اتوار, 12 جنوری 2025

 

ایمزٹی وی(تعلیم/ کراچی)یوکرین کی یونیورسٹی کی پروفیسر ڈاکٹراولینا بورڈیلوسکا نے جامعہ کراچی اور اقرا یونیورسٹی کا دورہ کیا ۔
جامعہ کراچی میں سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ یوکرین اپنی بہترین سفارتکاری کی پالیسیوں اور حکمت عملی کے باعث اقوام عالم میں اپنی جگہ بنائے ہوئے ہے۔
اس موقع پر رئیس کلیہ سماجی علوم پروفیسر ڈاکٹر محمد احمد قادری ،اعزازی کونسل آف یوکرین انجینئر عبدالجبار میمن ،ڈائریکٹر اسٹوڈنٹس گائیڈنس اینڈ کونسلینگ بیورو جامعہ کراچی ڈاکٹر معیز خان اور شعبہ بین الاقوامی تعلقات کی ۔
چیئر پرسن پروفیسر ڈاکٹر شائستہ تبسم بھی موجودتھیں۔دریں اثنا پروفیسر ڈاکٹراولینا بورڈیلوسکا نے اقرا یونیورسٹی میں یوکرائن اور پاکستان کے درمیان مختلف شعبوں تعلیم، سائنس و ٹیکنالوجی اور زراعت پر دو طرفہ تعلقات پر لیکچر دیا۔اس موقع پر ڈائریکٹر اقراء یونیورسٹی کے علاوہ بزنس ریکارڈر کے سی ای او آصف زوبیری اور کراچی کونسل برائے غیر ملکی تعلقات احسن مختار زوبیری موجود تھے۔

 

 

ایمزٹی وی(اسپورٹس)مرد بحران، یونس خان نے یوں تو اپنے کیرئیر میں کئی اہم ریکارڈ اپنے نام کئے ہیں اور ویسٹ انڈیز کے خلاف اپنے کیرئیر کی آخری ٹیسٹ سیریز میں 10 ہزار رنز مکمل کرنے والے پہلے پاکستانی کرکٹر ہونے کا اعزاز بھی حاصل کر لیا ہے لیکن اب ان کیلئے ایک اور شاندار اعلان کر دیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق یونس خان کو گزشتہ سال انگلینڈ کے خلاف کھیلی گئی ٹیسٹ سیریز میں شاندار کارکردگی دکھانے پر وزڈن کرکٹرز آف دی ائیر کے کیلنڈر کے 2017ءایڈیشن میں شامل کر لیا گیا ہے اور انہیں اس کیلنڈر کا ایک خاص لیدرباﺅنڈ ایڈیشن دینے کا اعلان بھی کر دیا گیا ہے جو 18 مئی بروز جمعرات لارڈز کے تاریخی میدان میں ان کے حوالے کر کے کرکٹ کیلئے ان کی انتھک خدمات کو خراج تحسین پیش کیا جائے گا۔
وزڈن کرکٹرز آف دی ائیرز ایوارڈ 1889 میں شروع ہوا تھا اور اس طرح یہ کسی بھی طرح کے کھیل میں اپنی نوعیت کا واحد انفرادی ایوارڈ ہے۔ ہر سال وزڈن کرکٹرز کے کیلنڈر میں 5 ایسے کھلاڑیوں کو شامل کیا جاتا ہے جو انگلش سمر سیزن کے دوران دنیائے کرکٹ میں ان مٹ نقوش چھوڑ جاتے ہیں ۔
گزشتہ مہینے شائع ہونے والے اس کیلنڈر کے 2017ءکے ایڈیشن میں یونس خان کو بھی شامل کیا گیا ہے جنہوں نے انگلینڈ کے خلاف اوول میں کھیلے گئے چوتھے اور آخری ٹیسٹ میچ میں 218 رنز کی ناقابل فراموش اننگز کھیلی تھی اور اس وجہ سے پاکستان نے 4 میچوں کی سیریز 2-2 سے برابر کر دی تھی اور اس کے کچھ ہی دنوں بعد ٹیسٹ رینکنگ میں پہلی پوزیشن بھی حاصل کی تھی۔
 
ذرائع کے مطابق یونس خان کو اس سال شائع ہونے والے کیلنڈر کا ایک خاص لیدرباﺅنڈ ایڈیشن دیا جائے گا۔ وزڈن کرکٹرز آف دی ائیرز کے خاص قسم کے لیدرباﺅنڈ ایڈیشن کے ہر سال صرف 150 کیلنڈر بنائے جاتے ہیں تاہم یونس خان واحد کرکٹر ہوں گے جن کا نام انہیں دئیے جانے والے خاص کیلنڈر پر لکھا جائے گا۔

