جمعہ, 11 اکتوبر 2024
Reporter SS

Reporter SS

 

ایمزٹی وی(پشاور)کالعدم تحریک طالبان پاکستان نے پشاور کے حیات آباد کمپلیکس کے قریب دھماکے کی ذمہ داری قبول کر لی ہے۔
تفصیلات کے مطابق کالعدم پاکستان تحریک طالبان کے مرکزی ترجمان محمد خراسانی کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ان کے خودکش بمبار نے پشاور کے حیات آباد کمپلیکس کے قریب ججوں کی گاڑی کو نشانہ بنایا۔
واضح رہے کہ پشاور کے علاقے حیات آباد میں پی ڈی اے کے دفتر کے باہر جج کی گاڑی کے قریب خودکش حملے میں ڈرائیور سمیت 2 افراد شہید اور 18 زخمی ہوگئے۔ موٹر سائیکل سوار حملہ آور نے گاڑی کے قریب پہنچ کر خود کو دھماکے سے اڑا دیا جس کے نتیجے میں سول جج آصف جدون بھی زخمی ہوئے ہیں۔

 

 

ایمزٹی وی(پشاور)حیات آباد میڈیکل کمپلیکس کے قریب دھماکے کے نتیجے میں اب تک 2 افراد جاں بحق اور 18 افراد زخمی ہو چکے ہیں اور اب یہ انکشاف بھی ہوا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے بھی حیات آباد کا دورہ کرنا تھا۔
تفصیلات کے مطابق عمران خان آج پشاور پہنچ چکے ہیں جہاں انہوں نے کابینہ کے اراکین سے ملاقاتیں کیں۔ 
 
ذرائع کے مطابق عمران خان نے اب سے کچھ دیر بعد حیات آباد کا دورہ کرنا تھا جہاں ایک تقریب کا انعقاد کیا گیا تھا۔
 
Haعمران خان نے پارٹی عہدیداروں اور کارکنوں سے ملاقات کے علاوہ تقریب سے خطاب بھی کرنا تھا تاہم ان کے جانے سے پہلے ہی دھماکہ ہو گیا ہے۔
 

 

 

ایمزٹی وی (پشاور)حیات آباد میں ماتحت عدلیہ کے ججز کو لے جانے والی گاڑی پر خودکش حملے کے نتیجے میں 2 افراد جاں بحق جب کہ 18 زخمی ہوگئے ہیں۔ میڈیا ذرائع کے مطابق پشاور کے علاقے حیات آباد میں پی ڈی اے کے دفتر کے قریب سابق رکن صوبائی اسمبلی عدنان وزیر کے گھر کے سامنے دھماکے کے نتیجے میں 2 افراد جاں بحق جب کہ 18 زخمی ہوگئے ہیں، زخمیوں کو فوری طور پر حیات آباد میڈیکل کمپلیکس منتقل کردیا گیا ہے۔ جہاں انہیں طبی امداد فراہم کی جارہی ہے۔
ایس ایس پی آپریشنز سجاد خان کا کہنا ہے کہ دھماکا خود کش اور حملہ آور موٹر سائیکل پر سوار تھا اور اس نے ماتحت عدلیہ کے ججز کو لے جانے والی گاڑی کو نشانہ بنایا۔ گاڑی میں خواتین ججز بھی موجود تھیں، دھماکے میں گاڑی کا ڈرائیور موقع پر ہی جاں بحق ہوگیا۔
واقعے کے بعد سیکیورٹی فورسز اور پولیس اہلکاروں کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی ہے جنہوں نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا ہے جب کہ کسی بھی غیر متعلقہ شخص اور میڈیا کے نمائندوں کو جائے وقوعہ کے قریب جانے کی اجازت نہیں دی جارہی، شہر کے تمام سرکاری اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے۔
دھماکے کی جگہ پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے تحریک انصاف کے رہنما شوکت یوسف زئی نے کہا کہ ہم خیبر پختونخوا اور فاٹا میں پورے پاکستان کی جنگ لڑ رہے ہیں۔ دہشت گرد آسان اہداف کو نشانہ بنا کر اپنی موجودگی ظاہر کررہے ہیں۔ اس واقعے میں ایک شخص جاں بحق جب کہ 4 ججز سمیت 5 افراد زخمی ہوئے ہیں، زخمیوں میں 3 خواتین ججز بھی شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ خودکش حملہ آور کے سر سمیت دیگر اعضا مل گئے ہیں، جس کے ذریعے اسے شناخت کرنے کی کوشش کی جائے گی۔
دوسری جانب وزیرداخلہ چوہدری نثار نے حیات آباد دھماکےکی شدید مذمت کرتے ہوئے واقعے کی رپورٹ طلب کرلی ہے۔ اس کے علاوہ تحریک انصاف کے چیرمین عمران خان اور امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے جانی نقصان پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔
واضح رہے کہ جس جگہ دھماکا ہوا ہے اس کے ارد گرد کئی اہم سرکاری دفاتر اور عمارات موجود ہیں جن میں شوکت خانم اسپتال بھی شامل ہے، دھماکے کے کچھ دیر بعد تحریک انصاف کے چیرمین عمران خان کو حیات آباد میڈیکل کمپلیکس کا دورہ کرنا تھا۔

