جمعرات, 10 اکتوبر 2024
Reporter SS

Reporter SS

 

ایمزٹی وی(تعلیم/کراچی) جامعہ کراچی نے غیر متوقع موسمی تبدیلی کے پیش نظر بی اے ریگولر وپرائیویٹ کے 20 اور 21 جنوری کو ہونے والے پرچے ملتوی کردیے جبکہ نئی تاریخوں کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔
 
جامعہ کراچی کے ناظم امتحانات کے اعلامیہ کے مطابق بی اے ریگولر وپرائیویٹ کے 20 اور 21 جنوری کو ہونے والے پرچے ملتوی کردیے گئے ہیں
 
تاہم باقی تمام پرچے جاری کردہ شیڈول کے مطابق منعقد ہوں گے امتحانی مرکز اور وقت میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی ہے۔

 

 

 

ایمز ٹی وی (کراچی) سندھ اسمبلی میں خاتون ممبر کے خلاف نازیبا الفاظ اور معنی خیز جملے استعمال کرنے پر شدید ہنگامہ آرائی ہوئی اور وزیر ورکس اینڈ سروسز امداد پتافی کی نصرت سحر عباسی سے شدید جھڑپ کے بعد ڈپٹی اسپیکر شہلا رضا نے نازیبا الفاظ کارروائی سے حذف کرا
دئیے۔
تفصیلات کے مطابق سندھ کے وزیر برائے ورکس اینڈ سروسز سے ایک سوال کیا گیا جس کا جواب اردو میں دینے لگے تو سپیکر سندھ اسمبلی نے انہیں انگریزی میں جواب دینے کی ہدایت کی تاہم امداد پتافی انگریزی زبان پر عبور نہ ہونے کے باعث ”گلابی انگریزی“ بولنے لگے جس پر اپوزیشن ممبر اور مسلم لیگ فنکشنل کی رہنماءنصرت سحر عباسی نے انہیں تنقید کا نشانہ بنایا۔ بات یہیں پر ختم نہ ہوئی بلکہ امداد پتافی نے بھی ترکی بہ ترکی دیتے ہوئے کہا کہ آپ تو ”ڈرامہ
کوئین“ ہیں۔
ڈپٹی اسپیکر شہلا رضا نے مداخلت کی تو امداد پتافی نے کہا کہ نصرت سحر عباسی مجھے ٹیوشن نہیں پڑھاتیں اور اس کے ساتھ ہی انہوں نے معنی خیز جملہ بھی ادا کیا اور کہا کہ میرے چیمبر میں آ جائیں تو پڑھ کر سنا دوں گا۔ امداد پتافی کی جانب سے ایسا کہے جانے پر نصرت سحر عباسی نے شدید احتجاج کیا اور ایوان میں بھی ہنگامہ آرائی ہوئی۔
نصرت سحر عباسی ڈائس پر کھڑی ہو گئیں اور کہا کہ امداد پتافی اخلاقیات کی حدود پار کر گئے، وہ اپنی ماﺅں بہنوں کے سامنے ایسے الفاظ استعمال کریں اور انہیں اپنے چیمبر میں بلائیں۔ ڈپٹی اسپیکر شہلا رضا نے خاتون ممبر کو تنگ نہ کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے نازیبا الفاظ کارروائی سے حذف کرا دیئے۔

 

 

ایمزٹی وی(گلگت بلتستان)آئی جی گلگت بلتستان ظفر اقبال اعوان نے کہا ہے کہ ایک مشتبہ شخص کو گرفتار کیا ہے جس کا تعلق کالعدم تنظیم سے ہے،ملزم کے بھارت کی خفیہ ایجنسی ”را“سے رابطوں کا انکشاف ہوا ہے۔
آئی جی گلگت بلتستان ظفر اقبال اعوان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایک مشتبہ شخص کو گرفتار کیا گیا ہے جس کا نام عدنان ہے،مشکوک شخص کانام فورتھ شیڈول میں ہے،ملزم سے نفرت پر مبنی لٹریچر بھی پکڑا گیا ہے۔
ملزم کا تعلق کالعدم تنظیم سے ہے،اس کو ریکی کرکے گرفتار کیا ہے،ملزم کے بھارت کی خفیہ ایجنسی ”را“سے رابطوں کا انکشاف ہوا ہے،یہ شخص علاقے کے سادہ لوح نوجوانوں کی بھرتی میں ملوث پایا گیا ہے

 

 

ایمز ٹی وی(صحت) سندھ ہائیکورٹ میں ادویات کی قیمتوں سے متعلق فیصلے کے خلاف اپیل کی سماعت ہوئی۔ درخواست گزار نے 2015سے پہلےزیر التواء کیسز میں سابقہ رولز کے مطابق قیمتوں میں اضافہ کرنے کی اپیل کی ہے۔
سندھ ہائیکورٹ میں سماعت کے دوران وکیل درخواست گزار فیصل صدیقی کا کہنا تھا کہ عدالت میں کئی سالوں سے ادویات کی قیمتوں کا معاملہ زیر التواء ہے۔
2015 سےپہلے ادویات کی قیمت میں اضافے پر کوئی پابندی نہیں تھی۔2015ڈرگ پرائسنگ پالیسی کے تحت تین سال کے دوران زیادہ سے زیادہ آٹھ فیصد اضافہ ہوسکتا ہے۔2015سے پہلےزیر التواء کیسز میں سابقہ رولز کے مطابق قیمتوں میں اضافہ کیا جائے۔
عدالت نے سماعت منگل تک ملتوی کردی،آئندہ سماعت پر ایڈیشنل اٹارنی جنرل دلائل دیں گے۔
 

