بدھ, 09 اکتوبر 2024
Reporter SS

Reporter SS

 


ایمزٹی وی(اسلام آباد) سانحہ آرمی پبلک اسکول کے بعد دہشتگردوں کے مقدمات فوری نمٹانے کیلیے خصوصی عدالتوں کا قیام 21 ویں ترمیم کے تحت ایکٹ 2015 کے ذریعے عمل میں لایا گیا تھا جس کی مدت آج ہفتے کو مکمل ہوگی۔

یہ عدالتیں وزیراعظم نوازشریف کی صدارت میں ہونے والی اے پی سی کے متفقہ فیصلوں کے بعد 7 جنوری 2015 کو قائم کی گئی تھیں۔ فوجی عدالتوں نے اپنی2 سالہ مدت کے دوران 274 دہشت گردوں کو سزائیں دیں،161 دہشتگردوں کو پھانسی جبکہ113 میں سے بیشتر کو عمر قید کی سزا سنائی گئی۔

دریں اثناء برطانوی نشریاتی ادارے کو انٹرویو میں وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے قانون بیرسٹر ظفر اللہ کا کہنا ہے کہ نئی قانون سازی کے لیے مسودہ تیار کیا جا رہا ہے اگر سیاسی جماعتیں فوجی عدالتوں میں توسیع کے لیے ساتھ نہیں دیتیں تو اگلے چند دنوں میں مسودہ پیش کر دیا جائیگا۔

 

 


ایمزٹی وی(راولپنڈی) سابق آرمی چیف جنرل راحیل شریف 39 اسلامی ممالک کے فوجی اتحاد کے سربراہ بن گئے ہیں جب کہ معاہدے کی تصدیق وزیردفاع خواجہ آصف نے کردی ہے

ذرائع کے مطابق وزیردفاع خواجہ آصف نے سابق آرمی چیف جنرل راحیل شریف کے 39 اسلامی ممالک کے فوجی اتحاد کے سربراہ بننے کے معاہدے کی تصدیق کردی ہے۔

انہوں نے کہا ہے کہ معاہدے کی حتمی شکل سے پہلے قانونی عمل کی پیروی کی گئی جب کہ وزیراعظم نواز شریف بھی مشاورت میں شامل تھے۔

خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ راحیل شریف کی تقرری کا معاملہ کچھ عرصے سے زیرغورتھا تاہم وہ اب باقاعدہ طور پر 39 اسلامی ممالک کے فوجی اتحاد کے سربراہ بن گئے ہیں۔

 

 


ایمزٹی وی(اسلام آباد)جوڈیشل افسر کے گھر میں کمسن ملازمہ پر تشدد کے کیس میں تحقیقاتی ٹیم تشکیل دے دی گئی ۔میڈ یا رپورٹس کے مطابق ایس پی انوسٹی گیشن ریٹائرڈ کیپٹن الیا س کی سربراہی میں بچی تشدد کیس میں تفتیش کے لیے تحقیقاتی ٹیم تشکیل دے دی گئی ۔

مقدمے کے تفتیشی افسر اے ایس آئی شکیل احمد کو بھی تحقیقاتی ٹیم میں شامل کیا گیا ہے ۔ذرائع کے مطابق ٹیم مقدمے کا ریکارڈ اورصلح نامے کی کاپی سمیت دیگر تحقیقات کا جائزہ لے گی ۔

 

 


ایمز ٹی وی(صحت) اپنے دفتر سے چھٹی لینا ایک خوشگوار احساس ہوتا ہے اور ہر شخص اپنی تعطیلات کے بارے میں بے حد پرجوش ہوتا ہے۔ لیکن حال ہی میں ماہرین نے ایک تشویشناک تحقیق سے آگاہ کیا جس کے مطابق چھٹیاں دل کے مریض افراد کو موت کا شکار بھی کرسکتی ہیں۔

نیوزی لینڈ میں کی جانے والی تحقیق کا بنیادی نکتہ اس رجحان کو بنایا گیا جس میں دیکھا گیا کہ ہر کرسمس کے موقع پر بے شمار افراد کو دل کی مختلف شکایات کے باعث اسپتال لایا جاتا۔ ان میں سے بیشتر جانبر نہ ہو پاتے۔

اس رجحان سے ماہرین نے اندازہ قائم کیا کہ شاید سردیوں کا موسم دل کے امراض کو بڑھانے اور انہیں شدید کرنے کی وجہ بنتا ہے۔


