Reporter SS
ایمزٹی وی(تجارت)پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں آج مثبت رجحان رہا اور کے ایس ای 100انڈیکس 46ہزار938پوائنٹس کی سطح پر بند ہوا ۔
تفصیلات کے مطابق کاروباری ہفتے کے پہلے روز پاکستان سٹاک ایکسچینج میں مثبت رجحان رہا اور کے ایس ای 100انڈیکس 354پوائنٹس کے اضافے کے بعد 46ہزار 938پوائنٹس کی سطح پر بند ہوا ۔
پی ایس ایکس میں آج 18کروڑ 72لاکھ 53ہزار 620شیئرز کا کاروبار ہوا جن کی مارکیٹنگ ویلیو 15ارب 63کروڑ82لاکھ 45ہزار 496روپے تھی ۔
آج کے ایس ای 100انڈیکس میں مجموعی طور پر 403کمپنیوں نے کاروبار کیا جن میں سے 193کمپنیوں کے شیئرز کی ویلیو میں اضافہ ،193کمپنیوں کے شیئرز کی ویلیو میں کمی اور 17کمپنیوں کے شیئرز کی ویلیو میں کوئی ردو بدل نہ ہوا ۔
ایمزٹی وی(کراچی ) شہر قائد میں سندھ پولیس نے رواں برس کی کارکردگی رپورٹ پیش کردی ہے۔
میڈیا ذرائع کے مطابق طرواں برس سندھ پولیس نے ایک ڈی ایس پی سمیت 30 جوانوں کی جانوں کا نذرانہ پیش کیا جبکہ 40 پولیس اہلکار کار مختلف کارروائیوں میں زخمی بھی ہوئے۔
رواں برس پولیس نے 731 مقابلوں میں 227 ملزمان کو ہلاک کیا جبکہ 545 ملزمان کو رنگے ہاتھوں گرفتار بھی کیا۔ سندھ پولیس نے مختلف آپریشن اور چھاپوں کے دوران 6 ہزار 127 ملزمان کو گرفتارکیا جبکہ مختلف وارداتوں میں ملوث 525 ملزمان قانون کے شکنجے میں آئے۔
پولیس نے کراچی کے مختلف علاقوں سے کارروائیوں کے دوران 525 اشتہاری اور 4 ہزار 817 مفرور ملزمان کو گرفتار کیا اور شہر بھر سے مختلف اقسام کے 7 ہزار 502 ہتھیار جن میں ایس ایم جیز، ایل ایم جیز، نائن ایم ایم اور دیگر شامل ہیں جبکہ 9 ہزار 938 گولیاں بھی برآمد کی گئیں۔
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے پہلی بار ایک سکھ کھلاڑی مہندر پال کو 30 ابھرتے ہوئے کھلاڑیوں کی فہرست میں شامل کر لیا ہے۔
پی سی بی کی جانب سے نوجوان اور ابھرتے ہوئے کھلاڑیوں کو ٹیم میں شامل کرنے کی مثالیں کم ہی ملتی ہیں حالانکہ پاکستان کرکٹ کے مستقبل کو بچانے کیلئے یہ انتہائی اہم ضروری ہے۔ لیکن پی سی بی ہمیشہ ہی نامعلوم وجوہات کی بناءپر نوجوان ٹیلنٹ کو نظرانداز کیا ہے تاہم اب ایک سکھ کھلاڑی مہند ر پال کو ابھرتے ہوئے کھلاڑیوں کی فہرست میں شامل کر کے کرکٹ بورڈ نے سب کو حیران کر دیا ہے۔
مہندرا سنگھ پاکستان کرکٹ ٹیم کی نمائندگی کرنے والا پہلا سکھ کھلاڑی ہو گا۔ امید کرتے ہیں کہ مہندرا پال نے سخت محنت کیساتھ جس طرح 30 ابھرتے ہوئے نوجوان کھلاڑیوں کی فہرست میں جگہ بنائی ہے، وہ پاکستان ٹیم میں بھی جگہ بنانے میں کامیاب ہوں گے اور پاکستان کی نمائندگی کریں گے۔
ماہرین نے پی سی بی کی جانب سے سکھ کھلاڑی کو منتخب کرنے کے اقدام کو خوب سراہا اور کہا ہے کہ اس سے پاکستان میں اقلیتوں کیساتھ ناروا سلوک کا تاثر زائل ہو گا اور دنیا بھر میں پاکستان کی ایک مثبت تصویر سامنے آئے گی۔
ایمزٹی وی(اسلام آباد) وزیر اعظم نواز شریف کی زیر صدارت اہم اجلاس ہوا ، جس میں توانائی اور ٹرانسپورٹ کے بنیادی ڈھانچے سے متعلق منصوبوں کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف، وفاقی وزرا اسحاق ڈار، احسن اقبال اور خواجہ آصف سمیت وزیر اعظم کے معاون خصوصی طارق فاطمی اور میر حاصل بزنجو نے شرکت کی۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ شاہراتی، ریلوے اور ایوی ایشن کے انفراسٹرکچر منصوبوں پر کام تیز کیا جائے گا۔
