فلموں کیلئے دھنیں بنائیں۔ 1956 میں پہلی پاکستانی فلم ’انتظار‘ کے گانوں کی دھنوں کونیارنگ دیا۔

 خواجہ خورشید انورنے ’ہیر رانجھا‘، ’کوئل‘، ’گھونگھٹ‘، ’جھومر‘، ’زہر عشق‘ اور ’شیریں فرہاد‘ جیسی فلموں کامیوزک ترتیب دیا۔ ان کی دھنوں پرملکہ ترنم نورجہاں، ثریا، زبیدہ خانم اور کے ایل سہگل نے اپنی آوازکاجادوجگایا۔ موسیقار خواجہ خورشید انور کی تخلیق کی  گئی دھنیں آج بھی  کانوں میں رس گھولتی ہیں۔
خواجہ خورشید انور 30 اکتوبر1984 کواللہ کوپیارے ہوگئے۔ حکومت پاکستان کی جانب سے انہیں  فنی خدمات پر ستارہ امتیاز سے نوازا جاچکا ہے۔

 اسلام آباد: ہائی کورٹ نے عدلیہ مخالف پریس کانفرنس پر فردوس عاشق اعوان کو توہین عدالت کا نوٹس جاری کیا ہے۔

اسلام آباد ہائی کورٹ نے وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان کو عدلیہ مخالف پریس کانفرنس کرنے پر توہین عدالت کانوٹس جاری کردیا ہے، عدالت نے فردوس عاشق اعوان کو یکم نومبر صبح 9 بجے طلب کرلیا ہے۔

واضح رہے کہ وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے ایک پریس کانفرنس میں کہا تھا کہ سابق وزیراعظم نواز شریف کو ریلیف دینے کے لیے شام کو خصوصی طور پر عدالت لگائی گئی۔

کراچی: نئے پی سی بی میں بھی شاہ خرچیوں کا سلسلہ جاری ہے جب کہ برطانوی سی ای او وسیم خان بھی پاکستانی رنگ میں رنگ گئے۔
 
پی سی بی کی نئی انتظامیہ نے اخراجات کم کرنے کے دعوے کیے تھے مگر حقیقت اس کے بالکل برعکس ہے، ایک طرف کرکٹرز کو بے روزگار کیا جا رہا ہے اور وہ ٹیکسیاں چلانے پر مجبور ہیں۔
 
دوسری جانب بورڈ حکام غیرملکی ٹورز پر لاکھوں روپے خرچ کر رہے ہیں، قومی ٹیم کے دورئہ آسٹریلیا میں 3 اعلیٰ آفیشلز نے اپنے جانے کا بھی انتظام کر لیا ہے، سی ای او وسیم خان کو عہدہ سنبھالے8ماہ ہی ہوئے مگر اس دوران انھوں نے تقریباً8 ٹورزکرلیے، ان میں اپنے ملک انگلینڈ کے تین سے چار دورے شامل ہیں، اب وہ13 نومبر کوٹیسٹ سیریز سے قبل 2 ہفتوں کیلیے آسٹریلیا جا رہے ہیں۔
ان سے قبل ڈائریکٹر انٹرنیشنل کرکٹ ذاکر خان کی روانگی یکم نومبر کو طے ہے، وہ تینوں ٹی 20میچز کے دوران وہیں رہیں گے، ڈائریکٹر اینٹی کرپشن اینڈ سیکیورٹی آصف محمود بھی آسٹریلیا جائیں گے۔
 
دلچسپ بات یہ ہے کہ ٹیم کے ساتھ پہلے ہی سیکیورٹی منیجر عثمان انوری موجود ہیں، بزنس کلاس کے فضائی ٹکٹ، فائیو اسٹار ہوٹلز میں قیام، ٹرانسپورٹ اور ڈیلی الاؤنس کو ملا لیں تو تینوں آفیشلز کا دورہ آسٹریلیا پی سی بی کو50لاکھ روپے سے زائد کا پڑے گا۔
 
اس حوالے سے رابطے پر پی سی بی کے ترجمان نے تصدیق کی کہ ذاکر خان، وسیم خان اور آصف محمود آسٹریلیا جا رہے ہیں اور تینوں کے اخراجات بورڈ ہی برداشت کرے گا۔
 
انھوں نے کہا کہ سی ای او وہاں کرکٹ آسٹریلیا اور پلیئرز ایسوسی ایشن کے نمائندے سے ملاقات کریں گے، وہ برسبین میں ہائی پرفارمنس سینٹر کا دورہ کر کے اسکالر شپ اور ایکسچینج پروگرام پر بات کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں،وسیم خان 2021کے پاکستان ٹور پرکرکٹ آسٹریلیا کے اپنے ہم منصب سے بھی تبادلہ خیال کریں گے۔
 
پی سی بی ترجمان نے مزید کہا کہ ذاکر خان کو بھی وہاں اہم میٹنگز کرنی ہیں جبکہ آصف محمود 2021کے دورے کی سیکیورٹی پر بات کریں گے۔

 لندن:لندن میں مہاراجہ آف منی پور کے نمائندوں نے بھارت سے آزادی کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ مودی کے بھارت میں ہمارے لئے کوئی جگہ نہیں لہذا ہماری ریاست کو تسلیم کیا جائے۔

