اتوار, 13 اکتوبر 2024
Reporter SS

Reporter SS

 
 
 
 
 
ہولی ووڈ کی سائیکولوجی تھرلر فلم ’جوکر‘ نے سینما گھروں پر قبضہ جما کر رکھا ہے، فلم اپنی ریلیز سے اب تک 55 ملین ڈالر کما چکی ہے۔
 
تفصیلات کے مطابق امریکی باکس آفس پر پرتشدد ولن جوکر کا راج برقرار ہے۔ ہالی ووڈ کی جرائم پر مبنی ڈرامہ فلم دوسرے ہفتے بھی کمائی کی دوڑ میں سب سے آگے رہی۔
 
اینی میٹڈ فلم ’دی ایڈمز فیملی‘ باکس آفس پر دوسرے اور ایکشن سے بھرپور فلم ’جیمنی مین‘ تیسرے نمبر پر رہی۔
 
فلم جوکر میں آرتھر فلیک نامی ایک شخص کی کہانی بتائی گئی ہے جو ذہنی بیماری کا شکار ایک کامیڈین ہے۔ ذاتی اور پیشہ ورانہ زندگی میں مشکلات کے باعث وہ جرم کا راستہ اختیار کر لیتا ہے۔
 
فلم میں پرتشدد مناظر موجود ہیں جس کے باعث اس پر تنقید کی جارہی ہے، تاہم اس پر کی جانے والی تنقید اور تنازعات ہی اس کی مقبولیت کا باعث بن رہے ہیں۔
 
فلم کے ہدایت کار ٹوڈ فلپس پر تنقید کی جارہی ہے کہ انہوں نے ایک پرتشدد شخص کو قابل ستائش انداز میں پیش کیا ہے، تاہم انہوں نے اور فلم کے مرکزی کردار کوائین فیونکس نے واضح طور پر کہا کہ وہ اس کے ذمہ دار نہیں کہ لوگ اس فلم کا کیا اثر لیتے ہیں۔
 
فلم کی ریلیز کے موقع پر حالات خرابی کا خدشہ بھی تھا یہی وجہ تھی کہ اس کی ریلیز کے موقع پر امریکا بھر میں سیکیورٹی ہائی الرٹ کردی گئی، تاہم ابھی تک اس فلم کے باعث ایسا کوئی پرتشدد واقعہ رونما نہیں ہوا۔
 
 
 
 
 
 
 
فیصل آباد: صوبہ پنجاب کے شہر فیصل آباد میں ڈینگی کے مزید 4 کیسز سامنے آگئے، فیصل آباد سے رواں سال 41 ڈینگی کیسز سامنے آئے۔
 
صوبہ پنجاب کے شہر فیصل آباد میں ڈینگی بخار میں مبتلا مزید 4 مریض الائیڈ اسپتال میں داخل کردیے گئے۔ مریضوں میں سائرہ، عبد الحق، عبد الرشید اور ولید شامل ہیں۔
 
اسپتال ذرائع کا کہنا ہے کہ رواں سال ضلع بھر سے ڈینگی کے 147 کیسز رپورٹ ہوئے۔ رپورٹ ہونے والے 41 مریضوں کا تعلق فیصل آباد سے ہے۔
 
فیصل آباد میں رواں سال ڈینگی وائرس سے 3 اموات ہوچکی ہیں۔
 
گزشتہ روز وفاقی انسداد ڈینگی سیل کی تیار کردہ رپورٹ وزارت صحت کو روانہ کی گئی ہے جس میں بتایا گیا کہ ڈینگی کیسز کی تعداد 28 ہزار سے بڑھ چکی ہے۔
 
رپورٹ میں کہا گیا کہ پنجاب میں 6 ہزار 269، سندھ میں 4 ہزار 858، پختونخواہ سے 5 ہزار5، قبائلی اضلاع سے 436، بلوچستان سے 2 ہزار 764 اور آزاد کشمیر سے 12 سو 95 ڈینگی کیسز رپورٹ ہوئے۔
 
ذرائع وزارت صحت کے مطابق ملک کے دیگر علاقوں سے 208 ڈینگی کیسز سامنے آئے ہیں، رواں سال گلگت بلتستان سے ڈینگی کا کوئی کیس سامنے نہیں آیا۔
 
