Reporter SS
ایمز ٹی وی(صحت) خوشبودار اور خوش ذائقہ نارنجیاں اور کینو پاکستان میں بڑی مقدار میں پیدا ہوتے ہیں لیکن عوام الناس ان کے زبردست فوائد سے لاعلم ہیں ۔ تاہم اس خبر سے آپ نارنجی کے بے شما ر فوائد سے فائدہ اٹھا سکیں گے۔
عمر رسیدہ افراد:
ایک حالیہ سروے سے ثابت ہوا ہے کہ ایسے عمر رسیدہ افراد جن کے ہاتھ پاؤں سُن رہتے ہوں ان میں نارنجیوں اور کینو کا جوس دورانِ خون بڑھا کر بہت مفید ثابت ہوتا ہے اور اگر انہیں تین ماہ تک روزانہ ایک گلاس کینو کا رس پلایا جائے تو بہت افاقہ ہوگا۔
شوگر کے مریض:
شوگر کے مریضوں کو اس ضمن میں اپنے ڈاکٹروں سے مشورہ کرنا چاہیے اسی طرح نارنجیوں کا اندھا دھند استعمال بھی فائدے کی بجائے نقصان دہ ہوسکتا ہے اس لیے اعتدال لازمی ہے۔
قدرت کا یہ عظیم پھل ان گنت اجزا سے مالا مال ہے جن میں کاربوہائڈریٹ، فائبر، پروٹین، وٹامن اے، تھائمین، وٹامن سی، فولیٹ، فلیوونوئیڈز، فاسفورس، تانبا اور پوٹاشیم جیسی معدنیات بھی موجود ہوتی ہیں۔ لاتعداد سروے اور مطالعوں سے نارنجیوں کے یہ فوائد سامنے آئے ہیں۔
امراضِ قلب سے بچاؤ:
نارنجیوں میں موجود وٹامن سی شریانوں کو سخت نہیں ہونے دیتا اور یوں امراضِ قلب سے محفوظ رکھتا ہے۔ اس سے بلڈ پریشر بھی قابو میں رہتا ہے۔ وجہ یہ ہے کہ خون کی شریانیں بہتر ہونے سے خون کا بہاؤ ہموار رہتا ہے اور بلڈ پریشر کا مرض پیدا نہیں ہوتا۔
کینسر سے حفاظت:
نارنجیوں میں موجود اینٹی آکسیڈنٹس خلیات اور ڈی این اے کو ٹوٹ پھوٹ سے محفوظ رکھتے ہیں جو کینسر کی وجہ بنتے ہیں۔ کئی مطالعوں سے نارنجی کو آنتوں کے سرطان میں بھی مفید پایا گیا ہے۔
بدن سے زہریلے مادوں کا اخراج:
اگر آپ ایک گلاس روزانہ اورنج جوس پیتے ہیں تو یہ بدن میں جھاڑو کا کام کرتے ہوئے تمام زہریلے اور فاسد مواد کو ختم کرتا ہے۔ اس عمل کو ڈی ٹاکسی فکیشن کہا جاتا ہے۔
خون کے خلیات کی افزائش اور گردش میں اضافہ:
نارنجیوں کا استعمال نہ صرف خون کی گردش بڑھاتا ہے بلکہ سرخ خلیات کی پیداوار میں مدد دے کر نیا خون پیدا کرنے میں مدد دیتا ہے۔ اس میں موجود فولیٹ اور وٹامن بی خون کی گردش میں تیزی اور نئے خون کی پیداوار میں مدد دیتا ہے۔
نارنجیاں اور جسمانی دفاعی نظام:
ہمارے بدن میں قدرت نے امراض سے لڑنے والا ایک شاندار نظام بنایا ہے جسے ’’امنیاتی نظام‘‘ (امیون سسٹم) کہا جاتا ہے۔ وٹامن سی اس نظام کو مزید طاقتور کردیتا ہے۔ وٹامن سی کو ’’ایسکاربک ایسڈ‘‘ بھی کہا جاتا ہے جو بدن میں اینٹی آکسیڈنٹ کا کام کرتا ہے اور جسم کو نقصان پہنچانے والے فری ریڈیکلز کو بننے نہیں دیتا ۔ یہ تیزاب کولاجن کا اہم جزو بھی ہے اور انسانی جسم میں نئی بافتوں کی پیداوار میں بھی مددگار ہوتا ہے۔
احتیاط ضروری ہے
ذیابیطس کے مریض:
ذیابیطس کے مریض نارنجیاں اور کینو کھانے کے لیے اپنے معالج سے رابطہ کریں۔ یاد رہے کہ تازہ اورنج جوس کا کوئی متبادل نہیں۔ ڈبے، ٹین اور پاؤڈر والے نارنجی کے جوس کی پروسیسنگ کے اس کے مفید اور قیمتی اجزا ختم ہوجاتے ہیں۔
