Reporter SS
ایمز ٹی وی (تجارت) سندھ حکومت اور سندھ انشورنس لمیٹڈ (SIL) کے مابین یونیورسل ایکسیڈینٹل انشورنس اینڈ سوشل بینیفٹ کے حوالے سےگزشتہ روز وزیراعلیٰ ہاؤس میں ایک معاہدے پر وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی موجودگی میں دستخط کیے گئے ، اس معاہدے سے سندھ کے 18 سے 65 سال کی عمر کے تمام شہریوں کے لواحقین کو مالی فائدہ پہنچے گا ۔
اس موقع پر وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا کہ سندھ حکومت صوبے میں لوگوں کی فلاح و بہبود کیلئے تمام تر ممکنہ اقدامات کر رہی ہے ، بالخصوص حادثات کے نتیجے میں جاں بحق ہوجانے والے افراد جو کہ اپنے خاندانوں کے واحد کفیل ہوتے ہیں کیلئے سندھ انشورنس لمیٹڈ کمپنی سے یونیورسل ایکسیڈینٹل انشورنس اور سوشل بینیفٹ کے سلسلے میں ایک معاہدہ کیا ہے ۔
جس کے تحت حادثات اور دہشتگردی کے متاثرین کو فی کس ایک لاکھ روپے فوری طور پر مالی مدد فراہم کی جاسکے گی ۔ وزیر اعلیٰ سندھ نے امید ظاہر کی کہ مذکورہ اسکیم کے مستقبل میں مزید سماجی فوائد سامنے آئیں گے اور متاثرہ افراد کی بہتر طریقے سے مدد ہوسکے گی۔
معاہدے پرسندھ حکومت کی جانب سے صوبائی سیکریٹری خزانہ سید حسن نقوی جبکہ سندھ انشورنس لمیٹڈ کی جانب سے اس کے چیف ایگزیکٹو آفیسر فیصل صدیقی نے دستخط کیے ۔ اس دستخطی تقریب میں سندھ حکومت کے اعلیٰ حکام اور سندھ انشورنس لمیٹڈ کے سرکردہ افراد بھی موجود تھے ۔
ایمزٹی وی(اسلام آباد)الیکشن کمیشن میں وزیر اعظم نواز شریف، ان کے داماد کیپٹن ریٹائرڈ صفدر، عمران خان، جہانگیر ترین اور لیاقت تراکئی کی نااہلی سے متعلق مختلف ریفرنسز کی سماعت ہوئی۔ عمران خان اور جہانگیر ترین کی نااہلی کے ریفرنسوں کی سماعت کے موقع پر ان کے وکیل حامد خان نے موقف اختیار کیا کہ آج ان کے موکلین کے خلاف پٹیشنر خود پیش نہیں ہوئے، اس لئے ریفرنس کو مسترد کیا جائے، جس پر چیف الیکشن کمشنر نے ریمارکس دیئے کہ بال ہماری کورٹ میں آگئی ہے، فیصلہ ہمیں کرنا ہے، عمران خان اور جہانگیر ترین کی حاضری ضروری ہے، دونوں کو نوٹس جاری کر رہے ہیں، کمیشن نے عمران خان اور جہانگیر ترین کی نااہلی سے متعلق 3 درخواستیں عدم پیروی پرخارج کردیں جب کہ اسپیکر کی جانب سے بھجوائے گئے ریفرنسز پر 16 نومبر تک جواب طلب کرلیا ہے۔
وزیراعظم نوازشریف کی نااہلی کے 4 ریفرنسوں کی سماعت پر چیف الیکشن کمشنر نے استفسار کیا کہ یہی کیس سپریم کورٹ میں بھی زیر سماعت ہے، کیوں نہ عدالت کے فیصلے تک سماعت روکی جائے، جس پر وزیراعظم کے وکیل سلمان بٹ نے سماعت روکنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ماضی میں نواز شریف اور بینظیر بھٹو کے کیسز میں سپریم کورٹ میں سماعت کے باعث ہائی کورٹ بھی سماعت روک چکی ہے، پیپلز پارٹی کے لطیف کھوسہ نے موقف اختیار کیا کہ ہم سپریم کورٹ میں فریق نہیں، عدالت نے الیکشن کمیشن کو سماعت سے نہیں روکا، الیکشن کمیشن اللہ اور عوام کے سوا کسی کے ماتحت نہیں ہے، وہی اہلیت کا فیصلہ کرنے والا مناسب فورم ہے۔
