جمعرات, 10 اکتوبر 2024
Reporter SS

Reporter SS

 

ایمز ٹی وی (کراچی) کراچی کے مختلف علاقوں میں قانون نافذ کرنے والے ادارے نے کارروائی کرتے ہوئے سیاسی جماعت کے 9 کارکن گرفتار کر لیے۔ اورنگی ٹاؤن میں پولیس مقابلے میں 2 ملزمان زخمی حالت میں گرفتار کر لیےگئے۔

ذرائع کے مطابق قانون نافذ کرنے والے ادارے کے اہلکاروں نے ابوالحسن اصفہانی روڈ پر کارروائی کی۔ کارروائی میں سیاسی جماعت کے 3 کارکن گرفتار کر لیے گئے۔ گرفتار ملزمان کو تفتیش کے لئے نا معلوم مقام پر منتقل کر دیا گیا ہے۔

گلشن اقبال 13 ڈی میں بھی رہائشی عمارت پر قانون نافذ کرنے والے ادارے نے چھاپا مارا جس کے دوران 4 افراد کو حراست میں لے لیا گیا۔ زیر حراست افراد کا تعلق سیاسی جماعت سے ہے۔

نیو کراچی میں کارروائی کے دوران بھی سیاسی جماعت سے تعلق رکھنے والے 2 کارکنان کو حراست میں لے کر تفتیش کے لیے نامعلوم مقام پر متنقل کردیاگیا۔

اُدھرایس ایس پی ویسٹ ناصر آفتاب کے مطابق اورنگی ٹاؤن پاکستان بازار میں پولیس مقابلے میں 2 ملزمان زخمی حالت میں گرفتار کر لیے گئے۔

ایس ایس پی ویسٹ ناصر آفتاب نے دعویٰ کیا ہے کہ گرفتار ملزمان 50 سے زائد مختلف وارداتوں میں ملوث ہونے کا اعتراف کرچکے ہیں۔

 

 


ایمزٹی وی(اسلام آباد)جسٹس آصف سعید کھوسہ کی سربراہی میں 5رکنی لارجر بینچ نے وزیر اعظم کے وکیل مخدوم علی خان کے دلائل سننے کے بعد پاناما کیس کی مزید سماعت پیر تک ملتوی کر دی ۔ اگلی سماعت پر بھی مخدوم علی خان اپنے دلائل کا تسلسل جاری رکھیں گے ۔ جسٹس آصف سعید کھوسہ کی سربراہی میں جسٹس عظمت سعید شیخ ، جسٹس اعجاز الاحسن ، جسٹس اعجاز افضل اور جسٹس گلزار احمد پر مشتمل بینچ کیس کی سماعت روزانہ کی بنیاد پر کر رہا ہے ۔ آج کیس کی آٹھویں مسلسل سماعت تھی۔

سماعت شروع ہوئی تو وزیر اعظم کے وکیل مخدوم علی خان نے موقف اپنایا کہ وزیر اعظم کے خلاف آرٹیکل 62کے تحت نااہلی کیلئے عدالتی ڈکلیئریشن ضروری ہے ۔الیکشن کے بعد نااہلی کا معیار کم نہیں ہو سکتا ۔ نااہلی کا معاملہ کاغذات نامزدگی کے وقت اٹھایا جا سکتا ہے ۔

انہوں نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ الیکشن کے بعد کووارنٹو کی درخواست دائر ہو سکتی ہے اور جعلی ڈگری کے معاملات بھی ٹربیونل کی سطح پر طے ہوتے ہیں ۔ ”ڈگری جعلی اور اثاثے چھپانے پر نااہلی آرٹیکل 62کے تحت ہو سکتی ہے “جس پر بینچ کے سربراہ جسٹس آصف سعید کھوسہ نے ریمارکس دیے کہ آپ جن مقدمات کا حوالہ دے رہے ہیں وہ الیکشن کمیشن کیخلاف تھے ۔انہوں نے وزیر اعظم کے وکیل مخدوم علی خان کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ جن مقدمات کا حوالہ دے رہے ہیں وہ ٹربیونل کیخلاف نہیں تھے ۔مخدوم علی کان نے عدالت کو بتایا کہ صدیق بلوچ کی نااہلی کا فیصلہ ٹربیونل سطح پر ہوا ، سپریم کورٹ نے ٹربیونل کا فیصلہ کالعدم قرار دیا تھا ۔ اراکین اسمبلی کی نااہلی کیلئے ٹھوس شواہد کی ضرورت ہوتی ہے ۔ ٹربیونل نے صدیق بلوچ سے انگریزی کے مضمون کے بنیادی سوال پوچھے تھے۔

