جمعرات, 10 اکتوبر 2024
Reporter SS

Reporter SS

 

ایمزٹی وی(اسلام آباد)عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ کرپٹ لوگوں کو استثنیٰ نہیں مانگنا چاہیئے۔سپریم کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کرپشن کاراستہ روکا گیا تو لوگوں کا جمہوریت پر یقین مضبوط ہو گا ، سپریم کورٹ سے تاریخی فیصلہ آئیگا ۔ ”حکمران چاہتے ہیں کہ اسمبلی مادر پدر آزاد ہو اور وہ جو چاہے بولیں“۔
اگر آج کرپشن کا راستہ رک گیاتو ملک میں جمہوریت مضبوط ہو گی اور کسی تالہ آزما کو جمہوریت کی طرف میلی آنکھ سے دیکھنے کی ہمت نہیں ہو گی۔
 
شیخ رشید نے کہا کہ لیگی وزراءکے اعصاب جواب دے گئے ہیں اور وہ بازاری زبان استعمال کر رہے ہیں ۔ جوں جوں فیصلے کا وقت قریب آرہا ہے لیگی وزراءکی زبان خراب ہو رہی ہے ۔ توقع ہے کہ پاناما کیس کا فیصلہ رواں ماہ کے آخر تک آجائے گا۔

 

 

ایمزٹی وی(کراچی) شہر قائد کا موسم دن بہ دن سرد ہوتا جا رہا ہے۔ بارش کے بعد اب سردی کے ساتھ تیزہواؤں کے جھکڑچل پڑے،محکمہ موسمیات نے مزید بارش کی پیشگوئی کر دی ہے۔
کراچی میں آج صبح سے تیز ہواؤں کے جھکڑچل رہے ہیں۔ سرد موسم میں تیز ہواؤں کے باعث شہریوں کے دانت سردی سے بجنے لگے۔ محکمہ موسمیات نے کراچی کے موسم سے متعلق نئی پیشگوئی سنا دی۔
محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں سردہواؤں کے جھکڑ کا سلسلہ آئند دو سے تین روزتک جاری رہے گا۔ شہرمیں ہوا شمال مشرق کی طرف سے چل رہی ہے جس کی رفتار اٹھائیس ناٹ فی کلومیٹر ہے جبکہ ہوا کی عمومی رفتار اٹھارہ ناٹ فی کلومیٹر ہوتی ہے۔
کراچی کے شہریوں کو محکمہ موسمیات کی جانب سے یہ نوید بھی سنائی گئی ہے کہ اس دوران بارش کا امکان نہیں ہے۔

 

 

ایمز ٹی وی(کراچی) وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی زیر صدارت صوبائی کابینہ کا اجلاس آج ہوگا۔ اجلاس میں غیر ممنوعہ بور کے اسلحہ لائسنسوں کے اجرا پر عائد پابندی کے خاتمے،شیشے پر پابندی سے متعلق قانون ، سندھ آرمز ایکٹ اور سندھ لوکل گورنمنٹ ایکٹ 2013 میں ترامیم سمیت اہم قوانین سے متعلق امور زیر غور آئیں گے۔
سندھ کابینہ کا اجلا س آج سہ پہر تین بجے نیو سندھ سیکریٹریٹ میں سید مراد علی شاہ کی زیر صدارت ہو گا۔
کیبنٹ سیکشن کی جانب سے جاری ایجنڈے کے مطابق کابینہ اجلاس میں امن و امان کی صورتحال، سندھ دینی مدارس رجسٹریشن بل 2016، مفادات کے ٹکراؤ سے متعلق بل 2016، سندھ فوڈ اتھارٹی بل 2016 اور ڈی فیمیشن بل سمیت اہم قوانین زیر غور آئیں گے۔
کابینہ اجلاس میں کراچی میں دن کے اوقات میں بھاری گاڑیوں کی نقل و حمل اور اسلحہ لائسنسوں سے متعلق امور پر بھی گفتگو کی جائے گی۔
کابینہ اجلاس میں صوبائی وزرا ، معاونین خصوصی ، آئی جی سندھ اور تمام صوبائی سیکریٹریز شرکت کریں گے۔

 

 

