جمعہ, 22 نومبر 2024

لاہور: وفاقی حکومت نےآئی سی سی چیمپیئنز ٹرافی 2025 میں بھارت کی عدم شرکت پر پاکستان کرکٹ بورڈ کو کسی دوسری ٹیم کو مدعو کرنے کی تجویز دی ہے۔

میڈیا ذرائع کے مطابق پی سی بی حکام نے حکومتی ایڈوائس پر قانونی مشاورت مکمل کرلی جس کے بعد پی سی بی نے آئی سی سی کو خط لکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔

حکومت نے پی سی بی کو پیغام دیا ہے کہ بھارت کے انکار کی صورت میں سری لنکا یا ویسٹ انڈیز کو بلانے کے لیے کام کیا جائے۔

ذرائع کے مطابق وفاقی حکومت نے پی سی بی کو بھارت کے متعلق پالیسی پر گائیڈ لائنز سے آگاہ کر دیا ہے جس کی روشنی میں آئی سی سی سے بھارتی انکار کی وضاحت مانگی جائے گی۔

آئی سی سی نے پی سی بی کے نام ای میل میں بھارتی ٹیم کے انکار پر مؤقف اختیار کیا تھا کہ بی سی سی آئی نے زبانی طورپر آگاہ کیا ہے۔

حکومتی ذرائع کے مطابق پاکستان بھارت ٹاکرا پاکستان کے بغیر نہیں ہوسکتا ہے، بھارت کے ساتھ پاکستان کی بھی اتنی ہی اہمیت ہے۔

حکومتی حکام نے پی سی بی کو ہدایت کی ہے کہ اس مسئلے پر دوسرے بورڈز کو بھی اعتماد میں لیا جائے کہ پاکستان نے ہمیشہ مثبت رویہ اور طرز عمل اپنایا ہے لہٰذا اب بھارت کے پاس اخلاقی اور قانونی طور پر پاکستان نہ آکر کھیلنے کی گنجائش نہیں رہتی۔

پاکستان کرکٹ بورڈ نے آئی سی سی چیمپینز ٹرافی کے لیے بی سی سی آئی کے فیصلے پر سخت مؤقف اپناتے ہوئے مائنس انڈیا فارمولے پر غور شروع کر دیا۔

پاکستان کرکٹ بورڈ نے بھارت کے خلاف سخت مؤقف اپنانے کے لیے ابتدائی مؤقف میں 1996 اور 2003 ورلڈ کپ کی مثال پیش کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

1996 میں آسٹریلیا اور ویسٹ انڈیز نے سری لنکا میں کھیلنے سے انکار کیا تھا جبکہ 2003 میں نیوزی لینڈ نے کینیا اور انگلینڈ نے زمبابوے میں کھیلنے سے انکار کیا تھا۔ آئی سی سی نے انکار کرنے والی ٹیموں کے میچز میں حریف ٹیموں کو پوائنٹس دے دیے تھے۔

ذرائع کے مطابق پی سی بی کا آئی سی سی میں یہ مؤقف ہوگا کہ ماضی میں ٹیموں کے نہ آنے پر وینیو تبدیل نہیں کیا گیا، ان مثالوں کی بنیاد پر پاکستان ایک سخت مؤقف اپنائے گا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان اس بنیاد پر مائنس انڈیا چیمپئنز ٹرافی کی تجویز بھی دے سکتا ہے، بھارت کی جانب سے چیمپئنز ٹرافی پر اب تک کوئی بات تحریری طور پر نہیں کی گئی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ آئی سی سی میں اس بات پر زور دے گا کہ بھارت تمام مؤقف تحریری طور پر پیش کرے۔

اس سے قبل یہ خبر بھی سامنے آئی تھی کہ پاکستان اگلے ایک دو روز میں حکومتی گائیڈ لائنز کی روشنی میں آئی سی سی کو خط لکھے گا جس کے لیے بورڈ نے قانونی مشاورت بھی مکمل کر لی ہے

