پیر, 14 اکتوبر 2024
Reporter SS

Reporter SS

 
 
لاہور: محکمہ صحت کی جون کی ماہانہ کارکردگی رپورٹ میں حفاظتی ٹیکہ جات کے سلسلے میں لاہور کی ناقص کارکردگی کا انکشاف ہوا ہے۔
 
حفاظتی ٹیکہ جات میں لاہور کی کارکردگی ناقص نکلی ہے، محکمہ صحت نے جون کے مہینے کی کارکردگی رپورٹ جاری کر دی، رپورٹ کی کاپی اے آر وائی نیوز نے حاصل کر لی۔
 
رپورٹ میں محکمہ صحت کی جانب سے تمام اضلاع کے حفاظتی ٹیکہ جات کی ماہانہ کارکردگی کا جائزہ لیا گیا، لاہور حفاظتی ٹیکہ جات میں پنجاب کے تمام اضلاع میں سب سے نچلے نمبر پر ہے۔
 
رپورٹ کے مطابق اوکاڑہ اور راولپنڈی ایک سو چار فی صد کوریج کے ساتھ سر فہرست ہیں، لاہور حفاظتی ٹیکہ جات میں 65 فی صد کوریج کے ساتھ سب سے آخر میں ہے۔
 
محکمہ صحت کے چارٹ کے مطابق لاہور 10 حفاظتی ٹیکہ جات میں سے 8 میں سب سے نیچے ہیں، جن میں روٹا، پینٹا، آئی پی وی اور خسرہ کے حفاظتی ٹیکہ جات شامل ہیں۔
 
ویکسین ضایع کرنے کے حوالے سے بھی لاہور 14 فی صد کے ساتھ تمام اضلاع میں دوسرے نمبر پر ہے۔
 
ڈائریکٹر ای پی آئی کا کہنا ہے کہ لاہور کی کارکردگی پر تشویش ہے جلد ہی لاہور ٹاپ ٹین اضلاع میں شامل ہو جائے گا، ڈاکٹر سعید گھمن نے کہا کہ موبائل ہیلتھ یونٹ اور کریش پروگرام کے ذریعے لاہور کی کارکردگی کو بہتر بنایا جائے گا۔
اسلام آباد: وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے پاکستان تحریک انصاف کی حکومت کی ایک سالہ کارکردگی کی رپورٹ پیش کر دی۔
 
گزشتہ برس 25 جولائی کو ہونے والے عام انتخابات میں پاکستان تحریک انصاف ملک کی سب سے بڑی جماعت بن کر سامنے آئی تھی اور پھر 18 اگست 2018 کو عمران خان نے پاکستان کے 22 ویں وزیراعظم کی حیثیت سے حلف اٹھایا تھا۔
 
ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے اسلام آباد میں ایک تقریب کے دوران حکومت کی ایک سالہ کارکردگی کی رپورٹ پیش کرتے ہوئے کہا کہ ہماری حکومت میڈیا کی آزادی اور مثبت تنقید کو خوش آمدید کہتی ہے کیونکہ ہم آزادی اظہار رائے پر مکمل یقین رکھتے ہیں۔
 
فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ حکومت نے ایک سال میں محنت اور دیانتداری سے درست سمت میں پالیسیوں کا آغاز کیا، پالیسیوں کا ثمر عوام کی ترقی و خوشحالی کی صورت میں سامنے آئے گا، نئے پاکستان میں حکمران طبقے کے نہیں بلکہ عوامی مفادات کا تحفظ ہوتا ہے
 
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان محنت اور عزم سے قائداعظم کے پاکستان کو آگے لے کر جا رہے ہیں، حکومت کا ایک سال استحکام پاکستان کا سفر ہے جب کہ آئندہ سال تعمیر پاکستان کا سال ہو گا۔
 
ان کا کہنا ہے کہ وزیراعظم تمام شعبوں میں اصلاحات کے عمل کی خود نگرانی کر رہے ہیں، ملک کے متوسط طبقے کی فلاح کے لیے احساس پروگرام شروع کیا گیا اور غریبوں کے لیے تمام اقدامات احساس پروگرام کے تحت کئے جا رہے ہیں۔
 
وزیراعظم کی معاون خصوصی نے بتایا کہ خزانہ و اقتصادی امور ڈویژن اور ریلوے کی کارکردگی میں نمایاں بہتری آئی، پاکستان پوسٹ اور این ایچ اے بہترین کارکردگی کے باعث منافع بخش ادارے بن گئے۔
 
