اتوار, 13 اکتوبر 2024
Reporter SS

Reporter SS

 

ایمز ٹی وی(اسپورٹس) یوونٹس کے ہوم گراونڈ پر کھیلے گئے چیمپئنز لیگ کوارٹر فائنل کے سیکنڈ لیگ میں میزبان ٹیم نے پرتگالی کلب پورٹو کے خلاف ایک صفر سے کامیابی حاصل کی۔میچ کے 42 ویں منٹ میں یوونٹس کی جانب سے پولو ڈائی بالا نے پلنٹی کک پر گول کرکے ٹیم کو برتری دلائی۔
ڈائی بالا کی یہ برتری یوونٹس کو چیمپئنز لیگ کے کوارٹر فائنل میں پہنچانے کے لئے کافی ثابت ہوئی۔پورٹو نے میچ میں گول برابر کرنے کی کئی کوششیں کیں جو کارگر ثابت نہ ہوسکیں ۔
واضح رہے کہ یوونٹس نے پورٹو کو کوارٹر فائنل کے فرسٹ لیگ میں بھی دو صفر سے مات دی تھی ۔ا ٹالین کلب ایگریگیٹ کی بنیاد پر تین صفر سے جیت کر چیمپئنز لیگ کے کوارٹر فائنل میں پہنچ گیا۔
لیگ کے ایک اور پر ی کوارٹر فائنل میں انگلش کلب لیسٹر سٹی نے اسپینش کلب سیویا کے خلاف دو صفر سے کامیابی سمیٹی حالانکہ کوارٹر فائنل کے فرسٹ لیگ میں اسے سیویا نے ایک کے مقابلے میں دو گول سے شکست دے رکھی تھی ۔
کوارٹر فائنل میں جگہ بنانے کے لئے لیسٹر سٹی کو میچ بھی کم از کم دو گول کے مارجن سے جیتنا تھا۔ہوم گراؤنڈ پر لیسٹر سٹی کی ٹیم جس طرح کا آغاز چاہ رہی تھی مورگن نے بھی بالکل ویسا ہی کیا ۔ میچ کے 27 ویں منٹ میں گیند کو جال میں پہنچا کر لیسٹر سٹی کو برتری دلائی۔وقفے تک لیسٹر سٹی کو ایک صفر کی برتری حاصل رہی ۔
دوسرے ہاف کے آغاز ہی میں لیسٹر نے مخالف ٹیم کے گول پر اٹیک کئے جس میں کامیابی بھی ملی اور البرائٹن نے گول کرکے اپنی ٹیم کی برتری دگنی کردی۔میچ اسی اسکور پر ختم ہوا۔انگلش کلب نے ایگری گیٹ کی بنیاد پر تین دو سے کامیابی حاصل کرکے کوارٹر فائنل میں جگہ بنالی۔
لیسٹر سٹی کی اس فتح کے بعد چیمپئنز لیگ کے کوارٹر فائنل میں کوالیفائی کرنے والی ٹیموں کی تعداد چھ ہوگئی ۔ان ٹیموں میں بارسلونا ، بائرن میونخ، بروشیا ڈورٹمنڈ، ریال میڈرڈ،یوونٹس اور لیسٹرسٹی شامل ہیں ۔
اگلی دو ٹیموں کا فیصلہ آج رات ہوجائے گاجب اسپنش کلب ایٹلیٹیکو میڈرڈ جرمن کلب بائر لیور کیوسن سے مقابلہ کرے گی۔پری کوارٹر فائنل کے فرسٹ لیگ میں ایٹلیٹیکو میڈرڈ بائر لیور کیوسن کو چار دو سے زیر کرچکا ہے ۔لہٰذا اسے لاسٹ ایٹ میں پہنچنے کے لئے زیادہ دشواری نہیں ہوگی۔
دوسرے میچ میں فرانسیسی کلب موناکو کا مقابلہ انگلش کلب مانچسٹرسٹی سے ہوگا۔مانچسٹرسٹی کے آخری آٹھ ٹیموں میں پہنچنے کے امکانات خاصے روشن ہیں کیونکہ مانچسٹرسٹی نے مخالف ٹیم موناکو کو فرسٹ لیگ میں تین کے مقابلے میں پانچ گول سے شکست دی تھی۔
 