وزیر اعظم کے وکیل نے اپنے دلائل میں کہا کہ سپریم کورٹ نے سوالات کی بنیاد پر نااہلی کو ختم کیا تھا اور ”ٹھوس شواہد کے بغیر نااہلی نہیں ہو سکتی“۔ انہوں نے عدالت سے استفسار کیا کہ کیا مشرف کی نااہلی کا فیصلہ عدالتی فیصلوں کی روشنی میں ہوا تھا ؟ آرٹیکل 62ون ایف کے اطلاق کے بھی ضابطے موجود ہیں جس پر جسٹس اعجاز افضل نے ریمارکس دیے کہ پرویز مشرف کیس میں ڈکلیئریشن سپریم کورٹ نے دیا تھا ۔ سپریم کورٹ نے وہ فیصلہ سندھ ہائیکورٹ بار کیس میں دیا تھا ۔بینچ کے سربراہ جسٹس آصف سعید کھوسہ نے کہا کہ عدالت نے اس فیصلے میں قرار دیا تھا کہ مشرف نے اپنے حلف کی خلاف ورزی کی ۔ مخدوم علی خان نے دلائل دیے کہ نااہلی کیلئے پہلے ڈکلیئریشن ہونا ضروری ہے ، ڈکلیئریشن اور نااہلی ایک ساتھ نہیں ہو سکتے ۔انہوں نے دوران سماعت جہانگیر ترین کے کیس کا حوالہ بھی دیا ۔ وزیر اعظم کے وکیل مخدوم علی خان کے دلائل کے بعد سپریم کورٹ نے مزید سماعت پیر تک ملتوی کر دی۔

 

 


ایمز ٹی وی (کراچی) پولیس نے انسداد دہشت گردی عدالت سے بلدیہ فیکٹری آتشزدگی کے کیس میں ضمنی چارج شیٹ جمع کرانے کیلئے مزید وقت مانگ لیا جبکہ مرکزی ملزم حماد صدیقی کو انٹرپول کے ذریعے وطن واپس لانے کے لیے وزارت داخلہ سے رابطہ کرلیا گیا۔

عدالت نے پولیس کو ضمنی چارج شیٹ جمع کرانے کیلئے وقت دے دیا جبکہ متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) کے رکن صوبائی اسمبلی رؤف صدیقی، حیدرآباد سے تعلق رکھنے والے تاجر بھائیوں، علی حسن قادری اور عمر حسن قادری اور دیگر ملزمان کی قبل از گرفتاری عبوری ضمانت میں 25 جنوری تک کے لیے توسیع کردی ہے۔

مذکورہ کیس کی سماعت کے دوران تحقیقاتی افسر سپریٹنڈنٹ پولیس (ایس پی) اختر فاروق نے حال ہی میں گرفتار ہونے والے ملزم عبدالرحمٰن بھولا کے خلاف ضمنی چارج شیٹ پیش کرنے کیلئے مزید وقت مانگا تھا جس پر عدالت نے انھیں 25 جنوری تک کی مہلت دے دی۔

تحقیقاتی افسر نے عدالت کو مزید بتایا کہ اس کیس میں اشتہاری قرار دیئے گئے ملزم اور ایم کیو ایم کی تنظیمی کمیٹی کے چیف حماد صدیقی کو انٹرپول کے ذریعے وطن واپس لانے کیلئے وزارت داخلہ سے رابطہ کیا گیا ہے تاکہ ملزم کے ریڈ وارنٹ حاصل کیے جاسکیں۔

خیال رہے کہ ایم کیو ایم کے سابق سیکٹر انچارج عبدالرحمٰن عرف بھولا نے گذشتہ سال 22 دسمبر کو مجسٹریٹ کے سامنے اپنے ایک اعترافی بیان میں کہا تھا کہ اس نے زبیر عرف چریا اور دیگر افراد کے ساتھ مل کر حماد صدیقی کے کہنے پر بلدیہ میں قائم گارمنٹس فیکٹری کو آگ لگائی تھی کیونکہ فیکٹری کے مالکان نے بھتے کی رقم اور فیکٹری میں شراکت داری دینے سے انکار کردیا تھا۔

