اتوار, 12 جنوری 2025

 

ایمزٹی وی(اسلام آباد)معروف مذہبی اسکالر مولانا طارق جمیل کینیڈا جانے سے روکے جانے کے بعد ائیر لائن نے انہیں اور ان کی فیملی کو رہائش اور متبادل ٹکٹ فراہم کردی ہے ۔
میڈیا ذرائع کے مطابق مولانا طارق جمیل قومی کرکٹر شاہد آفریدی کے ساتھ کینیڈا جارہے تھے کہ دبئی ایئرپورٹ حکام نے انہیں سکیورٹی کلیئرنس دینے میں تاخیر کی جس کے باعث وہ فلائٹ میں سوار نہ ہو سکے ۔
مولانا طارق جمیل کے پاس کینیڈا کا قانونی سفری دستاویزموجود ہے ،دو دن بعد مولانا طارق جمیل کینیڈا روانہ ہوں گے ۔ائیر لائن نے مولانا طارق جمیل اور ان کی فیملی کو رہائش اور متبادل ٹکٹ فراہم کردیا۔واضح رہے مولانا طارق جمیل اپنی بیگم اور بیٹے کےساتھ کینیڈا جارہے تھے۔

 

 

 

ایمزٹی وی(اسلام آباد)وزیراعظم نواز شریف نے ڈان لیکس کی کمیٹی کی متفقہ سفارشات کی منظوری دیدی ہے اور وزارت داخلہ نے اعلامیہ بھی جاری کر دیا جس میں سابق وفاقی وزیر اطلاعات پرویز رشید، راﺅ تحسین اور طارق فاطمی کے خلاف کارروائی کے فیصلے کی توثیق کی گئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزارت داخلہ کی جانب سے جاری ہونے والے اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ وزیراعظم نے 29 اپریل کو ڈان لیکس کی کمیٹی کی سفارشات کی منظوری دی اور وفاقی وزیر اطلاعات پرویز رشید کو پہلے سے ہی عہدے سے الگ کر دیا گیا تھا۔ اعلامیہ میں پرویز رشید، راﺅ تحسین اور طارق فاطمی کے خلاف کارروائی کے فیصلے کی توثیق کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ کمیٹی اس بات پر متفق تھی کہ راﺅ تحسین اپنی ذمہ داریاں سرانجام دینے میں ناکام رہے جبکہ طارق فاطمی سے معاون خصوصی کا عہدہ واپس لے لیا گیا۔
اعلامیے کے مطابق کمیٹی نے ڈان اخبار، ایڈیٹر اور رپورٹر کا معاملہ آل پاکستان نیوز پیپر سوسائٹی (اے پی این ایس) کے سپرد کرتے ہوئے ڈان اخبار، ایڈیٹر ظفر عباس اور رپورٹر سرل المیڈا کے خلاف انضباطی کارروائی کرنے کی ہدایت کی ہے۔ ذرائع کے مطابق اعلامیہ میں سیکیورٹی معاملات پر پرنٹ میڈیا کا ضابطہ اخلاق بنانے پر بھی زور دیا گیا ہے۔ اعلامیے میں مزید کہا گیا ہے کہ وزیراعظم کے حکم پر عملدرآمد کے بعد ڈان لیکس کا معاملہ حل ہو گیا۔
واضح رہے کہ آج جاری ہونے والے نوٹیفکیشن میں بھی وہی سفارشات شامل ہیں جو اس سے پہلے 29 اپریل کو جاری ہونے والے نوٹیفکیشن میں تھیں۔ حکومت کی جانب سے ڈان لیکس کی انکوائری رپورٹ کے جاری ہونے والے نکات کے مطابق طارق فاطمی سے معاون خصوصی برائے خارجہ امور کا عہدہ فوری طور پر واپس لے لیا گیا تھا جبکہ پرنسپل انفارمیشن افسر راﺅ تحسین کے خلاف بھی کارروائی کا حکم دیا تھا۔
وزیراعظم کے پرنسپل سیکریٹری فواد حسن فواد کے دستخط سے جاری ہونے والے اعلامیے کے مطابق وزیراعظم نواز شریف نے ڈان اخبار کی خبر کے معاملے پر بنائی گئی انکوائری کمیٹی کی سفارشات کی منظوری دی تھی۔ وزیر اعظم ہاﺅس سے جاری ہونے والے نوٹیفکیشن میں ڈان اخبار اور صحافی سرل المیڈا کے خلاف انضباطی کارروائی کا معاملہ آل پاکستان نیوز پیپرزسوسائٹی (اے پی این ایس ) کو بھجوایا گیا تھا اور اے پی این ایس کو ایسے واقعات سے بچنے کیلئے ضابطہ اخلاق مرتب کرنے کو کہا گیا تھا جو خاص طور پر پرنٹ میڈیا کیلئے ملکی سلامتی کے معاملات پر رپورٹنگ کے حوالے سے قواعد و ضوابط کا تعین کر سکے گا۔