انہوں نے یہ بھی بتایا کہ وزارت توانائی نے گردشی قرضوں میں نمایاں کمی کی ہے اور ملک میں سیاحت کے فروغ کے لیے 175 ملکوں کے لیے آسان ویزہ پالیسی متعارف کرائی گئی ہے جب کہ ایف بی آر نے ٹیکس کے دائرہ کار کو وسیع کرنے کے لیے بھی جامع اقدامات کئے ہیں۔
 
اپنے ادارے کی کارکردگی کے حوالے سے فردوس عاشق اعوان نے بتایا کہ پی ٹی وی اب خسارے سے نکل کر منافع بخش ادارہ بن گیا ہے، ریڈیو کو بھی خسارے سے نکال کر کامیاب ادارہ بنائیں گے اور ریڈیو کو حقیقی طور پر پاکستانی عوام کی آواز بنائیں گے۔
 
انہوں نے کہا کہ اے پی پی ویڈیو نیوز سروس کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کر رہے ہیں تاکہ پوری دنیا میں ملک کے مثبت تشخص کو اجاگر کیا جا سکے۔
 
 
 
واشنگٹن: امریکا میں پاکستان کے سفیر ڈاکٹراسد مجید خان نے کہا کہ امریکا میں مقیم پاکستانی کشمیر سے متعلق لوگوں کا آگاہ کریں۔
 
امریکی ریاست ورجینیا میں پاکستان ڈے میلے کا انعقاد ہوا جس میں ریاست بھر سے پاکستانی امریکیوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
 
ڈاکٹراسد مجید خان نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاک امریکہ تعلقات بہتری کی جانب گامزن ہیں، امریکا میں مقیم پاکستانیوں کے دل پاکستان کے ساتھ دھڑکتے ہیں۔
 
امریکا میں پاکستان کے سفیر ڈاکٹراسد مجید خان نے کہا کہ امریکا میں مقیم پاکستانی کشمیر سے متعلق لوگوں کا آگاہ کریں۔
 
پاکستان ڈے سے پاک پیک کے بورڈ ممبر اسفند یار چوہدری نے بھی خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی کمیونٹی امریکا میں سیاسی میدان میں متحرک ہو، پاکستانی نوجوان امریکی سیاسی میدان میں قدم رکھیں۔
 
اسفند یار چوہدری نے کہا کہ کشمیریوں کو حق دلانے کے لیے امریکا میں آگاہی پیدا کرنا ہوگی، متعلقہ ارکان کانگریس کو کشمیر کی صورتحال سے آگاہ کریں۔
 
یاد رہے کہ گزشتہ ہفتے پاکستانی سفیر کا کہنا تھا کہ مقبوضہ کشمیرمیں مکمل طور پرلاک ڈاؤن ہے، بھارت نے مقبوضہ کشمیرمیں فوج کی تعداد میں حالیہ اضافہ کیا، 12ملین کشمیریوں پر9 لاکھ بھارتی فوج تعینات ہے، بھارت نے مقبوضہ وادی کودنیا کی سب سے بڑی جیل بنا دیا ہے
لندن: آسٹریلوی بیٹسمین اسٹیون اسمتھ گیند لیفٹ کرنے کے منفرد اندازکی وجہ سے سوشل میڈیا پر چھا گئے۔
 
ایشز سیریز کے دوسرے ٹیسٹ میں بیٹنگ کیلیے انتہائی مشکل کنڈیشن میں اسٹیون اسمتھ نے انگلش بولرز کی خطرناک گیندوں سے چھیڑچھاڑ سے گریز کیا اور اپنے صبر سے انھیں پریشان کیے رکھا، وہ کبھی تلوار چلانے کے انداز تو کبھی ڈانس کرنے جیسا اسٹائل اپنا کر گیندوں کو لیفٹ کرتے رہے، سوشل میڈیا پر اس کی ویڈیو وائرل ہو گئی ہے۔
 
 
 
سری نگر: آرٹیکل 370 اے ختم کرنے کے بعد مقبوضہ کشمیر میں 14ویں روز بھی کرفیو جاری ہے، موبائل فون، انٹرنیٹ سروس بند اور ٹی وی نشریات معطل ہیں۔
 
مقبوضہ کشمیر میں آج مسلسل 14ویں روز بھی کرفیو برقرار ہے اور مواصلات کا نظام مکمل پر معطل ہے، قابض انتظامیہ نے ٹیلی فون سروس بند کررکھی ہے جبکہ ذرائع ابلاغ پرسخت پابندیاں عائد ہیں۔
 
کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق مواصلاتی نظام کی معطلی، مسلسل کرفیو اور سخت پابندیوں کے باعث لوگوں کو بچوں کے لیے دودھ، زندگی بچانے والی ادویات اور دیگر اشیائے ضروریہ کی شدید قلت کا سامنا ہے۔
 
عیدالاضحیٰ کے موقع پر بھی مقبوضہ وادی میں کرفیو نافذ رہا جس کے باعث مسلمان عید کی نماز اور سنت ابراہیمی علیہ اسلام ادا کرنے سے محروم رہے۔
 
یاد رہے کہ پانچ اگست کو مودی سرکار نے کشمیر کو خصوصی حیثیت دینے والے بھارتی آئین کے آرٹیکل 370 اے کو ختم کردیا تھا۔
 
راجیہ سبھا میں بل کے حق میں 125 جبکہ مخالفت میں 61 ووٹ آئے تھے، بھارت نے 6 اگست کو لوک سبھا سے بھی دونوں بل بھاری اکثریت کے ساتھ منظور کرالیے تھے۔
کراچی: بھارتی گلوکار عدنان سمیع خان اور زیبا بختیار کے بیٹے اذان سمیع خان نے بھارت کے بجائے پاکستان میں رہنے اور یہاں کیریئر شروع کرنے کے حوالے سے کہا ہے کہ پاکستان ان کا گھر ہے لہذا انہوں نے بھارت کے بجائے یہاں رہنے کو ترجیح دی۔
 
اذان سمیع خان نے حال ہی میں دئیے گئے انٹرویو میں اپنے کیریئر اور اپنے والد عدنان سمیع کے ساتھ اپنے تعلقات کے حوالے سے کھل کر گفتگو کی۔ اذان سمیع نے اپنے والد کے بھارت میں رہنے کے فیصلے کے حوالے سے کہا کہ بھارت میں رہنے کا فیصلہ ان کا تھا اورمیں ان کے فیصلے کی عزت کرتا ہوں۔
 
اذان سمیع نے کہا میرے والد کی طرح میرے پاس بھی اختیار تھا کہ میں بھارت جاکر اپنا کریئر شروع کروں یا پاکستان میں رہوں، تو میں نے اپنے ملک میں رہنے کو ترجیح دی۔ پاکستان میرا گھر ہے اور میری والدہ محب وطن خاتون ہیں۔ اس کے علاوہ پاکستان فلم انڈسٹری کو بھی میں اپنے گھر کی طرح مانتا ہوں اس لیے میں نے پاکستان میں رہنے اوریہاں کام کرنے کو ترجیح دی۔
 
اذان سمیع نے اپنے اور اپنے والد کے درمیان تعلقات کے بارے میں کہا کہ ہم دونوں کا رشتہ بہت عجیب ہے، میں ان سے اور ان کے کام سے سیکھنے کی کوشش کرتاہوں۔ میں ان کا بیٹا ہوں لہذٰا میرا حق نہیں ہے کہ میں ان پر یا ان کے کسی فیصلے پر تبصرہ کروں۔ لیکن میری زندگی میں ایک بات بہت واضح ہے کہ میں ایک پاکستانی ہوں اور پاکستان میں کام کرنا چاہتاہوں۔
 
اذان سمیع نے ان کے والد پر سوشل میڈیا پر بننے والی مزاحیہ پوسٹوں پر کہا کہ انہیں یہ پوسٹیں دیکھ کر بالکل بھی برا نہیں لگتا بلکہ کچھ پوسٹس تو اتنی مزاحیہ ہوتی ہیں کہ مجھے انہیں دیکھ کر بہت ہنسی آتی ہے۔ یہ بات تو طے ہے کہ پاکستانیوں کی حس مزاح کو کوئی ہرا نہیں سکتا اور مجھے یہ پوسٹس دیکھ کر بڑا مزہ آتا ہے تاہم صرف ایک چیز بری لگتی ہے کہ لوگ یہ مزاحیہ پوسٹس بناتے ہوئے انسان کا ماضی کا کام بھول جاتے ہیں۔
 
واضح رہے کہ اذان سمیع خان کا شمار پاکستان کے نامور موسیقاروں میں ہوتا ہے انہوں نے حال ہی میں ریلیز ہونے والی فلموں’’پرے ہٹ لو‘‘ اور ’’سپر اسٹار‘‘ کی موسیقی ترتیب دی ہے جسے شائقین نے بے حد پسند کیاہے۔ اس کے علاوہ فلم ’’سپراسٹار‘‘ کا اسکرین پلے بھی اذان سمیع نے لکھا ہے۔
آل راؤنڈر محمد حفیظ کا کہنا ہے کہ میرا کیریئر میری مرضی، میں ہمت ہارنے والوں سے نہیں ہوں، اپنی مرضی سے مستقبل کا فیصلہ کروں گا۔
 