 

 

ایمزٹی وی(سندھ/کراچی) کراچی سمیت سندھ بھرمیں انٹر امتحانات میں نقل مافیا کے رجحان پر قابو پانے کے لیے سندھ حکومت کی جانب سے سنجیدہ اقدامات کئے جانے لگے ہیں، امتحانی مراکز میں موبائل فون لے جانے پر مکمل طور پر پابندی لگادی گئی ہے جب کہ طلبا کی جامہ تلاشی کے عمل سے کئی مراکز پر امتحانات تاخیر سے بھی شروع ہوے ہیں۔
کراچی میں وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے صوبائی وزیر تعلیم کے ہمراہ کئی امتحانی مراکز کا دورہ کیا اور صورت حال کا جائزہ لیا، اس کے علاوہ انہوں نے امتحانی مراکز میں ذمہ داریاں انجام دینے والے اساتذہ سے بھی معلومات حاصل کیں، اس موقع پر انہوں نے کہا کہ نقل اور پرچے آؤٹ کرانے جیسے غیر قانونی عمل میں کوئی بھی مافیا ملوث پایا گیا تو اس کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ وزیر اعلیٰ سندھ کی ہدایت پر انٹرمیڈیٹ بورڈ کی ٹیمیں ، آئی جی سندھ ، کمشنر کراچی اور دیگر حکام بھی متحرک نظر آئے جس کی وجہ سے امتحانی مراکز پر سختی دیکھنے میں آرہی ہے۔
دوسری جانب حیدر آباد میں امتحانی مراکز کے 2 سربراہان کو نقل کرانے کے الزام میں گرفتار کرلیا گیا ہے جب کہ جیکب آباد میں 12 طلبا کو رنگے ہاتھوں پکڑے جانے پر امتحان میں حصہ لینے سے روک دیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ میٹرک اور پھر انٹر کے سالانہ امتحانات میں نقل اور واٹس ایپ کے ذریعے پرچے آؤٹ ہونے کے معاملے پر وزیر اعلیٰ سندھ کی سربراہی میں گزشتہ روز بھی اجلاس ہوا تھا جس میں فیصلہ کیا گیا تھا کہ پیپرز کی چھپائی اور تقسیم کے کام کی نگرانی ضلعی انتظامیہ اور پولیس مل کر کریں گے، اساتذہ سمیت طلباءکو امتحانی مراکز پر اسمارٹ فون لے جانے کی اجاز ت نہیں ہوگی، سندھ کے تمام امتحانی مراکز پر مکمل سیکیورٹی فراہم کی جائے گی، تمام امتحانی مراکز پر ضلعی انتظامیہ کی نگرانی میں سوالیہ پیپرز کا لفافہ کھولا جائے گا، انہوں نے انتظامیہ کو ہدایت کی تھی کہ سندھ کے تمام کمشنرز، ڈپٹی کمشنرز اور مختیارکاراپنے متعلقہ اضلاع کے امتحانی مراکز پر موجود ہوں گے۔

 

 

ایمزٹی وی(کراچی)پاکستان پیپلزکے رکن سندھ اسمبلی نے وزیراعظم اور بھارتی صنعتکار سجن جندال کی ملاقات پر تنقید کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ پاکستان اسٹیل مل جندال کو فروخت کرنے کی منصوبہ بندی کی جارہی ہے ۔
تفصیلات کے مطابق سندھ اسمبلی کے ہنگامہ خیز اجلاس میں پی پی رہنما شرجیل میمن نے وزیراعظم کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم کی اجازت سے بھارتی صنعتکار سجن جندال کو اسلام آباد اور لاہور کا ویزا جاری کیا گیا اور انہی کی اجازت سے جندال کو مری کا بھی ویزہ دیا گیا۔انہوں دعویٰ کیا کہ پاکستان سٹیل مل جندال کو فروخت کرنے کی منصوبہ بندی کی جارہی ہے اور اس مقصد کیلئے جندال کا فرنٹ مین کوئی اور آدمی ہوگا۔
شرجیل میمن کا کہنا تھا کہ نواز شریف جب بھی پریشانی میں ہوتے ہیں تو بارڈر پر کشیدگی بڑھ جاتی ہے اور وزیراعظم کی جندال سے ملاقات کا مقصد بتایا جائے۔سندھ اسمبلی میں خطاب کرتے ہوئے شرجیل میمن نے کہا کہ اسٹیل مل کی فروخت کی سازش کو کسی بھی صورت کامیاب نہیں ہونے دیں گے ،سٹیل مل ذوالفقار بھٹو نے بنائی تھی اور ہم نواز شریف کا یہ خواب کسی بھی صورت پورا نہیں ہونے دیں گے۔
 