 

 

ایمزٹی وی(اسلام آباد)وزیراعظم نوازشریف سے آرمی چیف اور ڈی جی آئی ایس آئی کی ملاقات کے بعد آج شام ہونیوالی چوہدری نثار کی پریس کانفرنس موخرکردی گئی ہے اوراب وہ کل شام پریس کانفرنس کریں گے، وزارت داخلہ کے ترجمان کے مطابق وزیرداخلہ یہ پریس کانفرنس جمعرات کی شام پانچ بجے کریں گے ۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان کی عسکری و سویلین قیادت کے درمیان ڈیڑھ گھنٹے تک جاری رہنے والی ملاقات میں کلبھوشن یادیو اور سیکیورٹی معاملات پر بھی تبادلہ خیال گیا جبکہ ذرائع نے دعویٰ کیا کہ قیادت کے درمیان ہونیوالی اس ملاقات میں چوہدری نثار علی خان نے اہم کردار اداکیاہے اور ڈان لیکس سے متعلقہ معاملات افہام و تفہیم سے انجام کو پہنچانے پر اتفاق کیاگیا۔
وزارت داخلہ کے مطابق چوہدری نثار کی آج ہونیوالی پریس کانفرنس موخرکردی گئی اور کل شام پانچ بجے پریس کانفرنس سے خطاب کریں گے ۔ اس ملاقات میں چوہدری نثار کے علاوہ وزیرخزانہ اسحاق ڈار نے بھی شرکت کی ۔
 

 

 

ایمزٹی وی (اسپورٹس)پاکستانی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شعیب ملک لگاتار چھٹی بار انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) چیمپینز ٹرافی کھیلنے والے پہلے پاکستانی کھلاڑی بن گئے ہیں۔
 
آئی سی سی کی جانب سے جاری ہونے والے بیان کے مطابق شعیب ملک کے علاوہ دنیا بھر سے صرف 8 کھلاڑی ایسے ہیں جو چھ بار اس ٹورنامنٹ کا حصہ بن چکے ہیں۔ ان کھلاڑیوں میں آسٹریلیا کے رکی پونٹنگ، بھارت کے راہول ڈریوڈ، نیوزی لینڈ کے ڈینیل ویٹوری، جنوبی افریقہ کے مارک باو¿چر اور جیک کیلس اور سری لنکا کے سنتھ جے سوریا، مہیلا جے وردنے اور کمار سنگاکارا شامل ہیں۔
 