 

 

ایمز ٹی وی(کراچی) کراچی میں کسٹم اینڈ ٹیکسیشن کورٹ میں پاناما لیکس میں شامل دو ملزمان کے خلاف کیس کی سماعت ہوئی۔عدالت نے دونوں ملزمان کے خلاف وارنٹ گرفتاری جاری کردئیے ہیں۔
کسٹم اینڈ ٹیکسیشن کورٹ نے پاناما لیکس کے کیس میں نامز دو ملزمان بشیر داؤد اور مریم داؤد کے مقامی بینک میں پانچ اکاونٹس بھی منجمد کردئیے گئے۔
ایف آئی آر میں انکم کو چھپانے،غلط ویلتھ اسٹیٹمنٹ اورمنی لانڈنگ کے الزام عائد ہیں۔منجمد ہونے والے اکاونٹ میں 19 ارب 72 کروڑ 16 لاکھ روپے ہے۔
بشیر داود پر 94 کروڑ 40 لاکھ ڈالر کی منی لانڈرنگ سامنے آئی ہے۔ایف بی آر کے مطابق کارروائی اینٹی منی لانڈرنگ ایکٹ 2010 کے تحت کی گئی ہے۔بشیر داودُ کا نام پاناما لیکس میں بھی شامل ہے۔
 

 

 

ایمز ٹی وی(تعلیم /کوئٹہ) باچا خان یونیورسٹی چارسدہ پر دہشت گردوں کے حملے کو ایک سال بیت گیا لیکن زخم آج بھی تازہ ہیں۔
20 جنوری 2016 کی صبح چارسدہ شدید دھند کی لپیٹ میں تھا۔ امن اور علم کے دشمنوں نے موقع سے فائدہ اٹھایا اور 9 بج کر 58 منٹ پر یونیورسٹی پر حملہ کردیا۔
دہشت گرد مشرقی دیوار پر لگے خاردار تاروں کو کاٹ کر یونیورسٹی کے اندر داخل ہوئے۔خودکار اسلحہ اور دستی بموں سے لیس چاروں دہشت گردوں نے پہلے ریسٹ ہاؤس میں داخل ہوکر کئیر ٹیکر فخر عالم کو شہید کر دیا۔
بس اسٹینڈ پر مامور سیکورٹی گارڈ نے دہشت گردوں کو للکارا تو وہ بھی فائرنگ سے زخمی ہوگیا۔ فائرنگ کی آواز سن کر قریبی آبادی کے لوگ بھی سیکورٹی گارڈز کی مدد کیلئے پہنچ گئے۔
حملہ آور جب اپنے ہدف تک پہنچنے میں ناکام ہوئے تو پلان بی کے تحت بوائز ہاسٹل نمبر 1 میں داخل ہوئے اور کشت و خون کا بازار گرم کردیا۔ دہشت گردوں کے یونیورسٹی پر حملے کے 35 منٹ بعد مقامی پولیس موقع پر پہنچ گئی جبکہ مردان اور پشاور سے پاک فوج کے کمانڈوز اور کوئیک ریسپانس کے دستے ایک گھنٹے میں یونیورسٹی پہنچ گئے۔
دہشت گردوں نے 14 طلبہ اور ایک پروفیسر سمیت 18 بے گناہوں کو شہید اور 22 کو زخمی کر دیا۔ دہشت گردوں نے خودکار اسلحہ سے فائرنگ کےساتھ 8 دستی بم دھماکے بھی کیے۔
آرمی کمانڈوز اور کوئیک ریسپانس فورس کے دستوں نے آپریشن کر کے چاروں دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔
واقعے کے ٹھیک چار دن بعد 25 جنوری کو سیکورٹی فورسز نےضلع مردان کے دو مختلف علاقوں میں کارروائی کرتے ہوئے دہشت گردوں کے پانچ سہولت کاروں ریاض، ضیاء، عادل، نور اللہ اور ابراہیم کو گرفتار کر لیا۔ گرفتار سہولت کاروں نے دوران تفتیش اعتراف جرم کر لیا تھا۔

 

 

ایمز ٹی وی (تعلیم/اسلام آباد) تھانہ شالیمار کے علاقہ میں اسکول وین حادثہ کا شکار ہوگئی جس کے نتیجہ میں متعدد بچیاں زخمی ہو گئیں ۔
پولیس کو طاہر جاوید نے بتایاکہ میں ہائی ایس نمبرLRT7689 پر اسکول کی بچیوں مریم سیف، مہک آمنہ سحر وغیرہ کو اسکول لیکر جارہا تھا کہ گاڑی نمبرLXP5816 جس کو ڈرائیور محمد دانش چلا رہا تھا نے ٹکر ماردی جس سے طالبات زخمی ہوگئیں۔ پولیس نے مقدمہ درج کرلیا۔ -

