ھفتہ, 12 اکتوبر 2024
Reporter SS

Reporter SS

 اسلام آباد: ہائی کورٹ نے عدلیہ مخالف پریس کانفرنس پر فردوس عاشق اعوان کو توہین عدالت کا نوٹس جاری کیا ہے۔

اسلام آباد ہائی کورٹ نے وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان کو عدلیہ مخالف پریس کانفرنس کرنے پر توہین عدالت کانوٹس جاری کردیا ہے، عدالت نے فردوس عاشق اعوان کو یکم نومبر صبح 9 بجے طلب کرلیا ہے۔

واضح رہے کہ وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے ایک پریس کانفرنس میں کہا تھا کہ سابق وزیراعظم نواز شریف کو ریلیف دینے کے لیے شام کو خصوصی طور پر عدالت لگائی گئی۔

کراچی: نئے پی سی بی میں بھی شاہ خرچیوں کا سلسلہ جاری ہے جب کہ برطانوی سی ای او وسیم خان بھی پاکستانی رنگ میں رنگ گئے۔
 
پی سی بی کی نئی انتظامیہ نے اخراجات کم کرنے کے دعوے کیے تھے مگر حقیقت اس کے بالکل برعکس ہے، ایک طرف کرکٹرز کو بے روزگار کیا جا رہا ہے اور وہ ٹیکسیاں چلانے پر مجبور ہیں۔
 
دوسری جانب بورڈ حکام غیرملکی ٹورز پر لاکھوں روپے خرچ کر رہے ہیں، قومی ٹیم کے دورئہ آسٹریلیا میں 3 اعلیٰ آفیشلز نے اپنے جانے کا بھی انتظام کر لیا ہے، سی ای او وسیم خان کو عہدہ سنبھالے8ماہ ہی ہوئے مگر اس دوران انھوں نے تقریباً8 ٹورزکرلیے، ان میں اپنے ملک انگلینڈ کے تین سے چار دورے شامل ہیں، اب وہ13 نومبر کوٹیسٹ سیریز سے قبل 2 ہفتوں کیلیے آسٹریلیا جا رہے ہیں۔
ان سے قبل ڈائریکٹر انٹرنیشنل کرکٹ ذاکر خان کی روانگی یکم نومبر کو طے ہے، وہ تینوں ٹی 20میچز کے دوران وہیں رہیں گے، ڈائریکٹر اینٹی کرپشن اینڈ سیکیورٹی آصف محمود بھی آسٹریلیا جائیں گے۔
 
دلچسپ بات یہ ہے کہ ٹیم کے ساتھ پہلے ہی سیکیورٹی منیجر عثمان انوری موجود ہیں، بزنس کلاس کے فضائی ٹکٹ، فائیو اسٹار ہوٹلز میں قیام، ٹرانسپورٹ اور ڈیلی الاؤنس کو ملا لیں تو تینوں آفیشلز کا دورہ آسٹریلیا پی سی بی کو50لاکھ روپے سے زائد کا پڑے گا۔
 
اس حوالے سے رابطے پر پی سی بی کے ترجمان نے تصدیق کی کہ ذاکر خان، وسیم خان اور آصف محمود آسٹریلیا جا رہے ہیں اور تینوں کے اخراجات بورڈ ہی برداشت کرے گا۔
 
انھوں نے کہا کہ سی ای او وہاں کرکٹ آسٹریلیا اور پلیئرز ایسوسی ایشن کے نمائندے سے ملاقات کریں گے، وہ برسبین میں ہائی پرفارمنس سینٹر کا دورہ کر کے اسکالر شپ اور ایکسچینج پروگرام پر بات کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں،وسیم خان 2021کے پاکستان ٹور پرکرکٹ آسٹریلیا کے اپنے ہم منصب سے بھی تبادلہ خیال کریں گے۔
 
پی سی بی ترجمان نے مزید کہا کہ ذاکر خان کو بھی وہاں اہم میٹنگز کرنی ہیں جبکہ آصف محمود 2021کے دورے کی سیکیورٹی پر بات کریں گے۔

 لندن:لندن میں مہاراجہ آف منی پور کے نمائندوں نے بھارت سے آزادی کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ مودی کے بھارت میں ہمارے لئے کوئی جگہ نہیں لہذا ہماری ریاست کو تسلیم کیا جائے۔

