جمعہ, 11 اکتوبر 2024
Reporter SS

Reporter SS

 

ایمزٹی وی(اسپورٹس)پاکستان کی پہلی ویمنز ہاکی لیگ تین فروری سے نیشنل ہاکی اسٹیڈیم لاہور میں شروع ہوگی، جس میں چھ کی بجائے پاکستان کی پانچ ویمن ہاکی ٹیمیں شرکت کریں گی جن میں اسلام آباد،کوئٹہ،کراچی،پشاور اور لا ہور کی ٹیمیں شامل ہیں۔
ذرائع نے بتایا ہے کہ ابتدا میں چھ ٹیموں کو ہاکی لیگ کا حصہ بنانے کی تجویز تھی تاہم بعد میں پانچ ٹیموں کی شرکت کا فیصلہ کیا گیا۔
و یمنز ہاکی چیمپئن شپ سے پاکستان ہاکی فیڈریشن نے ڈیڑھ سو کھلاڑیوں کا انتخاب کیا ہے۔کھلاڑیوں میں پنجاب کی سب سے زیادہ 104، سندھ کی 8، بلوچستان کی 5اور کے پی کے کی تین کھلاڑیوں کو شارٹ لسٹ کیا گیا ہے۔ عابدہ تنویر ٹورنامنٹ ڈائریکٹر ہونگی۔
ذرائع کے مطابق 8 ٹورنامنٹ آفیشلز میں عظمی' رضوی زیب الناس طلعت لبنی' ثمن رشید کومل بٹ رابعہ قادر شاہینہ فرحت ملک شامل ہیں۔ رضیہ رضوی امپائر منیجر جبکہ نگین بابر، مسرت شاہین، حافظ عاطف ملک، یاسر خورشید، ایم افضال، محی الدین، منور چوہدری، ندیم اقبال اور عائشہ زمان شامل ہیں۔ ٹیم منیجر، کوچز، اور ٹیموں کے کپتانوں کی میٹنگ 2 فروری کو ہوگی۔

 

 

ایمزٹی وی (راولپنڈی)راولپنڈی میں ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل میجر جنرل آصف غفور کا پریس کانفرنس کے دوران کہنا تھا کہ بھارت ہمارا ہمسایہ ملک ہے، ہم بھارت سے تمام تصفیہ طلب معاملات کا حل چاہتے ہیں، جنگ مسائل کا حل نہیں، ہم کسی سے جنگ نہیں چاہتے لیکن جنگ نہ کرنے کو ہماری کمزوری نہ سمجھا جائے، بھارت کی کسی بھی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔ کلبھوشن یادیو سے متعلق حکومت پاکستان نے بھارت سے رابطہ کیا ہے۔
ترجمان پاک فوج کا کہنا تھا کہ قومی مفاد ہرچیز پرمقدم ہے، قومی یکجہتی میں ہی سب کی بھلائی ہے، پاکستان ہم سب کا ہے، پاکستان کا ہر شہری اپنے اپنے مورچے کا سپاہی ہے، ہم قوم کو متحد کرنےاور دہشت گردوں کا بیانیہ رد کرنے میں میڈیا کا کردار سراہتے ہیں لیکن کچھ لوگ حساس معاملات میں قیاس آرائیاں کرکے ملک کو نقصان پہنچا رہے ہیں۔ ڈان لیکس کے معاملے پرانکوائری ہورہی ہے۔ تحقیقات جلد مکمل ہوجائے گی ، اس وقت تک کوئی قیاس آرائی نہ کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ بلاگرز کی گمشدگی سے پاک فوج کا کوئی تعلق نہیں۔
کراچی میں جاری آپریشن سے متعلق میجر جنرل آصف غفور نے کہا کہ گزشتہ 2 برسوں سے کراچی میں رینجرز نے 9 ہزار آپریشن کئے ہیں، ان آپریشن میں پولیس اور دیگر اداروں کا تعاون بھی حاصل رہا ہے۔ اس آپریشن کے نتیجے میں دہشت گردی، ٹارگٹ کلنگ اور دیگر جرائم میں کمی آئی ہے تاہم اسٹریٹ کرائم جاری ہیں، اس سلسلے میں شہریوں کے تعاون سے کام جاری رکھیں گے۔
حافظ سعید کی نظر بندی پر ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ آزاد اور خود مختار ریاستیں ہر فیصلہ اپنے قومی مفاد کو مدنظر رکھتے ہوئے لیتی ہیں، حافظ سعید کی نظر بندی کا فیصلہ پالیسی فیصلہ ہے جو ریاستی اداروں نے مل کر کیا ہے، اس میں مختلف اداروں کو اپنے
اپنے حصے کا کام کرنا ہے، ان کی نظر بندی سے متعلق آئندہ ایک دو روز میں وضاحت ہوجائے گی۔

