Reporter SS
کراچی: وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نےسینٹ جوزف کانونٹ اسکول کی پرنسپل سینئر الزبتھ نعمت سےملاقات کی ۔
ملاقات کےدوران پرنسپل نے اسکول کی عمارت اور اندر کی سڑک کی مرمت کے لئے وزیراعلیٰ سندھ کو لیٹر دیا۔
وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کاکہنا تھا کہ سینٹ جوزف کانونٹ اسکول کی عمارت ورثہ ہے،سینٹ جوزف کانونٹ اسکول کی عمارت 100 سال پرانی ہے۔
انہوں نے اسکول کے اندر کی سڑک بنانے کی ہدایت جاری کرتے ہوئے کہاکہ محکمہ ورثہ سے اسکول کی مرمت کروائیں گے اوراسکول کی عمارت کی بہترین مرمت کرائیں گے۔
کراچی: اوپن مارکیٹ اورانٹربینک میں روپے کے مقابلے میں ڈالر کی قیمت میں بڑی کمی کے ساتھ کاروباری دن کا آغاز ہوگیا۔
آج جمعرات کے روز کاروبار کا آغاز ہوا تو ڈالر کی قدر ابتدا میں صرف 21 پیسے کی کمی سے 273.11 روپے کی سطح پر آگئی۔ بعد ازاں بتدریج انٹربینک میں ڈالر کی قیمت میں 2.32 روپے کی کمی ہوئی جس سے ڈالر تقریباً 271 روپے تک گر گیا۔
بعد ازاں روپے کے مقابلے میں انٹربینک میں ڈالر کی قدر 5 روپے 09 پیسے کی کمی سے 268.23 روپے کی سطح پر آ گئی جب کہ اوپن مارکیٹ میں بھی ڈالر 5روپے کی بڑی کمی سے 274روپے کی سطح پر آگیا۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز بھی ڈالر کی قیمت میں کمی بیشی کا سلسلہ جاری رہا، جو کاروباری دن (بدھ) کے اختتام تک 2.96 روپے کی کمی کے ساتھ 273.32 روپے پر بند ہوا تھا۔
دریں اثنا آج کاروباری دن کے آغاز ہی میں پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں 474پوائنٹس کی تیزی ہوئی جس سے 100انڈیکس بڑھ کر 42198 پوائنٹس کی سطح پر آگیا۔
کراچی: قومی ٹیم کے لیگ اسپنر شاداب خان کی شادی کی تقریبات کا آغاز ہوگیا ہے۔
اس حوالے سے پاکستان ٹیم کے فاسٹ بولر حسن علی کی اہلیہ نے انسٹاگرام پر ایک اسٹوری شیئر کی جس پر ’شاداب مہندی‘ کا ہیش ٹیگ تھا۔
اہلیہ حسن علی نے انسٹاگرام پر ایک ویڈیو بھی شیئر کی جس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ وہ شاداب خان کو ہار پہنا رہی ہیں۔
واضح رہے گزشتہ ماہ شاداب خان کا نکاح سابق ہیڈ کوچ ثقلین مشتاق کی بیٹی سے ہوا جس کے متعلق انہوں نے خود سوشل میڈیا پر اعلان کیا تھا۔
شاداب خان سے قبل حارث رؤف، شان مسعود اور شاہین شاہ آفریدی بھی رشتہ ازدواج سے منسلک ہوچکے ہیں۔
کراچی: جامعہ کراچی اور ہمدردیونیورسٹی کے مابین مفاہمتی یادداشت پر دستخط کی تقریب گزشتہ روز وائس چانسلر سیکریٹریٹ جامعہ کراچی میں منعقد ہوئی۔
مفاہمتی یادداشت پر جامعہ کراچی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر خالد محمودعراقی اور ہمدرد یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر سید شبیب الحسن نے دستخط کئے۔
مفاہمتی یادداشت کے مطابق دونوں جامعات مشترکہ طور پر تحقیقی سرگرمیوں کو فروغ دیں گی اورطلباوطالبات کو مارکیٹ کی ضروریات کے مطابق اور جدیدتقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کے لئے تربیتی پروگرامز،سیمینارزاور ورکشاپس کے انعقاد کویقینی بنایاجائے گا۔