لندن میں پریس کانفرنس کے دوران مہاراجہ آف منی پور کے نمائندوں نے نہ صرف بھارت سے آزادی کا اعلان کیا بلکہ منی پور ریاست کی جلا وطن حکومت کا بھی اعلان کرتے ہوئے کہا کہ مہاراجہ آف منی پور لیشمبا ساناباؤجا ہی ہماری نئی اور آزاد ریاست کے حکمران ہوں گے جب کہ مہاراجہ کا محل ہمارا ہیڈ آفس ہوگا۔

 خیال رہے بھارتی ریاست منی پور نے ایک علیحدہ ریاست کے طور پر برطانیہ سے آزادی حاصل کی تھی مگر 1949 میں بھارت نے اس پر غاصباہ قبضہ کرلیا تھا جس کے بعد سے وہاں علیحدگی کی تحریک چل رہی ہے۔
خودساختہ ریاست منی پور کونسل کے وزیرخارجہ نارنگبام سمرجیت نے کہا کہ ہماری جلاوطن حکومت اقوام متحدہ میں اپنی پہچان اور ممبر بننے کے لیے بھرپور کوشش کرے گی اور اس حوالے سے ہم دیگر قوموں سے بھی بات کریں گے اور ہمیں امید ہے کہ بہت سی ریاستیں ہماری آزادی تسلیم کرلے گی جب کہ انہوں نے اقوام متحدہ اور عالمی برادری سے ان کی جلا وطن حکومت کو تسلیم کرنے کی بھی اپیل کی۔
فیصل آباد: دورہ آسٹریلیا کیلیے قومی ٹیسٹ سکواڈ میں جگہ بنانے والے پیسر نے ڈومیسٹک کرکٹ میں عمدہ فارم کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے سندھ ٹیم کے دفاع میں گہرے شگاف کئے ہیں۔
 
قائداعظم ٹرافی فرسٹ الیون ٹورنامنٹ کے اقبال اسٹیڈیم فیصل آباد میں کھیلے جانے والے میچ میں ان کی ٹیم سینٹرل پنجاب 313 رنز بنانے میں کامیاب ہوئی تھی جواب میں منگل کو سندھ نے 72 پر 4 وکٹیں گنوائیں۔
 
ہیڈ کوچ وچیف سلیکٹر مصباح الحق کی طرف سے کینگروز کیخلاف ٹیسٹ سیریز میں پاکستان کا سپرائز پیکیج قرار دیئے جانے والے 16سالہ نسیم شاہ نے تجربہ کار بیٹسمینوں خرم منظور(10)، عابد علی(3) اور عمیر بن یوسف(33) کو پویلین کی راہ دکھائی، اسد شفیق(5) کو فہیم اشرف نے پویلین بھیجا، فواد عالم(78) اور سعد علی(60) نے124 رنز کی ناقابل شکست شراکت سے ٹیم کو سہارا دیتے ہوئے ٹوٹل 4 وکٹ پر 196تک پہنچایا،۔
میچ کے چوتھے روز نسیم شاہ نے مزید 3 شکار کئے، پیسر نے فواد عالم کی اننگز 92 پر تمام کرنے کے بعد سابق کپتان سرفراز احمد اور سہیل خان کو کھاتہ کھولنے کی بھی مہلت نہیں دی، میچ میں انہوں نے 19 اوورز میں 78 رنز دیکر 6وکٹیں حاصل کیں جس کی وجہ سے سندھ کی ٹیم 256 تک محدود رہی۔ دورہ آسٹریلیا سے قبل نسیم شاہ کی عمدہ فارم کو خوش آئند قرار دیا جارہا ہے۔

 لاہور:لاہور ہائیکورٹ نے ٹی وی ٹاک شوز میں میڈیا اینکرز پر بطور مہمان شرکت پر پابندی سے متعلق پیمرا کے ہدایت نامہ پر عمل درآمد روک دیا۔

لاہور ہائیکورٹ میں الیکڑانک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی (پیمرا) کی جانب سے ٹی وی شوز میں میڈیا اینکرز کے بطور مہمان شرکت پر پابندی سے متعلق معاملے کی سماعت ہوئی، جسٹس شاہد وحید نے سینئر صحافی عارف حمید بھٹی سمیت دیگر اینکرز کی آئینی درخواست کی سماعت کی۔

عدالت نے ٹی وی شوز میں میڈیا اینکرز کی بطور مہمان شرکت سے متعلق پیمرا کے ہدایت نامہ پر عمل درآمد روکتے ہوئے پیمرا سمیت دیگر فریقین کو نوٹس جاری کرکے جواب طلب کرلیا۔

