جمعہ, 11 اکتوبر 2024
Reporter SS

Reporter SS

 

ایمزٹی وی(پشاور)پشاور کے علاقے حیات آباد میں گزشتہ روز ہونے والے خودکش حملے کا مراسلہ ایف آئی آر کے لئے سی ٹی ڈی کو ارسال کر دیا گیا ہے ۔
میڈیا ذرائع کے مطابق حیات آباد میں ججز کی گاڑ ی کے قریب خودکش حملے کا مراسلہ تیار کر لیا گیا ہے جسے ایف آئی آر کیلئے سی ٹی ڈی کو ارسال کر دیا گیا ہے جبکہ تحقیقاتی ٹیموں نے زخمیوں کے بیانات بھی قلمبند کر لیے ہیں ۔
مراسلے میں کہا گیا ہے کہ خودکش حملہ آور کی عمر 16سے 17سال تھی ، حملہ آور کے جسمانی اعضاءبھی ڈی این اے کیلئے بھجوائے جائیں گے ۔

 

 

ایمز ٹی وی(مانیٹرنگ ڈیسک) اسٹینفرڈ یونیورسٹی کے ماہرین نے صرف ایک چھوٹی سی چپ پر پوری تجربہ گاہ بنائی ہے جس کا سرکٹ باآسانی ڈاؤن لوڈ کیا جاسکتا ہے۔
صرف چند روپوں میں بنائی جانے والی یہ چھوٹی سی تجربہ گاہ جیب میں سماسکتی ہے جو ٹی بی، کینسر اور ملیریا کی شناخت کرسکتی ہے۔ اسے رحیم اسفندیار پور اور ان کے ساتھیوں نے بنایا ہے جو اسٹینفرڈ یونیورسٹی کے شعبہ طبی تحقیق سے وابستہ ہیں۔
رحیم اسفند یار کے مطابق اگر آپ کے پاس انٹرنیٹ اور پرنٹر ہے تو آپ اس چپ کو کہیں بھی اور کسی بھی جگہ استعمال کرکے مرض کی شناخت کرسکتے ہیں، اس ٹیکنالوجی کا مقصد غریب اور پسماندہ علاقوں میں جان لیوا امراض کی بروقت تشخیص کرنا ہے۔
چپ پر سلیکان سے خانے بنائے جاتے ہیں جس میں نمونہ ٹیسٹ کے لیے رکھا جاتا ہے اور ایک چپ رکھی جاتی ہے جو باربار استعمال ہوسکتی ہے۔ پوری الیکٹرانک پٹی چھاپی جاسکتی ہے جو پولی ایسٹر سے بنی ہوتی ہے۔ انک جیٹ پرنٹر اور نینو ذرات والی سیاہی سے پورا سرکٹ ایک سادہ پٹی پر نقش کیا جاسکتا ہے اور اس میں صرف 20 منٹ لگتے ہیں۔
جب پٹی میں سے الیکٹرک چارج گزارا جاتا ہے تو خلیات (سیلز) اپنے برقی خواص کی بنا پر الگ الگ ہوجاتے ہیں جس سے ماہرین خلیات کو جداگانہ طور پر شناخت کرسکتے ہیں۔ اس طرح سرطانی رسولیوں (ٹیومر) کے خلیات کو باآسانی الگ کیا جاسکتا ہے اور کئی طرح کے کینسر کو ابتدا میں ہی شناخت کیا جاسکتا ہے۔
اسفند یار نے مزید بتایا کہ اگر ماہرین کو نمونے کے خلیات کو الگ کرنے کے بجائے ان کا شمار کرنا ہو تو اس کے لیے دوسری پٹی استعمال کی جاسکتی ہے جس کا سرکٹ تھوڑا مختلف ہوگا، آپ ایک پٹی کمپیوٹر پر بنا کر اسے چھاپ سکتے ہیں اور مستقبل میں اس کا ایک ڈیٹابیس امراض کی شناخت کو مزید آسان کرے گا۔
دیگر ماہرین نے اس ایجاد پر خوشی کا اظہار تو کیا ہے لیکن اسے مزید بہتر بنانے پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ مائیکروچپ ٹیسٹ کسی بھی طرح باضابطہ تجربہ گاہ کی جگہ نہیں لے سکتا۔

 

 