اس نے مزید انکشاف کیا تھا کہ واقعے کے بعد رؤف صدیقی نے صنعتی یونٹ کے مالکان پر مقدمہ قائم کرایا اور اس کے بعد ملزم کے علم میں یہ بات بھی آئی کہ رؤف صدیقی اور حماد صدیقی نے فیکٹری مالکان کے خلاف کیس 'ہلکا' کرنے کیلئے 40 سے 50 لاکھ روپے کی رقم بھی وصول کی تھی۔

یاد رہے کہ عبدالرحمٰن عرف بھولا کو گذشتہ ماہ انٹرپول کے ذریعے بینکاک میں گرفتار کیا تھا اور وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) نے اسے بعد ازاں کراچی منتقل کیا۔

استغاثہ کا کہنا تھا کہ ستمبر 2012 میں بلدیہ میں قائم گارمنٹس فیکٹری میں ہونے والی آتشزدگی میں 250 مزدور ہلاک ہوگئے تھے۔

کراچی کی مقامی عدالت نے قتل کا جرم ثابت ہونے پر ایک مجرم کو عمر قید کی سزا سنادی ہے۔

محمد سفیان پر الزام ثابت ہوا ہے کہ اس نے فروری 2011 میں مبینہ ٹاؤن کے علاقے میں حنیف نامی شخص کو قتل کیا تھا۔

مذکورہ کیس میں نامزد دیگر دو ملزمان کو مقتول کے اہل خانہ کی جانب سے معاف کیے جانے پر بری کردیا گیا تھا۔

ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج (شرقی) نے مجرم کو 500000 روپے جرمانہ بھی ادا کرنے کی سزا سنائی اور اور عدم ادائیگی کی صورت میں مجرم کو اضافی 6 ماہ قید برداشت کرنا ہوگی۔

انسداد دہشت گردی عدالت نے دھماکا خیز مواد رکھنے کا جرم ثابت ہونے پر مبینہ عسکریت پسند کو 14 سال قید کی سزا سنائی۔

محمد آصف کو دسمبر 2015 میں کراچی کے علاقے کورنگی سے دھماکا خیز مواد رکھنے کے الزام میں گرفتار کیا گیا تھا۔

پولیس کا کہنا تھا کہ مجرم کا تعلق کالعدم فرقہ وارانہ تنظیم سے ہے۔

 

 


ایمزٹی وی(اسپورٹس) برسبین میں پاکستان بمقابلہ آسٹریلیا کا پہلا ون ڈے میچ جاری ہے۔ پہلے وں ڈے میچ میں آسٹریلیا نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کافیصلہ کیا۔ میچ کے آغاز میں پاکستان کیخلاف پہلے ون ڈے میں آسٹریلیا نے 6 ابتدائی وکٹیں گنوا دیں

ڈیوڈ وارنر 7 رنز بنا کر محمد عامر کی گیند پر بولڈ ہوگئے ، دوسرے آئوٹ ہونے والے کھلاڑی کپتان سٹیو سمتھ تھے جو بغیر کوئی رن بنائے پہلی ہی گیند پر پویلین لوٹ گئے انہیں بھی محمد عامر نے اپنا شکار کیا ۔ تیسرے آئوٹ ہونے والے کھلاڑی کرس لین تھے جو 16 سکور بنا کر حسن علی کی گیند پر آئوٹ ہوئے ۔

چوتھے آئوٹ ہونے والے کھلاڑی ٹریوس ہیڈ تھے جو 39 رنز بنا کر عماد وسیم کی گیند پر محمد رضوان کے ہاتھوں کیچ ہوئے ، پانچویں آئوٹ ہونے والے کھلاڑی مچل مارش تھے جو 4 رنز بنا کر عماد وسیم کی گیند پر محمد رضوان کی گیند پر کیچ ہوئے ۔جارحانہ بلے باز گلین میکسویل 54 گیندوں پر 60 رنز کی اننگز کھیل کر حسن علی کی گیند پر محمد حفیظ کے ہاتھوں کیچ ہوئے۔

 

 

ایمزٹی وی (کراچی) گورنر سندھ جسٹس ریٹائرڈ سعید الزماں صدیقی کی نمازِ جنازہ آج ڈیڑھ بجے گورنر ہاؤس میں ادا کی جائے گی۔