تاہم اس تحقیق کے لیے ماہرین نے سنہ 1998 سے 2013 تک کے ڈیٹا کا جائزہ لیا جب نیوزی لینڈ میں کرسمس کا تہوار گرمیوں کے دوران آیا۔ اس عرصے میں ماہرین نے دیکھا کہ ساڑھے 7 لاکھ سے زائد افراد دل کی مختلف بیماریوں کے باعث موت کا شکار ہوئے

اس تحقیق کے بعد ماہرین نے اس خیال کی نفی کی کہ دل کے امراض کا تعلق موسم میں تبدیلی سے ہے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ تعطیلات میں موت کا شکار ہونے کی وجہ دراصل معمولات میں تبدیلی ہونا ہے۔ چھٹیوں کے دوران لوگ اپنی صحت اور غذا کا خیال نہیں کرتے، عموماً ورزش سے گریز کرتے ہیں، اور الکوحل کا زیادہ استعمال کرتے ہیں۔

ماہرین نے یہ بھی بتایا کہ جو افراد اپنی چھٹیاں گھر سے دور کسی سیاحتی مقام یا بیرون ملک گزارتے ہیں وہ اپنی پہلے سے موجود بیماریوں کی دوا باقاعدگی سے نہیں لے پاتے، یوں ان کی طبیعت خرابی کا خدشہ پیدا ہوجاتا ہے۔


ماہرین نے ان وجوہات میں چھٹیوں کے دوران اسپتالوں میں عملے کی کمی کو بھی شامل کیا، جب اسپتال کا عملہ خود بھی چھٹیوں پر ہوتا ہے اور ایمرجنسی میں لائے جانے والے مریضوں کو طبی امداد ملنے میں تاخیر ہوسکتی ہے۔

تو گویا اگر آپ بھی چھٹیوں پر جارہے ہیں تو آپ کو اپنی صحت کا عام دنوں سے زیادہ خیال رکھنے کی ضروت ہے۔

 

 

ایمز ٹی وی(صحت) جسم میں فولاد کی کمی کو فولادی انیمیا کہا جاتا ہے جس کے بدن پر منفی اثرات ہوتے ہیں لیکن اب نئی خبر یہ ہے کہ فولاد کی کمی سے سماعت بھی بری طرح متاثر ہوسکتی ہے۔

ایک نئے مطالعے سے معلوم ہوا ہے کہ جن افراد کے خون میں فولاد کی مسلسل کمی ہو تو ان میں سننے کی حس متاثر ہوسکتی ہے۔ جرنل آف امریکن میڈیکل ایسوسی ایشن نے اپنی 29 دسمبرکی اشاعت میں ایک مقالہ شائع کیا ہے جس میں پینسلوانیا کے شہر ہارشے میں 21 سے 90 برس کے 3 لاکھ افراد کا طبی ڈیٹا پڑھا گیا ہے۔

اس مطالعے سے انکشاف ہوا کہ جن افراد میں فولاد ( آئرن) کی کمی تھی ان میں سماعت کی کمزوری کو نوٹ کیا گیا۔ ماہرین نے سماعت کی کمی کو تین اقسام میں بیان کیا ہے۔ پہلا سینسری نیورل ثقلِ سماعت ہے جو اندرونی کان، کان سے دماغ جانے والے اعصاب یا دماغ کی اندرونی خرابی سے پیدا ہوتا ہے۔

دوسری صورت کنڈکٹو ثقلِ سماعت ہے جس میں آواز کان سے گزر کر پردے تک پہنچ ہی نہیں پاتی اور تیسری قسم میں یہ دونوں کیفیات ہوتی ہیں جنہیں مشترکہ (کمبائنڈ) ثقلِ سماعت کہا جاتا ہے۔

تحقیق سے معلوم ہوا کہ جن لوگوں کے خون میں فولاد معمول سے کم ہو ان میں دیگر صحت مند افراد کے مقابلے میں (مشترکہ) سماعت کی بیماری کا خدشہ 2.4 ہوتا ہے۔ اسی طرح ان میں سینسری نیورل عارضہ 1.8 گنا تک ہوتا ہے۔

