منگل, 15 اکتوبر 2024
Reporter SS

Reporter SS

 پاکستانی آل رائونڈر وہاب ریاض نے نویں نمبر پر 45رنز بناکر سابق کرکٹر عبدالقادر کا ملکی ریکارڈ توڑدیا۔

سابق کرکٹر عبدالقادر ٹیم میں نویں پوزیشن پر 41 رنز بناکر سب سے کامیاب پاکستانی پلیئر تھے، انھوں نے یہ کارنامہ 1983 ورلڈ کپ میں نیوزی لینڈ کیخلاف برمنگھم میں انجام دیا تھا تاہم اب نویں نمبر پر سب سے زیادہ رنز بنانے کا ریکارڈ وہاب کے نام ہوگیا۔

ورلڈ کپ 2019 میں پاکستانی اسکواڈ میں بڑی مشکل سے جگہ بنانے والے محمد عامر نے شاندار کم بیک کرتے ہوئے سب اندازے غلط ثابت کردیے۔

محمد عامر نے آسٹریلیا کیخلاف میچ میں کیریئر کی بہترین بولنگ کرتے ہوئے 30رنز کے بدلے میں 5شکار کیے، اس سے قبل پیسر نے 28رنز کے عوض4 وکٹیں حاصل کی تھیں۔

محمد عامر 10وکٹوں کیساتھ میگا ایونٹ کے پرفارمرز میں سرفہرست آگئے ہیں۔

قومی کپتان سرفراز احمد کا کہنا ہے کہ آسٹریلیا کیخلاف زیادہ غلطیوں کی وجہ سے فتح نہیں مل سکی۔

 سرفراز احمد نے کہا کہ یقینی طور پر ہم بیٹنگ لائن کی وجہ سے میچ ہارے، اگرچہ لوئر آرڈر میں حسن علی نے چند اچھے اسٹروکس کھیلے، وہاب نے عمدہ بیٹنگ کی ، ہم نے فائٹ  کی لیکن ہم میچ نہیں جیت پائے۔

انھوں نے مزید کہا کہ ہماری ٹیم نے ابتدائی 20 اوورز میں آسٹریلیا کو بہت زیادہ رنز بنانے کا موقع دے دیا، عامر کے علاوہ دیگر بولرز کی پرفارمنس اچھی نہیں رہی، اس وکٹ پر 270 اور 280 بہت تھے، اگرہم جیتنا چاہتے تو ہمارے ٹاپ فور بیٹسمینوں کو رنز کرنا ہوں گے، امام نے ففٹی بنائی، بابر اعظم بھی 30 رنز بناپائے، تاہم اب اتوار کو بھارت سے ہمارا اگلا میچ ہے اور ہم اپنی بھرپور کوشش کریں گے۔

دوسری جانب فاتح کپتان آرون فنچ نے کہا کہ گرین شرٹس فتح کے قریب پہنچے، حسن اور وہاب جیسے پلیئرز کیخلاف ہمیشہ مشکل ہوتی ہے جبکہ وہ ردھم میں تھے، ہمارے لیے انھیں روکنا مشکل ہورہا تھا، ہم نے اپنی بہترین بولنگ کی۔

انھوں نے مزید کہا کہ ہم پورے 50 اوورز نہیں کھیل پائے، اس پر ہمیں مایوسی ہے، ہم اپنے حساب سے 20 سے 30 رنز پیچھے رہے، بہرحال پاکستان کیخلاف کامیابی سے ہمیں دو قیمتی پوائنٹس مل گئے

کراچی: محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آج کراچی میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 40 سے 42 ڈگری تک جانے کا امکان ہے۔
 
کراچی میں صبح سے ہی شدید گرمی ہے اور آج شہر میں ہیٹ ویو کا خدشہ بھی ہے۔ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ شہر کا آج زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 40 سے 42 سینٹی گریڈ تک رہنے کا امکان ہے۔
 
محکمہ موسمیات کے مطابق ہوا میں نمی کا تناسب 76 فیصد ہے، ہوا میں نمی کا تناسب بڑھنے سے گرمی کی شدت زیادہ محسوس کی جائے گی۔
 