لندن میں پریس کانفرنس کے دوران مہاراجہ آف منی پور کے نمائندوں نے نہ صرف بھارت سے آزادی کا اعلان کیا بلکہ منی پور ریاست کی جلا وطن حکومت کا بھی اعلان کرتے ہوئے کہا کہ مہاراجہ آف منی پور لیشمبا ساناباؤجا ہی ہماری نئی اور آزاد ریاست کے حکمران ہوں گے جب کہ مہاراجہ کا محل ہمارا ہیڈ آفس ہوگا۔

 خیال رہے بھارتی ریاست منی پور نے ایک علیحدہ ریاست کے طور پر برطانیہ سے آزادی حاصل کی تھی مگر 1949 میں بھارت نے اس پر غاصباہ قبضہ کرلیا تھا جس کے بعد سے وہاں علیحدگی کی تحریک چل رہی ہے۔
خودساختہ ریاست منی پور کونسل کے وزیرخارجہ نارنگبام سمرجیت نے کہا کہ ہماری جلاوطن حکومت اقوام متحدہ میں اپنی پہچان اور ممبر بننے کے لیے بھرپور کوشش کرے گی اور اس حوالے سے ہم دیگر قوموں سے بھی بات کریں گے اور ہمیں امید ہے کہ بہت سی ریاستیں ہماری آزادی تسلیم کرلے گی جب کہ انہوں نے اقوام متحدہ اور عالمی برادری سے ان کی جلا وطن حکومت کو تسلیم کرنے کی بھی اپیل کی۔
فیصل آباد: دورہ آسٹریلیا کیلیے قومی ٹیسٹ سکواڈ میں جگہ بنانے والے پیسر نے ڈومیسٹک کرکٹ میں عمدہ فارم کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے سندھ ٹیم کے دفاع میں گہرے شگاف کئے ہیں۔
 
قائداعظم ٹرافی فرسٹ الیون ٹورنامنٹ کے اقبال اسٹیڈیم فیصل آباد میں کھیلے جانے والے میچ میں ان کی ٹیم سینٹرل پنجاب 313 رنز بنانے میں کامیاب ہوئی تھی جواب میں منگل کو سندھ نے 72 پر 4 وکٹیں گنوائیں۔
 
ہیڈ کوچ وچیف سلیکٹر مصباح الحق کی طرف سے کینگروز کیخلاف ٹیسٹ سیریز میں پاکستان کا سپرائز پیکیج قرار دیئے جانے والے 16سالہ نسیم شاہ نے تجربہ کار بیٹسمینوں خرم منظور(10)، عابد علی(3) اور عمیر بن یوسف(33) کو پویلین کی راہ دکھائی، اسد شفیق(5) کو فہیم اشرف نے پویلین بھیجا، فواد عالم(78) اور سعد علی(60) نے124 رنز کی ناقابل شکست شراکت سے ٹیم کو سہارا دیتے ہوئے ٹوٹل 4 وکٹ پر 196تک پہنچایا،۔
میچ کے چوتھے روز نسیم شاہ نے مزید 3 شکار کئے، پیسر نے فواد عالم کی اننگز 92 پر تمام کرنے کے بعد سابق کپتان سرفراز احمد اور سہیل خان کو کھاتہ کھولنے کی بھی مہلت نہیں دی، میچ میں انہوں نے 19 اوورز میں 78 رنز دیکر 6وکٹیں حاصل کیں جس کی وجہ سے سندھ کی ٹیم 256 تک محدود رہی۔ دورہ آسٹریلیا سے قبل نسیم شاہ کی عمدہ فارم کو خوش آئند قرار دیا جارہا ہے۔

 لاہور:لاہور ہائیکورٹ نے ٹی وی ٹاک شوز میں میڈیا اینکرز پر بطور مہمان شرکت پر پابندی سے متعلق پیمرا کے ہدایت نامہ پر عمل درآمد روک دیا۔

لاہور ہائیکورٹ میں الیکڑانک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی (پیمرا) کی جانب سے ٹی وی شوز میں میڈیا اینکرز کے بطور مہمان شرکت پر پابندی سے متعلق معاملے کی سماعت ہوئی، جسٹس شاہد وحید نے سینئر صحافی عارف حمید بھٹی سمیت دیگر اینکرز کی آئینی درخواست کی سماعت کی۔

عدالت نے ٹی وی شوز میں میڈیا اینکرز کی بطور مہمان شرکت سے متعلق پیمرا کے ہدایت نامہ پر عمل درآمد روکتے ہوئے پیمرا سمیت دیگر فریقین کو نوٹس جاری کرکے جواب طلب کرلیا۔

واضح رہے پیمرا کی جانب سے ہدایت نامہ جاری کیا گیا تھا جس میں ٹی وی اینکرز کو ٹاک شوز میں بطور مہمان شرکت سے روک دیا تھا اور ٹی وی اینکرز کو اپنے یا دیگر چینلز میں بطور تجزیہ کار شرکت نہ کرنے کی بھی ہدایت کی گئی تھی