جمعہ, 29 نومبر 2024
Reporter SS

Reporter SS

ایمزٹی وی(آزاد کشمیر) گزشتہ روز شیخ زید ہسپتال مظفرآباد میں بھارتی فوج کی فائرنگ سے زخمی ہونیوالوں کی عیادت کے موقع پر بات چیت کرتے ہوئے صدر مسلم کانفرنس سردارعتیق احمد خان نے کہا ہے کہ بے گناہ مظلوم اور نہتے شہریوں پر فائرنگ کرکے بھارت سنگین جرائم کا مرتکب ہورہا ہے ۔ حکومت پاکستان کو اس معاملے کو اقوام متحدہ میں پوری قوت سے اٹھانا چا ہئے۔

اس موقع پر شیخ زید ہسپتال کے کمانڈنگ آفیسراور ڈی ایم ایس نے انہیں زخمیوں کے علاج معالجے سے متعلق بریفنگ دی ۔ سردار عتیق احمد خان نے کہا کہ سیز فائر لائن کے قریب رہنے والے بھی بھارتی جبر اور ظلم کا مقابلہ کررہے ہیں ۔ ان کا یہ کردار تاریخ میں سنہری حروف سے لکھا جائیگا۔ کشمیری عوام کی قربانیاں بھارت کو گھٹنے ٹیکنے پر مجبور کریں گی ۔ اب ضرورت اس امر کی ہے کہ حکومت پاکستان کشمیر کا مقدمہ پوری قوت سے عالمی سطح پر لڑے ۔ پاکستان مسئلہ کشمیر کا فریق اور وکیل ہے ۔

اس موقع پر پیر غلام مرتضیٰ گیلانی ، شمیم علی ملک ، راجہ ثاقب مجید ، میر عتیق الرحمان ، انصر پیرزادہ ، عبدالمجید مغل ، شیخ مقصود احمد ، شیخ خورشید انور ،سید یاسر نقوی ، سید تصور موسوی ، ہارون آزاد ، سجاد قریشی ، عاصم نقوی بھی موجود تھے.

ایمز ٹی وی(تجارت) حکومت پنجاب نے رواں مالی سال صوبائی محکمہ پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ کی ڈویلپمنٹ ورکنگ پارٹی کے 35 ویں اجلاس میں اربن ڈویلپمنٹ سیکٹر اور مائنز اینڈ منرل سیکٹر کی2 سکیموں کو مکمل کرنے کیلئے 12 کروڑ30 لاکھ روپے کی منظوری دیدی ہے۔

صوبائی سیکرٹری پی اینڈ ڈی افتخار علی سہو سمیت صوبائی محکموں کے اعلیٰ افسروں اور پنجاب پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ بورڈ کے ارکان نے شرکت کی۔

اجلاس میں جن دو ڈویلپمنٹ سیکٹرز کی سکیموں کی منظوری دی گئی ان میں اربن ڈویلپمنٹ سیکٹر کی سکیم ضلع راولپنڈی میں مریڑ چوک اور لیاقت باغ کے مقام پر سگنل فری ٹریفک کیلئے مفصل ڈیزائن اور اس کی فیزیبلٹی سٹڈی (پی سی ٹو)کیلئے 1کروڑ روپے اور مائنز اینڈ منرلز سیکٹر کی سکیم راک سالٹ پوٹینشل بلاکس، سالٹ رینج(پی سی ٹو) کیلئے 11کروڑ30لاکھ روپے شامل ہیں۔گرانٹس کی بنیاد پر سولر پمپس کی فراہمی کیلئے 15کروڑ 13لاکھ روپے شامل ہیں۔


ایمزٹی وی(تعلیم/ اسلام آباد)علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی میں عیدمیلاد النبی ؐ کے موقع پر دو روزہ بین الاقوامی کانفرنس 8 تا 9دسمبر ہوگی۔ کانفرنس میں 8ممالک کے اسکالرز اہم مباحث پر علمی اور تحقیقی مقالات پیش کریں گے۔

کانفرنس میں نمائندگی کرنے والے ممالک میں سعودی عرب ملائشیا ، الجزائر ، کوسوو ، سوڈان ، برونائی اوربھارت شامل ہیں۔

 

