ھفتہ, 30 نومبر 2024
Reporter SS

Reporter SS

 


ایمزٹی وی(انٹرٹینمنٹ)ارشد خان نے فلم کبیر سائن کرلی ہے جس کی شوٹنگ متحدہ عرب امارات میں ہوگی۔
تفصیلات کے مطابق اسلام آباد کے مشہور و معروف چائے والے ارشد خان کے ساتھ۔ جس کی ایک تصویر سوشل میڈیا پر وائرل کیا ہوئی اس کی قسمت کا ستارہ ہی جگ مگا اٹھا۔

ارشد خان سوشل میڈیا سے ٹی وی کی زینت بنا جہاں سے اس نے ماڈلنگ شروع کردی اور اب دیکھتے ہی دیکھتے وہ فلم اسٹار بھی بن گیا ہے۔

ہاں جی ارشد خان کام کریں گے پاکستانی فلم کبیرمیں، اور ارشد اپنے حصے کا کام برطانیہ اور متحدہ عرب امارات میں مکمل کرائیں گے اور اس سلسلے میں جلد ہی وہ دبئی بھی روانہ ہورہے ہیں۔

 

 


ایمزٹی وی(انٹرٹینمنٹ) آل پاکستان ایگزیبٹرز ایسوسی ایشن نے ملک بھر میں 19 دسمبر سے بھارتی فلموں پر عائد پابندی اٹھانے کا اعلان کردیا۔
آل پاکستان ایگزیبٹرز ایسوسی ایشن نے بھارتی فلموں کی نمائش پر پابندی 19 دسمبر سے اٹھانے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہےکہ اسی روز سے سینما گھروں میں بھارتی فلمیں نمائش کے لیے پیش کی جائیں گے جس کے بعد سلمان خان کے بھائی ارباز خان اور نواز الدین صدیقی کی فلم ’’فریکے علی‘‘ کو نمائش کے لیے پیش کیا جائے گا۔

آل پاکستان ایگزیبٹرز ایسوسی ایشن کے چیرمین زوریز لاشاری کا کہنا تھا کہ پاکستانی فلموں پر توجہ دی لیکن فلمیں کوئی خاطر خواہ بزنس نہ کرسکیں جس کے باعث سینما انڈسٹری میں سرمایہ کاری بند ہوگئی تھی۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی فلموں پر پابندی سے نئے سینما

گھربھی بننا بند ہوگئے تھے لہٰذ اہمیں پرانی باتیں بھول کر نئے دور کا آغاز کرنا چاہیے۔

دوسری جانب ملک بھر کے مختلف سینما گھروں کی ویب سائٹس پر اگلے ہفتے کے لیے بھارتی فلموں کی نمائش کا شیڈول بھی جاری کردیا گیا ہے جس میں باقاعدہ طور پر 19 دسمبر سے فلموں کی نمائش کا بتایا گیا ہے۔
واضح رہے کہ پاک بھارت تعلقات میں کشیدگی کے بعد بھارتی سینما مالکان اور پروڈیوسرز ایسوسی ایشن کی جانب سے پاکستانی اداکاروں اور فلموں کی نمائش پرپابندی لگادی گئی تھی جس کے جواب میں پاکستانی سینما گھروں سے بھی بھارتی فلمیں ہٹادی گئی تھیں جب کہ ملک بھر میں کیبل پر بھی بھارتی ٹی وی چینل کی نشریات پر پابندی عائد ہے۔

 

 


ایمزٹی وی(کراچی)پیپلز پارٹی کے چیرمین بلاول بھٹو زرداری نے سابق صدر آصف علی زرداری کی وطن واپسی کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ سابق صدر 23 دسمبر کو وطن واپس پہنچ رہے ہیں۔

کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے ایک بار پھر اپنے چار مطالبات دہراتے ہوئے کہا کہ ہم ہی پاکستان میں اصل اپوزیشن ہیں اورملک میں حقیقی جمہوریت چاہتے ہیں، ہم پاناما اسکینڈل کی شفاف تحقیقات چاہتے ہیں، پاناما لیکس پر ہماری قرارداد پر عمل درآمد کے بغیر ملک میں جمہوریت نہیں آ سکتی ہم ہی ملک میں اصل اپوزیشن ہیں۔

بلاول بھٹو زرداری نے سابق صدر کی وطن واپسی کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ آصف زرداری 23 دسمبر کو وطن واپس پہنچ رہے ہیں، کراچی آمد پر ان کا شاندار استقبال کیا جائے گا، اگر سابق صدر ہمارے ساتھ ہوں گے تو ہم پاناما لیکس کے معاملے پرحکومت سے اپنے مطالبات منوا لیں گے۔

وزیر داخلہ کی جانب سے پاناما لیکس میں بے نظیر بھٹو کا نام ہونے سے متعلق پوچھے گئے سوال پر بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ پاناما لیکس میں میری والدہ کا نام نہیں ہے اور اگر کسی کو شک ہے تو آئی سی آئی جے کی ویب سائٹ پر جا کر اپنی تسلی کر سکتا ہے، میرے خاندان کے کسی فرد کا نام بھی پاناما لیکس میں نہیں ہے بلکہ ملک کے وزیراعظم کا نام اس میں آیا ہے، اگر میرا نام بھی شامل ہے تو مجھ سے بھی تحقیقات کی جائے۔

 

ایمزٹی وی(پشاور) جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ ہر محاذ پر قبائل کے شانہ بشانہ ہیں، قبائلی عوام پر جبری فیصلے کی اجازت نہیں دے سکتے۔ قبائل کے سیاسی مستقبل کا فیصلہ جرگہ ہی کرے گا اور فاٹا کے انضمام کا فیصلہ قبائل کی مرضی سے ہو گا۔

تفصیلات کے مطابق قبائلی امن کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ آج بھی ہم کسی کی غلامی قبول کرنے کو تیار نہیں اور قبائلی عوام پر جبری فیصلے کی اجازت نہیں دے سکتے۔

نوجوان کہتے ہیں کہ فاٹا کا فیصلہ ہم خود کریں گے اور اگر قبائل کو اختیار ملے تو وہ اپنے فیصلے خود کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ قبائلی جرگے کی بات سنے بغیر حکومت فیصلہ نہ کرے، قبائل پر مسلط کئے گئے فیصلے قبول نہیں کریں گے ۔

موانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ اصلاحات رپورٹ میں کہا گیا کہ قبائل کے 19 ارکان اسمبلی نے آئینی ترمیم پیش کی جس پر میں نے کہا کہ قبائل کے 4 ارکان اسمبلی کی ترمیم ہی دکھا دیں۔ فاٹا کے انضمام کا فیصلہ قبائل کی مرضی سے ہی ہو گا اور جبری فیصلے کی ہرگز اجازت نہیں دیں گے۔

 


ایمزٹی وی(بزنس)حکومت نے 2 سال میں 12 ارب 53 کروڑ ڈالر کا غیر ملکی قرض لینے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ عالمی بینک اور ایشیائی ترقیاتی بینک سے مختلف منصوبوں کیلئے قرضہ جات حاصل کئے جائیں گے۔
ذرائع کے مطابق حکومت نے 2 سال میں 12 ارب 53 کروڑ ڈالر کا غیر ملکی قرض لینے کا فیصلہ کر لیا ہے اور رواں مالی سال 6 ارب 63 کروڑ ڈالر کا غیر ملکی قرض لیا جائے گا۔

