اتوار, 13 اکتوبر 2024
Reporter SS

Reporter SS

اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان کی ریاض سے مدینہ منورہ آمد ۔ مدینہ منورہ ایئر پورٹ پر مدینہ کے گورنر شہزادہ فیصل بن سلمان بن عبدالعزیز آل سعود نے وزیراعظم عمران خان کا استقبال کیا ۔
 
وزیراعظم عمران خان اپنے وفد کے ہمراہ روضئہ رسول ؐ پر حاضری دیں گے اور نوافل ادا کریں گے۔

پیرس: فنانشنل ایکشن ٹاسک فورس (ایف اے ٹی ایف) نے پاکستان کو بلیک لسٹ میں ڈالنے کا بھارتی مطالبہ مسترد کر دیا۔

ذرائع کے مطابق پیرس میں ایف اے ٹی ایف کا اجلاس جاری ہے جس میں وفاقی وزیر حماد اظہر کی قیادت میں پاکستانی وفد شریک ہے۔ اجلاس میں مزید 2دن پاکستان کے اقدامات زیر غور آئیں گے اور 19 اکتوبر کو حتمی فیصلہ متوقع ہے۔

پاکستان کی جانب سے مثبت اقدامات کے بعد خطرات کم ہو گئے ہیں۔ ایف اے ٹی ایف نے منی لانڈرنگ اور دہشتگردی کی مالی معاونت کے خلاف پاکستان کی نئی رسک اسیسمنٹ اسٹڈی پر اظہار اطمینان کیا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان کو گرے لسٹ سے نکلنے کیلئے بارہ ارکان کے ووٹ چاہئیں۔ سرکاری ذرائع کے مطابق پاکستان کے بلیک لسٹ میں جانے کا کوئی امکان نہیں ہے۔

اسلام آباد ہائی کورٹ نے مولانا فضل الرحمان کے آزادی مارچ اور دھرنے کے خلاف درخواستوں کو نمٹاتے ہوئے مقامی انتظامیہ کو اس معاملے کا فیصلہ کرنے کا حکم دیا ہے۔

اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس اطہر من اللہ نے مولانا فضل الرحمان کے آزادی مارچ اور دھرنے کے خلاف مقامی وکیل کی درخواست سمیت دیگر درخواستوں کی سماعت کی۔

چیف جسٹس نے استفسار کیا کہ اس درخواست میں آپ کی استدعا کیا ہے ؟ جس پر درخواست گزار نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان نے حکومت کے خلاف آزادی مارچ کا اعلان کر رکھا ہے جس پر پابندی لگائی جائے۔

عدالت نے وکیل سے پوچھا کہ کیا آپ حکومت کی طرف سے پیش ہوئے ہیں؟۔ وکیل نے جواب دیا کہ میں عام شہری کے طورپرپیش ہوا ہوں۔ اس پر عدالت نے ریمارکس دیے کہ آپ کے دلائل سے لگ رہاہے آپ حکومت کی طرف سے پیش ہوئے ہیں۔

چیف جسٹس نے استفسار کیا کہ کیا آپ یہ کہنا چاہتے ہیں کہ ان کو احتجاج کا حق حاصل نہیں، احتجاج کسی بھی شہری کا بنیادی حق ہے جسے ختم نہیں کیا جاسکتا، دنیا بھر میں کوئی عدالت احتجاج کے حق کو ختم نہیں کرسکتی، شہریوں کو پالیسی کے خلاف احتجاج کا حق ہوتا ہے جمہوری حکومت کے خلاف نہیں۔

اسلام آباد ہائیکورٹ نے آزادی مارچ کیخلاف درخواستیں نمٹاتے ہوئے مقامی انتظامیہ کو معاملہ دیکھنے کا حکم دیا۔ عدالت نے حکم دیا کہ اسلام آباد انتظامیہ دھرنے کی اجازت سے متعلق درخواست کو قانون کے مطابق نمٹائے، انتظامیہ احتجاج کرنے والوں اور نہ کرنے والوں دونوں کے حقوق کا تحفظ کرے۔