ایمز ٹی وی(کراچی) سندھ میں گذشتہ چار سال کے دوران صوبائی انسداد کرپشن اسٹیبلشمنٹ (اے سی ای) نے مجموعی طور پر 776 مقدمات کا اندراج کیا جبکہ اس حوالے سے صوبے کے 9 اضلاع سے 227 افراد کو گرفتار کیا گیا۔
یہ معلومات پاکستان مسلم لیگ فنکشنل کی رکن صوبائی اسمبلی نصرت سہر عباسی کی جانب سے پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں سندھ اسمبلی میں تحریری طور پر جمع کرائی گئیں ہیں۔
تاہم اس موقع پر اے سی ای کے ذمہ دار وزیراعلیٰ مراد علی شاہ اسمبلی میں موجود نہیں تھے۔
تاہم ان کی جانب سے صوبائی اسمبلی میں جمع کرائے گئے تحریری جواب میں کہا گیا ہے کہ 2009 سے 2013 کے دوران کراچی کے 3 اضلاع، اس کے علاوہ حیدرآباد، جامشورو، بے نظیر آباد، میرپور خاص، لاڑکانہ اور سکھر سے 227 افراد کو گرفتار کیا گیا۔
اس کے علاوہ انسداد کرپشن ڈپارٹمنٹ نے مختلف وزارتوں میں سرکاری عہدیداروں کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے 836630 روپے وصول کیے جن میں سب سے زیادہ 807630 روپے حیدرآباد سے وصول کیے گئے۔
صوبائی اسمبلی میں جمع کرائے گئے تحریری جواب کے مطابق کراچی (شرقی) سے 9 مقدمات میں 3 افراد کو گرفتار کیا گیا اور 14000 روپے وصول کیے گئے، کراچی (غربی) سے 8 مقدمات میں 9 افراد کو گرفتار کیا گیا اور ان سے 15000 روپے وصول کیے گئے، جبکہ کراچی (جنوبی) سے 181 مقدمات میں 50 افراد کو گرفتار کیا گیا۔
ضلع حیدرآباد میں 118 مقدمات کا اندراج ہوا اور 36 افراد کو گرفتار کیا گیا۔
صوبائی انسداد کرپشن اسٹیبلشمنٹ کی جانب سے مجموعی طور پر رجسٹر کیے جانے والے 776 مقدمات میں سے سب سے زیادہ 260 مقدمات کا اندراج لاڑکانہ میں ہوا اور گذشتہ 4 سال کے دوران یہاں 63 افراد کو گرفتار کیا گیا۔
اس کے علاوہ ضلع جامشورو میں 113 مقدمات کا اندراج ہوا اور 40 افراد کو گرفتار کیا گیا، ضلع میرپور خاص میں 42 مقدمات کا اندراج ہوا اور 17 افراد گرفتار ہوئے جبکہ ضلع سکھر میں 35 مقدمات کا اندراج ہوا اور 9 گرفتاریاں عمل میں لائی گئیں، تاہم ضلع بے نظیر آباد میں مقدمات کے اندراج اور گرفتاریوں کی تفصیلات فراہم نہیں گئیں۔
صوبائی اسمبلی کو مزید بتایا گیا کہ اے سی ای نے ایک مقدمہ ماحولیات اور متبادل توانائی کے محکمے کے اسسٹنٹ سپریٹنڈنٹ کے خلاف بھی درج کیا ہے، یہ مقدمہ تاحال عدالت میں زیر سماعت ہے۔
