جمعرات, 10 اکتوبر 2024
Reporter SS

Reporter SS

 

ایمزٹی وی(اسلام آباد)سپریم کورٹ میں پاناما کیس کی سماعت کے دوران تحریک انصاف کے وکیل نعیم بخاری نے دلائل دیتے ہوئے عدالت کو بتایا کہ 15 نومبر کو قطری خط عدالت میں پیش کیا گیا ، وزیر اعظم نے اپنے خطاب اور عدالتی جواب میں قطری خط اور سرمایہ کاری کا نہیں بتایا۔ وزیر اعظم نے کہا جدہ اور دبئی میں سرمایہ کاری کا پورا ریکارڈ ہے مگر جدہ فیکٹری ریکارڈابھی تک عدالت میں نہیں دیا گیا۔جسٹس اعجاز افضل نے استفسار کیا کہ کیا یہ لازمی تھا وزیر اعظم اپنے دفاع کا ہر نقطہ پارلیمنٹ میں بیان کرتے ؟

جسٹس عظمت سعید شیخ نے کہا کہ شریف خاندان نے آف شور کمپنیز 1993ءسے لنک کرنے کا کوئی ثبوت پیش نہیں کیا اور شریف خاندان نے آف شور کمپنیاں 2006ءسے تسلیم کی ہیں جس پر نعیم بخاری نے عدالت کے سامنے موقف اپنایا کہ بنک ٹرانزیکشن کا کوئی ریکارڈ پیش نہیں کیا گیا۔بڑے میاں صاحب کے پاس قطر کیلئے سرمایہ تھا ہی نہیں۔

جسٹس اعجاز افضل نے کہا کہ کاروبار میاں شریف کرتے تھے تو کیا بچوں کی ذمہ داری ہے کہ منی ٹریل دیں ؟نعیم بخاری نے عدالت کو بتایا کہ 1997ءمیں مریم نواز اور حسین نواز حدیبیہ پیپرز ملز میں ڈائریکٹر تھے جس پر جسٹس اعجاز افضل نے کہا کہ حدیبیہ ملز کے التوفیق کیس میں مریم اور حسین فریق نہیں تھے۔ جسٹس اعجاز الاحسن نے نعیم بخاری سے استفسار کیا کہ نوازشریف نے کیسے پیسہ باہر بھجوایا ؟دبئی ، قطر اور لندن کا تمام سرمایہ 2004ءتک میاں شریف کا تھا۔

جسٹس آصف سعید کھوسہ نے ریمارکس دیے کہ اگر جائیدادیں قطری کی ہیں تو پیسے کی منتقلی کا سوال ہی ختم ہو جاتا ہے۔دبئی قطر اور لندن کا تمام سرمایہ 2004ءتک میاں شریف کا تھا جس پر نعیم بخاری نے عدالت کو بتایا کہ بڑے میاں صاحب کے پاس قطر کیلئے سرمایہ تھا ہی نہیں۔

 

ایمزٹی وی(اسلام آباد)جماعت اسلامی کے امیر سراج الحق نے کہا ہے کہ ہم حقیقی احتساب چاہتے ہیں، پانامہ کیس کا فیصلہ ہونے تک وزیراعظم کو اختیارات کے استعمال سے روکا جائے۔


تفصیلات کے مطابق میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سراج الحق نے کہا کہ ملک میں کرپشن کے باعث کروڑوں نوجوان بے روزگار ہیں اور اس کے باعث عوام کو صاف پانی بھی میسر نہیں ہے حالانکہ پاکستان میں وسائل کی کوئی کمی نہیں، مگر کرپٹ اشرافیہ نے قومی کو بری طرح لوٹا ہے ۔ کرپٹ اشرافیہ ایک دوسرے کی کرپشن چھانے کیلئے ایک دوسرے کو بچاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آج موسم سہانا ہے اور سپریم کورٹ کے ریمارکس اچھے تھے، سپریم کورٹ نے کہا کہ اگر احتساب ہوا تو صرف ایک شخص سراج الحق بچے گا ۔

سراج الحق نے کہا کہ پانامہ لیکس کے حوالے سے سپریم کورٹ میں ثبوت موجود ہیں اور سب سے بڑا ثبوت وزیراعظم کی تقریر ہی ہے جس میں انہوں نے اعتراف کیا کہ ان کے بچوں کا نام پانامہ میں آیا لیکن بعد میں کہا گیا کہ وزیراعظم نے قومی اسمبلی میں سیاسی بیان دیا۔

وزیراعظم آرٹیکل 62 اور63 کے تحت عہدے پر نہیں رہ سکتے، پانامہ کیس کا فیصلہ ہونے تک وزیراعظم کو اختیارات کے استعمال سے روکا جائے کیونکہ سچ تک پہنچنے کیلئے ضروری ہے کہ کرسی پر بیٹھا انسان اختیارات استعمال نہ کرے۔

