جمعرات, 10 اکتوبر 2024
Reporter SS

Reporter SS

 

ایمز ٹی وی(نیو یارک) نومنتخب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے داماد جیرڈ کشنر کو صدر کا سینئر مشیر مقرر کر دیا جائے گا۔ امریکہ کے نو منتخب صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے داماد جیرڈ کوشنر کو سینئر صدارتی مشیر مقرر کیا جا رہا ہے، تاہم ان کی صاحبزادی کوئی حکومتی عہدہ نہیں سنبھالیں گی جب کہ جیرڈ کوشنر بطور مشیر کام کے دوران اپنے نجی کاروبار سے بھی علیحدہ ہو جائیں گے۔

ٹرمپ انتظامیہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق حکومتی عہدہ سنبھالنے سے قبل ہی جیرڈ اپنی کمپنیوں کی ڈائریکٹر شپ سے مستعفی ہو جائیں گے اور وہ دوران ملازمت تنخواہ بھی وصول نہیں کریں گے۔ امریکی نشریاتی ادارے نے یہ بات اقتدار منتقلی کے عبوری عمل سے وابستہ ایک سینئر عہدیدار کے حوالے سے بتائی۔

پینتیس سالہ جیرڈ ماضی کے تاجر اور موجودہ سیاسی حکمت عملی کے ماہر نے اپنے سسر کی انتخابی مہم میں اہم کردار ادا کیا تھا اور ان کا نیا عہدہ امریکا میں اقربا پروری پر قابو کرنے کے لئے موجود وفاقی قانون کے لئے بھی ایک ٹیسٹ ہو گا۔

 

 


ایمز ٹی وی(انٹرٹینمٹ) پاکستان کی پہلی خواجہ سرا ماڈل کامی سد نے فلمی سفر کا آغاز بھی کر دیا ہے۔ کامی جلد ہی ایک مختصر فلم ’’رانی‘‘ میں جلوہ گر ہوں گی۔

خواجہ سراؤں کے حقوق کے لیے سرگرم کامی سد نے کچھ عرصہ قبل ریمپ پر واک کر کے خوب توجہ سمیٹی تھی ۔ کامی سد اب جلد ہی بڑے پردے پر بھی دکھائی دیں گی.

فلم رانی میں کامی سد نے خواجہ سرا کا مرکزی کردارنبھایا ہے۔ فلم کے ڈائریکٹر امریکا سے تعلق رکھنے والے حماد رضوی ہیں جبکہ اسے گرے ہاؤس نامی پروڈکشن ہاؤس کی جانب سے پروڈیوس کیا گیاہے۔ فلم کی شوٹنگ گزشتہ سال اکتوبر میں شروع کی گئی تھی۔ تاحال یہ اعلان نہیں کیا گیا کہ اسے ریلیز کب کیا جائے گا۔

کامی سد کے مطابق فلم رانی میں یہ پیغام دیا جائے گا کہ خواجہ سرا بھی زندگی میں بہت کچھ کر سکتے ہیں، ان کا مقصد صرف شادیوں میں رقص کرنا ہی نہیں ہے۔ فلم کی کہانی ایک خواجہ سرا پر مبنی ہےجسے کراچی کی سڑکوں پر کھلونے فروخت کرنے کے دوران ایک روز ایسا بچہ ملا جسے اس کے خاندان والے چھوڑ چکے تھے۔

کامی اسے اپنے گھر لے آتی ہے اور بعد میں انہیں کئی طرح کے مسائل کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔

 

 

 

ایمزٹی وی(انٹرٹینمٹ) بالی ووڈ میں اپنی ڈیبیو فلم ’’خوبصورت‘‘ سے دھوم مچانے والے پاکستانی اداکار فواد خان کو 2015 کے بعد سے نظر اندازکیا جا رہا تھا۔ فواد کو ایک بار پھرسے فلم فیئر ایوارڈز کیلئے نامزد کیا گیاہے۔ نامزدگیوں میں فواد کے علاوہ پاکستان کے تین بہترین گلوکاروں کا نام بھی شامل ہے۔