 

 

ایمزٹی وی(کراچی)سند اسمبلی میں اجلاس کے دوران پیپلز پارٹی کے رہنما امداد پتافی نے وزیر اعظم کو گالی دے دی ۔تفصیل کے مطابق آج سندھ اسمبلی کا اجلاس ہوا جس میں بہت شور شرابہ اور ہنگامہ آرائی دیکھنے میں آئی ۔اجلاس کے دوران امداد پتافی نے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم کو سخت تنقید کا نشانہ بنا یا اور کہا کہ نواز شریف سندھ میں گھوم رہا ہے اور ایسے پیسے بانٹ رہا ہے جیسے اندھا ریوڑیاں بانٹتا ہے ۔
فرط جذبات میں امداد پتافی نے وزیراعظم کو گالی بھی دیتے ہوئے کہا کہ نواز شریف جو ترقیاتی اعلان کر رہا ہے وہ سندھ کی عوام کو ”پاگل “بنا رہا ہے ۔امدادپتافی کے وزیر اعظم کے خلاف نا زیبا الفاظ کو اجلاس کی کارروائی سے حذف کردیا ۔نجی نیوز چینل پر رد عمل دیتے ہوئے طلال چوہدری نے کہا کہ صبح کے وقت امداد پتافی ہو ش میں نہیں ہوتے اس لیے ایسی باتیں کرتے ہیں ۔ان کا کہنا تھا کہ انسان کے الفاظ سے اس کی تربیت اور کردار کا پتہ لگتا ہے ۔
واضح رہے کہ امداد پتافی رکن سندھ اسمبلی نصرت سحر عباسی کے خلاف بھی نا زیبا زبان استعمال کر چکے ہیں جس پر انہیں معافی مانگنا پڑی تھی ۔

 

 

ایمزٹی وی(اسلام آباد)لیگی رہنما دانیال عزیز نے کہا ہے کہ عمران خان کیخلاف واضح ثبوت موجود ہیں ۔انہوں نے اپنے جمع کرائے گئے گوشواروں میں فراڈ کیا ۔”گارڈ فادر والا جرم تو یہ ہے “۔
الیکشن کمیشن کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انکا کہنا تھا کہ ایک سیٹ نہ جیتنے والی جماعت راتوں رات کیسے طاقت ور بن گئی ؟ ایسی جماعت دھرنے دیکر اسلام آباد بند کرانے کی دھمکیاں کیسے دیتی رہی ؟” وہ جماعت راتوں رات کیسے بدل کر پاکستان کے منظر نامے پر آگئی اور اتنی طاقت ور بن گئی کہ اسلام آباد بندکر نے کی دھمکیاں دینے لگی “۔
دانیال عزیز نے کہا کہ مخالفین ہمیں اس بات پر طعنے دیتے تھے کہ اگر انہوں نے کچھ کیا ہے تو قانونی کارروائی کیوں نہیں کرتے اور اب ہم وہی کر رہے ہیں ۔”ہمارے شواہد میں اخباری تراشے شامل نہیں ہیں بلکہ یہ وہ ثبوت ہیں جو عمران خان نے اپنے دستخط سے امریکا میں رجسٹر کرایا “۔
انہوں نے مزید کہا کہ عمران خان 18سال ٹکریں مارتے رہے مگر ایک سیٹ نہیں ملی ، 2002ءمیں عمران خان کو خیرات میں ایک سیٹ ملی ۔سیاسی جماعت کی وجہ سے ملک کو نقصان پہنچا۔

 

 

ایمزٹی وی(اسلام آباد) الیکشن کمیشن نے عمران خان کی نااہلی کیلئے دائر درخواست کو بحال کرتے ہوئے جواب طلب کر لیا ۔
ذرائع کے مطابق الیکشن کمیشن نے عمران خان کی نااہلی کیلئے ہاشم علی بھٹہ کی درخواست کو بحال کرنے کا حکم دیتے ہوئے عمران خان سے جواب طلب کر کے سماعت 23مئی تک ملتوی کر دی۔
چیف الیکشن کمشنرجسٹس ریٹائرڈ سرداررضا کی سربراہی میں 5 رکنی بینچ نے عمران خان کی نااہلی سے متعلق ہاشم علی بھٹہ کی درخواست بحال کرنے سے متعلق اپیل کی سماعت کی۔
جس دوران درخواست گزار ہاشم علی بھٹہ نے موقف اپنایا کہ عمران خان نے الیکشن کمیشن کے روبرو جھوٹ بولا جس کے بعد وہ آئین کے آرٹیکل 62 اور 63 پرپورا نہیں اترتے اس لیے انہیں نااہل قرار دیا جائے۔
الیکشن کمیشن نے ہاشم علی بھٹہ کی درخواست بحال کرتے ہوئے عمران خان سے جواب طلب کرلیا ہے، کیس کی آئندہ سماعت 23 مئی کو ہوگی۔
 