گورنرہاؤس کے ترجمان کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق گورنرسندھ جسٹس (ر) سعید الزمان صدیقی کی نمازِ جنازہ باغ جناح میں ادا کی جانی تھی تاہم اب اس کا مقام تبدیل کردیا گیا ہے اور نئے شیڈول کے مطابق اب نماز جنازہ گورنر ہاؤس میں دوپہر ڈیڑھ بجے ادا کی جائے گی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ نماز جنازہ میں صدر مملکت ممنون حسین، وزیر اعظم نواز شریف ، قائم مقام گورنرسندھ آغا سراج درانی، وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ، وفاقی و صوبائی وزرا، اعلیٰ سیاسی و عسکری قیادت اور سیاسی جماعتوں کے رہنما بھی شرکت کریں گے ، جس کے باعث سیکیورٹی خدشات اور عوام کی تکلیف کو مد نظر رکھتے ہوئے نماز جنازہ کے مقام کو تبدیل کیا گیا ہے۔


واضح رہے کہ گورنرسندھ جسٹس ریٹائرڈ سعیدالزماں صدیقی طویل عرصے سے بیمار تھے تاہم بدھ کے روز سینے میں تکلیف کے باعث انہیں اسپتال منتقل کیا گیا جہاں وہ جانبر نہ ہوسکے۔

 

 


ایمزٹی وی(راولپنڈی)پاک فوج کے افسران نے آرمی چیف کے کھاریاں ،جہلم کے دورے کے دوران ڈان لیکس اور وزیر قانون پنجاب رانا ثناءاللہ کے فوجی عدالتوں بارے میں بیان پر سوالات اٹھائے ہیں جن پر آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے تسلی بخش جواب دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاک فوج بہترین ادارہ ہے،اس ادارے کی ساکھ اور عزت برقرار رکھی جائے گی۔

C1 PnVUXcAENkLb

ڈی جی آئی ایس پی آر میجرجنرل آصف غفور کا کہنا ہے کہ آرمی چیف کو ہیڈ کوارٹرز سینٹرل کمانڈ میں آپریشنل تیاریوں پر بریفنگ دی گئی ہے،آرمی چیف نے جہلم،کھاریاں گیریژن میں آپریشنل تیاریوں کا جائزہ بھی لیا ہے، جہلم میں فائرنگ مقابلوں کے آخری مرحلے کا مشاہدہ کیا۔جنگ میں 86افسروں اور جوانوں نے بھی فائرنگ مقابلوں میں حصہ لیا،آرمی چیف نے ان کی کارکردگی کو سراہا ہے اور خدمات کو خراج تحسین بھی پیش بھی کیا ہے۔

C1 PnVSXUAQ2f27

میڈیا ذرائع کے مطابق افسران نے آرمی چیف سے ڈان لیکس اور وزیر قانون پنجاب رانا ثناءاللہ کے فوجی عدالتوں بارے بیان بارے بھی سوالات کیے اس پر انہوں نے جواب دیا ہے کہ پاک فوج کے وقار اور ساکھ پر حرف نہیں آنے دیں گے۔

 


ایمزٹی وی(اسلام آباد) سیکریٹری سول ایوی ایشن عرفان الہیٰ نے کہاہے کہ طیارے کے بلیک باکس کی رپورٹ موصول ہو گئی ہے جس کے مطابق جہاز نے لینڈنگ کی کوئی کوشش ہی نہیں کی ،چترال سے پرواز کے وقت طیارے کے دونوں انجن 100فیصد ٹھیک تھے ۔

تفصیلات کے مطابق سیکرٹری سول ایوی ایشن نے سینیٹ کی قائمہ کمیٹی کوبریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ چترال سے پروازکے و قت طیارے کے دونوں انجن 100فیصدٹھیک تھے، پائلٹ نے 4بج کر 12منٹ پرپہلی کال کی، پہلی کال میں پائلٹ کی آوازبالکل پرسکون تھی ، پہلی کال کے 2 منٹ بعدہی پائلٹ نے"مےڈے"کال کردی، 4بجکر 14منٹ پرپائلٹ نے بتایاایک انجن کام چھوڑگیاہے۔

4بجکر 17 منٹ پرطیارہ جنوب کے بجائے مشرق کی طرف مڑگیا، 10سے 15منٹ بعدجہازگرجانے کی اطلاع موصول ہوگئی۔انہوں نے بتایا کہ بلیک باکس کے مطابق جہازنے لینڈنگ کی کوئی کوشش نہیں کی۔

 

 