دوسری اہم بات یہ ہے کہ نارنجیوں کا بے تحاشہ استعمال معدے میں تیزابیت، نظامِ ہاضمہ اور بلڈ پریشر کو متاثر کرسکتا ہے۔ اس لیے مشورہ ہے کہ اسے اعتدال سے استعمال کیا جائے۔
ایمز ٹی وی(مانیٹرنگ ڈیسک) گوگل کی جانب سے اینڈرائیڈ اسمارٹ فونز کے لیے ایک نئے کی بورڈ کی تیاری مکمل ہونے کے بعد نئے کی بورڈ کا نام ’’جی بورڈ‘‘ منتخب کیاگیا ہے۔
’’جی بورڈ‘‘ جس میں 120 سے زیادہ زبانوں میں ٹائپنگ اور کسی بھی ایپ میں رہتے ہوئے ویب سرچنگ اور شیئرنگ تک کی سہولت موجود ہے۔
جی بورڈ جسے پہلے ’’گوگل کی بورڈ‘‘ کہا جاتا تھا، مئی 2016 میں ایپل آئی فونز کے لیے متعارف کروایا گیا تھا۔
اب اسے اینڈرائیڈ فونز کے لیے بھی تیار کرلیا گیا ہے اور اس کا اینڈروئیڈ ورژن گوگل پلے اسٹور سے مفت میں ڈاؤن لوڈ کیا جاسکتا ہے۔
گوگل آفیشل بلاگ کے مطابق، جی بورڈ میں ایسی کئی خوبیاں ہیں جو اس وقت دنیا کے کسی دوسرے اسمارٹ فون کی بورڈ میں موجود نہیں۔
مثلاً اس میں دنیا کی 120 سے زائد زبانوں میں ٹائپ کیا جاسکتا ہے (جن میں اردو بھی شامل ہے) البتہ اس سے پہلے صارف کو اپنی مطلوبہ زبانیں ایکٹیویٹ کرنا ہوں گی، تقریباً اسی طرح جیسے کسی ڈیسک ٹاپ آپریٹنگ سسٹم میں کیا جاتا ہے۔
اینڈرائیڈ کا ڈیفالٹ کی بورڈ ہونے کی بدولت جی بورڈ بیشتر ایپس کے لیے کارآمد ہے یعنی آپ چیٹنگ کے دوران کسی ایپ میں رہتے ہوئے ویب سرچنگ بھی کرسکتے ہیں اور سامنے دکھائی دینے والے نتائج کو میسج کے طور پر شیئر بھی کرسکتے ہیں۔
اس میں ایموجی اور گف سرچ کے علاوہ انہیں سرچ رزلٹس ہی میں سے براہِ راست چیٹنگ میں شیئر کرانے کی سہولت بھی موجود ہے جب کہ کسی ایموجی کے لیے آپ کو صرف اس کا نام لکھنا ہوگا اور جی بورڈ خود ہی متعلقہ ایموجیز ڈھونڈ نکالے گا جن میں سے اپنی من پسند ایموجی منتخب کرکے آپ اپنے دوستوں کے ساتھ شیئر کرسکتے ہیں۔
البتہ گف شیئرنگ کی صلاحیت اس وقت صرف گوگل میسنجر، ایلو اور ہینگ آؤٹ تک محدود ہے جسے دوسری ایپس تک وسعت دینے کی تیاریاں جاری ہیں۔
آن اسکرین ٹائپنگ کو تیز رفتار اور بہتر بنانے کے لیے اس میں ’’گلائیڈ ٹائپنگ‘‘ کا فیچر بھی رکھا گیا ہے جس کے تحت آپ کو ٹائپنگ کرتے دوران اسکرین سے انگلی ہٹانے کی ضرورت نہیں بلکہ انگلی کو اسکرین پر پھسلاتے ہوئے ایک سےدوسرے کریکٹر پر لے جانا ہی کافی ہوگا۔
ان سب کے علاوہ آٹو کریکٹ اور دوسرے اسمارٹ فیچرز کی بدولت جی بورڈ اپنے صارف کے مزاج اور پسند ناپسند کو مدنظر رکھتے ہوئے خود بھی سیکھتا رہتا ہے اور وقت کے ساتھ ساتھ اس کی کارکردگی بہتر ہوتی چلی جاتی ہے۔
گوگل پلے اسٹور کے مطابق اب تک جی بورڈ کو 10 کروڑ سے زیادہ اسمارٹ فونز پر انسٹال کیا جاچکا ہے جب کہ اسے لانچ کیے ہوئے صرف تین دن ہوئے ہیں۔
ایمزٹی وی(لاہور)لاہور ہائی کورٹ نے حکومت کو تمام نابینا افراد کو میرٹ پر نوکری دینے کا حکم دیدیا۔
ذرائع کے مطابق چیف جسٹس منصور علی شاہ کی سربراہی میں کیس کی سماعت ہوئی تو عدالت نے فریقین کے دلائل سننے کے بعد محکمہ تعلیم کی ریکروٹمنٹ پالیسی 2016ءکو کالعدم قرار دیتے ہوئے حکومت کو ہدایت کی کہ تمام نابینا افراد کو میرٹ پر نوکری دی جائے ۔