وزارت صحت کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ رواں سال ملک میں ڈینگی سے 45 اموات ہوئیں۔ سندھ میں 16، وفاقی دارالحکومت میں 15، پنجاب میں 10، بلوچستان میں 3، اور آزاد کشمیر میں ڈینگی کے ایک مریض کی موت واقع ہوئی۔
 
 
 
 
 
 
 
 
بیجنگ: چینی صدر شی جن پنگ نے ہانگ کانگ میں جاری مظاہرے کے ردعمل میں مخالفین کو متنبہ کیا ہے کہ چین کے خلاف سازش کرنے والوں کی ہڈیاں توڑ دی جائیں گی۔
 
ہانگ کانگ میں گذشتہ چار ماہ سے چین اور حکومت مخالف مظاہروں کا سلسلہ جاری ہے، جس پر چینی حکام نے امریکا سمیت دیگر ممالک کو اس معاملے پر مداخلت سے خبردار کیا ہے۔
 
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق چینی صدر شی جن پنگ کا دورہ نیپال کے موقع پر کہنا تھا کہ ہانگ کانگ چین کا حصہ ہے، اسے توڑنے کے لیے بیرونی طاقتیں محنت کررہی ہیں لیکن یہ صرف ایک خواب ہے۔
 
ہانگ کانگ کے مختلف علاقوں میں مظاہروں کا سلسلہ تاحال جاری ہے، کئی علاقوں میں ٹرانسپورٹ کا نظام بند رہا جبکہ ریلوے لائن بھی جزوی طور پر متاثر رہی۔
 
ہانگ کانگ تنازعے کے باعث چین اور امریکا کے درمیان تجارتی جنگ میں بھی شدت آچکی ہے، حال ہی میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا تھا کہ اگر ایسی صورت حال رہی تو بات چیت کرنا مشکل ہوجائے گا۔
 
 
واضح رہے کہ رواں سال ستمبر میں انسانی حقوق پر نگاہ رکھنے والی بین الاقوامی تنظیم ایمنسٹی انٹرنیشنل کا کہنا تھا کہ ہانگ کانگ کی پولیس کی طرف سے جمہوریت نوازوں کے مظاہروں کے دوران طاقت کا غیرضروری استعمال جاری ہے۔
 
واضح رہے کہ ہانگ کانگ چین کا انتظامی علاقہ تصور کیا جاتا ہے، اسی سبب بیجنگ حکام نے امریکا سمیت دیگر ممالک کو خبردار کیا ہے کہ وہ ان کے اندرونی معاملات میں مداخلت سے گریز کریں۔
 
 
 
 
 
 
واشنگٹن: شام میں جاری ترک فوجی آپریشن کے تناظر میں امریکی حکام نے ترکی پر پابندی عائد کا فیصلہ کرلیا۔
 
امریکا کی جانب سے ترکی پر اقتصادی پابندیاں رواں ہفتے عائد کیے جانے کا امکان ہے، جس کی امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بھی تصدیق کردی۔
 
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ترکی کو متنبہ کیا ہے کہ امریکی محکمہ خزانہ پابندیاں لگانے کو تیار ہے، یہ پابندیاں سرکاری سطح پرہوں گی۔
 
ٹرمپ کا کہنا تھا کہ ملک میں کانگریس، ری پبلکن اور ڈیموکریٹس کی جانب سے ترکی پر اقتصادی پابندی عاید کرنے کے لیے شدید دباؤ ڈالا جارہا ہے، پابندی رواں ہفتے عاید کردی جائے گی۔
 
امریکی سیکریٹری خزانہ اسٹیون میونچن کا کہنا ہے کہ صدر ٹرمپ کی ہدایت پر ترکی پر اقتصادی پابندی عاید کی جائے گی، جس کا گہرا اثر انقرہ حکومت کی معیشت کو پہنچے گا۔
 
 
یاد رہے کہ گذشتہ دنوں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ترکی کو خبردار کیا تھا کہ اگر انقرہ حکومت کے خلاف معاشی پابندیاں لگانی پڑیں تو لگائیں گے۔
 
دریں اثنا صدر ٹرمپ نے اس بات کا بھی اقرار کیا کہ امریکا کے ترکی کے ساتھ بہت اچھے تعلقات ہیں، لیکن نہیں چاہتے تھے ترک فوج کے ہاتھوں بہت سے لوگ مارے جائیں۔
 
