ھفتہ, 12 اکتوبر 2024
Reporter SS

Reporter SS

لاہور: پنجاب میں چہلم حضرت امام حسینؓ کے موقع پر امن وامان کے لئے فوج اور رینجرز طلب کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا۔ لاہور میں جلوس کے روٹس پر موبائل فون سروس بھی بند رہے گی۔
 
ذرائع کے مطابق پنجاب حکومت نے قائمہ کمیٹی برائے امن و امان کی سفارش پر فوج اور رینجر بلانے کا فیصلہ کیا ہے۔ لاہور، راولپنڈی، جھنگ، گوجرانوالہ اور ڈیرہ غازی خان میں تعیناتی کی جائے گی، اس مقصد کے لئے فوج کی 10 اور رینجرز کی 6 کمپنیوں کو طلب کیا گیا ہے۔
 
20 اکتوبر کو چہلم حضرت امام حسینؓ پر امن و امان کی صورتحال یقینی بنانے کے لئے صوبے کے حساس اضلاع میں موبائل فون سروس جزوی طور پر معطل رہے گی جبکہ موٹر سائیکل کی ڈبل سواری پر بھی پابندی ہوگی۔
راولپنڈی: آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا ہے کہ ہم مقبوضہ کشمیر کے لوگوں کو تنہا نہیں چھوڑیں گے۔
 
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل قمرجاوید باجوہ نے لائن آف کنٹرول (ایل او سی) کا دورہ کیا۔بھارتی فوج کی ریاستی دہشت گردی جاری، مزید تین کشمیریوں کو شہید کر دیا.
 
آئی ایس پی آر نے بتایا کہ آرمی چیف کو ایل اوسی کی صورتحال اور بھارت کی جانب سے سیز فائر معاہدے کی خلاف ورزیوں پر بریفنگ دی گئی۔آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ جنرل قمر جاوید باجوہ کو بھارت کی جانب سے معصوم شہریوں کو نشانہ بنانے اور پاک فوجی کی جوابی کارروائی پربریف کیا گیا۔
 
اس موقع پر آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا تھا کہ مقبوضہ کشمیر میں کشمیری مسلسل محصور رہ کر بھارتی مظالم کا دلیری سے سامنا کررہے ہیں،ہم کشمیریوں کو تنہا نہیں چھوڑیں گے اور ہر قیمت پر اپنا جائز کردار ادا کرتے رہیں گے۔
بھارت کی جانب سے مقبوضہ کشمیر میں 5 اگست سے لاک ڈاؤن جاری ہے جس کے باعث وادی میں انسانی المیہ جنم لے چکا ہے، وادی میں بچوں کے دودھ، ادویات اور اشیائے ضروریہ کی شدید قلت ہے۔
 
مقبوضہ وادی میں ٹیلیفون سروس اور انٹرنیٹ بند ہے جبکہ گزشتہ روز عارضی طور پر موبائل فون سروس کچھ علاقوں میں بحال کی گئی تھی
 

اسلام آباد: آل تاجرایسوسیشن نے ملک گیرہڑتال کااعلان کردیا۔

آل تاجر برادران نے 29 اور 30 اکتوبر کوہڑتال کااعلان کیاہے جس کے مطابق تمام کاروباری مراکز بند رہیں گے۔

اسلام آباد: مولانا فضل الرحمان کے آزادی مارچ کو روکنے کے لیے حکومت نے نئی حکمت عملی بنالی اور مذاکرات کےلئے وزیر دفاع پرویز خٹک کی سربراہی میں بننےوالی کمیٹی میں سینئر سیاست دانوں کو بھی شامل کرنےکا فیصلہ کر لیا۔
 
وزیراعظم عمران خان نے گزشتہ روز تحریک انصاف کی کور کمیٹی کے اجلاس میں جمعیت علمائے اسلام (ف) کے آزادی مارچ کے حوالے سے وزیردفاع پرویز خٹک کی سربراہی میں 4 رکنی مذاکراتی کمیٹی بنائی تھی۔
 
ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس میں تحریک انصاف کی مذاکراتی کمیٹی میں چاروں صوبوں کے پارٹی نمائندے شامل کرنے کا فیصلہ کیا گیا تھا لیکن اب کمیٹی میں چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی،اسپیکرقومی اسمبلی اسد قیصر،اسپیکر پنجاب اسمبلی پرویزالہیٰ اوراسد عمر کو بھی شامل کیے جانے کاامکان ہے ۔ کمیٹی میں نئے ارکان کے ناموں کی حتمی منظوری وزیر اعظم دیں گے۔
 
دوسری جانب مولانا فضل الرحمان نے کمیٹی سے مذاکرات کے امکان کو مسترد کر دیا ہے۔ اسلام آباد میں صحافیوں سے گفتگو میں سربراہ جے یو آئی کا کہنا تھا کہ نہ انہیں کسی حکومتی کمیٹی کا علم ہے اور نہ ہی کسی نے ان سے رابطہ کیا ہے، مذاکرات صرف وزیراعظم کے استعفے کے بعد ہوں گے۔
 
یاد رہے کہ 25 جولائی 2018 کو ہونے والے عام انتخابات میں مبینہ دھاندلی ، معاشی بدحالی اور حکومتی ناہلی کے خلاف جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے 27 اکتوبر سے حکومت کیخلاف اسلام آباد کی جانب مارچ شروع کرنے کا اعلان کررکھا ہے۔
 
پاکستان پیپلز پارٹی اور ن لیگ سمیت دیگر اپوزیشن جماعتوں نے آزادی مارچ کی حمایت کا اعلان کررکھا ہے تاہم مارچ میں شرکت کے حوالےسے دو بڑی جماعتوں ن لیگ اور پیپلز پارٹی کا واضح مؤقف سامنے نہیں آیا۔

 لاہور:دورہ آسٹریلیا کے لیے سرفراز احمد کی جگہ ٹیسٹ ٹیم کی قیادت کے لیے اظہر علی اور شان مسعود مضبوط امیدوار ہیں۔

گرین شرٹس کی 27 اکتوبر کو سڈنی روانگی کا پلان ہے، اس دورے کے پہلے مرحلے میں پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان تین ٹی ٹوئنٹی میچز ہوں گے جس کے بعد  آئی سی سی ٹیسٹ چیمپئن شپ کا حصہ دو ٹیسٹ میچز شیڈول ہیں۔

فیصل آباد میں موجود ہیڈکوچ اور چیف سلیکٹرمصباح الحق کی سربراہی میں پی سی بی کی سلیکشن کمیٹی نے اس اہم دورے کے لیے کھلاڑیوں کے انتخاب پر مشاورت شروع کردی ہے۔

ذرائع کے مطابق  پی سی بی حکام نے آسٹریلیا کے خلاف دو ٹیسٹ میچوں کے لیے سرفراز احمد کی جگہ نیا کپتان لانے پر اتفاق کیا ہے۔ اس فہرست میں اظہر علی کے ساتھ شان مسعود بھی شامل ہیں۔ وکٹ کیپر محمدرضوان کو نائب کپتان کے طورپر گروم کرنے کی پلاننگ ہورہی ہے۔

ہیڈکوچ اور چیف سلیکٹر مصباح الحق  اظہر علی کو اس عہدے لیے موزوں سمجھتے ہیں تاہم  بورڈ کی ایک اعلی  شخصیت کے نزدیک مستقبل کو سامنے رکھتے ہوئے شان مسعود کو قیادت سونپنا زیادہ فائدہ مندہوگا۔  تاہم سدرن پنجاب کی کپتانی کرنے والے شان مسعود کی بطور لیڈر پرفارمنس زیادہ متاثر کن نہیں، ان کی ٹیم نے چارمیچز کھیلے ہیں جس میں صرف ایک میں فتح پائی ہے۔ شان مسعود کا مستقل طورپر ٹیسٹ ٹیم کا رکن نہ ہونا بھی ان کے انتخاب میں رکاوٹ بن سکتا ہے، اس صورت حال میں اظہر علی کو قیادت کا تاج پہنائے جانے کا زیادہ امکان دکھائی دے رہا ہے۔