چیف جسٹس اطہر من اللہ نے کہا کہ دھرنے والوں نے چیف کمشنر سے رجوع کیا ہے لہذا انتظامیہ کو اس پر فیصلہ کرنے دیں، پی ٹی آئی کو 2014 میں اسی عدالت نے احتجاج کی اجازت دی، تب بھی انتظامیہ کو کہا تھا کہ احتجاج کرنے والوں کے حقوق کو یقینی بنائیں، مقامی انتظامیہ اس بار دھرنے کی درخواست کا فیصلہ کرتے ہوئے عدالتی فیصلے مدنظر رکھے۔

کراچی: تحریک آزادی کے سرکردہ رہنما اورپاکستان کے پہلے وزیراعظم لیاقت علی خان کا 68 واں یوم شہادت آج انتہائی عقیدت سے منایا جا رہا ہے، ۔
 
لیاقت علی خان نے سن 1896ء میں بھارت کے علاقے کرنال کے نواب رستم علی خان کے گھر آنکھ کھولی، انھوں نے سن 1918ء میں علی گڑھ یونیورسٹی سے گریجویشن کیا۔ بعد ازاں برطانیہ کی آکسفورڈ یونیورسٹی سے قانون کی ڈگری حاصل کی۔
 
لیاقت علی خان کو زمانہ طالب علمی سے ہی برصغیر کے مسلمانوں کی دگرگوں حالات کا اندازہ تھا۔ یہی وجہ تھی کہ انھوں نے سن 1923ء میں عملی طور پر سیاست کے میدان میں قدم رکھا اور1936ء میں مسلم لیگ کے سیکریٹری جنرل منتخب ہوئے۔
 
یوں انھوں نے قائد اعظم کا دست راست بن کر مسلمانوں کے لیے ایک علیحدہ وطن حصول کے لیے شب وروز کام کیا، قائد ملت لیاقت علی خان کو پاکستان کی سیاسی تاریخ کے بنیادی کردار کی حیثیت حاصل ہے۔ ان کا شمار پاکستان کے صف اول کے رہنماؤں اور معماران وطن میں ہوتا ہے۔
 
تحریک آزادی کے دوران لیاقت علی خان قدم قدم پر قائداعظم کے ساتھ رہے، انہی کی کوششوں سے 1941ء کے انتخابات میں کانگریس کے مقابلے میں مسلم لیگ کو مسلمانوں نے ووٹ دیا اور بعد ازاں ان ہی انتھک کاوشوں کے نتیجے میں 14 اگست 1947ء کو دنیا کے نقشے پر ایک نیا ملک پاکستان کے نام سے معرض وجود میں آیا۔
 
سولہ اکتوبر 1951ء کو راولپنڈی کے لیاقت باغ میں جلسہ عام سے خطاب کے دوران سید اکبرنامی شخص نے لیاقت علی خان پر گولیاں چلادیں۔ جس کے بعد زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے انھوں نے جام شہادت نوش کرلیا تھا، انہیں قائد ملت اور شہید ملت کے خطابات سے نوازا گیا۔

 پشاور: چترال کے علاقے راغ لیسٹ کے مقام پر ٹریفک حادثے میں 6 افراد جاں بحق اور 8 زخمی ہوئے ہیں۔

چترال کے علاقے تشمیر جانے والی مسافر کو کو راغ لیسٹ کے مقام پر المناک حادثہ پیش آیا جس کے نتیجے میں 6 افراد جاں بحق اور 8 زخمی ہوگئے ہیں، زخمیوں کو بونی چترال کے اسپتال میں منتقل کیا جارہا ہے۔

پولیس کے مطابق مسافر کوچ ڈرائیور سے بے قابو ہوکر گہری کھائی میں جاگری، جاں بحق ہونے والے 6 افراد کو دریا سے نکال دیا گیا۔ اسپتال ذرائع کا کہنا ہے کہ جاں بحق افراد کی تعداد میں اضافہ ہونے کا خدشہ ہے۔

چترال: برطانوی شہزادہ ولیم اور شہزادی کیٹ مڈلٹن پاکستان کے دورے کے تیسرے روز خیبر پختونخوا کے علاقے چترال پہنچ گئے۔
 
شہزادہ ولیم اور شہزادی کیٹ مڈلٹن چترال میں خصوصی ثقافتی شو میں شرکت کریں گے اور مقامی افراد سے بھی ملاقاتیں کریں گے۔ شہزادی کیٹ نے ساس شہزادی ڈیانا کے نقش قدم پر چلتے ہوئے مور کے پروں سے سجی خوبصورت چترالی ٹوپی پہن رکھی ہے۔
 
