ایمز ٹی وی (ملتان) سینٹرل جیل ملتان میں قتل کے الزام میں قید نوجوان نے اپنی محبوبہ سے ملاقات کی فرمائش کرتے ہوئے جیل سر پر اٹھالیا اور خود سوزی کے لئے بلند ٹینکی پر چڑھ گیا دلچسپ بات یہ ہے کہ اس کی محبوبہ بھی وومن جیل ملتان میں قید ہے۔
تفصیلات کے مطابق بلوچستان کے ضلع بارکھان کا رہائشی غلام محمد جیل میں شناختی پریڈ کے دوران موقع کا فائدہ اٹھا کر پانی کی ٹنکی پر چڑھ گیا اور محبوبہ کے سے ملنے کی فرمائش کر ڈالی مجرم کا کہنا تھا کہ مطالبہ پورا نہ ہونے کی صورت میں وہ اپنی جان دے دےگا۔
غلام محمد اور اس کی محبوبہ کو پولیس نے قتل کے الزام میں گرفتار کیا تھا جہاں محبوبہ سے جدائی برداشت نہ کرنے پر نوجوان خودسوزی کے لئے جیل کی عمارت پر ٹینکی پرچڑھ گیا۔
ایمز ٹی وی (اسلام آباد)اسلام آباد کے ڈی چوک پر دھرنے کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئےچیرمین تحریک انصاف عمران خان کا کہنا ہےکہ الیکشن میں دھاندلی کی تحقیقات نوازشریف کے نہیں سپریم کورٹ کے ماتحت قبول کریں گے جسے ایک ماہ میں مکمل کرایا جائے اور جسٹس(ر) ناصر اسلم زاہد جیسے لوگ اس کی سربراہی کریں اگر دھاندلی ثابت نہ ہوئی تو دھرنا ختم کردیں گے۔انھوں نے کہا کہ آج ملک میں پیٹرول کی قیمتیں اسی دھرنے کی بدولت کم ہوئی ہیں لیکن حکومت اب بجلی اورگیس مہنگی کرنے کی تیاری کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ شریف برادران اور اسحاق ڈار سب سے بڑے ٹیکس چور ہیں، اسحاق ڈار کے آنے سے بجلی کی چوری 18 فیصد تک ہوگئی ہے، حکمرانوں کا اپنا پیسہ باہر پڑا ہے جبکہ نریندر مودی نے بھارتیوں کا پیسہ سوئٹزرلینڈ سے واپس مانگ لیا ہے، آج ملک میں ہر ایک کو نیا صوبہ چاہئے لیکن صوبے بننے سے کچھ ٹھیک نہیں ہوگا کیونکہ نئے صوبے مسائل کا حل نہیں اور مسائل صرف انصاف سے ہی حل ہوں گے، آج ملک میں ہر سال چار لاکھ بچے گندا پانی پینے سے مررہے ہیں، تھرپارکر میں لوگ بھوکے مررہے ہیں لیکن وزیراعلیٰ سندھ کو کچھ بھی پتا نہیں ہے،چیرمین تحریک انصاف کا کہنا تھا کہ نوازشریف کے ہوتے ہوئے ہمیں انصاف نہیں مل سکتا اس لیے کوئی غلط فہمی میں نہ رہے کہ دھرنا ختم ہوجائے گا۔
ایمز ٹی وی (اسلام آباد) اسلام آباد میں ہائی سیکیورٹی زون کے قیام کے آرڈیننس کا مسودہ تیار کرلیا گیا ہے، مسودے میں ریڈزون میں دھرنوں اور احتجاج پر پابندی کی سفارش کی گئی ہے اور خلاف ورزی پر دس سال قید کی سزا تجویز کر دی گئی ہے ۔مسودے کے مطابق کسی عمارت کو نقصان پہنچانے، ڈنڈا لانے یا چار سے زیادہ افراد کے اجتماع پر پابندی ہوگی، مسودے کے مطابق پارلیمنٹ ہاﺅس، وزیراعظم ہاﺅس اور آفس، ایوان صدر، سپریم کورٹ، وفاقی شرعی عدالت، ڈپلومیٹک انکلیو، ایف بی آر، ڈی چوک اور پریڈ ایونیو ہائی سیکیورٹی زون کا حصہ ہوں گے۔چیف کمشنر کسی بھی علاقے کو ہائی سیکیورٹی زون قرار دینے کے مجاز ہوں گے، مسودے کے مطابق کسی کو بھی ہائی سیکیورٹی زون میں احتجاج، بچوں اور خواتین کو شیلڈ بنا کر دھرنے کی اجازت نہیں ہوگی اور غیر متعلقہ شخص سیکیورٹی زون میں داخل نہیں ہو سکے گا۔