صوبائی ڈیزاسٹرمینجمنٹ اتھارٹی نے شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرتے ہوئے سرڈھانپ کر رکھنے، تولیہ، پانی اور چھتری ساتھ رکھنے کی ہدایت کی ہے۔
 
طبی ماہرین کے مطابق گرم موسم میں پانی کا استعمال زیادہ کریں، غیرضروری طور پر گھروں سے باہر نکلنے سے گریز گریں۔
 
دوسری جانب آج ٹھٹھہ، بدین، تھرپارکر سمیت سندھ کے دیگر شہروں میں آندھی اوربارش کا امکان ہے۔
 
محکمہ موسمیات کے مطابق ٹھٹھہ اور بدین کی جانب سے ہوائیں چل رہی ہیں، ہوا کی رفتار 7 ناٹیکل مائیل ہے۔
کراچی: محکمہ موسمیات کے ہیٹ ویو سینٹر نے ہیٹ ویو الرٹ جاری کردیا ہے۔
 
محکمہ موسمیات کے ہیٹ ویوسینٹر کے مطابق 13 سے 15 جون کے درمیان سمندری ہوائیں بند رہیں گی، سمندری ہوائیں بند ہونے کی وجہ سے شہر میں درمیانے درجے کے ہیٹ ویو کا امکان ہے جب کہ اگلے 3 روز کے دوران پارہ 39 سے 41 ڈگری کے درمیان رہنے کا امکان ہے۔
 
اس سے قبل محکمہ موسمیات کی جانب سے کراچی میں 4 روزہ گرمی کی نئی لہرکی پیش گوئی کی گئی تھی، بحیرہ عرب میں بننے والے سمندری طوفان کی وجہ سے ہواؤں کا رخ تبدیل ہونے کا امکان ہے جب کہ سمندری ہوائیں معطل ہونے کے سبب غیر معمولی گرمی پیدا ہوگی۔
 
محکمہ موسمیات کے مطابق آج تا ہفتہ پارہ 41 ڈگری سینٹی گریڈ کو چھوسکتا ہے جب کہ نمی کا تناسب غیرمعمولی طورپر بڑھنے سے شدید گرمی اور لو کے تھپیڑے چلنے کا امکان ہے۔
 
 

سابق کرکٹرز نے قومی ٹیم کوکینگروزکیخلاف جارحانہ اندازاپنانے کا مشورہ دیدیا۔

میڈیا سے گفتگو میں سابق ٹیسٹ کرکٹرعبدالقادرکا کہنا تھا کہ قومی ٹیم نے انگلینڈ کیخلاف مثبت کرکٹ کھیلی، کینگروزکوقابوکرنے کے لیے بھی جارحانہ انداز اپنانا ہوگا۔ میچ میں قومی ٹیم کو کوئی تبدیلی نہیں کرنی چاہیے اور مثبت ذہن کے ساتھ میدان میں اترنا چاہیے۔

عبد القادر کا کہنا تھا کہ قومی ٹیم ورلڈکپ کھیل رہی ہے اور سب کو اس کی سپورٹ کرنی چاہیے، سابق اسپنر نے ورلڈکپ کے اہم میچز بارش کی نذر ہونے کو آئی سی سی کی ناقص حکمت عملی کا شاخسانہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس معاملے سے نبٹنے کے لیے آئی سی سی کوغور و فکر کرنا ہوگا۔

سابق ٹیسٹ فاسٹ بولرعاقب جاوید کا کہنا تھا کہ پاکستان ٹیم انگلینڈ کے خلاف میچ میں کامیابی کے بعد اچھے ردھم میں ہے اس لیے توقع ہے کہ آج کے میچ میںبھی بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کرے گی۔ان کا کہنا تھاکہ کامیابی کے لیے تینوں شعبوں میں کارکردگی کے تسلسل کو برقرار رکھنا ہو گا۔

سابق کرکٹر الیاس کا کہنا تھا کہ آسٹریلیا کے خلاف میچ کے لیے قومی ٹیم میں کوئی تبدیلی نہ کی جائے اورانگلینڈ کیخلاف میچ والا بیٹنگ آرڈر برقراررکھا جائے۔ان کا کہنا تھا کہ حفیظ اور بابراعظم کو پاکستان کی کامیابی میں اہم کردارادا کریں گے، بولرز کو اضافی رنز دینے سے گریز کرتے ہوئے اپنی فیلڈنگ کے مطابق گیندیں کرنا ہونگی ۔