پاکستان سے ون ڈے سیریز میں شرمناک شکست پر سابق آسٹریلوی کپتان سمیت دیگرکھلاڑی اپنی ٹیم پر برس پڑے۔

آسٹریلوی ٹیم کے سابق کپتان مائیکل کلارک نے ٹیسٹ کھلاڑیوں کو تیسرے میچ کے لیے آرام دینے پر سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ اسمتھ، کمنز ، اسٹارک لبو شین اور ہیزل ووڈ کو تیسرے میچ میں کیوں آرام دیا گیا ؟

مائیکل کلارک کا کہنا تھا کہ 22 نومبر سے بھارت کے خلاف ہونے والے ٹیسٹ کے لیے ان کھلاڑیوں کو آرام دے دیا گیا، ٹیسٹ وکٹ کیپر ایلیکس کیری ڈومیسٹک ون ڈے کپ کھیل رہے ہیں، مجھے لگتا ہے کہ کرکٹ آسٹریلیا کو ہارنے کی پرواہ نہیں ہے۔

سابق کپتان نے مزید کہا کہ آسٹریلیا نے پہلے دو میچز جیتے ہوتے تو آرام دینے کی سمجھ آتی ہے، جب سیریز فیصلہ کن میچ پر پہنچی ہوئی آپ نے بڑے کھلاڑیوں کو آرام کرادیا۔

دوسری جانب سابق آسٹریلوی کھلاڑی برینڈن جیولین نے کہا کہ شکست شر مناک ہے، شیڈول ایشو رہا ہے ، فیصلہ کن میچ سے قبل 5 کھلاڑیوں کو بٹھایا نہیں جاتا۔

اس کے علاوہ سابق آسٹریلوی کرکٹر اور کوچ مائیک ہسی کا کہنا تھا کہ ایسا کہیں نہیں ہوتا کہ اہم میچ سے قبل 5کھلاڑیوں کو باہر بٹھا دیں، تینو ں میچز میں آسٹریلوی بیٹنگ ایکسپوز ہوئی ہے۔

لاہور: پنجاب کے چار اضلاع میں آج سے مارکیٹس رات 8 بجے بندکرنےکافیصلہ کرلیا گیا ہے۔

ڈی جی ماحولیات عمران حامد شیخ نے نوٹیفیکشن جاری کردیا جس کے مطابق لاہور فیصل آباد، گوجرانوالہ اور ملتان میں آج سے مارکیٹس رات 8 بجے بند ہوں گی۔

چاروں ڈویژنز میں آوٹ ڈور فیسٹیولز، کنسرٹس پر بھی پابندی لگادی گئی۔ نوٹیفیکشن میں کہا گیا کہ تمام شاپنگ مالز، دوکانیں، ریسٹورینٹس جلدی بند کیے جائیں گے، ریسٹورینٹس کی آوٹ ڈور ڈائننگ پر بھی پابندی عائد ہوگی۔

فارمیسز، میڈیکل اسٹورز، لیبارٹریز اور بیکریوں کو اس پابندی سے استثنی حاصل ہوگا۔ بڑے ڈیپارٹمنٹل اسٹورز اپنے گروسری کے شعبے کھول سکیں گے۔

فیصلے کا اطلاق 11 نومبر سے 17 نومبر تک رہے گا۔ ڈی جی محکمہ ماحولیات کا کہنا ہے اسموگ سے متاثرہ مریضوں کی تعداد بڑھنے کے پیش نظر یہ فیصلہ کیا گیا۔

لاہور:پاکستان کرکٹ ٹیم آسٹریلیا کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریزکے لئےآج پرتھ سے برسبین روانہ ہوگی

ٹی ٹوئنٹی سیریز کے لیے اسکواڈ میں شامل کھلاڑی بھی پاکستان سے برسبین پہنچ چکے ہیں جن میں عثمان خان، عمیر بن یوسف، صاحبزادہ فرحان، سفیان مقیم، عباس آفریدی اور جہانداد خان شامل ہیں۔