اس ٹورنامنٹ کیلئے چھٹی بار پاکستان ٹیم میں شامل کئے جانے پر شعیب ملک نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ”آئی سی سی چیمپینز ٹرافی جیسے بہترین ٹورنامنٹ کیلئے پاکستانی اسکواڈ میں شامل کئے جانے پر میں بہت خوش ہوں۔ 6 بار یہ ٹورنامنٹ کھیلنے والے دیگر کھلاڑیوں کے ناموں کو دیکھتے ہوئے مجھے فخر محسوس ہو رہا ہے، کیونکہ یہ تمام کرکٹ کی تاریخ کے بہترین کھلاڑی ہیں۔“
واضح رہے کہ 35 سالہ شعیب ملک اس سے قبل 2002، 2004، 2006، 2009 اور 2013 میں اس ٹورنامنٹ میں پاکستان کی نمائندگی کر چکے ہیں اور اس ٹورنامنٹ میں کھیلے گئے 15 میچوں میں 10 وکٹیں اور 326 رنز بنا رکھے ہیں۔ انگلینڈ اور ویلز میں کھیلی جانے والے آئی سی سی چیمپینز ٹرافی کا آغاز یکم جون سے ہو رہا ہے جو کہ 18 جون تک جاری رہیں گے جبکہ پاکستان اپنا پہلا میچ روائتی حریف بھارت کے خلاف 4 جون کو کھیلے گا۔
 

 

 

ایمزٹی وی (اسلام آباد)ڈائریکٹر جنرل آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غور آج شام 4 بجے اہم پریس کانفرنس کریں گے جس دوران مختلف امور پر روشنی ڈالی جائے گی۔
تفصیلات کے مطابق ڈائریکٹر جنرل آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور آج شام 4 بجے اپنے دفتر میں اہم پریس کانفرنس کریں گے جس میں بنیادی طور پر آپریشن ردالفساد کیساتھ ساتھ پاک فوج کی جانب سے جاری مختلف آپریشنز اور امور کار پر روشنی ڈالی جائے گی جبکہ وہ پاک فوج کی جانب سے جاری مختلف ترقیاتی کاموں پر بھی آگاہ کریں گے۔
 
میڈیا ذرائع کے مطابق اس پریس کانفرنس کے دوران پاک فوج کی جانب سے بھارتی جاسوس کلبھوشن یادیو کو موت کی سزا سنائے جانے پر بین الاقوامی اور بھارتی میڈیا کی جانب سے اٹھائے گئے سوالات کے جوابات بھی دئیے جائیں گے۔
ذرائع کے مطابق پریس کانفرنس کے دوران ڈان لیکس کے حوالے سے بھی اب تک ہونے والی اہم پیش رفت پر بھی بات چیت کی جا سکتی ہے تاہم ابھی اس حوالے سے طے ہونا باقی ہے کہ وہ کن کن امور پر گفتگو کریں گے۔ واضح رہے کہ چوہدری نثار علی خان نے آج تیسری مرتبہ پریس کانفرنس ملتوی کی ہے۔
 

 

 

ایمزٹی وی(اسلام آباد)اسلام آباد میں آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے وزیر اعظم نواز شریف سے طویل ملاقات کی، اس موقع پر ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل نوید مختار بھی موجود تھے، وزیر اعظم اور آرمی چیف کے درمیان طویل تبادلہ خیال کے بعد ملاقات میں وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان اور وزیر خزانہ اسحاق ڈار بھی شریک ہوگئے۔ ملاقات کے دوران اعلیٰ ترین سیاسی اور عسکری قیادت کے درمیان ڈان لیکس کے متعلق تمام معاملات طے پاگئے ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اعلیٰ ترین سول اور عسکری قیادت کے درمیان طے پائے گئے معاملات کے تحت ترجمان پاک فوج میجر جنرل آصف غفور پریس کانفرنس کریں گے جب کہ وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان کل میڈیا کو اعتماد میں لیں گے۔
دوسری جانب پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق ڈان لیکس نیوز لیکس کا معاملہ حل ہوگیا ہے، 29 اپریل کا ٹویٹ کسی ادارے یا شخصیت کے خلاف نہیں تھا لہذا ٹوئٹ کو واپس لے لیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ 6 اکتوبر 2016 کو انگریزی اخبار نے وزیر اعظم ہاؤس میں ہونے والے اجلاس سےمتعلق ایک خبر شائع کی تھی، جس میں کالعدم تنظیموں کے معاملے پر فوج اور سول حکومت میں اختلافات کا دعویٰ کیا گیا تھا۔ خبر پر شدید تنقید کے بعد پرویز رشید سے وزارت اطلاعات کا قلمدان واپس لے لیا گیا تھا۔ ڈان لیکس کی تحقیقات کے لیے جسٹس ریٹائرڈ عامر رضا کی سربراہی میں کمیٹی قائم کی گئی تھی۔ کمیٹی کی رپورٹ پر وزیر اعظم ہاؤس کی جانب سے نوٹی فکیشن جاری ہوا تھا جسے ترجمان پاک فوج نے مسترد کردیا تھا۔