وزیراعلیٰ نے متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) کے رکن صوبائی اسمبلی محمود عبدالررزاق کی جانب سے ایک کیس کی تحقیقات اور سرکاری خزانے کو پہنچے والے نقصان کی وصولی پر اٹھائے گئے سوال کا جواب بھی دیا، یہ کیس وزارت خوراک کی جانب سے بولہری گودام سے 1621449 میٹرک ٹن گندم سے بھری 16214 بوریوں کے غبن کی تحقیقات اور کارروائی کیلئے پیش کیا گیا تھا۔
اس کا جواب دیتے ہوئے وزیراعلیٰ نے بتایا کہ اس کی مالیت 4 کروڑ 27 لاکھ روپے سے زائد تھی، انھوں نے بتایا کہ اے سی ای نے اس حوالے سے ایک مقدمہ درج کیا ہے، اس کی تفتیش کی ہے اور 7 مئی 2016 کو بولہری گودام کے انچارج ذوالفقار علی شاہ، مہتاب شاہ اور حبیب اللہ کے خلاف حیدرآباد میں اینٹی کرپشن کے خصوصی جج کے سامنے ایک چارج شیٹ پیش کی ہے، یہ مقدمہ عدالت میں زیر سماعت ہے۔
ایم کیو ایم کی رکن اسمبلی ہیر سوہو کی جانب سے اے ای سی میں پولیس نمائندگی کے حوالے سے پوچھے گئے سوال کے جواب میں وزیراعلیٰ سندھ نے بتایا کہ 60 فیصد ڈپٹی دائریکٹرز ڈی ایم جی، سابق پی سی ایس اور پولیس سے ہیں، 70 فیصد اسسٹنٹ ڈائریکٹرز پی اے ایس، پولیس اور سابق پی سی ایس یا پی ایس ایس سے ہیں۔
ان کے علاوہ 30 فیصد انسپکٹر، 50 فیصد پروسیکیوشن انسپکٹر، 30 فیصد سب انسپکٹر، اور 25 فیصد اے ایس آئی، ہیڈ کانسٹیبلز کو محکمہ پولیس سے تعینات کیا گیا ہے۔
سندھ اسمبلی میں وقفہ سوالات کے دوران نصرت سہر عباسی نے صوبائی وزیر صنعت منظور وسان کے بیان پر سندھ اسمبلی کی قائم مقام اسپیکر شہلا رضا سے احتجاج کیا، منظور وسان نے ان کی پارٹی پر الزام لگایا تھا کہ سابقہ دور حکومت میں انھوں نے سندھ کی 36000 ایکٹر اراضی غیر قانونی طور پر الاٹ کی۔
اس موقع پر نصرت سہر عباسی نے کہا کہ اے سی ای کی کارکردگی انتہائی خراب ہے۔
ایم کیو ایم کے رکن صوبائی اسمبلی دلاور قریشی نے کہا کہ وزیراعلیٰ کے تحریری جواب سے ایسا معلوم ہوتا ہے کہ سندھ کے صرف 9 اضلاع میں کرپشن ہے جبکہ دیگر 20 اضلاع میں کرپشن نہیں ہوئی ہے۔
سینئر وزیر نثار کھہوڑو نے وزیراعلیٰ کی غیر موجودگی میں صوبائی حکومت کا دفاع کرتے ہوئے کہا کہ اے سی ای ان کو درج کرائی جانے والی شکایات پر کارروائی کرتی ہے۔
ادھر پاکستان تحریک انصاف کے ثمر علی خان نے کہا کہ صرف 227 گرفتاریاں عمل میں لائی گئیں اور کسی کو بھی سزا نہیں ہوئی جو یہ واضح کرتا ہے کہ محکمہ اپنا کام درست انداز میں نہیں کررہا۔
نثار کھہوڑو نے زور دیا کہ اے سی ای نے ملزمان کے خلاف ٹھوس مقدمات بنائے تھے تاہم انھیں سزائیں دینا عدالت کا کام ہے۔