ایمز ٹی وی(تجارت) ایشیائی ترقیاتی بینک کی جانب سے 20 کروڑ ڈالر امداد فراہم کیے جانے کے بعد حکومت نے نیشنل ڈیزاسٹر رسک مینجمنٹ فنڈ (این ڈی آر ایم ایف) قائم کرنے کے معاہدے پر دستخط کردیئے۔

فنڈ قائم کیے جانے سے قدرتی خطرات اور ماحولیاتی تبدیلی سے آنے والی آفات کے نقصانات کو کم کرنے میں مدد ملے گی۔

این ڈی آر ایم ایف کا قیام کمپنیز آرڈیننس 2016 کے سیکشن 42 کے تحت بطور پبلک لمیٹڈ کمپنی عمل میں لایا جائے گا، تاکہ مستقبل میں آنے والی آفات کے حوالے سے پاکستان کی مزاحمت بڑھانے کے لیے پائیدار میکانزم فراہم کیا جائے۔

فنڈ کا مقصد آفات کے خطرات میں کمی لانا، ڈیزائن اینڈ ڈویلپمنٹ اور دیگر تنظیموں کے اشتراک سے فنانسنگ کی حکمت عملی وضع کرنا ہوگا تاکہ عوام کو ریلیف اور ریکوری سپورٹ فراہم کی جاسکے، جس میں ذریعہ معاش کی بحالی کے اقدامات اور پبلک انفراسٹرکچر کی تعمیر نو شامل ہے۔

این ڈی آر ایم ایف پاکستان کو درپیش بڑے قدرتی خطرات کا مقداری رِسک ماڈلنگ تجزیہ (quantitative risk modelling analysis) بھی کرے گا، تاکہ ایک جامع نیشنل ڈیزاسٹر رسک فریم ورک کے حوالے سے حکمت عملی تیار کی جاسکے۔

یہ فریم ورک ڈیزاسٹر رسک سے متعلق نقشے اور قدرتی آفات سے ممکنہ نقصان کی سطح معلوم کرنے کے لیے مقداری قومی اور ذیلی قومی اعداد و شمار بنانے کے لیے استعمال کیا جائے گا۔

اس حوالے سے تقریب میں وفاقی وزیر خزانہ اسحٰق ڈار نے شرکت کی، جس میں این ڈی آر ایم ایف کے لیے حکومت اور ایشیائی ترقیاتی بینک کے درمیان 20 کروڑ ڈالر قرض اور ساڑھے 4 کروڑ آسٹریلین ڈالر امداد فراہم کرنے کے معاہدوں پر دستخط کیے گئے۔

معاہدے پر اقتصادی امور ڈویژن کے سیکریٹری طارق باجوہ اور پاکستان کے لیے ایشیائی ترقیاتی بینک کے ڈائریکٹر ورنر ای لیپیچ نے دستخط کیے۔

اس موقع پر آسٹریلوی ہائی کمشنر، ناروے، جاپان، سوئٹزرلینڈ اور یورپی یونین کے نمائندے بھی موجود تھے۔

اس مصرف کے لیے کُل 3 ارب ڈالر خرچ کیے جائیں گے، جن میں سے ایشیائی ترقیاتی بینک پانچ قسطوں میں ایک ارب ڈالر فراہم کرے گا، جبکہ آسٹریلوی حکومت بھی فنڈ کے لیے مالی اعانت فراہم کرے گی۔

تقریب سے خطاب کے دوران اسحٰق ڈار نے ایشیائی ترقیاتی بینک اور آسٹریلوی حکومت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اس عظیم مقصد کے لیے ترقیاتی پارٹنرز کی شراکت سے دنیا بھر میں دیگر تنظیموں کی بھی حوصلہ افزائی ہوگی۔

ان کا کہنا تھا کہ یہ فنڈ قدرتی آفات کے نقصانات سے بچنے کے لیے پاکستان کی کوششوں کو مضبوط بنائے گا۔

 
 

 

 

ایمز ٹی وی(تجارت) ایک ہفتے کے دوران پاکستان اسٹاک مارکیٹ تاریخ کی بلند ترین سطح 43 ہزار 270 پوائنٹس پر بند ہونے میں کامیاب رہی۔