1991 میں شہزادی ڈیانا نے بھی چترال کا دورہ کیا تھا۔ اس موقع پر انہوں نے پرندے کے پر سے سجی روایتی چترالی ٹوپی پہنی تھی۔
 
برطانوی شاہی جوڑا پیر کو پاکستان پہنچا ہے اور 18 اکتوبر کو وطن واپس روانہ ہوگا۔ شاہی مہمان لاہور کا دورہ بھی کریں گے۔ گزشتہ 10 سال میں کسی برطانوی شاہی جوڑے کا یہ پہلا دورہ پاکستان ہے۔
 
 
 
 
 
 
 
کراچی : محمکہ موسمیات نے پیش گوئی کی ہے کہ کراچی میں اس سال کڑاکے کی سردی پڑے گی اورنومبر کے وسط تک موسم سرد ہونے کا امکان ہے۔
 
محکمہ موسمیات نے کراچی میں اس بارسردی جلد آنے کی پیشگوئی کرتے ہوئے کہا ہے کہ سردی گزشتہ برسوں کے مقابلے میں زیادہ ہوگی۔
 
محکمہ موسمیات کے مطابق شمال مغرب کی جانب ہوا کا زیادہ دباؤ موجود ہے اور ہوا کا زیادہ دباؤ یعنی پریشر گریڈینٹ اچھی سردیوں کے لیے موزوں ہے، پریشر گریڈینٹ شمالی بلوچستان میں موجود ہے۔
 
محکمہ موسمیات کے حکام نے بتایا کہ پریشر گریڈینٹ کی وجہ سے شمال کی جانب سے ہوائیں چلنے کی صورت میں کراچی میں موسم خنک ہوسکتا ہے اور نومبر کے وسط تک موسم سرد ہونے کا امکان ہے۔
 
دوسری جانب محکمہ موسمیات کے مطابق آج ملک کے بیشتر حصوں میں موسم خشک رہے گا جبکہ شمالی علاقہ جات میں موسم سرداور خشک رہنےکا امکان ہے، آج اسلام آباد میں مطلع جزوی طور پر ابرآلود رہے گا۔
 
کراچی لاہور، کوئٹہ اور پشاور میں مطلع صاف اور موسم خشک رہنے کا امکان ہے ، محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ مری اور شمالی علاقہ جات اور بالائی علاقوں میں کہیں کہیں بادل چھائے رہیں گے۔
 
 
 
 
 
کراچی: بلین مارکیٹ میں سونے کی قیمت میں کوئی ردوبدل نہیں ہوا جس کے باعث مقامی صرافہ بازاروں میں بھی قیمتیں مستحکم رہیں۔
 
تفصیلات کے مطابق انٹرنیشنل مارکیٹ میں ٹریڈنگ کے دوران سونے کی فی اونس قیمت میں کوئی ردوبدل نہیں ہوا اور سونا 1494 ڈالر فی اونس کی سطح پر بند ہوا۔
 
آل پاکستان جیولرز ایسوسی ایشن کے چیئرمین محمد ارشد کے مطابق بین الاقوامی مارکیٹ میں ردوبدل نہ ہونے کی وجہ سے مقامی صرافہ بازاروں میں بھی قیمتیں مستحکم رہیں۔
 
کراچی، حیدرآباد، سکھر، لاہور، ملتان، فیصل آباد، کوئٹہ، پشاور، اسلام آباد، روالپنڈی کے بازاروں میں سونے کی فی تولہ اور دس گرام کی خریدو فروخت بالترتیب 87 ہزار اور 74 ہزار 589 پر ہوئی۔
 
اسٹاک ایکسچینج
 
دوسری جانب اسٹاک ایکسچینج میں بھی مندی دیکھی گئی اور 100 انڈیکس 102 پوائنٹس کمی کے بعد 34 ہزار 83 پوائنٹس پر بند ہوا، ٹریڈنگ کے دوران 5 ارب 30 کروڑ روپے مالیت کے 15 ارب 64 کروڑ شیئرز کی لین دین ہوئی۔
 