دوسری جانب ابھی بور ڈ حکام نے یہ فیصلہ بھی کرنا ہے کہ سرفراز احمد کو ٹی ٹوئنٹی ٹیم کا کپتان برقرار رکھا جائے یا نہیں، سرفراز احمد کی قیادت میں پاکستان ٹی ٹوئنٹی میں پہلے نمبر پر  ضرور ہے تاہم سری لنکا کےخلاف ہوم سیریز میں مایوس کن پرفارمنس نے ان کے بطور کپتان مستقبل پر سوالیہ نشان لگا رکھا ہے۔

ہیڈکوچ مصباح الحق بھی بطور کپتان سرفراز احمد سے زیادہ خوش نہیں، برطانوی شاہی جوڑے کے دورے لاہور کے بعد  پی سی بی حکام پاکستان ٹیم کے معاملات پر  فائنل مشاورت کریں گے۔

اسلام آباد: سپریم کورٹ نے فیڈرل بورڈ آف ریوینیو پر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایف بی آر ملک پر بوجھ ہے اسے ختم کردیں۔

جسٹس گلزار احمد پر مشتمل سپریم کورٹ کے دو رکنی بینچ نے ایف بی آر کی اپنے ملازم محمد انور گورایہ کی سروس کے حوالے سے اپیل کی سماعت کی۔

جسٹس گلزاراحمد نے ایف بی آر پراظہاربرہمی کرتے ہوئے کہا کہ کھربوں روپیہ ہر سال چلا جاتا ہے، ایف بی آر ملک پر بوجھ ہے، اس کو ختم کردیں، دیکھیں کتنا پیسہ جمع ہوتا ہے۔

جسٹس گلزاراحمد نے کہا کہ ایف بی آر کی 22 ہزار کی فوج کیا ریکوری کرے گی، 80 فیصد ٹیکس ان ڈائریکٹ جمع ہوتا ہے، صرف 20 فیصد ریونیو اکٹھا کرنے کے لیے 22 ہزار بندے ایف بی آر میں رکھے گئے۔

 مدینہ منورہ:سعودی عرب میں بس اور ٹرک کے درمیان تصادم کے نتیجے میں عمرہ کے لیے آئے 35 غیر ملکی زائرین شہید اور 4 زخمی ہوگئے۔

غیر ملکی خبر رساں اداروں کے مطابق مدینہ منورہ کے نواحی گاؤں الاخل کے قریب حجرہ روڈ پر ایک بس مخالف سمت سے آنے والے لوڈر سے ٹکرا گئی جس کے بعد میں اس میں آگ بھڑک اٹھی۔

بس میں 39 غیر ملکی مسافر سوار تھے جن کا تعلق عرب اور ایشیائی ممالک سے تھا اور وہ مدینہ جارہے تھے۔ حادثے میں متعدد افراد موقع پر ہی جاں بحق اور کئی شدید زخمی ہوگئے۔

واقعے کی اطلاع ملتے ہی امدادی ادارے فوری طور پر جائے حادثہ پر پہنچے اور لاشوں و زخمیوں کو الحمنا اسپتال منتقل کیا گیا جہاں 35 افراد کے جاں بحق ہونے کی تصدیق ہوگئی۔ 4 زخمیوں کی حالت بھی تشویش ناک بھی بتائی جاتی ہے جس کی وجہ سے ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے۔

سعودی حکام نے واقعے کی تحقیقات شروع کردی ہیں۔ مدینہ کے گورنر شہزادہ فیصل بن سلمان بن عبدالعزیز نے مرحومین کے لواحقین سے تعزیت کرتے ہوئے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔

اسلام آباد: جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کا کہنا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کے استعفیٰ سے قبل حکومت سے مذاکرات نہیں ہوں گے۔

محمود خان اچکزئی کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے جے یو آئی کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ قوم نے 10 ماہ میں جعلی الیکشن کے نتائج دیکھ لئے ہیں، 400 ادارے بیچے جارہے ہیں، اب پوری قوم کی ایک ہی آواز ہے نئے الیکشن کرائے جائیں، انتخابات کے بعد جو بھی نتائج ہوں اور جو بھی جیتے نتائج ہم قبول کریں گے۔

