لاہور سمیت پنجاب بھر کے کامرس کالجز میں اساتذہ کے بحران کا سامنا ہے ۔120 کامرس کالجز میں 500 کے قریب اساتذہ کی کمی ہے ۔
محکمہ ہائر ایجوکیشن اساتذہ کی بھرتیوں کے عمل کا آغاز نہ کر سکا۔گزشتہ ڈیڑھ سال سے اساتذہ کی بھرتیاں التوا کا شکار ہیں۔محکمہ ہائر ایجوکیشن نے گزشتہ سال پی پی ایس سی سے بھرتیوں کیلئے درخواست کی تھی۔
بھرتیوں کے اشتہار سے قبل ہی محکمہ ہائر ایجوکیشن نے درخواست واپس لے لی ۔اساتذہ کی کمی کے باعث زیرتعلیم طلبا کی پڑھائی متاثر اورموجودہ اساتذہ پر بھی ذمہ داریوں کا بوجھ ہے ۔
یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی لاہور کی تاریخ میں پہلی بار2سالہ ڈگری پروگرامز کا آغازکر دیا گیا۔
اب طلبا دو سالہ ایسوسی ایٹ ڈگری پروگرامز میں داخلہ لے سکیں گے ۔یو ای ٹی لاہور نے پنجاب کے ڈومیسائل ہولڈر امیدواروں کیلئے سبسڈائزڈ کیٹیگری A-1 میں دو سالہ ایسوسی ایٹ ڈگری پروگرامز کا آغاز کر دیا ہے ۔
آن لائن درخواست فارم پر کرنے اورداخلہ فارم جمع کرانے کی آخری تاریخ 10 فروری ہے ۔
آئی سی سی چیمپئینز ٹرافی کیلئے پاکستان ٹیم کی جرسی کی رونمائی کردی گئی۔
قذافی اسٹیڈیم کے افتتاح کے موقع پر پاکستان کرکٹ بورڈ نے قومی ٹیم کی جرسی کی رونمائی کی، جس میں پوری ٹیم گرین شرٹس پہننے میدان میں اُتری۔
اسٹیڈیم کی افتتاحی تقریب کے موقع پر پاکستان ٹیم جرسی کی رونمائی ہوئی، جس کو دیکھنے کیلئے ہزاروں کی تعداد میں تماشائی حاضر ہوئے اور کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کی۔
فینز کی جانب سے چیمپئینز ٹرافی کٹ کے کلر کو خوب پذیرائی مل رہی ہے، یہ وہی رنگ ہے جو ماضی میں 1999 اور 1992 کی ٹیموں کے کھلاڑیوں نے پہنا تھا۔
سال 1992 میں قومی ٹیم نے ٹائٹل اپنے نام کیا جبکہ 1996 کی ٹیم نے ورلڈکپ کے فائنل تک رسائی حاصل کی تھی، یہ وہ دور تھا جب پاکستان کو وسیم اکرم، وقار یونس، شعیب اختر جیسے اسٹارز ملے تھے، اس 90 کی دہائی کو پاکستان کرکٹ کا عروج بھی تصور کیا جاتا ہے جب گرین شرٹس کو شکست دینا بڑی ٹیوں کو خواب ہوا کرتا تھا۔
سہ ملکی سیریز کے پہلے میچ میں نیوزی لینڈ نے پاکستان کے خلاف 2 وکٹوں کے نقصان پر 39 رنز بنالیے۔
قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے جارہے میچ میں نیوزی لینڈ کا آغاز اچھا نہ رہا، ابتدائی جھٹکا ول ینگ کی صورت میں محض 4 رنز پر ہوا جبکہ اوپنر راچن رویندرا بھی 25 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔
پاکستان کی جانب سے شاہین شاہ آفریدی اور ابرار احمد نے ایک ایک کھلاڑی کو پویلین کی راہ دیکھائی۔
قبل ازیں کیوی ٹیم کے کپتان مچل سینٹنر نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا، انکا کہنا تھا کہ وکٹ بیٹنگ کے لیے سازگار دکھائی دے رہی ہے، کوشش ہوگی میچ میں فتح کیساتھ شروعات کریں۔
