ایمز ٹی وی (تھرپارکر) سندھ حکومت نے امدادی گندم کے نام پر مٹی سے بھری گندم کی بوریاں تھر پہنچا دی، زرائع کے مطابق مٹھی کے ریلیف گندم گودام میں جامشورو کے بولاڑی گودام سے لائی گئی گندم کی بوریوں میں سے 292 بوریاں ایسی نکل آئیں جن میں مٹی بھری ہوئی تھی جو کہ غریبوں میں تقسیم کی جانی تھی۔ گودام انچارج کا کہنا ہے کہ 4 نومبر کو جامشورو کے بولاڑی گودام سے گندم کی 4 ہزار 895 بوریاں مٹھی لائی گئی جن میں سے 292 بوریوں میں مٹی سے بھری ہوئی گندم تھی جبکہ اس حوالے سے ڈائریکٹر محکمہ خوراک کو اطلاع کردی گئی تھی اور 2 روز تک بوریوں سے لدے ٹرک گودام کے باہر ہی کھڑے رہے تاہم اعلی حکام کے دباؤ پرمٹی سے بھری بوریوں کو گودام میں رکھ دیا گیا۔ دوسری جانب ڈپٹی کمشنر تھرپارکر آصف جمیل نے ساری ذمہ داری محکمہ خوراک پر ڈالتے ہوئے کہا کہ گندم کی فراہمی محکمہ خوراک کی ذمہ داری ہے تاہم خراب گندم کو الگ کرلیا گیا ہے جسے جلد واپس بھجوادیا جائے گا جبکہ صاف گندم مٹھی تحصیل کے 1200 خاندانوں میں تقسیم کی جائے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ معاملے کی تحقیقات کے لئے مٹھی گودام پہنچا ہوں اور خراب گندم کے حوالے سے ذمہ داروں کا تعین کیا جائے گا۔
ایمز ٹی وی (اسلام آباد) اسلام آباد دھرنے میں شرکت کیلئے کسی بھی قیادت کے بغیر پی ٹی آئی کےکارکن لاہورسےقافلے کی شکل میں روانہ ہو گئے،اسلام آباد دھرنے میں شرکت کیلئےپی ٹی آئی کےکارکن قذافی اسٹیڈیم میں جمع ہوئے،جہاں سےوہ مختلف گاڑیوں پرقافلے کی شکل میں اسلام آباد روانہ ہوگئے۔اسلام آباد جانےوالوں میں خواتین کی تعداد زیادہ تھی،تاہم کوئی مرکزی رہ نما اس موقع پر موجود نہ تھا،پی ٹی آئی کےکارکنوں نے قذافی اسٹیڈیم میں بھنگڑے ڈالے اور گو نواز گو کےنعرےلگائے۔ان کارکنوں میں خواتین کی تعداد زیادہ تھی۔
ایمز ٹی وی (فارن ڈیسک) بچپن میں سب نے جن بھوتوں اور چڑیلوں کے حملوں کے قصے کہانیاں اور افسانے تو بہت پڑھےاور سنے ہوں گے مگر اردن میں حقیقتاََ ایک اسکول پر جنوں نے حملہ کر دیا اور طالبات کو زخمی بھی کردیا۔ یہ واقعہ پیش آیا اردن کے مغربی حصے میں واقع لڑکیوں کے اسکول میں جہاں اس وقت کہرام مچ گیا جب جنوں کی جماعت نے اچانک حملہ کر دیا جس کے نتیجے میں 4 طالبات زخمی ہو گئیں۔ مقامی افراد کے مطابق اسکول پر جن بھوتوں کا قبضہ ہے کیونکہ اسکول کے ارد گرد آسیب زدہ درخت موجود ہیں۔ خیال رہے کہ مغربی اردن میں واقع ایک سکول پر اس سے قبل بھی جنات نے حملہ کیا تھا جس میں ایک خاتون ٹیچر سمیت 17 طالبات نے بمشکل اپنی جان بچائی تھی۔