مولانا فضل الرحمان کا مزید کہنا تھا کہ حکومتی لوگ غلط فہمیاں پھیلا رہے ہیں، حکومت کے تمام حربے ناکام ہوچکے ہیں، وزیراعظم کے استعفیٰ سے پہلے حکومت سے مذاکرات نہیں ہوں گے، آئین کی حکمرانی اور اداروں کا حدود میں رہ کر کام کرنے کے مطالبے پر دوسری رائے نہیں ہوسکتی۔

سربراہ جے یو آئی نے کہا کہ کسی ادارے نے عوام کا راستہ روکنے کی کوشش کی تو سمجھا جائے گا کہ ادارے ریاست کے لیے نہیں بلکہ کسی اور کے لئے استعمال ہورہے ہیں، ہم اداروں سے تصادم نہیں چاہتے لیکن اداروں کو بتانا چاہتا ہوں اگر مارشل لا کی کوشش کی تو آزادی مارچ کا رخ ان کی طرف موڑ دیا جائے گا۔

محمود خان اچکزئی کا کہنا تھا کہ  نہ ہماری کسی سے ذاتی دشمنی ہے نہ کسی کی شکل سے شکایت ہے،  پاکستان دن بدن تنہا ہوتا جارہا ہے، اگر تمام ادارے یہ تہیہ کرلیں کہ ہم اپنی اپنی حدود میں رہیں گے تو پاکستان ٹھیک ہو سکتا ہے۔

محمود خان نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان کی تحریک کو مذہبی تحریک سے جوڑنا غلط ہے، فوری طور پر ایک گول میز کانفرنس بلائی جائے جس میں مولانا فضل الرحمان کو لانا میری ذمہ داری ہے، آئین کی بالادستی کے لیے ہم آزادی مارچ میں شامل ہوں گے۔

کراچی: جامعہ کراچی شعبہ نفسیات کے زیر اہتمام بریسٹ کینسر کے حوالے سے آگاہی سیمینار 17 اکتوبر کو ہوگا

جامعہ کراچی کے شعبہ نفسیات کے زیر اہتمام اور لیاقت نیشنل اسپتال کے اشتراک سے بریسٹ کینسر کے حوالے سے آگاہی سیمینار بروز جمعرات 17 اکتوبر2019 ءکو صبح 10:30 بجے ہوگا۔رئیسہ کلیہ فنون وسماجی علوم پروفیسر ڈاکٹر نسرین اسلم شاہ صدارت کریں گی

جبکہ دیگر مقررین میں ماہرنفسیات ڈاکٹر بتول،شعبہ نفسیات جامعہ کراچی کی چیئر پرسن پروفیسر ڈاکٹر قدسیہ طارق، بریسٹ کینسرسرجن ڈاکٹر روفینہ سومرو،سمراشاہد،ڈائریکٹر آئی ایف جی ملیحہ بھیم جی،لیاقت نیشنل اسپتال کی ایس رباب جعفری اور شعبہ نفسیات جامعہ کراچی کی سیمینار کوآرڈینیٹر ڈاکٹر ذی اسماءحنیف خان شامل ہیں۔

کراچی: آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی میں رائٹر حمیدہ کشش کا شعری مجموعہ ”محبت آگہی ہے کی تقریب رونمائی 17 اکتوبر 2019ءجمعرات شام7 بجے منظر اکبر ہال میں منعقد کی جارہی ہے ۔
 
تقریب کی صدارت پروفیسر سحر انصاری کریں گے ۔ مہمانان خصوصی و اعزازی صوبائی وزیر برائے امور خواتین سندھ محترمہ شہلا رضا، سعید الظفرصدیقی، ڈاکٹر شاداب احسانی،امجد حسین شاہ(پی ٹی وی)،ڈاکٹر غلام مصطفی سولنگی(پی ٹی وی)، محمد رفیق اور افسر سعید خان ہونگے ۔
 
اظہار خیال کرنے والوں میں ڈاکٹر فہیم شناس کاظمی، نغمانہ شیخ ، قادر بخش سومرو، سبین سیف اور حمیرا ثروت شامل ہیں۔منظوم اسد مرزا کریں گے اور تلاوت کلام پاک و نعت تاج علی رعنا پڑھیں گے۔