گزشتہ سال فواد خان نے بولی وڈ کی دو کامیاب فلموں ’’کپور اینڈ سنز‘‘ اور ’’اے دل ہے مشکل‘‘ میں بہترین اداکاری سے لوگوں کے دل جیت لیے تھے مگرپھر پاک بھارت کشیدگی کے باعث بھارتی انتہا پسندوں کی جانب سے شور شرابے کے بعد فواد خان سمیت تمام پاکستانی اداکاروں کے بالی ووڈ میں کام کرنے پر پابندی عائد کردی گئی تھی۔


فواد خان کی جاندار اداکاری کے باوجود انہیں اب تک ہونے والے اسکرین ایوارڈ، اسٹار ڈسٹ ایوارڈز اور گولڈن روز ایوارڈز میں سے کسی ایک میں بھی نامزد نہیں کیا گیا تھا۔ مگراب فلم فیئر ایوارڈ کی ویب سائٹ پر نامزدگیوں کی فہرست جاری کی گئی ہے جس میں فواد کو ’’کپور اینڈ سنز‘‘ کے لیے بہترین معاون اداکار کی کیٹگری میں نامزد کیا گیا ہے۔


دلچسپ بات یہ ہے کہ انتہا پسند ہندوؤں کے تمام تر تعصب اور بالی ووڈ میں پاکستانی آرٹسٹ کے کام کرنے پر پابندی کے باوجود بھی فواد خان کے علاوہ گلوکار عاطف اسلم، راحت فتح علی خان اور گلوکارہ قرۃ العین بلوچ کو بھی 62ویں فلم فیئر ایوارڈز میں نامزد کیا گیا ہے۔


عاطف اسلم کو فلم ’’رستم ‘‘ کے گانے ’’تیرے سنگ یارا‘‘ اور راحت فتح علی خان کو فلم ’’سلطان‘‘ کے گانے ’’جگ گھومیا تیرے جیسا نہ کوئی‘‘ کیلئے بیسٹ پلے بیک سنگر کی کیٹگری میں رکھا گیا ہے۔ جبکہ گلوکارہ قرت العین بلوچ کو فلم ’’پنک ‘‘ کے گانے ’’ کاری کاری‘‘ کیلئے بیسٹ فی میل پلے بیک سنگر کی کیٹگری میں نامزد کیا گیا ہے۔
اس سے قبل فواد 60 ویں فلم فیئر ایوارڈز میں فلم ’’خوبصورت ‘‘ کیلئے بیسٹ میل ڈیبیو کا ایوارڈ وصول کر چکے ہیں۔


فلم 'کپور اینڈ سنز' میں اداکار رشی کپور، سدھارتھ ملہوترا اور عالیہ بھٹ نے مرکزی کردار ادا کیے تھے، لیکن فواد خان کا کردار اس فلم میں خاصا پیچیدہ تھا، انہوں نے ہم جنس پرست کا کردار ادا کیا تھا جسے شائقین کی جانب سے سب سے زیادہ پزیرائی ملی۔

 

 

 


ایمزٹی وی(اسلام آباد)سعودی گورنر تبوک ’تلور‘کے شکار کیلئے پاکستان پہنچ گئے ہیں۔
ذرائع کے مطابق سعودی گورنر شہزادہ فہد بن سلطان بن عبدالعزیز اپنے نجی طیارے پردالبندین پہنچے ہیں۔

عبیداللہ بابت،چاغی کے ایم پی اے سخی میر امان اللہ،سرکاری حکام اور مقامی قبائل کے رہنماﺅں نے سعودی گورنر کا استقبال کیا۔کسی بھی مسئلے سے بچنے کیلئے سکیورٹی کے انتظامات کیے گئے ہیں۔

تبوک کے گورنر چاغی میں ’تلور ‘کے شکار کیلئے ایک ماہ تک قیام کریں گے۔حکومت کو جانوروں کے حقوق کیلئے سرگرم تنظیم اور سول سوسائٹی کی طرف سے شکار کی اجازت دینے تنقید کا نشانہ بنایا جارہا ہے۔

tilor

یاد رہے عرب ممالک کی ارب پتی شخصیات پاکستان میں بلوچستان کے علاقوں میں نایاب پرنے ’تلور‘کے شکار کرنے کیلئے عقاب کو استعمال کرتے ہیں۔