سوشل میڈیا پر پرستاروں کے سوالات کا جواب دیتے ہوئے محمد حفیظ نے کہا کہ میں اپنے کیریئر کا فیصلہ خود کروں گا،ورلڈکپ کے دوران قومی ٹیم میں کوئی اختلافات نہیں تھے،انھوں نے بابر اعظم اور امام الحق کو اپنے فیورٹ کرکٹرز قرار دیا۔
 
یاد رہے کہ محمد حفیظ سینٹرل کنٹریکٹ پانے والے کرکٹرز کی فہرست سے باہر ہوچکے، آئندہ ایونٹس کی تیاری کے لیے کنڈیشننگ کیمپ میں بھی ان کو مدعو نہیں کیا گیا، بظاہر ان کی قومی ٹیم میں شمولیت پر سوالیہ نشان لگ چکا تاہم وہ ریٹائرمنٹ کا فیصلہ کرنے سے گریز کررہے ہیں۔
واشنگٹن: بڑے شہروں میں فضائی آلودگی اس قدر بڑھ گئی ہے کہ ایک سگریٹ نہ پینے والا شہری بھی 24 گھنٹے میں ایک پیکٹ کے برابر کا دھواں اپنے پھیپھڑوں میں دھکیلتا ہے۔
 
پھیپھڑوں کی بیماری emphysema میں مریض کو شدید کھانسی کے دور پڑتے ہیں اور سانس لینے میں دشواری کا سامنا ہوتا ہے اگر بروقت طبی امداد نہ ملے تو ایسے مریضوں کی جان بھی جاسکتی ہے۔ اس بیماری کی سب سے بڑی وجہ سگریٹ نوشی ہے۔
 
سگریٹ کا دھواں پھیپھڑوں کی نہایت باریک نالیوں اور ہوا دانی (air sac) کی بندش کا باعث بنتے ہیں جس سے آکسیجن اور کاربن ڈائی آکسائیڈ کے تبادلے کا نظام معطل ہوجاتا ہے۔ اس بیماری میں سب سے زیادہ سگریٹ کے عادی افراد مبتلا ہوتے ہیں تاہم اب ایسے افراد بھی اس کا شکار ہورہے ہیں جو ہمیشہ سگریٹ سے دور ہی رہے۔
سائنسی جریدے جاما (JAMA)) میں شائع ہونے والے مقالے میں انکشاف کیا گیا ہے کہ امریکا کے 7 بڑے شہروں کے 7 ہزار سے زائد افراد پر 10 سال تک کی گئی تحقیق میں ثابت ہوا کہ ان افراد کو پھیپھڑوں کی بیماری فضا میں موجود آلودگی سے ہوئی۔ ان شہروں میں پی پی بی یعنی Parts per billion دیگر شہروں کے مقابلے میں بہت زیادہ تھے۔
 
فضا میں موجود آلودہ اور صحت کے لیے خطرناک ذرات سانس لینے کے دوران پھپڑوں میں داخل ہوجاتے ہیں اور ہوا دانیوں (air sacs) میں جمع ہو کر اسے بند کردیتے ہیں اور یوں سانس لینے میں شدید دشواری کا سامنا رہتا ہے، سگریٹ کا دھواں بھی اسی طرح پھیپھڑوں کو برباد کرتا ہے۔
نئے پاکستان میں مستقبل کی کرکٹ کے کیا خدوخال ہوں گے، ملکی کرکٹ کا ڈھانچہ اور ترتیب کیسی ہوگی،پی سی بی ہیڈکوارٹر میں کون کرے گا راج اور کس کس کو اب گھر کی راہ لینا پڑے گی۔اس حوالےسے پاکستان کرکٹ کے تمام اہم فیصلوں کا اعلان اگلے ہفتے ہوگا۔
 
پی سی بی حکام کو وزارت قانون اور وزارت بین الصوبائی رابطہ کی جانب سے تاحال ترامیم شدہ آئینی نوٹی فکیشن نہیں ملا۔ عید کی تعطیلات کے بعد بورڈ کے دفاتر صرف ایک روز کے لیے جمعے کو کھلے تھے۔ اب پیر سے ایک بارپھر بورڈ کی راہ داریوں میں چہل پہل دکھائی دے گی۔
 