ایمزٹی وی(انٹرٹینمنٹ) پورٹو ریکو کی حسینہ اسٹیفنی نے مس ورلڈ کا اعزاز اپنے نام کر لیا جب کہ مقابلے میں ڈومینیکن ری پبلک کی دوشیزہ دوسرے اور انڈونیشیا کی ملکہ حسن تیسرے نمبر پر رہیں۔
امریکا کے شہر میری لینڈ میں منعقد کیے گئے مس ورلڈ کے مقابلے میں دنیا بھر سے حسیناؤں نے شرکت کی۔ مختلف ممالک کی 100 خوبصورت دوشیزاوں نے مس ورلڈ کا ٹائٹل اپنے نام کرنے کے لیے ریمپ پر واک کی لیکن پورٹوریکوکی 19 سالہ اسٹیفنی نے سب کے دل جیت لیے اور ٹائٹل اپنے نام کرلیا تاہم مقابلے میں ڈومینیکن ری پبلک کی حسینہ دوسرے اور انڈونیشیا کی حسینہ تیسرے نمبر رہیں۔
مس ورلڈ کا تاج اسٹیفنی کے سر پر سجایا گیا تو جذبات پر قابو نہ رکھ سکیں اور ان کی آنکھیں بھر آئیں۔
ایمزٹی وی(انٹرٹینمںٹ)نامور ہالی وڈ اداکارہ جنیفر لارنس اور کرس پریٹ کی نئی سائنس فکشن ایڈونچر فلم ’پیسنجرز‘کی نئی جھلکیاں جاری کر دی گئیں۔
ہدایتکارمورٹین ٹیلدم کی ڈائریکشن میں بننے والی اس سنسنی خیز فلم کی کاسٹ میں جنیفر لارنس کے علاوہ اداکار کرس پریٹ ، مائیکل شین، لارنس فشبرگ،شیلبے ٹیلر،کرسٹین براک،وینس فوسٹر اور رابرٹ لیریویری شامل ہیں۔
فلم کی کہانی زمین سے ہزاروں میل دور خلاء میں واقع انسانوں کی ایک ایسی کالونی کے گِرد گھوم رہی ہے جہاں کا سفر کرتے ہوئے دو افراداسپیس کرافٹ میں ہونیوالی خرابی کے نتیجے میں90سال قبل میں پہنچ جاتے ہیں۔
اسٹیفن ہیمل ، اوری مارمر اور نیل ایچ مورٹز کی مشترکہ پروڈکشن میں بننے والی اس فلم پر 120ملین ڈالر لاگت آئی ہے جو کولمبیا پکچرز کے تحت رواں
ایمزٹی وی(اسلام آباد) وزیراعظم نوازشریف 20 سے 22 دسمبر کے دوران بوسنیا کے وزیراعظم ڈاکٹر ڈینس زویدے وچ کی دعوت پر بوسنیا ہرزے گوینا کا سرکاری دورہ کریں گے۔
سرکاری خبر رساں ادارے کے مطابق وزیراعظم نواز شریف 20 سے 22 دسمبر کے دوران بوسنیا کے وزیراعظم ڈاکٹر ڈیینس زویدے وچ کی دعوت پر بوسنیا ہرزے گوینا کا سرکاری دورہ کریں گے۔ اس دوران وزیراعظم بوسنیا کے وزیراعظم اور پارلیمانی اسمبلی کے ارکان سے بھی ملاقاتیں کریں گے ۔
بوسنیا کے رئیس العلماء حسین ایف کویزو وچ بھی وزیراعظم محمد نواز شریف سے ملاقات کریں گے، نواز شریف دورہ بوسنیا میں بزنس فورم سے خطاب کے علاوہ چیمبر اور سرمایہ کاروں کی مختلف تنظیموں سے ملاقاتیں بھی کریں گے ۔ وزیراعظم کے دورہ بوسنیا کے دوران دونوں ملکوں کے درمیان دو طرفہ تعلقات ، تجارت اور معیشت سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کا جائزہ لیا جائے گا۔
ایمزٹی وی(انٹرنیشنل)انسانی حقوق کی بین الاقوامی تنظیم ایمنسٹی انٹرنیشنل کا کہنا ہے کہ میانمار کی فوج روہنگیا مسلمانوں پر انسانیت کے خلاف جرائم سمیت تشدد کے واقعات میں ملوث ہے۔
ایمنسٹی انٹرنیشنل کی جانب سے جاری رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ میانمار کی سیکیورٹی فورسز روہنگیا مسلمانوں کے قتل عام اور خواتین کے ریپ سمیت دیگر تشدد کے واقعات میں نہ صرف ملوث ہے بلکہ گزشتہ 2 مہینے سے ان کے خلاف منظم تشدد کی مہم چلائی جارہی ہے، رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ میانمار کے شمالی علاقے میں صحافیوں اور دیگر امدادی تنظیموں کے داخلہ پر پابندی عائد ہے تاکہ تشدد کے واقعات منظر عام پر نہ آسکیں لیکن سیٹلائیٹ تصاویر اور متاثرہ افراد نے تمام واقعات کی تصدیق کی ہے۔
