پیر, 14 اکتوبر 2024
Reporter SS

Reporter SS

 

ایمز ٹی وی(اسپورٹس) پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین شہریار خان ایشیائی ملکوں کے بورڈ اجلاس میں شرکت کے لئے سری لنکا روانہ ہوگئے ہیں۔
شہریار خان اتوار کو کولمبو میں ہونے والے اجلاس میں شرکت کے ساتھ پاک بھارت کرکٹ کے حوالے سے بھارتی بورڈ کے حکام سے بات چیت بھی کریں گے ۔
ذرائع کے مطابق چیئرمین پی سی بی بگ تھری پر سری لنکا،بھارت اور بنگلادیشی حکام سے مذاکرات بھی کریں گے ۔
 

 

 

ایمز ٹی وی(مانیٹرنگ ڈیسک) ہر سال یکم اپریل کو گوگل کی جانب سے اپریل فول کے حوالے سے کچھ نیا کیا جاتا ہے اور اس بار گوگل میپس کو پرانے کلاسیک گیم پیک مین میں تبدیل کیا جارہا ہے۔

اگر آپ پرانے کلاسیک گیم پیک مین کھیلنے کے شوقین ہیں تو اچھی خبر یہ ہے کہ اب گوگل میپ پر بھی آپ آج اس سے لطف اندوز ہوسکتے ہیں اور سب سے دلچسپ بات یہ ہے کہ اس گیم کو آپ کسی علاقے کا محل وقوع جاننے کے لیے بھی استعمال کرسکتے ہیں۔

بس گوگل میپ کی ویب سائٹ پر جائیں اور بائیں جانب نیچے دیکھیں وہاں آپ کو ایک چھوٹے باکس میں پیک مین کی تصویر نظر آجائے گی اس پر کلک کردیں۔ گوگل نے اسے اپنے نقشوں کے ڈیسک ٹاپ اور موبائل ورڑن پر متعارف کرایا ہے

جب آپ پیک مین کی تصویر پر کلک کریں گے تو نقشہ تو برقرار رہے گا مگر وہ پیک مین کا میدان بن جائے گا اور اسے وہاں کھیلنا زیادہ بہتر رہے گا جہاں بہت زیادہ گلیاں ہوں تاکہ 'ولن' سے بچنے کے زیادہ مواقع اور زیادہ سے زیادہ دانے پکڑنے کا موقع مل سکے۔ یہ اقدام گوگل نے 2015 میں بھی اٹھایا تھا مگر اس بار یہ موجودہ لوکیشن کو گیم لیول میں تبدیل نہیں کرے گا بلکہ دنیا کے کسی بھی حصے کو گیم میں بدل دیا جائے گا۔

گیم میں دانے کھانے والے پیک مین کے لیے 5 زندگیاں (لائف) دی جائیں گی۔ لیکن اگر آپ گوگل میپس میں اپنی موجودہ لوکیشن کو گیم میں بدلنا چاہیں تو یہ ڈیسک ٹاپ ورڑن میں ممکن ہے موبائل ایپ میں نہیں۔ ویسے تو گوگل کی جانب سے ہر بار اپریل فول کے موقع پر کچھ نیا کیا جاتا ہے مگر اس بار لگتا ہے کہ وہ پچھلے سال کی شرمندگی سے بچنے کے لیے پرانے تجربے پر ہی اکتفا کررہا ہے۔گزشتہ سال گوگل نے جی میل میں ریپلائی بٹن کے برابر میں سینڈ پلس مائیک ڈراپ بٹن کا اضافہ کردیا تھا۔

اپنی ای میل کے ریپلائی کے ساتھ اسے استعمال کرنے پر ایک جی آئی ایف کا اضافہ ہوجاتا جس میں ایک کارٹون مائیک گراتا ہوا نظر آتا۔ سننے میں تو یہ زبردست تھا مگر ایسا کرنے پر صارفین کے ہوش ا±س وقت اڑ گئے جب انہیں ای میلز کے جواب موصول ہونا ہی رک گئے۔ درحقیقت اس فیچر کے باعث ہر شخص کا ای میل میوٹ ہونے لگا اور اسے اپنے اِن باکس میں فالو اَپ ای میلز نظر نہیں آئیں۔ مگر گوگل کا یہ مذاق اسے ہی بھاری پڑگیا۔