مسلسل تیسرے ہفتے بھی بیرونی سرمایا کاروں کی جانب سے شیئرز کی فروخت جاری رہی مگر مالیاتی اداروں نے پاکستان سٹاک ایکسچینج میں جم کر سرمایا لگایا جس سے مارکیٹ کو سہارا ملا اور کاروباری ہفتے کے آخری روز سٹاک مارکیٹ بلندی کا نیا ریکارڈ بنانے میں کامیاب رہی اور 100 انڈیکس 43 ہزار 270 پوائنٹس پر بند ہوا۔

ایک ہفتے کے دوران اسٹاک مارکیٹ میں 271 پوائنٹس کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا جبکہ بیرونی سرمایا کاروں نے 3 کروڑ 40 لاکھ ڈالر مالیت کے حصص فروخت کر ڈالے۔

تیل برآمد کرنے والے ممالک کی عالمی تنظیم اوپیک کی جانب سے تیل کی پیداوار میں کٹوتی کے سبب آئل سیکٹر کے حصص کی مالیت میں 10 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا جبکہ کھاد بنانے والی کمپنیوں کے شیئرز کی مالیت میں 1 اعشاریہ 4 فیصد اور بینکنگ شعبے کے حصص کی مالیت میں اعشاریہ 9 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔

 

 

ایمز ٹی وی( تجارت) مودی سرکار کی جانب سے بڑی مالیت کے نوٹوں پر پابندی کے سبب بھارتی کرنسی کی ساکھ بری طرح متاثر ہوئی ہے اور اب اسے پاکستان میں کوئی فاریکس ڈیلر خریدنے کے لیے تیارنہیں اور لوگ بھی لینے سے گریز کر رہے ہیں جس کے نتیجے میں بھارتی کرنسی کی قدر میں منہ کے بل آگری ہے۔

بھارتی حکومت کے مذکورہ فیصلے سے قبل بھارتی روپے کی قدر 1.70 پاکستانی روپے تھی مگر بڑے نوٹوں کی بندش کے بعد پاکستان میں فاریکس ڈیلرز نے اس کا لین دین مکمل بند کردیا تھا تاہم چند روز قبل چند ایکس چینج کمپنیوں نے ممکنہ نقصان کا خطرہ ہونے کے باوجود ان پاکستانی شہریوں اورتاجروں کو سہولت دینے کے لیے بھارتی کرنسی خریدنا شروع کی جنھوں نے نمائشوں میں حصہ لینے، کاروبار اور رشتہ داروں سے ملنے جانے کے لیے بھارتی کرنسی لی تھی تاکہ انھیں مالی خسارے سے بچایا جاسکے تاہم اس کے لیے کوئی 50 پیسے بھی دینے کو تیار نہیں تھا اور ابتدائی طور پر اس کا مول 30پیسے مقرر ہوا تاہم بھارتی کرنسی کا پاکستان میں کوئی آفیشل ریٹ نہیں ہے اور اب بعض منی چینجرز اب اس کے 70 پیسے دے رہے ہیں۔

اگرچہ بھارت جانے والے پاکستانی نمائش کنندگان، تاجروں، کاروباری افراد اور رشتہ داروں سے ملنے جانے والے افرادکو سرمائے میں60 فیصد کے نقصان کا سامنا ہے تاہم نئے خریداروں کو بھارتی کرنسی پہلے کے مقابلے میں اب بھی 1روپے کم میں دستیاب ہے مگر زیادہ تر لوگ ڈالر خرید رہے ہیں۔ منی مارکیٹ کے ذرائع نے بتایا کہ پاکستان میں کمرشل بینک، ایکس چینج کمپنیاں اورمنی چینجرزاپنے پاس موجود بھارتی کرنسی کے ذخائر ہانگ کانگ بھیج کرتبدیل کرا رہے ہیں

چند روز قبل پاکستان میں بعض ایکس چینج کمپنیوں نے بھارتی کرنسی30 پیسے کے حساب سے خریداری کا آغاز کیا جو اب 70 پیسے میں خریدی جارہی ہے لیکن ایکس چینج کمپنیوں کی جانب سے اپنے کمرشل کاؤنٹرز پر بھاری کرنسی کے ریٹ جاری نہیں کیے جا رہے جس کی وجہ سے متوسط طبقے کے افراد یا خاندان اضطراب سے دوچار ہیں جو اپنے رشتہ داروں سے ملاقات کی غرض سے بھارت کا دورہ کرتے رہتے ہیں اور انھوں نے پہلے ہی کرنسی خرید لی تھی مگر اس کی بھاری ذمے داری بھارتی حکومت پر عائدہ ہوتی ہے جو اپنے ہی شہریوں کا خیال نہیں کر پارہی تو پاکستانی شہریوں کو کیسے سہولت دے گی، نئے خریدار اب زیادہ تر سفر کے لیے امریکی ڈالر خرید رہے ہیں۔