ایمز ٹی وی(اسلام آباد) بھارت سے مذاکرات چاہتا ہے لیکن اس کے لیے کسی طرح کی شرائط قبول نہیں کی جائیں گی، مذاکرات کسی ایک ملک کا دوسرے پر احسان نہیں، بلکہ خطے کے امن کے لیے ضروری ہیں تاکہ جنوبی ایشیا عوامی فلاح و بہبود اور اقتصادی ترقی پر توجہ دے سکے۔ وزارت خارجہ کی ترجمان تسنیم اسلم
پاکستانی وزارت خارجہ کی ترجمان کی طرف سے یہ بیان ایسے وقت سامنے آیا جب بھارت کے وزیر دفاع ارون جیٹلی نے اپنے حالیہ بیان میں کہا تھا کہ پاکستان کو اس بات کا تعین کرنا چاہیئے کہ وہ بھارت سے مذاکرات چاہتا ہے یا کہ علیحدگی پسند کشمیری رہنماؤں سے۔
واضح رہے کہ بھارت نے اگست میں پاکستان کے ساتھ خارجہ سیکرٹری سطح کے مذاکرات منسوخ کر دیئے تھے اور اس کی وجہ بات چیت سے قبل دہلی میں کشمیری علیحدگی پسند رہنماؤں سے پاکستانی ہائی کمشنر کی ملاقات بتائی گئی تھی۔
پاکستانی سیکرٹری خارجہ، اعزاز احمد چوہدری کی اپنی بھارتی ہم منصب سوجاتھا سنگھ سے 25 اگست کو اسلام آباد میں ملاقات طے تھی اور اس کا مقصد دونوں ہمسایہ ملکوں کے درمیان مذاکراتی عمل کو آگے بڑھانا، تعلقات میں بہتری اور تعاون کو وسعت دینا تھا۔
لیکن بھارت نے اسے منسوخ کر دیا تھا۔ واضح رہے کہ نومبر 2008ء میں ممبئی میں شدت پسندوں کے حملوں کے بعد نئی دہلی نے اسلام آباد سے جامع مذاکرات معطل کر دیے تھے۔
حالیہ دنوں میں دونوں ملکوں کے درمیان بات چیت تو شروع ہوئی، لیکن اس کا دائرہٴ اختیار محدود رکھا گیا۔ پاکستان اور بھارت کے درمیان سرحدی کشیدگی کے معاملے پر تناؤ میں اضافہ ہوا ہے۔
ایمز ٹی وی فارن ڈیسک کائنات کے پس منظر سے آنے والی روشنی پر کی جانے والی ایک نئی تحقیق میں معلوم ہوا ہے
گرد و غبار اور کہکشاؤں سے آنے والی روشنیوں سے ہونے والی مداخلت کو نفی کر دینے کے بعد دیکھا گیا کہ باقی ماندہ روشنی کے اندر ہلکی ہلکی لہریں پائی جاتی ہیں۔
سائنس دانوں نے جریدے ’سائنس‘ میں شائع ہونے والے ایک مضمون میں خیال ظاہر کیا ہے کہ یہ روشنی ان تنہا ستاروں سے آ رہی ہے جو کہکشاؤں کے تصادموں کے دوران کہکشاؤں سے خارج ہو گئے تھے۔
امریکی خلائی ادارے ناسا کی جیٹ پروپلشن لیبارٹری کے پروفیسر جیمی بوک اس تحقیق کے مصنفین میں سے ایک ہیں۔ وہ کہتے ہیں کہ کہکشاؤں کے باہر سے آنے والی روشنی ایک قسم کی ’کائناتی دمک‘ ہے۔
