جمعہ, 22 نومبر 2024

لاہور: پنجاب میں بڑھتی اسموگ کی وجہ سےکئی شہروں میں اسکول بھی بند کردیے گئے ہیں۔

صوبے میں اسموگ اورفضائی آلودگی میں اضافے کی وجہ سے لاہور، گوجرانوالہ ،فیصل آباد اور ملتان میں ہائرسکینڈری اسکول 17 نومبر تک بند کردیے گئے۔

سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے اسموگ کی شرح میں خطرناک حد تک اضافے کے باعث لاہور سمیت پنجاب کے متاثرہ دیگر اضلاع میں ہائرسکینڈری سطح تک کے سرکاری اور نجی تعلیمی ادارے 17 نومبر تک بند کرنے کا اعلان کیا ہے۔ انہوں نے کہا تعلیمی ادارے بچوں کے لیے آن لائن اسٹڈی کا انتظام کریں گے۔

اسی طرح سرکاری اورنجی دفاتر کا 50 فیصد عملہ ورک فرام ہوم کرے گا جب کہ سرکاری میٹنگز بھی آن لائن ہوں گی۔
پریس کانفرنس کرتے ہوئے مریم اورنگزیب نے کہا کہ پرائمری سطح تک بچوں کو اسکولوں میں چھٹیاں دیں لیکن والدین بچوں کو لے کر شاپنگ مالزاور تفریح گاہوں میں جارہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آج سے ماسک کا استعمال لازمی کردیا گیاہے۔

مریم اورنگزیب نے کہا کہ بھارتی ریاست راجستھان اور دیگر اضلاع سے آنے والی ہواؤں نے ملتان اور گجرانوالہ کو متاثر کیا ہے۔ لاہور میں آج ائرکوالٹی انڈکس ایک ہزار سے اوپر ریکارڈ کیا گیا، آئندہ 10 روز تک اسموگ کی شدت رہے گی۔

سینئر وزیر نے کہا کہ سرکاری اورنجی دفاتر کا 50 فیصد عملہ ورک فرام ہوم کریگا۔ تمام سرکاری میٹنگز اب زوم پر ہوں گی۔ اسموگ کے تدارک کے لیے تمام محکموں کو اہداف دہیے دیے گئے ہیں۔ ادارہ تحفظ ماحولیات کے آفس میں اسموگ وار روم قائم کیا گیا ہے جہاں فضائی آلودگی کو مانیٹر کیا جارہا ہے۔

دوحہ میں ہونیوالی آئی بی ایس ایف ورلڈ اسنوکر چیمپئن شپ پاکستان کے ٹاپ کیوئسٹ محمد آصف نے جیت کر تیسری مرتبہ ورلڈ چیمپئن کا تاج اپنے سر سجالیا۔

42 سالہ کیوئسٹ محمد آصف نےورلڈ اسنوکر چیمپئن شپ میں بطور وائلڈ کارڈ کوالیفائر انٹری لی اور کوالیفائنگ راؤنڈ کو جیتنے کے بعد مین راؤنڈ اور پھر ناک آؤٹ راؤنڈ میں شاندار پرفارمنس کا مظاہرہ کرتے ہوئے ٹائٹل اپنے کیا۔

فائنل میں آصف کا مقابلہ ایران کے پلیئر علی غاراگوزلو سے تھا، بیسٹ آف 9 فریم کے فائنل کا پہلا فریم آصف نے 25-70 کے اسکور سے اپنے نام کیا، دوسرے فریم میں علی نے کم بیک کیا اور 7 کے مقابلے میں 94 پوائنٹس لے کر مقابلہ ایک ۔ ایک سے برابر کیا۔

تیسرا فریم محمد آصف نے 08-62 کے اسکور کے ساتھ جیت کر میچ میں دو ۔ ایک کی برتری لی، چوتھے فریم میں آصف نے حریف کو ایک گیند بھی پوٹ کرنے کا موقع نہ دیا اور 106 کا کلیئرنس بریک کھیل کر اسکور اپنے حق میں تین ۔ ایک کردیا ، یہ اس ٹورنامنٹ میں آصف کا چھٹا سنچری بریک تھا۔