حامد خان نے بھی لطیف کھوسہ کے موقف کی تائید کرتے ہوئے کہا کہ سپریم کورٹ میں سماعت کے باوجود الیکشن کمیشن سماعت کا اختیار رکھتا ہے، سپریم کورٹ نے الیکشن کمیشن کو کارروائی روکنے کا حکم نہیں دیا۔
ایمزٹی وی ( تجارت) عالمی منڈی میں گندم کی قیمتوں میں ملاجلا رجحان ریکارڈ کیا گیا۔ گزشتہ روز امریکی مارکیٹ میں گندم کی قیمت میں کمی جبکہ روسی مارکیٹ میں اضافہ دیکھنے میں آیا۔ تفصیلات کے مطابق کاروباری ہفتے کے دوسرے روز امریکی مارکیٹ میں گندم کی قیمت میں کمی کا رجحان رہا۔
شکاگو بورڈ آف ٹریڈ میں دسمبر کے لیے گندم کے سودے چھ سینٹ کمی کے ساتھ چار اعشاریہ صفر آٹھ ڈالر فی بشل، سرخ گندم چار اعشاریہ ایک ایک ڈالر فی بشل اور موسم بہار کی گندم پانچ اعشاریہ دو چار ڈالر فی بشل پر پہنچ چکی ہے۔ دوسری جانب یورپی گندم کے نرخ دو ماہ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئے ہیں۔
یورپی منڈی میں دسمبر کے لیے گندم کی سپلائی ایک سو چونسٹھ اعشاریہ سات پانچ یورو فی ٹن میں طے ہوئے۔ ساڑھے بارہ فیصد پروٹین والی روسی گندم تین ڈالر اضافے کے بعد ایک سو اٹھتر ڈالر فی ٹن فری آن بورڈ پر آگئی۔
ایمز ٹی وی (تجارت) وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار نے پنشنرز کی جانب سے پنشن کے حصول میں مشکلات اور تاخیر کا نوٹس لیتے ہوئے اے جی پی آر کو پنشنرز کی شکایت دور کرنے اور پنشن کی بروقت ادائیگی کو یقینی بنانے کیلئے اقدامات کرنے کی ہدایت کر دی۔
گزشتہ روز وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے پنشنرز کی جانب سے بینکوں کی مختلف برانچوں میں پنشن کے حصول میں تاخیر اور مشکلات کا نوٹس لیتے ہوئے کہا کہ حکومت نے پنشنرز کو براہ راست ان کے بینک اکاؤنٹس میں پنشن کی منتقلی کاسسٹم کیا ہے ۔
انہوں نے اے جی پی آر کو ہدایت کی کہ سسٹم کو جلد از جلد فعال بنانے ،پنشنرز کی شکایات کو دور کرنے اور پنشن کی بروقت ادائیگی کو یقینی بنانے کیلئے اقدامات کیے جائیں۔ وزیر خزانہ نے کہا کہ حکومت بزرگ شہریوں بشمول پنشنرز کی فلاح و بہبود میں اضافے کیلئے پر عزم ہے ۔
ایمز ٹی وی ( تجارت) بلوچستان کی عوام کیلئے خوش خبری ہے کہ دو کمپنیاں صوبے میں پچاس میگا واٹ بجلی کے گیارہ پاور پلانٹس لگائیں گی جن میں چار پلانٹس کوئٹہ میں لگائے جائیں گے جن کی تنصیب سے صوبے میں بجلی کے بحران کا مسلہ حل ہوجائے گا۔
سرکاری حکام کے مطابق کہ انر ٹیک کویت انوسٹمنٹ اتھارٹی کی جانب سے بلوچستان میں 50پچاس میگا واٹ کے دس پاور پلانٹ نصب کئے جائیں گے، جن میں سے 3پاور پلانٹ کوئٹہ میں لگائے جا رہے ہیں، جبکہ نظام انرجی پاکستان کوئٹہ میں 50میگا واٹ کا پاور پلانٹ لگا رہی ہے۔
ان منصوبوں پر تمام سرمایہ کاری یہ دونوں کمپنیاں کریں گی جبکہ صوبائی حکومت معاونت فراہم کرے گی۔ اس ضمن میں وزیراعلیٰ سیکریٹریٹ میں منعقدہ تقریب میں حکومت بلوچستان اور دونوں سرمایہ کار کمپنیوں کے درمیان لیٹر زآف انٹرسٹ پر دستخط کئے گئے۔