 

 

ایمز ٹی وی (مانیٹرنگ ڈیسک) اب وہ زمانہ ختم ہوگیا جب لوگ لیپ ٹاپ کو کسی بیگ میں لادے ایک سے دوسری جگہ جاتے تھے ، اب تو ایسے کمپیوٹر تیار ہوگئے ہیں۔ جو آپ کی جیب میں بھی آجاتے ہیں۔جی ہاں معروف کمپنی انٹیل نے اپنا منی کمپیوٹر متعارف کرایا ہے جس کا حجم ایک کریڈٹ کارڈ جتنا ہے جبکہ موٹائی اس سے تھوڑی زیادہ ہے ۔یہ کمپیوٹر لاس ویگاس میں کنزیومر الیکٹرانکس شو کے دوران متعارف کرایا گیا۔

کسی کارڈ کی طرح نظر آنے والا یہ کمپیوٹر کسی بھی ڈیسک ٹاپ کمپیوٹر سے کم نہیں جس میں انٹیل کا سیونتھ جنریشن کیبی لیک پراسیسر موجود ہے جبکہ میموری، بلیو ٹوتھ، سٹوریج اور وائرلیس کنکٹیویٹی جیسے فیچرز بھی ہیں۔مگر یہ ڈیوائس عام صارفین کے لیے نہیں بلکہ کمپنی کا کہنا ہے کہ اس ننھی مشین کو کمپنیوں کو فروخت کیا جائے گا جو اسے دیگر ڈیوائسز میں فٹ کرسکیں گی۔ یہ کارڈ پرانے کمپیوٹرز کی زندگی بڑھانے کے کام بھی آسکے گا۔

اس کی لمبائی 3.7 انچ جبکہ موٹائی 0.2 انچ ہے اور یہی وجہ ہے کہ اس میں یو ایس بی اور دیگر پورٹس موجود نہیں۔اسے کسی بڑی ڈیوائس میں پلگ ان کیا جاسکتا ہے بالکل سمارٹ کارڈز کی طرح۔کمپنی کا ماننا ہے کہ یہ مستقبل کا کمپیوٹر ہے جسے ڈرونز، روبوٹس، ڈیجیٹل سائنز اور دیگر ڈیوائسز میں لگایا جاسکے گا۔اس کمپیوٹر کی فروخت 2017 کے وسط میں شروع ہوگی تاہم قیمت کا اعلان ابھی تک نہیں ہوا۔ -

 

 


ایمزٹی وی(اسلام آباد)میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے سپریم کورٹ کے صادق اور امین کے ریمارکس پر کہا کہ بے شک 62,63 سے کوئی بھی سیاستدان نہ بچے ملک تو بچ جائے گااگرمیں بھی اس میں فٹ نہیں آتا تو مجھے بھی پارلیمنٹ میں نہیں رہنا چاہیے۔

تفصیلا ت کے مطابق عمران خان نے کہا کہ پاناما لیکس میں نوازشریف اورانکے بچوں کا نام آیا توہم نے جواب طلب کیا۔ انکشافات میں وزیراعظم اور ان کے بچوں کے خلاف ثبوت آگئے ہیں۔

اس حوالے سے چیئرمین تحریک انصاف کا مزید کہنا تھا کہ جھوٹ بولنا چھوٹی موٹی چیز نہیں ہے۔دوسرے ملکوں میں جھوٹ بولنے پر استعفے دے دیئے جاتے ہیں۔وزیراعظم کا معیار عام شہری سے اونچا ہوتا ہے کیونکہ وہ عوام کے پیسے کا رکھوالی ہوتا ہے۔وزیراعظم نوازشریف نے پارلیمنٹ میں لکھی ہوئی تقریرکی ،نوازشریف نے پہلی مرتبہ تسلیم کیاکہ انکے بچوں کی جائیداد بیرون ملک میں ہے۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ 2012میں مریم نوا ز نے انٹرویومیں کہا کہ انکی اورانکے خاندان کی بیرون ملک کوئی پراپرٹی نہیں ہے۔قرضے لیکر اداروں کے قرضے اتارے جارہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ یہ جدوجہد اس لئے کررہے ہیں کہ پاکستان کے ادارو ں کو مضبوط ہوتا دیکھنا چاہتے ہیں۔ٹیکس کولیکشن کیسے بڑھے گی جب ملک کا وزیراعظم ہی کرپٹ ہوگا۔سربراہ تحریک انصاف نے کہا کہ ڈاکوﺅں کا احتساب ہونا چاہیے جب تک احتساب نہیں ہوتا انصاف نہیں مل سکتا ہے۔

