بدھ, 27 نومبر 2024

پشاور : وزیرتعلیم خیبر پختونخواہ شاہرام خان ترکئی کااساتذہ کےعالمی دن پرپیغام جاری کردیا۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئیٹرپر انہوں نے کہا کہ اساتذہ کےعالمی دن پرمیں اپنے تمام اساتذہ کے ساتھ اپنے دل کی بات شیئرکرنا چاہتا ہوں۔

انہوں نے مزید کہا کہ میں آپ سب کے مقدس مقصد کو خراج تحسین پیش کرنا چاہتا ہوں اصل لگام آپ کے ہاتھ میں ہے، آپ قوم بنانے والے ہیں آپ ہمت ، کامیابی اور طاقت کا مظہر ہیں

برلن: کامیڈی کنگ عمرشریف کی نماز جنازہ ادا کردی گئی ہے۔

ذرائع کے مطابق جرمنی کے شہر نیورمبرگ میں عمر شریف کی جنازہ نماز ادا کردی گئی، نماز جنازہ میں پاکستانی سفارتی عملے کے علاوہ جرمنی بھر سے آنے والے پاکستانیوں نے شرکت کی۔

عمرشریف کے بیٹے کے مطابق ان کے والد کی میت منگل یا بدھ کوکراچی لائی جائے گی تاہم ابھی اس بات کا تعین نہیں کیا گیا کہ میت کوچارٹرڈ فلائٹ یا پھرعام پروازکے ذریعے وطن واپس لایا جائے گا۔

نماز جنازہ کی ادائیگی سے قبل عمرشریف کی میت ورثا کے حوالے کی گئی۔ عمرشریف کا ڈیتھ سرٹیفکیٹ جاری کئے جانے کے بعد میت کو مقامی مسجد منتقل کیا گیا۔

واضح رہے کہ عمرشریف کی میت گلشن اقبال، کے ڈی اے نزد صدیق اکبرمسجد والے گھرسے اٹھائی جائے گی، جب کہ نمازجنازہ عمرشریف پارک کلفٹن میں ادا کی جائے گی۔

 

کراچی: جناح سندھ میڈیکل یونیورسٹی نے بلوچستان سے آنے والے پبلک ہیلتھ کےطلباءکےاعزازمیں استقبالیہ دیا۔

یہ طلباء یو ایس ایڈ کے تعاون سے ایپنا انسٹیٹیوٹ آف پبلک ہیلتھ کے ماسٹرز ان پبلک ہیلتھ پروگرام کے لیے منتخب کیے گئے ہیں۔

صوبائی وزیر برائے جامعات اور بورڈز اسماعیل راہو نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے یو ایس ایڈ کی مدد سے اس خصوصی پروگرام کے شرکاء طلبہ وطالبات کو خوش آمدید کہا اور پبلک ہیلتھ کے حوالے سے ان کی تربیت کو ملک میں صحت کے شعبے میں ایک اہم قدم قرار دیا۔

امریکی قونصل جنرل مارک سٹرو نے کہا کہ کرونا وبا کے دور میں پبلک ہیلتھ اور باہمی تعاون کی ضرورت دوچند ہو گئی ہے، مجھے پاکستانی پبلک ہیلتھ ماہرین کے ساتھ ان کے ادارے کی وابستگی پر فخر ہے۔

جے ایس ایم یو کےوائس چانسلر پروفیسر شاہد رسول نے تمام مہمانوں کو خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ یہ پروگرام بین الصوبائی تعاون کی بہترین مثال ہے۔

ایپنا انسٹیٹیوٹ آف پبلک ہیلتھ کی سربراہ پروفیسر لبنیٰ انصاری بیگ نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ مشترکہ پروجیکٹس کے ذریعے پبلک ہیلتھ کے شعبے میں ملکی ماہرین کی استعداد بڑھانا ان کے ادارے کے مشن کا حصہ ہے۔

تقریب سے بلوچستان کے پرائمری اور سیکنڈری ہیلتھ کئیر ڈپارٹمنٹ سیکرٹری عزیز احمد جمالی، جان سنو انکارپوریٹڈ سے بابر تسنیم شیخ، ویمن یونیورسٹی سکھر کی وائس چانسلر پروفیسر ثمرین حسین نے بھی خطاب کیا۔تقریب کی نظامت پروگرام ڈائریکٹر زعیمہ احمر نے کی۔