انر ٹیک کویت انوسٹمنٹ اتھارٹی کی جانب سے کمپنی کے کنسلٹنٹ یاسر ملک جبکہ صوبائی حکومت کی جانب سے چیئرمین بلوچستان پاور ڈویلپمنٹ بورڈ و ایڈیشنل چیف سیکریٹری منصوبہ بندی و ترقیات محمد داؤد بڑیچونے لیٹرز آف انٹرسٹ پر دستخط کئے۔
ایمزٹی وی(حب)گڈانی شپ بریکنگ یارڈ میں کھڑے جہاز کے آئل ٹینک میں دھماکے کے نتیجے میں جاں بحق افراد کی تعداد 18 ہوگئی جب کہ متعدد افراد زخمی ہیں جن میں سے بیشتر کی حالت تشویشناک ہے۔
گزشتہ روز کراچی کے قریب بلوچستان کی بندرگاہ گڈانی کے شپ بریکنگ یارڈ میں کھڑے جہاز کے آئل ٹینک میں دھماکے کے باعث جاں بحق ہونے والے افراد کی تعداد 18 ہوگئی ہے جب کہ 70 سے زائد افراد زخمی ہیں جن میں سے بیشتر کی حالت تشویشناک ہے۔
ایدھی حکام کا کہنا ہے کہ زخمیوں میں سے 24 افراد بری طرح جھلسے ہوئے ہیں جنہیں سول اسپتال کراچی منتقل کیا گیا ہے اور دیگر زخمیوں کو فوری طور پر حب منتقل کیا گیا۔
دوسری جانب گڈانی شپ بریکنگ یارڈ میں ابھی بھی امدادی کارروائیوں کا سلسلہ جاری ہے اور جہاز میں لگی آگ بجھانے کی بھی بھرپورکوششیں جاری ہیں تاہم آگ کی شدت زیادہ ہونے کے باعث فائربریگیڈ حکام کو کام کرنے میں دشواری کا سامنا ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز گڈانی شپ بریکنگ یارڈ میں کھڑے جہاز کے آئل ٹینکر میں اس وقت دھماکا ہوگیا جب وہاں بڑی تعداد میں لوگ جہاز توڑنے میں مصروف تھے، دھماکا اس قدرشدید تھا کہ اس کی آواز کئی کلو میٹر دور تک سنی گئی، دھماکے کے بعد جہاز میں آگ لگ گئی، جس نے جہاز پر موجود لوگوں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔
ایمز ٹی وی (تجارت) ہنڈرڈ انڈیکس نے 1650 پوائنٹس گرنے میں ہفتہ لگایا اور 1400 پوائنٹس سے واپسی صرف ایک دن میں کردی،سات دن کی کسر ایک دن میں پوری کردی۔
سات دن میں ساڑے 16سو پوائنٹس کی کمی کو ایک ہی دن میں 1400 پوائنٹس اضافے نے پورا کردیا ،عمران خان کے یوم تشکر منانے کے اعلان پر حصص بازار میں زبر دست تیزی رہی۔
وہ سرمایہ کار جو دھرنے کی خبروں پر محتاط ہوکر مارکیٹ سے باہر ہوگئے تھے، نئی خبرملنے پر پھر لوٹ آئے، سات روز میں ہنڈریڈ انڈیکس 1650 پوائنٹس گرا تھا، جسے واپس ہونے میں محض ایک خبر کا انجکشن ہی کافی رہا ۔
معاشی تجزیہ کار محمد سہیل کے مطابق عمران خان کی خبر کے ساتھ پاکستان کی ریٹنگ بہتر ہونے اور پاکستانی معیشت پر اعتماد کی خبر نے حصص بازار کے سرمایہ کاروں کو متحرک کردیا، کاروبار کے اختتام پر ہنڈرڈ انڈیکس 1406 پوائنٹس اضافے سے 41ہزار 300 پوائنٹس کی سطح پر بند ہوا۔
ایمز ٹی وی(مانیٹرنگ ڈیسک) کیا آپ اپنے اینڈرائیڈ اسمارٹ فون کو جادوئی چھڑی کی طرح استعمال کرنا پسند کریں گے؟
اگر ہاں تو گوگل نے واقعی آپ کے اینڈرائیڈ فونز کو کچھ جادوئی خصوصیات سے لیس کردیا ہے بس آپ کو ہیری پوٹر سیریز کے کچھ منتروں کو بولنا ہوگا۔
جی ہاں گوگل نے ایک بلاگ پوسٹ میں اعلان کیا ہے کہ ہیری پوٹر سیریز کے سیکوئل 'فنٹاسٹک بیسٹس اینڈ ویئر ٹو فائنڈ دیم' کے حوالے سے اس نے وارنر برادرز سے اشتراک کرتے ہوئے اینڈرائیڈ صارفین کے لیے ڈیوائسزمیں کچھ جادوئی خصوصیات کا اضافہ کردیا ہے۔