اجلاس میں سی پیک کے تحت توانائی منصوبوں کی صورتحال پر بھی بریفنگ دی گئی۔ اس کے علاوہ پن بجلی، کوئلے، ہوا اور شمسی توانائی سے بجلی کی پیداوار اور ترسیلی نظام کی بہتری کے منصوبوں کا بھی جائزہ لیا گیا۔ وزیر اعظم نے احسن اقبال کو چاروں وزرائے اعلیٰ سے صنعتی زونز پر مشاورت کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ صنعتی زون ایسے علاقوں میں بنائے جائیں جہاں دونوں ممالک کو زیادہ سے زیادہ فائدہ ہو، صنعتی زونز کی سائٹس کی افادیت سے چینی حکومت کو آگاہ کرنے کے لئے کمیٹی تشکیل دی جائے۔
اس موقع پر وزیر اعظم نے ہدایت کی کہ کراچی سرکلر ریلوے اور کیٹی بندر منصوبے سی پیک میں شامل کرنے کے اقدامات کئے جائیں، جس پر انہیں بتایا گیا کہ سی پیک میں کسی منصوبے کی شمولیت کے لئے متعلقہ ورکنگ گروپ کی منظوری ضروری ہے۔ جس پر وزیر اعظم نے ہدایت کی کہ کراچی سرکلر ریلوے اور کیٹی بندر منصوبے سی پیک کا حصہ بنانے کے لیے مشترکہ مفادات کونسل کے آئندہ اجلاس میں اٹھایا جائے اور ان کی معاشی اہمیت سے چینی حکام کو آگاہ کیا جائے۔
ایمزٹی وی(کراچی)متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے سربراہ فاروق ستار نے اعلان کیا ہے کہ 25دسمبر کو شہر قائد میں تاریخی جلسہ کریں گے جس میں تمام قیاس آرائیوں کا جواب دیں گے ۔کراچی میں میڈ یا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہم نے ضروری سمجھا کے عوام کے سامنے سب بتا دیں اس لیے 25دسمبر کو جلسہ رکھا گیا ہے جو کہ ایم کیو ایم کے دیگر جلسوں سے بڑا ہو گا۔
ان کا کہنا تھا کہ اس جلسے میں ایسی بات کریں گے جس سے تمام قیاس آرائیاں دریا برد اور چہ میگوئیاں ختم ہو جائیں گی ۔فاروق ستار نے کہا کہ اس جلسے میں پیغام دیں گے کہ کراچی کل بھی ایم کیو ایم پاکستان کا قلعہ تھا اور آج بھی ایم کیو ایم پاکستان کا قلعہ ہے ۔انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم سپریم کورٹ کی شکر گزار ہے جس نے سات سال بعد مقامی حکومتوں کے انتخابات کرانے کے لیے فیصلے صادر کیے ورنہ اس ملک کے جاگیر دار اور وڈیرے علامتی طور پر بھی مقامی حکومتوں کو برداشت نہیں کرتے ۔ان کا کہنا تھا کہ سپریم کورٹ کے فیصلے آثار نظر آرہے ہیں کہ مارچ تک مردم شماری بھی ہو جائے گی ۔
ایمزٹی وی(اسلام آباد)جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال نے ایبٹ آباد کمیشن رپورٹ منظر عام پر لانے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ کمیشن میں ذمہ داروں کا تعین کیا گیا ہے اور رپورٹ کسی الماری میں پڑی ہو گی۔
سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے داخلہ کو بریفنگ دیتے ہوئے جسٹس جاوید اقبال کا کہنا تھا کہ ایبٹ آباد کمیشن رپورٹ پر 6 ماہ کام کیا اور اس میں تمام ذمہ داروں کا تعین کر لیا تھا لیکن اس وقت کے آرمی چیف کو ذمہ دار نہیں ٹھہرایا، کمیشن نے اپنی رپورٹ میں جو سفارشات پیش کی تھیں اگر ان پر عمل درآمد ہوتا تو آج حالات مختلف ہوتے اور نئے ادارے بنانے کی ضرورت نہ پڑتی۔
جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال کا کہنا تھا کہ ایبٹ آباد کمیشن کی رپورٹ کسی الماری میں پڑی ہوگی، کمیشن کی تفصیلات پر بات نہیں کر سکتا لیکن اسے منظر عام پر لانا حکومت کی ذمہ داری ہے۔ میری بیٹی نے مجھ سے پوچھا کہ اسامہ بن لادن ایبٹ آباد میں تھے یا نہیں، میں نے کہا کہ اگر یہ بتا دوں تو پیچھے رہ کیا جاتا ہے۔ آئی ایس آئی سربراہ 2 بار کمیشن کے سامنے پیش ہوئے لیکن واقعہ کے شواہد عدالت میں پیش کرنے کے قابل نہیں ہیں۔
بلوچستان میں لاپتہ افراد کے حوالے سے بنائے گئے کمیشن کے سربراہ جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال کا کہنا تھا کہ جن اینکرز کو بلوچستان کے رقبے کا بھی نہیں پتہ وہ لا پتہ افراد کی بات کرتے ہیں، آئی ایس آئی اور آئی ایم آئی کو لا پتہ افراد کا ذمہ دار نہ ٹھہرایا جائے کیونکہ ایک ادارے میں تو ہزاروں افراد ہوتے ہیں، لیکن کوئی کسی بھی ادارے کا کتنا بڑا افسر کیوں نہ ہو، بچ نہیں سکتا۔ انہوں نے کہا کہ پولیس نے لا پتہ افراد کے حوالے سے اچھا کام کیا جب کہ وزیر داخلہ چوہدری نثار نے بھی لاپتہ افراد کی بازیابی کے لئے تعاون کیا لیکن پنجاب حکومت نے ہمیں آفس کے لئے کمرہ تک نہیں دیا، ہمیں لاہور میں میٹنگ کیلیے کمرہ کرائے پر لینا پڑتا ہے۔
جسٹس (ر) جاوید اقبال نے کہا کہ جس ادارے سے متعلق شکایت آتی ہے اس ادارے کے حکام کو طلب کیا جاتا ہے لیکن لاپتا افراد کمیشن سے کوئی ادارہ تعاون نہیں کررہا۔ انہوں نے کہا کہ کمیشن نے ابھی تک آئی ایس آئی کے سربراہ کو نہیں بلایا لیکن آئی ایس آئی کےبریگیڈیئراور کرنل سطح کے افسران کمیشن کی معاونت کرتے ہیں، لا پتہ افراد سے متعلق آئی ایس آئی کے ملوث ہونے کی ٹھوس شہادت نہیں۔
کمیشن کے سربراہ نے کہا کہ ایک وقت میں لاپتہ افراد کے کیسز کی تعداد 136 سے بڑھ کر 3 ہزار 692 ہو گئی تھی لیکن کمیشن اب تک 2 ہزار416 مقدمات کا فیصلہ کرچکا ہے، اب ایک ہزار 276 مقدمات کا فیصلہ باقی ہے جن میں سے بلوچستان کے 96، خیبر پختونخوا کے 654، آزاد کشمیر کے 11 اور گلگت بلتستان کے 4 افراد شامل ہیں۔
ایمزٹی وی(کراچی) میجر جنرل محمد سعید نے ڈی جی رینجرز سندھ کا عہدہ سنبھال لیا ذرائع کے مطابق میجر جنرل محمد سعید نے سندھ رینجرز کے 13ویں ڈی جی کا عہدہ سنبھال لیا ہے ۔
ترجما ن رینجرز کا کہنا ہے کہ لیفٹیننٹ جنرل بلال اکبر نے چارج میجر جنرل محمد سعید کے سپرد کیا ۔تقریب رینجرز ہیڈ کوارٹرز سندھ میں منعقد ہوئی ۔
دوسری جانب آج لیفٹیننٹ جنرل بلال اکبر نے وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ سے ملاقات کی ہے اور کراچی سمیت سندھ بھر میں امن و امان کی صورت حال پر تبادلہ خیال کیا ۔
ایمزٹی وی(تعلیم/کراچی) جامعہ کراچی کے شعبہ ویژول اسٹڈیز اور بھٹائی رینجرز 63 ونگ کے زیر اہتمام پورٹریٹ مقابلے کا انعقاد کیا گیا۔