دوسری جانب ون ڈے اسکواڈ کے چھ کھلاڑی آج رات پرتھ سے پاکستان روانہ ہوں گے۔

پاکستان جانے والے کھلاڑیوں میں عبداللہ شفیق، صائم ایوب، کامران غلام، عامر جمال، فیصل اکرام اور محمد حسنین شامل ہیں۔

واضح رہےدونوں ٹیموں کےدرمیان پہلا ٹی ٹوئنٹی 14 نومبر کو برسبین میں ہوگا ۔

ایلون مسک کی دولت لگ بھگ 3 سال بعد 300 ارب ڈالرز سے تجاوز کرگئی ہے

بلومبرگ کی رپورٹ کے مطابق امریکی صدارتی انتخابات میں ڈونلڈ ٹرمپ کی کامیابی کے بعد سے ایلون مسک کی دولت میں بہت تیزی سے زیادہ اضافہ ہوا ہے۔۔ان کی دولت میں یہ اضافہ ٹیسلا کے حصص کی قیمتوں میں اضافے سے ہوا۔

منگل سے اب تک ٹیسلا کے حصص کی قیمتوں میں 28 فیصد اضافہ ہوا ہے اور ایلون مسک کی دولت 50 ارب ڈالرز اضافے سے 313.7 ارب ڈالرز تک پہنچ گئی ہے۔امریکا کے نئے منتخب ہونے والے صدر ڈونلڈ ٹرمپ پہلے ہی ایسے اقدامات کا عندیہ دے چکے ہیں جن سے ایلون مسک کی کمپنیوں کو فائدہ ہو سکتا ہے۔

ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک موقع پر کہا تھا کہ وہ ان منصوبوں پر نظرثانی کریں گے جن کے باعث الیکٹرک گاڑیوں کو روایتی گاڑیوں کی جگہ دینے کا عمل سست رفتار ہو رہا ہے۔ٹیسلا الیکٹرک گاڑیاں تیار کرنے والی دنیا کی سب سے بڑی کمپنی ہے۔

ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے اسپیس ایکس کو سپورٹ کرنے کے بارے میں بھی بات کی گئی ہے اور اس کمپنی سے ایلون مسک کی دولت میں 82 ارب ڈالرز اضافہ ہوا ہے۔

اسی طرح نومنتخب امریکی صدر ایلون مسک کو اپنی انتظامیہ میں جگہ بھی دینا چاہتے ہیں۔
53 سالہ ایلون مسک دنیا کے ابھی تک واحد شخص ہیں جن کی دولت 300 ارب ڈالرز کے ہندسے کو چھو چکی ہے۔

ایسا پہلے 2021 میں ہوا تھا اور اس وقت وہ 340 ارب ڈالرز کے مالک بن گئے تھے مگر بعد میں اس میں کمی آئی۔

واضح رہے کہ ایلون مسک ٹیسلا کے 21 فیصد حصص کے مالک ہیں اور ان کی مجموعی دولت کا 68 فیصد حصہ بھی اسی کمپنی کے حصص سے منسلک ہے۔

کراچی: جامعہ کراچی نےڈاکٹر آف فارمیسی (مارننگ و ایوننگ پروگرام)،بی ایس اوربی ای کے داخلہ فارم جمع کرانے کی تاریخ میں ایک دن کی توسیع کردی۔

انچارج ڈائریکٹوریٹ آف ایڈمیشنز جامعہ کراچی ڈاکٹر صائمہ اختر کے مطابق ڈاکٹر آف فارمیسی (مارننگ و ایوننگ پروگرام)،بی ایس،بی ایڈ(آنرز)اور بی ای چارسالہ پروگرام داخلے برائے سال 2025 ء میں داخلوں کے لئے آن لائن داخلہ فارم جمع کرانے کی تاریخ میں ایک دن کی توسیع کردی گئی ہے۔

خواہشمند طلبہ آن لائن داخلہ فارم 11 نومبر2024 ء کو صبح 9:00 تاشام 5:00 بجے تک جمع کراسکتے ہیں۔