انہوں نے کہا کہ پانامہ کا معاملہ سامنے آنے کے بعد اداروں کو فعال کرنے کی ضرورت تھی لیکن ادارے حکومت کے ماتحت ہوتے ہیں اس لئے ٹس سے مس نو ہوئے اور اب ساری ذمہ داری عدالت کی ہے ، امید ہے کہ عدالت انصاف پر مبنی فیصلہ سنائے گی کیونکہ سپریم کورٹ نے کہا ہے کہ ہم سچ کی بنیاد پر فیصلہ کرنا چاہتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ پانامہ لیکس میں کوئی بات نہ ہوتی تو وزیراعظم کو تین بار خطاب نہ کرنا پڑتا ، وزیراعظم کا احتساب ہو جائے تو ملک کی عزت میں اضافہ ہو گا ۔

 

 


ایمزٹی وی(کوئٹہ) کالعدم تنظیم بلوچ لبریشن آرمی کا کمانڈر بلخ شیر بادینی اپنے ساتھیوں کے ہمراہ ہتھیار ڈال کر قومی دھارے میں شامل ہوگیا۔

کوئٹہ میں ایف سی اور وزیرداخلہ بلوچستان کے کے ہمراہ پریس کانفرنس میں ہتھیار ڈالتے ہوئے کالعدم تنظیم بلوچ لیبریشن آرمی کے کمانڈر بلخ شیر بادینی کا کہنا تھا کہ کم عمری اور نادانی کی وجہ سے کالعدم تنظیم کا حصہ بنا اور دشمن کے ہاتھ میں چلا گیا اور انہیں ہاتھوں میں کھیلتا رہا۔ میں پاکستانی بلوچ ہوں اور آئندہ صرف پاکستان کے لئے لڑوں گا۔

بلخ شیر بادینی کا کہنا تھا کہ نوجوانوں کو پیغام دوں گا کہ وہ تعلیم پر توجہ دیں اور پاکستان کے دشمن بھارت کے بہکاوے میں آکر اپنے ملک کے خلاف کوئی کارروائی نہ کریں۔

اس موقع پر وزیرداخلہ بلوچستان میرسرفراز بگٹی کا کہنا تھا کہ بھارت کی سرپرستی میں بننے والا نام نہاد ایجنڈا پاکستان میں مسلط کیا جارہا ہے لیکن بندوق کے ذریعے مسلط کی جانے والی کسی بھی رائے کو تسلیم نہیں کیا جائے گا اور دشمن کے عزائم کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔

صوبائی وزیرداخلہ کا کہنا تھا کہ بلوچستان میں دہشت گردی سمیت سنگین جرائم پر قابو پالیا ہے اور بہت سے فراری اب قومی دھارے میں شامل ہورہے ہیں، کالعدم بی ایل اے نوشکی کے کمانڈر بلخ شیر بادینی کو بھی قومی دھارے میں شامل ہونے پر خوش آمددید کہتے ہیں، ہتھیار پھینکنے والا بلخ شیربادینی 3 سال تک کالعدم تنظیم بی ایل اے کے سوشل میڈیا گروپ کے سربراہ کے طورپر کام کررہا تھا اس سمیت جو بھی فراری واپس آرہے ہیں انہیں صوبائی حکومت کی جانب سے مکمل سیکیورٹی دی جارہی ہے۔ اب بھی بہت سے فراری دبئی میں مقیم ہیں۔ معصوم بلوچ ان کی وجہ سے ہی پہاڑوں پر ہیں۔

 

 


ایمزٹی وی(حب) گڈانی شپ بریکنگ یارڈ میں لنگرانداز جہاز میں کٹائی کے دوران دوبارہ آگ بھڑک اٹھی جس کے نتیجے میں 2 مزدور جاں بحق اور متعدد تاحال لاپتہ ہیں۔

میڈیا ذرائع کے مطابق گڈانی شپ بریکنگ یارڈ کے پلاٹ نمبر 60 پر لنگرانداز ہونے والے ناکارہ جہاز میں کٹائی کے دوران دوبارہ آگ بھڑک اٹھی ہے۔ جہاز میں آگ لگنے کی خبر ملتے ہی ریسکیو کی ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں اور 70 مزدوروں کو بحفاظت نکال لیا گیا تاہم 2 مزدور اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔
ریسکیوذرائع کے مطابق لنگر انداز ہونے والے ایل پی جی بردار جہاز میں کام کرنے والے مزدوروں کی تعداد 100 سے زائد ہے جن میں سے 2 مزدور جاں بحق ہوچکے ہیں اور 70 افراد کو نکال لیا گیا ہے اور باقی مزدور تاحال لاپتہ ہیں جنہیں نکالنے کی کوششیں جاری ہیں۔

