پیر, 14 اکتوبر 2024
Reporter SS

Reporter SS

 
نیویارک: پاکستانی سفیر ڈاکٹر ملیحہ لودھی کا کہنا ہے کہ اقوام متحدہ مسئلہ کشمیر پر تاریخی کردار کی ذمہ داری نبھائے،عالمی برادری کشمیریوں کی حق خودارادیت کے لیے کردار ادا کرے۔
 
اقوام متحدہ میں پاکستانی مندوب ڈاکٹرملیحہ لودھی نے اقوام متحدہ جنرل اسمبلی کی صدر ماریہ فرنینڈا سے ملاقات کی اور انہیں مقبوضہ کشمیر کی صورت حال سے آگاہ کیا۔
 
ڈاکٹر ملیحہ لودھی نے کہا کہ بھارت نے کشمیریوں کی تمام آزادی سلب کررکھی ہے، بھارت کے غاصبانہ تسلط نے کشمیریوں کو اندھیرے میں دھکیل دیا۔
 
پاکستانی سفیر نے کہا کہ اقوام متحدہ مسئلہ کشمیر پر تاریخی کردار کی ذمہ داری نبھائے،عالمی برادری کشمیریوں کی حق خودارادیت کے لیے کردار ادا کرے۔
 
یاد رہے کہ گزشتہ دنوں اقوام متحدہ میں پاکستانی سفیر ملیحہ لودھی نے امریکی نشریاتی ادارے کو انٹرویو میں کہا تھا کہ مودی سرکار طاقت سے کشمیری عوام کو زیرتسلط نہیں رکھ سکے گی۔
 
پاکستانی سفیر کا کہنا تھا کہ پوری ریاست میں کرفیو لگانا ثبوت ہے بھارتی اقدام غیرقانونی ہے، جب بھی کرفیو اٹھا کشمیری عوام بھارت کونکل جانے کا ہی کہیں گے۔

مظفرآ باد: باکسر عامر خان نے کشمیریوں سے اظہاریکجہتی کے لیے لائن آف کنٹرول کا دورہ کیا اور مقامی لوگوں سے ملاقات کی۔

کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے لیے باکسر عامر خان نے لائن آف کنٹرول کا دورہ کیا اور مقامی لوگوں سے ملاقات کی، عامر خان چناری اور چکوٹھی بازار سے گزرتے ہوئے لوگوں کو ہاتھ ہلا کرسلام کرتے رہے، عالمی باکسنگ چیمپئن عامر خان نے پاک فوج اور ڈی جی آئی ایس پی آر سے خصوصی اظہار تشکر بھی کیا ہے۔

پاکستانی نژاد عالمی چیمپئن باکسر عامر خان کا کہنا ہے کہ کشمیریوں کی آواز بننے کیلئے لائن آف کنٹرول کا دورہ کر رہا ہوں، اقوام متحدہ چارٹر کی خلاف ورزیوں، کشمیریوں کی نسل کشی کے خلاف آواز بنوں گا۔

اسلام آباد: رواں مالی سال وفاقی ترقیاتی بجٹ میں 20سے زائد وزارتوں اور خصوصی پروگراموں کے لیے ایک پائی فنڈ بھی جاری نہ کیا جا سکا۔

رواں مالی سال کے ڈیڑھ ماہ سے زائد گزرنے کے باوجود وفاقی ترقیاتی بجٹ میں وزارت موسمیاتی تبدیلی، دفاعی پیداوار، بحری امور، آبی وسائل سمیت 20سے زائد وزارتوں اور خصوصی پروگراموں کے لیے ایک پائی فنڈ بھی جاری نہ کیا جا سکا۔

وزیر اعظم یوتھ ہنرمند پروگرام، فیڈرل ڈویلپمنٹ پروگرام سمیت متعدد خصوصی پروگراموں کیلیے وفاقی ترقیاتی پروگرام میں رکھے جانے فنڈزمیں سے تاحال ایک پائی فنڈ بھی استعمال میں نہیں لایا گیا۔

 پی ایس ڈی پی دستاویز کے مطابق وفاقی ترقیاتی پروگرام کی مد میں مختص 701ارب روپے میں سے اب تک صرف وفاقی وزارتوں اور اداروں کیلیے 50ارب 44کروڑ جاری کیے جا سکے ہیں۔
 
 
 
 
 