 

 

ایمزٹی وی(تجارت)حکومت دو ہفتے بعد عوام پر پٹرول بم دوبارہ گرانے کو تیار ہے اور اس حوالے سے آئل اینڈگیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا ) نے سمری وزارت پٹرولیم کو ارسال کر دی۔
میڈیا ذرائع کے مطابق اوگرا نے آئندہ 15روز کیلئے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں بڑھانے کی سمری وزارت پٹرولیم کو بھجوادی ہے جس میں سفارش کی گئی ہے کہ پٹرول کی قیمت میں 1روپیہ 91پیسے اضافہ کیا جائے جبکہ ڈیزل کی قیمت میں 2روپے 3پیسے فی لیٹر اضافہ کرنے کا بھی کہا گیا ہے
ذرائع کا کہنا ہے کہ اوگرا کی سمری میں مٹی کے تیل کی قیمت میں 16روپے 71پیسے جبکہ لائٹ ڈیزل آئل کی قیمت میں 12روپے 53پیسے اضافے کی تجویز پیش کی گئی ہے ، پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں بڑھانےکی سمری آئندہ 15روز کےلئے ہے۔

 

 

پاکستان کرکٹ بورڈ نے گول میز کانفرنس منسوخ کر دی۔ میڈیا ذرائع کے مطابق پی سی بی نے کرکٹ کی بہتری کیلئے مارچ میں شیڈول گول میز کانفرنس منسوخ کر دی، گول میز کانفرنس کو پی ایس ایل میں اسپاٹ فکسنگ اور دیگر معاملات سامنے آنے کے بعد منسوخ کیا گیا ہے ۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ گول میز کانفرنس 6اور 7مارچ کولاہور میں ہونا تھی جس میں پاکستان سے کرکٹ کی دنیا کے بڑے بڑے ناموں کو مدعو کیا گیا تھا تاکہ کرکٹ کی بہتری کیلئے مشترکہ تجاویز تیار کی جا سکیں تاہم اب اس اہم پروگرام کو منسوخ کر دیا گیا ہے ۔
ذرائع نے مزید بتایا ہے کہ چیئرمین پی سی بی شہریار خان اب لاہور ، کراچی اور اسلام آباد میں کرکٹرز سے ملاقاتیں کریں گے اور ورکشاپس کا انعقاد کریں گے ۔
 
دوسری جانب کرکٹ کی بہتری کیلئے بلوائی جانے والے اس گول میز کانفرنس کے منسوخ ہونے سے لوگوں میں شدید تشویش پھیل گئی ہے جن کا کہنا ہے کہ پی سی بی حکام پاکستانی کرکٹ کو بہتر کرنے کیلئے سنجیدہ نظر نہیں آتے ۔

 

 

