جمعرات, 10 اکتوبر 2024
Reporter SS

Reporter SS

 

ایمز ٹی وی(کراچی) رشتے سے انکار پر ملزم نے دوبہنوں پر دستی بم پھینک دیا۔ جس کے نتیجے میں وہ زخمی ہوگئیں ،لانڈھی کے علاقے کوہی گوٹھ میں گھر پر دستی بم کے حملے کے نتیجے میں دونوں بہنوں 19سالہ ثمرین بلوچ اور 17سالہ صنم بلوچ کے زخمی ہونے کی پولیس نے بھی تصدیق کردی۔

شاہ لطیف ٹاﺅن کے ایس ایچ اوساجد کھوڑیو کے مطابق لڑکیوں کے والد قادر بخش نے بتایاکہ اس کے رشتہ دار ساجد نے دومرتبہ اس کی بیٹیوں کیلئے رشتہ بھجوایا لیکن مسترد کردیاگیا، حملے سے قبل ساجد نے قادر بخش اور اس کے خاندان کو رشتہ ٹھکرانے پر سنگین نتائج کی دھمکیاں بھی دیں ، دستی بم اس وقت پھینکا گیا جب دونوں بہنیں اپنے چھوٹے سے گھر کی چھت پر آرام کررہی تھیں۔


زخمی بہنوں کو جناح پوسٹ گریجویٹ سینٹر منتقل کردیاگیا جہاں ان کی حالت خطرے سے باہر ہے ۔

پولیس حکام کے مطابق ساجد ایک گینگ کا رکن اور نشئی ہے ، قادر بخش کی درخواست پر ملزم ساجد کیخلاف مقدمہ درج کرلیاگیا اور گرفتاریوں کیلئے مزید تفتیش جاری ہے ۔

 

 

ایمز ٹی وی (تعلیم / کراچی )کمانڈنٹ پاکستان میرین اکیڈمی (پی۔ایم۔اے)کموڈور اکبر نقی نے شہید ذوالفقارعلی بھٹو یونیورسٹی آف لاءکا دورہ کیا۔
کمانڈنٹ نے شہید ذوالفقار علی بھٹو یونیورسٹی آف لاء(جامعہ قانون)کے وائس چانسلرجسٹس (ر)قاضی خالد علی و سابق وزیرِ تعلیم صوبہِ سندھ سے ملاقات کی۔

ملاقات میں (جامعہ قانون) اور پاکستان میرین اکیڈمی کے مابین تعلیم کے شعبے میں باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ ِ خیال ہوا۔ بانی وائس چانسلر نے کمانڈنٹ کوپاکستا ن کی پہلی لاء یونیورسٹی کے پروگراموں کے بارے میں مفصل بریفنگ دی اور (جامعہ ِقانون) میں ہونے والی پیش رفت کے بارے میں آگاہ کیا۔ کموڈر اکبر نقی کو یونیورسٹی کے مستقبل کے اہداف کے بارے میں تفصیل سے آگاہ کیا گیا۔

 

 

ایمز ٹی وی(صحت) یوٹیلیٹی اسٹورزمیں فروخت ہونےوالا یوٹیلیٹی برانڈ کا آئل اورگھی غیرمعیاری نکلا۔یوٹیلیٹی اسٹورز کارپوریشن اور وزارت صنعت و پیداوار نے اس بات کا سپریم کورٹ کے سامنے اعتراف کرلیا۔

عدالت نے یوٹیلیٹی اسٹورز پر فروخت ہونے والی کھانے پینے کی تمام اشیاء کے معیار سے متعلق رپورٹ طلب کر لی، عدالت نے اس سوال کا جواب بھی مانگا ہے کہ ٹیٹرا پیک دودھ کے ڈبے کی اندرونی تہہ کے انسانی صحت پر کیا اثرات ہوتے ہیں۔

چیف جسٹس ثاقب نثار نے ریمارکس دیے کہ کھانے پینے کی اشیاء سے عوام کی صحت اور بچوں کا مستقبل وابستہ ہے، غذا ٹھیک نہیں ملے گی تو صحت خراب ہو گی۔عدالت کو بتایا گیا کہ آئل اور گھی سپلائی کرنے والی کمپنیوں کو بلیک لسٹ کر دیا گیا ہے، آئندہ یوٹیلیٹی اسٹورز پر صرف اعلیٰ معیار کے برانڈز کا کوکنگ آئل اور گھی فروحت ہو گا۔

 

 

ایمزٹی وی(تعلیم)آزاد کشمیر کے ضلع باغ میں ٹرک بےقابو ہوکر اسکول میں جاگھا،حادثے میں چوتھی جماعت کی دو بچیاں اور ٹیچر جاں بحق جبکہ9بچیاں اور ایک ٹیچر زخمی ہوئی ہیں ،ٹرک ڈرائیور کو گرفتار کرلیاگیا ہے ۔