 
واشنگٹن : امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے قدرتی طوفانوں کو طاقت کے زور پر روکنے کی خواہش کا اظہار کرکے سب کو حیران کردیا ہے اور کہا ہے کہ امریکا کو نقصان پہنچانے والے سمندری طوفانوں کو جوہری بم سے ختم کردیا جائے۔
 
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے قدرتی آفات سے نمٹنے والے ایک اعلیٰ سطحی اجلاس کے دوران امریکی ہوم سیکیورٹی اور دفاع کے ماہرین سے تجویز مانگی کہ کیا امریکا کی جانب آنے والے سمندری طوفانوں کو جوہری بم سے روکا جا سکتا ہے؟
 
ذرائع کے مطابق ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے طوفان کو جوہری بم سے روکنے کے سوال پر اجلاس میں شامل تمام ماہرین اور اعلیٰ عہدیدار حیران رہ گئے اور انہوں نے چند منٹوں کی خاموشی کے بعد صدر کو بتایا کہ وہ ان کی تجویز پر سوچیں گے۔
 
ٹرمپ نے دوران اجلاس کہا کہ متعدد ہریکین طوفان امریکا کے لیے مسائل پیدا کرتے ہیں اور اگر انہیں امریکی حدود میں داخل ہونے سے قبل ہی جوہری بم سے ختم یا روکا جائے تو اس کی کامیابی کے کتنے امکانات ہیں؟
 
رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا کہ ڈونلڈ ٹرمپ نے یہی تجویز صدر منتخب ہونے کے ایک سال بعد 2017 میں بھی دی تھی اور ماہرین سے پوچھا تھا کہ قدرتی طوفانوں کو نیوکلیئر بم یا دیگر ہتھیاروں سے روکا جا سکتا ہے۔
 
خیال رہے سمندری طوفانوں سے متعلق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی تجویز نئی نہیں ، یہ تجویز 1950 کی دہائی میں ایک حکومتی سائنسدان نے بھی پیش کی تھی۔
یہ تجویز اس کے بعد بھی سامنے آتی رہی لیکن سائنسدان اس بات پر متفق تھے کہ ایٹم بم گرا کر طوفانوں کو نہیں روکا جا سکتا۔
 
 
 
 
 
 
نیویارک: وزیراعظم آزاد کشمیر راجہ محمد فاروق حیدر کا کہنا ہے کہ انتہاء پسند بھارتی وزیر اعظم نے خطے کا امن خطرے میں ڈال دیا ہے، تارکین وطن مل کر مظلوم کشمیریوں کے لیے آواز اٹھائیں۔
 
اپنے ایک بیان میں وزیراعظم آزاد کشمیر کا کہنا تھا کہ مقبوضہ وادی میں انسانیت کو کچلنے کی مثال انسانی تاریخ میں نہیں ملتی، مقبوضہ کشمیر کے عوام مکمل طور پر محصور ہیں ان کو گھروں میں قید کر دیا گیا ہے، مقبوضہ کشمیر میں مکمل لاک ڈاﺅن ہے۔
 
انہوں نے کہا کہ تارکین وطن کشمیری اپنے بھائیوں کے سفیر بن کر ان کی آواز کو دنیا تک پہنچائیں، سیاسی تفریق کا بالائے طاق رکھتے ہوئے کشمیریوں کے مسئلے اور بھارتی عزائم سے دنیا کو آگاہ کریں، مقبوضہ کشمیر کی حالیہ صورتحال پر سخت تشویش ہے، 21روز سے وہاں فون اور انٹرنیٹ سمیت دیگر ذرائع ابلاغ معطل ہیں اور وہاں کھانے پینے کی اشیاء بھی ناپید ہوگئی ہیں۔
 
راجہ فاروق حیدر نے کہا کہ مسئلہ کشمیر اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل طلب مسئلہ ہے، جس پرسلامتی کونسل کی قراردادیں موجود ہیں، کشمیریوں کو سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق رائے شماری کا دیا جائے۔
 
کشمیر پر وزیر اعظم کے قوم سے خطاب کا خیر مقدم کرتی ہوں: مشال ملک
 
وزیر اعظم آزاد کشمیر کا کہنا تھا کہ تارکین وطن ہمارا اثاثہ ہیں جو بیرون ممالک میں ہمارے سفیر ہیں، تارکین وطن نے ہمیشہ کشمیریوں کی آواز کو بلند کیا ہے اور دنیا کے سامنے بھارتی عزائم کو بے نقاب کیا ہے، اب وقت آگیا ہے کہ کشمیر کے مسئلے کا حل کیا جائے۔
 
