اتوار, 12 جنوری 2025

 

ایمزٹی وی(تجارت)پاکستان کسٹمزکے مختلف شعبوں نے مس ڈیکلریشن کے ذریعے درآمدی آٹو پارٹس اورممنوع ادویہ، پلاسٹک کے اعضا کی کلیئرنس ناکام بنادی۔ ذرائع نےمیڈیا کو بتایا کہ پاکستان کسٹمز اپریزمنٹ ویسٹ کلکٹریٹ کے شعبہ اے آئی بی/آراینڈڈی نے گڈزڈیکلریشن میں غلط بیانی کے ذریعے آٹوپارٹس کنسائمنٹ کی کم ٹیکسوں کے عوض کلیئرنس حاصل کرنے کی کوشش پرمتعلقہ درآمدکنندہ کے خلاف مقدمہ درج کر لیا ہے۔ ذرائع نے بتایا کہ میسرزایان انٹرپرائززنے چین سے آٹوپارٹس کاکنسائمنٹ درآمدکیا جس کی کلیئرنس کے لیے درآمدکنندہ نے غلط بیانی سے کام لیتے ہوئے گڈزڈیکلریشن فائل کرتے وقت آٹوپارٹس کے بجائے مشینری پارٹس ظاہرکرکے کم مالیت کی ڈیوٹی وٹیکسوں کے عوض کلیئرنس حاصل کرنے کی کوشش کی لیکن کسٹمزاپریزمنٹ ویسٹ کلکٹریٹ کے شعبہ اے آئی بی/آراینڈڈی نے دوبارہ ایگزامنیشن کی توانکشاف ہواکہ کنسائمنٹ میں مشینری پارٹس کے بجائے آٹوپارٹس ہیں۔ واضح رہے کہ مشینری پارٹس پرکسٹمز ڈیوٹی و ٹیکسوں کی شرح کم ہے لیکن درآمدی آٹوپارٹس کیلیے ٹیرف زیادہ ہیں، اس کیس میں غلط بیانی کے ذریعے قومی خزانے کو10لاکھ روپے کاریونیو نقصان پہنچانے کی کوشش کی گئی تھی۔ درآمدی سطح پر بے قاعدگی کے ایک اور کیس میں پاکستان کسٹمز ایئرفریٹ یونٹ کراچی نے ملک میں درآمدہونے والی جنسی ادویہ اورپلاسٹک کے اعضا کی کلیئرنس کوناکام بناتے ہوئے مذکورہ کنسائمنٹ ضبط کرلیا۔ ذرائع نے بتایاکہ خرم انٹرپرائزز کی جانب سے چین سے 20لاکھ روپے سے زائد مالیت کی جنسی ادویہ اور پلاسٹک کے اعضا درآمدکیے گئے جس کی کلیئرنس کیلیے مناسب موقع تلاش کیا جا رہا تھا لیکن کسٹمز ایئرفریٹ یونٹ پر تعینات افسران کوخفیہ اطلاع ملی کہ درآمدی جنسی ادویہ میں شامل گولیاں،کریم ،آئل اورپلاسٹک کے اعضا کی کلیئرنس کیلیے مناسب موقع تلاش کیاجا رہاہے۔ جس پرکسٹمزایئرفریٹ یونٹ کے افسران نے جیریز شیڈ میں دسمبر2016سے رکھے ہوئے مذکورہ کنسائمنٹ کے 13کارٹنز کی ایگزامنیشن کی تو اس میں مذکورہ ممنوع اشیا موجود تھیں جسے فوری طور پرضبط کرلیا گیا۔ واضح رہے کہ جنسی ادویہ کی درآمدپر حکومت پاکستان کی جانب سے پابندی عائدہے۔ ذرائع نے بتایاکہ جیریز شیڈ میں دسمبر 2016سے رکھے ہوئے اس کنسائمنٹ کا کوئی دعویدار نہیں آیا اس لیے مذکورہ کنسائمنٹ کو ضبط کرکے تحقیقات کی جا رہی ہیں تاکہ اصل مجرموں تک پہنچاجاسکے۔

 

 