ایمز ٹی وی (اسلام آباد) وزیراعظم نواز شریف نے چینی صدر سے ملاقات میں شدت پسندوں کے خلاف کارروائی کی یقین دہانی کرائی کرانے کیساتھ ساتھ پاکستان میں کام کرنے والے چینی شہریوں کو تحفظ کی بھی یقین دہانی کرائی۔ نواز شریف کا کہنا تھا کہ چین کافی عرصے سے سنکیانگ کے شدت پسند کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کر رہا ہے، ایسٹ ترکستان اسلامک موومنٹ کے خلاف کارروائیاں جاری رکھیں گے۔
(ایمز ٹی وی) پاکستانی فنکار علی ظفر کا کہنا ہے کہ بالی وڈ میں انھوں نے اپنے لیے کچھ اصول و ضوابط مرتب کر رکھے ہیں جس کی وہ کبھی خلاف ورزی نہیں کریں گے۔ ’پاکستانی ہونے کے ناطے میرے کچھ اصول ہیں۔ میں پردۂ سیمیں پر کبھی کِس نہیں کروں گا۔ کوئی بولڈ سین نہیں کروں گا۔‘ علی ظفر، یش راج بینر کی فلم ’ كِل دل‘ میں ایک اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔ فلم میں ان کے ساتھ گووندا، پرينیتی چوپڑا اور رنویر سنگھ جیسے بڑے ستارے ہیں۔
’مجھے کام ملے یا نہ ملے، میں اپنے اصولوں پر قائم رہوں گا۔‘ وہ اپنی بات کے حق میں دلائل دیتے ہوئے کہتے ہیں: ’سلمان خان بھی تو پردے پر کس نہیں کرتے لیکن وہ تو سُپر سٹار ہیں۔‘
لیکن ان کی فلم ’ لندن، پیرس، نیویارک‘ میں تو ان کا ایک كسنگ سین تھا، تو پھر یہ کیا بات ہوئی؟ ظفر اس کی وضاحت کرتے ہیں: ’ کہانی کے لیے وہ بوسہ ضروری تھا لیکن پھر بھی وہ میں نے نہیں میرے باڈی ڈبل نے کیا تھا۔‘
علی ظفر اس بات سے بھی خوش ہیں کہ ہندوستان میں ان کے علاوہ فواد خان، عمران اور حمیمہ ملک جیسے پاکستانی فنکاروں کو مسلسل کام مل رہا ہے۔ ان کی دلی تمنّا ہے کہ پاکستانی فلم انڈسٹری بھی بالی وڈ کی طرح پھلے پھولے۔
(ایمز ٹی وی) بنگلہ دیش کرکٹ ٹیم کے آل راؤنڈر شکیب الحسن کرکٹ کی دنیا کے تیسری کھلاڑی بن گئے ہیں جنھوں نے ایک ہی میچ میں سنچری بنانے کے ساتھ ساتھ دس وکٹیں بھی حاصل کرنے کا کارنامہ سرانجام دیا ہے۔ اس سے قبل انگلینڈ کے آل راؤنڈر ایئن بوتھم اور پاکستان کے عمران خان نے یہ کارنامہ سر انجام دے چکے ہیں۔
بنگلہ دیش نے تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں دو صفر سے برتری حاصل کر لی ہے۔ شکیب الحسن نے دوسرے ٹیسٹ میچ میں پہلی اننگز میں80 رنز کے عوض پانچ وکٹیں حاصل کیں جبکہ دوسری اننگز میں 44 رنز دے کر پانچ وکٹیں حاصل کیں۔
شکیب نے یہ کارنامہ زمبابوے کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میں انجام دیا۔ بنگلہ دیش یہ میچ 162 رنز سے جیت گیا ہے۔ شکیب الحسن نے پہلی اننگز میں 137 رنز سکور کیے تھے۔ بنگلہ دیش اور زمبابوے کے دوران تیسرا اور آخری ٹیسٹ بدھ کو چٹاگانگ میں کھیلا جائے گا۔
ایمز ٹی وی نیوز ڈیسک پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز کا پہلا ٹیسٹ میچ اتوار سے ابوظہبی میں شروع ہورہا ہے
