سوشل میڈیا پلیٹ فارمز میں آرٹی فیشل انٹیلی جنس (اے آئی) فیچرز کو شامل کرنے کے لیے کافی کام جاری ہے۔
ایک نئی رپورٹ میں بتایا گیا کہ انسٹا گرام میں ایک نیا فیچر متعارف کرایا جا رہا ہے جس سے صارفین اپنی پروفائل فوٹو اے آئی ٹیکنالوجی کی مدد سے تیار کرسکیں گے۔
ایک ڈویلپر Alessandro Paluzzi نے اس نئے فیچر کے بارے میں بتایا۔
انہیں اس فیچر کا علم اس وقت ہوا جب وہ انسٹا گرام پر اپنی پروفائل فوٹو تبدیل کر رہے تھے۔
اس فیچر کو Create an AI profile picture کا نام دیا گیا ہے اور ڈویلپر کی جانب سے ایکس (ٹوئٹر) پر اس کا اسکرین شاٹ بھی شیئر کیا گیا۔
انہوں نے بتایا کہ انسٹا گرام کی جانب سے اے آئی پروفائل پکچر کی تیاری میں مدد فراہم کرنے والے فیچر پر کام کیا جار ہا ہے۔اس بارے میں زیادہ تفصیلات تو موجود نہیں مگر ممکنہ طور پر یہ فیچر میٹا کے لاما اے آئی ماڈل پر مبنی ہوگا۔
ابھی انسٹا گرام میں صارفین ڈیوائس سے کسی تصویر کو اپ لوڈ کرکے پروفائل فوٹو کے طور پر استعمال کرتے ہیں۔مگر اس نئے اے آئی فیچر سے صارفین کو زیادہ تفصیلی اور تخلیقی پروفائل فوٹو تیار کرنے میں مدد ملے گی۔
واضح رہے کہ ابھی کمپنی کی جانب سے اس فیچر کی تردید یا تصدیق نہیں کی گئی تو یہ کہنا مشکل ہے کہ اسے کب تک متعارف کرایا جاسکتا ہے۔
پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان پہلا ٹی ٹوئنٹی میچ آج برسبین میں کھیلا جارہا ہے جہاں آسٹریلیا نے پاکستان کو جیت کے لیے 94 رنز کا ہدف دیا ہے۔
بارش کے باعث دونوں ٹیموں کے درمیان فی اننگز 7 اوورزکا کھیل ہورہا ہے، پاکستان نے ٹاس جیت کر بولنگ کا فیصلہ کیا تھا۔
آسٹریلیا کی جانب سے گلین میکسویل 19 گیندوں پر 43 رنز کی شاندار اننگز کھیل کے آؤٹ ہوئے، ان کی اننگز میں 5 چوکے اور 3 چھکے شامل ہیں۔
اس کے علاوہ میتھیو شارٹ 7 ، جیک فریسر اور ٹم ڈیوڈ 9،9 رنز بناکر پویلین لوٹے۔آسٹریلیا نے مقررہ سات اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 93 رنز بنائے۔
پاکستان کی جانب سے حارث رؤف اور نسیم شاہ نے ایک ایک جب کہ عباس آفریدی نے دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا ہے۔
پاکستان کی جانب سے حسیب اللہ اور سلمان علی آغا آسٹریلیا کے خلاف ٹی ٹوئنٹی ڈیبیو کریں گے۔
اسلام آباد: علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی اپنی گولڈن جوبلی تقریبات کے سلسلے میں سندھ چیپٹر کا کانووکیشن 17نومبر کو کراچی میں منعقد کرےگی۔
جس میں سندھ کے مختلف تعلیمی اداروں کے سربراہان، سکولز کالجز اور جامعات کے اساتذہ، ملک کے نامور صحافی، سیاسی و سماجی شخصیات شرکت کریں گے۔وفاقی وزیر تعلیم، خالد مقبول صدیقی اور وائس چانسلر، پروفیسر ڈاکٹر ناصر محمود سمسٹر خزاں 2004تا بہار 2022کے دوران گریجویٹ ہونے والے طلبہ میں گولڈ میڈلز اور ڈگریاں تقسیم کریں گے۔تقریب میں طلبہ کے ساتھ اُن کے والدین بھی شرکت کریں گے۔
وائس چانسلر، پروفیسر ڈاکٹر ناصر محمود نے 2024ء کو گولڈن جوبلی کا سال قرار دیا تھا اور یہ فیصلہ کیا تھا کہ سال بھر تقریبات منعقد کی جائیں گی جس کا آغاز کانوکیشن سے کیا جائے گا، اس حوالے سے طلبہ کی آسانی کے لئے انہوں نے کانوکیشن کو چیپٹر وائز منعقد کرانے کی ہدایات دی تھی، اسلام آباد چیپٹر کا کانووکیشن 31جنوری کو منعقد ہوا، 28اپریل کو پنجاب چیپٹر کا، 9جون کو خیبر پختونخواہ، 8ستمبر کو بلوچستان چیٹر کا کانووکیشن منعقد کیا گیااور 17نومبر کو سندھ چیپٹر کا کانووکیشن منعقد کیا جارہا ہے۔
