جمعہ, 18 اکتوبر 2024
×

Warning

JUser: :_load: Unable to load user with ID: 46

ایمز ٹی وی (کراچی) سندھ اسمبلی کے اجلاس سے قبل میڈیا سے گفتگو میں ایم کیو ایم کے رہنما فیصل سبزواری کا کہنا ہے کہ سیاست میں انتہاپسندی نہیں ہونی چاہیے۔ پیپلزپارٹی کو سیاسی طاقت دکھانی ہے تو لیاری میں جا کر دکھائے،بلدیاتی انتخابات سے متعلق فیصل سبزواری کا کہنا تھا کہ جب بلدیاتی ادارے تھے تو کراچی میں کام ہوا ہے، بلدیاتی اداروں سے اختیارات نچلی سطح پر منتقل ہوئے تھے، پی پی کے کوٹہ سسٹم نے سندھ کو دیہی اور شہری علاقوں میں تقسیم کیا ہے ۔ فیصل سبزواری کا کہنا تھا کہ ہم نے احتیاط سے بات کی، لیڈر شپ پر بات اٹھانے پر مزید سخت بات کر سکتے تھے، کراچی کے مسائل کے حل کیلئے سندھ حکومت میں شامل ہوئے، سندھ کے شہری علاقوں میں کام نہیں ہو رہا، پیپلزپارٹی کو سیاسی طاقت دکھانی ہے تو لیاری میں جا کر دکھائے، ان کا مزیدکہنا تھا کہ ایم کیوایم کارکنوں کی اپنے قائد سے وابستگی ہے، بدتہذیبی ہوگی تو کارکنوں کا غصہ سامنے آئے گا، ہمارے قائد کیلئے بدتہذیبی سے بات کی گئی۔ ہم نے سخت بیان نہیں دیا، لیڈر شپ پر بات اٹھانے پر سخت بات بھی کر سکتے تھے۔

ایمز ٹی وی(کراچی) آصف علی زرداری کا کہنا تھا کہ اٹھارہ اکتوبر کا دن قوم کے ان بہادر بیٹے اور بیٹیوں کو خراج عقیدت پیش کرنے کا دن ہے جنہوں نے جمہوریت کے لیے اور شدت پسندی کے خلاف لڑتے ہوئے جانوں کی قربانی دی۔ انہوں نے کہا محترمہ بے نظیر بھٹو کے مشن کو آگے بڑھائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ جمہوریت اورپاکستان کے دشمن محترمہ کے آنے کا انتظار کررہے تھے جبکہ وہ تمام خطرات کے باوجود 7 سال قبل آج کے ہی روز طن واپس آئیں اور ان کے قافلے پر حملہ کردیا گیا جس میں 200 کارکن اور جمہوریت پسند شہید ہوئے۔آصف علی زرداری نے کہا کہ کوششیں ابھی ختم نہیں ہوئیں۔ جمہوریت کے نام پر کچھ لوگ آج بھی جمہوریت کو تباہ کرنے کی کوشش میں ہیں۔

ایمز ٹی وی (ملتان) عمران خان اور شاہ محمود قریشی سمیت تحریک انصاف کے دیگر رہنماؤں اور عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید کے خلاف سانحہ قاسم باغ کے مقدمے کے اندراج کے لئے سیشن کورٹ میں درخواست دائر کردی گئی ہے۔ دس اکتوبر کو تحریک انصاف کے جلسہ میں بھگدڑ مچنے سے سات افراد جاں بحق ہوئے جس پر ایڈوکیٹ خلیل ممرا نے سیشن کورٹ میں استدعا کی کہ سانحہ قاسم باغ کے ذمہ دار تحریک انصاف کے چئیرمین عمران خان ، وائس چئیرمین شاہ محمود قریشی ، سیکرٹری جنرل جہانگیر ترین ،تحریک انصاف پنجاب کے صدر اعجاز چوہدری ،صدر جنوبی پنجاب نور خان بھابہ ، ضلعی صدر اعجاز جنجوعہ اور سربراہ عوامی مسلم لیگ شیخ رشید سمیت جنہوں نے جلسہ کے ناقص انتظام کیے جس کے باعث ہلاکتیں ہوئیں ہیں ۔ ایڈوکیٹ ملک خلیل ممرا نے ان افراد کیخلاف مقدمہ درج کرنے کی درخواست کی ہے

ایمز ٹی وی(نیوز ڈیسک) اقوام متحدہ میں متعین پاکستانی نمائندے مسعود خان نے جنرل سیکرٹری بان کی مون سے ملاقات کی، اور انہیں لائن آف کنڑول اور ورکنگ باؤنڈری پر بھارتی جارحیت کے حوالے سے آگاہ کیا۔  انہوں نے بان کی مون پر زور دیا کہ اقوام متحدہ سرحدی کشیدگی کو روکنے کے لیے اپنا کردار ادا کرے۔ مسعود خان نے خطے میں امن کے لیے مذاکرات کے ذریعے بھارت کے ساتھ مقبوضہ کشمیر سمیت دیگر تنازعات کے حل پر بھی زور دیا۔ واضح رہے کہ بھارت کی جانب سے 30 ستمبر سے لائن آف کنڑول اور ورکنگ باؤنڈری پر سیز فائر کی مسلسل خلاف ورزکی کی جا رہی ہے جس کے نتیجے میں اب تک 12 پاکستانی شہید اور درجنوں زخمی ہو چکے ہیں۔