واضح رہے پیمرا کی جانب سے ہدایت نامہ جاری کیا گیا تھا جس میں ٹی وی اینکرز کو ٹاک شوز میں بطور مہمان شرکت سے روک دیا تھا اور ٹی وی اینکرز کو اپنے یا دیگر چینلز میں بطور تجزیہ کار شرکت نہ کرنے کی بھی ہدایت کی گئی تھی
لاہور: پاکستان ویمنز نے ٹی ٹوئنٹی سیریز کے تیسرے میچ میں بھی بنگلادیش کو شکست دے کر سیریز 0-3 سے اپنے نام کرلی۔
 
پاکستان ویمنز کرکٹ ٹیم نے ہوم گراونڈ پر تاریخ رقم کرتے ہوئے بنگلہ دیش ویمنزکے خلاف کلین سوئپ مکمل کردیا۔ تیسرے اور آخری میچ میں گرین شرٹس نے 28رنز سے کامیابی حاصل کرکے خود کو ریکارڈ بک کا حصہ بنایا۔
 
قذافی اسٹیٹیم لاہور میں کھیلے گئے ٹی ٹوئنٹی سیریز کے تیسرے اور آخری میچ کا ٹاس پاکستان نے جیت کر پہل بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ اوورز میں 7 وکٹ پر 117 رنز اسکورکیے، جویریہ خان نے 48 گیندوں پر 54 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔ بنگلادیش کی جانب سے جہان آرا عالم نے 3 وکٹ اپنے نام کیں اور رومانہ احمد 2 کھلاڑی کو آوٹ کرنے میں کامیاب ہوئیں۔
ہدف کے تعاقب میں بنگلادیشی ٹیم مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹ پر 89 رنز ہی بناسکی اور یوں پاکستان نے میچ 28 رنز سے اپنے نام کرلیا، بنگلادیش کی جانب سے نگار سلطانہ 30 رنز بناکر ٹاپ اسکورر رہیں۔ پاکستان کی جانب سے صبا نذیر اور انعم امین نے 2،2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
 
جویریہ خان کو شاندار اننگز کھیلنے پر ویمنز آف دی میچ سے نوازا گیا جب کہ بنگلادیش کی جہان آرا عالم کو ویمنز آف دی سیریز دیا گیا۔

اسلام آباد: وفاقی دارالحکومت کے تمام نجی اسکولز میں آزادی مارچ کے باعث کل چھٹی کا اعلان کردیا گیا ہے۔

سیکرٹری پرائیویٹ اسکولز ایسوسی ایشن عبدالوحید خان کا کہنا ہے کہ دھرنے کے باعث بچوں کی حفاظت کے لیے اسکول میں چھٹی کا فیصلہ کیا گیا، دھرنے کے پیش نظر شہر کے تمام پرائیویٹ اسکولز کل بند رہیں گے۔

 صدر پرائیویٹ اسکولز زعفران الہی نے کہا کہ بچوں کی سیکورٹی بنیادی ذمہ داری اور سب سے ضروری ہے، حالات دیکھ کر ہی فیصلہ کریں گے کہ اسکولز کب سے کھولیں جب کہ وفاقی دارالحکومت میں اسکولز کھولنے کا فیصلہ کل شام کیا جائے گا۔
کراچی: ناظم آباد کے علاقے میں سرکاری عباسی شہید اسپتال میں رات گئے پولیس کی بھاری نفری نے محاصرہ کر کے سرچ آپریشن کیا۔
 
سرکاری اسپتال عباسی شہید میں منگل اور بدھ کی درمیانی شب پولیس کی بھاری نفری نے محاصرہ کر لیا اور نقاب پوش افسران و اہلکاروں نے سرچ آپریشن کیا۔
 
پولیس کی بھاری نفری نے ڈاکٹرز اپارٹمنٹس اور ٹراما سینٹر سمیت اسپتال کے دیگر کمروں کی تلاشی لی، اس دوران خاکروبوں اور وارڈ بوائے کو تشدد کا نشانہ بنایا۔
آپریشن ٹیم نے پولیس موبائلز پر لکھے تھانوں کے نام کوڈ نمبر اور رجسٹریشن نمبر پلیٹز کو کاعذ کی مدد سے ٹیپ لگا کر چھپایا ہوا تھا۔ سرچنگ کے دوران اسپتال کی اولڈ بلڈنگ میں واقع آئی ٹی ڈیپارٹمنٹ کے ایڈمنسٹریٹر نجف علی کے کمرے سمیت دیگر کمروں کے تالے توڑ کر متعدد کمپیوٹر ہارڈ ڈرائیو ، لیپ ٹاپ اور دیگر دستاویزات اپنے قبضے میں لے لیں۔
 