ٹاؤنٹن: پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان کرکٹ ورلڈ کپ کا اہم میچ آج ٹاؤنٹن میں کھیلا جائے گا۔

کرکٹ ورلڈکپ کے سنسنی خیز مقابلوں کا سلسلہ جاری ہے تاہم بارش کے باعث میچز منسوخ ہونے کی وجہ سے شائقین کرکٹ کو مایوسی کا سامنا کرنا پڑا ہے، اب تک ایونٹ میں 3 میچز بارش کی وجہ سے منسوخ ہوچکے ہیں جس میں سے ایک میچ پاکستان اور سری لنکا کے درمیان کھیلا جانا تھا۔

آج ورلڈ کپ ایونٹ کا ایک اور انتہائی اہم میچ پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان ٹاؤنٹن میں کھیلا جائے گا تاہم محکمہ موسمیات کی جانب سے میچ کے دوران ایک بار پھر بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے۔ میچ پاکستانی وقت کے مطابق دوپہر 2:30 بجے شروع ہوگا۔

دونوں ٹیموں نے اب تک ٹورنامنٹ میں 3،3 میچز کھیلے ہیں، پاکستان کو پہلے میچ میں ویسٹ انڈیز کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا تاہم انگلینڈ سے مقابلے میں قومی ٹیم نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور انگلینڈ کو شکست دی جب کہ سری لنکا سے میچ بارش کی وجہ سے منسوخ کردیا گیا تھا۔

آسٹریلیا نے پہلے میچ میں افغانستان اور دوسرے میچ میں ویسٹ انڈیز کو شکست دی تھی تاہم تیسرے میچ میں بھارت کے ہاتھوں کینگروز کو شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

اسلام آباد: میگا منی لانڈرنگ کیس میں آصف زرداری اور فریال تالپور کی درخواست پر سماعت جاری ہے۔

اسلام آباد ہائیکورٹ میں جسٹس عامر فاروق اور جسٹس محسن کیانی میگا منی لانڈرنگ کیس کی سماعت کر رہے ہیں۔ نیب پراسیکیوٹر جہانزیب بھروانہ نے دلائل دیتے ہوئے کہا صرف 20 منٹ دلائل دوں گا، جس پر عدالت نے ریمارکس دیئے کہ آپ تو دلائل دے چکے، یہ ضمانت ہے، سزا کیخلاف اپیل نہیں۔

نیب پراسیکیوٹر نے کہا کیس کی ایف آئی آر میں 29 اکاؤنٹس ٹریس ہوئے، میگا منی لانڈرنگ کیس میں ساڑھے 4 ارب کی ٹرانزیکشن ہوئی، اے ون انٹرنیشنل، عمیر ایسوسی ایٹس سے اربوں کی ٹرانزیکشن ہوئی، اکاؤنٹس کیساتھ زرداری گروپ اور پارتھینون کمپنیوں کی ٹرانزیکشن ہوئی، یہ 29 میں سے صرف ایک اکاؤنٹ کی تفصیل ہے، دیگر 28 اکاؤنٹس کی تفتیش جاری ہے۔

ادھر نیب کی خصوصی ٹیم بھی اسلام آباد ہائی کورٹ میں موجود ہے، نیب نے آصف زرداری کی ضمانت منسوخی پر گرفتاری کے حوالے سے اپنی تیاری مکمل کر لی، آصف زرداری کی ضمانت منسوخ ہونے کی صورت میں نیب ٹیم سابق صدر کو اپنی حراست میں لے گی۔

یاد رہے سابق صدر آصف علی زرداری اور فریال تالپور کو مستقل ضمانت ملنے یا نہ ملنے کے بارے میں فیصلہ ہوگا، عدالت نے نیب سے منی لانڈرنگ کے الزامات کا مکمل ریکارڈ طلب کر رکھا ہے۔

