پیر, 14 اکتوبر 2024
Reporter SS

Reporter SS

اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے پلاسٹک بیگ پر پابندی مہم کو ملک کے دیگر شہروں تک پھیلانے کی ہدایت دے دی۔

وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت ’کلین اینڈ گرین پاکستان‘منصوبے سے متعلق اجلاس ہوا جس میں مشیر برائے ماحولیاتی تبدیلی ملک امین اسلم نے بریفنگ دی۔

امین اسلم نے بریفنگ میں بتایا کہ ٹین بلین ٹری سونامی منصوبے کے تحت صوبائی سطح پر منصوبہ بندی کا عمل مکمل کر لیا گیا، ٹین بلین ٹری سونامی منصوبے کے سلسلے میں پی سی ون تشکیل دیے جا چکے ہیں، منصوبے کے پہلے مرحلے میں تقریبا سوا 3 ارب پودے لگائے جائیں گے جس کا 2 سال بعد جائزہ لیا جائے گا۔

بریفنگ میں مزید بتایا گیا کہ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں پلاسٹک بیگ پر پابندی کے آغاز میں ہی نہایت حوصلہ افزا نتائج موصول ہوئے، الیکٹرک وہیکلز کے ضمن میں پالیسی مرتب کر لی گئی ہے جو جلد کابینہ کے سامنے پیش کی جائے گی۔

بریفنگ میں وزیراعظم کو بتایا گیا کہ کلین اینڈ گرین پاکستان انڈیکس منصوبے کا آغاز ستمبر میں کیا جائے گا، منصوبے سے ہریالی، صفائی کے معیار پر شہروں اور مضافاتی علاقہ جات کی درجہ بندی کی جائے گی، پہلے مرحلے میں پنجاب کے 12، خیبرپختونخوا کے 7 شہروں میں منصوبے کو شروع کیا جائے گا جب کہ کل شروع کی جانے والی شجر کاری مہم کے دوران  3 کروڑ پودے لگائے جائیں گے۔

اس موقع پر وزیراعظم نے ہدایت دی کہ ماحولیات کودرپیش چیلنجز سے نمٹنے کے لیے ہر طبقے کی شمولیت کو یقینی بنایا جائے، پلاسٹک بیگ پر پابندی مہم میں عوام کا مثبت ردعمل نہایت حوصلہ افزاء ہے، اس مہم کو مکمل طور پر کامیاب بنانے کے لیے طلباء کی بھرپور شرکت پر خصوصی توجہ دی جائے۔

وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ ماحولیات کے تحفظ کے حوالے سے وفاقی دارالحکومت کو ماڈل سٹی بنایا جائے، پلاسٹک بیگ پر پابندی مہم کو ملک کے دیگر شہروں تک پھیلایا جائے۔

اسلام آباد: کراچی میں بارشوں کے دوران کرنٹ لگنے سے ہلاکتوں کے واقعات پر کے الیکٹرک کے خلاف باضابطہ تحقیقات شروع کردی گئیں۔

نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) کی جانب سے جاری اعلامیے میں بتایا گیا ہےکہ کراچی میں بارشوں کے بعد کرنٹ سے ہلاکتیں ہوئیں اور بجلی بھی معطل رہی جس پر کے الیکٹرک کے خلاف باضابطہ تحقیقات شروع کردی گئی ہیں۔

اعلامیے میں کہا گیا ہےکہ بادی النظر میں یہ حقائق نیپرا قوانین کی خلاف ورزی ہیں، سینئر افسران پر مشتمل ٹیم تحقیقات کے لیے تعینات ہے اور ٹیم 15 دن میں اپنی تحقیقات مکمل کرے گی۔

واضح رہے کہ کراچی میں حالیہ بارشوں کے نتیجے میں کرنٹ لگنے کے واقعات میں 30 سے زائد افراد جاں بحق ہوئے جن میں بچے بھی شامل تھے جب کہ کرنٹ لگنے سے کئی علاقوں میں قربانی کے جانور بھی ہلاک ہوئے۔

اس کے علاوہ شہر میں بارشوں کے دوران کئی علاقوں میں تین روز تک بجلی معطل رہی اور اس دوران کے الیکٹرک کے ہیلپ لائن سینٹر کی جانب سے کوئی جواب نہیں دیا گیا۔

 
 

کراچی: پاکستان کو ایشیائی ترقیاتی بینک سے 50 کروڑ ڈالر کا قرض مل گیا ہے جس کے بعد ملکی زرمبادلہ کے مجموعی ذخائر کی مالیت 15 ارب 57 کروڑ 75 لاکھ ڈالر تک پہنچ گئی۔