اس موقع پر جامعہ کراچی کے ڈین فیکلٹی آف مینجمنٹ اینڈ ایڈمنسٹریٹوسائنسز پروفیسر ڈاکٹر خالد عراقی نے کہا کہ بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح اپنے قوم کے محسن اور قوم کے لئے رول ماڈل ہیں ،زندہ قومیں اپنے محسنوں کو نہیں بھولتیں ، نہ صرف ہمیشہ انہیں یادرکھتی ہیں بلکہ ان کے اصولوں پر عمل کرتی ہیں۔پاکستانی قوم ایک زندہ قوم ہے جو پاکستان کو ایک مستحکم ،مضبوط ملک بنانے اور ایک فلاحی معاشرے کی تشکیل کے لئے بانی پاکستان کے خواب کو پوراکرنے کا عزم رکھتی ہے۔کسی بھی معاشرے کی تعمیر وتشکیل میں نوجوانوں کا کردار ریڑھ کی ہڈی کی مانندہوتاہے اور معاشرے میں استحکام اس وقت ممکن ہے جب اس کے نوجوان اپنی صلاحتیں اپنے ملک کے لئے صرف کردیںا کیونکہ ان نوجوانوں کو ہی تمام مشکلات کاحل ڈھونڈنا ہے اور تمام مسائل اور الجھنوں کو اپنی ذہانت سے حل کرناہے۔نہ صرف حکومت بلکہ ہم سب کو ایسے اقدامات کرنے کی ضرورت ہے جونوجوانوں کی فکری وتخلیقی صلاحیتوں کو پروان چڑھانے میں معاون ثابت ہوں
۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جامعہ کراچی کے شعبہ ویژول اسٹڈیز اور بھٹائی رینجرز 63 ونگ کے زیر اہتمام منعقدہ پورٹریٹ مقابلہ بعنوان: ’’قائداعظم فادر آف دی نیشن‘‘ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر بھٹائی رینجرز کے ونگ کمانڈرمیجرایاز نے کہا کہ کراچی کے نواجوانوں کی سوچ کو جامعات کے ذریعے تبدیل کیا جاسکتا ہے،کراچی کے حالات میں کافی بہتری آئی ہے اور ہماری کوشش ہے اس میں مزید بہتری آئے اور کراچی شہر کو امن کا گہوارہ بنایاجائے۔انہوں نے مذکورہ پروگرام کے انعقاد پر جامعہ کراچی کی انتظامیہ کا شکریہ اداکرتے ہوئے کہا کہ مجھے امید ہے کہ یہ سلسلہ آئندہ بھی جاری رہے گا۔
شعبہ ویژول اسٹڈیز کی چیئر پرسن پروفیسر دریہ قاضی نے کہا کہ مذکورہ مقابلے کے انعقاد کا مقصد بابائے قوم کی لازوال قربانیوں اور مملکت خدادپاکستان کے قیام میں کلیدی کردار کو زبردست خراج تحسین پیش کرنا ہے ۔قائد کے ویژن اور افکار کو ہمارے نوجوانوں کواپنانے کی ضرورت ہے اور اسی سے ہم ایک صحت مند اور فلاحی معاشرے کی بنیاد رکھ سکتے ہیں۔ مقابلے میں پہلی پوزیشن شعبہ پبلک ایڈمنسٹریشن کے عثمان بخاری،دوسری شعبہ ویژل اسٹڈیز کی طالبہ شیزہ علی جبکہ تیسری پوزیشن بھی شعبہ ویژول اسٹڈیز کی طالبہ صالحہ ناز نے حاصل کی جنہیں نقدانعامات سے نوازاگیا۔
تقریب میں شعبہ پبلک ایڈمنسٹریشن کے چیئر مین پروفیسر ڈاکٹر شبیب الحسن، مشیر امورطلبہ پروفیسر ڈاکٹر غزل خواجہ ،چیئر پرسن شعبہ سیاسیات پروفیسر ڈاکٹر ثمینہ سعید اور پروفیسر ڈاکٹر انیلا امبر ملک بھی موجود تھیں
ایمزٹی وی﴿تعلیم﴾ کروڑوں کے واجبات کی عدم ادائیگی کے باعث کالجز اساتذہ نے جامعہ کراچی کے ڈگری امتحانات کے بائیکاٹ کا اعلان کردیا۔
جس کی وجہ سے جامعہ کراچی کے تحت بی اے۔ بی کام۔ بی ایس سی کے منعقد ہونے والے امتحانات تاخیر کا شکار ہوگئے۔ یہ امتحانات دسمبر میں منعقد ہونے هیں
ایمزٹی وی(تعلیم/ کراچی) صوبائی محکمہ تعلیم کی اسٹریننگ کمیٹی کے فیصلے کے برعکس کراچی کے درجنوں نجی اسکولوں اور کالجوں نے دو روز قبل ہی موسم سرما کی تعطیلات کا آغاز کردیا ہے جس کے مطابق ان کے اسکولوں میں موسم سرما کی چھٹیاں پیر 19 دسمبر سے شروع ہوں گی۔
تاہم صوبائی محکمہ تعلیم کی اسٹریننگ کمیٹی کے فیصلے کے مطابق تمام نجی و سرکاری اسکولوں اور کالجوں میں موسم سرما کی تعطیلات کا آغاز 22 دسمبر سے ہوگا اور یہ تعطیلات31دسمبر تک ہوں گی جسے کے بعدپیر2 جنوری سے اسکول اور کالجز دوبارہ کھل جائیں گے