چونکہ اس بٹن کو ریپلائی کے ساتھ سینڈ اینڈ آرکائیو کی جگہ رکھا گیا تھا تو اسے متعدد صارفین نے سمجھے بغیر ہی استعمال کرلیا کہ یہ کیا چیز ہے۔ اس کے بعد پریشان صارفین نے گوگل کے ہیلپ سینٹر پر شکایات کی بھرمار کردی کیونکہ اس کے نتیجے میں ان کی اہم دفتری ای میلز متاثر ہوکر رہ گئی تھیں۔ گوگل کے اس مذاق سے کچھ افراد کی نوکریاں بھی چلی گئیں جس کے بعد وہ اس فیچر کو 24 گھنٹوں سے پہلے ہی ختم کرنے پر مجبور ہوگیا۔

اپنے ایک بیان میں گوگل نے کہا 'ایسا لگتا ہے کہ اس سال ہم اپنے مذاق کے خود ہی شکار ہوگئے ہیں کیونکہ ایک بَگ کی وجہ سے مائیک ڈراپ فیچر چہروں پر ہنسی بکھیرنے کے بجائے سردرد کا باعث بن گیا، ہم اس پر معذرت خواہ ہیں'۔

 

 

 

ایمزٹی وی(پشاور)وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا پرویز خٹک نے کہا ہے کہ پشاور میں میٹرو لاہور میٹرو سے سستی اور معیاری بن رہی ہے ،پشاور میٹرو ایشیائی ترقیاتی بینک سے قرضہ لے کر بنا رہے ہیں ، میٹرو کی سروسز بھی بہتر ہوں گی اور یہ خسارے میں بھی نہیں جائے گی اور نہ ہی ہمیں اس کیلئے سبسڈی دینی پڑے گی، خیبرپختونخوا کا 50فیصد بجٹ صحت اور تعلیم پر لگا رہے ہیں۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پرویز خٹک نے کہا کہ ہم نے کبھی نہیں کہا کہ پشاور میٹرو14,15ارب روپے میں بن رہی ہے مگر اب بھی یہ دعوے سے کہہ سکتے ہیں کہ ہماری میٹرو لاہور اور راولپنڈی کے میٹرو منصوبوں سے سستی ہے ، پشاورمیں میٹرو کے لیے ایشیائی ترقیاتی بینک قرضہ دے رہا ہے
پرویزخٹک نے کہا کہ ہماری میٹرو کی سروسز بھی بہتر ہوں گی اور یہ خسارے میں بھی نہیں جائے گی اور نہ ہی ہمیں اس کیلئے سبسڈی دینی پڑے گی۔انہوں نے کہا کہ ہم اپنے صوبے میں 30فیصد بجٹ تعلیم اور20فیصد بجٹ صحت پر خرچ کر رہے ہیں ،اتنا بجٹ ان دو شعبوں میں کسی دوسرے صوبے میں نہیں لگایا جا رہا ،خیبرپختونخوا کے سکولوں اور ہسپتالوں کی حالت سے پہلے سے بہت بہتر ہوگئی ہے۔
 

 

