جمعہ, 20 ستمبر 2024

ایمز ٹی وی (کراچی) تحریک انصاف کی جانب سے پلان سی کے تحت انتخابی دھاندلی کے خلاف شہر کے داخلی اور خارجی راستوں سمیت 2 درجن سے زائد مقامات پر دھرنا دیا جا رہا ہے جب کہ شہر کی مختلف شاہراہیں بند ہونے کی وجہ سے ٹریفک کا نظام درہم برہم ہو نے کے باعث عوام کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ قائد آباد کے مقام پر پی ٹی آئی کے کارکنوں کے سڑک روکنے پر پولیس نے لاٹھی چارج کر کے کارکنوں کو منتشر کر دیا ۔ کارکنوں نے علی الصبح شاہراہ فیصل پر نرسری کے علاقے میں احتجاج کیا اور روڈ بلاک کر دی ۔ ریپڈ ریسپانس فورس نے لاٹھی چارج کر کے سڑک ٹریفک کے لیے کھلوا دی ۔ تحریک انصاف کے کارکنوں نے شاہراہ فیصل پر اسٹار گیٹ کے علاقے میں ٹائر جلا کر سڑک بلاک کر دی ، راشد منہاس روڈ پر بھی ٹائر جلا کر ٹریفک روک دی گئی ، پولیس اہلکاروں نے آگ بجھا کر ٹریفک بحال کرا دی۔ تحریک انصاف کے رہنما عارف علوی کی قیادت میں پی ٹی آئی کے کارکنوں نے شارع فیصل پر نرسری کے مقام پر سڑک کو ٹریفک کے لئے بلاک کر دیا ہے جس کے باعث مسافروں کو ایئرپورٹ جانے میں مشکل کا سامنا ہے۔ عارف علوی کا کہنا تھا کہ پولیس نے علی الصبح کارکنوں پر تشدد کیا جس کی ہم شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں، ہم پورا شہر بند کرا دیں گے، کاروباری مراکز اور ٹریفک بھی بند کرا کے نظام زندگی معطل کر دیں گے۔

ایمزٹی وی (اسپورٹس) ایک انٹرویو کے دوران وقار یونس نے کہا کہ ہم اس میگا ایونٹ کے لیے کافی پرجوش ہیں اور جب ہر ٹیم ٹرافی کے حصول کی خواہشمند ہے تو ہم کیوں نہیں؟ ہم ڈریسنگ روم میں اس یقین کو لے جانے کی کوشش کررہے ہیں، ہمارے پاس ٹیلنٹ اور صلاحیت موجود ہے بس انہیں منظم کرکے عالمی ایونٹ کے دوران دباﺅ کا سامنا کرنے کی ضرورت ہوگی۔ پاکستان نے آٹھ دسمبر کو پانچ ون ڈے میچز کی سیریز کے پہلے میچ میں نیوزی لینڈ کو تین وکٹوں سے شکست دی تھی اب یہ دونوں ٹیمیں دوسرے مقابلے کے لیے جمعے کو شارجہ میں مدمقابل آئینگی۔ وقار یونس نے فاسٹ باﺅلر محمد عرفان کے حوالے سے کہا کہ 7 فٹ ایک انچ لمبے یہ باﺅلر ورلڈکپ میں کامیابی کے مقصد میں پاکستان کے لیے مددگار ثابت ہوسکتے ہیں اس لیے انکا کافی خیال رکھا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ زیادہ لمبا قد ہونے پر انجریز کا خطرہ بڑھ جاتا ہے مگر پاکستان کو اسکی ضرورت ہے کیونکہ ورلڈکپ کے لیے وہ ہمارا خفیہ ہتھیار ثابت ہوسکتا ہے۔ وقار یونس نے کہا کہ 90 کی دہائی میں کرکٹ کھیلنے والے کھلاڑیوں کو پاکستان کرکٹ کی بہتری کے لیے آگے آکر کام کرنا چاہئے۔ انکا کہنا تھا کہ معین خان، مشتاق احمد، اعجاز احمد اور محمد اکرم کی موجودگی اچھا شگون ہے، یہ سب جدید کھیل کے تقاضوں سے واقف ہیں اور قومی ٹیم کو اپنی مکمل صلاحیت کے مطابق کھیلنے میں مدد فراہم کرسکتے ہیں ۔