سرکاری دستاویزات کے مطابق آئندہ سال 5ارب 89 کروڑ ڈالر کا غیر ملکی قرض لینے کا منصوبہ بھی تیار ہے۔ رواں سال حاصل کئے جانے والے قرضوں میں سے 2 ارب 85 کروڑ ڈالر مختلف منصوبوں پر خرچ ہوں گے۔
رپورٹ کے مطابق رواں مالی سال میں عالمی بینک سے 50 کروڑڈالر اور ایشائی ترقیاتی بینک سے 35 کروڑ ڈالر کا قرض لینے کا منصوبہ بھی بنایا جا چکا ہے۔

 

 


ایمزٹی وی(لاہور) ماورا کے زیر اہتمام 18 سو سے زائد قرآنی موضوعات پر مبنی سید الظفر صدیقی کی تصنیف انسائیکلوپیڈیا کتاب کی رونمائی کے لئے مقامی ہوٹل میں ایک تقریب کا انعقاد کیاگیا جس کی صدارت پاکستان کے معروف سائنسدان ڈاکٹر عبدالقدیر خان نے کی

اس تقریب میں پی ٹی وی کے چیئرمین عطاءالحق قاسمی، سینئر صحافی ضیاءشاہد، ڈاکٹر صغریٰ صدف، صوفیہ بیدار، ظہیر الدین بابر، پروفیسر رفاقت گوندل کے علاوہ ادبی اور سماجی شخصیات نے شرکت کی۔
اس پروقار تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مہمان خصوصی ڈاکٹر عبدالقدیر خان نے کہا کہ کسی کام کو کرنے کے لئے ضروری ہے کہ اس کام سے عشق ہونی چاہیے جس کام کو کرنے کے لئے عشق ہوجائے تو وہ کام پایہ تکمیل کو پہنچ جاتا ہے۔

انڈیا کے حوالے سے بات کرتے ہوئے ڈاکٹر عبدالقدیر خان نےکہا اس نے ایٹمی دھماکے کرکے یہ سمجھا ہوگا کہ پاکستان خاموش رہے گا یہ اس کی سوچ تھی پھر ہم نے وہ کردکھایا جو وہ سوچ بھی نہیں سکتا تھا۔ آج پاکستان میں کئی قدیر خان بن گئے ہیں ، یہ صرف عشق و محبت کی بات ہے مجھے اور میری ٹیم کو پاکستان اور پاکستانی قوم سے پیار تھا

انہوں نے کہا کہ انڈیا احمقوں کی دنیا میں رہتا ہے اس کو پتہ نہیں اللہ نے پاکستان کو کتنا طاقتور بنادیا ہے۔ اس موقع پر ڈاکٹر عبدالقدیر خان نے سعید الظفر صدیقی کی کاوشوں کو سراہا۔

 

 


ایمزٹی وی(کوئٹہ) دبئی کے شہزادوں پر مشتمل شکاری قافلہ سی ون 30طیارے کے ذریعے پنجگورپہنچ گیا ائیرپورٹ پر ممتاز سماجی شخصیت حاجی عطاءاللہ بلوچ اور دیگر نے استقبال کیا دبئی کے شیوخ پنجگور میں نایاب پرندہ تلور کا شکار کریں گے.

تفصیلات کے مطابق دبئی کے شہزادوں پر مشتمل 37رکنی قافلہ شیخ النہیاں سیف محمد اور شیخ محمد خلیفہ کی سربراہی میں پنجگور پہنچ گیا بعد ازان شہزادوں کا قافلہ ذاتی رہائش گاہ واقع پیرے جہلگ روانہ ہوگئے دریں مسلم لیگ ن پنجگور کے ترجمان نے عرب شیوخ کی پنجگور میں شکاری سرگرمیوں پر تشویش کا اظہار کیا اور کہا کہ عدالت کی جانب سے پابندی لگانے کے باوجود شکار کھیلنا عدالتی احکامات کی سنگین خلاف ورزی ہیں ۔