 

 

ایمز ٹی وی (تجارت) امریکی جریدے اور برطانوی جریدے نے پاکستان کی معاشی ترقی کا اعتراف کرتے ہوئے کہا ہے کہ اشتہاری کمپنیوں کو پاکستانی کرکٹ بھا گئی ہے اور انہوں نے پاکستان کرکٹ میں سرمایہ کاری کی خواہش کا اظہار کیا ہے۔
میڈیا زرائع کے مطابق امریکی اور برطانوی جرائد میں شائع ہونے والی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ سیاست‘ معیشت‘ کھیل سمیت ہر شعبے میں پاکستان ترقی کی راہ پر ہے۔ پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے فائنل کا لاہور میں انعقاد بڑی کامیابی ہے اور مردم شماری بھی اہم فیصلہ ہے۔

امریکی جریدے نے پی ایس ایل کا فائنل میچ لاہور میں کرانا بڑی اہم کامیابی قرار دیتے ہوئے کہا کہ اشتہاری کمپنیوں کو پاکستانی کرکٹ بھا گئی ہے اور انہوں نے پاکستان کرکٹ میں سرمایہ کاری کی خواہش کا اظہار کیا ہے۔
برطانوی جریدے کے مطابق اسٹاک مارکیٹ تیزی سے ابھری اور ملک میں غربت کی شرح کم ہوئی جبکہ شہری مڈل کلاس میں اضافہ ہو رہا ہے۔ اخبار کے مطابق وزیراعظم نواز شریف کے دور حکومت میں ملک میں بجلی کی قلت پر کافی حد تک قابو پا لیا گیا ہے۔
 

 

 

ایمز ٹی وی (اسپورٹس) پشاور زلمی کے مالک جاوید آفریدی نے خیبرپختونخواہ اور فاٹا کے علاقوں کے نوجوان کھلاڑیوں کو امارات ٹی 20 ٹورنامنٹ میں موقع دینے کا اعلان کر دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ”ٹوئٹر“ پر جاری ایک پیغام میں جاوید آفریدی نے کہا ہے کہ پشاور زلمی خیبرپختونخواہ اور فاٹا کے علاقوں میں ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام کا انعقاد کرے گی اور نوجوان کھلاڑیوں کو امارات ٹی 20 ٹورنامنٹ میں کھیلنے کا موقع فراہم کرے گی۔
جاوید آفریدی پاکستان میں کرکٹ کیلئے جس طرح کام کر رہے ہیں وہ قابل تعریف ہے اور ہر کوئی ان کی کاوشوں کو سراہنے پر مجبور ہے۔

 

 