انٹر بینک ڈالر
 
انٹربینک میں ڈالر کے مقابلے میں روپے کی پوزیشن مضبوط رہی اور دو پیسے کمی کے بعد ڈالر 156.05 پیسے پر بند ہوا۔
 
 
 
 
 
 
انقرہ: ترکی کے صدر رجب طیب اردوان نے مشرقی شام میں بڑے پیمانے پر جاری فوجی آپریشن ختم کرنے کا امریکی مطالبہ مسترد کردیا۔
 
صدر رجب طیب اردوان نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو واضح جواب دیتے ہوئے کہا ہے کہ شام میں جنگ بندی نہیں کریں گے۔
 
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق اردوان کا کہنا تھا کہ امریکا کی طرف سے عائد پابندیوں سے خوفزدہ نہیں، کرد جنگجوؤں کے خلاف فوجی کارروائیاں شام میں جاری رہیں گی۔
 
انہوں نے واشنگٹن حکام کو واضح کردیا کہ ترکی اقتصادی پابندیوں کے باعث دباؤ میں نہیں آئے گا، اپنے مقصد کے حصول کے لیے اپنا مشن جاری رکھیں گے۔
 
خبر ایجنسی کے مطابق ترکی کی جانب سے سرحد سے متصل شامی علاقے کو محفوظ بنانے کے لیے کارروائی جاری ہے، ترکی اپنی سرحد سے شام کے اندر بیس میل تک محفوظ علاقہ قائم کرکے شامی مہاجرین کو بسانا چاہتا ہے۔
 
 
خیال رہے کہ گذشتہ روز امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ترکی کے خلاف پابندیوں کا حکم نامہ جاری کیا ہے، امریکا نے ترک وزیردفاع، وزیرداخلہ اور وزیرتوانائی پر پابندی عائد کردی۔
 
یاد رہے کہ گزشتہ دنوں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ترکی کو خبردار کیا تھا کہ اگر انقرہ حکومت کے خلاف معاشی پابندیاں لگانی پڑیں تو لگائیں گے۔
 
 
 
 
نئی دہلی: چالیس دن سے جاری بابری مسجد کیس کی سماعت بھارتی سپریم کورٹ میں آج ختم ہونے کا امکان ہے۔
 
بابری مسجد سے متعلق سماعت آج ختم ہوجائے گی تاہم کیس کا فیصلہ17نومبر سے قبل سنائے جانے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
 
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق بھارتی سپریم کورٹ کے چیف جسٹس راجن گگوئی نے اس بات پر زور دیا تھا کہ بابری مسجد کی جگہ رام مندر تعمیر کرنے سے متعلق کیس میں فریقین 18 اکتوبر تک دلائل مکمل کرلیں، تاہم اب سماعت آج ختم ہونے کا امکان ہے۔
 
بھارتی سپریم کورٹ کا پانچ رکنی بینچ بابری مسجد، رام مندر زمینی تنازع سے متعلق کیس کی سماعت کر رہا ہے جس کی سربراہی چیف جسٹس راجن گگوئی کر رہے ہیں۔
 
راجن گگوئی کی مدت ملازمت 17 نومبر میں ختم ہونے جا رہی ہے اور ایسی صورت حال میں ان کی جانب سے دی گئی کیس کی ڈیڈ لائن بہت زیادہ اہمیت کی حامل تھی۔
 
بابری مسجد کیس کا فیصلہ 9 ماہ میں سنانے کا حکم
 
بھارتی چیف جسٹس کا کہنا تھا کہ اگر ہم نے 4 ہفتوں میں کیس کا فیصلہ سنا دیا تو یہ کسی معجزے سے کم نہیں ہوگا۔ سپریم کورٹ کے بینچ کی جانب سے بھی کہا گیا تھا کہ دیوالی کی چھٹیوں کو مد نظر رکھتے ہوئے فریقین اپنے دلائل 18 اکتوبر تک مکمل کرلیں۔
 
واضح رہے کہ بابری مسجد کی جگہ رام مندر تعمیر کرنے سے متعلق کیس میں فریقین کے مسئلے کے حل کے لیے کسی نقطے پر متفق نہ ہونے کے بعد 6 اگست کو سپریم کورٹ کے چیف جسٹس کی سربراہی میں 5 رکنی بینچ قائم کیا گیا تھا۔