لاہور: قذافی اسٹیڈیم میں نیشنل ٹی ٹوئنٹی کے ہونے والے میچز کے لیے تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں۔

کرکٹ بورڈ کے شیڈول کے مطابق 6 اکتوبر کو قذافی اسٹیڈیم میں سینٹرل پنجاب اور سندھ کی ٹیمیں پہلے میچ میںآمنے سامنے ہونگی، دوسرا میچ ناردرن اور بلوچستان کی ٹیموں کے درمیان ہوگا۔

بلوچستان اورسندھ او کی ٹیموں نےگزشتہ روز صوبائی دارالحکومت میں ڈیرے ڈال لیے تھے دوسری ٹیموں کی آج آمد شیڈول ہے۔

نیشنل ٹی 20 میں اب تک تمام ٹیمیں 6،6 میچز کھیل چکی ہیں، پوائنٹس ٹبیل پر اس وقت سندھ کی ٹیمیں آٹھ پوائنٹس کے ساتھ پہلے نمبر پر ہے، خیبر پختوانخوا نے بھی آٹھ پوائنٹس حاصل کررکھے ہیں، تیسرے نمبر پر موجود سینٹرل پنجاب کی ٹیم کے پوائنٹس کی تعداد بھی آٹھ ہے۔ ناردرن کے مجموعی پوائنٹس بھی آٹھ ہیں۔ بلوچستان کی ٹیم چار پوائنٹس کے ساتھ پانچویں پوزیشن پر موجود ہے، سدرن پنجاب کی ٹیم اب تک کسی میچ میں کامیابی حاصل نہیں کرسکی، اس کا کوئی پوائنٹ نہیں۔

پی سی بی ترجمان کےمطابق آج کوئی پریکٹس شیڈول نہیں، منگل سے ٹیمیں پریکٹس کریں گی۔ بیٹنگ کے لیے ساز گار پچز تیار کی گئی ہیں، نشتر پارک اسپورٹس کمپلیکس کے راستوں پر لائٹس بھی لگا دی گئی ہیں۔ سیکیورٹی کے حوالے سے بھی تمام ضروری اقدامات کو حتمی شکل دے دی گئی ہے۔ دس ہزار کے قریب اہلکار قذافی اسٹیڈیم اور اس کے ارد گرد کے علاقے میں ڈیوٹی پر مامور ہوں گے۔

کراچی: سر سید یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی کے سینٹر فار گائیڈنس، کیریئر پلاننگ اینڈپلیسمنٹ کے زیرِ اہتمام لیڈر شپ ڈیولپمنٹ اور نیشن بلڈنگ کے موضوع پر ایک سیشن کا اہتمام کیا گیا جس میں سری لنکا میں تعینات پاکستان کے سابق سفیرمیجر جنرل (ر) محمد سعد خٹک نے زیرِگفتگو موضوع پر اپنے خیالات کا اظہار کیا ۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے میجر جنرل (ر) محمد سعد خٹک نے کہا کہ پاکستان ایک نظریاتی ملک ہے مگر ہم بعض وجوہات کی بناء پر اپنی اقدار اور ترجیحات سے روگردانی کر رہے ہیں ۔ تقدیر پر سے ہمارا اعتماد اٹھ گیا ہے ۔

انھوں نے کہا کہ آدمی کو وہی کام کرنا چاہئے جو وہ ٹھیک طریقے سے کرسکتا ہے ۔ ہر کام ہر آدمی نہیں کرسکتا ۔ ہماری لیڈشپ نے نوجوانوں کو بہت مایوس اور نا امید کیا ہے ۔ وہ اپنے مستقبل کے بارے میں غیریقینی کا شکار ہیں ۔ ہمارا قومی المیہ یہ ہے کہ ہم تعلیم پر تو توجہ دیتے ہیں مگر تربیت کو نظرانداز کردیتے ہیں جو کہ انتہائی اہم ہے ۔ یہی وجہ ہے کہ اچھی لیڈر شپ کا فقدان ہے ۔ ہم نے دنیا ہی کو اپنا سب کچھ سمجھ لیا ہے اور ہماری خواہشات بہت زیادہ ہو گئی ہیں ۔ شخصیت سازی کہاں سے ہوگی ۔