ضلع باغ کے نواحی علاقے بیر پانی میں ہونے والے واقعے کی اطلاع ملتے ہی امدادی ٹیمیں جائے حادثہ پہنچ گئیں ۔لاشوں اور زخمیوں کو ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر اسپتال منتقل کردیاگیا ہے جہاں زخمیوں کی حالت خطرے سے باہر ہے ۔

اسکول انتظامیہ کا کہنا ہے کہ سردی کی وجہ سے کلاسز کمرے سے باہر لگائی گئیں تھیں ۔ٹرک کے ڈرائیور کو گرفتار کر کے تھانا باغ منتقل کردیاگیا ہے ،واقعہ کی تحقیقات جاری ہیں ۔

 

 

 


ایمز ٹی وی(کراچی) بے نظیر بھٹو قتل کیس میں اہم پیش رفت سابق وزیراعظم بے نظیر بھٹو کے قتل کے مقدمے کی سماعت کرنے والے انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت کے جج ایوب مارتہ کو تبدیل کر دیا گیا ہے۔


جج نے جنرل ریٹائرڈ پرویز مشرف کو 16 جنوری کو طلب کر رکھا تھا جنرل ریٹائرڈ پرویز مشرف کو مقدمے کے آخری گواہ کے طور پر طلب کیا گیا تھا بینظر بھٹو کے قتل کا مقدمہ اپنے آخری مراحل میں ہے مقدمے کا فیصلہ اسی ماہ سنایا جانے کا امکان تھا۔

 

 

 


ایمزٹی وی(اسلام آباد) نصاب تعلیم میں جمہوریت اور آمریت سے متعلق مضمون کی نشاندہی کے بعد محکمہ تعلیم سندھ نے نصاب تعلیم میں ترامیم کر دیں اور عبدالستار ایدھی کا مضمون بھی نصاب میں شامل کر لیا گیا ۔

سندھ حکومت نے دسویں جماعت کے علم شہریت کے نصاب میں تبدیلی کر دی ہے ۔ بیورو آف کیریکولم کے اجلاس میں وزیرتعلیم جام مہتاب ڈھرنے آمریت کا سبق پڑھ کر سنایا اور کہا کہ طلبہ سالوں سے ’’ آمریت جمہوریت سے بہتر ہے ‘‘ پڑھ رہے تھے، کتاب میں لکھا ہے کہ جمہوری حکمران نکمے ہوتے ہیں، اس مضمون کو حذف کر دیا گیا ہے۔

وزارت تعلیم سندھ کا کہنا ہے کہ اسلامیات کی کتاب میں احادیث کے حوالے بھی مضامین شامل کئے گئے ہیں۔

 

 

ایمز ٹی وی(کراچی) گورنر سندھ جسٹس (ر) سعید الزمان صدیقی کی نماز جنازہ گورنر ہاﺅس میں ادا کر دی گئی ہے اور ان کے جسد خاکی کو قومی اعزاز کے ساتھ گذری قبرستان میں سپردخاک کیا جائے گا۔

کھاد پر سبسڈی کا خاتمہ، تحریک انصاف نے حکومت کو 72 گھنٹوں کا الٹی میٹم دیدیا
تفصیلات کے مطابق گورنر ہاﺅس کے عقب میں موجود سبزہ زار میں مفتی تقی عثمانی نے جسٹس (ر) سعید الرحمان صدیقی کی نماز جنازہ پڑھائی۔

ذرائع کے مطابق وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ، چیف جسٹس سندھ ہائیکورٹ سجاد علی شاہ، قائم مقام گورنر آغا سراج درانی، کور کمانڈر کراچی، ڈی جی رینجرز،سینیٹر سعید غنی، سابق گورنر معین الدین حیدر ، سلیم ضیائ، راشد محمود سومرو، ارشد وہرا، قیوم سومرو، حافظ نعیم الحق، وقار مہدی، سابق چیف جسٹس انور ظہیر جمالی، سابق وزیراعلیٰ قائم علی شاہ، میئر کراچی وسیم اختر، تحریک انصاف کے رہنماءعارف علوی، سابق ناظم کراچی طارق حسن، منظور وسال، سینیٹر نہال ہاشمی، پیپلز پارٹی کے رہنماءحافظ نعیم الرحمان، وفاق سے عبدالقادر بلوچ اور ایم کیو ایم پاکستان کے سربراہ فاروق ستار سمیت دیگر سیاسی رہنماﺅں اور مختلف مکاتب فکر کے لوگوں نے شرکت کی۔