 

 

 

 
ایمزٹی وی(راولپنڈی )ڈی جی آئی ایس پی آر نے راولپنڈی میں پریس کانفرنس کی۔
کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں 70 ہزار سے زائد پاکستانیوں نے جان دی، پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ہر کارروائی کی ہے، فاٹا میں دہشت گردوں کی پناہ گاہوں کا خاتمہ کردیا گیا ہے، زیادہ تر دہشت گرد مارے گئے ہیں یا افغانستان میں روپوش ہوگئے، ٹی ٹی پی کی قیادت بھی افغانستان میں ہے، دہشت گردی کے خلاف جاری آپریشن ضرب عضب کے نتیجے میں ہم امن و امان کے بہتر ماحول میں سانس لے رہے ہیں، امن کی فضا وقت کے ساتھ بہتر ہورہی ہے، دہشت گردی کے خلاف جنگ میں کامیابیوں میں تمام اداروں کا حصہ ہے۔ قبائلی علاقوں سے نقل مکانی کرنے والے 84 فیصد شہری اپنے علاقوں میں واپس جاچکے ہیں، کومبنگ آپریشنز جاری رہیں گے تاکہ بچے کچے دہشت گردوں کا بھی صفایا کیا جاسکے۔
افغانستان کی صورتحال پر ڈی جی آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ ہمیں افغانستان میں امن و امان کی صورت حال پر تشویش ہے اور ہماری خواہش ہے کہ افغانستان میں جلد امن قائم ہو تاکہ افغان مہاجرین واپس جاسکیں۔ پاکستان اپنی سرزمین کسی بھی ملک کے خلاف استعمال نہیں ہونے دے گا، پاک افغان سرحد پر ایف سی کے مزید 29 ونگز بنائے گئے ہیں ، ہمیں اپنی طرف کا کام کرنا ہے اور افغانستان کو اپنی طرف کا کام کرنا ہے، افغانستان کی طرف سے بارڈر مینجمنٹ کمزور ہے۔

 

 

ایمزٹی وی(اسلام آباد)وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ پاناما کیس آخری مراحل میں داخل ہو رہا ہے تاہم پاناما کیس کا فیصلہ آنے تک عمران خان حواس باختہ ہو جائیں گے ۔وزیر اعظم نے استثنیٰ مانگنا ہوتا تو عدالت سے کیس شروع کرنے کا نہ کہتے۔عمران خان اب اپنا مذاق بنانا چھوڑ دیں.
پاناما کیس کی سماعت کے بعد سپریم کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اگر شریف خاندان نے یہ تسلیم نہ کیا ہوتا کہ لندن فلیٹس ہمارے ہیں تو کیس سپریم کورٹ میں نہ چل رہا ہوتا ، عمران خان کے جھوٹے الزامات کا جواب دینا ہمارا ضرض ہے ۔ 2018ءمیں نوازشریف اس داغ کو لیکر عوام میں نہیں جانا چاہتے ۔عمران خان نےالیکشن کمیشن سے استثنیٰ مانگا۔عمران خان اپنی بے نامی جائیداد کا جواب نہیں دیتے
انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نوازشریف پاناما پیپرز کا داغ صاف کر کے عوام میں جانا چاہتے ہیں اور وہ یہ کام عمران خان کیلئے نہیں بلکہ پاکستانی عوام کیلئے کر رہے ہیں تاکہ کسی کو کوئی شک نہ رہے ۔عمران خان سمجھتےہیں ان کیلئےقانون اور،دوسروں کیلئےقانون اورہے

 

 

ایمز ٹی وی (صحت) اگر آپ کو کافی بہت پسند ہے تو آپ کے لئے ایک اچھی خبریہ ہے کہ ایک تحقیق میں بتایا گیا ہے کہ جو لوگ دن میں چار یا اس سے زائد کپ کافی پیتے ہیں ان میں جلد کا کینسر(میلانوما) ہونے کا امکان کم ہوتا ہے۔جلد کا کینسر دنیا کا خطرناک ترین کینسرز میں سے ایک ہے اور ہر سال 10ہزار افراد اس کی وجہ سے موت کے منہ میں چلے جاتے ہیں جبکہ 75ہزار لوگ ہر سال اس کا شکار ہوتے ہیں۔