ان کا مزید کہنا تھا کہ مقبوضہ کشمیر میں انسانی تاریخ کے بدترین مظالم ڈھائے گئے، نوجوانوں کو پیلٹ گنوں سے اندھا کر کے ان کی بینائی چھینی گئی، عورتوں کی عصمت دریاں کی گئی۔
 
 
 
 
کراچی: پاک سرزمین پارٹی کے سربراہ مصطفیٰ کمال کا کہنا ہے کہ صفائی کے معاملے میں جس جس کی ذمہ داری ہے اسے میری بات ماننی پڑے گی، ڈسٹرکٹ سینٹرل میں کچرے کے پہاڑ موجود ہیں۔
 
مصطفیٰ کمال کا اصغر علی شاہ اسٹیڈیم میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ میئرصاحب کی آٖفر قبول کرلی، خلوص سے مسئلہ حل کروں گا، میں ٹھنڈے کمرے میں بیٹھ کر فیصلے کرنے والا آدمی نہیں ہوں، مسائل روڈ پر ہیں، ٹھنڈے کمرے میں بیٹھ کر کیا کام ہوگا۔
 
انہوں نے کہا کہ جب سے میں نے پیشکش قبول کی ہے ہزاروں لوگ جڑگئے ہیں، لوگ مجھ سے پوچھ رہے ہیں آپ بتائیں ہمیں کیا کرنا ہے، میں نے لوگوں کو منع کردیاہے کہ یہ کام سٹی ڈسٹرکٹ گورنمنٹ کا ہے، میئرکراچی میرا باس ہے، میں میئر کے نیچے کے لوگوں کا باس ہوں، فنڈنگ یاچندہ نہیں مانگ رہا، دستیاب وسائل میرے اختیار میں آنے چاہئیں۔
 
مصطفیٰ کمال نے تین ماہ میں‌ کراچی صاف کرنے کا چیلنج قبول کرلیا
 
مصطفیٰ کمال کا کہنا تھا کہ کراچی کے لوگ اسی وقت سوتے تھے جب میں ان کے لئے رات بھر جاگتا تھا، میئرصاحب اب آپ کو راتیں میرے ساتھ جاگنا پڑیں گی، میئرصاحب 3 ماہ کیلئے میرے باس ہیں، ان کی عزت کی جائے، 3ماہ کیلئے ایمرجنسی ہے، شہر کا برا حال ہے، سب کو دن رات کام کرنا ہے۔
 
سابق سٹی میئر نے کہا کہ جب کوئی اپنی رات قربان کرتا ہے تب ہی کراچی کے لوگ سو سکتے ہیں، کراچی والو، مجھے اب بھوک، پیاس اور نیند نہیں آئے گی، میئرصاحب اپنے افسران کو ہر حال میں میرے ماتحت کرنا ہے، افسران کہہ رہے ہیں ہمیں میئر نے منع کردیا ہے۔
 
میئر کراچی نے مصطفیٰ کمال کو پروجیکٹ ڈائریکٹر گاربیج تعینات کردیا
 
ان کا مزید کہنا تھا کہ موجودہ وسائل اور پیسہ دے دیں کراچی صاف ہو جائے گا، اربوں روپے ماہانہ ملازمین کو تنخواہوں کی مدمیں جارہے ہیں، اگر ملازمین ہی سڑکوں پر آجائیں تو کافی بہتری آسکتی ہے، کراچی کے 6 میں سے 4اضلاع میں ایم کیوایم کی حکومت ہے، ایسٹ اور ساؤتھ کے معاملات میئر نےخود صوبائی حکومت کو دیے۔

کراچی: میئر کراچی وسیم اختر نے چند گھنٹوں میں مصطفیٰ کمال کو پروجیکٹ ڈائریکٹر گاربیج کے عہدے سے معطل کردیا ہے۔

میئر کراچی وسیم اختر نے مصطفیٰ کمال کو پروجیکٹ ڈائریکٹر گاربیج کے عہدے سے چند ہی گھنٹوں کے بعد معطل کردیا ہے، وسیم اختر نے مصطفیٰ کمال کو کل ہی پروجیکٹ ڈائریکٹر گاربیج ٹرانسفر مقرر کیا تھا۔