ایمزٹی وی(تجارت)شہر قائد میں گڈزٹرانسپورٹرزکی ہڑتال ساتویں روز بھی جاری ہے جس کے باعث ایک طرف تو برآمدی عمل ٹھپ ہے اور دوسری جانب دھاڑی پر کام کرنے والے ڈرائیور کی مشکلات میں بھی اضافہ ہو گیا ہے ۔ تفصیل کے مطابق شہر قائد میں گڈز ٹرانسپورٹرز نے شہر میں بھاری گاڑیوں کے داخلے پر پابندی کے خلاف ہڑتال کی ہوئی ہے جس کے باعث برآمدی شعبے میں کام معطل جبکہ معیشت کا پہیہ جام ہو کر رہ گیاہے ۔ ہڑتال کے باعث بندرگاہوں کے تمام ٹرمینل پردرآمدی،برآمدی کنٹینرزکی آمدوروفت معطل ہے۔ ایکسپورٹرز کا کہنا ہے کہ ہزاروں کنٹینرز کا برآمدی مال فیکٹریوں میں پڑا ہے،گوداموں کی گنجائش پوری ہوگئی،حکومت نے مسئلے کا فوری حل نہ نکالا تو ناقابل تلافی نقصان ہوگا۔ادھربرآمدکنند گان کا کہنا ہے کہ پورے ملک سے یومیہ 6 ارب روپے مالیت کی برآمدات کی جاتی ہیں جو ہڑتال کے باعث رکی ہوئی ہیں۔ دوسری جانب دھاڑی پر کام کرنے والے ڈرائیور اور مزدور بھی ہڑتال کے باعث شدید پریشان ہیں ،کراچی کی شدید دھوپ میں اپنے ٹرکوں کی چھاﺅں میں بیٹھے ڈرائیور وں کا کہنا ہے کہ حکومت جلد سے جلد معاملہ حل کرے تاکہ ہم پیسے کما کر گھر بھیج سکیں اور ہمارے گھروں کو چولہا دوبارہ جلے ۔

 

 

ایمزٹی وی(لاہور) سپریم کورٹ لاہور رجسٹری میں حافظ سعید کی نظر بندی کے حوالے سے کیس کی سماعت ہوئی اور اس موقع پر سرکاری وکیل نے دلائل دیئے کہ حافظ سعید لوگوں کو عسکریت پسندی کی ترغیب دیتے ہیں اس لئے انہیں اقوام متحدہ کی قرارداد کے مطابق نظر بند کیا گیا ہے۔
جماعت الدعوة کے امیر پروفیسر حافظ سعید کے وکیل نے موقف اپنایا کہ 2009 ءمیں ہائیکورٹ ایسے الزامات سے انہیں بری کرچکی جبکہ حافظ سعید نے اپنے اوپر لگائے گئے تمام الزامات کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ مجھ پر لگائے گئے تمام الزامات بے بنیاد ہیں۔
واضح رہے کہ حکومت کی طرف سے حافظ سعید کی نظر بندی کے خلاف سپریم کورٹ لاہور رجسٹری میں درخواست دائر کی گئی تھی اور گزشتہ سماعت پر عدالت نے حافظ سعید کو پیش ہونے کا حکم دیا تھا ۔عدالتی حکم کے مطابق حافظ سعید کو سکیورٹی کے سخت حصار میں عدالت میں پیش کیا گیا
۔یاد رہے کہ حکومت نے امیر جماعت الدعوة کو رواں سال جنوری میں ان کے گھر پر نظر بند کردیا تھا اور موقف اپنایا تھا کہ انہیں اقوام متحدہ کی قرارداد کے مطابق نظر بند کیا گیا ہے۔
 

 

 

