بدھ, 09 اکتوبر 2024
Reporter SS

Reporter SS

 

ایمز ٹی وی(مانیٹرنگ ڈیسک) چینی کمپنی شیاﺅمی نے پہلے دنیا کو اپنے اسمارٹ فونز سے حیران کیا اور اب اس پھر ایک ٹیلیویژن کے ذریعے سب کو دنگ کردیا ہے جو کہ ایج ٹو ایج اسکرین کے ساتھ ساتھ ایک آئی فون سے بھی پتلا ہے۔

یہ منفرد ٹیلیویژن لاس ویگاس میں کنزیومر الیکٹرونکس شو کے دوران متعارف کرایا گیا۔

یہ ٹی وی اتنا پتلا ہے کہ کمپنی کے مطابق یہ اس کے مقابلے میں اسمارٹ فون می مکس اور آئی فون کی موٹائی بھی زیادہ ہے۔

یہ ٹی وی 4.9 ملی میٹر چوڑا ہے اور ایج ٹو ایج اسکرین یا یوں کہہ لیں کہ اس کے چاروں جانب بس اسکرین ہی ہے۔

اس ٹی وی میں شیاﺅمی کا اپنا آپریٹنگ سسٹم پیچ وال موجود ہے جس میں اینڈرائیڈ کو بھی شامل کیا گیا ہے۔

اس کے ساتھ ساتھ یہ ٹی وی موڈیولر بھی ہے اور اس کے اجزا جیسے ڈسپلے، مدر بورڈ اور ساﺅنڈ سسٹم آسانی سے نکال کر اپ گریڈ کیے جاسکتے ہیں۔

کمپنی کے مطابق اس ٹی وی میں ہوم تھیٹر سسٹم موجود ہے جس کے ساتھ ڈولبی ایٹموس ساﺅنڈ ٹیکنالوجی دی گئی ہے جو کہ آواز کو تھری ڈی ٹچ دیتی ہے۔

تاہم یہ ٹی وی خریدنا سستا نہیں ہوگا کیونکہ اس کے 65 انچ کے ماڈل کی قیمت 2 ہزار ڈالرز کے لگ بھگ ہوگی، جبکہ یہ 49 اور 55 انچ کے ماڈلز میں بھی دستیاب ہوگا جو نسبتاً سستے ہوں گے۔

کمپنی کے مطابق یہ ٹیلیویژن رواں برس کسی وقت سب سے پہلے چین میں فروخت کے لیے پیش کیا جائے گا۔

 

 

ایمز ٹی وی(انٹرٹینمٹ) امریکی ماڈل، اداکارہ اور بزنس ویمن کم کارڈیشین ویسٹ نے اپنے شو 'کیپنگ اَپ ود دی کارڈیشین' کا نیا ٹیزر جاری کردیا ہے، جس میں وہ اپنی بہنوں کو پیرس میں ہونے والی چوری کے حوالے سے بتاتی نظر آئیں۔

کم کارڈیشین نے اپنی بہنوں کو بتایا کہ چور ان کو پیچھے سے گولی مارنے والے تھے، وہاں سے بچنے کا کوئی راستہ نہیں تھا، اس واقعہ کے بارے میں سوچنا بھی ان کو پریشان کردیتا ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ سال اکتوبر میں کم کارڈیشین ویسٹ کو پیرس میں ان کے ہوٹل کے کمرے میں نقاب پوش افراد نے لوٹ لیا تھا اور ان سے کئی ملین یوروز اور قیمتی زیورات لے کر فرار ہوگئے تھے تاہم کم کارڈیشین ویسٹ کو اس واقعے میں کوئی جسمانی نقصان نہیں پہنچا تھا۔


اس واقعے کی خبر ملتے ہی کم کارڈیشین کے شوہر گلوکار کینیے ویسٹ جو کہ نیو یارک میں میڈوز فیسٹیول میں پرفارم کررہے تھے، اپنی پرفارمنس ادھوری چھوڑ کر پیرس روانہ ہوگئے تھے۔

کنسرٹ کے منسوخ ہونے کے بعد کینیے ویسٹ کی طبیعت بھی خراب رہی، جس کا ذکر کم نے اپنے ٹیزر میں کیا۔

خیال رہے کہ کم کارڈیشین اور ان کی بہنیں امریکا کی نہایت مقبول ماڈلز اور اسٹارز ہیں، جن کا شو شائقین میں کافی مقبول ہے۔

 

 