یہ تحقیق پینسلوانیہ اسٹیٹ یونیورسٹی کالج آف میڈیسن کے سائنسدانوں نے کی ہے جن کا خیال ہے کہ فولاد کی کمی سے کان کے اندر خون کی باریک باریک رگیں متاثر ہوتی ہیں اور اس طرح دھیرے دھیرے سننے کی قوت کم سے کم ہوتی جاتی ہے اور اونچا سننے لگتے ہیں۔ اس کے علاوہ عصبی خلیات ( نیورونز) پر چڑھی ایک پرت بھی فولاد کی کمی سے تباہ ہوجاتی ہے اور سننے کے عمل کو متاثر کرتی ہے۔


یاد رہے کہ بدن میں فولاد کی کمی کو دور کرنا بہت آسان ہے۔ ضروری ہے کہ غذاؤں میں مرغ کلیجی، مچھلی اور صدفے، کاجو اور مونگ پھلی ، گوشت، ہری پھلیاں اور گہرے ہرے رنگ والی سبزیاں استعمال کی جائیں۔

 

 

ایمز ٹی وی(مانیٹرنگ ڈیسک) ٹیکنالوجی کمپنی ایپل کا کہنا ہے کہ گذشتہ سال 2016 میں اس کے ایپ اسٹور کے ذریعے اپنی ایپس فروخت کرنے والوں کو ریکارڈ منافع ہوا ہے۔

ایپل کے ذریعے ایپس فروخت کرنے والوں نے سال 2016 میں ریکارڈ 20 ارب ڈالر کمائے جو کہ گذشتہ سال کی نسبت 40 فیصد زیادہ ہے۔

اس دوران سب سے زیادہ فروخت ہونے والی ایپس میں گیمز تھیں جن میں پوکے مون گو اور سپر ماریو شامل ہیں۔

خیال رہے کہ 2008 میں جب ایپ سٹور پہلی بار متعارف کروایا گیا تھا تب سے ایپس بنانے والوں کو کل 60 ارب ڈالر کی آمدن ہوئی ہے جبکہ صرف گذشتہ سال انھیں 20 ارب ڈالر کی آمدن ہوئی۔

جیک ڈا کے اعلیٰ تجزیہ کار جان ڈاسن نے اس اضافے کی وجہ نئی طرز کا کاروبار بتائی ہے جس میں لوگ اپنے آئی فون یا آئی پیڈ پر مفت گیم ڈاؤن لوڈ کرتے ہیں اور پھر اضافی فوائد اور فیچرز خریدتے ہیں۔

گذشتہ سال ایپل نے سبسکرپشن ایپس جیسے کے نیٹ فلکس یا ایچ بی او ناؤ کے بنانے والوں کے ساتھ آمدنی کو تقسیم کرنے کے معاہدے کو تبدیل کیا۔

مسٹر ڈاسن کا کہنا ہے کہ سبسکرپشن ایپل کو آئی فون، آئی پیڈ اور میکس کی فروخت کی طرح زیادہ ’متوقع‘ آمدنی فراہم کرتی ہیں۔

ایپ سٹور کے لیے نئے سال کا آغاز بھی خاصا بہتر رہا ہے۔ صرف سال نو کے پہلے روز صارفین نے 240 ملین ڈالر ایپ سٹور پر خرچ کیے۔

 

 


ایمزٹی وی(خیبر پختونخواہ)آج 6 جنوری کو16 سالہ لڑکے شہید اعتزاز حسن کی تیسری برسی منائی جارہی ہے۔

اعتزاز حسن جو کہ6 جنوری2014 ءکو خیبر پختونخوا کے ضلع ہنگو میں ایک اسکول میں خودکش حملہ آور کو اسکول میں داخل ہونے سے روکتے وقت شہیدہوگیا تھا ۔ ہنگو سے تعلق رکھنے والے 16 سال کے اعتزاز حسن شہید نے بہادری کا مظاہرہ کرتے ہوئے اسکول میں موجودبچوں کو دہشتگردی کا نشانہ بننے سے بچایا اور اسی اثناءمیں اپنی جان قربان کرکے اپنا نام سنہری الفاظ میں ہمیشہ کیلئے درج کروالیا۔

اعتزاز حسن کو قومی ہیرو کا درجہ دیا گیا اور بہادری کا کمال مظاہرہ کرنے پر ستارہ جرات دیا گیا۔ حال ہی میں اعتزاز شہید کو خراج تحسین پیش کرنے کیلئے ایک فلم بھی بنائی گئی ہے جس کا نام سلیوٹ رکھا گیا ہے۔salute

 