ایمزٹی وی(انٹرٹینمنٹ) نامور گلوکارہ حدیقہ کیانی اپنے متعلق میڈیا پر چلنے والی منشیات اسمگلنگ سے متعلق من گھڑت خبروں پر بھڑک اٹھیں جس میں ان کا کہنا تھا کہ بے بنیاد خبروں نے انہیں شدید مایوس کیا۔
برطانوی ویب سائٹ کی جانب سے حدیقہ کیانی سے متعلق منشیات اسمگل کرنے کی خبر شائع کرنے پر گلوکارہ نے شدید مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے اپنی ٹوئٹ میں کہا کہ اس مقام پر پہنچنے کے بعد مجھ سے متعلق اس قسم کی من گھڑت اور بے بنیاد خبریں چلانے کا یقین نہیں کرسکتی۔
 
گلوکارہ حدیقہ کیانی نے اپنی والدہ اور بیٹے کے ساتھ ٹوئٹ میں ایک تصویر شیئر کی اور کہا کہ آج میں اپنی والدہ اور بچے کے ساتھ لاہور میں موجود ہوں اور میں یقین نہیں کرسکتی کہ لندن سے جاری ہونے والی جعلی خبر اس طرح پھیلائی جارہی ہے۔

 
 

 

 

سپریم کورٹ میں ایک بار پھر پاناما کیس کی سماعت کا آغاز ہوگیا ۔ پاناما کیس کی سماعت کے دوران وزیر اعظم کے بچوں کے وکیل سلمان اکرم راجہ نے عدالت کو بتایا کہ یہ ثابت ہے کہ 1999ءمیں فلیٹس وزیرا عظم تو کیا شریف خاندان کی ملکیت بھی نہیں تھے اور 1993ءسے 1996ءکے دوران الثانی خاندان نے یہ فلیٹس خریدے اور جنوری 2006ءمیں الثانی خاندان نے فلیٹ کی بیریئر سرٹیفکیٹ حسین نوا ز کے حوالے کیے تو جسٹس اعجاز افضل نے کہا کہ حسین نواز نے لندن فلیٹس کی ملکیت تسلیم کی ہے اس لیے ملکیت پر کوئی تنازع نہیں مگر یہ بھی وضاحت مانگی جا سکتی ہے کہ یہ فلیٹس بچوں نے کیسے خریدے ۔جسٹس عظمت سعید شیخ نے استفسار کیا کہ اس کا ریکار ڈ کہاں ہے اور کب پیش کرینگے ؟ آپ پہلے دن سے ادھر ادھر کی چھلانگیں لگا رہے ہیں ، دستاویز ہیں تو دکھائیں ۔ایک ناں ایک دن تو شواہد سامنے آنا ہی ہیں ، شواہد ہیں تو پیش کرنے میں کوئی مسئلہ نہیں ہونا چاہئیے۔
سلمان اکرم راجہ نے جواب دیا کہ منروا سروسز فلیٹس کی دیکھ بھال کرتی ہے ، حقائق کے ساتھ جوا نہیں کھیلوں گا، قطری خاندان سے سیٹلمنٹ کے بعد کمپنیوں کے سرٹیفکیٹ ملے توجسٹس آصف سعید کھوسہ نے ریمارکس دیے پہلے بھی کہہ چکے ہیں کہ معاملہ ایمانداری کا ہے ، کیا سیٹلمنٹ حماد بن جاسم سے ہوئی یا الثانی خاندان سے ؟تو وکیل نے جواب دیا کہ سیٹلمنٹ محمد بن جاسم سے ہوئی ، محمد بن جاسم کے بڑے بھائی 1991ءاور والد جاسم 1999ءمیں وفات پا گئے تھے ۔ جسٹس آصف سعید کھوسہ نے استفسار کیا محمد بن جاسم سے کمپنیوں کے سرٹیفکیٹس حسین نواز کو کیسے ملے ؟ قطری خط میں نہیں لکھا کہ سرٹیفکیٹ حسین نواز کو دیے ۔

 

 