اسٹیٹ بینک کی جانب سے جاری بیان کے مطابق پاکستان کو ایشیائی ترقیاتی بینک سے 50 کروڑ ڈالر موصول ہوگئے، 9 اگست کو ہفتے کے اختتام پر زرمبادلہ کے سرکاری زخائر میں 53 کروڑ ڈالر کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا جس کے بعد ملکی زرمبادلہ کے مجموعی ذخائر کی مالیت 15 ارب 57 کروڑ 75 لاکھ ڈالر تک پہنچ گئی۔ 50 کروڑ ڈالر ملنے کے بعد زرمبادلہ کے سرکاری زخائر کی مالیت 8 ارب 26 کروڑ 44 لاکھ ڈالر کی سطح عبور کرگئی ہے جب کہ کمرشل بینکوں کے پاس 7 ارب 31 کروڑ ڈالر کے ذخائر موجود ہیں۔

واضح رہے کہ 7 اگست کو ایشیائی ترقیاتی بینک نے پاکستان کے لئے 50 کروڑ ڈالر قرض کی منظوری دی تھی، اس کے علاوہ جولائی میں ایشیائی ترقیاتی بینک نے اپنے اعلامیے میں 5 سال کے دوران پاکستان کو 10 ارب ڈالر قرض دینے کا اعلان کیا تھا۔ یہ رقم پاکستان کے لیے رعایتی قرضہ ہوگی، پاکستان کے ساتھ نئی شراکت پر حکمت عملی طے کی جارہی ہے جبکہ یہ پروگرام 2024 تک جاری رہے گا۔

آسلام آباد: دفتر خارجہ میں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کی زیر صدارت وزیراعظم کی خصوصی کمیٹی برائے کشمیر کا اجلاس ہوا۔ اجلاس کے بعد وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی، ڈی جی آئی ایس پی آر آصف غفور اور فردوس عاشق اعوان نے مشترکہ پریس کانفرنس کی۔
 
شاہ محمود قریشی نے کہا کہ سلامتی کونسل کی نشست بہت حوصلہ افزا ہوئی، کل ہم نے بہت بڑا معرکہ سر کیا ہے، ہندوستان چونک گیا کہ یہ کیا ہو گیا ہے، یہ لمبی لڑائی ہے جو ہم نے ہر فورم پر لڑنی ہے، مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر بھارت سے بھی آوازیں اٹھ رہی ہیں، مودی سرکار نے نہرو کے ہندوستان کو دفن کر دیا ہے، نہرو اور مودی کے ہندوستان میں زمین آسمان کا فقرہ ہے، مودی سرکار دوال ڈاکٹرائن کے گرد گھوم رہی ہے، نریندر مودی، امیت شاہ اور اجیت دوال اس کے کردار ہیں۔
وزیر خارجہ نے کہا کہ کشمیر کمیٹی میں حکومت و اپوزیشن سمیت پاکستان کے تمام اداروں کی نمائندگی ہے، سب نے اس میں اپنے مشورے دیے ہیں، اس سے یکجہتی کا پیغام گیا ہے، اپنی جدوجہد کو تقویت دینے کیلئے کشمیر سیل تشکیل دے رہے ہیں، دنیا کے بڑے دارالحکومتوں میں اپنے سفارتخانوں میں کشمیرڈیسک قائم کریں گے، قوم کو ملک کے اندر اور باہر موجود میرجعفر اور میرصادق پر نظر رکھنے کی ضرورت ہے۔
 
شاہ محمود کا کہنا تھا کہ کل سرینگر میں کشمیری عوام نمازجمعہ کیلئے باہر نکلے اور کرفیو کے باوجود بھارتی اقدامات کو مسترد کیا، یہ ان جذبات کی جھلک ہے جو کرفیو ہٹنے پر سامنے آئیں گے، دنیا کو اس معاملے پر خاموش نہیں رہنا چاہیے، اگر خاموشی رہے گی تو یہ مجرمانہ عمل ہوگا۔
 
بھارت کے ایٹمی حملے میں پہل کرنے سے متعلق سوال کے جواب میں وزیر خارجہ نے کہا کہ جب دماغ میں خرابی پیدا ہوتی ہے تو وہ کام کیا جاتا ہے جو بھارت نے پانچ اگست کو کیا یعنی کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کی، اور جب کوئی سٹھیا جاتا ہے تو وہ کہتا ہے جو بھارتی وزیر دفاع راج ناتھ نے کہا ہے کہ ایٹمی حملے میں پہل کرسکتے ہیں۔
 