 

 

ایمزٹی وی(اسپورٹس)پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان سیریز کا تیسرا اور آخر ٹیسٹ کل سے روسیو( Roseau )،ڈومینکا میں شروع ہوگا جس کی تیاری کےلیے قومی ٹیم کی بھرپورٹریننگ جاری ہے۔ اس گراؤنڈ پر پاکستان ٹیم پہلی بار کوئی میچ کھیلے گی۔ ٹیسٹ میچ سے قبل کھلاڑیوں نے فزیکل ٹریننگ کے ساتھ بولنگ ،بیٹنگ اور فیلڈنگ کی پریکٹس کی۔ واضح رہے تین ٹیسٹ کی سیریز ایک ایک سے برابر ہے۔ پہلے ٹیسٹ میں پاکستان نے ویسٹ انڈیز کو 7وکٹوں سے ہرایا تھا جبکہ دوسرے ٹیسٹ میں پاکستان کو 106رنز سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

 

 

ایمزٹی وی(اسلام آباد)وزیراعظم نواز شریف چین میں ہونے والی ون بیلٹ ون روڈ کانفرنس میں شرکت کریں گے اور دورہ چین کے بعدخادم الحرمین شریفین کی جانب سے امریکہ ،عرب اور اسلامی سمٹ میں شرکت کی دعوت پر سعودی عرب جائیں گے۔
میاں نواز شریف 14 اور 15 مئی کو چین میں ہونیوالی ون بیلٹ ون روڈ کانفرنس میں شرکت کریں گے جس کا مقصد سی پیک منصوبے کو پوری دنیا میں پھیلانا ہےاوراس کے علاوہ وزیراعظم چینی حکام سے ملاقات میں افغانستان اور بھارت کے ساتھ تعلقات کو معمول پر لانے کے حوالے سے بھی بات کریں گے۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم سے سعودی عرب کے وزیراطلاعات و ثقافت عواد بن صالح نے ملاقات کی اور شاہ سلمان کی طرف سے سمٹ میں شرکت کا دعوت نامہ دیا جس کو نواز شریف نے قبول کرلیا۔سعودی وزیر نے ملاقات میں کہا کہ ریاض میں امریکہ،عرب اور اسلامک سمٹ کا انعقاد کررہے ہیں۔
امکان ظاہر کیا جارہا ہے کہ امریکہ ،عرب سمٹ کے دوران وزیراعظم کی پہلی مرتبہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے ساتھ ملاقات ہوگی کیونکہ دونوں شخصیات نے کانفرنس میں شرکت کا فیصلہ کیا ہے۔
واضح رہے کہ وزیراعظم سعودی عرب کے دورہ سے قبل چین کے دورہ پر روانہ ہورہے ہیں اور امکان ظاہر کیا جارہا ہے کہ میاں نواز شریف چینی حکام سے ملاقات میں افغانستان اور بھارت کے ساتھ پاکستان کے تعلقات کو معمول پر لانے کے حوالے سے بات چیت کریں گے۔

 

 

ایمزٹی وی(لاہور)پاکستان تحریک انصاف نے سانحہ ماڈل ٹاﺅن کی رپورٹ منظر عام پر لانے کیلئے چیف سیکرٹری پنجاب کو خط لکھ دیا ۔
ذرائع کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے سینئر رہنما علی زیدی نے چیف سیکرٹری پنجاب کو ایک خط ارسال کیا ہے جس میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ سانحہ ماڈل ٹاﺅن کی تحقیقات کیلئے قائم جسٹس باقر کمیشن کی رپورٹ کو منظر عام پر لایا جائے ۔
خط میں مزید کہا گیا ہے کہ عوام اس سانحے کی تفصیلات سے آگاہی کا حق رکھتے ہیں ، 10روز کے اندر کمیشن کی رپورٹ کو منظر عام پر لایا جائے۔