ایمز ٹی وی(مانیٹڑنگ ڈیسک) کسی موٹر سائیکل کو تیز رفتاری میں سیدھا رکھنا بہت آسان ہوتا ہے مگر جب آپ اسے کسی جگہ روکتے یا ہلکا کرتے ہیں تو اس کا توازن برقرار رکھنا چلانے والے کا کام ہوتا ہے جو مشکل کا باعث بھی بن سکتا ہے۔

تو اس کا حل معروف کمپنی ہونڈا نے اپنی نئی موٹرسائیکل کی شکل میں پیش کیا ہے جو اپنا توازن خود برقرار رکھنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔

ہونڈا نے اس مقصد کے لیے نئی رائیڈنگ اسسٹ ٹیکنالوجی کا استعمال کیا ہے جو موٹرسائیکل کو روکنے پر بھی اپنی جگہ کھڑی رکھنے میں مدد دیتی ہے یعنی اسٹینڈ کی ضرورت ہی نہیں۔

آسان الفاظ میں یہ موٹرسائیکل خود کو ہر حال میں سیدھا کھڑا رکھتی ہے چاہے اس پر کوئی شخص سوار نہ بھی ہو۔

ہونڈا نے اس مقصد کے لیے الیکٹرونک اسٹیئر بائی وائر سسٹم موٹرسائیکل میں استعمال کیا ہے جو اس کی رفتار تین میل فی گھنٹہ سے کم ہونے پر حرکت میں آتا ہے اور اگلے پہیے کا کنٹرول سنبھال لیتا ہے۔

یہ موٹرسائیکل پہیے کے اینگل کا ادراک کرکے اسے اپنی جگہ سے ہلنے نہیں دیتا اور وہ اپنی جگہ مستحکم رہتا ہے۔

کمپنی کے مطابق یہ موٹرسائیکل جدید ترین ٹیکنالوجی سے لیس ہے جو چلانے والوں کو تحفظ دینے کے ساتھ پارکنگ کی جگہ ڈھونڈنے میں بھی مدد دیتی ہے۔

ابھی یہ واضح نہیں کہ اس موٹرسائیکل کو کب تک فروخت کے لیے پیش کیا جائے گا کیونکہ ہونڈا نے اس حوالے سے ابھی کوئی بات نہیں کی۔

 

 

ایمز ٹی وی(مانیٹرنگ ڈیسک) معروف کمپنی ہونڈا نے اپنی پہلی الیکٹرک رائیڈ شیئرنگ کانسیپٹ گاڑی نو وی متعارف کرا دی ہے۔

یہ گاڑی خودکار ڈرائیونگ کی صلاحیت رکھتی ہے جسے لاس ویگاس میں جاری دنیا کی سب سے بڑی ٹیکنالوجی نمائش کے دوران پیش کیا گیا۔

اس میں ہونڈا کا آٹو میٹڈ نیٹ ورک اسسٹنٹ دیا گیا ہے جو کہ خود ڈرائیونگ کے تجربے میں بھی مدد دیتا ہے جبکہ یہ سسٹم ڈرائیور کے جذبات اور مزاج سے بھی آگاہ ہوتا ہے اور اس کے مطابق مختلف مشورے دیتا ہے جیسے گانے یا دیگر۔

دو نشستوں کی یہ گاڑی مسافروں کو پک اینڈ ڈراپ کے لیے پروگرام کی گئی ہے، خاص طور پر اُس وقت جب اس کا مالک گاڑی سے دور آرام کررہا ہوتا ہے، اس طرح یہ سواری اپنے مالک کے لیے آمدنی کا ذریعہ بھی بن سکتی ہے۔

ہونڈا کے مطابق اس کی ایک خاص بات یہ ہے کہ بجلی سے چارج ہونے کے باوجود یہ بل کو بڑھنے نہیں دیتی۔

یعنی اس کا سسٹم ذہانت سے بجلی کے نرخوں کی مانیٹرنگ کرکے اُس وقت ہی چارج کرتا ہے جب اسے لگتا ہے کہ اب لاگت کم سے کم ہوگی۔

اسی طرح یہ گاڑی اضافی بجلی اپنے اندر ذخیرہ کرسکتی ہے جسے بجلی کمپنی کو فروخت بھی کیا جاسکتا ہے تاہم ایسا کیسے ہوگا اس بارے میں کوئی تفصیلات نہیں بتائی گئیں۔

کمپنی کے بقول درحقیقت یہ گاڑی ایک بجلی کی مارکیٹ کی طرح ہے جو اس کی تجارت کرسکتی ہے۔