دوسری جانب ترک صدر رجب طیب اردوان نے عالمی دباؤ اور پابندی کی دھمکیوں کو مسترد کرتے ہوئے شام میں فوجی آپریشن جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔
 
 
 
 
 
پاکپتن: تعلیم کے حصول کا جذبہ اور لگن ہو تو کوئی بھی کٹھن مرحلہ رکاوٹ نہیں بن سکتا، ایسا ہی کچھ دیکھنے میں آیا صوبہ پنجاب میں جہاں ننھے طالب علم کشتی کے ذریعے اپنا تعلیمی سفر جاری رکھے ہوئے ہیں۔
 
پنجاب کے شہر پاکپتن میں ایسے باہمت بچے بھی ہیں جو سوفٹ لمبی نہر کشتی کے ذریعے طے کرکے روزانہ اسکول پہنچتے ہیں۔
 
پاکپتن کے علاقے کمہاری والا سے گزرنے والی 100 فٹ لمبی اور 400 فٹ گہری یہ وہ نہر ہے جہاں سے روزانہ سینکڑوں بچے اپنا تعلیمی سفر جاری رکھنے کے لیے کشتی پر اسکول جاتے، آتے ہیں۔
 
 
 
حکومت کی عدم توجہی اور پل کی عدم تعمیر کے باعث کئی دفعہ بچے کشتی سے گرکے زخمی بھی ہوئے، خدشہ ہے کہ کشتی ڈوبنے کے باعث بچوں کی جان بھی جاسکتی ہے۔
 
بغیر کسی حفاظتی انتظامات کے باعث طالب علموں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے، جبکہ بچوں کا اسکول تاخیر سے پہنچنا معمول بن چکا ہے۔
 
بچوں کے والدین اور اہل علاقہ کا کہنا ہے کہ حکومت معاملے کا نوٹس لے اور پل کی تعمیر کے لیے فوری طور پر اقدامات کیے جائیں اس سے پہلے کہ کوئی بڑے نقصان کا سامنا کرنا پڑے۔
 
 
 
 
 
 
کوئٹہ : بلوچستان یونیورسٹی میں طلبا کو بلیک میل اور ہراساں کرنے انکشاف پر سیکیورٹی برانچ کے افسر اورسرویلنس انچارج کو گرفتار کرلیا ، اہلکاروں سے ہراساں اور بلیک میلنگ کی ویڈیوز بھی برآمد ہوئیں ، ایف آئی اے نے کارروائی کے بعد کئی متاثرہ لڑکیوں نے رجوع کرلیا ہے۔
 
بلوچستان یونیورسٹی میں بلیک میلنگ کا بڑااسکینڈل ایف آئی نے بے نقاب کردیا، طلبا کو بلیک میل اور ہراساں کرنے پر یونیورسٹی کے سیکیورٹی برانچ کے افسر اور سرویلنس انچارج کو گرفتارکرکے ان کے قبضے سے بڑی تعداد میں ویڈیوز برآمد کرلی گئیں۔
 
خفیہ اطلاع پر ایف آئی نے گزشتہ ماہ یونیورسٹی کے سیکورٹی برانچ پر چھاپہ مارکر توچیف سیکورٹی آفیسر اور سرویلنس انچارج کو حراست میں لیا اور ان سے بڑی تعدادمیں ایسی ویڈیوز برآمد کیں ، جو بلیک میلنگ کے ذریعے بنائی گئی تھیں۔
 
دوران تفتیش معلوم ہوا کہ یونیورسٹی کے سیکورٹی برانچ میں سیکورٹی مقاصد کے لئے نصب کئے گئے خفیہ کیمروں سے ویڈیوز حاصل کرکے ملزمان بلیک میلنگ کے لئے استعمال کرتے تھے، بلیک میل کئے گئے طلبا میں زیادہ تعداد طالبات کی ہے۔
 
 
 
ذرائع نے دعوِی کیا ہے کہ کارروائی کے دوران وی سی کے پرسنل اسٹاف آفیسر سے بھی قابل اعتراض مواد برآمد کیا گیا، ایف آئی نے تفتیش کا دائرہ کار بڑھاتے ہوئےدو سو کے قریب اہلکاروں اور دیگر افراد کو بھی شامل تفتیش کرلی ہے۔
 