ایمنسٹی انٹرنیشنل کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ متاثرہ افراد کے مطابق گاؤں میں موجود افراد کو گن شپ ہیلی کاپٹرز کے ذریعے نشانہ بنایا جاتا ہے جب کہ بعض واقعات میں فوجیوں نے لوگوں کو گھروں سے نکال کر فائرنگ کر کے مارڈالا تھا۔
دوسری جانب میانمار کی فوج نے ان تمام الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ روہنگیا مسلمان اپنے گھروں کو خود آگ لگارہے ہیں۔
ایمزٹی وی(کراچی)کراچی میں انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت میں سانحہ بلدیہ ٹاؤن کیس کی سماعت ہوئی جس میں تفتیشی افسر نے عدالت کو رحمان بھولا سے کی گئی تحقیقات سے آگاہ کیا، تفتیشی رپورٹ میں کہا گیا کہ عبدالرحمان عرف بھولا نے گارمنٹس فیکٹری میں آگ لگانے کا اعتراف کرلیا ہے۔
عبدالرحمان بھولا نے جیل میں قید ملزم زبیرعرف چریا کا نام بھی لیاہے اوراعتراف کیا ہے کہ فیکٹری میں آگ ایم کیو ایم تنظیمی کمیٹی کے سابق انچارج حماد صدیقی کے کہنے پر لگائی تھی۔ تفتیشی افسر نے انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت سے مزید ریمانڈ کی درخواست کی جسے منظورکرتے ہوئے عدالت نے ملزم عبد الرحمان عرف بھولا کو مزید 10 روز کے لیے پولیس کے حوالے کردیا۔
دوسری جانب عدالت نے ملزم حماد صدیقی کو انٹر پول کی مدد سےگرفتار کرنے کاحکم دیتے ہوئے ایک مرتبہ پھر ملزم کے ریڈ وارنٹ جاری کردیے، کیس کی مزید سماعت 29 دسمبر کو ہوگی۔
ایمزٹی وی(تعلیم/ لاڑکانہ)وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کیڈٹ کالج لاڑکانہ کے تشدد زدہ طالب علم محمد احمد مشوری کے علاج کے لئے 5 کروڑ روپے کی منظوری دے دی ہے۔
میڈیا کے مطابق وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کیڈٹ کالج لاڑکانہ میں استاد کے تشدد کے باعث ذہنی معذور بننے والے طالب علم محمد احمد کے علاج کے لئے 5 کروڑ روپے کی منظوری دے دی ہے۔
اس سے پہلے 14 سالہ طالب علم محمد احمد کے علاج کے لئے ان کے میڈیکل بورڈ نے بیرون ملک بھیجنے کی سفارش کی تھی، جس پر وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے طالبِ علم کے امریکا میں علاج کی منظوری کے ساتھ محکمہ صحت سندھ کو بچے اوراس کے والد کے پاسپورٹ بنانے سمیت محکمہ خزانہ کو بچے کے علاج کے اخراجات کے لیے رقم جاری کرنے کی ہدایت کی تھی۔
ایمزٹی وی (تجارت)امریکی ڈالر کی قدر میں 5پیسے کا اضافہ ہوا ہے جس کے بعد اس کی قیمت 108روپے 25پیسے ہو گئی ہے ۔
تفصیلات کے مطابق کاروباری ہفتے کے پہلے روز اوپن مارکیٹ میں امریکی ڈالرکی قدر میں 5پیسے کا اضافہ ہوا ہے جس کے بعد اس کی قیمت خرید 107روپے 70پیسے ہو گئی جبکہ قیمت فروخت 108روپے 25پیسے ہو گئی ہے ۔
ادھر انٹر بینک مارکیٹ میں ڈالر کی قدر میں کوئی ردو بدل نہیں ہوا اور اس کی قیمت خرید 104روپے 40پیسے جبکہ قیمت فروخت 104روپے 60پیسے کی سطح پر برقرار ہے ۔