اس ضمن میں فاریکس ایسوسی ایشن آف پاکستان کے چیئرمین ملک بوستان نے بتایا کہ مودی سرکار نے بھارت میں کالا دھن سفید کرنے کی حکمت عملی کے تحت بڑی مالیت کی کرنسی نوٹوں پر پابندی عائد کی ہے لیکن اسے کامیابی ملنے کی امید نہیں ہے۔ انہوں نے بتایا کہ پاکستان میں بھارتی کرنسی کی نہ پہلے کوئی اہمیت تھی اور نہ آج ہے، مودی سرکار کے اقدام سے قبل پاکستان کی اوپن کرنسی مارکیٹ میں بھارتی کرنسی کی صرف بھارت کا کاروباری یا نجی دورے کرنے والے افراد کی یومیہ ڈیمانڈ بمشکل 3 سے4 ملین تھی، مودی سرکار کی پابندی کے بعد پاکستان سے بھارت کے علاوہ ایران اور افغانستان جانے والے افراد کی بڑی تعداد بھی بھارتی کرنسی خرید رہی ہے اور ان ممالک میں جاکر بھارتی کرنسی تبدیل کرکے منافع کما رہی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ پاکستان میں بھارتی کرنسی کی ہولڈنگ کا رحجان انتہائی محدود ہے، اس لیے مودی سرکار کے اقدام سے مجموعی طور پر یہاں معاشی سمیت کسی بھی قسم کے منفی اثرات مرتب نہیں ہوسکتے البتہ اوپن مارکیٹ میں بھارتی کرنسی منہ کے بل ضرور آ گری ہے۔

 

 


ایمزٹی وی (اسلام آباد)مشیر خارجہ سرتاج عزیز کے دورہ بھارت کا شیڈول اچانک تبدیل کر دیا گیا ہے۔
بھارتی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ پاکستانی مشیر خارجہ سرتاج عزیز کے دورہ بھارت کا شیڈول اچانک تبدیل کردیا گیا ہے اور اب و ہ ہارٹ آف ایشیا کانفرنس میں شرکت کیلئے کل کی بجائے آج ہی بھارت پہنچیں گے ۔

یہ بھی کہا جا رہا ہے کہ مشیر خارجہ سرتاج عزیز کے دورے کے دوران انکی بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی سے ملاقات کا بھی امکان ہے ۔ یاد رہے مشیر خارجہ سرتاج عزیز نے بھارتی شہر امرتسر میںہونے والی دو روزہ ہارٹ آف ایشیا کانفرنس میں شرکت کیلئے بھارت جانا ہے ۔

 

 

ایمزٹی وی( تجارت) ایس ای سی پی کے چیئرمین ظفر حجازی نے کہا ہے کہ کمپنیز آرڈیننس 2016 کو متعارف کرانے کے بعد کمپنیوں کے اندراج میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔ گزشتہ روز پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انھوں نے کہاکہ نئے قانون کے نفاذ کے بعد مختلف شعبوں میں 40کمپنیاں رجسٹر ہو چکی ہیں، کمپنیز آرڈیننس2016 کے ذریعے ملک بھر میں تاجروں کو سہولتوں کی فراہمی کے باعث تجارتی سرگرمیوں کو فروغ دینے میں مدد ملے گی۔

چیئرمیں نے کہاکہ قانون مختلف اسٹیک ہولڈرز سے مشاورت اور ملکی کاروباری برادری کی سہولتوں کے لیے تجاویز اور مشوروں کو شامل کرنے کے بعد متعارف کرایاگیا ہے، ایس ای سی پی نے کمپنیوں کی رجسٹریشن کا عمل آسان بنا دیا ہے، گزشتہ سال کے مقابلے میں کمپنیوں کے اندراج میں 12فیصد اضافہ ہوا ہے، کمپنیز آرڈیننس کے نفاذ سے قبل بحث ومباحثہ کیاگیا، ملک کے تمام بڑے شہروں میں 6سیمینار منعقد کیے گئے تاکہ مختلف شیئرہولڈرز اور کاروباری برادری کی آرا حاصل کی جاسکیں۔