دونوں جامعات کے آفس آف ریسرچ اینوویشن اینڈ کمرشلائزیشن کے ذریعے اکیڈیمیاء اور انڈسٹریزکے مابین روابط کو فروغ دیاجائے گا اور طلباوطالبات کو دوران تدریس ہی ملازمت کے مواقع فراہم کرنے کے لئے جاب فیئرز کے انعقاد کو یقینی بنایاجائے گا۔
کراچی: اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی نے انٹرمیڈیٹ حصہ اول، حصہ دوم اور حصہ اول و دوم باہم کے سالانہ امتحانات برائے 2023ء میں شرکت کے خواہشمند تمام گروپس کے امپروومنٹ آف مارکس /گریڈ، بینیفٹ کیسز، ایڈیشنل سبجیکٹس، شارٹ سبجیکٹس اور ٹی پی (ٹوٹل پیپرز) کے پرائیویٹ امیدواروں کیلئے امتحانی فارم جمع کروانے کی تاریخوں کا اعلان کردیا ہے۔
ان امتحانات میں شرکت کے خواہشمند تمام پرائیویٹ امیدوار اپنے امتحانی فارم بروز جمعہ 10 فروری سے بروز منگل28 فروری تک بورڈ آفس لائبریری میں واقع یونائیڈ بینک لمیٹڈ (UBL) کے بوتھ میں جمع کرواسکتے ہیں۔
یاد رہے آئی بی سی سی اور بی او جی کے فیصلوں کے مطابق اب طالب علم انٹرمیڈیٹ پاس کرنے کے بعد چار سال تک امپروومنٹ آف مارکس /گریڈ کے امتحانات دے سکتے ہیں۔
طلبہ امتحانی فارم، فیس واؤچر اور اسپیشل چانس کا پروفارما بورڈ کی ویب سائٹ www.biek.edu.pk سے ڈاؤن لوڈ کرسکتے ہیں۔
لاہور: پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے آٹھویں ایڈیشن کےلیے سیکیورٹی کے انتظامات تقریبا مکمل کرلیے گئے۔
تین بڑے شہروں میں کھیلے جانےوالے میگا ایونٹ میں شریک ٹیموں اور میچ آفیشلز کو اسٹیٹ گیسٹ کا درجہ دے دیا گیا جبکہ غیر ملکی کمنٹیٹرز، عمائدین، و پروڈیکشن اسٹاف کو وی آئی پی کا درجہ دیا گیا ہے۔
پی ایس ایل 8 کے انعقاد کیلئے فول پروف سیکورٹی انتظامات کیے جارہے ہیں محکمہ داخلہ پنجاب نے آئی جی پنجاب، ایڈیشل آئی جی آپریشن پنجاب، سی سی پی او لاہور سمیت راولپنڈی، ملتان کے ریجنل و سٹی پولیس افسران کو مراسلہ ارسال کردیا ہے جس میں کہا گیا ہے سیکورٹی حصار تشکیل دیکر سخت ترین حفاظتی انتظامات یقینی بنائے جائیں۔
انٹیلی جنس ایجنسیوں، فوج اور رینجرز کے ساتھ کوارڈینیشن رکھ کر کھلاڑیوں و آفیشلز کو ایئرپورٹ اور اسٹیڈیم کے درمیان قیام اور نقل و حرکت کے دوران بھی فول پروف سیکیورٹی فراہم کی جائے۔
راولپنڈی، لاہور اور ملتان میں داخل ہونے والی بسوں اور ٹرکوں سمیت تمام گاڑیوں کی مکمل چیکنگ کی جائے، پولیس اور سیکیورٹی اہلکار ڈیوٹی کے دوران اپنے نام کے ٹیگ و سیکیورٹی کارڈ لازمی آویزں رکھیں ورکشاپس، پیٹرول پمپس، بس اسٹاپ، بس اور ٹرک اڈوں پارکنگ اسٹینڈز، پبلک پارکنگ ایریاز، پارکنگ پلازہ اور دیگر ایسی جگہوں کی مکمل اسکریننگ کی جائے۔
مراسلے میں مزید کہا گیا ہے کہ کسی بھی ناخوشگوار صورتحال کی صورت میں نمٹنے و کراؤڈ کو کنٹرول کرنے کی خاطر مختلف مقامات پر اینٹی رائٹس فورس تعینات رکھی جائے اور ٹورنامنٹ کے دوران ٹریفک کو رواں دواں رکھنے کے لیے بھی خصوصی انتظامات یقینی بنائیں جائیں۔
