جمعرات, 10 اکتوبر 2024
Reporter SS

Reporter SS

 

ایمزٹی وی(اسلام آباد)سپریم کورٹ میں پاناما کیس کی سماعت جاری ہے ۔جسٹس آصف سعید کھوسہ کی سربراہی میں جسٹس عظمت سعید شیخ ، جسٹس اعجاز الاحسن ، جسٹس اعجاز افضل اور جسٹس گلزار احمد پر مشتمل 5رکنی لارجر بینچ کیس کی سماعت کر رہا ہے ۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق سپریم کورٹ میں پاناما کیس کی سماعت جاری ہے جہاں وزیر اعظم کے وکیل مخدوم علی خان پانچویں روز بھی اپنے دلائل جاری رکھے ہوئے ہیں۔
درخواست گزار تحریک انصاف اور عوامی مسلم لیگ کے دلائل مکمل ہو چکے ہیں اور اب وزیراعظم کے وکیل دلائل دے رہے ہیں ۔سپریم کورٹ میں آج پاناما کیس کی مسلسل بارہیوں سماعت ہے ۔ کمرہ عدالت میں چیئرمین تحریک انصاف عمران خان ، جماعت اسلامی کے سربراہ مولانا سراج الحق ، عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد ، نعیم بخاری ، فواد چودھری ، وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب ، طلال چودھری ، دانیال عزیز اور دیگر رہنما موجود ہیں ۔

 

 

ایمز ٹی وی(کراچی) سندھ ہائی کورٹ نے کلفٹن کنٹونمنٹ بورڈ کو دہلی کالونی سے قریب واقع چانڈیو ویلیج میں واقع 7منزلہ عمارت کو مسمار کرنے سے روک دیا ہے۔
گزشتہ روز چیف جسٹس سجا دعلی شاہ کی سربراہی میں قائم دورکنی بینچ نے مذکورہ عمارت کو مسمار کرنے کے خلاف مکینوں کی درخواست کی سماعت کی ، دوران سماعت متفرق درخواست گزاران طارق حسین ، محمد عثمان ، اللہ ڈنیو ، قدیر احمد ، محمد یاسین ، علی نواز و دیگر نے موقف اختیار کیا کہ کلفٹن کنٹونمنٹ بورڈ نے ان کی عمارت پلاٹ نمبر ای 12/1چانڈیو ویلیج اسٹریٹ بازار کلفٹن کراچی کو تین روز کے اندر اندر مسمار کرنے کا حکم نامہ ارسال کیا ہے ۔
حالانکہ کنٹونمنٹ قوانین کے تحت کلفٹن کنٹونمنٹ کو عمارت مسمار کرنے کا اختیار نہیں ہے ، درخواست گزاران نے موقف اختیار کیا کہ مذکورہ عمارت کے کمپاونڈ میں 14گھر آباد ہیں جن کے پاس رہائش کی کوئی متبادل جگہ نہیں ہے۔
اس صورت میں کنٹونمنٹ بورڈ کی جانب سے عمارت مسمار کرنے کا حکم غیر قانونی ہے لہذااستدعا ہے کہ کنٹونمنٹ انتظامیہ کو عمارت مسمار کرنے سے روکا جائے ، سماعت کے بعد عدالت نے فریقین کو 24جنوری کے لیے نوٹس جاری کرتے ہوئے کنٹونمنٹ بورڈ کو درخواست گزاران کے خلاف کارروائی کرنے سے روک دیا ہے،واضح رہے کہ سندھ ہائی کورٹ نے اسی عمارت کو درخواست گزار مبارک مسیح کی ایک درخواست پر مسمار کرنے کی ہدایت دی تھی ۔

 

 

ایمز ٹی وی(تجارت) احتساب عدالت نے کراچی واٹراینڈ سیوریج بورڈ کی 43ایکڑزمین کی غیر قانونی الاٹمنٹ سے متعلق ریفرنس میں ملزمان پر فرد جرم عائد کردی۔
 
احتساب عدالت ميں سابق سیکرٹری لینڈ اینڈ یوٹیلائزیشن غلام مصطفیٰ اورعبدالمالک چانڈیو پيش ہوئے۔
عدالت ميں نيب کا موقف تھا کہ ملزمان نے 2012 میں منگھوپیرمیں واٹر بورڈ کی زمین غیر قانونی الاٹ کی،زمینوں کی غیرقانونی الاٹمنٹ سے قومی خزانے کو 66.8ملین روپے کا نقصان پہنچا۔
عدالت نے غلام مصطفیٰ اورعبدالمالک چانڈیو پر فردجرم عائد کردی، ملزمان کے صحت جرم سے انکار پرعدالت نے گواہ طلب کرلیے۔