ایمزٹی وی (سیاسی) پاکستان تحریکِ انصاف کے سربراہ عمران خان نے کہا ہے کہ اگر حکومت دھاندلی کی آزادانہ تحقیقات کے لیے جوڈیشل کمیشن تشکیل دیتی ہے تو کراچی میں احتجاج نہیں کریں گے۔ اس موقع پر عمران خان نے خود پر لاشوں کی سیاست کرنے کے الزام کو مسترد کرتے ہوئے احتجاج کو شہریوں کا ایک جمہوری حق قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ سب ہی سیاسی جماعتیں دھاندلی کا رونا روتی ہیں، لیکن ان میں کوئی احتجاج نہیں کرتا۔ پی ٹی آئی چیئرمین کا کہنا تھا کہ وزیراعظم کا سپریم کورٹ کو تحقیقات پر خط آنکھوں میں دھول جھونکنے کے مترادف ہے۔ پریس کانفرنس کے بعد انہوں نے اسلام آباد دھرنے کے شرکا سے خطاب بھی کیا جس میں انکا کہنا تھا کہ حکومت کو یہ بات اب معلوم ہوچکی ہے کہ کپتان کسی صورت نہیں ڈرے گا۔ خیال رہے کہ 2013 کے عام انتخابات میں مبینہ دھاندلی پر حکومت کے خلاف احتجاج کے سلسلے میں انہوں نے 30 نومبرکو اسلام آباد کے ایک بڑے جلسے میں خطاب کے دوران پلان سی کا اعلان کیا تھا جس میں انکا کہنا تھا کہ وہ چار دسمبر کو لاہور، 8 دسمبر کو فیصل آباد اور 12 دسمبر کو کراچی کو بند کریںگے، جبکہ 16 دسمبر کو ملک بھر میں احتجاج کیا جائیگا۔ واضح رہے کہ پاکستان تحریک انصاف نے رواں سال چودہ اگست کو لاہور سے اسلام آباد کی جانب مارچ کرتے ہوئے اس احتجاج کو شروع کیا تھا اور عمران خان کا اولین مطالبہ وزیراعظم نواز شریف کا استعفی ہے۔ اس دوران کئی مرتبہ حکومت اور پی ٹی آئی کے درمیان مذاکرات کی فضا بھی ہموار ہوئی لیکن یہ مذاکرات کامیاب نہ ہوسکے ۔

ایمزٹی وی (سیاسی) لاہور کی تاجر برادری 15 دسمبر کی ہڑتال اور مظاہروں سے متفق نظر نہیں آتی۔ تاجر رہنماوں کا کہنا ہے کہ حکومت نے سیکورٹی فراہم کر نے کا یقین دلایا ہے، وہ دکانیں بند نہیں کرینگے۔ لاہور میں مسلم لیگ (ن) ٹریڈرز ونگ کے زیر اہتمام شہر کی بڑی مارکیٹوں کے تاجروں کا اجلاس ہوا۔ شرکاء موجودہ سیاسی صورت حال کو کاوربار اور روز گار کے لئے تشویشناک قرار دیتے ہوئے کہا کہ 15 دسمبر کو پہیہ چلتا رہے گا۔ تاجروں کا کہنا تھا کہ کئی ماہ سے جاری دھرنوں اورہڑتالوں نے سیل کم کر دی ہے، کاروباری برادری لڑائی جھگڑے سے خوف زدہ رہتی ہے۔ تاجروں کا کہنا تھا کہ ہڑتال سیاست دانوں کا معاملہ ہے، کاروباری حضرات کو اس میں نہ گھسیٹا جائے ۔

ایمزٹی وی (تجارت) روسی خبر رساں ادارے کے مطابق روس آئندہ برس پاکستان میں تیل اور گیس کے منصوبوں پر کام شروع کردے گا۔ اس سلسلے میں ابتدائی معاہدے پر دستخط کیے جا چکے ہیں۔ پاکستان اور روس کے درمیان کئی منصوبوں پراہم پیش رفت ہوئی ہے۔ اور اس سلسلے میں لندن، ماسکو اور دیگر مقامات پر دونوں ممالک کے درمیان کئی اہم ملاقاتیں ہو چکیں ہیں۔ خبررساں ادارے itar-tass کے مطابق روسی ٹیکنالوجیز اسٹیٹ کارپوریشن کے نمائندے آندرے کو روبوو اور پاکستانی وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف کے درمیان لندن میں ملاقات میں توانائی کے بحران کے خاتمے پر بات چیت کی گئی۔ اس موقع پر پاکستانی وزیر اعظم نے کہا کہ انکی حکومت نے توانائی کے بحران پر قابو پانے کے لئے توانائی کے منصوبوں کا آغاز کیا ہے۔ رپورٹ کے مطابق محکمہ اطلاعات نے منصوبوں کی تفصیلات شائع نہیں کیں۔ لیکن روسی کارپوریشن کے قریبی ذرائع نے خبررساں ادارے کو بتایا کہ روس اور پاکستان کی پہلے ہی ملاقاتیں ہو چکیں ہیں۔ دسمبر کے اوائل میں روس اور پاکستان کے بین الحکومتی کمیشن نے پاکستان میں تیل اور گیس کے شعبے میں بنیادی ڈھانچے کے منصوبوں پر عملدرآمد پر اتفاق کیا۔ روسی کارپوریشن نے تیل اور گیس کے شعبے میں کئی منصوبوں پر عمل درآمد کے لئے پاکستان کی سرکاری انٹرسٹیٹ گیس سسٹم کے ساتھ ابتدائی معاہدے پر دستخط کیے تھے۔ ذرائع کے مطابق آئندہ برس روسی کمپنی پاکستان میں تیل اور گیس کے بنیادی ڈھانچے کی تعمیری منصوبوں کوشروع کرے گی جو پاکستان کے اسٹریٹجک نکتہ نظر سے اہم ہیں ۔