عرب شیوخ پنجگور میں کوئی بھی فلاحی ادارہ قائم نہیں کرسکے جس سے علاقے کے لوگ اجتماعی فائدہ اٹھا سکیں البتہ چند افراد کو لاکھوں روپے سے نوازا جارہا ہے انہوں نے کہا عرب شیوخ پنجگور میں یتیموں کے لیے فنڈز دینے کے ساتھ ساتھ تعلیم صحت اور روڈ سیکٹر پر بھی توجہ دیں۔

 

 

ایمزٹی وی(کراچی) پیپلز پارٹی کے چیئر مین بلاول بھٹو نے سیاسی مخالفین کو جواب دیتے ہوئے کہا ہے کہ ہاں میں بچہ ہوں ،میں شہید محترمہ بے نظیر بھٹو کا بچہ ہوں ۔ان کا کہنا ہے کہ اگر بے نظیر بھٹو زندہ ہوتیں تو میرے والدین آج شادی کی سالگرہ منارہے ہوتے ۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں انہوں نے کہا ”ہاں میں بچہ ہوں ،شہید بے نظیر بھٹو کا بچہ ہوں،ڈرو گنجا لیگ ڈرو ،گو نواز گو

انہوں نے کہا کہ اگر بے نظیر بھٹو زندہ ہوتیں تو میرے والدین شادی کی 29ویں سالگرہ منا رہے ہوتے لیکن دہشت گردوں اور سہولت کاروں نے ہم سے یہ خوشیاں چرا لیں لیکن ہم جھکنے والے نہیں ہیں ۔

واضح رہے کہ وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار نے گزشتہ روز پریس کانفرنس کے دوران کہا تھا کہ بلاول بھٹو بچہ ہے جس کو پیپلز پارٹی کے بڑے جو بھی کہتے ہیں ،یہ وہ ہی بولتا ہے

 

 


ایمزٹی وی(اسلام آباد)مسلم لیگ ن کے رہنما طلال چودھری نے کہا ہے کہ شاہ محمود قریشی کی باتیں کھسیانی بلی کھمبا نوچے کے مترادف ہیں ، وزیراعظم پہلے بھی پارلیمنٹ میں بیان دیتے رہےہیں مگر کسی کے دباؤ پر ایوان میں نہیں آئیں گے۔

شاہ محمود قریشی کی پریس کانفرنس پر طلال چودھری نے کہا کہ بہت اچھی بات ہے کہ اب پی ٹی آئی کو ہربات میں پارلیمنٹ یاد آرہی ہے ،اگر پارلیمنٹ اتنی ہی اچھی ہے تو عمران خان کو ایوان میں لے کرآئیں ۔
انہوں نے مزید کہا کہ طویل عرصے بعد پارلیمنٹ آنے پر شاہ محمود کوشرمندگی کا سامنا ہے ،جس کی وجہ سے وہ روز نئے مطالبات کرتے رہتے ہیں۔

 

 


ایمزٹی وی(کراچی) شارع فیصل پر واقع بلوچ کالونی پل کے غیر فعال حصے کو گرانے کا کام جاری ہے جس کے باعث سڑک کو ٹریفک کے لیے بند کردیا گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق کراچی میں شارع فیصل پر واقع بلوچ کالونی پل کے کئی سال سے غیر فعال حصے کو گرانے کا کام جاری ہے، پل کے دونوں اطراف کی دیواروں کو ہیوی مشینری کی مدد سے گرایا جا رہا ہے جس کے باعث سڑک کو ٹریفک کے لیے بند کر دیا گیا ہے۔

کے ڈی اے کے ایگزیگٹیو انجینئر جنید احمد نے بتایا کہ دیوار توڑنے کے ساتھ اس کا ملبہ بھی اٹھایا جا رہا ہے اور بعد میں پل کو بھی گرایا جائے گا جس سے شارع فیصل کی سڑک مزید چوڑی ہو جائے گی۔ سڑک بند ہونے کے باعث شہری ٹیپو سلطان روڈ سے مڑ کر دوبارہ شاہراہ فیصل آسکتے ہیں۔