پاکستانی ٹیم اگر تین صفر سے بھی یہ سیریز جیتنے میں کامیاب ہوتی ہے تب بھی وہ عالمی رینکنگ میں تیسرے نمبر پر ہی رہے گی البتہ اس کے اور نمبر دو ٹیم آسٹریلیا کےدرمیان پوائنٹس کا فرق کم ہوجائے گا۔
نیوزی لینڈ کی ٹیم جو اس وقت عالمی رینکنگ میں ساتویں نمبر پر ہے سیریز جیتنے کی صورت میں اپنی رینکنگ بہتر کرسکے گی اور پاکستان کی رینکنگ متاثر ہوگی۔
نیوزی لینڈ کی ٹیم آخری بار انگلینڈ کے خلاف گزشتہ سال ٹیسٹ سیریز ہاری تھی اس کے بعد سے اس نے ایک ٹیسٹ سیریز برابر کھیلی ہے اور تین جیتی ہیں جن میں اسی سال بھارت کے خلاف ایک صفر کی جیت بھی شامل ہے۔
پاکستا ن نے نیوزی لینڈ کے خلاف پہلے ٹیسٹ کے لیے اسی 16 رکنی سکواڈ کو برقرار رکھا ہے جس نے آسٹریلیا کے خلاف سیریز جیتی ہے۔
نیوزی لینڈ کی موجودہ ٹیم میں کپتان برینڈن مک کیولم راس ٹیلر ولیم سن بی جے واٹلنگ اور ون ڈے کی تیز ترین سنچری بنانے والے کورے اینڈرسن شامل ہیں لیکن پاکستانی ٹیم نیوزی لینڈ کے بیٹسمینوں کی اسپن بولنگ پر کمزوری کا بھرپور فائدہ اٹھانے کے لیے تیار ہے۔
(ایمز ٹی وی) 'جی جی ٹو' لیڈر شپ ایوارڈ کی شاندار تقریب میں برطانیہ کی 101 با اثر ترین ایشیائی شخصیات کے ناموں کا اعلان بدھ کی شام لندن میں کیا گیا۔
سال2015 ء کے لیے برطانیہ کی طاقتور ترین ایشین شخصیات کی فہرست میں پاکستانی نژاد برطانوی وزیر ثقافت ساجد جاوید کا نام سب سے اوپر ہے جنھوں نے 'بااثر ترین ایشین' کا ایوارڈ حاصل کر کے اس فہرست میں شامل بڑے بڑے ناموں کو پیچھے چھوڑ دیا ہے۔
'لیڈر شپ اینڈ ڈائیورسٹی ایواڈز' کی سالانہ تقریب میں 100 سے زائد با اثر ترین ایشیائی افراد کی فہرست میں گزشتہ سال کی فاتح نوبل انعام یافتہ طالبہ ملالہ یوسفزئی کا نام دوسرے نمبر پر شامل کیا گیا ہے۔ ان کے ساتھ 10 سر فہرست بااثر ترین ایشیائی شخصیات کے ناموں میں برطانوی رکن پارلیمنٹ صادق خان ساتویں اور میوزک گروپ ون ڈائریکشن کے گلوکار زین ملک دسویں نمبر پر ہیں۔
اس موقع پر ججز نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ ساجد جاوید نے با اثر ترین ایشین کا ایوارڈ اس وجہ سے جیتا ہے کیونکہ وہ حکومت کی اگلی صفوں میں شامل واحد جنوبی ایشیائی ہیں اور وہ اس ایوارڈ کے مستحق اس لیے بھی ہیں کیونکہ انھوں نے برطانیہ میں بسنے والے تمام لوگوں کے لیے تہذیب وثقافت کا دروازہ کھولنے کا عزم کر رکھا ہے۔
ان کے علاوہ ٹوری کی رکن پارلیمینٹ پریتی پٹیل اور سالیش وارا نے چھٹی اور نویں پوزیشن حاصل کی ہے جبکہ طاقتور ایشین کی فہرست میں پہلی بار برطانوی کرکٹر معین علی کا نام 28 ویں نمبر پرشامل کیا گیا ہے۔
ایشین پاورلسٹ کے مینجنگ ڈاریکٹر کالپیش سولنکی نے کہا کہ جی جی ٹو لیڈر شپ ایواڈز ایسے غیر معمولی افراد کی کامیابیوں کو تسلیم کرتا ہے جنھوں نے اپنی اعلی کارکردگی کے ذریعے راہ کی رکاوٹوں کو دور کیا ہے۔