 
اسلام آباد: دفتر خارجہ میں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کی زیر صدارت وزیراعظم کی خصوصی کمیٹی برائے کشمیر کا اجلاس ہوا۔ اٹارنی جنرل، ڈی جی آئی ایس آئی، ڈی جی ملٹری آپریشنز، ڈی جی آئی ایس پی آر، صدر آزاد کشمیر سردار مسعود خان، وزیر قانون بیرسٹر فروغ نسیم، معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان، چیرمین قائمہ کمیٹی قومی اسمبلی برائے امور خارجہ مشاہد حسین، چیئرمین سینیٹ کمیٹی برائے امور خارجہ سید فخر امام ، گورنر گلگت بلتستان راجہ جلال حسین، سید نوید قمر نے اجلاس میں شرکت کی۔
 
اجلاس کے بعد وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی، ڈی جی آئی ایس پی آر آصف غفور اور فردوس عاشق اعوان نے مشترکہ پریس کانفرنس کی۔
 
ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کی صورتحال کا تعلق ہماری سکیورٹی کیساتھ بھی ہے، وادی میں ہر گھر کے باہر بھارتی فوجی ہے، توقع ہے کرفیو ہٹتے ہی مقبوضہ کشمیر میں تشدد بڑھے گا، مسلح افواج ہر خطرے کا سامنا کرنے کیلئے تیار ہیں اور سرحد پر کچھ ہوا تو پاک فوج بھرپور جواب دے گی، ایل او سی سے دراندازی کے پروپیگنڈے کو مسترد کرتے ہیں، مقبوضہ کشمیر میں دراندازی ہوتی ہے تو یہ بھارتی فوج کی ناکامی ہے۔
 
ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ بھارت پلوامہ واقعے جیسا بہانہ بناکر ایل او سی کے باہر پاکستان پر کوئی ایکشن کرسکتا ہے، کشمیر نیوکلیئر فلیش پوائنٹ ہے، دنیا کو سمجھنے کی ضرورت ہے کہ بھارت کس طرف جارہا ہے اور کشمیر میں مداخلت کرنے کی ضرورت ہے، پاکستان آرمی مشرقی بارڈر پر ہر خطرہ کے لیے تیار ہے۔
 
بعدازاں میجر جنرل آصف غفور نے صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ قوم فکر نہ کرے ہماری تیاریاں مکمل ہیں، کشمیر کے لیے آخری فوجی آور آخری گولی تک لڑینگے، وزیر اعظم اور آرمی چیف کا آخری حد تک جانے کا بیان فوج کا بیانیہ ہے، بھارت آزاد کشمیر کو بھول جائے اب پرانا قبضہ چھوڑنے کی بات کرے، ہمیں ادراک ہے کہ سوشل میڈیا پر بہت سے اکاوٴنٹس پر کشمیر سے متعلق کوئی بات شیئر کرنے پر اکاؤنٹ کو بند کیا جاتا ہے، اس مسئلے کو حل کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔
لاہور: قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان راشد لطیف نے سلیکشن کمیٹی کے تقرر سے قبل ہی سینٹرل کنٹریکٹ کے اعلان پر سوالیہ نشان لگادیا۔
 
سابق کپتان راشد لطیف نے سلیکشن کمیٹی تشکیل دیے جانے سے قبل ہی 19 کرکٹرز کے لئے سینٹرل کنٹریکٹ کا اعلان کیے جانے کے فیصلے پر حیرت کا اظہار کیا ہے، سماجی رابطوں کی ویب سائٹ پر اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ اب سلیکشن کمیٹی کی کیا ضرورت، خود ہی سلیکشن کرلی، اب سلیکشن کمیٹی کو ان کھلاڑیوں میں سے ہی ٹیموں کا انتخاب کرنا ہوگا، سلیکشن کمیٹی کی مشاورت سے یہ کام کیا جاتا تو زیادہ اچھا ہوتا۔
 
یاد رہے کہ انضمام الحق کی رخصتی کے بعد پی سی بی کو نئے چیف سلیکٹر کا انتخاب کرنا ہے، اس عہدے کیلیے امیدواروں میں محسن حسن خان کے ساتھ راشد لطیف اور شعیب اختر کا نام بھی لیا جا رہا ہے۔
لاہور:پی سی بی کا چیف سلیکٹر بننے کی دوڑ میں راشد لطیف، شعیب اختر اور محسن حسن خان شامل ہیں، سابق پیسرکا کہنا ہے کہ میری بات ضرور ہوئی ہے، فی الحال اس بارے میں کچھ نہیں کہہ سکتا۔
 