 

 

ایمزٹی وی(راولپنڈی)فوجی عدالتوں سے سزا یافتہ کالعدم تحریک طالبان کے 4 دہشت گردوں کو پھانسی دے دی گئی۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق فوجی عدالتوں نے سیکیورٹی فورسز، عام شہریوں اور مساجد پر حملوں کا جرم ثابت ہونے پر 4 دہشت گردوں کو تختہ دار پر لٹکا دیا ہے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق چاروں دہشت گردوں کا تعلق کالعدم تحریک طالبان پاکستان سے تھا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق سزا پانے والے دہشت گردوں میں قیصر خان، محمد عمر، قاری ذبیر محمود اور عزیز خان شامل ہیں اور چاروں دہشت گردوں نے مجسٹریٹ و ٹرائل کورٹ میں اپنے جرائم کا اعتراف کیا تھا۔
واضح رہے کہ رواں برس فروری میں آپریشن رد الفساد کے آغاز کے بعد سے ملک بھر میں 23 دہشت گردوں کو پھانسی دی جا چکی ہے۔

 

 

ایمزٹی وی (نئی دہلی)بھارتی جاسوس کلبھوشن یادیو کی سزائے موت پر عملدرآمد رکوانے کے لئے بھارت نے عالمی عدالت انصاف سے رجوع کر لیا ہے، درخواست میں بھارتی جاسوس تک کونسلر رسائی کا مطالبہ کیا گیا ہےجبکہ عالمی عدالت انصاف سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ پاکستان کو عدالت کی کارروائی مکمل ہونے تک کلبھوشن کی موت پر عملدر آمد سے روک دے ۔
تفصیلات کے مطابق عالمی عدالت انصاف میں دائر کی گئی درخواست میں کہا گیا ہے کہ پاکستان کی فوجی عدالت نے ایک پریس ریلیزکےذریعے کلبھوشن کی سزائے موت کا اعلان کیا گیا جبکہ کلبھوشن یادیو تک قونصلر رسائی بھی نہیں دی گئی، کلبھوشن تک قونصلر رسائی نہ دینا ویانا کنونشن کی خلاف ورزی ہے۔
بھارتی وزیر خارجہ سشما سوراج نے سوشل میڈیا ویب سائٹ پر ٹوئٹ کرتے ہوئے کہا ہے کہ سینئر وکیل ہارش سلیو عالمی عدالت انصاف میں بھارت کی نمائندگی کریں گے۔ان کا مزید کہنا تھا کہ بھارت نے صدارتی حکم کے تحت عالمی عدالت انصاف سے رجوع کیا ہےجبکہ انہوں نے آج کلبھوشن یادیو کی والدہ سے بھی ملاقات کی ہے۔

 

 