واضح رہے کہ گزشتہ 2 ماہ قبل بھی گڈانی شپ بریکنگ یارڈ میں ہی ایک ناکارہ آئل ٹینکر میں آگ لگنے سے 27 مزدور جاں بحق جب کہ 58 زخمی ہوگئے تھے۔

 

 


ایمزٹی وی(اسلام آباد) مسلم لیگ (ن) کے رہنماءدانیال عزیز نے کہا ہے کہ نعیم بخاری کے دلائل میں وزن نہیں تھا اور ان سے جو سوال بھی پوچھا جائے انہیں جواب ہی نہیں آتا۔ آج کورٹ میں ”پانی وچ مدانی پھیری“ جا رہی تھی، ہم روز بروز خوشخبری کی جانب بڑھ رہے ہیں

تفصیلات کے مطابق پانامہ کیس کی سماعت میںوقفے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے دانیال عزیز نے کہا کہ کورٹ میں نعیم بخاری کی ایسی بحالت تھی جیسے مچھلی پانی سے آ گئی ہو اور مریم نواز سے متعلق دلائل میں وہ حواس باختہ ہو گئے۔ نعیم بخاری پیسے ہنڈی کے ذریعے ملک سے باہر جانے کا بھی کوئی جواب نہ دے سکے۔

انہوں نے کہا کہ نعیم بخاری سے جو سوال پوچھا جائے انہیں جواب ہی نہیں آتا اور کورٹ نے یہ بھی کہا کہ آپ سوال نہ اٹھائیں بلکہ جواب بھی دیں، جس دن ہمارے وکلاءکو دلائل کا موقع ملا تو سارا کیس واضح کر دیں گے، ہم روز بروز خوشخبری کی جانب بڑھ رہے ہیں ۔

دانیال عزیز نے مزید کہا کہ عمران خان یوٹرن ماسٹر ہیں اور ان کا یہ نام کسی وجہ سے رکھا گیا ہے۔ انہوں نے 35 پنکچر کے دعوے کئے تھے وہ سب جھوٹے ثابت ہوئے اور وہ جہاں بھی گئے، انہیں ناکامی کا سامنا کرنا پڑا۔

 

 


ایمزٹی وی(اسلام آباد) پانامہ کیس کی سماعت کے دوران عدالت نے ریمارکس دئیے کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے وکیل نعیم بخاری سے قانونی سوالات پوچھیں تو وہ پتلی گلی سے نکل جاتے ہیں۔ نعیم بخاری قانونی سوالات کے ساتھ ”فلرٹ“ نہ کریں۔

تفصیلات کے مطابق پانامہ کیس کی سماعت کے دوران جسٹس آصف سعید کھوسہ نے ریمارکس دئیے کہ نعیم بخاری ہمارے قانونی سوالات کا جواب نہیں دیتے۔ ان سے قانونی سوال پوچھا جائے تو وہ پتلی گلی سے نکل جاتے ہین لگتا ہے کہ نعیم بخاری مچھلیاں پکڑ رہے ہیں ، قانونی سوالات کے ساتھ فلرٹ نہ کریں ۔

 

 


ایمزٹی وی(راولپنڈی) دہشت گردی پر قابو پانے کے لئے قائم کی گئی فوجی عدالتوں نے مقررہ مدت پوری ہونے پر کام بند کردیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ( آئی ایس پی آر) کے مطابق دہشت گردی کی روک تھام کے لئے قائم کردہ فوجی عدالتوں نے اپنی مقررہ مدت مکمل کرلی جس کے بعد عدالتوں نے کام بند کردیا۔

فوجی عدالتوں کودہشت گردی کے274 کیس بھجوائے گئے اور کیسز میں 161 مجرموں کو موت کی سزا سنائی گئی جب کہ فوجی عدالتوں کی جانب سے 113 مجرمان کوقید کی سزائیں سنائی گئیں۔

آئی ایس پی آر کے مطابق فوجی عدالتیں آئین میں ترمیم کےذریعے قائم کی گئی تھیں اور فوجی عدالتوں کے ذریعے مقدمات نمٹانے سے دہشت گرد کارروائیوں میں واضح کمی واقع ہوئی ۔

 

 


ایمزٹی وی(اسلام آباد)ایڈیشنل سیشن جج کے گھر تشدد کا شکار ہونے والی کم سن گھریلو ملازمہ طیبہ کا پمز اسپتال میں طبی معائنہ مکمل کر لیا گیا ہے۔