ایمز ٹی وی(کاکول) آرمی چیف جنرل راحیل شریف کا کہنا ہے کہ پاک فوج ہر قسم کی بیرونی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہے۔ پاکستان ملٹری اکیڈمی کاکول میں پاسنگ آؤٹ پریڈ سے آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے خطاب کرتے ہوئے کہا پاک فوج قومی اتحاد اور امید کی علامت ہے۔ جنگ ہو یا قدرتی آفات فوج نے ہر موقع پر بھرپور کردار ادا کیا۔ جنرل راحیل شریف کا کہنا تھا کہ خطے میں امن مسئلہ کشمیر کے حل کے سا تھ منسلک ہے، مسئلہ کشمیر کو وہاں کی عوام کی امنگوں اور اقوام متحدہ کی قرار دادوں کے مطابق حل ہونا چاہیئے، پاک فوج اپنے کشمیری بھائیوں کے ساتھ کھڑی ہے۔ آرمی چیف نے فوج میں شامل ہونے والے کیڈٹس کو مبارکباد پیش کی اور کہا کہ امید ہے کہ نئے نواجون دنیا بھر میں پاک فوج کا نام بلند کرنے میں اہم کردار ادا کریں گے۔

ایمز ٹی وی (اسلام آباد) ترجمان دفتر خارجہ تسنیم اسلم نے ہفتہ وار بریفنگ میں ایران کی جانب سے دہشت گردی کے الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہےکہ دہشت گردوں کے خلاف آپریشن میں پاکستان کا اپنا مفاد ہے اور ہماری مسلح افواج دہشت گردوں کے خلاف برسرپیکار ہیں جبکہ ایران میں دہشت گردی کے لیے پاکستان سے کسی دہشت گرد کے جانے کے کوئی شواہد نہیں ملے اور نہ ہی ایران کی جانب سے اس سلسلے میں کوئی ثبوت فراہم کیے گئے لہٰذا دہشت گردی کی تمام کارروائیاں ایران کے اندر ہی ہوئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور ایران ہمسائے اور دہشتگردی سے متاثر ہیں ایسے ماحول میں ہمیں ایران کے ساتھ تعاون کی ضرورت ہے۔
لائن آف کنٹرول اور ورکنگ باؤنڈری پر بلااشتعال فائرنگ اور گولہ باری پر ترجمان کا کہنا تھا کہ سرحدی کشیدگی پرعالمی برادری بھی تشویش کا شکار ہے جبکہ بھارت کی اس جارحیت میں اب تک 12 افراد شہید ہوچکے ہیں جب کہ عالمی برادری تشویش سے آگاہ کردیا گیا ہے۔ 
کالعدم تحریک طالبان سے متعلق سوال پر ترجمان دفتر خارجہ نے شاہد اللہ شاہد کی پاکستانی حدود میں ہونے سے لاعلمی کا اعلان کیا ہے۔

ایمز ٹی وی (سر گو دھا) تحریک انصاف کی جانب سے آج سرگودھا میں طاقت کامظاہرہ کیا جا ئے گا جبکہ اس حوالے سے تمام تر انتظامات مکمل کرلئے گئے ہیں۔ذرائع کے مطابق تحریک انصاف کی جانب سے سرگودھا میں جلسہ گاہ کے لئے اسٹیج سجا دیا گیا ہے جب کہ شرکاء کے لئے ہزاروں کرسیاں لگا دی گئی ہیں، کارکنان سے خطاب کے لئے مرکزی قیادت کا شام کو جلسہ گاہ پہنچنا متو قع ہے۔