 

 

ایمزٹی وی(کراچی) عدالت نے لڑکی کو ہراساں کر کے رقم طلب کرنے والے ملزم کو پانچ روزہ جسمانی ریمانڈ پر ایف آئی کے کے حوالے کردیا ۔
 
شہر قائد میں ایف آئی اے نے لڑکی کو ہراساں کر کے رقم طلب کرنے والے ملزم کو جوڈیشل شرقی کی عدالت کے سامنے پیش کیا جہاں جج نے ملزم سلیم کو پانچ روزہ جسمانی ریمانڈ پر ایف آئی اے کے حوالے کردیا۔
ملزم لڑکی کو سوشل میڈ یا پر ذاتی ویڈ یو اپ لوڈ کرنے کی دھمکیاں دے رہا تھا ۔ایف آئی اے نے گزشتہ روز ماڈل کالونی میں کارروائی کر کے ملزم سلیم کورنگے ہاتھوں گرفتار کیا تھا جب وہ رقم لینے آیا تھا ۔ لڑکی کے بھائی کی مدعیت میں ملزم کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا تھا ۔
 

 

 

ایمز ٹی وی(اسپورٹس)پاکستان نے آسٹریلیا کے خلاف سیریز کے تیسرے ایک روزہ میچ میں پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے بابراعظم اور شرجیل خان کی ذمہ دارانہ بلے بازی کی بدولت مقررہ 50 اوورز میں 7 وکٹوں پر 263 رنز بنا لیے ہیں۔آسٹریلیا کے شہر پرتھ میں جاری پانچ ایک روزہ میچوں کی سیریز کے تیسرے میچ میں آسٹریلیا نے ٹاس جیت کر پاکستان کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔

 

پاکستانی ٹیم آغاز سے ہی مشکلات کا شکار نظر آئی اور ٹیم کے قائم مقام کپتان اوپنر محمد حفیظ 4 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔پاکستان کی دوسری وکٹ 85 رنز پر گری جب شرجیل خان نصف سنچری مکمل کرکے پندرہویں اوور کی آخری گیند پر ٹریوس ہیڈ کو اپنی وکٹ دے بیٹھے۔جس کے بعد اسد شفیق بھی ٹروس ہیڈ کا شکار بنے اور انھوں نے 99 رنز پر پویلین کی راہ لی, 30ویں اوور کی تیسری گیند پر 39 رنز بنا کر شعیب ملک بھی آؤٹ ہوگئے۔ بابراعظم نے ون ڈے میں تیز ترین ہزار ایک رنز بنانے کا عالمی ریکارڈ برابر کردیا، انہوں نے یہ ریکارڈ اپنے 21ویں میچ میں قائم کیا۔نوجوان بلے باز 84 رنزبنا کر جوش ہیزل ووڈ کی گیند پر اپنا پہلا میچ کھیلنے والے پیٹرہینڈزکومب کا کیچ بنے، کومب نے بابر ایک مشکل کیچ تھاما جس کے فیصلے کے لیے ٹی وی امپائر سے رجوع کیا گیا۔

 

عمراکمل نے بابراعظم کا ساتھ بخوبی نبھایا لیکن ایک مرتبہ پھر خاطر خوا کارکردگی دکھانے میں ناکام رہے اور 39 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔پاکستان نے 46 ویں اوورمیں 6 وکٹوں پر 244 رنز بنا لیے۔عماد وسیم 8 رنز بنا کر کھیل رہے ہیں جبکہ ان کا ساتھ دینے کے لیے محمد رضوان میدان میں اترے ہیں۔ تیسرے ون ڈے میں آسٹریلوی ٹیم کے اسٹار فاسٹ باؤلر مچل اسٹارک کو آرام دیا گیا ہے اور ان کی جگہ بلی اسٹین لیک کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے، ساتھ ہی بلے باز پیٹرہینڈزکومب کو زخمی کرس لین کی جگہ ٹیم میں شامل کیا گیا ہے جو اپنی گردن میں ہونے والی انجری کی سبب سیریز کے باقی میچوں میں ٹیم کا حصہ نہیں بن پائیں گے۔

 

تیسرے میچ کے لیے دونوں ٹیمیں ان کھلاڑیوں پر مشتمل ہیں۔آسٹریلیا:اسٹیو اسمتھ (کپتان)، ڈیوڈ وارنر، عثمان خواجہ، پیٹرہینڈزکومب، ٹریوس ہیڈ، گلین میکسیویل، میتھیو ویڈ، جیمز فلکنر، پیٹ کمنز، جوش ہیزل ووڈ، بلی اسٹین لیک۔ پاکستان:محمد حفیظ (کپتان)، شرجیل خان، بابر اعظم، اسد شفیق، شعیب ملک، عمر اکمل، محمد رضوان، عماد وسیم، محمد عامر، حسن علی، جنید خان۔واضح رہے کہ آسٹریلیا نے سیریز کے پہلے میچ میں 92 رنز سے کامیابی حاصل کی تھی جبکہ پاکستان نے دوسرے میچ میں 6 وکٹوں سے میزبان ٹیم کو زیر کرکے سیریز کو 1-1 سے برابر کردیا تھا۔