اس گاڑی کا ڈیزائن بھی منفرد ہے اور اس کے دروازے 90 ڈگری زاویئے پر اوپر اٹھتے ہیں، جس سے تنگ سے تنگ جگہ پر بھی لوگوں کے لیے اس میں بیٹھنا ممکن ہوسکتا ہے۔

ابھی یہ ایک کانسیپٹ گاڑی ہے اور فی الحال کمپنی کا اس کی پروڈکشن یا فروخت کا ارادہ نہیں۔

تاہم اس کا کہنا ہے کہ یہ ایک جھلک ہے جس سے لوگوں کو اندازہ ہوسکتا ہے کہ مستقبل میں اس کمپنی کی گاڑی میں آرٹیفیشل اور دیگر ٹیکنالوجیز کو کس طرح استعمال کیا جاسکتا ہے۔

 

 

ایمز ٹی وی(مانیٹرنگ ڈیسک) 80 اور 90 کی دہائی میں سیاحتی مقامات پر فوٹوگرافر پولورائڈ کیمرے کے ساتھ گھومتے تھے اور پیسے لے کر فوری طور پر تصویر کھینچ کر دے دیتے تھے اور اب اس کمپنی نے اپنی اس ڈیوائس کو جدید روپ میں ڈھال دیا ہے۔

اپنی کمپنی کے 80 سال مکمل ہونے پر پولورائڈ نے پولورائڈ پوپ نامی کیمرہ لاس ویگاس میں سی ای ایس نمائش میں متعارف کرایا جو ماضی کی طرح فوری تصویر پرنٹ کردیتا ہے۔

مگر اب اس میں ڈیجیٹل اور فزیکل فوٹوگرافی کو ملا دیا گیا ہے اور یہ 3 انچ بائی 4 انچ کی تصاویر انک لیس زنک فوٹو پیپر پر پرنٹ کرتا ہے۔

پولورائڈ پوپ ماضی کے کیمروں جیسا ہی ہے مگر اس میں ڈیجیٹل فوٹوگرافی کا اضافہ موجود ہے اور آپ کسی بھی فارمیٹ میں تصاویر لے سکتے ہیں۔

اس میں 20 میگا پکسل کیمرہ موجود ہے جبکہ ڈوئل ایل ای ڈی فلیش اور 1080p کی ویڈیو بھی ریکارڈ کرسکتا ہے۔

صارفین کے لیے سامنے کی جانب 3.94 انچ کی ٹچ اسکرین ایل سی ڈی موجود ہے جبکہ تصاویر کی گنجائش کے لیے مائیکرو ایس ڈی کارڈز کا استعمال کیا جاسکتا ہے۔

اور ہاں وائی فائی اور بلیوٹوتھ جیسے فیچرز بھی موجود ہیں جن کی مدد سے تصاویر کو اسمارٹ فون میں منتقل کیا جاسکتا ہے اور سوشل میڈیا پر شیئر بھی۔

اس کیمرے کی قیمت تو ابھی سامنے نہیں آسکی مگر کمپنی اسے رواں سال کی چوتھی سہ ماہی کے دوران فروخت کے لیے پیش کرنے کا ارادہ رکھتی ہے۔

 

 

ایمز ٹی وی(انٹرٹینمںٹ) بالی ووڈ کے کنگ شا ہ رخ خان آج کل اپنی نئی آنے والی فلم “رئیس” کی پروموشن میں مصروف ہیں اوراسی مصروفیت میں انہوں نے اپنے چھوٹے بیٹے کو ایک انوکھا تحفہ دیا ہے۔

بالی ووڈ اداکارشا ہ رخ خان اکثروبیشتراپنی فیملی کے ساتھ لی گئیں تصویریں سوشل میڈیا پر شئیرکرتے ہیں لیکن سب سے زیادہ وہ اپنے چھوٹے بیٹے ابرام خان کے ساتھ نظر آتے ہیں اور اب اداکارنے ابرام کو اپنے فارم ہاؤس پر ایک “ٹری ہاؤس” بنا کردیا ہے۔ شا ہ رخ کی اہلیہ گوری خان نے سوشل میڈیا وین سائٹ انسٹاگرام پربھی بیٹے کے لیے تیارکیا جانے والے “ٹری ہاؤس” کی تصوریں شئیرکی ہیں۔