ایک انٹرویو میں انھوں نے کہا کہ مجھے کوئی سفارشی فون نہیں آئے گا،اگر موقع ملا تو کم ازکم 50کرکٹرز کا ایک پول تیار کرنے کی کوشش کروں گا، ہرفارمیٹ کیلیے ٹیلنٹ موجود ہونا چاہیے، چند کھلاڑیوں پرباربار انحصار کرنے کے بجائے ملک کے کونے کونے سے ٹیلنٹ تلاش کرنا ہوگا، راولپنڈی میں کلب کرکٹ کے دوران گلگت بلتستان کے کئی انتہائی باصلاحیت کرکٹرز ہمارے ساتھ کھیلتے تھے، اب وہاں کا ٹیلنٹ کہاں جارہا ہے، ہمیں وہاں تک جاکران کھلاڑیوں کوکھوج نکالنا ہوگا۔
شعیب اختر نے کہا کہ قومی سطح پر ٹیموں کی سلیکشن سے قبل گراس روٹ لیول پر کام کرنا ضروری ہے، انھوں نے کہا کہ ٹیلنٹ کی پرکھ کرنے والی آنکھ ہونی چاہیے،کسی میں صلاحیت مگر چند ایک تکنیکی خامیاں یا مسائل ہیں تو ان کا حل تلاش کیا جانا چاہیے۔
 
ایک سوال پر انھوں نے کہا کہ قیادت سنبھالنے کے بعد سرفراز احمد بڑے مثبت ذہن کیساتھ میدان میں اترتے،بعد ازاں ان کا مائنڈ سیٹ تبدیل ہوا ہے، ہوسکتا ہے کہ ہیڈکوچ مکی آرتھر کیساتھ معاملات میں ان کیلیے کوئی مسائل رہے ہوں۔
کراچی: جامعہ کراچی میں جشن آزادی کے سلسلے منعقد کردہ تقریب انتہائی جوش وخروش کے ساتھ منائی گئی۔
 
کراچی میں 8 اگست بروزجمعرات کو جشن آزادی کے سلسلے میں تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں طلبہ و طالبات نے بڑی تعداد میں شرکت کی اور سبز و سفید رنگ کے لباس زیب تن کرکے ملک سے اپنی محبت کا اظہار کرتے نظر آئے۔
 
جشن آزادی کی اس پروقار تقریب میں اسلامی جمیعت طلبہ نے حسبِ روایت 1 ہزار پاؤنڈ وزنی کیک کاٹا اور 300 فٹ طویل پاکستانی سبز حلالی پرچم ایڈمن بلڈنگ سے لہرا کر ملک سے حب الوطنی اور اپنی عقیدت کا اظہار کیا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے شیخ الجامعہ پروفیسر عراقی کا کہنا تھا کہ پاکستان کی سلامتی کے لئے ہم اپنی تمام تر توانائیاں صرف کرنے کے لیے تیار ہیں۔
 
اس تقریب میں شیخ الجامعہ پروفیسر خالد محمود عراقی، امیر جامعاتِ اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمٰن اور ڈین کلیہ فنون و سماجی علوم نصرین اسلم شاہ نے بطورِ مہمان خصوصی شرکت کی.
کرائسٹ چرچ: نیوزی لینڈ کے سابق ہیڈ کوچ مائیک ہیسن نے آئی پی ایل سے کنارہ کشی اختیار کرتےہوئے کنگز الیون پنجاب کی کوچنگ چھوڑ دی۔
 
اکتوبر 2018 میں مائیک ہیسن نے کنگز الیون پنجاب کی کوچنگ کے لئے 2 سال کا معاہدہ کیا تھا تاہم انہوں نے معاہدہ کو ختم کرتے ہوئے عہدے سے الگ ہونے کا سوشل میڈیا پر اعلان کیا ہے۔
 
نیوزی لینڈ کے سابق کوچ نے کنگز الیون سے ناطہ توڑنے کی وجوہات کا ذکر نہیں کیا تاہم رپورٹس کے مطابق ان کی نظریں انگلینڈ، پاکستان، جنوبی افریقا یا بنگلادیش ٹیم کی خالی ہونے والی کوچنگ پوزیشنز پر ہیں۔
اسلام آباد: وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ بھارت سے تمام ثقافتی تعلقات ختم کرنے کا فیصلہ کرلیا۔
 
فردوس عاشق اعوان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بھارت کے ساتھ ہر قسم کے ثقافتی تعلقات ختم کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے، پاکستانی عوام کو سرحدوں سے زیادہ بھارتی کلچر کی یلغار سے خطرہ ہے، میڈیا پر منفی بات کشمیریوں کے دل کو ٹھیس پہنچا سکتی ہے۔
 
فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ بھارتی ٹی وی چینلز کی پاکستان میں نشریات بند کی جائیں گی، کشمیر کے لیے ہم سب ایک ہیں اور کسی بھی حد تک جانے کے لیے تیار ہیں، اور اس مقصد کے حصول تک ہم چین سے نہیں بیٹھیں گے۔