 
ایمزٹی وی(اسلام آباد)خانہ و مردم شماری کے پہلے مرحلے کیلئے پاک آرمی کو خصوصی عدالتی اختیارات دیدیئے گئے ہیں۔تفصیلات کے مطابق پاکستان میں 70 سالہ تاریخ کی چھٹی مردم شماری کے موقع پر وزارت داخلہ نے خانہ و مردم شماری کے موقع پر پاک آرمی کو ان افراد کیخلاف جو کہ معلومات دینے میں تعاون نہ کریں یا غلط معلومات فراہم کرے تو ان کیخلاف موقع پر ہی کارروائی کرتے ہوئے خصوصی عدالتی اختیارات استعمال کیے جائیں جس کی وزارت داخلہ نے عدالتی اختیارات کی منظوری دیدی ہے۔
پاکستان شماریات بیورو کے سروے ممبر حبیب اللہ خان نے بتایا کہ” آرمی کو عدالتی اختیارات ا س لئے دیئے گئے ہیں تاکہ انصاف کی جلد فراہمی کو یقینی بنایا جاسکے اور مردم شماری کے مرحلے کو جلد پایہ تکمیل تک پہنچایا جائے“، انہوں نے مزیدبتایا کہ ”قانون کے مطابق ایسے افراد جو کہ غلط بیانی سے کام لیتے ہیں کو پاکستان شماریات بیور و سزا دلوا سکتا ہے مگر ان اختیارات کا مقصدان افراد کو سزا دلوانا ہے جوکہ مردم شماری کیلئے تعاون نہیں کرتے کو موقع پر سزاد ی جاسکے“۔
مردم شماری کیلئے دو فیز بنائے گئے ہیں جن کے مطابق پہلے فیز میں 63اضلاع میں مردم شماری کی جائے گی جو کہ 15اپریل تک جاری رہے گی جس کے بعد دوسرے فیز میں کام کیا جائے گا۔پنجاب بھر میں 62ہزار عملہ تعینات کیا جارہاہے جبکہ پاک فوج کی جانب سے 2 لاکھ جوانوں مردم شماری میں حصہ لیں گے۔
۔ پاکستان کے قیام کے بعد یہ پہلا موقع ہے جب مردم شماری میں مخنث افراد کو علیحدہ سے شمار کیا جائے گا۔ کثیرالنسلی افراد کے مسکن پاکستان میں زبان کو ایک خاص اہمیت حاصل ہے ، تاہم اس مردم شماری میں ملک میں بولی اور سمجھی جانے والی تقریباً 70 زبانوں میں سے صرف 9 زبانوں کو شامل کیا جائے گا۔مردم شماری کے فارم کے ایک خانے میں شہریوں سے یہ سوال بھی کیا جائے گا کہ ان کے گھر میں موجود ٹوائلٹس کی تعداد کتنی ہے۔ اس سوال کی ضرورت اس لیے بھی محسوس ہوتی ہے کیونکہ اقوام متحدہ کے مطابق پاکستان کی 40 فیصد آبادی کو ضروری حاجات کے لیے ٹوائلٹ میسر نہیں۔ قومیت کے خانے میں شہریوں کے لیے دو آپشنز پاکستانی یا غیر ملکی موجود ہوں گے۔

 

 

ایمز ٹی وی(اسپورٹس) قومی ٹیسٹ ٹیم کے کپتان مصباح الحق نے ویسٹ انڈیز کیخلاف سیریز کو اپنے کیریئر کا آخری معرکہ قرار دے دیا ۔
حال ہی میں ہانگ کانگ ٹی ٹوئنٹی لیگ میں شرکت کرنے والے مصباح الحق کا میڈیا سے گفتگو میں کہنا تھا کہ کیریبین سائیڈ کیخلاف سیریز کے بعد وہ اپنے انٹرنیشنل کیریئر کو خیرباد کہہ سکتے ہیں لیکن اس کا انہوں نے ابھی باقاعدہ کوئی اعلان نہیں کیا کیونکہ وہ ویسٹ انڈیز کیخلاف کھیلنے کے بعد ہی حتمی فیصلہ کریں گے ۔

 

 

ایمزٹی وی(راولپنڈی)فوجی عدالتوں سے سزا پانے والے مزیدتین افراد کو پھانسی دیدی گئی ہے۔آئی ایس پی آر کے مطابق تینوں دہشتگردوں کو ہائی سکیورٹی جیل ساہیوال میں پھانسی دی گئی۔پھانسی پانے والوں میں سید زمان خان،شوالے اور محمد ذیشان شامل ہیں۔
پھانسی پانے والے دہشتگرد فوج پر حملوں اور دہشتگردانہ واقعات میں ملوث تھے,شوالے کا تعلق کالعدم تحریک طالبان پاکستان،سید زمان اور محمد ذیشان کا تعلق کالعدم حرکت الجہاد سے تھا۔
تینوں دہشتگردوں نے اپنے جرائم کا اعتراف کیا تھا۔فوجی عدالتوں سے اب تک 161 مجرمان کو سزا سنائی گئی ہے,اب تک 21 مجرموں کو پھانسی دی جاچکی ہے۔ واضح رہے کہ چند روز پہلے بھی فوجی عدالتوں سے سزا پانیوالے 5 دہشتگردوں کو پھانسی دی گئی تھی۔

 

 