پانچویں فریم میں بھی آصف کا پلہ بھاری رہا جس میں انہوں نے 12 کے مقابلے میں 82 پوائنٹس کے ساتھ کامیابی حاصل کی اور اپنی برتری کو مزید مستحکم کیا، چار ایک کے خسارے کے بعد ایرانی کیوئسٹ نے کچھ مزاحمت دکھائی، چھٹا اور ساتواں فریم جیتا لیکن آٹھویں فریم میں محمد آصف نے 93 کے بریک کے ساتھ مقابلہ اپنے نام کرلیا ۔

یہ محمد آصف کے کیرئیر کا تیسرا انفرادی اور مجموعی طور پر پانچواں ورلڈ ٹائٹل ہے، وہ اس سے قبل 2012 اور 2019 میں بھی انفرادی ورلڈ چیمپئن شپ جیت چکے ہیں۔

2024 کی چیمپئن شپ جیت کر انہوں نے بھارت کے پنکج ایڈوانی کا تین انفرادی ورلڈ ٹائٹل کا ریکارڈ برابر کردیا ، محمد آصف 3 انفرادی ٹائٹل کے علاوہ 2 ٹیم ٹائٹل بھی جیت چکے ہیں اور وہ پاکستان کے کامیاب ترین کیوئسٹ ہیں۔

کراچی: الخدمت آرفن کیئر پروگرام کے تحت رجسٹرڈ میٹرک میں نمایاں نمبروں سے پاس ہونے والے ’’باہمت طلبہ وطالبات ‘‘میں ایوارڈز اور اسنادتقسیم کردی گئیں ۔

الخدمت کے مرکزی دفتر میںگزشتہ روز’’ ہائی اچیور ایورڈ ‘‘کے عنوان سے خصوصی تقریب منعقد ہوئی ۔مختلف کلیسٹرز سے تعلق رکھنے والے طلبہ وطالبات میں ایوارڈز اوراسناد تقسیم کی گئیں ،جنہوں نے میٹرک امتحانات میں نمایاں نمبروں سے کامیابی حاصل کی ہے ۔

الخدمت کی جانب سے میٹرک میں سب سے زیادہ نمبر حاصل کرنے والے پہلے 3بچوں میں کیش ایوارڈز تقسیم کیے گئے ۔

اس موقع پرایگزیکٹو ڈائریکٹر راشدقریشی، ڈائریکٹر آرفن کیئر پروگرام یوسف محی الدین نے اظہار خیال کیا ،اس وقع پر سینئر منیجر ریسورس موبلائزیشن عنایت اللہ اسماعیل، سینئر منیجر ایچ آر فرید احمد بھی موجود تھے۔

تقریب میں بچوں ان کی ماؤں اور ان کے سرپرستوں نے شرکت کی۔

اسلا م آباد: وفاقی سیکرٹری تعلیم محی الدین وانی کی زیرصدارت بین الصوبائی تعلیم کااجلاس منعقد ہوا۔

اجلاس میں ملک بھر کے تعلیمی بورڈز کیلئے تعلیمی کیلنڈر منظور کیاگیا۔

اس حوالے سےوفاقی وزارت تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت نے کہا ملک بھر میں نئے تعلیمی کیلنڈر کے تحت تمام تعلیمی بورڈز اپنے سالانہ امتحان مارچ میں منعقد کریں گے اور نتائج جولائی کے آخر تک جاری ہوں گے

جس سے طلبہ کو کالج اور یونیورسٹی میں بروقت داخلہ حاصل کرنے میں مدد ملے گی۔ یہ فیصلہ ملک بھر میں تعلیمی اداروں کیلئے نیا اور زیادہ موثر نظام قائم کر نے کیلئے کیا گیا۔

وفاقی سیکرٹری تعلیم محی الدین وانی کی زیرصدارت اجلاس میں بین الصوبائی تعلیمی سیکرٹریز کی کمیٹی کے اراکین نے بھی شرکت کی اور ملک بھر کے تعلیمی بورڈز کیلئے تعلیمی کیلنڈر منظور کیا۔