ڈیڑھ گھنٹے تک جاری رہنے والے آپریشن کے دوران پولیس نے اسپتال کے پی آر او شیخ راشد حسین، ارشد حشمت اور اسلم پرویز سمیت 4 افراد کو حراست میں لیکر منہ پر کپڑا ڈال کر نامعلوم مقام پر منتقل کردیا۔

اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے آزادی مارچ سے متعلق اپوزیشن سے ہونے والے رابطوں پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اپوزیشن معاہدے پر قائم رہتی ہے تو حکومت بھی پاسداری کرےگی۔

وزیراعظم عمران خان سے اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے ملاقات کی جس میں ملک کی موجودہ سیاسی صورت حال اور پارلیمانی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

اسپیکر اسد قیصر نے وزیراعظم کو مسئلہ کشمیر پر پارلیمانی سفارتکاری سے آگاہ کیا اور پارلیمنٹ میں قانون سازی اور ایوان کے موثر کردار پر بھی بات چیت کی۔

 اسپیکر نے سیاسی صورت حال اور حزب اختلاف سے رابطوں پر وزیراعظم کو آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ اپوزیشن کو پیغام دیا ہے امن و امان کی صورت حال پر سمجھوتہ نہیں ہوگا، کسی بھی قسم کا سیاسی انتشار نہیں پھیلنا چاہیے، اپوزیشن ارکان سے مسلسل رابطے میں ہیں اور معاملات کو افہام و تفہیم سے حل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔
اسلام آباد: مشیر خزانہ حفیظ شیخ نے امید ظاہر کی ہے کہ اضافی ٹیکسز اور شناختی کارڈ کی شرط کے خلاف احتجاج کرنے والے تاجروں سے آج معاملات طے پاجائیں گے۔
 
وفاقی وزارت خزانہ میں مشیر خزانہ حفیظ شیخ اور مرکزی تنظیم تاجران کے وفد کے درمیان مذاکرات ہوئے جس میں تاجروں کے مطالبات پر بات چیت کی گئی۔
 
بعدازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مشیر خزانہ حفیظ شیخ نے کہا کہ امید ہے آج تاجروں سے معاملات طے پاجائیں گے، ابھی اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی )کے اجلاس میں جارہا ہوں جس کے بعد تاجروں سے بات چیت دوبارہ شروع ہوگی۔
حفیظ شیخ نے کہا کہ چاہتے ہیں تاجر بھی خوش ہوں اور حکومت کے مقاصد بھی پورے ہوجائیں، معاملے کو بہتر انداز میں حل کرنا چاہتے ہیں، تاجروں کے ساتھ بہت اچھی میٹنگ ہوئی ہے۔
 
تاجر رہنما کاشف چوہدری نے کہا کہ ٹرن اوور ٹیکس کی شرح کو 1.5% سے کم کرکے 0.5% کروائیں گے، تاجروں کی سیلز ٹیکس رجسٹریشن سے چھٹکارا دلائیں گے اور تاجروں کو ود ہولڈنگ ایجنٹ نہیں بنانے دیں گے۔ کاشف چوہدری نے مزید کہا کہ شناختی کارڈ پر کارروائی کی شرط میں نرمی متوقع ہے، مذاکرات مثبت سمت میں جاری ہیں، تاجروں کو جلد خوشخبری دیں گے۔
 
واضح رہے کہ اضافی ٹیکسز اور شناختی کارڈ کی شرط کے خلاف ملک کے مختلف شہروں میں تاجروں کی دوسرے روز بھی شٹرڈاؤن ہڑتال ہوئی۔ گزشتہ روز بھی تاجر رہنماؤں کے مشیر خزانہ حفیظ شیخ کے ساتھ مذاکرات ہوئے تھے تاہم کوئی پیش رفت نہیں ہوسکی تھی۔ ذرائع کے مطابق ایف بی آر نے تاجروں کیلئے فکسڈ ٹیکس اسکیم تیار کرلی ہے۔