ایمز ٹی وی(مانیٹرنگ ڈیسک) اسمارٹ فونز بنانے والی چینی کمپنی 'ہواوے' موبائل فونز کی فروخت کے اعتبار سے اپنی حریف کمپنیوں ایپل اور سام سنگ کو ٹف ٹائم دے رہی ہے۔
کنسلٹنسی گروپ گارٹنر کی رپورٹ کے مطابق گزشتہ برس چینی کمپنی ہواوے کے موبائل فونز کی فروخت میں 26.7 فیصد اضافہ ریکارڈ گیا گیا۔
رپورٹ کے مطابق سام سنگ اور ایپل کی فروخت میں گزشتہ برس 4.3 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی۔
گارٹنر کے مطابق ہواوے نے اسمارٹ فون سیکٹر میں اپنے حصے کو وسیع کرتے ہوئے 8.9 فیصد تک پہنچایا جو کہ 2015 میں 7.3 فیصد تھا۔
2016 میں سام سنگ کا مارکیٹ شیئر دو فیصد کمی کے بعد 20.5 فیصد پر پہنچ گیا جبکہ ایپل کا شیئر 15.9 فیصد سے کم ہوکر 14.4 فیصد تک جاپہنچا۔
گارٹنر کے تجزیہ کار انیٹی زمرمین کے مطابق اب ہواوے مارکیٹ میں ایپل اور سام سنگ کا اہم ترین حریف بن چکا ہے۔
صرف 2016 کی آخری سہہ ماہی اکتوبر تا دسمبر کے دوران ایپل نے 7 کروڑ 77 لاکھ سیٹس فروخت کیے جبکہ اسی عرصے میں سام سنگ نے 7 کروڑ 68 لاکھ فونز بیچے۔
چینی کمپنی ہواوے نے اکتوبر تا دسمبر 2016 کے دوران 4 کروڑ 8 لاکھ اسمارٹ فونز فروخت کیے۔
 

 

 

ایمزٹی وی(کوئٹہ)بلوچستان بار ایسوسی ایشن نے پشاور میں سول ججز پر خودکش حملے کیخلاف ہڑتال کا اعلان کر دیا ۔
میڈیا ذرائع کے مطابق گزشتہ روز پشاور کے علاقے حیات آباد میں سول ججز پر حملے کے خلاف بلوچستان بار ایسوسی ایشن نے آج صوبے بھر میں عدالتی کارروائی کے بائیکاٹ کا اعلان کر دیا ۔
بلوچستان بار ایسوسی ایشن کے صدر آصف ریکی کا کہنا ہے کہ بارپشاور میں سول ججز پر حملے کی بھر پورمذمت کرتی ہے اور واقعے کے خلاف آج پورے بلوچستان میں عدالتی کارروائی کا بائیکاٹ کیا جائے گا اور کوئی وکیل کسی عدالت میں پیش نہیں ہوگا۔
 

 

 

ایمز ٹی وی(تجارت) پاکستان اور چین کے اشتراک سے تیار کیے گئے 70 جے ایف 17تھنڈر طیارے پاک فضائیہ میں شامل ہو گئے جس سے پاکستان کا دفاع مزید مضبوط ہو گیاہے۔ 

کامرہ ائیر بیس میں طیاروں کی شمولیت کے حوالے سے ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں وفاقی وزیر دفاع خواجہ آصف اور ائیر چیف مارشل سہیل امان سمیت کئی سول اور عسکری حکام نے شرکت کی ۔اس موقع پر 70سے زائد جے ایف 17تھنڈر طیارے پاک فضائیہ میں شامل کیے گئے ۔

پاک فضائیہ کے پاس بلاک ون اور بلاک ٹو طیاروں کی مجموعی تعداد 70سے زائد ہے ۔واضح رہے کہ پاکستان نے چین کے اشتراک سے جے ایف 17تھنڈر طیارے تیار کیے جو کہ دونو ں ممالک کے درمیان لازوال دوستی کی علامت ہے ۔

 

 

ایمز ٹی وی(تجارت) حکومت پاکستان کے شعبہ قومی اعزازات نے پاکستان بزنس کونسل دبئی کے سابق صدر خواجہ تنویر الاسلام (مرحوم) کی خدمات کے پیش نظر تمغہ امتیاز (بعدازوفات) دینے کا اعلان کیا ہے۔

پاکستان بزنس کونسل دبئی کے موجودہ صدر احمد شیخانی نے متذکرہ خوش کن اطلاع دیتے ہوئے کہا ہے کہ سابق صدر خواجہ تنویر الاسلام کی خدمات پاکستانی کمیونٹی کے لئے بہت زیادہ ہیں۔ ان خدمات کے اعتراف میں حکومت پاکستان نے ان کےلئے بعد از وفات ”تمغہ امتیاز“ کا اعلان کیا ہے جو ان کی اہلیہ کو 23 مارچ 2017ءکے موقع پر منعقد ہونے والی تقریب برائے تقسیم اعزازات میں دیا جائے گا۔

 

 