ایمزٹی وی(بلوچستان)بلوچستان کے ضلع مستونگ میں ڈپٹی چیئرمین سینیٹ مولانا عبدالغفور حیدری کے قافلے پرہونے والے خودکش حملے میں بھارت سمیت دیگر غیر ملکی ایجنسیوں کے ملوث ہونے کا انکشاف ہو اہے۔
ذرائع کے مطابق مستونگ میں ہونے والے خودکش حملے میں بھارتی خفیہ ایجنسی ”را“، اسرائیلی ایجنسی ”موساد“ اور افغانستان کے خفیہ ادارے ”این ڈی ایس “کے ملوث ہونے کے شواہد ملے ہیں جس کے بعد حساس اداروں نے تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے
ذرائع کا کہنا ہے کہ حساس اداروں نے خودکش حملے سے قبل او ر بعد کی ٹیلیفونک گفتگو کا ریکارڈ حاصل کر لیا ہے ، خفیہ ایجنسیوں کو بلوچستان میں خودکش حملہ آور کے داخلے کی اطلاعات تھیں جو سی پیک کو متاثر کرنے کیلئے دہشتگردی کر نے کیلئے بھیجا گیا تھا ۔
ذرائع نے مزید انکشاف کیا ہے کہ مستونگ خودکش حملہ سی پیک کو متنازع بنانے کیلئے کیا گیا ہے اور آئندہ چند روز میں اس قسم کے مزید واقعات بھی ہو سکتے ہیں ۔
یاد رہے گزشتہ روز نماز جمعہ کے بعد مستونگ میں مولانا عبدالغفور حیدری کے قافلے پر خودکش حملہ کیا گیا جس کے نتیجے میں ان کے ڈرائیور اور پارٹی کارکنوں سمیت 27افراد شہید اور 37زخمی ہوئے تھے جن میں مولانا خود بھی شامل ہیں ۔

 

 

اہمزٹی وی(اسپورٹس)شاہد آفریدی نے کہا ہے کہ یونس خان اور مصباح الحق کو شاندار کیر ئیر پر مبارکباد دیتا ہوں۔پی سی بی سے درخواست کرتا ہوں کہ ڈومیسٹک کرکٹ کی بہتری کے لیے ان دونوں کرکٹرز کی خدمات حاصل کر ے ۔
ذرائع کے مطابق قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی کی جانب سے مصباح الحق اور یونس خان کے آخری میچ پر ویڈ یو پیغام جاری کیا گیا ہے ۔شاہد آفریدی کا کہنا ہے کہ یونس خان اور مصباح الحق کو شاندار کیر ئیر پر مبارکباد دیتا ہوں ۔
دونوں کرکٹرز کا اپنی اور قوم کی جانب سے شکریہ ادا کرتا ہوں ۔دونوں کرکٹرز کارکردگی اور خدمات قوم کے سامنے ہیں ۔دونوں کرکٹرز قوم کے ہیرو اور لیجنڈ ہیں ۔ان دونوں کرکٹرز کو ڈومیسٹک کرکٹ کے مسائل معلوم ہیں ۔

 

 

ایمزٹی وی(تعلیم/کراچی) امریکی قونصل جنرل گریس شیلٹن اور یو ایس ایڈ کے ڈپٹی ڈائریکٹر ڈینس ہربول نے سندھ کے وزیر تعلیم جام مہتاب ڈہر اور سیکریٹری تعلیم عبدالعزیز عُقیلی کے ہمراہ کراچی میں اسکول کی تعمیرکیلئے سنگ بنیادرکھا۔
امریکی قونصلیٹ اعلامیے کے مطابق یہ اسکول امریکی حکومت کے تعاون سے سندھ بیسک ایجوکیشن پروگرام کے تحت بنائے جا رہے ہیں۔ امریکی قونصل جنرل گریس شیلٹن نے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ امریکی حکومت پاکستان میں تعلیم کے فروغ کی بھرپور حمایت کرتی ہے اور ہمیں سندھ بھر میں 106اسکولوں کی تعمیر میں سندھ حکومت سے شراکت پر فخر ہے۔سندھ کے وزیر تعلیم نے صوبے میں تعلیم کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کے لیے امریکی حکومت کی مدد تعریف کی۔
ان کا کہنا تھا کہ تعلیم سندھ حکومت کی اولین ترجیح ہے اور ہم وقت کی ضرورت کے مطابق تعلیمی اصلاحات میں مدد دینے پر یوایس ایڈ کے شکر گزار ہیں۔سندھ بنیادی تعلیمی پروگرام کے تحت سندھ کے8اضلاع میں 106اسکول تعمیر کیے جارہے ہیں۔

 

