اتوار, 12 جنوری 2025

 

ایمزٹی وی(تجارت)گڈز ٹرانسپورٹرزاور گورنر سندھ محمد زبیرکے درمیان مذاکرات ناکام ہوگئے،۔ ٹرانسپورٹرز نے کہا ہے کہ مطالبات کی منظوری تک ہڑتال جاری رہے گی، ٹرانسپورٹرز کے وفد سے ملاقات میں صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ ناصر شاہ نے کہا ہے پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین آصف زرداری نے ٹرانسپورٹرز کے مسائل جلد حل کرنے کی ہدایت کردی ہے، معاملہ عدالت میں ہے جس کی جلد سماعت کے لیے درخواست دائرکردی ہے۔ کراچی بندگاہ سے کنٹینرز کی ترسیل کا کام رکا ہوا ہے جس کے باعث امپورٹ ایکسپورٹ بھی بند ہوگئی،جس کے نتیجے میں اربوں روپے کا نقصان ہو چکا ہے۔ دوسری جانب کنٹینرٹرانسپورٹرزکی طویل دورانیے کی ہڑتال سے متاثر ہونے والے کراچی کے90 صنعتکاروں نے بطوراحتجاج فیکٹریوں کی چابیاں اپنی متعلقہ ایسوسی ایشنزکے حوالے کردی ہیں، کراچی چیمبرآف کامرس، پاکستان ہوزری مینوفیکچررزایسوسی ایشن سمیت کراچی بھرکی برآمدی صنعتی انجمنوں نے 9یوم سے جاری ٹرانسپورٹرزکی ہڑتال پر حکومت کی خاموشی پرحیرت کااظہارکرتے ہوئے سپریم کورٹ سے ازخودکاروائی کامطالبہ کردیاہے جبکہ تاجربرادری کی جانب سے بدھ کوعدالت عالیہ میں پٹیشن بھی دائرکرنے اور ٹرانسپورٹرزکی ہڑتال ختم نہ ہونے کی صورت میں فیکٹریوں کی چابیاں حکومت کے پاس جمع کروانے کا اعلان کردیاہے۔ دریں اثنا کنٹینرٹرانسپورٹرز کی طویل دورانیے کی ہڑتال سے متاثر ہونے والی شپنگ لائنز نے پورٹ کنجیشن چارجز عائد کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے، یہ فیصلہ بدھ کوآل پاکستان شپنگ ایسوسی ایشن کے ہنگامی اجلاس میں کیا گیا جس کی صدارت ایسوسی ایشن کے چیئرمین عاصم اے صدیقی نے کی۔ منگل کوگورنر سندھ محمد زبیر نے ٹرانسپورٹرز کے وفد سے مذاکرات کے موقع پر کہا کہ ٹرانسپورٹرز اپنے مسائل ہڑتال کے بجائے مذاکرات کے ذریعے حل کرائیں، ان کے جائز مسائل ضرور حل کیے جائیں گے، اس موقع پر ٹرانسپورٹرز کے وفد نے گورنر سندھ کا مسائل سننے پر شکریہ ادا کیا اور کہا کہ شہر میں طے شدہ روٹس پر ان کی گاڑیوں کو چلنے کی اجازت دی جائے بصورت دیگر ہڑتال جاری رہے گی۔بعدازاں وفد نے صوبائی وزیرٹرانسپورٹ ناصر شاہ سے ملاقات کی

 

 

ایمزٹی وی(تجارت)گڈز ٹرانسپورٹرزکی ہڑتال کے باعث کراچی کی بندرگاہ پرمختلف اقسام کی دالوں، مصالحوں، خشک دودھ، چائے کی پتی سمیت دیگر ضروری خوردنی اشیا کے 2500سے زائد کنٹینرز پھنس کر رہ گئے ہیں۔
 
گڈزٹرانسپورٹ کی ہڑتال سے کراچی میں خوردنی اشیاکی ملکی تجارت کو شدید خسارے کا سامنا ہے آئندہ 2روز میں ہڑتال ختم نہ ہونے کی صورت میں رمضان المبارک کے دوران اجناس کابحران پیداہوسکتاہے جس سے قیمتوں میں بھی اضافے کا خدشہ ہے۔
 