 

 


ایمز ٹی وی(صحت) امریکی سائنسدانوں نے خون کے ٹیسٹ سے زندگی کی مدت جاننے سے متعلق نئی تحقیق پیش کردی۔ سائنس دانوں کو کہنا ہے اس ٹیسٹ سے یہ پتا چلایا جاسکتا ہے کہ مذکورہ بندہ کب تک زندہ رہے گا۔

امریکی بوسٹن یونی ورسٹی کے سائنسدانوں کی جانب سے پیش کردی تحقیق کے مطابق خون کے ٹیسٹ سے صحت کو خطرات کی قبل ازوقت تشخیص ہو سکے گی۔

خون کے ٹیسٹ سے کینسرکے امکان کا پتہ لگایاجاسکے گا،دل کی بیماری، ٹائپ ٹو ذیابیطس کابھی معلوم ہو سکے گا۔

 

 

ایمز ٹی وی( مانیٹرنگ ڈیسک) برطانوی ماہرین نفسیات کا کہنا ہے کہ والدین کی غیرضروری سختی سے بچے جھوٹ بولنے کے عادی ہو جاتے ہیں۔

نفسیاتی معالجین کے مطابق گھر کا ماحول بہت زیادہ جبر اور سختی پر مبنی ہوتو وہاں ایک ایسا ماحول بن جاتا ہے جہاں بچہ سچ بولنے کو غنیمت نہیں جانتا اور یوں کسی ماہر فنکار کی طرح غلط بیانی سے کام لینا شروع کر دیتا ہے ۔

معالجین کا کہنا ہے کہ تالی ہمیشہ دونوں ہاتھوں سے بجتی ہے عین اسی طرح بچوں کے جھوٹ بولنے میں والدین کا برابر کا ہاتھ ہوتا ہے کیونکہ والدین کی جانب سے بے جا سختی انہیں اس جانب دھکیلتی ہے کہ وہ جھوٹ بولیں۔

ماہرین نے اس تجربے کے لیے مغربی افریقہ کے دو اسکولوں میں تجربات کیے جن میں ایک اسکول کا ماحول نرم اور دوسرے کا قدرے سخت تھا۔ اس میں بچوں کو کھلونے پھینک کر شور مچانے کے لیے کہا گیا جب کہ ان کے بڑے خفیہ جگہ سے یہ سب کچھ دیکھ رہے تھے ۔ معلوم ہوا کہ جس اسکول کا ماحول قدرے نرم تھا وہاں کے بچوں نے شور مچانے کا اعتراف کیا جبکہ جہاں سخت ماحول دیکھا گیا اور بچوں کو سزا کا ڈر تھا وہاں فوری طور پر بچوں نے بڑی مہارت سے جھوٹ بولا۔

 

 

ایمزٹی وی(اسلام آباد) پانامہ کیس میں پی ٹی آئی کے وکیل نعیم بخاری نے ایک بار پھر میڈیا سے انتہائی دلچسپ گفتگو کی اور کہا کہ میں ہمیشہ مسکراتا رہتا ہوں۔


ان کا کہنا تھا کہ ہم نیوزی لینڈ سے تو سپریم کورٹ تو نہیں لا سکتے، جسٹس عظمت سعید ایک بہترین جج ہیں، آصف سعید کھوسہ بہت بہترین جج ہیں جبکہ جسٹس گلزار شریف آدمی ہیں، اس سے بہترین بنچ نہیں بن سکتا تھا۔