ایمز ٹی وی (کرا چی) رینجرز نے بر وقت کاروائی کر کے گزشتہ دنوں گرفتار ہونے والے دہشت گردوں کی نشاندہی پر کراچی کے مختلف علاقوں گلشن اقبال، لیموں گوٹھ، نیو کراچی اور صفورا گوٹھ میں کارروائی کر کے سینٹرل جیل میں سرنگ کھودنے والے مزید 10 دہشت گردوں کو گرفتار کرکے ان کے قبضے سے جیل کا نقشہ، اہم دستاویزات، اسلحہ، لیپ ٹاپ اور خود کش جیکٹ سمیت دیگر سامان بھی برآمد کیا ہے۔
رینجرز ذرائع کا کہنا تھا کہ گرفتار دہشت گردوں سے انکشاف ہوا کہ انہیں 8 محرم کو جیل کے مرکزی دروازے پر خودکش حملہ کرنا تھا اور عاشورہ کی رات سرنگ سے جیل کے کنویں میں داخل ہونا تھا جہاں وہ سینٹرل جیل میں خود کش حملے کرتے اور جیل میں موجود اپنے 122 ساتھیوں کو فرار کراتے۔
واضح رہے کہ رینجرز کی طرف سے گزشتہ دنوں غوثیہ کالونی میں کارروائی کی گئی تھی اور سینٹرل جیل پر حملے کا منصوبہ ناکام بنایا گیا تھا جہاں ایک مکان سے سرنگ برآمد کی گئی تھی اور دہشت گردوں کو بھی گرفتار کیا گیا تھا، ذرائع کے مطا بق رینجرز کی جانب سے کارروائی غوثیہ کالونی کے رہائشیوں کی مدد سے کی گئی جہاں ایک ضعیف خاتون نے دہشت گردوں کی مشکوک سرگرمیوں کی اطلاع دی تھی۔
دہشت گردی کی کوشش ناکام ہونے کے بعد سینٹرل جیل کی سکیورٹی انتہائی سخت کردی گئی ہے اور جیل کے اطراف کے علاقوں میں رہنے والوں کے کوائف بھی جمع کرنا شروع کردیئے گئے ہیں۔

ایمز ٹی وی(کراچی)پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما زبیر خان نے لیاقت نیشنل اسپتال میں داخل زخمی تحریک انصاف یوتھ ونگ سندھ کے سابقہ جنرل سیکرٹری فیصل مغل کی عیادت کی- اور متعلقہ ڈاکٹروں سے زخمی فیصل مغل کی طبیعت سے متعلق تفصیلات معلوم کیں۔ اس موقع پر زبیر خان نے فیصل مغل کے بھائی کی شہادت پر ان کے لواحقین سے تعزیت کرتے ہوئے دلی ہمدردی کا اظہار کیا اور ان کے گھر پر پیش آنے والے واقعہ کے نتیجے میں اُن کے بھائی کی شہادت پر گہرے دکھ و افسوس کا اظہار کرتے ہوئے مرحوم کے لیے دعائے مغفرت اور زخمی فیصل کی جلد صحتیابی کی دعا کی ۔اس موقع پر ان کے ہمراہ مرکزی سینئر نائب صدر لیبر ونگ حافظ فضل کریم ، کراچی ڈویژن کے رہنما شاہنواز صدیق، رضوان خان ، علی اعوان ، امان اللہ صدیقی بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔ زبیر خان نے حکومت سندھ سے مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ اس واقعہ میں ملوث ملزمان کو فوری طور پر گرفتارقرار کرکے واقعی سزا دی جائے بصورت دیگر ہم پورے پاکستان میں احتجاج کا حق محفوظ رکھتے ہیں-

ایمز ٹی وی (کراچی) پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی میڈیا سیل کے سینئر میڈیا کوآرڈینیٹر جمال صدیقی نے صوبائی وزیر اطلاعات شرجیل میمن کے عمران خان سے متعلق بیان کو ”بروکری زبان“ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ وہ چیئرمین عمران خان کے خلاف بیان دے کر اپنے پستہ سیاسی قد کو بڑا کرنے کی ناکام کوشش کررہے ہیں ۔ میڈیا سیل سے جاری ایک بیان میں انہوں نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت کے خزانے سے ہونے والے سرکاری جلسے میں عوام نہیں بلکہ زندہ لاشیں ہی آئیں گی جنہیں لانے کے احکامات وزیر اعلیٰ سندھ سے صوبے بھر کی انتظامیہ کو سرکاری ٹاسک دیا گیا کہ جیسے بھی ممکن ہو بھیڑ ، بکریوں کی طرح بسوں میں بھر کر انہیں کراچی پہنچایا جائے بصورت دیگر ان کی نوکری کو خطرات لاحق ہونگے ۔ انہوں نے کہا کہ عوام کی محبت کس کے ساتھ ہے اس کا فیصلہ 21ستمبر کو 2دن کے نوٹس پر ہونے والے جلسے میں ہوگیا ہے کیونکہ عوام اب باشعور ہوچکی ہے اور تبدیلی کے لیے وہ اپنا فیصلہ دے چکے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی وزیر کرپشن پر مبنی نام نہاد جمہوریت کا رونا چھوڑیں اور زمینی حقائق تسلیم کریں کہ اب پیپلز پارٹی عوامی حمایت سے محروم ہوچکی ہے اور اب کروڑوں روپے خرچ کے ہونے والے یہ شو محض ٹی وی کی ایک خبر ہے اور اس سے زیادہ کچھ نہیں ۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اطلاعات آئندہ چیئرمین عمران خان سے متعلق اپنی زبان کھولنے سے پہلے دو بار ضرور سوچ لیں کہ اب عوام ان کی جھوٹی باتوں پر یقین نہیں کرنے والی کیونکہ عوام ان لوٹ مار کرنے والے ٹولے کی اصل چہر ے سے واقف ہوچکی ہے ۔