اس فیصلے کا مقصد امتحانات اور داخلہ کی تاریخوں میں ہم آہنگی لاتے ہوئے طلبہ کو داخلہ کے عمل میں درپیش مشکلات کم کرنا ہے۔

 

لاہور: غیر رجسٹرڈ اسکولوں اور اکیڈمیوں کو سیل کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا۔

ایجوکیشن اتھارٹی لاہور نے ڈی ای اوز، ڈپٹی ڈی ای اوز اور اے ای اوز کی سربراہی میں کمیٹیاں تشکیل دے دیں۔تحصیل لیول پر ڈپٹی ڈی ای اوز پرائیویٹ اکیڈمیوں اور اسکولوں کی مانیٹرنگ کریں گے ۔

مرکز لیول پر اے ای اوز 4 ہزار سے کم فیس والے پرائیویٹ سکولز و اکیڈمیز کا ڈیٹا چیک کریں گے ۔غیر رجسٹرڈ اداروں کو فوری اسکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ سے رجسٹرڈ کر ایا جائے گا۔رجسٹریشن نہ کر انے والے اداروں کو سیل کردیا جائے گا۔

مانیٹرنگ ٹیمیں فیس سٹرکچر، بلڈنگ فٹنس،رجسٹریشن کا جائزہ لیں گی۔سی سی ٹی وی کیمرے ، سکیورٹی اور 8 فٹ اونچی دیواروں کو بھی چیک کیا جائے گا۔

لاہور بورڈ آف ایجوکیشن نے میٹرک اور انٹرمیڈیٹ کے داخلہ فارم جمع کرانے کے حوالے سے نئی ہدایات جاری کردیں۔

بورڈ حکام کی جاری کردہ نئی ہدایت کے مطابق امیدواروں کو اپنی تازہ تصاویر چسپاں کرناہوگی پرانی یا غیر مطابقتی تصاویر چسپاں کرنے والے امیدواروں کا داخلہ فارم قبول نہیں کیا جائے گا۔

بورڈ کی جانب سے تمام تعلیمی اداروں کو مراسلہ جاری کردیا گیا ہے جس کے مطابق قواعد و ضوابط کا اطلاق تمام پبلک اور پرائیویٹ سکولوں پر یکساں طور پر ہوگا۔

بورڈ حکام کے مطابق پرانی تصاویر چسپاں کرنے سے جعلی امیدواروں کی شناخت میں مشکلات پیش آتی ہیں اور اس سے امتحانی سنٹرز میں طلبا کی پہچان میں دشواری ہوتی ہے ۔ تازہ تصاویر سے امتحانی سنٹرز میں طلبا کی پہچان کرنا آسان ہے ۔

کراچی کی سڑکوں پر دندناتے واٹر ٹینکرز اور ڈمپرز شہر میں موت بانٹنے لگے۔

ذرائع کے مطابق شہر قائد میں واٹر ٹینکرز اور ڈمپر کی ٹکر سے پولیس اہلکار سمیت 4 افراد جاں بحق ہوگئے۔

کورنگی نمبر 6 میں واٹرٹینکر کی ٹکر سے 6 سال کی بچی جاں بحق ہوگئی اور کورنگی سنگر چورنگی پربھی واٹرٹینکر نے ایک شخص کی جان لے لی۔

نارتھ کراچی 2 منٹ چورنگی پر واٹر ٹینکر کی ٹکر سے پولیس اہلکار جاں بحق ہوا جب کہ پورٹ قاسم پر ڈمپر کی ٹکر سے ایک شخص جان سے گیا۔

کورنگی نمبر 6 اور سنگر چورنگی کے قریب ہونے والے حادثات کے بعد پولیس نے واٹر ٹینکرز کو قبضے میں لےلیا تاہم ڈرائیور فرار ہوگئے۔

پولیس کے مطابق پورٹ قاسم پر ہونے والے حادثے میں ڈمپر ڈرائیور موقع سے فرار ہوگیا جب کہ ڈمپر کو تحویل میں لے لیا گیا ہے۔

آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی سے قبل قذافی اسٹیڈیم کی اپ گریڈیشن کا کام تیزی سے جاری ہے اپ گریڈیشن کا کام 50 فیصد مکمل کر لیا گیا ہے۔

تعمیراتی کام کے ساتھ ساتھ اب قذافی اسٹیڈیم کے فلڈ لائٹس ٹاورز کی لائٹس اتارنے کا کام بھی ہو رہا ہے۔ 6 ٹاورز میں سے تین کی لائٹس اتارنے کا کام مکمل کر لیا گیا اور تین ٹاور کی لائٹس اتارنے کا کام جاری ہے۔

ٹاورز پر اب جدید ایل ای ڈی لائٹس لگائی جائیں گی اور نئی لائٹس بھی جلد لگانے کا کام مکمل کرنے کا پلان تیار کیا گیا ہے۔

قذافی اسٹیڈیم میں دو جدید اسکرینیں بھی نصب کی جائیں گی۔ قذافی اسٹیڈیم کی مرکزی بلڈنگ کا کام بھی تکمیل کی جانب گامزن ہے۔
قذافی اسٹیڈیم کی اپ گریڈیشن مکمل کرنے کیلئے ڈیڈ لائن 31 دسمبر 2024 ہے۔

اسلام آباد: بجلی کی قیمتوں میں اضافے کی ایک اور درخواست نیپرا میں جمع کروادی گئی جس سے صارفین پر اربوں روپے کا بوجھ پڑے گا۔

میڈیاذرائع کے مطابق بجلی تقسیم کار کمپنیوں نے بجلی کی قیمتوں میں اضافے کے لیے درخواست نیپرا میں جمع کروا دی جس سے بجلی صارفین پر 8 ارب 71کروڑ روپے کا بوجھ پڑے گا۔

کمپنیوں کی جانب سے درخواست رواں مالی سال کی پہلی سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کی مد میں جمع کرائی گئی ہے جس پر سماعت 20 نومبر کو ہوگی۔

نیپرا دستاویز کے مطابق کیپیسٹی چارجز کی مد میں 8 ارب 6 کروڑ روپے، آپریشنز اینڈ میٹیننس کی مد میں ایک ارب 25 کروڑ روپے مانگے گئے ہیں جب کہ سسٹم چارجز اور مارکیٹ آپریشنز فیس مد میں ایک ارب 65 کروڑ روپے کی درخواست ہے۔

دستاویزات میں بتایا گیا ہے کہ بجلی ترسیلی و تقسیمی نقصانات کی مد میں سوا دو ارب روپے کی بچت ہوئی۔

حکام کے مطابق نیپرا کی جانب سے درخواست منظوری کی صورت میں اطلاق کے الیکٹرک صارفین پر بھی ہوگا۔

امریکا میں ہونے والے صدارتی الیکشن میں سینیٹ میں ری پبلکنز نے اکثریت حاصل کر لی۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق امریکی سینیٹ میں ری پبلکنز کی اکثریت حاصل کرنے میں اوہائیو اور مغربی ورجینیا نے اہم کردار ادا کیا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق مغربی ورجینیا میں ری پبلکنز گورنر جم جسٹس کا مقابلہ ڈیموکریٹ امیدوار گلین ایلیٹ سے تھا تاہم ووٹنگ کا عمل ختم ہونے کے بعد جلد ہی جم جسٹس کی فتح کا اعلان ہو گیا جو ایوان بالا میں ری پبلکنز کی برتری کی پہلی امید بنا۔

امریکی صدارتی الیکشن میں ری پبلکنز نے 100 رکنی ایوان میں 51 نشستوں کے ساتھ برتری حاصل کر لی ہے جبکہ 43 نشستوں پر ڈیموکریٹ نے کامیابی حاصل کی ہے۔

آج کے الیکشن سے قبل ڈیموکریٹس کو سینیٹ میں 49 کے مقابلے میں 51 ووٹوں سے برتری حاصل تھی تاہم اب سینیٹ میں ری پبلکنز کی برتری 51 ہو گئی ہے اور اس تعداد میں اضافہ بھی ہو سکتا ہے۔

Page 10 of 3028