ایمزٹی وی (اسپورٹس)پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئر مین شہریار خان نے کہا ہے کہ شرجیل خان اور خالد لطیف کو اپنا اپنا بیان دینے کا موقع دیا جا رہا ہے،ان کے بیانات کے بعد ٹربیونل بنانے کا فیصلہ کریں گے ۔ان کا کہنا تھا کہ پی ایس ایل فائنل لاہور میں کرانے کے لیے پر عزم ہیں ،آرمی چیف کے بیان کے بعد انہیں فون کر کے شکریہ ادا کیا ۔
لاہور میں میڈ یا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ شرجیل خان اور خالد لطیف کو بیان ریکارڈ کرانے کا موقع دیا جا رہا ہے ،اگر ان کھلاڑیوں نے اعتراف کر کے مکمل بات نہ بتا ئی تو پھر ٹربیونل بنانے کا فیصلہ کریں گے ۔
ان کا کہنا تھا کہ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے پی ایس ایل کے فائنل کے حوالے سے فول پروف سیکیورٹی کو یقینی بنانے سے متعلق بیان دے کر زبر دست کام کیا ،اس بیان کے بعد فون کر کے آرمی چیف کا شکریہ ادا کیا۔ان کا کہنا تھا کہ کرپشن سکینڈل میں ملوث کھلاڑیوں کو زیادہ سے زیادہ سزا ہو گی تاکہ آئندہ کوئی ایسی حرکت نہ کر سکے ۔
گول میز کانفرنس ملتوی ہونے سے متعلق سوال پر انہوں نے کہا کہ لاہور دھماکے کے بعد دباﺅ تھا کہ ابھی گول میز کانفرنس ملتوی کردیں ،کچھ دنوں تک اسلام آباد ،لاہور اور کراچی جا کر تمام لوگوں کو راضی کروں گا تاکہ گول میز کانفرنس کا انعقاد کیا جا سکے۔انہوں نے مزید کہا کہ آئی سی سی کے کچھ فارن سیکیورٹی آبزرورز بھی پاکستان آ رہے ہیں ۔

 

 

پشاور کے علاقے حیات آباد میں پی ڈی اے کے دفتر کے قریب دھماکا ہوا ۔ میڈیا ذرائع کے مطابق حیات آباد میں پی ڈی اے کے دفتر کے قریب زور دار دھماکا ہوا ہے جس کے بعد امدادی ٹیموں کو جائے حادثہ کی جانب روانہ کر دیا گیا ہے ۔ دھماکے کے بارے میں بتایا گیا ہے کہ انتہائی زور دار تھا جس کی آواز دور دور تک سنی گئی ہے۔
اس سے قبل آج مہمند ایجنسی کے علاقے غلنئی میں پولیٹیکل ہیڈ کوارٹرز کے دروازے پر ایک خود کش حملہ آور نے خود کو دھماکے سے اڑا لیا تھا جس کے نتیجے میں 3 خاصہ دار اہلکاروں سمیت 5 افراد شہید ہوئے ۔

 

 

ایمزٹی وی(اسلام آباد)وزیر اعظم نواز شریف سے چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف جنرل زبیر حیات نے ملاقات کی ہے جس میں اتفاق کیا گیا کہ پاک فوج سویلین اداروں کے ساتھ مل کر دہشت گردی اور انتہا پسندی کے خاتمے کے لیے پر عزم ہے ۔ملاقات میں مسلح افواج کے ترقیاتی پروگرام اور اسٹریٹیجک امور پر بات چیت کی گئی۔
 
میڈ یا رپورٹس کے مطابق وزیراعظم ہاوس میں نواز شریف اور چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف جنرل زبیر حیات کے درمیان ہونے والی ملاقات میں اتفاق کیا گیا کہ لاہور میں دہشتگردی کا واقعہ قوم کے دہشتگردی کے خاتمے سے متعلق عزم کو کمزور نہیں کرسکتا۔
 
اس موقع پر مسلح افواج کے ترقیاتی پروگرام اور اسٹریٹیجک امور بھی زیر بحث آئے۔ ملاقات میں اتفاق کیا گیا کہ ملک کو دہشتگردوں اور انتہا پسندوں سے مکمل طور پر پاک کرنے کے لیے پاک فوج ہمہ وقت تیار ہے، پاک فوج سویلین اداروں کے ساتھ مل کر دہشتگردی اور انتہاپسندی کے خاتمے کے لیے پرعزم ہے۔