اس کے لیے آپ کو ' اوکے گوگل' کہنے کے بعد ' Lumos ' کے الفاظ دہرانے ہوں گے جس کے بعد فلیش لائٹ آن ہوجائے گی۔
اسے بند کرنے کے لیے ' Nox ' کہنا ہوگا، اسی طرح اوکے گوگل کے بعد ' Silencio ' کہہ کر آپ ڈیوائس کے نوٹیفکیشن کو ٹرن آف کرسکتے ہیں۔
یہ فیچرز فونز پر ایکٹیو کردیئے گئے ہیں اور ان کے لیے کسی قسم کی اَپ ڈیٹ کی ضرورت نہیں۔
ہیری پوٹر فلموں اور کتابوں میں ' Lumos ' کے ذریعے کردار اپنی چھڑیوں کو فلیش لائٹ میں بدل دیتے تھے جبکہ ' Silencio ' کے ذریعے لوگوں کو خاموش کیا جاتا۔
اس سے ہٹ کر گوگل نے اس فلم کے حوالے سے دیگر پراڈکٹس میں بھی فیچرز کو شامل کیا ہے۔
چونکہ یہ فلم 1920 کی دہائی کے نیویارک پر مبنی دکھائی گئی ہے لہذا گوگل اسٹریٹ ویو میں اسے دکھانے کا انتظام کیا گیا ہے جبکہ گوگل ایلو میں 'فنٹاسٹک بیسٹس' اسٹیکر پیک بھی رواں ماہ متعارف کرایا جائے گا۔
یہ فلم رواں ماہ 18 نومبر کو ریلیز کے لیے پیش کی جارہی ہے۔
ایمز ٹی وی (صحت) رحیم یار خان میں محکمہ صحت نے خفیہ اطلاع پر چھاپہ مار کر ایک لیبارٹری سے ناقص خون برآمد کر کے ملزم کو گرفتار کر لیا ہے۔
ای ڈی او صحت رحیم یار خان مخدوم بشارت کے مطابق محکمہ صحت نے اسسٹنٹ کمشنر کے ہمراہ بابر کالونی میں واقع ایک نجی لیبارٹری پر چھاپہ مار کر ناقص اور زائد العمیاد خون کی 35 بوتلیں برآمد کر لی ہیں۔
اس کارروائی کے دوران رنگے ہاتھوں پکڑے جانے والے ملزم کے خلاف تھانہ بی ڈویثرن میں مقدمہ درج کر کے گرفتار کر لیا ہے۔
ایمز ٹی وی(کراچی) کونسل آف پاکستان نیوزپیپر ایڈیٹرز (سی پی این ای ) کے سینئر اراکین پر مشتمل وفد نے سیکریٹری جنرل اعجازالحق کی سربراہی میں پیر کے روز کور کمانڈر کراچی لیفٹیننٹ جنرل نوید مختار سے ملاقات کی، ملاقات کے دوران ملکی مجموعی حالات، بین الاقوامی سرحدوں پر کشیدہ صورتحال بالخصوص صحافیوں کو درپیش سیکیورٹی کے مسائل اور آزادی صحافت پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
سی پی این ای کے وفد نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ملک کے تمام اخبارات و جرائد ملکی سا لمیت پر کسی صورت سمجھوتہ نہیں کریں گے۔
وفد نے آپریشن ضرب عضب میں پاک فوج کی قربانیوں اور کامیابیوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے ملک بھر میں بالخصوص کراچی میں امن و امان کی بحالی کو سراہا۔کور کمانڈر کراچی نے سی پی این ای مدیران کے وفد کو خوش آمدید کہتے ہوئے صحافیوں کو درپیش سیکیورٹی چیلنجز سے نمٹنے کی بھرپور یقین دہانی کراتے ہوئے تمام تفصیلات سے آگاہ کیا۔
انہوں نے ملکی سرحدوں سمیت اندرونی و بیرونی خطرات کا منہ توڑ جواب دینے کا بھی عزم کیا۔ سی پی این ای کے وفد میں اعجازالحق، عامر محمود، وامق زبیری، ڈاکٹر جبار خٹک، اکرام سہگل، قاضی اسد عابد، غلام نبی چانڈیو، ڈاکٹر وقار یوسف عظیمی، سعید خاور، رفیق افغان اور عبدالخالق علی شامل تھے۔