 

 

ایمز ٹی وی(کراچی) بلدیہ عظمیٰ کراچی میں متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے پارلیمانی لیڈر اسلم آفریدی نے کہا ہے کہ رواں سال کا کے ایم سی بجٹ آئندہ ہونےوالے اجلاس میں منظور کرالیا جائے گا۔
متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے پارلیمانی لیڈراسلم آفریدی نے اپنے دفتر میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آئندہ اجلاس میں تمام کمیٹیوں کی تشکیل کا عمل بھی مکمل ہو جائے گا۔

 

 

ایمز ٹی وی(کراچی) کراچی میں رینجرز کو حاصل اختیارات میں 90 روز کی توسیع کا فیصلہ کرلیا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق پیپلز پارٹی کی قیادت نے وزیراعلیٰ سندھ کو رینجرز اختیارات میں توسیع دینے کی ہدایت کردی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیر اعلیٰ سندھ آج رینجرز اختیارات میں توسیع کی سمری کی منظوری دیں گے، محکمہ داخلہ سندھ نے رینجرز اختیار کی سمری وزیر اعلیٰ کو بھجوائی تھی۔
ذرائع کے مطابق وزیر اعلیٰ کی منظوری کے بعد رینجرز کو 90 دن کےلئے خصوصی اختیارات دیئےجائیں گے۔

 

 

ایمز ٹی وی(کراچی) کراچی کے علاقے لیاقت آباد اور فیڈرل بی ایریا سے متحدہ قومی موومنٹ (لندن) کے 3 کارکنوں کو حراست میں لےلیا گیا ۔لیاری ،جوہر آباد اور ایف بی انڈسٹریل ایریا سے بھی3ملزمان گرفتار کیے گئے ہیں۔
قانون نافذ کرنےوالے ادارے نے لیاقت آباد میں چھا پا ما رکر ایم کیو ایم لندن کے2کارکنوں ارشد اور شارق کو حراست میں لے لیا، اس سے پہلے فیڈرل بی ایریا سے ایم کیو ایم لندن کے عہدیدار فرحان کو حراست میں لیا گیا تھا ،جسے تفتیش کے لئے نامعلوم مقام پر منتقل کردیا گیا ہے۔
ایف ایریا میں ہی پولیس نے کارروائی کرکے منشیات فروش ملزم شاکر کو بھاری مقدار میں منشیات سمیت گرفتار کرلیا۔ لیاری گلستان کالونی سے بھی گینگ وار کا اہم ملزم عرفان قریشی عرف پنو پکڑا گیا ۔
جوہرآباد میں مقابلے کے بعد پولیس نے نائی کی دکان میں ڈکیتی میں ملوث ایک ملزم بلال کو گرفتارکرلیا۔ ملزم کا ساتھی پہلے ہی مقابلے میں مارا جاچکا ہے۔

 

 

ایمزٹی وی(اسلام آباد)امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ امریکی صدر باراک اوباما کے پاس ان تمام قیدیوں کی فہرست موجود ہے جنہیں رہا کیا جا سکتا ہے،حکومت پاکستان بھی امریکی انتظامیہ سے ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی رہائی کے لئے درخواست کرے۔
تفصیلات کے مطابق میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ڈاکٹر عافیہ صدیقی کے وکلانے بھی صدر اوباما کی انتظامیہ سے ان کی رہائی کے لئے رابطہ کیا ہوا ہے۔امریکی قیدیوں کی فہرست میں ڈاکٹر عافیہ صدیقی کا نام بھی شامل ہے،وہ پچھلے 14 سال سے جیل میں ہیں۔انہوں نے کہا کہ اب امریکا میں اقتدار کی منتقلی ہو رہی ہے،ڈونلڈ ٹرمپ امریکہ کے نئے صدر کے طور پر اقتدار سنبھالیں گے۔

 

 