آرمی چیف جنرل قمر باجوہ سے چینی سفیر کی ملاقات،دہشتگردی کیخلاف پاک فوج کی کوششوں کو سراہا ۔

ذرائع کے مطابق گورنر سندھ جسٹس (ر) سعید الزمان صدیقی کے جسد خاکی کو قومی اعزاز کے ساتھ گذری قبرستان میں سپردخاک کیا جائے گا۔

 

 


ایمز ٹی وی(کراچی) پیپلز پارٹی پارلیمنٹیرینز کے صدر آصف علی زرداری کے مدمقابل امیدوار سامنے آگیا۔ مسلم لیگ ن کی مرکزی رابطہ کونسل کے رکن سردار عبدالحمید کھوسو نے این اے 213 سے سابق صدر آصف علی زرداری کے سامنے الیکشن لڑنے کا اعلان کر دیا۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان مسلم لیگ ن کی مرکزی رابطہ کونسل کے رکن عبدالحمید کھوسو نے این اے 213 سے سابق صدر آصف علی زرداری کے سامنے الیکشن لڑنے کا اعلان کیا ہے۔


اس موقع پر انہوں نے کہا کہ سندھ کو پی پی نے تباہ کر دیا ہے۔ صرف ڈیڑھ سال الیکشن کو رہتے ہیں۔ اس موقع پر ضمنی الیکشن کروا کراسمبلی میں جانے کا خواب دیکھنے والے آصف علی زرداری کے خواب کو چکناچور کرنے کے لئے سندھ کے غریب عوام کی آواز بن کر ان کے سامنے الیکشن لڑنے کا فیصلہ کیا ہے۔

انہوں نے مزید کہا مجھے اپنی قیادت کی بھرپور حمایت حاصل ہے۔ نوابشاہ کا الیکشن انشاء اللہ تاریخی ہوگا۔

 

 

ایمزٹی وی(اسلام آباد)پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نےپاناما لیکس کی سماعت سے قبل میڈیا سے گفتگو کی ۔صحافی کےپوچھے گئے سوال کہ 2دنوں میں آپ کیخلاف 3 تقریریں کی گئیں اس پر آپ کیا کہنا چاہیں گے کے جواب میں کہا کہ میاں صاحب میری تعریف کریں گے تو گبھرا جاﺅں گا۔میاں صاحب میری برائی کرتے ہیں تو اپنے لئے اعزاز کی بات سمجھتا ہوں ۔

تفصیلات کے مطابق پانامہ لیکس کیس کی سماعت سے قبل عمران خان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میاں صاحب کے اکاﺅنٹ میں ڈیویلپمنٹ نہیں ہورہی ہے، اکاﺅنٹ میں ڈیویلپمنٹ نہ ہونے سے ان کو مشکل ہورہی ہے۔

 

 


ایمز ٹی وی (کراچی) ایم کیو ایم لندن رابطہ کمیٹی کے رکن ساتھی اسحاق ایڈوکیٹ کو گرفتار کرلیا گیا، ندیم نصرت کہتے ہیں کہ استحکام پاکستان ریلی کے بعد سے کارکنان کی گرفتاریوں میں تیزی آئی ہے۔

ایم کیو ایم کے کنوینر کے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ٹوئٹ میں کہا ہے کہ ’’ساتھی اسحاق کی گرفتاری توہین عدالت ہے، استحکام پاکستان ریلی کے اعلان کے بعد سے کارکنان کی گرفتاریوں میں شدت آرہی ہے‘‘۔

انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم کی پرامن سیاسی و جمہوری سرگرمیوں پر قدغن لگائی جارہی ہے جبکہ کالعدم تنظیموں کو ملک بھر میں جلسہ جلوس کرنے کی نہ صرف اجازت ہے بلکہ وزیر داخلہ اُن جماعتوں کے سربراہان سے ملاقاتیں بھی کرتے ہیں۔

ندیم نصرت نے اپیل کی کہ ایم کیو ایم پر عائد غیر اعلانیہ اور غیر قانونی پابندیوں کو فوری ختم کیا جائے، انہوں نے انسانی حقوق کی تنظیموں سے بھی ساتھی اسحاق کی گرفتاری کا نوٹس لینے کا مطالبہ کیا۔

اس سے قبل رینجرز نے کراچی یونیورسٹی میں کارروائی کرتے ہوئے متحدہ لندن کی رابطہ کمیٹی کے رکن اور جامعہ کراچی کے اسسٹنٹ ڈپٹی رجسٹرار عارف حیدر کو گرفتار کر کے نامعلوم مقام پر منتقل کردیا ہے جبکہ یونیورسٹی انتظامیہ آخری اطلاعات آنے تک عارف حیدر کی گرفتاری کی وجوہات کا معلوم نہیں کرسکی۔