تحقیق کاروں کا کہنا ہے کہ کافی میں ایک ایسا کمپاﺅنڈ دریافت ہوا ہے جو کہ جلد کے کینسر سے انسان کو بچاتا ہے۔ تحقیق میں ساڑھے چار لاکھ افراد جن کی عمریں 50اور71سال کے درمیان تھیں ، سے ڈیٹا اکٹھا کیا گیا۔تحقیق کے آغازمیں ان میں سے کسی کو بھی کینسر نہ تھااور ایک دہائی تک ان لوگوں کو ٹریک کیا گیا۔تحقیق کے اختتام پر یہ بات سامنے آئی کہ تین ہزار سے کم افراد کو کینسر جیساموذی مرض لاحق ہوا تھاجبکہ دوہزار افراد کو جلد کی ایک قسم کا کینسر ہوچکا تھا۔ اس کے بعد سائنسدانوں نے کینسر زدہ افراد اوران کے کھانے پینے کے معمولات کو دیکھا۔ ان کی حیرت کی انتہا نہ رہی کہ کینسر سے محفوظ رہنے والے افراد میں اکثریت چار سے زائد کافی کے کپ روزانہ پینے کے عادی تھے۔ماضی میں بھی ایسی تحقیقات ہوچکی ہیں جس می بتایا گیا ہے کہ کافی کینسر سے محفوظ رکھ سکتی ہے۔

 

 

ایمز ٹی وی (انٹر ٹینمنٹ) امریکی پاپ گلوکارہ ٹیلرسوئفٹ اور پاکستان نڑاد برطانوی سنگر زین ملک کے نئے گانے کی میوزک ویڈیو سوشل میڈیا پر مقبول ہوگئی ، 5دن میں دوکروڑ کے قریب افراد اس ویڈیو کو دیکھ چکے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق نئی میوزک ویڈیو میں ٹیلرسوئفٹ اور زین ملک اپنے اس نئے گانے آئی ڈونٹ وانا لیو فار ایور میں پرفارم کرتے نظر آرہے ہیں۔دونوں گلوکاروں نے اپنا یہ گانا ہالی ووڈ کی رومانوی فلم ’ففٹی شیڈز ڈارکر‘ کے لیے پس پردہ گایا تھا جو سوشل میڈیا پر انتہائی مقبول ہوا تھا۔
میوزک ویڈیو کے ریلیز ہوتے ہی دونوں فنکاروں کے مداحوں نے انٹرنیٹ کے آسمان کو سر پراٹھا لیا ، 5 روز میں یوٹیوب پر اس ویڈیو کے18,465,828 ویوز ہیں۔گزشتہ سال معروف پاپ بینڈ ’ون ڈائریکشن‘ سے علیحدگی اختیار کرنے بعد زین ملک نے اپنا پہلا سولو البم ریلیز ہے جس میں ان کا سولو گیت پلو واک بھی شامل ہے ، گیت نے ریلیز ہوتے ہی سوشل میڈیا پر دھوم مچادی تھی۔

 

 

ایمز ٹی وی (تعلیم /لاہور) سائنس کالج وحدت روڈ کے طلبہ کو سینکڑوں روپے جرمانہ کر دیا گیا جس پر والدین اور طلبہ سراپا احتجاج بن گئے۔ بتایا گیا ہے کہ وحدت روڈ پر لڑکوں کے سرکاری کالج کے طلبہ کو غیر حاضری کے الزام میں ہزاروں روپے جرمانہ کر دیا گیا جبکہ کالج انتظامیہ نے بعض طلبہ کے جرمانے معمولی رعایت کے ساتھ معاف کر دیئے۔ طلبہ کا کہنا ہے کہ انتظامیہ ہر سال مختلف بہانوں سے سینکڑوں روپے جرمانہ عائد کرتی ہے۔ اس بارے میں کالج کے پرنسپل اعزاز احمد خاں نےکہا کہ طلبہ کو جرمانہ غیر حاضری کی بنیا د پر کیا گیا ہے ، جب یہ طلبہ اکیڈمیز کی ہزاروں روپے فیسیں ادا کر سکتے ہیں تو جرمانہ دینے کی بھی سکت رکھتے ہیں ۔ جبکہ مجبور طلبہ کے جرمانے کالج کے وائس پرنسپل معاف کر رہے ہیں

 

 

ایمزٹی وی ( تجارت) پاکستان ریلویز کی تاریخ کا سب سے بڑا فریٹ آپریشن آج سے شروع ہو گا ۔ وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف اور وزیر ریلویز خواجہ سعد رفیق ساہیوال کول پاور پلانٹ پر ریلوے کی کوئلے سے بھری پہلی ٹرین کا استقبال کریں گے اور فیتہ کاٹ کر کول سپلائی کا باقاعدہ افتتاح کریں گے ۔ وزیر ریلویز خواجہ سعد رفیق نے پاکستان ریلویز ٹیم کو ادارے میں ایک نئے عہد کے آغاز پر مبارک باد دی ہے اور کہا کہ پاکستان ریلویز مال برداری کے ذریعے اس وقت 10ارب روپے کمارہی تھا مگر صرف ساہیوال پاور پراجیکٹ پر کوئلے کی سپلائی سے 13ارب سے زائد سالانہ اضافی طورپر کمایا جاسکے گا اور صرف اس ایک پراجیکٹ سے ریلوے کی فریٹ آمدنی 2 گنا بڑھ جائے گی ۔