 

ایمزٹی وی(بیجنگ)وزیراعظم نواز شریف نے بیجنگ میں چین کے صدرسے ملاقات کی ، جس میں چاروں وزرائےاعلیٰ اور وفاقی وزرابھی ملاقات میں موجودتھے۔
اس موقع پر وزیراعظم کا کہنا تھا کہ چین نے مسئلہ کشمیر پر پاکستان کے مؤقف کی ہمیشہ کھل کر حمایت کی ہےچینی سرمایہ کاری کافائدہ عام آدمی تک جلد منتقل ہوگا۔
اس سے قبل دورہ چین میں وزیراعظم نواز شریف کی بیجنگ میں چینی ہم منصب لی کی چیانگ سے ملاقات ہوئی جس میں پاکستان کا بیلٹ اینڈ روڈ فورم کی مکمل حمایت کا اعلان کیا گیا۔
اس موقع پر پاکستان اور چین کے درمیان گوادر ایئرپورٹ کی تکمیل اور ریلوے نظام کی بہتری سمیت متعدد معاہدوں پر دستخط بھی ہوئے جبکہ وزیراعظم نے بیلٹ اینڈ روڈ فورم کے انعقاد پر چینی ہم منصب کو مبارکباد بھی دی ۔
وزیراعظم نوازشریف کا کہنا تھا کہ پاکستان اقتصادی راہداری کی تکمیل کے لیےپُرعزم ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان چین کو اہم ترین دوست سمجھتا ہے اور دنیاکےاہم رہنماؤں کی فورم میں شرکت خوش آئندہے، اقتصادی راہداری کے لیے ہم سب ایک ہیں۔
وزیراعظم نے مزید کہا کہ سی پیک میں چین کی طرف سےاب تک 56 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری ہوئی ہےجبکہ چین کی طرف سے سرمایہ کاری کافائدہ عام آدمی تک جلد منتقل ہوگا۔

 

 

ایمزٹی وی (کراچی/ تعلیم)جامعہ کراچی کے بورڈ برائے اعلیٰ تعلیم وتحقیق کے کنوینرایڈمیشنزپروفیسرڈاکٹر محمد احمد قادری کے مطابق ایم فل،پی ایچ ڈی ،ایم ایس
 
اور ایم ڈی میں داخلوں کے لئے ٹیسٹ اتوار14 مئی کو صبح دس بجے متعلقہ شعبہ جات/ سینٹرز/ انسٹی ٹیوٹس میں ہونگے۔
اس سال کل 2948طلباوطالبات کوداخلہ ٹیسٹ کے لئے اہل قراردیا گیا ہے۔ تمام امیدواروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ داخلہ ٹیسٹ میں شرکت کیلئےمقررہ وقت سے نصف گھنٹے قبل اصل شناختی کارڈ اور ایڈمٹ کارڈ کے ساتھ ٹیسٹ کے مقام پر پہنچنا لازمی ہوگا۔

 

 

ایمزٹی وی(صحت) ورلڈ نرسز ڈے کے موقع پر گزشتہ روز پاکستان نرسز فورم کے تعاون سے منعقدہ تقریب سے خطاب کر تے ہوئے کمشنر کراچی اعجازاحمد خان نے کہا ہے کہ حکومت نرسنگ شعبہ کی ترقی کے لئے ہر ممکنہ اقدامات کر رہی ہے حکومت اور معاشرہ صحت کے شعبہ میں نرسوں کی خدمات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔
اس موقع پر کمشنر نے مختلف اسپتالوں کی شریک نرسوں میں شیلڈز اور اسناد تقسیم کیں۔اس موقع پر ایڈیشنل کمشنر کراچی فرحان غنی، پاکستان نرسز فورم کے چیئر مین سلیم مائکل ، جزل سیکریٹری سرفراز آصف، سرپرست ندیم شیخ، خازن مشعل عنایت ، نرسنگ فورم کے بورڈ آف ڈائریکڑز کی ارکان، نسرین مائکل،اور ہلال احمر کے نمائندے میونسپل ورکرز ٹریڈ یونین الائنس کے صدر ذوالفقار شاہ بھی مو جو د تھے۔