ایمز ٹی وی(صحت) ایف آئی اے نے انسانی اعضاء کی غیرقانونی خرید و فروخت اور پیوند کاری میں ملوث افراد، سہولت کاروں اور مراکز کے خلاف باقاعدہ تحقیقات شروع کر دیں۔
وزیرداخلہ نے مطلوبہ تعلیمی معیار اور سہولتوں پر پورا نہ اترنے والے میڈیکل کالجز کو اجازت نامے ملنے کے حوالے سے رپورٹس کا نوٹس لیتے ہوئے ایف آئی اے کو معاملہ کی تحقیقات کا حکم دیا ہے
گزشتہ روز جمعہ کو جاری بیان کے مطابق وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے کہا ہے کہ اس بات کی تحقیقات کی جائیں کہ کن وجوہات کی بنیاد پر مطلوبہ معیار پر پورا نہ اترنے والے میڈیکل کالجز کو اجازت نامے دیکر مریضوں کی زندگیوں اور طلباء کے مستقبل سے کھیلنے کی اجازت دی گئی۔
وزیر داخلہ نے ہدایت کی ہے کہ یہ طے کیا جائے کہ آیا یہ متعلقہ ادارے کی غفلت کا نتیجہ ہے یا اس ضمن میں ارادتاً کسی جرم کا ارتکاب ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ انسانی اعضاء کی غیر قانونی خرید و فروخت اور پیوند کاری کا معاملہ ہو یا میڈیکل کے طلباء کے مستقبل سے کھیلنے کا معاملہ دونوں معاملات میں ملوث افراد نہ صرف پروفیشنل بدیانتی کے مرتکب ہیں بلکہ انسانیت کے مجرم ہیں جن کا سخت احتساب ضروری ہے۔ وزیر داخلہ نے ایف آئی اے کو معاملات کی تحقیقات کرکے 15 روز میں ابتدائی رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی۔

 

 

ایمزٹی وی(تعلیم/ اسلام آباد)وزیراعظم میاں نواز شریف کی صاحبزادی مریم نوازنے فیڈرل بورڈ میں طلبہ کی اعلیٰ کارکردگی کو سراہتے ہوئے طلبہ کو وزیراعظم ہاؤس بلانے کا اعلان کردیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر مریم نواز نے پیغام جاری کیا کہ فیڈرل بورڈ کے امتحان میں طلبہ کی اعلیٰ کارکردگی وزیراعظم کے تعلیمی اصلاحات کا نتیجہ قراردیا ہے
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کے تعلیمی اصلاحات کا پروگرام پھل لارہا ہے اور اسلام آباد کے دیہی علاقوں میں 107 کمپیوٹر لیب وزیراعظم کی تعلیمی اصلاحات کا حصہ ہیں۔
 
مریم نواز نے مڈل سٹینڈرز امتحانات میں نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والے طلبہ کو وزیراعظم ہاؤس بلانے کا اعلان کیا اور ساتھ ہی ان کا کہنا تھا کہ 97 مائیکرواساتذہ کو مائیکرو سافٹ کی طرف سے ماسٹر ٹرینرز کی تربیت دی جائے گی جو بعد میں طالبات کو ٹریننگ دی گے۔

 

ایمز ٹی وی(اسپورٹس) سری لنکا کرکٹ پر اس سے زیادہ برا وقت نہیں آسکتا۔ 1996 کی عالمی چیمپئن ٹیم کو3میچز کی سیریز کے تیسرے میچ میں بنگلہ دیش کا سامنا کرنا ہے۔ 0-1کے خسارے میں ہوم سائیڈ کیلئے فتح ضروری ہے۔
اب تک ہونے والے 2میچز میں ایک بنگلہ دیش نے جیتا ہے، جبکہ دوسرا بارش کی نذر ہوگیا تھا۔ گذشتہ 31سال میں صرف 2بار ہی ایسا ہوا ہے، جب آئی لینڈرز اپنے ملک میں کھیلی گئی سیریز میں ایک ون ڈے بھی جیتنے میں کامیاب نہیں ہوسکے ہیں۔
اب یہ دیکھنا ہوگا کہ ہوم سائیڈ اس چیلنج کو کیسے پورا کرتی ہے ، تاہم ٹائیگرز کے سری لنکن کوچ ہتھورو سنگھا کو یقین ہے کہ ان کی ٹیم عمدہ کارکردگی کا سلسلہ جاری رکھے گی۔ انہوں نے کہا ہے کہ ٹیم کا مورال بلند ہے اور کھلاڑی سری لنکا کو آخری ون ڈے میں ہرا کر سیریز جیتنے کیلئے پر عزم ہیں۔
بنگلہ دیش اور سری لنکا کی ٹیمیں تیسرے اور آخری ون ڈے میں آج مد مقابل ہونگی۔ انہوں نے کہا کہ آخری ون ڈے میں آئی لینڈرز پر زیادہ دباؤ ہو گا اس لئے ہماری ٹیم کے پاس سیریز جیتنے کا سنہری موقع ہے، تاہم ہدف کے حصول کیلئے ٹیم کے ہر کھلاڑی کو کھیل کے تینوں شعبوں میں 100فیصد کارکردگی دکھانا ہو گی۔
 