اس سے قبل روشنی کی پیمائشوں سے معلوم ہوا تھا کہ آسمان میں اس سے زیادہ روشنی ہے جس کی توجہ کہکشاؤں سے آنے والی روشنی سے کی جا سکتی ہے۔
اس کی دو وجوہات ہو سکتی ہیں: یا تو یہ دور افتادہ، قدیم کہکشاؤں سے آنے والی روشنی ہے، یا پھر اس کا ماخذ کہکشاؤں سے باہر پائے جانے والے ’آوارہ‘ ستارے ہیں
سائنس دانوں کا خیال ہے کہ اس خلا میں موجود روشنی کی نیلاہٹ سے ظاہر ہوتا ہے کہ یہ ان ستاروں سے آ رہی ہے جو کہکشاؤں سے باہر نکل گئے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق ان تصاویر میں موجود روشنی سے اندازہ ہوتا ہے کہ کہکشاؤں سے باہر بھی تقریباً اتنے ہی ستارے پائے جاتے ہیں جتنے کہکشاؤں کے اندر ہیں۔
’
ایمزٹی وی: بھٹ شاہ کے قریبی گاؤں وصی مراد شاہ سے قاضی احمد مجلس میں شرکت کے لیے جانے والے عزاداروں کی تیز رفتار بس ہالا قومی شاہراہ پر جانو واٹر اسٹاپ کے قریب ٹائی راڈ کھل جانے کے باعث الٹ گئی جس کے نتیجے میں3 بچے روزینہ، میسم، ثمینہ اور میر حسن جاں بحق ہوگئے جبکہ دلشاد، شہازیب، منیب اور بس ڈرائیور سمیت25 افراد زخمی ہوئے جنھیں تعلقہ اسپتال لے جایا گیا۔ مقامی افراد کی بڑی تعداد بھی اسپتال پہنچ گئی۔
افراتفری کے باعث ڈاکٹر وہاں سے غائب ہوگئے۔ مخدوم غلام محی الدین کے صاحبزادے مخدوم عمار کے کہنے پر ڈاکٹرز اور عملہ واپس پہنچا اور زخمیوں کو طبی امداد دی ۔ایک زخمی خاتون اور بچی کو تشویشناک حالت میں سول اسپتال حیدرآباد روانہ کر دیا گیا۔
ایمز ٹی وی (اسلام آباد) ترجمان وزیر اعظم ہاؤس کے مطابق وزیراعظم محمد نواز شریف مختصر وفد کے ہمراہ تین روزہ سرکاری دورےپر چین روانہ ہوگئے ہیں ۔ آٹھ رکنی وفد میں وزیراعظم کے ہمراہ وفاقی وزراء شاہد خاقان عباسی، احسن اقبال، معاون خصوصی برائے خارجہ امور طارق فاطمی اور دیگر حکام شامل ہیں ۔ وزیر اعظم نواز شریف کی چینی صدر اور دیگر اعلیٰ قیادت سے ملاقاتیں طے ہیں ۔ وزیر اعظم ایشیاء پیسیفک ڈائیلاگ میں پاکستانی وفد کی قیادت کرینگے۔ اس دورے میں پینتیس ارب ڈالر کے معاہدوں پر دستخط ہونگے۔
ایران میں والی بال میچ دیکھنے کے الزام میں گرفتار ایرانی نژاد برطانوی خاتون غنچہ قوامی کی بھوک ہڑتال
ایمز ٹی وی (فارن ڈیسک )ایران میں مردوں کا والی بال میچ دیکھنے کے الزام میں گرفتار ایرانی نژاد برطانوی خاتون غنچہ قوامی کو
رواں سال جون میں اس وقت حراست میں لیا گیا جب وہ مردوں کا والی بال میچ دیکھنے سٹیڈیم گئیں تھیں۔
خیال رہے کہ غنچہ نے اس سے پہلے گذشتہ اکتوبر میں قید تنہائی کے خلاف بھوک ہڑتال کی تھی۔
غنچہ قوامی کے وکیل محمود علی زادہ طبطبائی نے بتایا تھا کہ غنچہ قوامی کو نظام کے خلاف پروپیگنڈا کرنے کے الزام میں ایک سال قید کی سزا سنائی گئی ہے۔
بظاہر غنچہ کو 20 جون کو میچ کے بعد گرفتار کیا گیا۔ اس وقت وہاں خواتین کے میچ دیکھنے پر پابندی کے خلاف احتجاج کیا جا رہا تھا