دوسری جانب کراچی ہول سیل گراسرز ایسوسی ایشن کے چیئرمین انیس مجید کے مطابق ٹرانسپورٹ کی ہڑتال کی وجہ سے کراچی کی بندرگاہ پر صرف مسور، چنے کی دال کابلی چنے کے 700کے قریب کنٹینرز پھنسے ہوئے ہیں جبکہ چائے کی پتی، خشک دودھ، مصالحوں کے کنٹینرز ملاکر 2500سے زائد کنٹینرز جن میں ضروری خوردنی اشیاہے پورٹ پرہیں۔
 
انیس مجید نے کہاکہ ٹرانسپورٹ کی ہڑتال سے اندرون ملک بھی اشیا خورونوش کی ترسیل بری طرح متاثر ہورہی ہے اور 95فیصد سپلائی معطل ہے، چھوٹی گاڑیوں کے ذریعے صرف 5 فیصد سپلائی کی جارہی ہے، ہڑتال ختم ہونے کے بعد بھی صورتحال معمول پر آنے میں 10سے 12دن لگ جائیں گے اس دوران رمضان شروع ہوجائیں گے اور اشیا کی سپلائی کم اور طلب زیادہ ہونے سے قیمتوں پر بھی اثر پڑے گا۔
 
علاوہ ازیں جوڑیا بازار ٹریڈرز ایسوسی ایشن کے سیکریٹری جنرل عبدالقادر نورانی نے بتایا کہ پاکستان میں 90فیصد مصالحے درآمد کیے جاتے ہیں ،ہڑتال سے پورٹ پر 200سے زائد مصالحوں کے کنٹینرز رکے ہوئے ہیں، ہڑتال جاری رہنے اور رمضان قریب آنے کی صورت میں سپلائی متاثر ہونے کاخدشہ ہے

 

 

ایمزٹی وی(کراچی)تحریک انصاف کے خرم شیر زمان کی جانب سے سندھ اسمبلی کے دوران کراچی سمیت سندھ بھر میں غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ سے متعلق قرارداد پیش کی۔ قرارداد پر اظہار خیال کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ وفاق کی جانب یہ بیان کہ بل نہیں دیں گے تو بجلی نہیں ملے گی سمجھ میں نہیں آتا، رواں برس ہم نے وفاق کو 27 ارب روپے ادا کئے اور اب بجلی کے حوالے سے سندھ حکومت پر وفاقی اداروں کے کوئی بھی واجبات نہیں ہمارے پاس بجلی کے تمام واجبات ادا کرنے کے دستاویزی ثبوت بھی موجود ہیں لیکن اس کے باوجود وفاق کی جانب سے سندھ پر 20،20 گھنٹے کی بدترین لوڈشیڈنگ کی صورت ظلم کیا جارہا ہے۔
وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ گزشتہ روز بھی پانی وبجلی حکام سے لوڈشیڈنگ کے معاملے پر بات کی اور وفاقی سے ٹیرف کا مسئلہ حل کرنے کا کہا، ہم نے بتایا کہ 100 میگاواٹ بجلی بالکل تیار ہے جسے صرف جاری کرنا ہے اس کے بعد سندھ کے شہروں شکار پور، دادو اور دیگر پاور پلانٹس سے لوڈشیڈنگ کم ہوگی۔ لیکن 100 میگاواٹ بجلی کی دستیابی کے باوجود نیپرا کم ٹیرف پر لے رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ گیس سے بجلی سستی بنتی ہے اگر لوڈشیڈنگ کے مسئلے پر وفاق نے توجہ نہ دی تو اس سنگین مسئلے پر خود ہی کام کریں گے۔ اسمبلی کا اجلاس 18 مئی تک ملتوی کردیا گیا۔
بعد ازاں ایوان نے خرم شیر زمان کی جانب سے سندھ میں بدترین لوڈشیڈنگ اور بجلی کے غیر منصفانہ ٹیرف کے خلاف قرارداد متفقہ طور پر منظور کرلی۔

 

 