ایف آئی اے نے کارروائی کے بعد کئی متاثرہ لڑکیوں نے رجوع کیا تاکہ معلوم کیا جاسکے کہ اسکینڈل میں یونیورسٹی کے اعلیٰ عہدیدار تو ملوث نہیں۔
 
دوسری جانب ترجمان بلوچستان حکومت لیاقت شاہوانی کا کہنا ہے کہ ایسے واقعات سے طالبات میں خوف پھیلتا ہے، بلوچستان حکومت ایسے واقعات کو برداشت نہیں کرسکتی ، ایف آئی اے سائبر کرائم اس کیس کو دیکھ رہا ہے ، بلوچستان یونیورسٹی واقعے کی مکمل انکوائری ہوگی۔
 
لیاقت شاہوانی کا کہنا تھا کہ انکوائری کیلئے ایف آئی اے سائبر کرائم سے تعاون کریں گے ، بلوچستان یونیورسٹی واقعے کے ملزمان کو نشان عبرت بنائیں گے، ایف آئی اے قوانین موجودہیں معاملہ عدالت میں ہے، خواتین کو ہراساں کرنے کے واقعے پر سخت کارروائی ہوگی اور بلوچستان حکومت اپنے بچوں، بچیوں کیلئے معاملے پرقانون بھی منظور کرائے گی۔
کراچی: پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو کا کہنا ہے کہ ہمیں آج تک بینظیر کیس میں انصاف فراہم نہیں کیا گیا، پیپلز پارٹی کو معاشی، انسانی اور جمہوریت کے حقوق کا تحفظ کرنا ہے۔
 
چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سنہ 1973 کے آئین اور 18 ویں ترمیم کے لیے کارکنان نے قربانی دی، ہمیں آج تک بینظیر کیس میں بھی انصاف فراہم نہیں کیا گیا۔
 
بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی ایسے منصوبے لائی جو غریب کے لیے ہیں، صوبے کے حقوق اور وسائل سلب کرنے کی کوشش ہو رہی ہے۔ یہ لوگ سندھ کے دارالحکومت پر بھی قبضہ کرنا چاہتے ہیں۔
 
انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کو معاشی، انسانی اور جمہوریت کے حقوق کا تحفظ کرنا ہے، ہم آواز نہیں بنیں گے تو ملک دشمن آپ کے حقوق سلب کرتے رہیں گے۔
 
بلاول کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی کی معاشی پالیسی ہمیشہ غریب دوست ہوتی ہے، عوام نے پیپلز پارٹی کا ساتھ دینا ہے۔ یہ حکومت کسی کو نہیں چھوڑ رہی، پورا ملک سراپا احتجاج ہے۔ ہر ادارے سے نوجوانوں کو بے روزگار کیا جا رہا ہے۔
 
انہوں نے کہا کہ ہم کراچی میں جلسہ کریں گے، کراچی کے بعد تھر پارکر میں جلسہ کریں گے۔ تھر پارکر سے پنجاب اور پھر پختونخواہ میں بھی جلسہ کریں گے۔ ہم نے مل کر عام آدمی کی حکومت بنانی ہے جو عوام کا خیال رکھے۔
 
بلاول کا کہنا تھا کہ 17 تاریخ کو الیکشن ہے آپ سب نکلیں گے اور ہم جیتیں گے، 18 اکتوبر سے عوامی جدوجہد کا سفر شروع ہوگا۔ پورے پاکستان میں آپ کا پیغام لے کر جائیں گے۔ عوام اپنے معاشی اور جمہوری حقوق پر سمجھوتہ کرنے کو تیار نہیں۔ میں یقین سے کہتا ہوں ہم عوامی مسائل حل کر سکتے ہیں۔
 
 
 
 
 
لاہور: احتساب عدالت میں مسلم لیگ ن کے رہنما خواجہ سعد رفیق اور خواجہ سلمان رفیق کے خلاف پیراگون ہاؤسنگ اسیکنڈل کیس کی سماعت جاری ہے۔
 