غنچہ کو گرفتار کرنے کے بعد رہا کر دیا گیا تھا لیکن جب وہ دوبارہ اپنا سامان لینے گئیں تو انھیں پھر حراست میں لے لیا گیا۔
حقوق انسانی کی عالمی تنظیم ایمنٹسی انٹرنیشنل کے مطابق ایران میں خواتین پر فٹبال میچ دیکھنے پر سال 1979 سے پابندی عائد ہے جبکہ سال 2012 میں اس پابندی میں والی بال میچوں کو بھی شامل کر دیا گیا۔
تنظیم کے مطابق 13 جون سے اس مسئلے پر دوبارہ تنازع اس وقت شروع ہوا جب ایران اور برازیل کے مابین میچ کے دوران برازیل کی خواتین کو میچ دیکھنے کی اجازت دی گئی تاہم ایرانی خواتین کو اجازت نہیں مل سکی۔
ایمز ٹی وی (فارن ڈیسک) پاکستان کا کہنا ہے کہ کشمیری علیحدگی پسند نہیں بلکہ اپنے حقِ خودارادیت کے لیے کوششیں کر رہے ہیں۔
ترجمان دفتر خارجہ تسنیم اسلم نے بھارتی وزیردفاع کے بیان کے حوالے سے کیے گئے سوال کے جواب میں کہا کہ ’کشمیری علیحدگی پسند نہیں ہیں وہ ایک زیرقبضہ علاقے کے لوگ ہیں جب اپنے حقِ خود ارادیت کے لیے کوششیں کر رہے ہیں۔‘
دفتر خارجہ کی ترجمان کا کہنا تھا کہ پاکستان اس تنازعے میں فریق ہے، تاہم انھوں نے بھارتی وزیرِ دفاع نے اس بیان میں کہا کہ پاکستان یا تو حریت رہنماؤں کے ساتھ بات کرے یا پھر بھارت کے ساتھ، کو ناقابل قبول دلیل قرار دے
دفتر خارجہ کی ترجمان نے یہ بھی کہا کہ پاکستان اور بھارت کو مذاکرت کرنا ہوں گے جو خطے میں امن کے قیام، معاشی ترقی اور عوام کی بہبود کے لیےضروری ہیں۔ مگر ساتھ ہی انھوں نےیہ بھی واضح کیا کہ پاکستان کسی شرط کو تسیلم نہیں کرتا۔
بھارت پاکستان کے ساتھ مذاکرات کرنے کے لیے تیار ہے اور حالات کو معمول کے مطابق لانا چاہتا ہے -
واہگہ بارڈر پر ہونے والے دہشت گردی کے واقعے پر بات کرتے ہوئے تسنیم اسلم نے بتایا کہ پاکستانی حکام اس واقعے کی تحقیقات کر رہے ہیں اور وہی فیصلہ کریں گے کہ انھیں اس ضمن میں بیرونی مدد کی ضرورت ہے یا نہیں۔۔
ایمز ٹی وی (اسلام آباد) چیف الیکشن کمشنر کے تقرر پر مشاورت کے لئے قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف خورشید شاہ نے تحریک انصاف کے وائس چیرمین شاہ محمود قریشی سے اسلام آباد میں ملاقات کی جس میں چیف الیکشن کمشنر کے تقرر کے لئے مختلف ناموں پر مشاورت کی گئی، ملاقات میں تحریک انصاف کی جانب سے جسٹس ریٹائرڈ ناصر اسلم زاہد کا نام چیف الیکشن کمشنر کے لئے پیش کیا گیا۔واضح رہے کہ چیف الیکشن کمشنر کے تقرر کے لئے حکومت کی جانب سے جسٹس ریٹائرڈ سعید الزماں صدیقی اور جسٹس ریٹائرڈ تصدق حسین جیلانی کے نام تجویز کئے گئے ہیں جب کہ اپوزیشن کی جانب سے اجمل میاں اور رانا بھگوان داس اور جسٹس ریٹائرڈ طارق پرویز کے نام پیش کئے گئے ہیں۔