ایمزٹی وی(اسلام آباد)سپریم کورٹ کا 3 رکنی بینچ 22 مئی کو پاناما کیس کی تحقیقات کرنے والی جے آئی ٹی کی پیش رفت رپورٹ کا جائزہ لے گا۔
ذرائع کے مطابق سپریم کورٹ کا آئندہ ہفتے کا ججز روسٹر تشکیل دے دیا گیا ہے۔ جس کے تحت جسٹس اعجاز افضل کی سربراہی میں عدالت عظمیٰ کا 3 رکنی بینچ پاناما کیس کے فیصلے کی روشنی میں تشکیل دی گئی جے آئی ٹی کی پیشرفت کا جائزہ لے گا۔ جے آئی ٹی کو 20 مئی تک تحقیقات میں ہونے والی پیش رفت سے متعلق اپنی رپورٹ جمع کرانا ہوگی۔
واضح رہے کہ سپریم کورٹ نے 20 اپریل کو پاناما کیس کے حوالے سے جے آئی ٹی تشکیل دینے کا حکم دیا تھا جب کہ عدالتی حکم کے مطابق خصوصی بینچ ہر 15 روز کے بعد جے آئی ٹی کی پیشرفت رپورٹ کا جائزہ لے گا

 

 

ایمزٹی وی (اسلام آباد)ہائی کورٹ نے گھریلو تشدد کا شکار بننے والی کمسن ملازمہ طیبہ کے والدین اور ملزمان کے درمیان صلح نامہ مسترد کردیا ۔ تفصیلات کے مطابق اسلام آباد ہائی کورٹ میں جسٹس محسن اختر کیانی نے طیبہ تشدد کیس کی سماعت کی سماعت کےدوران عدالت نے گھریلو تشدد کا شکار بننے والی کمسن ملازمہ طیبہ کے والدین اور ملزمان کے درمیان صلح نامہ مسترد کرتے ہوئے مقدمے میں نامزد راجا خرم علی اور اہلیہ ماہین ظفر پر فرد جرم عائد کردی تاہم دونوں ملزمان نے صحت جرم سے انکار کردیا جس پر عدالت نے 19مئی کو گواہوں کو طلب کرلیا ہے۔
واضح رہے کہ گھریلو تشدد کا شکار کمسن ملازمہ طیبہ کے والدین نے ملزم ایڈیشنل سیشن جج راجا خرم علی خان اور ان کی اہلیہ ماہین ظفر پر فرد جرم عائد کرنے کی کارروائی کو چیلنج کیا تھا جب کہ اس سے قبل سپریم کورٹ بچی کے والدین کی جانب سے جمع کرائے گئے اسی طرح کے صلح نامے کو مسترد کر چکی ہے۔

 

 