ایمز ٹی وی(مانیٹرنگ ڈیسک) کیا آپ کے لیے یہ فیصلہ کرنا مشکل ہے کہ آئی فون لیا جائے یا اینڈرائیڈ ڈیوائس؟ اگر ہاں تو کیوں نہ آپ دونوں آپریٹنگ سسٹم کا مزہ ایک ہی فون میں لیں جو کہ کچھ زیادہ مہنگا بھی نہیں پڑے گا۔ اگر آپ کو اس میں دلچسپی ہے تو کک اسٹارٹر پر دستیاب ایک آئی فون کیس یا کور آپ کو ضرور پسند آئے گا۔ آئی فون کے لیے بنائے جانے والے اس کیس جسے آئی کا نام دیا گیا ہے، نے کراﺅڈ فنڈنگ سائٹ پر ایک لاکھ ڈالرز سے زائد جمع کرلیے ہیں جس کی وجہ اس کے دلچسپ فیچرز ہیں۔

درحقیقت اس کیس میں ایک پانچ انچ کی اسکرین، بیٹری پاور، 256 جی بی تک اسٹوریج، ڈوئل سم سلاٹس، آئی آر بلاسٹر اور وائرلیس چارجنگ وغیرہ موجود ہیں۔ آسان الفاظ میں کہا جائے تو یہ آئی فون کیس درحقیقت ایک اینڈرائیڈ فون ہے۔ جب آپ اس کیس کو آئی فون پر لگاتے ہیں تو آپ اپنے فون کو عام معمول کی طرح تو استعمال کر ہی سکتے ہیں مگر اس کے بیک پر بھی ایک اور فون آپ کو دستیاب ہوگا جسے بھی عام استعمال کیا جاسکتا ہے اور کون ہوگا جسے یہ فیچر پسند نہیں آئے گا؟

اس کیس کی ایک خاص بات یہ بھی ہے کہ اس میں اینڈرائیڈ فون کی بیٹری کو آئی فون چارج کرنے کے لیے استعمال کیا جاسکتا ہے۔اس بیٹری میں 2800 ایم اے ایچ پاور اسٹور کی جاسکتی ہے جو کہ آئی فون بیٹری کی زندگی سے کافی زیادہ ہے جبکہ ایندرائیڈ فون میں آل ویز آن ڈسپلے دیا گیا جو کہ ایک گھنٹے میں صرف ایک فیصد بیٹری استعمال کرتا ہے۔

اس کیس میں ایس ڈی کارڈ سلاٹ موجود ہے جو آئی فون کی میموری کو بڑھانے کے کام آسکتا ہے کیونکہ آپ کو علم ہی ہوگا کہ ایپل کے فونز کی میموری محدود ہوتی ہے اور ان میں اضافہ نہیں ہوسکتا۔ تاہم اس کیس میں موجود اینڈرائیڈ ڈیوائس میں آپ آئی فون کا ڈیٹا ٹرانسفر کرسکتے ہیں جبکہ آئی فون کے بیک کیمرے کو آپ اس کیس میں سیلفی کیمرے کے طور پر بھی استعمال کرسکتے ہیں۔

اگر تو آپ اسے لینے میں دلچسپی رکھتے ہیں تو کک اسٹارٹر پر یہ اولین دو ہزار افراد کو 95 سے 129 ڈالرز (سستا کیس فورجی کے بغیر ہوگا) میں دسیتاب ہوگا جبکہ رواں سال اگست یا ستمبر میں باضابطہ طور پر متعارف کرائے جانے کے بعد اس کی قیمت 189 ڈالرز ہوگی۔ اس کیس کو ایسٹیسی نامی کمپنی نے تیار کیا ہے۔

 

 

 

 