کراچی: سندھ مدرستہ الاسلام یونیورسٹی ٹیچرز ایسوسی ایشن سمیوٹا نے ریڈ بس کے ڈرائیور اور کنڈکٹر کی طرف سے دائود یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی کراچی کے اسسٹنٹ پروفیسر اور ڈائریکٹر پوسٹ گریجویٹ اسٹڈیز ڈاکٹر عاطف جمیل پر وحشیانہ تشدد کی سخت الفاظ میں مذمت کی ہے۔
صدر سمیوٹا آصف حسین سموں نے کہا ہے کہ اگر جامعات کے اساتذہ کے ساتھ یہ ناروا سلوک ہے تو عام شہریوں کے ساتھ اس شہر میں کیا حال ہوگا؟ ہم اس واقعے میں ڈرائیور اور کنڈکٹر کی فی الفوری برطرفی اور بس انتظامیہ کی فوری معطلی کا مطالبہ کرتے ہیں۔
سمیوٹا کی طرف سے ریڈ بس انتظامیہ اور عملے کی شہریوں کے ساتھ خراب رویے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے ریڈ بس انتظامیہ کے مسافروں کے ساتھ برتاؤ پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔
سمیوٹا صدر کی طرف سے دائود یونیورسٹی ٹیچرز ایسوسی ایشن اور ڈاکٹر عاطف جمیل کے ساتھ یکجہتی اور بھرپور ساتھ کا اعلان کیا گیا ہے اور کہا گیا ہے کہ اگر قانونی کارروائی نہیں کی گئی تو پھر سارے یونیورسٹی اساتذہ سڑکوں پر نکل کر بھرپور احتجاجی تحریک چلائیں گے ۔
انقرہ: شام اور ترکی میں قیامت خیز زلزلے سے اموات کی تعداد 8 ہزار704 ہوگئی ہے۔
غیرملکی میڈیا کے مطابق ترکی اور شام میں زلزلے سے جاں بحق افراد کی تعداد 8 ہزارسے زائد ہوگئی ہے۔ عالمی ادارہ صحت کے مطابق متاثرین کی تعداد 23 لاکھ سے زائد ہوسکتی ہے۔ متاثرہ علاقوں میں وبائی امراض پھوٹنے کا خدشہ ہے۔
زلزلے سے متاثرہ علاقوں میں امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔ سیکڑوں افراد اب بھی ملبے تلے دبے ہوئے ہیں۔ سخت سردی میں لوگ کھلے آسمان تلے رہنے پر مجبور ہیں۔ زلزلے سے متعدد علاقے مٹی کا ڈھیر بن چکے ہیں۔ سڑکیں اور مواصلات کا نظام تباہ ہونے سے امدادی کارروائیوں میں مشکلات کا سامنا ہے۔ حکام نے اموات میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔
گوادر: یونیورسٹی آف گوادر کے وائس چانسلرپروفیسر ڈاکٹر عبدالرزاق صابر کی زیرِ صدارت گوادر یونیورسٹی اکیڈمک کونسل منعقد کیاگیا۔
یونیورسٹی آف گوادر کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر عبدالرزاق صابر نے کہا کہ یونیورسٹی میں تعلیمی بہتری کے لیے وسائل کو بروئے کار لایا جا رہا ہے۔ یونیورسٹی آف گوادر کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر عبدالرزاق صابر نے اکیڈمک کونسل کے معزز ممبران کو بتایا کہ یونیورسٹی نے گزشتہ چند مہینوں میں اپنے احاطے اور تعلیمی پروگراموں کو وسعت دی ہے۔
وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر عبدالرزاق صابر نے تیسرے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئےکہا اچھی تعداد میں نئے داخلوں اور مجموعی طور پر تعلیمی ترقی کے لیے گوادر یونیورسٹی کے انتظامی عملے اور فیکلٹی ممبران کی کوششوں کو سراہا۔