 

 

ایمز ٹی وی(کراچی) شہر میں رات گئے قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کارروائیاں جاری رہیں۔ متحدہ لندن کے سیکٹر انچارج سمیت تین ارکان کو حراست میں لے لیا۔
ایف بی ایریا میں سیکیورٹی ادارے نے چھاپے کے دوران ایم کیوایم لندن کے سیکٹر انچارج فرحان ہاشمی کو گرفتار کیا۔
دوسری کارروائی لیاقت آباد میں کی گئی جہاں ایم کیوایم لندن کے دو افراد کو حراست میں لیاگیا۔جوہرآباد یو بی ایل کمپلیکس کے قریب مبینہ مقابلے کے بعد پولیس نے ایک ملزم کو زخمی حالت میں گرفتار کرلیا

 

 

ایمز ٹی وی(کراچی) احتساب عدالت نے کراچی واٹراینڈ سیوریج بورڈ کی 43ایکڑزمین کی غیر قانونی الاٹمنٹ سے متعلق ریفرنس میں ملزمان پر فرد جرم عائد کردی۔
 
احتساب عدالت ميں سابق سیکرٹری لینڈ اینڈ یوٹیلائزیشن غلام مصطفیٰ اورعبدالمالک چانڈیو پيش ہوئے۔
عدالت ميں نيب کا موقف تھا کہ ملزمان نے 2012 میں منگھوپیرمیں واٹر بورڈ کی زمین غیر قانونی الاٹ کی،زمینوں کی غیرقانونی الاٹمنٹ سے قومی خزانے کو 66.8ملین روپے کا نقصان پہنچا۔
عدالت نے غلام مصطفیٰ اورعبدالمالک چانڈیو پر فردجرم عائد کردی، ملزمان کے صحت جرم سے انکار پرعدالت نے گواہ طلب کرلیے

 

 

ایمز ٹی وی(کراچی) کراچی کی مصروف ترین شاہراہ شارع فیصل کے درمیان انجن اور اور مال گاڑی کی بوگی آکھڑی ہوئیں، جس کے باعث شہری بری طرح ٹریفک جام میں پھنس کر رہ گئے۔
کراچی کی مصروف ترین سڑک شارع فیصل پر صبح کے وقت جب لوگ دفاتر کے لیےجارہے ہوتے ہیں، ڈرگ روڈ کے مقام پرانجن اور مال گاڑی کی آمداور پھر خرابی کے باعث شاہراہ فیصل کا ایئرپورٹ سے کارساز کی جانب والا ٹریک ٹریفک کے لیے مکمل بند ہوگیا اورگاڑیوں کی لمبی قطار لگ گئیں۔
تاہم تقریباً 50منٹ بعد ریلوے انجن اور ڈبے کو سڑک سے ہٹادیا گیا، جس کے بعد ٹریفک معمول پر آگیا۔
 

 

 

ایمز ٹی وی(کراچی) کرنسی اسمگلنگ کیس میں پھنسی ماڈل گرل ایان علی کی درخواست منظور کرتے ہوئے سندھ ہائیکورٹ نے ان کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ (ای سی ایل) سے نکالنے کا حکم دیدیا۔
تفصیلات کے مطابق ایان علی نے ای سی ایل سے نام نکال کر بیرون ملک جانے کی اجازت کیلئے سندھ ہائیکورٹ سے رجوع کیا تھا جس پر دورکنی بینچ کے جسٹس احمد علی شیخ اور جسٹس کے کے آغاکے فیصلے میں اختلاف تھا اور بغیر کوئی فیصلہ سنائے معاملہ ریفری جج جسٹس نعمت اللہ پھلپھوٹو کو بھجوادیاگیاتھا، اُنہیں نے جسٹس کے کے آغا کے موقف سے اتفاق کیا اور ایان علی کا نام ای سی ایل سے نکالنے کا حکم دیدیا۔
عدالتی فیصلے پر سرکاری وکیل نے سپریم کورٹ میں اپیل کیلئے ایک ہفتے یا 15دن کی مہلت مانگی لیکن عدالت نے یہ استدعا مستردکرتے ہوئے فوری طورپر ای سی ایل سے نام نکالنے کا حکم دیدیا۔