 

 

ایمز ٹی وی (تعلیم /کراچی)انجمن اساتذہ کا اجلاس اسٹاف کلب میں ڈاکٹر شکیل فاروقی کی صدارت منعقد ہواجس میں وفاقی ہائر ایجوکیشن کمیشن کی جانب سے دوسالہ بیچلرز اور تین سالہ آنرز پروگرامز اور ایک سالہ اور دوسالہ ماسٹرز پروگرام ختم کرنے کے اعلان کو جامعات کی خود مختاری پر کاری ضرب کے مترادف قراردیا ہے۔
انجمن اساتذہ نے فپواسا کے فیصلے کی حمایت کرتے ہوے کمیشن کے اس فیصلے کو مسترد کیامطالبہ کیا کہ کمیشن فوری اس فیصلے کو واپس لے اور جامعات کی باڈیز کے اختیارات میں مداخلت نہ کرے۔
اجلاس میں انجمن اساتذہ نے ایچ ای سی کی جانب سے کنورژن کے معاملات میں مداخلت پر سخت تشویش کا اظہار کرتے ہوئے جامعہ کراچی کی انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ پہلے وہ ایم فل اور پی ایچ ڈی کے داخلوں کے سلسلے میں واضح پالیسی جاری کرے اور اس ابہام کو دور کرے جو اس کے جاری کردہ نوٹیفکیشن سے ہوا ۔
 

 

 

ایمز ٹی وی (تجارت) پٹرول اور ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمتوں میں ایک روپیہ فی لٹر اضافہ کر دیا گیا جبکہ مٹی کے تیل اور لائٹ ڈیزل کی قیمتیں مستحکم رہیں گی۔
گزشتہ روز دبئی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر اسحق ڈار نے اپریل کے مہینے کیلئے نئی قیمتوں کا اعلان کیا۔
پٹرول کی قیمت 73 روپے سے بڑھا کر 74 روپے فی لٹر اور ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت 82 روپے سے بڑھا کر 83 روپے فی لٹر کر دی گئی ہے۔
وفاقی وزیر خزانہ اسحق ڈار نے کہا کہ حکومت پٹرولیم منصوعات کی قیمتوں میں اضافے کا بوجھ صارفین پر کم ڈال رہی ہے جسکے باعث رواں مالی سال کے دوران حکومت کو97؍ ارب روپے کا بوجھ برداشت کرنا پڑ رہا ہے۔
وزیر خزانہ نے کہا کہ مٹی کے تیل اور لائٹ اسپیڈ ڈیزل کی قیمتیں اوگرا کی جانب سے بڑھائے جانے کی تجویز کے باوجود تبدیل نہیں کی گئیں۔
اوگرا نے پٹرولیم مصنوعات کی عالمی قیمتوں میں اضافہ کے پیش نظر پٹرول کی قیمت میں 2.26 روپے فی لٹر، ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 2.04 روپے فی لٹر جبکہ مٹی کے تیل اور لائٹ ڈیزل کی قیمتوں میں بالترتیب 13.76 روپے اور 7.73 روپے فی لٹر اضافہ کی تجویز دی تھی۔
واضح رہے کہ3 ماہ کے دوران پانچویں دفعہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کیا گیا ہے۔
 

 

 