واضح رہے کہ داخلہ فارم جمع کرانے کی تاریخ میں مزید توسیع نہیں کی جائے گی۔ڈاکٹر آف فارمیسی (مارننگ و ایوننگ پروگرام)،بی ایس،بی ایڈ(آنرز)اور بی ای چارسالہ پروگرام کے امیدواروں کے ایڈمٹ کارڈ 13 نومبر2024 ء کو اُن کے پورٹل پر اَپ لوڈ کردیئے جائیں گے جس پر امتحانی مرکز کا نام اور رپورٹنگ کا وقت درج ہوگا۔ داخلہ ٹیسٹ اتوار17 نومبر 2024 ء کو ہوگا۔

علاوہ ازیں طلبہ کی سہولت کے لئے ڈائریکٹوریٹ آف ایڈمیشنز کا سلورجوبلی گیٹ پر واقع ہیلپ کاؤنٹر صبح 9:00 بجے تاشام5:00 بجے تک کھلارہے گا جس میں طلبہ کو آن لائن داخلہ فارم پُرکرنے کی سہولت بھی فراہم کی جائے گی۔طلبہ تمام معلومات بمعہ آن لائن داخلہ فارم اور پراسپیکٹس کے حصول کے لئے ویب سائٹ پررابطہ کرسکتے ہیں،جہاں تمام معلومات موجودہیں

کراچی: جامعہ کراچی میں داخلے برائے سال 2025 ء کے لئے شعبہ ویژول اسٹڈیزکا داخلہ ٹیسٹ منعقد کیا گیا۔

جامعہ کراچی کے شعبہ ویژول اسٹڈیز کا داخلہ ٹیسٹ اتوار10 نومبر2024 ء کوصبح 11:00 بجے جامعہ کراچی کے کلیہ فنون وسماجی علوم جامعہ کراچی کے شعبہ معاشیات اورشعبہ تاریخ میں منعقدہوا۔

شعبہ ویژول اسٹڈیز کی 140 نشستوں پرداخلے کے لئے 407داخلہ فارم جمع کرائے گئے، جبکہ386طلبا وطالبات نے شرکت کی۔

انچارج ڈائریکٹوریٹ آف ایڈمیشنزجامعہ کراچی ڈاکٹر صائمہ اختر اورانچارج شعبہ ویژول اسٹڈیز سید شمعون حیدر نے امتحانی مراکز کی مانیٹرنگ کا فریضہ انجام دیا۔رئیس کلیہ فنون وسماجی علوم جامعہ کراچی پروفیسرڈاکٹر شائستہ تبسم نے انچارج ڈائریکٹوریٹ آف ایڈمیشنزجامعہ کراچی ڈاکٹر صائمہ اختر،جامعہ کراچی کے میڈیکل آفیسرڈاکٹرمحمد حسان اوج اور کیمپس سیکیورٹی ایڈوائزرڈاکٹر سلمان زبیر کے ہمراہ امتحانی مراکز کا دورہ کیا۔

ڈاکٹر صائمہ اختر کے مطابق داخلہ ٹیسٹ میں شرکت کرنے والے امیدواروں اور ان کے والدین کی رہنمائی (واچ اینڈوارڈ) کے عملے کو داخلی راستوں اور فیکلٹی کے اطراف تعینات کیا گیا تھا جبکہ میڈیکل افسراور ان کا طبی عملہ بمعہ ایمبولینس موجود تھا

ڈیلاس: اسٹیج ڈرامہ بکرا قسطوں پر کے معروف ہدایت کار سید فرقان حیدر امریکی ریاست ٹیکساس کے شہر ڈیلاس میں علالت کے باعث انتقال کرگئے۔

سید فرقان حیدر کافی عرصے سے گردوں کے عارضے میں مبتلا تھے ۔ وہ ٹی وی فنکار ابراہیم نفیس کے بھائی بھی تھے۔