ایمز ٹی وی(انٹرٹینمنٹ) ہارر فلموں کے شائقین کے لئے خوشخبری ہے کہ خوفناک مناظر سے بھرپورہالی ووڈ فلم ”ڈونٹ ناک ٹوائس “ کا پہلاٹریلرریلیز کردیا گیا۔ فلم اکتیس مارچ کو برطانوی سینما گھروں کا رخ کرے گی۔

تفصیلات کےمطابق ہالی ووڈ ہارر فلم ”ڈونٹ ناک ٹوائس“ کی سنسنی خیز کہانی ایسے پراسرار واقعات پر مبنی ہے جس میں ایک چڑیل گھرسے لاپتہ ہونے والی لڑکی کو اپنے سحر میں جکڑ لیتی ہے اور پھر یہ آسیب زدہ لڑکی گھر واپس آنے کے بعد اپنی ہی فیملی کی جان کی دشمن بن جاتی ہے۔

فلم کی ہدایات کیرا ڈوگ جیمز نے دی ہیں جبکہ نمایاں اداکاروں میں کیٹی سیکووف لوسی بینٹون، جیوپر بوٹیٹ، نک مورن، جارڈن بولگر، رچرڈ میلن اور میگن پیروس شامل ہیں، فلم مارچ میں برطانوی سینما گھروں کی زینت بنے گی۔ امریکی تھیٹرز میں فلم کی ریلیز کی حتمی تاریخ کا ابھی اعلان نہیں کیا گیا

 

 

ایمزٹی وی(راولپنڈی)چیف آف آرمی اسٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ نے برطانوی ہائی کمشنر تھامس ڈریو سے ملاقات کی ہے جس میں باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔

آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے برطانوی ہائی کمشنر تھامس ڈریو نے ملاقات کی جس میں خطے کی سیکیورٹی اور باہمی دلچسپی کے امور پر بات چیت کی ۔

اس موقع پر آرمی چیف نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بین لاقوامی تعاون اہمیت کا حامل ہے ۔ادھر برطانوی ہائی کمشنر نے کہا کہ امن کے لیے پاکستان کی کوششیں قابل تعریف ہیں ۔

 

 

ایمز ٹی وی (انٹرٹینمنٹ) اگر آپ نوے کی دہائی میں بڑے ہوئے ہیں تو آپ نے مشہور کامیڈی سیریل ’عینک والا جن‘ ضرور دیکھا ہوگا۔ ڈرامے کے کردار نستور جن، زکوٹا جن، ہامون جادوگر، اور بل بتوڑی بچوں کے پسندیدہ کردار تھے۔

وقت گزرتا چلا گیا اور بچوں کو ہنسانے والے خود بڑھاپے کی دہلیز پر پہنچ گئے۔ انہی میں سے ایک کردار بل بتوڑی (نصرت آرا) آج کل نہایت کسمپرسی کی زندگی گزار رہی ہیں۔

نصرت آرا پر چند روز قبل فالج کا حملہ ہوا تھا جس کے بعد ان کے علاج کی ذمہ داری بیت المال نے اٹھا لی ہے۔

عینک والا جن میں اپنے مخصوص جملوں اور اداکاری سے بچوں کو ہنسانے والی نصرت آرا ڈرامے کے اختتام کے بعد شدید غربت کا شکار ہوگئی تھیں۔ روزگار ہی کی تلاش میں وہ 30 سال قبل لاہور منتقل ہوگئی تھیں تاہم وہاں ان کی زندگی سے بد سے بدتر ہوگئی۔

چند سال قبل نصرت آرا پر ایسا وقت بھی آیا کہ ان کے پاس سر چھپانے کا کوئی ٹھکانہ نہیں تھا جس کے بعد مجبوراً انہوں نے کافی عرصہ داتا علی ہجویری کے مزار پر گزارا۔

نصرت آرا کا کہنا تھا، ’میں نے اپنی زندگی کے قیمتی سال ان بچوں کو ہنسانے میں گزار دیے جو اب جوان ہوچکے ہیں۔ اب میں برے حالوں میں ہوں مگر کوئی میری مدد کو نہیں آیا‘۔

انہوں نے شکوہ کیا تھا کہ کیا یہ ظلم نہیں کہ میں نے اپنی زندگی کی کئی دہائیاں پاکستانی انٹرٹینمنٹ انڈسٹری کو دیں اور اب میرے پاس سر چھپانے کو ایک چھت تک نہیں۔

بیت المال کی جانب سے علاج کے اخراجات اٹھانے کے بعد نصرت آرا اب شیخ زید اسپتال میں اپنا علاج کروائیں گی۔