انہوں نے بتایا کہ چین کی کمپنی نے اس مد میں پاکستان ریلویز کو ایک ارب سے زائد ایک ماہ کا کرایہ بھی جمع کرا دیا ہے ۔ چیف ایگزیکٹو آفیسر محمد جاوید انور نے اسے ادارے کے لیے ایک تاریخ ساز دن قرار دیا اور کہا کہ پاکستان ریلویز اس آپریشن کے لیے 4000 ہارس پاور کے 25 انجن استعمال کرے گا اور ریلوے کی تاریخ میں یہ پہلا موقع ہے کہ امریکی ساخت کے اس طاقت کے حامل انجن فریٹ آپریشن میں استعمال ہوں گے ۔ کوئلے کی سپلائی کے لیے جدید ہائی کپسٹی ہوپر ویگنز استعمال ہوں گی اور ایک ویگن میں 70 ٹن کوئلہ لوڈ کرنے کی گنجائش ہوگی ۔ وزیر اعلیٰ شہباز شریف اور خواجہ سعد رفیق کے سامنے 70 ٹن صلاحیت کی حامل ویگن کومحض 30 سیکنڈ میں ان لوڈ کرنے کا عملی مظاہرہ کیا جائے گا ۔

 

 

ایمز ٹی وی (تعلیم /کراچی) سندھ ہائی کورٹ نے ایس ایم لاءکالج میں دہرے نظام امتحان کے خلاف درخواست پر سیکرٹری قانون اور پرنسپل ایس ایم لاءکالج سمیت دیگر مدعاعلہیان کو 3 فروری کے لیے نوٹس جاری کردیے ہیں،فاضل عدالت نے مدعاعلیہان کو آئند سماعت پر جوابات بھی داخل کرنے کا حکم دیا ہے۔

پیر کو جسٹس منیب اختر کی سربراہی میں 2رکنی بنچ نے ایس ایم لاء کالج میں دہرے نظام امتحان کے خلاف اظہر علی و دیگر کی جانب سے دائر کردہ آئینی درخواست کی سماعت کی، درخواست میں سیکرٹری قانون اور پرنسپل ایس ایم لاء کالج سمیت دیگر کو فریق بناتے ہوئے موقف اختیار کیا گیا کہ وہ ایس ایم لاء کالج میں 2013سے سیکنڈ ائیر میں زیرتعلیم ہیں اور ان کیلئے 50 فیصد مارکس لازمی ہیں۔

اس سے کم مارکس لینے پر اگلے درجے میں ترقی نہیں دی جارہی جبکہ جامعہ کراچی کے طلباء کو 45فیصد مارکس پر اگلے درجے میں ترقی دی جاتی ہے اورجامعہ کراچی کی جانب سے ایس ایم لاء کالج کی ڈگری جاری کی جاتی ہے اس کے علاوہ سیکنڈ ائیر کے طلباء کو ضمنی امتحان کی سہولت بھی میسر نہیں ،دہرے معیار کے باعث قیمتی تعلیمی سال ضائع ہورہے ہیں،لہذا استدعا ہے کہ دہرا معیار ختم کیا جائے ۔

 

 

ایمز ٹی وی (تجارت)وفاقی حکومت نے گزشتہ 3 برس میں 20 کھرب 67 ارب سے زائد کا غیر ملکی قرضہ لیا جس میں سے صوبوں کو صرف 2 کھرب 17 ارب روپے سے دیے گئے۔ سب سے زیادہ 1 کھرب 58ارب روپے پنجاب کو جبکہ سب سے کم 1 ارب 44 کروڑ روپے بلوچستان کو ملے۔ موجودہ حکومت نے اپنے دور اقتدار کے دوران 19723.94 ملین ڈالر (20 کھرب 67 ارب 6 کروڑ 89 لاکھ روپے پاکستانی) غیر ملکی قرضہ حاصل کیا، جس میں سے صوبوں کو صرف 2071.47 ملین ڈالر (پاکستانی 2 کھرب 17 ارب 9 کروڑ روپے ) صوبوں کو دیے گئے۔ دستاویزات کے مطابق غیر ملکی قرضے کا سب سے زیادہ حصہ 1510.85ملین ڈال ر(پاکستانی 1 کھرب 58 ارب روپے سے زائد) صرف پنجاب کو دیے گئے جبکہ خیبر پختونخوا کو 55.22 ملین ڈالر (5ارب 78کروڑ روپے سے زائد) بلوچستان کو 13.80 ملین ڈالر (پاکستانی 1ارب 44 کروڑ روپے) اور سندھ کو 489.15 ملین ڈالر (51 ارب 26 کروڑ روپے سے زائد) دیے گئے۔