ایمزٹی وی (اسلام آباد) قومی اسمبلی میں فاٹا اصلاحات کیلیے دستور میں29 ویں اور 30 ویں ترمیم کے بل پیش کردیے گئے. گزشتہ روز وزیر قانون زاہد حامد نے فاٹا اصلاحات کے متعلق 29 ویں اور 30 ویں ترمیم جبکہ وزیر سیفران عبدالقادر بلوچ نے رواج ایکٹ بل ایوان میں پیش کیا۔ یہ تمام بل قائمہ کمیٹی برائے سیفران کے سپرد کردیے گئے۔ اسپیکر نے کہا فاٹا ارکان کمیٹی میں آنا چاہیں تو آسکتے ہیں۔
دوسری جانب جے یوآئی (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے بلوں کی شدید مخالفت کرتے ہوئے کہا حکومت کیساتھ جو ہمارے مذاکرات ہوئے یہ اس کے الٹ ہیں، اگر ہماری بات نہ مانی گئی تو سب کچھ جام کرکے رکھ دوںگا اور کسی کو کچھ نہیں کرنے دوںگا، یہ نیٹو سپلائی یا گدھوں کا کاروبار نہیں، فاٹا کے عوام سے پوچھے بغیر ان کی قسمت کا فیصلہ نہیں کیا جاسکتا، کچھ لوگوں کو اس حوالے سے بہت جلدی ہے۔
خبر ایجنسی کے مطابق مولانا کی جانب سے بلوں کی مخالفت پر فاٹا کے رکن شاہ جی گل آفریدی نے احتجاج کیا تو جے یوآئی کے سربراہ نے کہا آپ اپنی اوقات میں رہ کر بات کریں، میں آپ کی اوقات جانتا ہوں، میں آپ کو فاٹا کے عوام بیچنے نہیں دونگا اور نہ ہی ان کے فیصلے کرنیکا کاروبار کرنے دوںگا۔
ادھر قومی وطن پارٹی کے چیئرمین آفتاب شیرپاؤ نے کہا کابینہ نے فاٹا اصلاحات کی منظوری دی ہے جس میں جے یوآئی بھی بیٹھی ہے، یہ بل ابھی منظور نہیں بلکہ کمیٹی میں جائیںگے، اگر کسی کو اعتراض ہے تو کمیٹی میں بات کرے۔
پی ٹی آئی کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی نے کہا فاٹاکو اگر اتنے مصائب کے بعد قومی دھارے میں لایا جارہا ہے تو کسی کو اعتراض نہیں ہونا چاہیے۔ اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ نے کہا فاٹا اصلاحات کے نام پر فاٹا کے ارکان کیساتھ کھلواڑکیا جارہا ہے، حکومت اصلاحات میں سنجیدہ نہیں، صرف بجٹ اجلاس کے باعث سب کچھ کیا جارہا ہے، مولانا فضل الرحمن کو سب پتہ ہے کیا گیم ہے۔
علاوہ ازیں اجلاس میں ارکان نے کئی سال گزرنے کے باوجود پمز میں جگر کی پیوندکاری کا کام شروع نہ ہونے پر حکومت کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا، اجلاس میں سانحہ مستونگ اور مقبوضہ کشمیر میں شہریوں کی شہادت پر فاتحہ خوانی کی گئی۔

 

 

ایمزٹی وی(کراچی) شہرقائد میں بجلی کے بریک ڈاؤن کے باعث متعدد علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی۔
 
زرائع کے مطابق کراچی میں کے الیکٹرک کے متعدد گرڈ اسٹیشنز متاثر ہوگئے ہیں جس کے باعث بڑا بریک ڈاؤن ہوگیا۔ بریک ڈاؤن کے نتیجے میں شاہ فیصل کالونی، ملیر، گلستانِ جوہر، گلشنِ اقبال اور نارتھ کراچی کے علاقوں میں بجلی معطل ہوگئی۔ بجلی کی بندش کے باعث شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔
 
ترجمان کے الیکٹرک کا کہنا ہے کہ شاہ فیصل گرڈ پرتکنیکی وجوہات کے باعث بجلی کی فراہمی متاثر ہے، کے الیکٹرک کا عملہ جلد از جلد بحالی کے لیے مصروف عمل ہے۔
 
دوسری جانب شہرقائد میں کے الیکٹرک کی جانب سے بڑھتی ہوئی گرمی کے ساتھ ساتھ لوڈشیڈنگ میں بھی اضافہ کردیا گیا ہے جس سے شہریوں کا جینا محال ہوگیا جب کہ کاروباربھی شدید متاثرہوگیا ہے۔
 
واضح رہے کہ گزشتہ ہفتے کے الیکٹرک کے بن قاسم پاور پلانٹ کا یونٹ نمبرایک فنی خرابی کے باعث بند ہوگیا تھا، کے الیکٹرک انتظامیہ کو اسے بحال کرنے میں کئی روز لگ گئے تھے۔

 

 

ایمزٹی وی (کراچی)انسداد دہشت گردی عدالت نے ڈی جی رینجرز سندھ محمد سعید کو ایم کیو ایم پاکستان کے سربراہ کو گرفتارکرنے کے احکامات جاری کردیئے۔ انسداد دہشت گردی عدالت میں پاکستان مخالف نعروں اور میڈیا ہاؤسز پر حملوں کے خلاف کیس کی سماعت ہوئی۔
حانسداد دہشت گردی عدالت نے کم دیا ہے کہ وہ ایم کیوایم پاکستان کے سربراہ فاروق ستار کر گرفتار کرکے عدالت میں پیش کریں۔
میڈیا ذرائع کے مطابق عدالت نے کیس کے مفرور ملزمان ایم کیوایم پاکستان کے کنوینئر ڈاکٹرفاروق ستار اور سینئر ڈپٹی کنوینئر عامر خان کی عدم حاضری پر برہمی کا اظہار کیا۔
عدالت نے ایک بار پھر فاروق ستار اور عامرخان سمیت دیگر مفرور ملزمان کے وارنٹ گرفتاری جاری کرتے ہوئے ڈی جی رینجرز سندھ محمد سعید کو حکم دیا ہے کہ وہ ملزمان کو گرفتار کرکے 31 مئی کو عدالت میں پیش کریں۔