گوری خان نے لکھا کہ ابرام کے لیے خوبصورت سا “ٹری ہاؤس” ڈیزائنرسابوسرل کی جانب سے بنایا گیا ہے۔ تصویروں میں ابرام کو بھی اپنے ٹری ہاؤس میں کھیلتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔

 

 


ایمزٹی وی(اسلام آباد)وفاقی دارالحکومت میں 2 سال گزر جانے کے باوجود بھی نظام صلوة نافذ نہیں ہو سکا ہے ۔

تفصیلات کے مطابق یکم مئی 2015ءکو فیصل مسجد سے امام کعبہ کے ذریعے نظام صلوة کااعلان کرایاگیاتھا جس کے بعد اسلام آبادکی 700 سے زائد مساجد میں ایک ہی وقت میں اذان ونمازکاکیلنڈر بھی تیارکیاگیاتھا اور اس کیلنڈر پر عملدرآمد کیلئے تمام مکاتب فکر کے علمائے کرام پرمشتمل مانیٹرنگ کمیٹی بھی قائم کی گئی۔

ذرائع کے مطابق حکومت کی یہ تمام کوششیں اب تک بے سود رہی ہیں اور 2 سال گزر جانے کے باوجود بھی وفاقی دارالحکومت میں نظام صلوة کا نفاذ نہیں ہو سکا ہے۔

اس مقصد کیلئے جو کمیٹی قائم کی گئی اس کے متعدد اجلاس بھی بے نتیجہ رہے ہیں اور اب تو معاملہ بالکل ہی ٹھنڈا ہوتا دکھائی دے رہا ہے۔

 

 

ایمز ٹی وی(انٹرٹینمںٹ) جہاں پاکستان اور ہندوستان کے درمیان جاری کشیدگی کے باعث پاکستانی فنکار بولی وڈ سے دور ہوچکے ہیں، وہیں اب بھی کچھ ایسے ستارے موجود ہیں جو ایک ساتھ مل کر کام کررہے ہیں، جس کی ایک مثال عاطف اسلم اور بولی وڈ اداکارہ یلیانا دی کروز کی ہے۔

عاطف اسلم نے بہت عرصے بعد اپنا ایک گانا ریلیز کیا، اس کا نام 'پہلی دفعہ' رکھا گیا، جس کا میوزک نہایت خوبصورت جبکہ ویڈیو بھی نہایت شاندار بنائی گئی۔

اس گانے میں یلیانا دی کروز خوبصورت نظر آرہی ہیں، جبکہ عاطف اسلم کے ساتھ ان کی کیمسٹری بھی نہایت دلچسپ ہے۔

واضح رہے کہ اس سے قبل بھی عاطف اسلم کئی بولی وڈ اداکاروں کے ساتھ گانے فلما چکے ہیں، اس کی حالیہ مثال اداکار ٹائیگر شروف کے ساتھ ان کا گانا 'آرہا ہوں زندگی' تھا، جسے مداحوں نے کافی پسند کیا۔

گلوکار عاطف اسلم نے چند روز قبل اپنے گانے کا ایک پوسٹر بھی فیس بک پر شیئر کیا تھا، جس میں وہ اور یلیانا دی کروز موجود ہیں۔

 

 

ایمز ٹی وی(انٹرٹینمٹ) معروف بالی ووڈ اداکار اوم پوری کے انتقال کے بعد دنیا بھر میں ان کے مداح سوشل میڈیا پر اپنے غم کا اظہار کررہے ہیں۔

اداکاراوم پوری کا انتقال دل دورہ پڑنے کے باعث ہوا۔

واضح رہے کہ اوم پوری نے بالی ووڈ کے ساتھ ساتھ ہالی ووڈ اور پاکستانی فلموں میں بھی کام کیا۔

ان کے انتقال کے بعد جہاں بالی ووڈ سے تعلق رکھنے والی شخصیات نے اوم پوری کی یادیں تازہ کی، وہیں پاکستانی فنکار بھی اس غم کی گھڑی میں اداکار کو یاد کرنا نہیں بھولے۔

پاکستانی فلم 'ایکٹر ان لا' اوم پوری کی زندگی کی آخری ریلیز فلم تھی، جس میں انہوں نے فہد مصطفیٰ کے ساتھ اہم کردار ادا کیا۔

اس موقع پر فہد مصطفیٰ کا کہنا تھا کہ 'اوم پوری وہ لیجنڈ ہیں جن کے ساتھ میں نے کام کیا، ان کی فطرت نہایت پیار کرنے والے شخص کی تھی جس نے سرحد پار بھی لوگوں کے دلوں میں جگہ بنائی'۔