ایمزٹی وی (اسپورٹس) چمپئنز ٹرافی ہاکی ٹورنامنٹ کے کوارٹر فائنل میں پاکستان نے ہالینڈ کو 2 کے مقابلے میں 4 گول سے شکست دے دی۔ پول میچز کے بعد پاکستانی ٹیم مکمل طور پر ایک مختلف ٹیم نظر آءی اور ڈچ کھلاڑیوں کو سنبھلنے کا موقع ہی نہیں دیا۔ پاکستان کی جانب سےعمربھٹہ، محمدعمران، عرفان اور رضوان نے گول کئے۔ پاکستان کےکپتان محمد عمران کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔ میچ میں فتح کے بعد پاکستان نے چیمپینز ٹرافی ہاکی ٹورنامنٹ 2014 کے سیمی فائنل میں جگہ بنالی ہے۔ کامیابی کے بعد پاکستان ٹیم کے کپتان محمد عمران نے مختصراً گفتگو میں کہا ہے کہ ٹیم اچھا کھیلی اس لیے کامیابی ملی، پوری ٹیم فتح پربہت خوش ہے، محمد عمران کا کہنا تھا کہ بھارت میں تماشائیوں نے بھی بہت سپورٹ کیا ۔

ایمزٹی وی (فارن ڈیسک) بالی ووڈ میں بنگالی حسینہ کے نام سے مشہور بپاشا باسو کی آ نے والی نئی ہارر فلم "الون" کا دہشت ناک مناظر پر مشتمل پہلا ٹریلر ریلیز کر دیا گیا ہے۔ اس فلم میں بپاشا باسو ڈبل رول ادا کر رہی ہیں جبکہ انکے مدِ مقابل مرکزی کر دار انڈین ٹی وی کے نامور ہیرو کرن سنگھ گروور ادا کررہے ہیں جو کہ انکی کیرئیر کی پہلی بالی ووڈ فلم ہے۔ الون کی کہانی دو جڑواں بہنوں کے گرد گھومتی ہے جنکا دھڑ پیدائشی طور پر آپس میں جڑا ہو اہے۔ تن سے جڑی یہ دونوں بہنیں ایک دوسرے سے بے پناہ محبت کرتی ہیں اور ہمیشہ ساتھ رہنے کے وعدے بھی کرتی ہیں لیکن ایک بہن نامعلوم وجوہات کی بناء پر مرنے کے بعد بد روح کا روپ دھار کر دوسری بہن کا جینا مشکل کر دیتی ہے۔ بھو شان پٹیل کی ہدایات میں بننے والی سنسنی سے بھر پور یہ ہارر فلم 16 جنوری کو دنیا بھر سے عام نمائش کیلئے پیش کر دی جائے گی ۔

ایمز ٹی وی (نیوز ڈیسک)

خواجہ آصف کا کہنا ہے کہ اضافی بلوں کا معاملہ حل کرلیا گیا بجلی کا سرکلر ڈیٹہ 300 سے 400 ارب روپے ہے۔ حکومت کی بنیادی توجہ دریائے سندھ پر پانی سے سستی پن بجلی پیدا کرنے پر مرکوز ہے- انکا یہ بھی  کہنا تھا کہ اووربلنگ کی تین بنیادی وجوہات سامنے آئی ہیں۔ آئندہ ماہ سے بجلی کے بل معمول کے مطابق ہوں گے۔ خواجہ آصف نےبتایا کہ تربیلا فور 2016 تک مکمل کر لیا جائے گا جبکہ تربیلا فائیو پر بھی کام شروع ہو گیا ہے۔ بھاشا ڈیم کی زمین کی خریداری کے لئیے 25 ارب روپے واپڈا اور گلگت بلتستان حکومت کے پاس موجود ہیں،  وفاقی وزیر پانی و بجلی کا کہنا تھا کہ داسو پاور پراجیکٹ کیلئے ابتدائی فنڈنگ مل چکی ہے اور کام بھی شروع ہو گیا ہے۔