سرسیدیونیورسٹی کے وائس چانسلرپروفیسر ڈاکٹر ولی الدین نے کہاکہ ایسے وقت جب برصغیر کے مسلمان سخت مایوسی کی شکار تھے اوربہت ابتر حالت میں تھے، ترقی کے تمام دروازے ان پر بندہوچکے تھے، ایسے میں سرسید احمد خان نے ایک ایسے ادارے کی بنیاد رکھی جہاں مسلمانوں کو تعلیم اور تربیت دونوں ملیں ۔

علیگڑھ مسلم یونیورسٹی کے طلباء نے برصغیرکی کی تاریخ بدل دی اور قیام پاکستان کا سبب بنے ۔سرسیدیونیورسٹی کے رجسٹرار سرفراز علی نے مہمان مقرر کا تعارف پیش کرتے ہوئے کہا کہ میجر جنرل (ر) محمد سعد خٹک نے پینتیس سال تک ملک کے اندر اوربیرونِ ملک مختلف نوعیت کی خدمات انجام دیں ۔

بلوچستان، خیبر پختونخواہ، فاٹا اور اسلام آباد راولپنڈی میں سینئر عہدوں پرفائز رہے ۔ فرنچ آرمی جونیئراسٹاف کورس، ڈیفنس انٹیلیجنس ڈائریکٹر کورس، برطانیہ، کمانڈ اینڈ اسٹاف کالج کوئٹہ اور نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی اسلام آباد سے فارغ التحصیل ہیں ۔ میڈیا میں سیکوریٹی کے ماہر کی حیثیت سے شریک ہوتے ہیں۔

لاہور: ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ 2021میں پاکستان اور بھارت کےدرمیان میچ کےتمام ٹکٹ چند گھنٹوں میں فروخت ہوگئے۔

رواں ماہ ٹی 20 ورلڈ کپ میں روایتی حریف پاکستان اور بھارت کے درمیان ہونے والے میچ کے ٹکٹ آن لائن فروخت کئے گئے، ویب سائٹ پر خریداری کے لیے ونڈو کھلتے ہی ہزاروں کی تعداد میں شائقین ٹکٹ کے حصول کے لیے کوشاں تھے۔

گزشتہ رات 1500 درہم کے پریمیئم اور2600 درہم کے پلاٹینم ٹکٹ ہی باقی رہ گئے تھے تاہم آج صبح تک یہ بھی ختم ہوگئے، شائقین کی بڑی تعداد سوشل میڈیا پربلیک میں ٹکٹ حاصل کرنے کے لیے کوشاں نظر آتی ہے۔

واضح رہے کہ ورلڈ کپ میں پاکستان اور بھارت کا میچ 24 اکتوبر کو کھیلا جائے گا۔

چیئرمین سندھ ہائر ایجوکیشن کمیشن ڈاکٹر عاصم حسین نے کہا ہے کہ میڈیکل کالجوں میں داخلے اورٹیسٹ خالصتا صوبائی معاملہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایم ڈی کیٹ داخلہ ٹیسٹ مذاق بن گیا ہے ہر طرف احتجاج ہی احتجاج چل رہا ہے جب تک پی ایم ڈی سی جمہوری طرز پر چلتی رہی معاملات ٹھیک رہے جہاں اس کو پہلے غیرجمہوری کیا اور پھر پی ایم ڈی سی ختم کرکے پی ایم سی قائم ہوئی تباہی کا آغاز ہوگیا

ڈاکٹر عاصم نے کہا کہ جب تک پی ایم سی میں اسٹیک ہولڈرز کو شامل نہیں کیا جاتا اور پی ایم ڈی سی کو بحال کرکے جمہوریت بحال نہیں کی جاتی اس وقت تک مسائل جنم لیتے رہیں گے۔

میڈیکل کالجوں میں داخلے اورٹیسٹ خالصتا صوبائی معاملہ ہے، ایچ ای سی اور اسٹیک ہولڈرز کے تعاون سے مسئلے کو حل کیا جائے، انہوں نے کہا کہ ہم نے صوبائی پی ایم ڈی سی کا مسودہ تیار کرکے وزیر صحت کے پاس بھیجا ہوا ہے اگر یہ منظور ہوجائے تو داخلوں اور ٹیسٹ کا مسئلہ ہی نہ ہو۔