ذرائع کے اہم فیصلوں کے اعلان سے پہلے وفاقی کابینہ کے اجلاس میں منظور ہونے والے آئینی مسودے میں ترامیم کا باقاعدہ نوٹی فکیشن جب تک جاری نہیں ہوتا، اس وقت تک بورڈ حکام کے ہاتھ بندھے ہوئے ہیں۔ یہ ہی وجہ ہے کہ پی سی بی ہیڈ کوارٹر میں اس اہم کاغذ کے ٹکڑے کا بے تابی سے انتظار ہورہا ہے۔ بورڈ آفیشلز کو یقین ہے آئندہ 2 سے 3 روز میں یہ نوٹی فیکشن موصول ہوجائے گا۔
ابھی تک پاکستان کرکٹ بورڈ کا نظام پرانے آئین کے مطابق ہی چل رہاہے، نئے نظام میں پاکستان کرکٹ بورڈ کی ترتیب کیا ہوگی، کس طرح نظم ونسق چلے گا، اس کے لیے نیا نوٹی فیکشن بہت اہمیت رکھتاہے جس میں چیئرمین کے زیادہ تر اختیارات بھی موجودہ ایم ڈی وسیم خان کو مل جائیں گے اور وہ بطور ایگزیکٹو اہم فیصلوں کی منظوری دے سکیں گے۔
پی سی بی حکام ستمبر میں مجوزہ نئے فرسٹ کلاس ڈھانچے سمیت اہم فیصلوں کے حوالے سے مشاورت اور پیپر ورک پہلے ہی مکمل کرچکے ہیں، انڈر 19 کوچز کے انٹرویوز پیر سے شروع ہورہے ہیں جس کے بعد کوچنگ اسٹاف کی فہرست کو حتمی شکل دی جاسکے گی۔ قومی سینیئر ٹیم کی سلیکشن کمیٹی کے لیے اشتہار دینے کی ضرورت نہیں، نئی سلیکشن کمیٹی کا اعلان بھی نوٹی فکیشن ملنے کے بعد کردیا جائے گا۔
 
نئے پاکستان کرکٹ بورڈ میں عرصہ دراز سے بورڈ کے ساتھ چمٹے نااہل افسران اور ملازمین کو فارغ کرنے کی فہرست بھی تیار کی جارہی ہے۔ ان کی جگہ پروفیشنلز کو پی سی بی کا حصہ بنانے سمیت بورڈ کا تمام تر نظم ونسق چلانے کے حوالے سے ضروری اقدامات پر بھی تبادلہ خیال کافی حد تک ہوچکا، بس اعلانات ہونا باقی ہیں۔
 
پی سی بی حکام کو سری لنکن بورڈ کی طرف سے بھی جواب کا انتظار ہے اور وہ پرامید ہیں کہ سکیورٹی وفد کی رپورٹ جمع ہونے کے بعد اگلے چند روز میں سری لنکن بورڈ کی جانب سے کچھ پیش رفت ہوسکتی ہے۔ اطلاعات کےمطابق لنکن بورڈ حکام پاکستان میں دو ٹیسٹ میچوں کے لیے ہاں کرنے سے پہلے کھلاڑیوں سے مشاورت کرنا چاہتے ہیں، سب کی رضامندی کے بعد ہی اس سیریز کے مقام کا تعین ہوسکےگا۔ان دنوں لنکن ٹیم نیوزی لینڈ کے خلاف ہوم سیریز کھیلنے میں مصروف ہے جس کے سبب اس اہم فیصلے میں تاخیرہوسکتی ہے۔
 
دوسری جانب قومی سینئر ٹیم کے ہیڈ کوچ، بولنگ کوچ، اور بیٹنگ کوچ کے ساتھ اسٹرینتھ اینڈ کنڈیشنگ کوچ کے لیے درخواستیں 26 اگست تک جمع ہوں گی، منتخب کوچز کا اعلان ستمبر کے ابتدائی دنوں تک ممکن ہوسکے گا۔
نئی دہلی: بھارتی بورڈ کی کرکٹ ایڈوائزری کمیٹی مائیک ہیسن کے نام کی اسپیلنگ میں غلطی کے سبب مذاق کا نشانہ بن گئی۔
 
کپیل دیو کی زیرسربراہی کام کرنے والی بھارتی بورڈ کی کرکٹ ایڈوائزری کمیٹی مائیک ہیسن کے نام کی اسپیلنگ میں غلطی کے سبب مذاق کا نشانہ بن گئی، تین رکنی کمیٹی نے روی شاستری کو ہی دوبارہ کوچ برقرار رکھنے کی سفارش کی تھی جبکہ سابق کیوی کوچ ہیسن دوسرے اور ٹام موڈی تیسرے نمبر پر تھے۔