وہ امریکا میں بھی پیشہ ورانہ سرگرمیوں میں مصروف تھے اور ان دنوں وقت امریکا میں ان کا اسٹیج ڈرامہ دولہا آن لائن پیش کیا جارہا ہے۔

فرقان حیدر نے 50سال سے زائد شوبز کی دنیا کو دیے اور اپنے کیریئر میں 250 سے زائد اسٹیج ڈرامے پروڈیوس کیے۔ ان کی نماز جنازہ اتوار آج ڈیلاس میں ادا کی جائے گی اور تدفین مسلم قبرستان میں ہوگی۔

پاکستان نے آسٹریلیا کو22سال بعد تیسرے ون ڈے میں 8 وکٹوں سے شکست دیکر سیریز 1-2 سے جیت لی۔

قومی ٹیم کے کپتان محمد رضوان نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔

پرتھ میں کھیلے جارہے میچ میںپاکستانی بالرز نے جارحانہ بالنگ کرتے ہوئے آسٹریلوی ٹیم کو 31.5 اوورز میں 140 رنز بناکر آل آؤٹ کردیا اوپنرز نے جارحانہ کھیل پیش کرنے کی کوشش کی تاہم 20 کے مجموعی اسکور پر جیک فریزر میک گرک 7 رنز بناکر نسیم شاہ کا شکار بنے، آرون ہارڈی 12 اور کپتان جوش انگلس 7، مارکس اسٹوئنس 8، ایڈم زمپا 13 گلین میکسویل صفر پر پویلین لوٹے۔ اوپنر میٹ شارٹ 22 رنز کی مزاحمتی اننگز کھیل سکے۔

میچ کے دوران ہاتھ پر گیند لگنے کے سبب کوپر کونولی 7 رنز بناکر ریٹائرڈ ہرٹ ہوئے اور دوبارہ بیٹنگ کیلئے نہ آسکے، کینگروز کیلئے 8ویں وکٹ کی شراکت میں 22 رنز کی پارٹنرشپ قائم ہوئی تاہم شان ایبٹ 22 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔

پاکستان کی جانب سے نسیم شاہ اور شاہین شاہ آفریدی نے 3، 3 حارث رؤف نے 2 جبکہ محمد حسنین نے ایک وکٹ حاصل کی۔

ہدف کے تعاقب میں قومی ٹیم کے اوپنرز صائم ایوب اور عبداللہ شفیق نے پہلی وکٹ کیلئے 84 رنز کی پارٹنرشپ قائم کی، تاہم، عبداللہ 37 اور صائم ایوب 42 رنز بناکر آؤٹ ہوئے جبکہ بابراعظم 28 اور محمد رضوان 30 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔

آسٹریلیا کی جانب سے پاکستان کی دونوں وکٹیں لانس مورس نے حاصل کیں، انکے علاوہ کوئی بھی بالر وکٹ حاصل کرنے میں کامیاب نہ ہوسکا۔

قبل ازیں

اس موقع پر آسٹریلوی کپتان جوش انگلس نے کہا کہ میچ میں فتح یقینی بناکر سیریز اپنے نام کریں گے، پلئینگ الیون میں5 تبدیلیاں کی گئی ہیں۔ ان میں کوپر کونولی، مارکس اسٹوئنس، لانس مورس، شان ایبٹ اور اسپینسر جانسن شامل ہیں۔

پاکستان کا اسکواڈ:
کپتان محمد رضوان، صائم ایوب، عبداللہ شفیق، بابراعظم، کامران غلام، سلمان آغا، عرفان خان، شاہین شاہ آفریدی، نسیم شاہ، حارث رؤف اور محمد حسنین

آسٹریلیا کا اسکواڈ؛
کپتان جوش انگلس، میٹ شارٹ، جیک فریزر میک گرک، آرون ہارڈی، کوپر کونولی، مارکس اسٹوئنس، گلین میکسویل، شان ایبٹ، ایڈم زمپا، اسپینسر جانسن اور لانس مورس

Page 8 of 3028