ایمز ٹی وی(مانیٹرنگ ڈیسک) اگر آپ کے بچے دن میں 3 گھنٹے یا اس سے زائد وقت ٹیلی ویژن دیکھنے، کمپیوٹر استعمال کرنے یا ویڈیو گیمز کھیلنے میں گزارتے ہیں تو ان میں ذیابیطس جیسے جان لیوا مرض کا خطرہ کئی گنا بڑھ جاتا ہے۔
یہ انکشاف برطانیہ میں ہونے والی ایک طبی تحقیق میں سامنے آیا۔
لندن یونیورسٹی کی تحقیق کے مطابق جتنا وقت بھی اسکرین کے سامنے گزارا جاتا ہے وہ بالغوں میں تو ذیابیطس کا خطرہ بڑھاتا ہی ہے مگر ایسا بچوں کے ساتھ بھی ہوتا ہے۔
تحقیق کے دوران ساڑھے چار ہزار بچوں کے ڈیٹا کا جائزہ لیا گیا اور معلوم ہوا کہ اسکرین کے سامنے زیادہ وقت گزارنے سے ایسی بائیولوجیکل تبدیلیاں آتی ہیں جو ذیابیطس ٹائپ ٹو کا خطرہ بڑھاتی ہیں۔
ایسے بچوں کے جسم شکر کو جذب کرنے کے حوالے سے زیادہ اچھے نہیں ہوتے جو کہ انسولین کی حساسیت کی نشانی ہے، جسے ذیابیطس کا آغاز بھی کہا جاسکتا ہے۔
محققین کا کہنا تھا کہ اسکرین کے سامنے زیادہ وقت گزارنا ہر عمر کے افراد کی صحت کے لیے نقصان دہ ہے مگر بچوں پر اس کا بہت برا اثر ہوتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایسا نظر آتا ہے کہ لوگ صحت مند زندگی کے لیے ضروری توازن کو نظرانداز کرنے کے عادی ہوگئے ہیں۔
اس سے قبل یہ بات بھی سامنے آچکی ہے کہ اسکرین کے سامنے زیادہ وقت گزارنے کے نتیجے میں بچے موٹاپے کا شکار ہوجاتے ہیں۔
محققین نے مشورہ دیا کہ بچوں کے اسکرین کے سامنے گزارے جانے والے وقت میں کمی لاکر ذیابیطس جیسے مرض کے خطرے کو کم کیا جاسکتا ہے۔
 

 

 

ایمز ٹی وی(مانیٹرنگ ڈیسک) سعودی عرب کی وزارت محنت اور سماجی ترقی نے اسمارٹ فون پر ایک نئی ایپلیکیشن متعارف کرائی ہے جس کے ذریعے گھریلو ملازمین کو بھرتی کیاجاسکتا ہے۔
وزارت نے اپنے الیکٹرانک پروگرام پر یہ نئی ایپلی کیشن متعارف کرائی ہے۔ اس کو تمام اینڈرائیڈ اسمارٹ فونز پر استعمال کیا جاسکتا ہے۔
 
مسنید ایپلی کیشن سے دفاتر میں کاغذی کارروائی کم کرنے اور ملازمین کی بھرتی کے عمل کو شفاف بنانے کی ضمانت بھی ملے گی۔
دفاتر کے متعدد مالکان نے اس نئی سروس کا خیرمقدم کیا ہے اور کہا ہے کہ اس سے سرخ فیتے کا خاتمہ ہوگا اور کاغذی کارروائی میں بھی 40 فی صد تک کمی لائی جاسکے گی۔

 

 

ایمز ٹی وی( تجارت) وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال نے کہا ہے کہ سی پیک کے تحت صنعتی زونز میں چین ہی نہیں پاکستان کی انڈسٹری بھی لگے گی ، چین کا تعاون پاکستان میں صنعتی انقلاب برپا کرے گا ۔
ایک بیان میں احسن اقبال نے کہا کہ پاکستان میں صنعتی انقلاب سی پیک منصوبے کا اہم حصہ ہے ، وفاقی دارالحکومت سمیت چاروں صوبو ں آزاد کشمیر گلگت بلتستان اور فاٹا میں صنعتی زون قائم کیے جائیں گے، پاکستان سمیت بڑی بڑی چینی کمپنیاں ان صنعتی زونز میں سرمایہ کاری کریں گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ دنیا میں آج چینی سرمایہ کاروں کو راغب کرنے کی دوڑ لگ چکی ہے،چینی صنعتیں دنیا کے متعدد ملکوں میں منتقل ہو رہی ہیں پاکستان میں کیوں نہیں ۔
وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقی کا کہناتھاکہ سی پیک کے تحت صنعتی زونز کے قیام سے روز گار کے مواقع بڑھیں گے اور جدید صنعتی ٹیکنالوجی بھی پاکستان منتقل ہو گی ۔