دنیا کے آلودہ ترین شہروں کی فہرست میں لاہور آج بھی پہلے نمبر پر رہا۔
ماحولیات کی عالمی ویب سائٹ کے مطابق فضائی آلودگی کےلحاظ سےلاہور آج پہلے، دہلی دوسرے اور ڈھاکا تیسرے نمبر پر ہے۔
آلودہ ترین شہروں میں لاہورکا ائیر کوالٹی انڈیکس 1591 ریکارڈ کیا گیا جب کہ دہلی کی ہوا میں آلودگی کا تناسب 493 اور ڈھاکا میں 190 پرٹیکیولیٹ میٹرز ریکارڈ کیا گیا۔
اے کیو آئی کے مطابق لاہور کے فدا حسین روڈ پر اے کیو آئی 1491 ریکارڈ کیا گیا۔
تعلیمی اداروں کی بندش اور نجی اداروں میں 50 فیصد آن لائن کام بھی لاہور کو تاحال اسموگ کے جال سے نہ نکال سکا تاہم محکمہ موسمیات نے پنجاب میں اسموگ سے پریشان شہریوں کو بارش کی خوشخبری سنادی ہے۔
دوسری جانب پنجاب میں شدید دھند اور اسموگ کا راج برقرار ہونے کے باعث حد نگاہ کم ہونے پر کئی مقامات سے موٹرویز کو ہر قسم کی ٹریفک کیلئے بند کردیا۔
لاہور: پاکستان کرکٹ بورنے ٹی 10 لیگ کیلئے 8 کھلاڑیوں کو این او سی جاری کر دیے۔
پی سی بی کی جانب سے جن کھلاڑیوں کو این او سی جاری کیے گئے ہیں ان میں عماد وسیم، محمد عامر اور عثمان طارق شامل ہیں۔
اس کے علاوہ سلمان ارشاد، افتخار احمد اور آصف علی کو بھی این او سی جاری کیا گیا ہے۔
کرکٹ بورڈ نے حسان خان کو گلوبل سپر لیگ، آئی ایل ٹی ٹوئنٹی اور بگ بیش لیگ کے لیے این او سی جاری کیا ہے جبکہ اسامہ میر کو بھی بگ بیش کے لیے این او سی جاری کیا گیا ہے۔
پاکستان اورآسٹریلیا کے درمیان پہلا ٹی ٹوئنٹی میچ آج برسبین میں کھیلا جائے گا لیکن ہلکی بارش کے سبب ٹاس تاخیر کا شکار ہوگیا۔
پاکستانی وقت کے مطابق میچ دوپہر ایک بجے شروع ہونا ہے لیکن تاحال ٹاس نہ ہوسکا جب کہ پچ کو کور سے ڈھانپ دیا ہے۔
رضوان کا اس میچ کے حوالے سے کہنا تھا کہ تیاری اچھی ہے، فائنل الیون سے متعلق وہی فیصلہ کریں گے جو بہتر ہوگا۔دوسری جانب آسٹریلیا کو مچل اسٹارک، جوش ہیزل ووڈ، مستقل کپتان مچل مارش اور اوپنر ٹریوس ہیڈ کی خدمات حاصل نہیں ہوں گی، جوش انگلس سیریز میں آسٹریلیا کی قیادت کریں گے۔
اس فارمیٹ میں دونوں ٹیمیں آخری بار مارچ 2022 میں لاہور میں آمنے سامنے آئی تھیں جس میں آسٹریلیا نے کامیابی حاصل کی تھی۔
واضح رہے کہ دورہ آسٹریلیا میں ون ڈے سیریز جیتنے والی پاکستان ٹیم کے پاس ٹی ٹوئنٹی سیریز جیت کر مزہ ڈبل کرنے کا سنہری موقع ہے۔
قومی ٹیم کے فاسٹ بولر محمد عامر نے بھی چیمپئینز ٹرافی کیلئے بھارتی ٹیم کو پاکستان بھیجنے سے انکار پر تنقید کے نشتر چلادیے۔
اپنے یوٹیوب چینل پر گفتگو کرتے ہوئے فاسٹ بولر محمد عامر نے بھارتی مؤقف پر سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ یہ کرکٹ کا نقصان ہے، اور ایسا نہیں ہونا چاہیے تھا۔ آپ ایک ٹیم کی وجہ سے دوسری ٹیموں کو تکلیف نہیں پہنچا سکتے۔ بہتر ہوگا کہ ہندوستان کو ٹورنامنٹ سے باہر رکھا جائے اور ان کی جگہ کسی اور ٹیم کو شامل کیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ دیگر ٹیمیں یہاں مقابلہ کرنے کیلئے تیار ہوں تو اسکے باوجود بھارت کا پاکستان میں کھیلنے سے انکار کرنا عجیب سی بات ہے۔محمد عامر نے کہا کہ پاکستانی قوم کرکٹ سے محبت کرنے والی قوم ہے، بھارت کا ایسا فیصلہ یقینی طور پر شائقین کرکٹ کیلئے نہایتی مایوس کُن ہے، جسکا جواز بھی پیدا نہیں ہوتا۔ انہوں نے خبردار کیا کہ بھارت کا انکار پاکستان میں کرکٹ بحالی کیلئے نقصان دہ ہوسکتا ہے جس کا اثر کرکٹ کے کھیل پر پڑے گا۔
پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں زبردست تیزی کےرجحان کے نتیجے میں انڈیکس 94 ہزار پوائنٹس کی نفسیاتی سطح عبور کرگیا۔
کاروباری ہفتے کے پہلے ہی روز بازارِ حصص میں 463 پوائنٹس کی تیزی کے ساتھ مارکیٹ کا آغاز ہوا تو کے ایس ای 100 انڈیکس بڑھ کر 93755 پوائنٹس کی سطح پر آ گیا۔
بعد ازاں سرمایہ کاروں کے اعتماد کی وجہ سے مارکیٹ میں تیزی کا سلسلہ مزید بڑھا اور پی ایس ایکس میں 729 پوائنٹس کی تیزی کے ساتھ 94 ہزار کی سطح عبور ہو گئی اور کے ایس ای 100 انڈیکس بڑھ کر 94020 پوائنٹس کی سطح پر آ گیا۔
واضح رہے کہ گزشتہ ہفتے بھی بازارِ حصص میں ریکارڈ تیزی دیکھی گئی تھی اور کاروباری ہفتے کے آخری دن بھی انڈیکس 93 ہزار پوائنٹس کی نئی بلند ترین سطح پر بند ہوا تھا، جس کے اثرات رواں کاروباری ہفتے کے آغاز پر بھی مثبت نظر آ رہے ہیں۔
Quacquarelli Symonds (QS) نے اپنی آفیشل ویب سائٹ پر ورلڈ یونیورسٹی رینکنگ: ایشیا 2025 شائع کی ہے
کیو ایس ورلڈ یونیورسٹی رینکنگ کے ایشیا ریجن میں کل 70 پاکستانی یونیورسٹیز شامل ہیں۔
رینکنگ میں شامل ایشیا بھر کی 984 یونیورسٹیوں میں سے 70 کا تعلق پاکستان سے ہے، ان میں سے 2 نے ایشیا کی ٹاپ 100 یونیورسٹیوں میں جگہ حاصل کی ہے۔
درجہ بندی کا تعین کئی کلیدی پیرامیٹرز میں یونیورسٹیوں کی کارکردگی سے کیا جاتا ہے، بشمول بین الاقوامی فیکلٹی، پی ایچ ڈی کے ساتھ عملہ، فیکلٹی-سٹوڈنٹ ریشو، ان باؤنڈ ایکسچینج، اکیڈمک ریپوٹیشن، فی پیپر حوالہ جات، پیپرز فی فیکلٹی، انٹرنیشنل ریسرچ نیٹ ورک، انٹرنیشنل اسٹوڈنٹس، آؤٹ باؤنڈ ایکسچینج وغیرہ شامل ہیں۔
انسٹی ٹیوٹ آف بزنس ایڈمنسٹریشن (IBA) سکھر نےایم ڈی کیٹ ٹیسٹ ری شیڈول کرنے کی سفارش کردی۔
محکمہ صحت سندھ کو سفارش کی ہے کہ میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج داخلہ ٹیسٹ (MDCAT) یکم دسمبر کو شیڈول کیا جائے۔
صوبائی ایڈووکیٹ جنرل کے توسط سے محکمہ صحت نے سندھ ہائی کورٹ میں ایک رپورٹ جمع کرائی ہے جس میں آئی بی اے سکھر کے ساتھ اپنے معاہدے اور ٹیسٹ کے لیے توسیع شدہ آخری تاریخ کا خاکہ پیش کیا گیا ہے۔
پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل (پی ایم ڈی سی) نے اپنے کنٹرولر امتحانات امداد خشک کو ایم ڈی سی اے ٹی کا فوکل پرسن مقرر کیا ہے جبکہ محکمہ صحت نے ڈپٹی سیکریٹری صحت زوہیب حسن شیخ کو اس کردار کے لیے نامزد کیا ہے۔
آئی بی اے سکھر نے بھی پی ایم ڈی سی کو خط لکھا ہے، جس میں فارمیٹ میں تبدیلی کی درخواست کی گئی ہے کہ متعدد انتخابی سوالات (MCQs) میں پانچ کے بجائے چار آپشنز شامل کیے جائیں، جو ان کے معیاری نقطہ نظر کے مطابق ہیں۔ ڈاؤ یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز کے زیر اہتمام MDCAT میں اور دیگر صوبوں میں امیدواروں کو فی MCQ پانچ آپشنز فراہم کیے گئے ہیں۔ اس کے برعکس، IBA سکھر عام طور پر مختلف امتحانات کے لیے MCQs میں چار اختیارات فراہم کرتا ہے۔