ایمز ٹی وی (نیشنل ڈیسک) چین کی خبر رساں ایجنسی ژنہوا کے مطابق وزیر اعظم پاکستان میاں نواز شریف اور چین کے صدر شی جن پنگ کے درمیان ملاقات کے بعد جاری اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ میاں نواز شریف نے چین کو یقین دلایا ہے کہ پاکستان ایسٹ ترکستان اسلامک موومنٹ کے خلاف کارروائیاں جاری رکھے گا اور پاکستان میں میں کام کرنے والے چینی شہریوں اور کمپنیوں کو مکمل تحفظ فراہم کیا جائے گا۔
خیال رہے کہ چین پاکستان پر کافی عرصے سے دباؤ ڈال رہا ہے کہ پاکستان قبائلی علاقوں میں پناہ لیے ہوئے سنکیانگ کے شدت پسندوں کے خلاف کارروائی کرے۔
چینی وزارت خارجہ سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ دونوں ملکوں کے درمیان 20 سے زیادہ معاہدے ہوئے ہیں جن میں ایٹمی ری ایکٹر اور گوادر پورٹ شامل ہیں۔
اس سے قبل وزیر اعظم پاکستان میاں نواز شریف نے چین کے ساتھ مختلف منصوبوں اور یادداشتوں پر دستخط کیے ہیں۔
سرکاری ذرائع ابلاغ کا کہنا ہے کہ جن دو طرفہ معاہدوں پر دستخط ہوئے ان میں کوئلے کی کان کنی، ہائیڈرو پاور پراجیکٹس، کوئلے سے بجلی پیدا کرنے کے معاہدے، اور شمسی توانائی کے معاہدے شامل ہیں۔
اس سے قبل وزیر اعظم پاکستان میاں نواز شریف نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے اعتماد کا اظہار کیا تھا کہ ان کا دورہ چین پاکستان میں بجلی کے بحران کو حل کردے گا۔
ایمز ٹی وی (خیبر پختونخوا) پاکستان کے قبائلی علاقے خیبر ایجنسی میں سکیورٹی فورسز کی طرف سے سرچ آپریشن کیا گیا اور اس دوران سترہ افراد کی لاشیں ملی ہیں جنھیں شناخت کےلیے شاہ کس کے علاقے میں منتقل کیا جارہا ہے۔
پولیٹکل حکام کا خیال ہے کہ مرنے والے تمام افراد شدت پسند ہیں جو سکیورٹی فورسز کی جانب سے جاری آپریشن ’خیبر ون‘ کے دوران مارے گئے ہیں، تاہم یہ معلوم نہیں ہوسکا کہ ہلاک شدگان کا تعلق کس گروپ سے ہے۔
دوسری جانب خیبر ایجنسی کے علاقے باڑہ میں سکیورٹی فورسز کی جانب سے جاری آپریشن ’خیبر ون‘ کی وجہ سے مختلف علاقوں سے لوگوں کی نقل مکانی کا سلسلہ بدستور جاری ہے۔
خیال رہے کہ چند ہفتے قبل سکیورٹی فورسز نے خیبر ایجنسی میں آپریشن ’خیبر ون‘ کے نام سے شدت پسند تنظیموں کے خلاف کارروائیوں کا آغاز کردیا تھا۔
فوج کے ترجمان میجر جنرل عاصم باجوہ کا کہنا تھا کہ خیبر ایجنسی میں آپریشن اس وقت تک جاری رہے گا جب تک علاقے سے شدت پسندوں کا مکمل طورپر خاتمہ نہیں ہو جاتا۔ خیبر ایجنسی میں اس سے پہلے بھی سکیورٹی فورسز کی جانب سے تین آپریشن کیے گئے ہیں تاہم وہ تمام کارروائیاں اتنی زیادہ موثر ثابت نہیں ہو سکیں۔