اس موقع پر قومی ٹیم کے کپتان محمد رضوان کا کہنا تھا ہم بھی ٹاس جیت کر بیٹنگ ہی کرتے تاہم کوشش ہوگی حریف ٹیم کی جلد وکٹیں لیکر پریشر بڑھائیں۔
پاکستان کا اسکواڈ: کپتان محمد رضوان، فخر زمان، بابر اعظم،کامران غلام، سلمان علی آغا، طیب طاہر، خوشدل شاہ، شاہین آفریدی، نسیم شاہ، حارث رؤف اور ابراراحمد شامل ہیں۔
اداکارہ کبریٰ خان اور اداکار مرزا گوہر رشید کی شادی کی تقریبات کا آغاز ہوگیا۔
کبریٰ خان اور گوہر رشید جلد رشتہ ازدواج میں منسلک ہونے والے ہیں، ان کی شادی کی تقریبات کا آغاز ڈھولکی سے ہوا جس کی تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل ہورہی ہیں۔
تصاویر میں انڈسٹری کے دیگر اداکاروں کو بھی گاتے بجاتے دیکھا جاسکتا ہے۔
واضح رہے کہ کبریٰ خان اور گوہر رشید کی جانب سے اپنی شادی کی تصدیق ایک ویڈیو کے ذریعے کی گئی تھی اور جوڑے کی شادی کا کارڈ بھی منظر عام پر آچکا ہے۔
یہ بھی بتایا جارہا ہے کہ ان کا نکاح رواں ماہ مکہ مکرمہ میں ہوگا جس میں صرف قریبی رشتے دار اور دوست ہی شرکت کریں گے۔
پنجاب تعلیمی بورڈ نے صوبے بھر میں عملی امتحان کے ایگزامینرزکیلئے معاوضہ مختص کردیا۔
میٹرک سالانہ امتحان میں پریکٹیکل لینے والے ایگزامینر کو یومیہ 2500روپے معاوضہ دیا جائے گا۔
انٹرمیڈیٹ میں عملی امتحان کیلئے 35 سو روپے مختص کر دئیے گئے ۔
اس سے قبل ایگزامینر کو سفری الاؤنس ایک ہزار دیا جاتا تھا،عملی امتحان میں پیپر مارکنگ کا بھی الگ سے معاوضہ ادا کیا جاتا تھا۔
فیفا کلب ورلڈ کپ میں پہلی بار پاکستانی پلیئر کی شمولیت یقینی ہوگئی۔
پاکستان سے تعلق رکھنے والے فٹبالر حارث زیب کا نیوزی لینڈ کے کلب "آکلینڈ سٹی" سے معاہدہ ہوگیا۔
آکلینڈ سٹی اس سال ہونے والے فیفا کلب ورلڈ کپ میں حصہ لے گا۔ آکلینڈ سٹی نے اوشیانا چیمپئنز لیگ جیت کر فیفا کلب ورلڈ کپ کیلئے کوالیفائی کیا تھا۔
فیفا کلب ورلڈ کپ میں آکلینڈ کا مقابلہ جرمن کلب بائرن میونخ، ارجنٹائن کے بوکا جونیئر اور پرتگال کے کلب بینفیکا سے مقابلہ ہوگا۔
حارث زیب نے آکلینڈ سٹی کے ساتھ پری سیزن ٹریننگ شروع کردی ہے۔
23 سالہ حارث زیب کو 2023 کے چار ملکی ٹورنامنٹ کیلئے پاکستاں ٹیم میں بلایا گیا تھا۔انجری کی وجہ سے حارث زیب ماریشس میں ہونے والا ایونٹ نہیں کھیل سکے تھے۔
2001 میں نیوزی لینڈ میں پیدا ہونے والے حارث پاکستان اور نیوزی لینڈ کی شہریت رکھتے ہیں۔ پاکستانی شہریت ہونے کی بنیاد پر حارث زیب پاکستان فٹبال ٹیم کی نمائندگی کے اہل ہیں۔
نوجوان فٹبالر پاکستان فٹبال فیڈریشن کو اپنی دستیابی سے پہلے ہی آگاہ کرچکے ہیں۔
آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی میں پاکستان اور بھارت کے درمیان میچ دبئی میں کھیلا جائے گا جس کی ٹکٹوں کی ریکارڈ فروخت ہوئی ہے۔
پاک بھارت میچ دبئی کرکٹ اسٹیڈیم میں 23 فروری کو ہوگا جس کے ٹکٹس 45.6 ملین درہم میں فروخت ہوئے۔
چیمپئنز ٹرافی کے دیگر میچزکے ٹکٹس کی بھی حیران کن فروخت ہوئی ہے اور دبئی میں تمام میچزکےٹکٹ 88.55 ملین درہم میں فروخت ہوچکے ہیں۔
پاک بھارت میچ کی ٹکٹوں کی قیمت 500 درہم سے 12ہزار 500 درہم تک تھی، پاک بھارت میچ کے ٹکٹس کی فروخت پاکستانی روپے میں 3 ارب 40 کروڑ روپے سے زائد بنتی ہے۔
دبئی اسٹیڈیم میں 25 ہزار شائقین کرکٹ کے بیٹھنے کی گنجائش ہے۔
پاکستانی اداکار منیب بٹ نے معاشرے میں طلاق کے بڑھتے رجحان کی مختلف وجوہات بتادیں۔
اداکار منیب بٹ نے ایک پوڈ کاسٹ میں شرکت کی جہاں انہوں نے معاشرے میں طلاق کے بڑھتے تناسب کے حوالے سے گفتگو کی۔
اداکار نے کہا کہ بہت سارے لوگ چاہتے ہیں شادی کرکے علیحدہ گھر میں رہیں، اس کا یہ نقصان ہوتا ہے کہ دونوں میاں بیوی الگ الگ گھر سے ہوتے ہیں تو دونوں کے درمیان مسائل پیدا ہوسکتے ہیں۔
منیب بٹ نے کہا کہ والدین کے ساتھ ہونے سے یہ فائدہ ہوتا ہے کہ اگر میاں بیوی کے درمیان کوئی بات ہو گئی ہے تو والدین سمجھاتے ہیں اور ثالثی کا کردار ادا کرتے ہیں جس سے مسائل حل کی طرف چلے جاتے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ اگر آپ اکیلے رہ رہے ہیں تو دونوں کو سمجھانے والا کوئی نہیں ہے، تو پھر ثالثی کا کردار ادا کرنے والا بھی کوئی نہیں ہوگا، جس سے مسئلہ خراب ہوسکتا ہے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ نے پریکٹس میچوں کیلئے شاہینز کی 3 الگ الگ ٹیمیں بنانے کا پلان بنالیا۔
چیمپئینز ٹرافی میں شریک مہمان ٹیموں کو میگا ایونٹ کے آغاز سے قبل پریکٹس کا موقع دینے کیلئے پاکستان کرکٹ بورڈ شاہینز کے تین الگ الگ اسکواڈ تشکیل دینے کا منصوبہ بنایا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان شاہینز کی ٹیمیں چیمپئینز ٹرافی میں شرکت کرنیوالی ٹیموں کے خلاف میدان میں اُتریں گی، جس کے باعث ڈومیسٹک پلئیرز کو بھی انٹرنیشنل کرکٹرز کیساتھ کھیلنے کا تجربہ ملے گا جبکہ مہمان ٹیم اپنی پریکٹس بھی کرسکے گی۔
بورڈ کے منصوبے کے مطابق پاکستان شاہینز کی ایک ٹیم کراچی، دوسری لاہور اور تیسری دبئی میں پریکٹس میچز کھیلے گی۔
دوسری جانب چیمپئیز ٹرافی میں شریک نیوزی لینڈ اور جنوبی افریقا کی ٹیمیں پاکستان کیخلاف سہ ملکی سیریز میں پریکٹس کا موقع ملے گا، اس سیریز کا آغاز 8 فروری سے پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان میچ سے ہوگا۔
ادھر آئی سی سی چیمپئینز ٹرافی سے قبل پی سی بی قذافی اسٹیڈیم اور نیشنل اسٹیڈیم کی اَپ گریڈیشن کے بعد افتتاحی تقریب منعقد کرے گا۔