انھوں نے کہاکہ قانون کو مزید موثر بنانے کے لیے سفارشات اور تجاویز کا خیرمقدم کیا جائے گا، ایس ای سی پی قانون پر نظرثانی کے لیے کمشنر کانفرنس کا انعقاد کرے گی تاکہ اسے زیادہ موثر اور مستقبل کی ضروریات کے مطابق بنایا جاسکے، اس سے سرکاری اداروں میں انتظامیہ کے تعیناتی میں شفافیت کے ذریعے پبلک سیکٹر انٹرپرائزز کی کارکردگی میں بھی بہتری آئے گی۔ انھوں نے مذکورہ قانون میں کمپنیز گلوبل رجسٹر آف بینیفیشل اونر۔سیکشن452سمیت متعارف کرائے گئے متعدد نئے اقدامات کی نشاندہی بھی کی۔

 

 

ایمز ٹی وی (تجارت) ایف بی آرنے مارکیٹ سے بڑے پیمانے پر کالے دھن سے ڈالر خریدنے والوں کیخلاف تحقیقات شروع کردیں اور اس ضمن میں اسلام آباد کے متعدد منی چینجرز کو نوٹس جاری کردیے ہیں۔

ایف بی آرکے ذرائع کے مطابق ان ڈکلیئرڈ اورمشکوک ٹرانزیکشن کرنیوالے افراد کا ڈیٹا اکٹھا کیا جا رہا ہے اور غیر ملکی زرمبادلہ کی بیرون ملک منتقلی روکنے کیلیے تمام ایئرپورٹس پر ایف بی آر کی نگران ٹیمیں تعینات کر دی گئی ہیں۔ ایف بی آر کے سینئر افسر نے ذرائع کو بتایا کہ ان تحقیقات کا مقصد ان لوگوں کی تفصیلات جمع کرناہے جو مارکیٹ سے ڈالر خرید کر بیرون ملک لے جارہے ہیں۔

منی چینجرز سے گزشتہ دو مہینے کے دوران بڑے پیمانے پر ڈالر خریدنے والوں کی تفصیلات مانگی گئی ہیں جبکہ ان افراد کا ریکارڈ بھی مانگا ہے جنھوں نے 2500سے زیادہ ڈالر بیرون ملک بھیجے ہیں۔

ذرائع نے بتایا کہ ایف بی آر کو معلوم ہوا ہے کہ کالا دھن رکھنے والے افرادبڑے پیمانے پر ڈالر اور دیگر غیر ملکی کرنسی مارکیٹ سے اٹھا رہے ہیں جس کی وجہ سے ڈالر کی قیمت میں کمی واقع ہوئی ہے۔ ذرائع نے بتایا اسلام آباد اور گرد نواح کے ایک درجن سے زائد لوگوں کے بارے میں تفصیلات جمع کرلی گئی ہیں جن کے گھروں پر چھاپے مارے جائیںگے۔ ڈالر کی مشکوک ٹرانزیکشن کرنیوالوں کیخلاف انکم ٹیکس آرڈیننس مجریہ 2001 کے تحت کارروائی کی جارہی ہے۔

 

 

ایمزٹی وی(اسلام آباد) سانحہ بلدیہ فیکٹری کے مرکزی ملزم عبدالرحمان بھولا کی گرفتاری کے بعد ایف آئی اے نے اپنی ٹیم بنکاک بھیجنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق سانحہ بلدیہ فیکٹری کے مرکزی ملزم عبدالرحمان بھولا کی گرفتاری کے بعد بنکاک انٹرپول نے ایف آئی سے رابطہ کیا جس پر ایف آئی اے کی ٹیم نے بنکاک جانے کا فیصلہ کر لیا ہے۔

ذرائع کے مطابق ایڈیشنل ڈائریکٹر کا عہدہ رکھنے والا افسر بنکاک جائے گا ۔ ایف آئی اے کی ٹیم قانونی دستاویزات اور ریڈ وارنٹ لے کر جلد روانہ ہو گی ۔