اجلاس میں پرو وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر سید منظور احمد، رجسٹرار دولت خان، ڈائریکٹر فنانس شفیع محمد، ڈین فیکلٹی آف سوشل سائنسز ڈاکٹر جان محمد، چیئرمین کامرس ڈیپارٹمنٹ اینڈ ڈائریکٹر کیو ای سی ڈاکٹر کمبر فاروق، ، چیئرمین ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ مختار بشیر، چیئرمین مینجمنٹ سائنسز ڈیپارٹمنٹ فدا حسین ، چیئرمین کمپیوٹر سائنس ڈیپارٹمنٹ حفیظ اللّٰہ، لیکچرار شہناز نور، سعدیہ نصیر، ہیم گل اور کے لائبریرین غلام سرور نے شرکت کی۔
وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر عبدالرزاق صابر نے معیاری تحقیقی اور علمی سرگرمیوں کے فروغ کے لیے بہتر ماحول اور سہولیات فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی۔کونسل نے اکیڈمک کونسل کے دوسرے اجلاس کے منٹس کی توثیق کی۔ اس میں یونیورسٹی میں تحقیقی سرگرمیوں کے فروغ کے لیے تعلیمی ترقی سے متعلق مختلف امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا اور ان کو حل کیا گیا۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے وائس چانسلر نے شرکاء کو بتایا کہ گوادر کی جغرافیائی اور بین الاقوامی اہمیت کے پیش نظر یونیورسٹی میں ابتدائی طور پر سمندری امور، سی پیک، جدید تکنیکی اور سائنسی علوم سے متعلق مضامین پڑھائے جائیں۔ جبکہ گوادر یونیورسٹی کو جلد ہی صوبے اور ملک کی اعلیٰ یونیورسٹیوں کے برابر بنانے کے علاوہ بین الاقوامی سطح پر بھی تسلیم کرایا جائے گا۔
وائس چانسلر نے پاک چائنا ٹیکنیکل اینڈ ووکیشنل انسٹیٹیوٹ کو فعال بنانے کے لیے جی پی اے کے ساتھ ایک معاہدے پر بات چیت کرنے میں پرو وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر منظور احمد کی کوششوں کو سراہا جو کہ چار فریقی معاہدے کے ذریعے یونیورسٹی کے حوالے کیا گیا ہے۔ایوان کے اراکین نے وائس چانسلر کو یونیورسٹی کے تعلیمی معیار کو بلند کرنے کی کوششوں میں مکمل تعاون کا یقین دلایا۔آخر میں وائس چانسلر نے اجلاس میں تمام ممبران کی شرکت اور ان کے گرانقدر تعاون پر شکریہ ادا کیا اور انہیں یادگاری شیلڈز پیش کیں۔
اسلام آباد: علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی نےڈگری پروگرامز میں داخلوں کی آخری تاریخ مقرر کردی۔
تفصیلات کے مطابق علامہ اقبال اوپن یونیوسٹی میں داخلہ لینے والے خواہشمندامیدواروں کے لئے سمسٹربہار2023کے پہلے مرحلے میں بی ایس،ایم ایس،ایم فل اور پی ایچ ڈی پروگرامز کے داخلوں کی آخری تاریخ 15 فروری مقرر کی گئی ہےجبکہ میڑک ، ایف اےاور آئی کام کے داخلے21 فروری تک جاری رہیں گے۔
جامعہ کے جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق پی ایچ ڈی، ایم ایس اور ایم فل پروگراموں میں داخلے کےلئے ٹیسٹ کا شیڈول جاری کردیا جو مین کیمپس کے اکیڈمک کمپلیکس 17تا22فروری ہونگے۔