ایمزٹی وی(اسپورٹس) پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے مابین مارچ میں شروع ہونے والی سیریز کے شیڈول کا اعلان کردیا گیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق ویسٹ انڈیز میں کھیلی جانیوالی سیریز 2 ٹی ٹوئنٹی ،3 ون ڈے اور 3 ٹیسٹ میچز کھیلے جائیں گے۔

دو ٹی 20 میچز 31 مارچ اور 2 اپریل کو کھیلے جائیں گے۔جبکہ ون ڈے میچز 7 ،9 اور 11 اپریل کو ہونگے۔سیریز میں تین ٹیسٹ میچز 22 ،30 اپریل اور 10 مئی کھیلے جائیں گے۔

 

news 1484218945 8306

 

 


پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کی زیر صدارت اہم اجلاس ہوا۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئےپاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے کہا کہ ن لیگ کے اقتدار کی کشتی میں پانامہ نے بڑا شگاف ڈالا ہے۔وزیراعظم اور وزراءاپنی کشتی کے سوراخ بند کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق اجلاس میں پانامہ کیس کی سماعت کے مختلف پہلوﺅں پرتبادلہ خیال کیا گیا ۔اورنج لائن منصوبے میں مزدورں کی موت پر بھی اظہار افسوس کیا گیا۔پی ٹی آئی نے کہا کہ واقعات پر حکومت اور دیگر مہ دارارن سے جواب طلبی ہونی چاہیے۔

اجلاس میں کہا گیا کہ وزیراعظم عدالت میں جواب دینے کی بجائے فرار کا راستہ لینا چاہ رہے ہیں۔ قوم نے دیکھ لیا ن لیگ کے پاس قوم کے سوالوں کے جواب نہیں ہیں۔ مزید کہا گیا کہ وزیراعظم کے وکیل زبانی جمع خرچ سے عدالت کو مطمئن کرنے کی کوشش کررہے ہیں،پیش کردہ شواہد کے بغیر فرار ممکن نہیں ہے۔

 

 


ایمزٹی وی(نارووال)نارووال میں ہیلتھ کارڈ کے اجرا سے متعلق ایک تقریب کا اہتمام کیا گیا جس میں وفاقی وزیر احسن اقبال ،وفاقی وزیر صحت سائرہ افضل تارڑ اور دانیا ل عزیز سمیت مختلف رہنماﺅں اور ہیلتھ افسران نے شرکت کی ۔

اس موقع پر وزیراعظم میاں محمد نواز شریف نے نارووال میں ایک لاکھ ساٹھ ہزار صحت کارڈجاری کردئیے ۔ان کا کہنا ہے کہ کچھ لوگوں کو جھوٹ کی عادت چھو ڑ کر عوامی خدمت اور ترقی میں کردار ادا کرنا چاہیے ۔انہوں نے کہا کہ جو لوگ اپنا علاج نہیں کراسکتے ،معاشرے میں ایسے طبقے کے لیے علاج معالجے کی بنیادی سہولتیں فراہم کرنا حکومت کا فرض ہے۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ کچھ لوگوں کے پاس علاج معالجے کے لیے پیسے نہیں ہوتے اس لیے وہ چھوٹے موٹے حکیموں کے پاس جاتے ہیں کیونکہ وہ ہسپتال نہیں جا سکتے ۔غریبوں کو علاج معالجے کے لیے اپنے گھر بیچنے پڑ جاتے ہیں ،قرضے لینے پڑتے ہیں ،اپنے بچوں کو اسکول سے اٹھانا پڑتا ہے اور فاقوں تک نوبت آجاتی ہے ،پھر غریبوں کے بچے چھوٹی چھوٹی نوکریوں پر لگ جاتے ہیں تاکہ گزر بسر کر سکیں ۔انہوں نے کہا کہ یہ معاشرے کی نا انصافیاں ہیں جن کا علاج ضروری ہے ۔

انہوں نے کہا کہ کچھ سیاستدان ہر روز جھوٹ بولتے ہیں ،منگل اور بدھ کو تو گوشت کا بھی ناغہ ہوتا ہے لیکن ان سیاستدانوں کا ناغہ نہیں ہوتا ،ایسے سیاستدان اتنے غلیظ الزامات لگاتے ہیں کہ میں سوچنے پر مجبور ہو جاتا ہوں یہ کیسے لوگ ہیں ۔وزیراعظم نے کہا کہ اب قوم خوشحالی کے راستے پر چلنا شروع ہو گئی ہے ،اس کو چلنے دو ،راستہ مت روکو