میئر کراچی وسیم اختر کا کہنا ہے کہ مصطفیٰ کمال کو بد تمیزی پر معطل کیا یہ کام کے بجائے سیاست چمکا رہے ہیں، کراچی کے حالات کے بارے میں سب جانتے ہیں، بڑی نیک نتی سے کراچی کے مسائل کو حل کرنا چاہتا ہوں، میں کراچی کی مدد کے لئے علی زیدی اور بحریہ ٹاؤن کے ساتھ کھڑا رہا، جو جو کراچی کی مدد کرسکتا تھا ان سب سے رابطہ کیا۔

میئر کراچی کا کہنا تھا کہ مصطفیٰ کمال نے کہا کہ میئر کے اختیارات کچرا اٹھانے کے مجھے دییے جائیں، میں تمام اختلاف کے باوجود ان کی بات پر لبیک کہا، میری مخلصی سے غلط فائدہ اٹھایا گیا، آپ نے سیاست چمکانا شروع کردی، آپ نے ریلی نکالی، مغلظات بکنا شروع کردیں۔
سری نگر: آرٹیکل 370 اے ختم کرنے کے بعد مقبوضہ کشمیر میں 23ویں روز بھی کرفیو جاری ہے، موبائل فون، انٹرنیٹ سروس بند اور ٹی وی نشریات معطل ہیں۔
 
مقبوضہ کشمیر میں آج مسلسل 23ویں روز بھی کرفیو برقرار ہے اور مواصلات کا نظام مکمل پر معطل ہے، قابض انتظامیہ نے ٹیلی فون سروس بند کررکھی ہے جبکہ ذرائع ابلاغ پرسخت پابندیاں عائد ہیں۔
 
کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق مواصلاتی نظام کی معطلی، مسلسل کرفیو اور سخت پابندیوں کے باعث لوگوں کو بچوں کے لیے دودھ، زندگی بچانے والی ادویات اور دیگر اشیائے ضروریہ کی شدید قلت کا سامنا ہے۔
 
عیدالاضحیٰ کے موقع پر بھی مقبوضہ وادی میں کرفیو نافذ رہا جس کے باعث مسلمان عید کی نماز اور سنت ابراہیمی علیہ اسلام ادا کرنے سے محروم رہے۔
 
یاد رہے کہ پانچ اگست کو مودی سرکار نے کشمیر کو خصوصی حیثیت دینے والے بھارتی آئین کے آرٹیکل 370 اے کو ختم کردیا تھا۔
 
راجیہ سبھا میں بل کے حق میں 125 جبکہ مخالفت میں 61 ووٹ آئے تھے، بھارت نے 6 اگست کو لوک سبھا سے بھی دونوں بل بھاری اکثریت کے ساتھ منظور کرالیے تھے۔
 
 
نوبیل انعام یافتہ بھارتی معیشت داں ڈاکٹر امرتیا سین کا دو روز قبل کہنا تھا کہ جمہوریت کے بغیرمسئلہ کشمیرکا کوئی حل نہیں کرسکتا۔
 
امرتیا سین کا کہنا تھا کہ کشمیرکشمیریوں کا ہے اوران کا موقف درست ہے، کشمیری قیادت کو گرفتار، نظربند کرنے کی شدید مذمت کرتا ہوں۔
 
 
 
 
 
 
 

سندھ ہائی کورٹ نےحکومت سندھ کو تعلیمی بورڈ کےلیے ناظم امتحانات اورسیکریٹریز کی تقرری کےلیے مبینہ طورپر سیاسی بنیادوں پر لئے گئے تحریری امتحانات کے خلاف حکم امتناعی جاری کرتےہوئے تمام کارروائی کو فی الفورروک دیاہے۔عدالت عالیہ نے ریمارکس میں کہاہےکہ یہ سوال اہم ہےکہ مبینہ اثرو رسوخ رکھنے والے امیدواروں کو کامیاب قراردیاجاچکاہےکہ یا نہیں حکومت سندھ کو نوٹس جاری کرتے ہوئے ہدایت کی ہےکہ 12 ستمبر تک تحریری طورپر عدالت کو آگاہ کیا جائےکہ عہدوں پرتعیناتی کےلیے نوٹی فکیشن جاری کردئیے گئے ہیں یا نہیں ،عدالت عالیہ نے امیدواروں کی حتمی تعیناتی سے بھی حکومت سندھ کوروک دیاہے۔