احتساب عدالت کے معزز جج جوادالحسن خواجہ برادران کے خلاف پیراگون ہاؤسنگ اسکینڈل کیس کی سماعت کررہے ہیں۔ جیل حکام نے نامزد ملزم خواجہ سعد رفیق اورسلمان رفیق کو عدالت کے سامنے پیش کردیا۔
 
خواجہ برادران کی احتساب عدالت میں پیشی کے موقع پر سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں، سڑکوں کو کنٹینرز لگا کر عام ٹریفک کے لیے بند کر دیا گیا ہے۔
 
واضح رہے 11 دسمبر 2018 کو لاہور ہائی کورٹ نے مسلم لیگ ن کے رہنماؤں خواجہ سعد رفیق اور ان کے بھائی سلمان رفیق کی عبوری ضمانت خارج کردی تھی، جس کے بعد قومی احتساب بیورو (نیب) نے دونوں بھائیوں کو حراست میں لے لیا تھا۔
 
نیب نے گرفتاری کے اگلے روز ہی خواجہ برادران کو لاہور کی احتساب عدالت میں پیش کیا تھا جہاں عدالت نے خواجہ سعد رفیق اور سلمان رفیق کو 10 روزہ جسمانی ریمانڈ پر نیب کے حوالے کیا تھا۔
 
خواجہ برادران کو پیراگون ہاؤسنگ اسکینڈل میں گرفتار کیا گیا ہے جبکہ دونوں بھائی پیراگون ہاؤسنگ اسکینڈل سمیت 3 مقدمات میں نیب کو مطلوب تھے۔
 
 
 
 
 
 
فیصل آباد: قومی ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے کہا ہے کہ ٹیم کے دروازے سب کے لیے کھلے ہیں۔
 
نیشنل ٹی ٹوینٹی ٹورنامنٹ کی چمچماتی ٹرافی کی فیصل آباد میں رونمائی کی گئی، نئے ڈومیسٹک اسٹرکچر کے تحت ٹورنامنٹ میں چھ ٹیمیں شرکت کریں گی۔
 
نیشنل ٹی ٹوینٹی ٹورنامنٹ کل سے فیصل آباد میں شروع ہورہا ہے، ٹورنامنٹ کے انعقاد سے قبل تمام ٹیموں کا اعلان کردیا گیا ہے، سرفراز احمد سندھ کی ٹیم کی قیادت کررہے ہیں۔
 
اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سرفراز احمد نے کہا کہ نیشنل ٹی ٹوینٹی میں اچھا پرفارم کرکے کھلاڑی دورہ آسٹریلیا اور پی ایس ایل میں سلیکشن کے مضبوط امیدوار بن سکتے ہیں۔
 
 
نیشنل ٹی ٹوینٹی ٹورنامنٹ میں 6 ٹیمیں روبن فارمیٹ کے تحت مدمقابل آئیں گی، ہر ٹیم دوسرے ریجن کی ٹیم سے میچ کھیلے گی، ایک ٹیم ٹوٹل پانچ میچ کھیلے گی، ٹاپ دو ٹیمیں فائنل میچ میں 14 اکتوبر کو مدمقابل آئیں گی۔
 
نیشنل ٹی ٹوینٹی ٹورنامنٹ میں آمدنی میں 100 فیصد اضافہ کردیا گیا ہے، گزشتہ سال فائنل کی انعامی رقم 25 لاکھ تھی جسے اب بڑھا کر پچاس لاکھ کردیا گیا ہے۔
 
ایونٹ کے بہترین بیٹسمین، بولر اور وکٹ کیپر کو 1،1 لاکھ کی انعامی رقم دی جائے گی، قومی ٹی 20 کپ کا بہترین کھلاڑی بھی ایک لاکھ روپے کی انعامی رقم وصول کرے گا۔
 
پی سی بی کے اعلامیے کے مطابق پلیئر آف دی فائنل کو 35 ہزار روپے انعام دیا جائے گا، ایونٹ کے دوران مین آف دی میچ کے لیے 25 ہزار روپے بہ طور انعام مقرر کیے گئے ہیں۔
 
پلیئنگ الیون میں شامل ہر کھلاڑی 40 ہزار روپے بہ طور میچ فیس وصول کرے گا، نان پلیئنگ الیون میں شامل کھلاڑی 16 ہزار روپے میچ فیس وصول کریں گے۔