وزیراعظم عمران خان نے بجٹ کو حتمی شکل دینے کے لئے کابینہ کا خصوصی اجلاس منگل کو طلب کر لیا۔ ملازمین کی تنخواہوں میں حتمی اضافے اور چینی پر سیلز ٹیکس بڑھانے پر طویل غور کئے جانے کا امکان ہے۔ ٹیکس رقوم میں 1400 ارب روپے کا اضافہ کیا جا رہا ہے۔
 
بجٹ 11 جون کو قومی اسمبلی میں پیش کیا جائے گا۔ کابینہ 6 ہزار 800 ارب روپے سے زائد کے وفاقی بجٹ کی منظوری دے گی جس میں سے 3 ہزار ارب روپے کا خسارہ متوقع ہے۔ قرضوں پر سود کی ادائیگی کیلئے 2500 ارب روپے سے زائد کی رقم مختص کرنے کی تجویز ہے، وفاق کے ترقیاتی پروگرام کیلئے 925 ارب روپے مختص ہوں گے۔
 
ایف بی آر کی ٹیکس وصولیوں کا ہدف 5 ہزار 5 سو 50 ارب روپے رکھنے کی تجویز زیر غور ہے۔ 14سو ارب روپے کے قریب ٹیکس وصولیوں میں اضافہ کیا جائے گا۔
 
چینی پر سیلز ٹیکس 8 سے بڑھا کر 17 فیصد کرنے کی تجویز دی جا رہی ہے، پولٹری مصنوعات، الیکٹرونک مصنوعات سمیت درجنوں اشیا پر ٹیکس اور ڈیوٹیوں میں اضافے، لگژری اشیا کی درآمد پر 2 فیصد اضافی ڈیوٹی کو بڑھا کر 3 فیصد کرنے کی تجویز ہے۔
 
وفاقی بجٹ میں پانچ برآمدی شعبوں کیلئے زیرو ریٹنگ ختم کرنے کی بھی تجویز ہے، کھادوں کی قیمتوں میں کمی کی منظوری بھی متوقع ہے، سرکاری ملازمین کی تنخواہوں اور پینشن میں 10 سے 15 فیصد اضافے کی تجاویز زیرغور آئیں گی۔
 
تنخواہوں اور پنشن میں اضافے کی حتمی منظوری کابینہ منگل کو دے گی جبکہ تنخواہ دار طبقے کی ٹیکس چھوٹ میں بھی ردو بدل کیا جائے گا۔ کابینہ کی منظوری کے بعد بجٹ قومی اسمبلی میں پیش کیا جائے گا۔
کراچی: عیدالفطر پر ریلیز ہونے والی کامیڈی فلم’’رانگ نمبر 2‘‘ نے ریلیز کے 3 دنوں میں 6 کروڑ 75 لاکھ روپے سے زائد کا بزنس کرلیا۔
 
ہدایت کار یاسر نواز کی کامیڈی سے بھرپور فلم ’’رانگ نمبر2‘‘ شائقین کو متاثر کرنے میں کامیاب رہی ہے۔ فلم میں اداکارہ نیلم منیر اور سمیع خان کی جوڑی کو بے حد پسند کیاجارہا ہے۔ فلم کی کہانی میں مزاح اور جذبات کا تڑکہ لگایا گیا ہے جب کہ فلم میں شامل گانوں اورڈانس بھی فلم کی کہانی کو آگے بڑھاتے ہیں۔
 
لہٰذا فلموں کے شائقین کے لیے یہ مکمل طور پر ایک مصالحہ فلم ہے یہی وجہ ہے کہ عیدالفطر پر یہ فلم شائقین کی بڑی تعداد کو سینما تک کھینچ لانے میں کامیاب رہی ہے۔
 
فلم کے ہدایت کار یاسر نواز نے سوشل میڈیا پر فلم کا بزنس شیئر کرایا ہے جس کے مطابق فلم ریلیز کے تین دنوں میں 6 کروڑ 75 لاکھ کا بزنس کرنے میں کامیاب رہی ہے۔ عید کی چھٹیوں کے فوراً بعد ویک اینڈ کی چھٹیوں کا فائدہ عیدالفطر پر ریلیز ہونے والی فلموں کو ہوا ہےلہٰذا توقع کی جارہی ہے کہ ویک اینڈ پر یہ فلم مزید اچھا بزنس کرسکتی ہے۔