 

 

ایمزٹی وی(ہانگ زو) ہانگ زو میں وزیراعظم نوازشریف سے چینی کمیونسٹ پارٹی کے سیکرٹری چی جون نے ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی کے امور سمیت دوطرفہ تعلقات پر تبادلہ خیال کیا گیا جب کہ چی جون کی جانب سے وزیراعظم کو ژی جیانگ صوبے کے حوالے سے بریفنگ بھی دی گئی۔
ملاقات کے دوران وزیراعظم نواز شریف کا کہنا تھا کہ پاک چین دوستی فولاد سے مضبوط اور ہمالیہ سے بلند ہے اور سی پیک بیلٹ اینڈ روڈ ویژن کا فلیگ شپ منصوبہ ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ صوبہ ژی جیانگ کے پاکستان کے ساتھ مضبوط کاروباری تعلقات ہیں جب کہ پاکستان اور چین عوام کی خوشحالی کے لیے ایک ساتھ کھڑے ہیں۔
سیکرٹری سی پی سی کمیٹی چی جون نے کہا کہ پاک چین تعلقات مشترکہ تاریخ اور ثقافت پرمبنی ہیں اوردونوں ممالک میں معاشی شعبوں میں تعلقات بڑھانے چاہیے۔ ان کا کہنا تھا کہ چی جون نے کہا کہ ژی جیانگ معاشی حب اورتاریخی طور پرسلک روٹ کا حصہ ہے جب کہ پچھلے سال زی جیانگ نے ساڑھے تین ارب ڈالر کا کاروبارکیا۔
اس کے علاوہ وزیراعظم نوازشریف نے ژی جیانگ میں آن لائن شاپنگ پورٹل علی بابا گروپ کے دفاتر کا دورہ کیا۔ اس موقع پر انہوں نے کہاکہ پاکستان ایک ترقی کرتا ملک ہے اور حکومت عوام کی خوشحالی کے لئے بھرپور کوششیں کررہی ہے۔
2013 سے حکومت کی وضع کردہ پالیسیوں کے نتیجے میں ملک کے معاشی حالات میں نمایاں بہتری آئی ہے۔یہ ای کامرس کا دور ہے اور حکومت نے اس پر توجہ مرکوز کررکھی ہے۔ پاکستان میں ای کامرس کے شعبے میں سرمایہ کاری کے لئے روشن پہلو ہے۔

 

 

ایمزٹی وی(اسلام آباد)مولانا اعظم طارق قتل کیس میں تحقیقات کیلئے نئی جے آئی ٹی تشکیل دیدی گئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق مولانا اعظم طارق قتل کی تحقیقات کے لئے ایس پی انوسٹی گیشن حسن اقبال کی سربراہی میں کمیٹی تشکیل دی گئی ہے اور ڈی ایس پی صدر،سی آئی ڈی انسپکٹر ،ایس ایچ او گولڑہ اور آئی بی کا نمائندہ مشترکہ تحقیقاتی ٹیم کو حصہ ہونگے۔جے آئی ٹی بنتے ہیں پہلا اجلاس ہوا اور مقدمے کی تفتیش کا جائزہ لیا گیا ، اور مرکزی ملزم سبطین کاظمی سے پوچھ گچھ کی جائے گی۔
حکام کے مطابق ملزم سبطین کاظمی کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا گیا ہے اور ملزم کا چالان مکمل کرکے رواں ہفتے عدالت میں پیش کردیا جائےگا۔ یاد رہے کہ مولانا اعظم طارق کے قتل میں مطلوب ملزم سبطین کاظمی کو گزشتہ دنوں ایئرپورٹ سے گرفتار کیا گیا تھا۔