اداکارہ میشا شفیع نے بھی اوم پوری کے ساتھ گزاری یادیں تازہ کی، انہوں نے کہا کہ 'یقین نہیں آرہا وہ چلے گئے، میرا آپ کا بےحد شکریہ جو آپ نے مجھے سلور اسکرین کے اس لیجنڈ کے ساتھ کام کرنے کا موقع دیا'۔

اداکار رض احمد نے بھی اوم پوری کو اپنا رول ماڈل کہا۔

اداکار ہمایوں سعید نے بھی اپنے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ 'ایک بہترین اداکار اور باہمت انسان، اوم پوری نے مشکل حالات میں امن اور ہم آہنگی کے لیے مسلسل کام کیا'۔

ہدایت کار سرمد کھوسٹ کے پاس اپنے دکھ کا اظہار کرنے کے لیے الفاظ ہی موجود نہیں تھے۔

ماہرہ خان کا کہنا تھا کہ 'دنیا نے اپنا بہترین فنکار کھو دیا، اوم پوری سچ میں انڈین سینما کے بہترین اداکار تھے'۔

اداکار یاسر حسین نے انسٹاگرام پر اوم پوری کے ساتھ تصاویر شیئر کی۔

ماورا حسین نے کہا کہ 'اوم پوری سر، آپ کو ہمیشہ دونوں ممالک کے درمیان امن اور پیار کو فروغ دینے والا سمجھا جائے گا'۔

اداکارہ صنم سعید نے اپنے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ 'بہت جلد، اوم پوری جیسے لیجنڈ کا کھونا ایک اور بڑا صدمہ، خدا ان کے خاندان کو ہمت دے'۔

 

 

ایمز ٹی وی (مانیٹرنگ ڈیسک) چین کی کمپنی شیاﺅمی نے اپنے کانیسپٹ فون می مکس کا نیا ورژن متعارف کرا دیا ہے۔

یہ ایسا کانسیپٹ فون ہے جو بارڈر لیس یا ایج لیس ہے اور اس کی اسکرین 6.5 انچ کی ہے۔

اسے سرامکس باڈی سے تیار کیا گیا ہے اور کمپنی کا کہنا ہے کہ اس کا حجم ایک عام 5.5 انچ کے اسمارٹ فون جتنا ہی ہے مگر ایج لیس ہونے کی وجہ سے اس کی اسکرین بڑی ہوگئی ہے۔

اس فون کا ایک ورژن اکتوبر میں بھی پیش کیا گیا تھا مگر اب اسے پہلے سے بہتر اور سفید رنگ کے ساتھ متعارف کرایا گیا ہے۔

یہ فون لاس ویگاس میں سی ای ایس کے دوران متعارف کرایا گیا اور اس میں بیک کیمرہ سنسر کا سائز بھی کم کیا گیا ہے۔

اس فون کے قابل ذکر فیچرز میں سنیپ ڈراگون 821 چپ، 2.35 گیگا ہرٹز اور 4400 ایم اے ایچ کی بیٹری شامل ہیں۔

کمپنی کا دعویٰ ہے کہ یہ سفید ورژن خراشوں سے محفوظ ہے اور یہ رواں سال کسی وقت چین میں فروخت کے لیے پیش کیا جائے گا اور اس کی قیمت 516 ڈالر کے لگ بھگ ہوگی۔

واضح رہے کہ اس چینی کمپنی کو پی ٹی اے نے گزشتہ ماہ پاکستان میں اسمارٹ فونز فروخت کرنے کی اجازے دے دی تھی اور توقع ہے کہ جنوری میں اس کے فونز ملک میں فروخت ہونے لگیں گے۔

ابتدائی طور پر یہ کمپنی می میکس اور می فائیو نامی فروخت کے لیے پیش کرے گی جس کے بعد می نوٹ تھری اور می نوٹ فور کی اجازت بھی ملنے کا امکان ہے۔

واضح رہے کہ اس کمپنی کے فونز کو آئی فون کے مقابلے کا سمجھا جاتا ہے مگر ان کی قیمتیں بہت زیادہ کم ہوتی ہیں۔

ابھی تک یہ واضح نہیں ہوا کہ پاکستان میں فروخت کیے جانے والے فونز کی قیمت کیا ہوگی تاہم یہ مسابقتی قیمتوں میں آفیشل وارنٹی کے ساتھ صارفین کو دستیاب ہوں گے۔