میڈیا ذرائع کے مطابق ڈاکٹر جاوید اکرم کی سربراہی میں پمز اسپتال کے 5 رکنی میڈیکل بورڈ نے طیبہ کاطبی معائنہ مکمل کر لیا ہے، ڈاکٹر جاوید اکرم کے علاوہ ماہر نفسیات ڈاکٹر عاصمہ، برن سرجن ڈاکٹر طارق، پلاسٹک سرجن ڈاکٹر حمید اور جنرل سرجن ڈاکٹر ایس ایچ وقار بھی میڈیکل بورڈ کا حصہ تھے۔

ڈاکٹرز نے طیبہ کا ڈی این اے اور پیٹھ پر جلنے کے نشانات کے نمونے بھی لئے، اس کے علاوہ طیبہ کے والد اعظم، والدہ اور بھائی زین کے بھی ڈی این اے کے نمونے لیے گئے۔ طبی معائنے کے بعد طیبہ کو اسپتال سے واپس ویمن کرائسز سینٹر بھیج دیا گیا۔

قبل ازیں طیبہ کو ڈی ایس پی کی سربراہی میں پولیس نفری نے سخت سیکیورٹی میں پمز اسپتال پہنچایا تو اس موقع پر کم سن گھریلو ملازمہ کی ساتھ ان کی والدہ بھی موجود تھیں۔ پولیس نے تمام معاملے کو میڈیا سے اوجھل رکھا۔

 

 


ایمزٹی وی(اسپورٹس)سڈنی میں موجود پاکستانی کھلاڑیوں کی فٹنس کو غیر تسلی بخش قرار دیتے ہوئے کوچزنے فٹنس پر کئی سوالات کھڑے کر دئیے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق پاکستانی کرکٹ ٹیم جہاں پہلے ہی پے درپے شکست سے دورچار ہونے کے بعد ابھی اس غم سے نہیں نکلی تھی کہ کوچز نے ٹیم کی فٹنس پر سوالات کی بوجھاڑ کردی۔ کوچز نے ون ڈے اسکواڈ کا حصہ بنے والے کھلاڑیوں جن میں شعیب ملک،عمراکمل،عماد وسیم،حسن علی اورمحمد عرفان شامل ہیں کا آسٹریلیا پہنچتے ہی فٹنس ٹیسٹ لیامگرشاہین ٹیسٹ کے معیار پر پورا نہ اتر سکے ۔


جبکہ کوچز نے کھلاڑیوں کی فٹنس سے متعلق اظہار خیال کرتے ہوئے کہاکہ کھلاڑیوں کی فٹنس غیر تسلی بخش ہے،ٹیم کے ساتھ نہ رہنے کے بعد کھلاڑیوں نے فٹنس پرکام نہیں کیاجبکہ ان کھلاڑیوں نے آخری مرتبہ یو ای اے میں مختصردورانیے کی کرکٹ کھیلی تھی۔


ذرائع کا کہنا ہے کہ کوچز نے دو سیشنزمیں ان کھلاڑیوں کو بھرپورٹریننگ کروائی جس پر کھلاڑی بھی بلبلا اٹھے۔جبکہ ٹیم کی فٹنس سے متعلق کپتان مصباح الحق کا کہنا تھاکہ ٹیم کی فٹنس کامعیار بین الاقوامی نہیں ہے البتہ تمام کھلاڑی فٹ ہیں۔مگر آسٹریلیامیں میچ جیتنے کیلئے فٹنس نہیں سپر فٹنس کی ضرورت ہوتی ہے۔

 

 

ایمزٹی وی(بلوچستان) سی پیک کے راستے میں لورالائی میں آنے والے گھروں کو گرانے اور متبادل گھر فراہم نہ کرنے کے خلاف بلوچستان کی خواتین کا اسلام آباد میں شدید بارش میں بھی احتجاج جاری، سی پیک کی حمایت مگر متبادل گھر فراہم کرنے کا مطالبہ کیا جارہاہے۔ نیشنل پریس کلب کے باہر بلوچستان کی خواتین کا احتجاج، بارش کے باوجود خواتین کا بچوں کے ہمراہ احتجاج چوتھے روز بھی جاری رہا۔

news 1483786440 8024 large

 

احتجاج نماز جمعہ کے بعد آنے والی شدید بارش میں بھی جاری رہا، احتجاج لورالائی کی یہ خواتین اپنے بچوں کے ہمراہ سی پیک روٹ پر گھروں کو گرائے جانے پر احتجاج کررہی ہیں۔ خواتین نے اپنے گرائے گئے گھروں کی تصاویر بھی اٹھارکھی ہیں۔ حکومت سی پیک ضرورت بنائے لیکن ہمیں متبادل گھر فراہم کرے۔