ایمزٹی وی (اسلام آباد)سپریم کورٹ میں پاناما کیس کی سماعت شروع ہوئی تو حسن اور حسین نواز کے وکیل نے منروا کیساتھ سروسز کا ریکارڈ عدالت میں جمع کر اتے ہوئے موقف اپنایا کہ تمام دستاویزات گزشہ رات لندن سے منگوائی ہیں اور منروا کمپنی کو ادائیگیوں کی تفصیلات بھی عدالت میں پیش کر دیں ۔
5رکنی بینچ کے سربراہ جسٹس آصف سعید کھوسہ نے وکیل سلمان اکرم راجہ سے استفسار کیا کہ حسن اور حسین نواز نے کب اور کتنے جوابات جمع کرائے جس پر وکیل نے جواب دیا کہ تاریخوں کے حساب سے عدالت کو کچھ دیر میں آگاہ کرونگا تاہم زیادہ تر جوابات مشترکہ طور پر جمع کرائے گئے ہیں ۔حسین نواز کے نمائندے نے ایرنیا کمپنی کی جانب سے معاہدہ کیا اور فیصل ٹوانہ کو بطور نمائندہ مقرر کیا تھا جو حسین نواز کی جا نب سے منروا کمپنی سے ڈیل کرتے تھے۔

 

 

ایمز ٹی وی(تجارت) عالمی منڈی میں تیل کی قیمتیں ایک بار پھر گر گئیں ہیں۔ حالیہ کمی امریکا میں تیل کی پیداوار میں اضافے کے بعد بدھ کے روز پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا رحجان رہا ہے۔

امریکا میں پیٹرول کی قیمت میں 0.66 سینٹ یا 0.45 فیصد کمی کا سامنا رہا، برینٹ کروڈ کے سودے 30 سینٹس کمی کے بعد فی بیرل 55.67 ڈالر فی بیرل کے حساب سے ہوئے۔

اسی طرح امریکی خام تیل کی قیمت میں 26 سینٹ کمی کے بعد فی بیرل قیمت 52.94 ڈالر ہوگئی ہے۔ امریکا میں تیل کی پیداوار میں اضافے کے بعد ان خدشات کا اظہار کیا جارہا تھا کہ یہ اوپیک کی جانب سے تیل کی پیدوار میں کمی کے معاہدے پر اثر انداز ہوسکتا ہے۔

امریکا میں انرجی انفارمیشن ایڈمنسٹریشن (ای آئی اے) کا کہنا ہے کہ ملک میں گزشتہ برس خام تیل کے اسٹاک میں 95 لاکھ بیرل ہوگیا ،جو کہ اندازوں سے تین گنا زیادہ ہے۔

امریکا میں خام تیل کی پیداوار اپنی بلند ترین سطح 51 کروڑ 81 لاکھ 20 ہزار بیرل تک پہنچ گیا ہے، جبکہ پیٹرول کا اسٹاک بھی 28 لاکھ بیرل اضافے کے بعد 25 کروڑ 91 لاکھ بیرل کی ریکارڈ سطح تک ہوگئی ہے۔

 

 

 

ایمز ٹی وی(تجارت) واکس ویگن کے مقامی پارٹنر کی پاکستان میں گاڑیاں بنانے میں دلچسپی ظاہر کر دی ہے۔ انجینئرنگ  ڈویلپمنٹ بورڈ کے مطابق زیادہ پارٹس پاکستان میں تیار کرنے کی طرز پر اجازت دے دیں گے۔

انجینرنگ ڈویلپمنٹ بورڈحکام نے گفتگو میں بتایا کہ واکس ویگن کے لوکل پارٹنر پریمیم سسٹمز نے درخواست قلیل مینوفیکچرنگ یا ایس کے ڈی طرز پر دی ہے۔

حکام کے مطابق نئی آٹو پالیسی میں ایس کے ڈی طرز پر واکس ویگن کو اجازت ممکن نہیں ہے۔ انہوں نے بتایا کہ زیادہ پارٹس پاکستان میں بنانے کی پالیسی یا سی کے ڈی کے تحت واکس ویگن پلانٹ کا خیر مقدم کریں گے ۔

حکام نے بتایا کہ نئی آٹو پالیسی کے تحت دوبارہ درخواست آئی تو منظور کریں گے۔ حکام کے مطابق ایس کے ڈی کے تحت ملک میں روزگار کے زائد مواقع پیدا ہوتے ہیں۔

 

 

 

ایمز ٹی وی(صحت) پنجاب حکومت اور دوا ساز کمپنیوں کے درمیان مذاکرات کامیاب ہوگئے، ذرائع کا کہنا ہے کہ دوا ساز کمپنیاں ہڑتال ختم کرنے پررضا مندہوگئی ہیں۔

فریقین نے جعلی دوائیں بنانے والوں کوسخت سزائیں دینے پر اتفاق کیا ہے،صوبائی ڈرگ ایکٹ میں ترمیم کےلیے کمیٹی بھی تشکیل دی گئی ہے جو ترامیم کے لیےسفارشات تیار کرے گی۔

دوا ساز کمپنیاں اور میڈیکل اسٹور مالکان ڈرگ ایکٹ کے خلاف تین روز سے احتجاج کررہے ہیں اور میڈیکل اسٹورز بند ہونے سے مریضوں کو دواؤں کے حصول میں سخت پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