اسلام آباد: وفاقی تعلیمی بورڈنے میٹرک پارٹ ٹوکےنتائج کااعلان کردیا۔

فیڈرل بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سکینڈری ایجوکیشن کے تحت میٹرک سال دوم کے سالانہ امتحانات 2021 کے نتائج کااعلان ہوگیا ہے۔

نتائج بورڈکی آفیشل ویب سائٹ پراپلوڈ کردی گئی جہاں طلبا و طالبات اپنے نتائج دیکھ سکتے ہیں

جبکہ بذریعے ایس ایم ایس اپنے نتائج جاننے کے لئےfb (space) اپنا رول نمبرلکھ کر5050 پرسینڈ کریں

 

گوادر میں سی پیک کے تحت پہلے پاکستان چین ٹیکنیکل ووکیشنل انسٹیٹیوٹ کاافتتاح کردیا گیا۔

پاکستان میں چین کے سفیر نونگ رونگ نے ویڈیو لنک کے ذریعے افتتاحی تقریب میں شرکت کی اور کہا کہ انسٹی ٹیوٹ صرف 20 ماہ میں 10 ملین روپے کی لاگت سے مکمل کیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ انسٹی ٹیوٹ پاک چین دوستی کے 70 سال کی علامت ہے ، جدید مشینری سے لیس ہے جو کہ بلوچستان اور خاص طور پر گوادر کے نوجوانوں کو علم اور تکنیکی مہارت فراہم کرتا ہے۔سفیر نے مزید کہا کہ طالب علموں کو انسٹی ٹیوٹ میں تربیت کے دوران وظائف اور مفت رہائش دی جائے گی۔

چائنا اوورسیز پورٹ ہولڈنگ کمپنی کے چیئرمین ژانگ باؤشینگ نے کہا کہ انسٹی ٹیوٹ خطے کی ترقی میں اہم کردار ادا کرے گا۔انہوں نے کہا کہ تکنیکی ادارے صنعتی ترقی میں اہم کردار ادا کرتے ہیں اور تربیت یافتہ نوجوانوں کو گوادر پورٹ ، فری زون انڈسٹری اور سی پیک کے دیگر منصوبوں میں روزگار کے سنہری مواقع میسر ہوں گے۔

تقریب میں جنرل آفیسر کمانڈنگ 44 ڈیو میجر جنرل عنایت حسین نے شرکت کی۔ پاک بحریہ کے ریئر ایڈمرل جواد احمد چینی کمپنی کوپاک کے چیئرمین ژانگ باؤسنگ گوادر پورٹ اتھارٹی کے چیئرمین نصیر خان کاشانی ،کمانڈنگ آفیسر 440 بریگیڈ بریگیڈیئر فہد منصور کیانی، گوادر کے اسسٹنٹ کمشنر راجہ اطہر عباس اور پاک چین اسکول کے طلباء اور اساتذہ بھی شریک تھے

لاہور: پاکستان کرکٹ ٹیم کے اسکواڈ کا اعلان کردیا گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق دورہ سری لنکا کے لیے پاکستان کرکٹ ٹیم کے اسکواڈ کا اعلان کردیا گیا ہے، قومی ٹیم 21 اکتوبر کو سری لنکا روانہ ہوگی، دورے میں 2 چار روزہ اور 3 ون ڈے میچز شامل ہیں۔

قومی کرکٹ ٹیم کے 19 رکنی اسکواڈ کی قیادت سعود شکیل کریں گے، دیگر کھلاڑیوں میں عبداللہ شفیق، حیدر علی، ابرار احمد، عباس آفریدی اور احمد صفی عبداللہ، عاکف جاوید، ارشد اقبال، عرفان اللہ شاہ، کامران غلام، خرم شہزاد، محمد حارث، نسیم شاہ، عمیر بن یوسف، قاسم اکرم اور سلمان علی آغا، سلمان خان، عثمان صلاح الدین اور زاہد محمود بھی اعلان کردہ اسکواڈ کا حصہ ہیں۔

ٹیم کے ہیڈ کوچ و منیجر اعجاز احمد، اسسٹنٹ کوچ راؤ افتخاراور فیلڈنگ کوچ کے لئے محتشم رشید کو مقرر کیا گیا ہے۔