نعیم بخاری کے دلائل سے شیخ رشید نالاں

ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ فیصلے کا تعلق وکیل سے نہیں، موکل سے ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ”کبھی کوئی وکیل بھی کیس ہارا ہے؟ موکل ہارتا ہے کیس تو۔“

 

 

ایمز ٹی وی(مانیٹرنگ ڈسیک) جاپان کی ٹوکیو یونیورسٹی میں سائنسدانوں نے اپنی نئی تحقیق کی مدد سے یہ خیال ظاہر کیا ہے کہ زمین کی اندرونی تہہ میں پایا جانے والا نامعلوم مادہ سیلیکون ہو سکتا ہے۔


وہ ایک طویل عرصے سے اس پراجیکٹ پر کام کر رہے تھے تاکہ یہ معلوم ہو سکے کہ زمین کی اندرونی تہہ میں لوہے اور نکل (چاندی جیسی دھات) کے علاوہ اور کون کون سے عناصر شامل ہیں۔


لیکن اب زمین کی اندرونی تہہ میں پاۓ جانے والے انتہائی گرم درجہ حرارت اور دباؤ کو مصنوعی طریقے سے بنا کر سائنسدان اس نتیجے پر پہنچے ہیں کہ یہ مادہ سیلیکون ہے۔
اس دریافت سے زمین اور اس کی تخلیق کے عمل کو سمجھنے میں مدد مل سکتی ہے۔
ٹوکیو یونیورسٹی کے پروفیسر اور اس تحقیق کے سربراہ ایجی اوہ تانی نے بی بی سی کو بتایا: ’ہم سمجھتے ہیں کہ سیلیکون وہ اہم مادہ ہے جو کے زمین کی اندرونی تہہ کا تقریباً پانچ فیصد حصہ ہےجو کہ لوہے اور نکل کے مرکب میں مل جاتا ہے۔‘

زمین کی اندرون ترین تہہ ایک ٹھوس گیند کی مانند ہے اور اس کا نصف قطر تقریبا 1200 کلومیٹر ہے۔ اتنی گہرائی میں ہونے کی وجہ سے سائنسداں اس تہہ کی براہ راست تحقیق تو نہیں کر سکتے لیکن وہ اس کی تہہ سے گزرنے والے زلزلے کی لہروں کی مدد سے سمجھنے کی کوشش کرتے ہیں۔

یہ تجربہ ہماری معلومات اور سمجھ بوجھ میں بہت اضافہ کر سکتا ہے لیکن ابھی ہمیں بہت کچھ جاننا باقی ہے

اس ٹھوس گیند کا 85 فیصد حصہ لوہے کا بنا ہوا ہے جبکہ دس فیصد حصہ نکل نامی دھات کا۔

بقیہ پانچ فیصد حصے کو سمجھنے کے لیے ایجی اوہ تانی اور ان کی ٹیم نے لوہے اور نکل کے مرکب کو تیار کیا اور اس میں سیلیکون شامل کیا، جس کے بعد اِس کو اُسی مصنوعی طریقے سے انھی دباؤ اور درجہ حرارت سے گزارا جیسا زمین کی اندرونی تہہ میں پایا جاتا ہے۔


اس تجربے سے یہ بات سامنے آئی کہ اس مرکب کا رد عمل ویسا ہی تھا جیسا حقیقت میں زمین کی اندرونی تہہ میں ہوتا ہے۔
پروفیسر ایجی اوہتانی نے کہا کہ اس دریافت کو یقینی بنانے کے لیے انھیں مزید کام کرنا ہے۔


انھوں نے یہ دریافت حال ہی میں امیریکن جیو فیزیکل یونین، سان فرانسسکو میں پیش کی تھیں۔
کیمبرج یونیورسٹی کے پروفیسر سائمن ریڈفرن نے اس دریافت پر تبصرہ کیا کہ یہ بہت دلچسپ تجربہ ہے اور اس سے یہ معلوم ہو سکتا ہے کہ ساڑھے چار ارب سال پہلے زمین کی تخلیق کے بعد کا عمل کیا تھا اور کیسا تھا۔