 

 

ایمز ٹی وی(تعلیم/اسلام آباد) قائداعظم یونیورسٹی کے لڑائی جھگڑے میں ملوث 12 نامزد ملزمان سمیت 213 کیخلاف مقدمہ درج کرلیا گیا۔
تاہم پولیس نے تاحال کسی کو گرفتار نہیں کیا، محمد احمد نے بتایاکہ میں یونیورسٹی میں وارڈن ہوں ، عادل شاہ ، اس کے ساتھیو ں اور 200 نامعلوم طلبا ء جوکہ یونیورسٹی میں رہائش پذیر ہیں کے درمیان جھگڑا ہوا جس میں متعدد طلبا ء زخمی بھی ہو گئے ۔ پولیس نے مقدمہ درج کرلیا۔

 

 

ایمز ٹی وی ( تعلیم ) سندھ کے وزیر تعلیم جام مہتاب حسین ڈاہر نے کہا ہے کہ آئندہ سال کے لیے اس تجویز کا جائزہ لیا جا رہا ہے کہ موسم سرما میں اسکولوں کے تدریسی اوقات کو تھوڑا آگے بڑھا دیا جائے اور اسکولوں میں تدریسی عمل تھوڑی دیر سے شروع کیا جائے، اسکولوں کی تعطیلات کا کلینڈر جنوری میں بنتا ہے ۔

آئندہ حکومت سندھ کی یہ کوشش ہو گی کہ سردیوں کی تعطیلات کے لیے کوئی مخصوص تاریخ مقرر نہ کی جائے اور یہ چھٹیاں موسمی صورت حال کو دیکھتے ہوئے اس وقت دی جائیں ، جب سردی کی شدت زیادہ ہو ۔ انہوں نے یہ بات جمعرات کو سندھ اسمبلی کے اجلاس کے دوران اس وقت کہی جب قائد حزب اختلاف خواجہ اظہار الحسن نے اپنے ایک پوائنٹ آف آرڈر پر اس امر کی نشاندہی کی کہ کراچی میں اس وقت درجہ حرارت بہت گرا ہوا ہے ۔ محکمہ موسمیات نے آئندہ ہفتے پھر بارش کی پیشگوئی کی ہے ۔ اس صورت حال میں اسکول جانے والے معصوم بچوں اور ان کے والدین کو پریشانی سے بچانے کے لیے اسکولوں کی ایک ہفتے کی تعطیلات میں اضافہ کیا جائے ۔ وزیر تعلیم جام مہتاب حسین کا کہنا تھا کہ سالکے 365دنوں میں 122دن اسکولوں میں چھٹیاں ہوتی ہیں ۔ اس صورت حال میں ہم مزید چھٹیوں میں اضافہ کریں گے تو بچوں کا تعلیمی نقصان ہو گا ۔

انہوں نے بتایا کہ سندھ میں بعض ایسے علاقے بھی ہیں جہاں موسم گرما درجہ حرارت 52 ڈگری سینٹی گریڈ تک چلا جاتا ہے اگر اسی طرح شدید سردی اور گرمی کے زمانے میں تعلیمی اداروں کی چھٹیوں کو بڑھایا جاتا رہا تو گرمی کے زمانے میں شدید گرم علاقوں کے رہنے والوں کی جانب سے یہ بھی کہا جائے گا کہ بہت زیادہ گرمی ہے ۔ چھٹیوں میں اضافہ کیا جائے ۔ جام مہتاب نے کہاکہ کراچی میں اس وقت درجہ حرارت 12 سینٹی گریڈ سے کم نہیں ہے ۔ اس لیے مزید چھٹیوں کا کوئی جواز نہیں ۔ پنجاب اور شمالی علاقہ جات میں جہاں درجہ حرارت منفی سے بھی نیچے ہے اور کچھ علاقوں میں برف باری ہو رہی ۔ وہاں بھی تعلیمی اداروں میں تعلیمی سرگرمیاں جاری ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ آئندہ سال کے لیے اس تجویز کا بھی جائزہ لیا جا رہا ہے کہ موسم سرما میں اسکولوں کے تدریسی اوقات کو تھوڑا آگے بڑھا دیا جائے ۔

 

 

ایمزٹی وی(کراچی) پولیس نے نیوکراچی میں کارروائی کرتے ہوئے تین ملزمان کو گرفتا کر کے اسلحہ برآمد کر لیاہے۔
تفصیلات کے مطابق پولیس کا کہناہے کہ تینوں ملزمان شہر میں ڈکیتی کی وارداتوں میں ملوث ہیں جبکہ ان کے قبضہ سے اسلحہ بھی برآمد کیا گیاہے ۔
دوسری جانب کراچی کے علاقے اورنگی ٹاﺅن کٹی پہاڑی کے نزدیک پولیس نے مبینہ مقابلے میں ملزم کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیاہے جسے طبی امداد کیلئے اسپتال منتقل کر دیا گیاہے۔