ایمزٹی وی (اوٹاوا)کینیڈا کے وزیراعظم جسٹن ٹروڈو کو اسماعیلی فرقہ کے روحانی پیشوا پرنس کریم آغا خان کی ذاتی رہائش گاہ پر چھٹیاں گزارنے پرتحقیقات کا سامنا ہے.
برطانوی نشریاتی ادارے کے مطابق جسٹن ٹروڈو اوران کی فیملی سال نو پر بہامس میں آغا خان کی رہائش گاہ پر مہمان تھے۔ اب فیڈرل ایتھکس کمشنر اس بات کا جائزہ لیں گے کہ کیا اس دورے کی وجہ سے قوانین کی خلاف ورزی تو نہیں کی گئی۔
جسٹن ٹروڈو نے اس حوالے سے کہا کہ وہ کسی بھی قسم کے سوالات کے جوابات دینے پرخوش ہیں جب جسٹن ٹروڈو کی چھٹی کے بارے میں خبریں منظرِعام پرآئیں تو انھوں نے اپنی ان چھٹیوں کی تمام معلومات فراہم کرنا شروع کر دیں۔
انھوں نے یہ بھی بتایا کہ اس دوران انھوں نے آغا خان کا ذاتی ہیلی کاپٹر بھی استعمال کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ نئے سال پر وہاں رہائش اختیارکرنا میری ذاتی چھٹیوں کے سلسلے میں تھا۔

 

 

 

ایمزٹی وی(کراچی)سندھ اسمبلی میں اپوزیشن لیڈرخواجہ اظہار الحسن نے رینجرز کو اختیارات دے کر صوبہ بھر میں آپریشن کا مطالبہ کیا ہے ۔ ان کا کہنا ہے کہ حکومت چاہتی ہے رینجرز ان کے لوگوں کے خلاف کارروائی نہ کرے۔
انہوں نے اسمبلی آمد پر میڈیاسےگفتگو کرتے ہوئے کہا کہ رینجرز کے اختیارات کا معاملہ مستقل بنیادوں پرحل ہوناچاہیے،جرائم پیشہ افراد کارروائیاں کرکے اندرون سندھ بھاگ جاتے ہیں ۔ آپریشن کے معاملے پر ہمارے تحفظات بدستور قائم ہیں۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ جسے بھی گرفتار کیاجائے،قانون کے مطابق عدالت میں پیش کیاجائے
انہوں نے مزید کہا کہ جیلوں میں سیاسی قیدیوں کی ہلاکتوں پر تشویش ہے، کراچی میں مستقل امن کیلئے پولیس کا کردار اہم ہے،پولیس کو سیاسی اثر سے پاک کیا جائے

 

 

ایمزٹی وی (اسلام آباد)سپریم کورٹ نے طیبہ تشدد کیس 10 روز ،یں تفتیش مکمل کرکے چالان پیش کرنے کا حکم دے دیا
چیف جسٹس ثاقب نثار کی سربراہی میں سپریم کورٹ کے 3 رکنی بینچ نے طیبہ تشدد ازخود نوٹس کیس کی سماعت کی۔ سماعت کے دوران تفتیشی افسر نے موقف اختیار کیا کہ عدالت کی جانب سے جتنا وقت دیا گیا اس میں تشدد سے متعلق حتمی رپورٹ تیار نہیں ہوسکی۔ اس کے علاوہ انہیں اب تک ڈی این اے رپورٹ بھی موصول نہیں ہوئی۔
سماعت کے دوران ایڈیشنل سیشن جج راجا خرم علی کی اہلیہ ماہین خرم کی جانب سے وکیل سردار اسلم عدالت میں پیش ہوئے، عدالتی استفسار پر سردار اسلم نے کہا کہ ان کی موکلہ کے خلاف مقدمے میں شامل دفعات قابل ضمانت ہیں اور بچی کے والدین سے راضی نامہ بھی ہوچکا ہے، اسی بنیاد پر ان کی موکلہ کی ضمانت ہوئی اور قانون کے مطابق اگر جرم قابل ضمانت ہو تو ضمانت منسوخ نہیں ہوسکتی۔
چیف جسٹس پاکستان نے ریمارکس دیئے کہ یہ ایک اہم اور بڑا ایشو ہونے کے ساتھ مجرمانہ فعل ہے، استغاثہ نے چالان مکمل کرکے عدالت میں پیش کرنا ہے، چالان جمع کرائیں اور ٹرائل کرائیں۔ ہمارے علم میں ہے کہ مقدمے کی کارروائی عجلت میں کی گئی۔ ایک بے بس معصوم بچی کو والدین کی جانب سے کام میں جھونکا گیا، کیا یہ جبری مشقت کے زمرے میں نہیں آتا۔ ہمیں بار اور انسانی حقوق کی تنظیموں کا تعاون درکار ہے کہ بچوں کے ساتھ تشدد جیسی برائی کو کیسے روکا جائے۔