تفصیلات کے مطابق درخواست گزار تعلیمی بورڈ ایک ناظم امتحانات مظفر جمیل مرزانےحکومت سندھ ،ایڈیشنل چیف سیکریٹری یونی ورسٹی اینڈ بورڈ ڈیپارٹمنٹ آف سندھ، چیئرمین سرچ کمیٹی یونی ورسٹی اینڈ بورڈ ڈیپارٹمنٹ 24 امیدواروں کو فریق بناتے ہوئے موقف اختیارکیاہےکہ ناظم امتحانات اور سیکریٹریز کی اسامیوں پر براہ راست تقرریاں قانون کی خلاف ورزی ہے مذکورہ عہدوں پر ترقیوں کے ذریعے تعیناتیاں عمل میں لائی جاتی ہیں جبکہ مذکورہ عہدوں یا اسامیوں کےلیے جو تحریری امتحان لیے گئے ہیں وہ بھی مبینہ طورپر سیاسی اثر رسوخ کی بنیاد پر لیے گئے ہیں کیونکہ تحریری امتحان دینے والوں میں شامل مدعاعلیہان کی سیاسی رہنماؤں سے وابستگیاں ہیں ،درخواست گزار نے مزید موقف اختیارکیاہےکہ مدعاعلیہان میں شامل ہادی داؤود پوتااور نذیراحمد ملاح کے تحریری امتحان میں باالترتیب 47 اور 42 نمبرز حاصل کیے ہیں

جبکہ کامیابی کےلیے کم از کم 50 نمبرز حاصل کرنا لازمی ہوتے ہیں اور حیران کن طورپر مذکورہ دونوں فریقین کو امتحانات میں کامیاب قراردے دیاگیاہےجبکہ اس سارے عمل میں سندھ سروس پبلک کمیشن کو بھی نظر انداز کیاگیاہےلہذا حکومت کے اس اقدام کو کالعدم قراردیاجائے اور فیصلہ آنے تک مذکورہ غیر قانونی امتحانات پر حکم امتناع جاری کیاجائے۔یاد رہےکہ سندھ کی تاریخ میں پہلی بار تعلیمی بورڈز کے سیکریٹریز اور ناظم امتحانات کی اسامیوں کےلیے تحریری امتحان لیے گئے تھے جس پر مختلف حلقوں کی جانب سے سخت تحفظات کا اظہارکیاگیاتھایہ تحریری امتحان آئی بی اے کراچی نے لیے تھے اور اس کےلیے کوئی ٹینڈر بھی نہیں دیاگیاتھا۔

 
 
 
 
 
 
لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے انسداد پولیو کے لیے فعال ومتحرک انداز میں بھرپور مہم چلانے کی ہدایت کی ہے۔
 
وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ پنجاب میں انسداد پولیو کے لیے مربوط انداز میں موثر اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ انسداد پولیو مہم کے لیے وضع کردہ پلان پر100 فیصد عملدرآمد یقینی بنایا جائے اور فیلڈ میں موجود انسداد پولیو ٹیموں کی موثر مانیٹرنگ کی جائے۔
 
سردار عثمان بزدار نے کہا کہ انسداد پولیو کے لیے اقدامات میں غفلت برداشت نہیں کروں گا، وضع کردہ پلان پر عملدرآمد میں تساہل کی کوئی گنجائش نہیں اور جہاں کوتاہی نظر آئی وہاں پر سخت ایکشن لیا جائے گا۔
 
وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ پولیو کے خلاف جنگ کو ہر قیمت پر جیتنا ہے، ہم اپنے بچوں کو پولیو کے موذی مرض سے ہر صورت بچائیں گے۔
 
انہوں نے کہا کہ والدین بچوں کو انسداد پولیو قطرے لازمی پلائیں، مشترکہ کاوشوں سے مرض کا خاتمہ کریں گے کیونکہ یہ ہمارا قومی مسئلہ ہے اور اس سے نمٹنے کے لیے سب کو مل کر کام کرنا ہوگا۔
 
 
یاد رہے کہ گزشتہ روز وزیراعظم کے فوکل پرسن برائے انسداد پولیو مہم بابر بن عطا کا کہنا تھا کہ اپنے بچوں کو پولیو سے بچانا ہر شہری کی قومی ذمے داری ہے۔