ایمزٹی وی(اسپورٹس)پاکستان کرکٹ کے 2 اہم ستارے آخری بار انٹرنیشنل سطح پر جگمگائیں گے، ویسٹ انڈیز کیخلاف بدھ سے شروع ہونے والا ڈومینیکا ٹیسٹ یونس خان اور مصباح الحق کے کیریئر کا آخری میچ ہوگا، دونوں عمدہ کھیل کیلیے پُرعزم ہیں۔ تفصیلات کے مطابق یونس خان اور مصباح الحق نے دورئہ ویسٹ انڈیز سے قبل ہی اعلان کردیا تھا کہ وہ اپنے کیریئر کی آخری سیریز کھیلنے کیلیے جا رہے ہیں،یوں پاکستان کرکٹ کے 2 اہم ستون ڈومینیکا میں ٹیسٹ کے بعد کبھی انٹرنیشنل مقابلوں میں نظر نہیں آئینگے، دونوں نے ٹوئنٹی20اور ون ڈے کرکٹ کو پہلے ہی خیرباد کہہ دیا تھا،یونس نے پہلا ٹیسٹ 26 فروری کو سری لنکاکیخلاف راولپنڈی میں کھیلنے کے بعد اب تک 117میچز میں 52.32 کی اوسط سے 10046 رنز بنائے ہیں، انھوں نے 10 ہزار رنز کا سنگ میل عبور کرنے والا پہلا پاکستانی بننے کا اعزاز حالیہ سیریز کے پہلے ٹیسٹ میں حاصل کیا تھا، اپنے کیریئر میں یونس نے انضمام الحق کا سب سے زیادہ 25 سنچریوںکا ریکارڈ بھی توڑا، انھوں نے 34تھری فیگر اننگز کھیلی ہیں۔ یونس خان نے نومبر 2015 میں آسٹریلیا کیخلاف یواے ای میں سیریز کے دوران ون ڈے کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا تھا،انھوں نے بطور کپتان ورلڈ ٹی ٹوئنٹی2009 کا ٹائٹل جیت کر مختصر فارمیٹ کی کرکٹ سے کنارہ کشی کا اعلان کردیا تھا۔ مصباح نے نیوزی لینڈ کیخلاف 2001میں ڈیبیو کرنے کے بعد اب تک 74 ٹیسٹ میں 10سنچریوں کی مدد سے 46.91 کی اوسط سے 5161رنز بنائے ہیں۔ سلمان بٹ کے اسپاٹ فکسنگ اسکینڈل میں ملوث ہونے کے بعد 2010میں ٹیم کی کمان انھوں نے سنبھالی، وہ پاکستان کے واحد کپتان ہیں جنھوں نے ٹیسٹ میچزکی ففٹی مکمل کی،انھوںنے 55مقابلوں میں قیادت کرتے ہوئے 25 جیتے، 19میں شکست جبکہ 11 ڈرا ہوئے، مصباح الحق نے فتوحات کے سفر میں عمران خان کو پیچھے چھوڑا، گزشتہ سال ان کی قیادت میں پاکستانی ٹیم نے اپنی تاریخ میں پہلی بارآئی سی سی رینکنگ میں نمبر ون پوزیشن پر قبضہ جمایا،مصباح الحق نے ہی گرز وصول کیا تھا، رواں سال یونس خان اور مصباح الحق کو وزڈن کرکٹرز کی فہرست میں بھی شامل کیا گیا۔

 

 

 

ایمزٹی وی(تعلیم/ کراچی)جامعہ کراچی میں لیپ ٹاپ کی تقسیم کی تقریب کل ہوگی۔ تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم لیپ ٹاپ اسکیم جامعہ کراچی کے فوکل پرسن پروفیسر ڈاکٹر محمد ظہیر خان کے مطابق ایچ ای سی کی جانب سے جامعہ کراچی میں تیسرے مرحلے کے لیپ ٹاپ کی تقسیم کی تقریب جمعرات11مئی صبح 11بجے ڈاکٹر اے کیو خان انسٹیٹیوٹ آف بائیو ٹیکنالوجی اینڈ جینیٹک انجینئرنگ کی سماعت گاہ میں ہوگی۔