ایمز ٹی وی (فارن ڈیسک ) پاک امریکا دفاعی مشاورتی گروپ کے 23ویں اجلاس میں دونوں ملکوں نے اس بات پر بھی اصرار کیا کہ اتھادی امدادی فنڈ کی مدت ختم ہونے بعد پاکستان کو رقم کی ضرورت پڑے گی -

اجلاس کے بعد جاری مشترکہ بیان میں کہا گیا کہ دونوں وفود نے شمالی وزیرستان میں دہشت گردوں کے خلاف جاری آپریشن کی اہمیت کو تسلیم کرتے ہوئے کہا کہ اس سے دہشتگردوں کو بھاری نقصان اٹھانا پڑا۔

دونوں ملکوں نے اس بات پر بھی رضامندی ظاہر کی کہ دہشت گردی اور عسکریت پسندی کے خلاف جنگ میں پاکستانی ضروریات کا خیال رکھا جاتا رہے گا۔

پاک امریکا دفاعی مشاورتی گروپ کا اجلاس نو اور دس دسمبر کو واشنگٹن میں منعقد ہوا تھا جس میں پاکستانی وفد کی قیادت سیکریٹری ڈیفنس ریٹائرڈ لیفٹننٹ جنرل عالم خٹک نے کی جبکہ امریکی وفد کی قیادت پالیسی پر سیکریٹری ڈیفنس کرسٹائن ای ورمتھ کر رہے تھے۔

اجلاس میں دونوں ملکوں نے پاک امریکا دوطرفہ تعلقات میں مسلسل مثبت پیشرفت کا خیرمقدم کیا اور اس بات پر اتفاق کیا کہ خطے میں امن و استحکام اور القاعدہ سمیت تمام دہشتگرد قوتوں کو شکست دینے کے لیے دوطرفہ تعاون بہت ضروری ہے۔

ایمزٹی وی (سیاسی) سیالکوٹ میں باؤ محمد انور کے قتل کے خلاف ایم کیوایم کے کارکنوں نے کراچی سمیت مختلف شہروں میں مظاہرے کیے۔ مظاہرین نے پنجاب حکومت کے خلاف نعرے بازی کی اور مطالبہ کیا کہ قاتلوں کو گرفتار کر کے کیفر کردار تک پہنچایا جائے۔ حیدرآباد میں ایم کیوایم زون کی جانب سے حیدر چوک پر احتجاجی مظاہرہ کیا گیا اوردھرنا دیا گیا۔ مظاہرے اور دھرنے میں زونل انچارج نوید شمسی، راشد ممتاز، ایم این اے سید وسیم حسین اور ایم پی اے رانا انصار سمیت مرد و خواتین کارکنوں کی بڑی تعداد شریک تھی۔ ایم کیوایم سکھر زون کے کارکنوں نے زونل انچارج سکھر شہزادہ گلفام کی سربراہی میں پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا۔ میرپورخاص میں بھی ایم کیو ایم کے کارکنوں نے پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا۔ ایم کیو ایم میرپورخاص زون کے انچارج مجیب الحق نےکہا کہ جاگیردار اور سرمایہ دار نہیں چاہتے کہ متحدہ کا پیغام دیگر صوبوں تک پھیلے۔نوابشاہ کے پراٹا چوک پرمتحدہ قومی موومنٹ کی جانب سے احتجاج کیا گیا۔ مظاہرے سے ایم کیوایم نوابشاہ کے جوائنٹ زونل انچارج راؤ ساجد اور دیگر نے خطاب کیا۔ اسکے علاوہ دادو، ٹنڈواللہ یار اور خیرپور سمیت سندھ کے دیگر چھوٹے بڑےشہروں میں بھی ایم کیوایم کےرہنما باؤمحمد انور کے قتل کے خلاف مظاہرے کیے گئے۔ ملتان میں بھی ایم کیو ایم کے کارکنوں نے پریس کلب پہنچ کر احتجاج ریکارڈ کرایا۔ اس موقع پر مقتول کی غائبانہ نماز جنازہ بھی ادا کی گئی ۔