ایمزٹی وی(اسلام آباد)پاک فوج نے آج سے پاک افغان سرحد بند کرنے کا اعلان کردیا ۔میڈ یا رپورٹس کے مطابق پاک فوج نے پاک افغان بارڈر بند کرنے کا اعلان کیا ہے تاکہ بارڈر مینجمنٹ کے نظام کو منظم کیا جا سکے ۔
واضح رہے کہ کچھ عرصہ قبل وزیر اعظم نوازشریف نے پاک افغان سرحد کھولنے کے احکا مات جاری کیے تھے ۔ان کا کہنا ہے کہ دہشت گردی کے خلاف افغان حکومت کے ساتھ تعاون جاری رکھیں گے ،پاکستان میں امن و سلامتی کے لیے افغانستان میں دیر پا استحکام ضروری ہے۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ سرحدوں کو زیادہ دیر تک بند رکھنا عوامی اور معاشی مفاد ات کے منافی ہے ، خیر سگالی جذبے کے تحت سرحدوں کو فوری کھولنے کا فیصلہ کیا۔وزیراعظم نے کہا کہ امید ہے جن وجوہات پر پاک افغان سرحد بند کی گئی ،افغان حکومت ان وجوہات کا تدارک کرے گی۔

 

 

ایمز ٹی وی (تجارت) پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں تیزی کا رجحان رہا، 100 انڈیکس 206.60 پوائنٹس کے اضافے سے 48155.93 پوائنٹس پر بند ہوا۔
مارکیٹ سرمایہ میں 61 ارب 15 کروڑ 43 لاکھ 81 ہزار 615 روپے کا اضافہ رونماہوا جبکہ خرید و فروخت میں بھی 3 کروڑ 22 لاکھ 80 ہزار 410 حصص کی تیزی رہی۔
اسی طرح تجارتی حجم میں ایک ارب ایک کروڑ 14 لاکھ 79 ہزار 981 روپے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق کاروباری ہفتے کے آخری روز جمعہ کو پی ایس ایکس میں تیزی کا رجحان رہا اور100 انڈیکس 48000 اور 48100 پوائنٹس کی دو بالائی نفسیاتی حدیں عبور کرتے ہوئے 206.60 پوائنٹس کے اضافے سے 48155.93 پوائنٹس پر بند ہوا ۔
مارکیٹ میں مجموعی طور پر 381 کمپنیوں کے حصص کا لین دین ہوا جن میں سے 224 کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں تیزی، 143 کمپنیوں کے حصص کے بھاؤ میں مندی اور 14 کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں استحکام رہا۔
مجموعی طور پر 27 کروڑ 35 لاکھ 29 ہزار 720 حصص کا کاروبار ہوا جس کا تجارتی حجم 11 ارب 81 کروڑ 70 لاکھ 38 ہزار 32 روپے رہا۔
مارکیٹ کیپیٹل 95 کھرب 33 ارب 65 کروڑ 12 لاکھ 21 ہزار 140 روپے سے بڑھ کر 95 کھرب 94 ارب 80 کروڑ 56 لاکھ 2 ہزار 755 روپے ہو گیا۔
فیوچر ٹریڈنگ میں 147 کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں تیزی اور 21 کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں مندی رہی جبکہ 16 کروڑ 28 لاکھ 56 ہزار 140 حصص کا کاروبار ہوا۔
جبکہ 30 انڈیکس بھی 103.43 پوائنٹس کی تیزی سے 25615.60 پوائنٹس پر بند ہوا۔
مارکیٹ میں اتار چڑھاؤ کے بعد آل شیئر انڈیکس میں 209.85 پوائنٹس کا اضافہ رہا ۔
مزیدبرآں بینکس ٹریڈ ایبل انڈیکس 4.48 پوائنٹس کے اضافے سے 19712.04 پوائنٹس پر بند ہوا جبکہ آئل اینڈ گیس ٹریڈ ایبل انڈیکس 148.86 پوائنٹس کی تیزی سے 16211.05 پوائنٹس پر بند ہوا۔